Baaghi TV

Category: اوکاڑہ

  • اوکاڑہ: ٹریکٹر ٹرالی کھائی میں الٹ گئی، 25 سالہ نوجوان جاں بحق

    اوکاڑہ: ٹریکٹر ٹرالی کھائی میں الٹ گئی، 25 سالہ نوجوان جاں بحق

    اوکاڑہ (نامہ نگار، ملک ظفر) اوکاڑہ کے نواحی علاقے 36 جوڑے روڈ پر افسوسناک حادثے میں ایک نوجوان جاں بحق ہو گیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق مٹی سے بھری ٹریکٹر ٹرالی کا ٹائر اچانک برسٹ ہو گیا جس کے باعث وہ بے قابو ہو کر کھائی میں جا گری۔

    حادثہ چک نمبر 6 سے چک 9 فارم والا کے قریب پیش آیا، جہاں ٹرالی پر سوار 25 سالہ نوجوان شاہد ولد اسلم سکنہ چک نمبر 11 فور ایل، ٹرالی کے نیچے دب گیا۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور نوجوان کو بیہوشی کی حالت میں ٹرالی کے نیچے سے نکالا۔

    ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر ہی نوجوان کو سی پی آر دینے کی کوشش کی، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا۔ حادثے کے بعد پولیس نے موقع پر پہنچ کر قانونی کارروائی مکمل کی، جس کے بعد متوفی کی لاش ورثاء کے حوالے کر دی گئی۔

    عینی شاہدین کے مطابق حادثہ تیز رفتاری اور بوسیدہ ٹائر کے باعث پیش آیا۔ علاقہ مکینوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ پرانی اور خراب ٹرالیوں کی فٹنس کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں تاکہ آئندہ ایسے جان لیوا حادثات سے بچا جا سکے۔

  • اوکاڑہ: جبوکہ روڈ پر پولیس مقابلہ، 2 خطرناک ڈاکو ہلاک، 2 فرار

    اوکاڑہ: جبوکہ روڈ پر پولیس مقابلہ، 2 خطرناک ڈاکو ہلاک، 2 فرار

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)اوکاڑہ کے علاقے جبوکہ روڈ پر پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان ہونے والے مقابلے میں دو خطرناک ملزمان ہلاک جبکہ ان کے دو ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ ہلاک ہونے والے دونوں ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے مارے گئے۔ پولیس کے مطابق یہ ملزمان علاقے میں خوف کی علامت سمجھے جاتے تھے۔

    ڈسٹرکٹ آفیسر کرائم کنٹرول ڈپارٹمنٹ (سی سی ڈی) مہر محمد یوسف کے مطابق ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں کی شناخت صدی مراثی اور علی شیر وٹو کے ناموں سے ہوئی ہے۔ صدی مراثی پر ڈکیتی، موٹر سائیکل چوری، نقب زنی سمیت 32 سنگین مقدمات درج تھے جبکہ علی شیر وٹو کے خلاف ڈکیتی، گاڑی چوری اور نقب زنی سمیت 72 مقدمات زیرِ تفتیش تھے۔

    واقعے کے بعد سی سی ڈی پر حملہ، مزاحمت، قتل اور اسلحہ برآمدگی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ جائے وقوعہ سے دو پسٹل اور متعدد گولیاں بھی برآمد ہوئیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والے دونوں ڈاکوؤں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور وہ جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے۔

    ریجنل آفیسر سی سی ڈی ساہیوال ریجن ساجد کھوکھر اور ڈی او اوکاڑہ مہر محمد یوسف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کا خاتمہ اور امن و امان کا قیام ہماری اولین ترجیح ہے۔ عوام نے خطرناک ڈاکوؤں کی ہلاکت پر سکھ کا سانس لیا ہے۔ پولیس کی جانب سے مزید کارروائیاں جاری ہیں۔

  • اوکاڑہ: نالے میں نہاتے ہوئے دو معصوم بھائی ڈوب کر جاں بحق، گھر میں صفِ ماتم بچھ گئی

    اوکاڑہ: نالے میں نہاتے ہوئے دو معصوم بھائی ڈوب کر جاں بحق، گھر میں صفِ ماتم بچھ گئی

    اوکاڑہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار ملک ظفر)اوکاڑہ کے نواحی علاقے 36 جوڑے روڈ پر واقع بستی غلام آباد میں ایک المناک واقعہ پیش آیا، جہاں دو سگے بھائی نالے میں نہاتے ہوئے ڈوب کر جاں بحق ہو گئے۔ جاں بحق ہونے والے بچوں کی عمریں 6 اور 8 سال تھیں، جو محنت کش لیاقت علی کے بیٹے تھے۔

    ذرائع کے مطابق چھ سالہ وارث اور آٹھ سالہ احمد گھر کے قریب واقع نالے میں نہانے کے لیے گئے، مگر کافی دیر تک واپس نہ آئے۔ بچوں کی تاخیر پر لواحقین کو تشویش ہوئی اور وہ تلاش کرتے ہوئے نالے پر پہنچے۔ نالے میں اترنے پر دونوں بچوں کو نیم بیہوشی کی حالت میں نکالا گیا اور فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا۔

    اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کی ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ گئیں اور راستے میں بچوں کو سی پی آر دینے کی کوشش کی گئی، مگر دونوں بچے جانبر نہ ہو سکے۔ ریسکیو اہلکاروں نے ضروری کارروائی کے بعد لاشیں لواحقین کے حوالے کر دیں۔

    جاں بحق بچوں کی میتیں جب گھر پہنچیں تو کہرام مچ گیا، ماں باپ غم سے نڈھال، بہن بھائی اور اہلِ محلہ دھاڑیں مار مار کر رونے لگے۔ بستی غلام آباد کی فضا سوگوار ہو گئی اور ہر آنکھ اشکبار نظر آئی۔ علاقے میں گہرے رنج و الم کی کیفیت طاری ہے۔

  • اوکاڑہ: علی حسنین بھٹی کا دورہ، 3 لیڈی اسٹاف برطرف

    اوکاڑہ: علی حسنین بھٹی کا دورہ، 3 لیڈی اسٹاف برطرف

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)وزیراعلیٰ پنجاب کے اسپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے فوکل پرسن علی حسنین بھٹی نے اسسٹنٹ کمشنر رب نواز چدہڑ کے ہمراہ تحصیل اوکاڑہ میں محرم الحرام کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے مرکزی امام بارگاہ اور ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کا دورہ کیا۔

    مرکزی امام بارگاہ کے دورے کے دوران وفد نے سیکیورٹی انتظامات، صفائی، روشنی اور دیگر سہولیات کا تفصیلی معائنہ کیا اور موقع پر موجود انتظامیہ کو بہتری کے لیے ہدایات جاری کیں۔

    بعد ازاں علی حسنین بھٹی اور اسسٹنٹ کمشنر رب نواز چدہڑ نے ڈی ایچ کیو ہسپتال اوکاڑہ کا وزٹ کیا، جہاں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) جام شہزاد نے وفد کو ہسپتال کی صفائی، دواؤں کی فراہمی اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات سے آگاہ کیا۔

    دورے کے دوران ایم ایس نے بتایا کہ مریضوں سے پیسے لینے کی شکایات پر تین لیڈی اسٹاف کو برطرف کر دیا گیا ہے تاکہ عوام کو بلاتعطل اور شفاف طبی سہولیات مہیا کی جا سکیں۔ وفد نے ہسپتال انتظامیہ کی اس کارروائی کو سراہتے ہوئے شفافیت یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔

  • اوکاڑہ:محرم الحرام کیلئے 2200 پولیس اہلکار تعینات، سیکیورٹی پلان جاری

    اوکاڑہ:محرم الحرام کیلئے 2200 پولیس اہلکار تعینات، سیکیورٹی پلان جاری

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) محرم الحرام کے دوران امن و امان قائم رکھنے کے لیے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر راشد ہدایت کی ہدایت پر اوکاڑہ پولیس نے فول پروف سیکیورٹی پلان جاری کر دیا۔ یکم محرم سے 10 محرم تک ضلع بھر میں کل 639 مجالس منعقد ہوں گی، جن میں 56 مجالس اے کیٹگری، 228 بی کیٹگری اور 355 سی کیٹگری میں شامل ہیں، جبکہ 176 عزاداری جلوسوں میں 27 اے کیٹگری، 67 بی کیٹگری اور 82 سی کیٹگری کے جلوس شامل ہیں۔

    پولیس سیکیورٹی کے لیے 2200 سے زائد افسران و اہلکاروں کو نامزد کیا گیا ہے، جن میں 7 ڈی ایس پیز، 34 انسپکٹرز، 138 سب انسپکٹرز، 210 اے ایس آئی، 106 ہیڈ کانسٹیبل اور 1646 کانسٹیبل شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 104 لیڈی پولیس اہلکار، سپیشل فورس، ریزرو فورس اور ایلیٹ فورس کی ٹیمیں بھی شامل کی گئی ہیں۔

    ضلع کے داخلی و خارجی راستوں پر پکٹس قائم کر دی گئی ہیں جبکہ شہر میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے ٹریفک پولیس کی تعیناتی بھی کی گئی ہے۔ طیب سعید شہید پولیس لائنز میں ریزرو نفری موجود رہے گی۔ حساس مجالس و جلوسوں کے روٹس پر CCTV کیمرے نصب کیے گئے ہیں اور پولیس کمانڈ اینڈ کنٹرول روم سے مانیٹرنگ کی جائے گی۔

    شرکاء کی میٹل ڈیٹیکٹر، واک تھرو گیٹس اور بائیو میٹرک کے ذریعے جامعہ تلاشی لی جائے گی۔ ضابطہ اخلاق کی مکمل پابندی کرائی جائے گی، جبکہ علماء و ذاکرین کو نفرت انگیز تقاریر سے روکنے اور امن کمیٹی کو متحرک رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی کڑی نگرانی کی جائے گی اور قابل اعتراض وال چاکنگ، بینرز، اسلحہ کی نمائش و لاوڈ اسپیکر کے استعمال پر مکمل پابندی کو یقینی بنایا جائے گا۔

    کسی بھی ہنگامی صورت یا مشکوک سرگرمی کی اطلاع ہیلپ لائن 15 یا کنٹرول روم نمبر 9200363 پر دی جا سکتی ہے۔

  • اوکاڑہ: پولیس کی کارروائی، 11 کلو چرس برآمد، ڈرگ ڈیلر گرفتار

    اوکاڑہ: پولیس کی کارروائی، 11 کلو چرس برآمد، ڈرگ ڈیلر گرفتار

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) تھانہ گوگیرہ پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے بدنامِ زمانہ ریکارڈ یافتہ ڈرگ ڈیلر محسن سرفراز کو گرفتار کر لیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق ملزم کے قبضے سے 11 کلوگرام اعلیٰ کوالٹی کی چرس برآمد کی گئی ہے۔

    ایس ایچ او سعید احمد بھٹی اور انچارج انویسٹی گیشن عظمت علی نے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران جھٹیانہ پل کے قریب چھاپہ مار کر ملزم کو گرفتار کیا۔ ملزم کے خلاف امتناعِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ تفتیش جاری ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ محسن سرفراز ماضی میں بھی منشیات کے کئی مقدمات میں ملوث رہ چکا ہے۔ اس کامیاب کارروائی پر عوامی حلقوں نے پولیس کو خراج تحسین پیش کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ منشیات کے خلاف جاری مہم مزید شدت سے جاری رہے گی۔

  • اوکاڑہ: بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقم میں کٹوتی، چھاپہ مار ٹیم پر حملہ، مقدمہ درج

    اوکاڑہ: بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقم میں کٹوتی، چھاپہ مار ٹیم پر حملہ، مقدمہ درج

    اوکاڑہ (نامہ نگار، ملک ظفر)اوکاڑہ کے نواحی گاؤں چک نمبر 4/1 اے آر میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقوم میں غیر قانونی کٹوتی اور چھاپہ مار ٹیم پر حملے کا سنسنی خیز واقعہ پیش آیا۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر میڈم شرمین ناز کی سربراہی میں ٹیم نے باوثوق اطلاع پر چھاپہ مارا تو مزاحمت، حملہ اور تشدد کا سامنا کرنا پڑا۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔

    ذرائع کے مطابق میڈم شرمین ناز کو اطلاع ملی کہ مذکورہ گاؤں میں خواتین سے دو، دو ہزار روپے کٹوتی کر کے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقم تقسیم کی جا رہی ہے۔ اطلاع کی تصدیق کے بعد جب وہ اپنی ٹیم کے ہمراہ موقع پر پہنچیں تو شکیلہ نامی خاتون، پرویز اور وقار نے چار نامعلوم افراد کے ساتھ مل کر مزاحمت کی۔ حملہ آوروں نے سرکاری ڈرائیور کو گریبان سے پکڑ کر یرغمال بنایا، تشدد کا نشانہ بنایا اور گاڑی پر پتھراؤ بھی کیا۔

    ذرائع کے مطابق موقع پر موجود کئی خواتین کے ویڈیو بیانات بھی ریکارڈ کر لیے گئے ہیں جن میں کٹوتی اور رقم کی تقسیم کی تفصیلات شامل ہیں۔

    پولیس تھانہ صدر رینالہ خورد نے اس واقعے پر فوری کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ نمبر 450/25 درج کر لیا ہے۔ ایف آئی آر میں تین نامزد اور چار نامعلوم افراد کو سنگین دفعات کے تحت شاملِ تفتیش کیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تفتیش جاری ہے اور جلد ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

    اہل علاقہ نے مطالبہ کیا ہے کہ غریب خواتین سے رقم کی کٹوتی میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ہو سکے۔

  • اوکاڑہ: کھڑے پانی سے ماں بیٹے کی لاشیں برآمد، حادثہ یا قتل؟

    اوکاڑہ: کھڑے پانی سے ماں بیٹے کی لاشیں برآمد، حادثہ یا قتل؟

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) رینالہ خورد بائی پاس کے قریب واقع کھڑے پانی سے ماں اور بیٹے کی لاشیں ملنے پر علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق متوفیہ کی شناخت چک امیر سنگھ، پاکپتن کی رہائشی معافیہ بی بی اور اس کے بیٹے کے طور پر ہوئی ہے، جن کی لاشیں کھڑے پانی سے برآمد کی گئیں۔

    واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور سرچ آپریشن کے بعد دونوں لاشیں نکال کر ابتدائی کارروائی مکمل کی۔ نعشیں مقامی پولیس کی موجودگی میں ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دی گئیں۔

    پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور سائنسی بنیادوں پر شواہد جمع کیے جا رہے ہیں تاکہ یہ طے کیا جا سکے کہ یہ حادثہ ہے یا کسی جرم کا نتیجہ۔ حتمی حقائق پوسٹ مارٹم رپورٹ اور تفتیش مکمل ہونے کے بعد سامنے آئیں گے۔

    علاقہ مکینوں نے واقعے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اصل محرکات جلد از جلد سامنے لائے جائیں اور اگر کسی نے یہ سانحہ جان بوجھ کر کیا ہے تو اسے قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے۔

  • اوکاڑہ میں موسلادھار بارش سے حبس کا خاتمہ، عوام نے لیاسکھ کا سانس

    اوکاڑہ میں موسلادھار بارش سے حبس کا خاتمہ، عوام نے لیاسکھ کا سانس

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) اوکاڑہ شہر میں موسلادھار بارش نے حبس زدہ موسم کا خاتمہ کر دیا اور جل تھل ایک ہو گیا۔ بارش کے باعث شہریوں کو شدید گرمی اور گھٹن سے نجات ملی، جس پر عوام نے سکھ کا سانس لیا اور قدرت کے اس انعام پر شکر ادا کیا۔

    بارش سے قبل شہر میں گزشتہ دو روز سے واپڈا کی جانب سے غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ جاری تھی، جس سے عوام شدید اذیت میں مبتلا تھے۔ حبس زدہ موسم اور بجلی کی بندش نے بزرگوں، بچوں اور مریضوں کی حالت غیر کر دی تھی۔ تاہم جیسے ہی بارش کا آغاز ہوا، واپڈا نے بجلی بحال کر دی۔

    عوامی حلقوں نے واپڈا کے اس رویے پر شدید ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ برسات کے موسم میں بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے، کیونکہ بارش کے بعد اکثر موسم میں نمی بڑھ جاتی ہے اور حبس کی شدت میں اضافہ ہو جاتا ہے، ایسے میں بجلی کی بندش شہریوں کے لیے ناقابل برداشت ہو جاتی ہے۔ شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ واپڈا کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سخت نوٹس لے تاکہ موسم کی شدت کے دوران عوام کو بنیادی سہولیات میسر رہیں۔

  • اوکاڑہ: بارشوں کے پانی کے نکاس کیلئے نالوں کی صفائی، ڈسپوزل اسٹیشنز فعال رکھنے کی ہدایت

    اوکاڑہ: بارشوں کے پانی کے نکاس کیلئے نالوں کی صفائی، ڈسپوزل اسٹیشنز فعال رکھنے کی ہدایت

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) اسسٹنٹ کمشنر رب نواز نے مون سون بارشوں کے دوران بارشی پانی کے فوری نکاس کو یقینی بنانے کے لیے شہر کے مختلف علاقوں میں نالیوں کی صفائی اور ڈسپوزل اسٹیشنز کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے گول چوک سے ملحقہ بازاروں میں سینٹری ورکرز کی کارکردگی کا معائنہ کیا اور انہیں ہدایت کی کہ نکاسی آب کے لیے تمام نالیاں مکمل طور پر صاف اور فعال رکھی جائیں۔

    اسسٹنٹ کمشنر نے 1/4 ایل کے واٹر ڈسپوزل اسٹیشن کی مشینری اور سٹاف کی حاضری کا بھی جائزہ لیا اور واضح احکامات جاری کیے کہ بارشوں کے دوران ڈسپوزل اسٹیشنز کی مشینیں مسلسل فعال رہیں۔ انہوں نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ڈسپوزل سٹیشنز میں جنریٹرز کے لیے وافر مقدار میں ڈیزل دستیاب رکھا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مشینری بند نہ ہو۔

    رب نواز نے مزید کہا کہ مون سون سیزن کے دوران صفائی اور پانی کے نکاس کا عمل تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جائے اور واٹر ڈسپوزل اسٹیشنز کو مکمل طور پر فنکشنل حالت میں رکھا جائے۔ انہوں نے تحصیل روڈ اور فیصل آباد روڈ پر بھی صفائی اور پانی کے انخلاء کے انتظامات کا جائزہ لیا اور متعلقہ عملے کو موقع پر ضروری ہدایات دیں۔