Baaghi TV

Category: اوکاڑہ

  • ایران پر امریکی حملے کی شدید مذمت، عالمی امن خطرے میں ہے: سابق ناظم خان نور نبی

    ایران پر امریکی حملے کی شدید مذمت، عالمی امن خطرے میں ہے: سابق ناظم خان نور نبی

    اوکاڑہ( نامہ نگار ملک ظفر)سابق ناظم خان نور نبی خان نے ایران پر امریکہ کی جانب سے ہونے والے حملے کو عالمی امن کے لیے سنگین خطرہ قرار دیتے ہوئے شدید مذمت کی ہے۔ اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ حملہ بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی اور امریکہ کی مسلسل جارحانہ پالیسیوں کا تسلسل ہے، جو دنیا کے مختلف خطوں میں بدامنی کو ہوا دے رہا ہے۔

    خان نور نبی خان نے واضح کیا کہ ہر خودمختار ریاست کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے اور ایران پر کسی بھی قسم کی جارحیت ناقابل برداشت ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اس غیر قانونی اقدام کا فوری نوٹس لے اور امریکہ کو اس کے نتائج سے آگاہ کرے۔

    انہوں نے امت مسلمہ سے بھی اپیل کی کہ وہ اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایسے جارحانہ اقدامات کے خلاف مشترکہ مؤقف اختیار کرے، کیونکہ اگر آج ایک اسلامی ملک نشانہ بنا ہے تو کل دیگر اسلامی ممالک بھی نشانہ بن سکتے ہیں۔

    خان نور نبی نے اقوام متحدہ اور او آئی سی سے مطالبہ کیا کہ وہ امریکہ کی اس کھلی جارحیت کے خلاف مؤثر اور عملی قدم اٹھائیں۔ انہوں نے حکومتِ پاکستان سے بھی مطالبہ کیا کہ ایران کے ساتھ کھل کر یکجہتی کا اظہار کرے اور عالمی فورمز پر امریکہ کی اس کارروائی کی شدید مخالفت کرے۔

  • اوکاڑہ: رواں ماہ 965 روڈ حادثات، ٹریفک کنٹرول اتھارٹی کی کارکردگی پر سوالیہ نشان

    اوکاڑہ: رواں ماہ 965 روڈ حادثات، ٹریفک کنٹرول اتھارٹی کی کارکردگی پر سوالیہ نشان

    اوکاڑہ( نامہ نگار ملک ظفر)اوکاڑہ میں بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات نہ صرف ضلعی ٹریفک کنٹرول اتھارٹی کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہیں بلکہ اس کی نااہلی بھی کھل کر سامنے آ گئی ہے۔ رواں ماہ کے ابتدائی تین ہفتوں میں ضلع بھر سے 965 روڈ حادثات رپورٹ ہوئے جن میں 17 قیمتی جانیں ضائع ہو گئیں، جب کہ سینکڑوں مرد، خواتین اور بچے زخمی ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق تحصیل اوکاڑہ میں 557، دیپالپور میں 274 اور رینالہ خورد میں 134 حادثات رپورٹ ہوئے۔ ان حادثات میں 90 سے 95 فیصد موٹر سائیکل شامل ہیں، جو تیز رفتاری اور بے ہنگم ٹریفک کی علامت ہیں۔

    عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ ٹریفک کنٹرول اتھارٹی شاہراہوں پر قانونی حفاظت کے لیے ہر ماہ کروڑوں روپے خرچ کر رہی ہے، لیکن عملی کارکردگی صفر ہے۔ سڑکوں پر قانون کی حکمرانی دکھائی نہیں دیتی، جبکہ افسران صرف عہدوں کے تمغے سجائے بیٹھے ہیں۔

    عوام نے ڈی پی او محمد راشد ہدایت سے سوال کیا ہے کہ اگر کسی اور جرم پر فوری نوٹس لیا جا سکتا ہے، تو روڈ حادثات میں ملوث نااہل عناصر کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کی جاتی؟

    عوامی مطالبہ ہے کہ فوری ہنگامی اقدامات کیے جائیں تاکہ قیمتی جانوں کے ضیاع اور عمر بھر کی معذوری جیسے حادثات سے بچا جا سکے اور ٹریفک قانون کی بالا دستی یقینی ہو۔

  • دیپالپور: شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی 72ویں سالگرہ کی پروقار تقریب منعقدہوئی

    دیپالپور: شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی 72ویں سالگرہ کی پروقار تقریب منعقدہوئی

    دیپال پور (باغی ٹی وی، نامہ نگار امتیاز شاہین چوہدری) پاکستان کی پہلی خاتون وزیر اعظم شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی 72 ویں سالگرہ اور سٹی دیپال پور کے نومنتخب عہدیداران کی تقریب ضیافت فیملی ریسٹورنٹ کچہری چوک میں پروقار انداز میں منعقد ہوئی۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبول ﷺ سے ہوا، جس کی سعادت بالترتیب شفیق جٹ اور سردار کھوکھر نے حاصل کی، جبکہ نظامت کے فرائض میاں آفتاب سعید خاں وٹو ایڈووکیٹ نے انجام دیے۔

    سالگرہ کی تقریب میں محترمہ بے نظیر بھٹو کی جمہوری خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے میاں ریاض احمد وٹو ایڈووکیٹ، سید جعفر حسین شاہ بخاری ایڈووکیٹ، چودھری طارق رفیق ایڈووکیٹ، میاں ذوالفقار علی وٹو ایڈووکیٹ، میاں محمد جہانگیر خاں وٹو ایڈووکیٹ، پیرزادہ شاھد محمود ایڈووکیٹ، اور دیگر مقررین نے انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ میاں ریاض وٹو نے خطاب میں کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو نے اپنی جان دے کر جمہوریت کی شمع روشن رکھی اور وہ ہر مظلوم کی آواز تھیں، ان کے مشن کو جاری رکھا جائے گا۔

    چودھری سجاد الحسن سابق وزیر مملکت و ضلعی صدر پیپلز پارٹی اوکاڑا نے کہا کہ محترمہ کی خدمات عوام کے دلوں میں آج بھی زندہ ہیں، وہ پسماندہ طبقات کی امید تھیں۔ میڈم شازمہ اعزاز رامے صدر پیپلز لائر فورم دیپالپور نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو نے مشکل حالات میں بھی عوامی خدمت کو شعار بنایا اور آج بھی ان کا وژن "بینظیر انکم سپورٹ پروگرام” کے ذریعے زندہ ہے۔

    تقریب کے اختتام پر نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دی گئی، شرکاء کیلئے ظہرانے کا اہتمام کیا گیا، اور ملکی سلامتی و خوشحالی کیلئے دعا کی گئی۔

  • اوکاڑہ :صفائی کے ناقص انتظامات،ہوٹل اور فیکٹری کیخلاف کارروائی

    اوکاڑہ :صفائی کے ناقص انتظامات،ہوٹل اور فیکٹری کیخلاف کارروائی

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر رب نواز نے عوام کو معیاری اشیائے خورونوش کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے متحرک اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں انہوں نے محکمہ فوڈ اتھارٹی کے افسران کے ہمراہ شہر میں صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات اور فوڈ سیفٹی ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر کارروائیاں کیں۔

    کارروائی کے دوران اسسٹنٹ کمشنر رب نواز نے مہر عظیم ہوٹل کے مختلف حصوں خصوصاً کچن کا معائنہ کیا، جہاں صفائی کے غیر معیاری انتظامات اور ایس او پیز کی خلاف ورزی پائی گئی۔ ان خلاف ورزیوں پر ہوٹل انتظامیہ کو 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔

    اسی طرح نواحی علاقے ستگھرہ میں واقع کولڈ ڈرنکس فیکٹری میں بھی صفائی کے ناقص انتظامات پائے گئے، جس پر فیکٹری مالک کو 10 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔

    اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر رب نواز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ناقص صفائی، غیر معیاری اشیاء اور مضر صحت مٹیریل کے استعمال پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ عوام الناس کو محفوظ، معیاری اور صاف ستھری خوراک کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور اس سلسلے میں خلاف ورزی کے مرتکب کاروباروں کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رہیں گی۔

  • اوکاڑہ :پولیس کا ضلع بھر میں سرچ اینڈ کومبنگ آپریشن، 33 ملزمان گرفتار

    اوکاڑہ :پولیس کا ضلع بھر میں سرچ اینڈ کومبنگ آپریشن، 33 ملزمان گرفتار

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ڈی پی او اوکاڑہ راشد ہدایت کی ہدایت پر ضلع بھر میں سرچ اینڈ کومبنگ آپریشن کیا گیا، جس کے دوران مجموعی طور پر 33 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق یہ کارروائیاں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کا حصہ ہیں، جن کا مقصد امن و امان کی فضا کو یقینی بنانا ہے، خصوصاً محرم الحرام کے پیشِ نظر۔

    کارروائی کے دوران گوگیرہ پولیس نے ڈکیت گینگ کے 3 ملزمان کو گرفتار کیا، جب کہ 4 خطرناک اشتہاری ملزمان کو بھی حراست میں لیا گیا۔ ناجائز اسلحہ رکھنے کے الزام میں 4 افراد کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 3 پستول، ایک رائفل اور 15 گولیاں برآمد کی گئیں۔

    منشیات کے خلاف کارروائی میں سٹی دیپالپور پولیس نے بڑی کامیابی حاصل کی، جہاں ایک منشیات فروش سے 2 کلو 200 گرام چرس برآمد کی گئی۔ اس کے علاوہ شراب فروشی میں ملوث 4 ملزمان کو گرفتار کرتے ہوئے 76 لیٹر شراب قبضے میں لے لی گئی۔

    پولیس ترجمان کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران جوا کھیلنے میں ملوث 11 افراد کو بھی حراست میں لیا گیا، جبکہ عارضی قیام گاہ ایکٹ کی خلاف ورزی پر ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا۔

    ڈی پی او راشد ہدایت کا کہنا ہے کہ یہ سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز آئندہ بھی تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گے تاکہ امن و امان کو یقینی بنایا جا سکے اور جرائم پیشہ عناصر کا مکمل طور پر قلع قمع کیا جا سکے۔

  • اوکاڑہ: سکریپ کے گودام میں آگ لگنے سے 15 لاکھ روپے مالیت کا نقصان

    اوکاڑہ: سکریپ کے گودام میں آگ لگنے سے 15 لاکھ روپے مالیت کا نقصان

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) اوکاڑہ کے علاقے خان کالونی میں واقع ایک سکریپ کے گودام میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں تقریباً 15 لاکھ روپے مالیت کا سکریپ جل کر خاکستر ہو گیا۔ آگ علی ٹرسٹ ہسپتال کے قریب واقع گودام میں لگی، جس کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی موٹر بائیک سروس اور دو فائر وہیکلز فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر جارحانہ حکمت عملی اپناتے ہوئے پانی کی مدد سے فائر فائٹنگ شروع کر دی، اور کچھ ہی دیر میں آگ پر قابو پا لیا گیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق فوری کارروائی کی بدولت گودام میں موجود 17 لاکھ روپے مالیت کا سکریپ جلنے سے محفوظ رہا۔

    آتشزدگی کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہو سکیں، تاہم واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔ کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ ریسکیو 1122 کی بروقت اور مؤثر کارروائی پر مقامی افراد نے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

  • اوکاڑہ: چنگ چی اور ٹریکٹر ٹرالی کے تصادم میں ایک نوجوان جاں بحق، دوسرا زخمی

    اوکاڑہ: چنگ چی اور ٹریکٹر ٹرالی کے تصادم میں ایک نوجوان جاں بحق، دوسرا زخمی

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) اوکاڑہ کے 6 چک غلہ گودام کے قریب ایک بھیانک حادثہ پیش آیا، جہاں چنگ چی رکشہ اور ٹریکٹر ٹرالی کے درمیان تصادم ہو گیا، جس کے نتیجے میں رکشہ میں سوار 16 سالہ نوجوان ولید جاں بحق ہو گیا جبکہ 13 سالہ زوالقرنین زخمی ہوا۔ دونوں متاثرین چک نمبر 9 فور ایل کے رہائشی بتائے گئے ہیں۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق ٹریکٹر ٹرالی نمبر ایس ایل ڈی 5208 کے ساتھ تصادم تیز رفتاری اور لاپروا ڈرائیونگ کی وجہ سے ہوا۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو موٹر بائیک سروس اور ایمبولینس فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچیں، جہاں ریسکیو ٹیموں نے زخمی کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور پھر اسے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

    جاں بحق نوجوان کی نعش کو ضروری قانونی کارروائی کے بعد مقامی پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

  • فور۔ایل کی ڈائری: وعدوں کا قبرستان، عوام کو عملی اقدامات کی تلاش

    فور۔ایل کی ڈائری: وعدوں کا قبرستان، عوام کو عملی اقدامات کی تلاش

    فور۔ایل کی ڈائری: وعدوں کا قبرستان، عوام کو عملی اقدامات کی تلاش
    تحریر: ملک ظفر اقبال بھوہڑ
    اوکاڑہ کے حلقہ پی پی 190 اور این اے 136 کا سیاسی مرکز فور۔ایل کئی دیہاتوں پر مشتمل ایک وسیع و عریض علاقہ ہے، جو بظاہر پرسکون دکھائی دیتا ہے، لیکن اس کے اندر مسائل کا ایک انبار چھپا ہوا ہے۔ انصاف، صحت، تعلیم، سڑکیں، زراعت، اور کاروبار جیسے شعبے آج بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔

    تھانہ شاہ بور اس علاقے کا مرکزی پولیس سٹیشن ہے، جو عوام کو انصاف کی فراہمی کے لیے قائم کیا گیا ہے۔ بدقسمتی سے ماضی اور حال میں یہ ادارہ کئی مرتبہ سیاسی مداخلت اور مالی لین دین کا شکار رہا ہے۔ بعض سیاسی ٹاؤٹ اس پر اثر انداز ہوتے رہے ہیں، جنہوں نے سیاسی پشت پناہی کی بدولت اپنی مرضی کے فیصلے کروائے۔ اگرچہ حالات میں کچھ بہتری آئی ہے، لیکن اب بھی طاقتور طبقات بعض اوقات مظلوم کو ظالم اور ظالم کو مظلوم ثابت کرنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں۔

    فور۔ایل کے مختلف دیہاتوں میں بنیادی مراکز صحت قائم تو ہیں، لیکن یہاں علاج و معالجے کی سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ اس کی سب سے بڑی وجہ سیاسی پشت پناہی ہے۔ شاہ بور میں قائم بڑا سرکاری ہسپتال کئی سالوں سے بدنامی کا شکار ہے۔ یہاں سیاسی دباؤ اور کرپشن کی بنیاد پر جعلی میڈیکل سرٹیفکیٹس کا اجرا ایک معمول بن چکا ہے۔ ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو سیاسی سرپرستی حاصل ہے، جس کی بدولت مظلوم عوام کے حقوق پامال ہوتے رہے ہیں۔ اس کی بنیادی وجہ سیاسی مداخلت اور من پسند میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اور عملے کی تعیناتی ہے۔

    فور۔ایل میں کئی سرکاری اسکول موجود ہیں، لیکن تعلیمی معیار روز بہ روز گرتا جا رہا ہے۔ صرف 34 فور۔ایل ٹھاکرہ کی پرانی تعلیمی درسگاہ ایک روشن مثال ہے، جہاں سے ہزاروں طلبہ تعلیم حاصل کر کے کامیاب زندگی گزار رہے ہیں۔ لیکن دیگر تعلیمی ادارے معیار تعلیم بہتر کرنے میں ناکام رہے ہیں، جس کی بنیادی وجہ حکومتی عدم توجہی اور تعلیمی بجٹ میں کمی ہے۔

    22 فور۔ایل سے 31 فور۔ایل تک کی سڑک گزشتہ پچیس سالوں سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔ ہر الیکشن میں اس سڑک کی مرمت کے وعدے کیے گئے، مگر عملی اقدامات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ این اے 136 کے رکن قومی اسمبلی چوہدری ریاض الحق جٹ اور پی پی 190 کے رکن صوبائی اسمبلی میاں یاور زمان مسلسل اقتدار میں رہنے کے باوجود علاقے کے اس اہم مسئلے کو حل نہ کر سکے۔

    فور۔ایل کی معیشت کا انحصار زراعت پر ہے، لیکن یہاں زیر زمین پانی کھارا ہونے کی وجہ سے کاشتکاری میں شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ خاص طور پر 22 فور۔ایل اور 23 فور۔ایل کے علاقے محکمہ ایریگیشن کی مبینہ ملی بھگت سے نہری پانی کی کمی کا شکار ہیں، جس کی وجہ سے زمینیں بنجر ہو رہی ہیں۔ حکومت کو چاہیے کہ ان دیہاتوں میں ٹیوب ویلوں کی خصوصی اسکیمیں شروع کرے تاکہ زراعت کے شعبے کو بچایا جا سکے۔

    ملگدھا چوک فور۔ایل کا کاروباری مرکز ہے، جو ساہیوال، پاکپتن، دیپالپور، اور اوکاڑہ کو آپس میں جوڑتا ہے۔ یہاں نیشنل بینک، لڑکیوں کا کالج اور پولیس چوکی تو موجود ہیں، مگر بنیادی سہولیات کا فقدان اس تجارتی مرکز کی ترقی میں رکاوٹ ہے۔

    فور۔ایل کی عوام محنتی، جفاکش اور باشعور ہے، لیکن آج بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اکثریت شہروں کا رخ اختیار کر چکی ہے۔ یہاں کے عوام نے ہر الیکشن میں بھرپور سیاسی حمایت کی، لیکن بدلے میں انہیں ترقیاتی کاموں کی بجائے صرف وعدے اور تسلیاں ملیں۔ اب وقت آ گیا ہے کہ سیاسی نمائندے اپنی ذمہ داریوں کا ادراک کریں اور اس علاقے کے دیرینہ مسائل حل کریں۔ امید کی کرن ابھی باقی ہے، لیکن اب صرف نعروں سے کام نہیں چلے گا بلکہ عملی اقدامات وقت کی اہم ضرورت بن چکے ہیں۔

  • اوکاڑہ: اسسٹنٹ کمشنردیپالپورکی شہر میں صفائی مہم کی مانیٹرنگ، زیرو ویسٹ کے لیے ہدایات جاری

    اوکاڑہ: اسسٹنٹ کمشنردیپالپورکی شہر میں صفائی مہم کی مانیٹرنگ، زیرو ویسٹ کے لیے ہدایات جاری

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر نعیم بشیر دیپالپورنے شہر میں صفائی ستھرائی کی صورتحال کا جائزہ لیا اور ستھرا پنجاب مہم کے تحت متعدد مقامات پر صفائی ٹیموں کی کارکردگی کا معائنہ کیا۔

    انہوں نے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے افسران کو ہدایت کی کہ تمام صفائی امور کی مؤثر نگرانی کی جائے، صفائی عملہ فیلڈ میں متحرک رہے، اور کاموں میں مزید بہتری لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف روڈز کے اطراف پانی کا باقاعدہ چھڑکاؤ کیا جائے تاکہ مٹی اور دھول سے ماحول متاثر نہ ہو۔

    اسسٹنٹ کمشنر نے واضح کیا کہ تحصیل بھر میں صفائی کے بہترین انتظامات کو عملی شکل دی جا رہی ہے اور تمام اسٹیک ہولڈرز سے اپیل کی کہ صاف ماحول کے لیے اپنا کردار ضرور ادا کریں۔

  • اوکاڑہ میں میڈیکل کالج کا قیام، عوام کا خواب حقیقت بن گیا: ملک خالد یعقوب

    اوکاڑہ میں میڈیکل کالج کا قیام، عوام کا خواب حقیقت بن گیا: ملک خالد یعقوب

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) معروف سماجی کارکن ملک خالد یعقوب نے اوکاڑہ میں میڈیکل کالج کے قیام پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ عوام کا دیرینہ خواب تھا جو بالآخر حقیقت بن گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ عظیم کامیابی رکنِ قومی اسمبلی چوہدری ریاض الحق جج کے ویژن، عوامی خدمت اور انتھک جدوجہد کا ثمر ہے۔

    ملک خالد یعقوب کا کہنا تھا کہ چوہدری ریاض الحق جج کی سیاست اقتدار کے بجائے عبادت کا درجہ رکھتی ہے اور ان کی قیادت عوامی مسائل کے حل اور علاقے کی ترقی کے لیے وقف ہے۔ میڈیکل کالج کی منظوری ان کے خلوص اور جذبے کا عملی ثبوت ہے۔

    انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف اور چوہدری ریاض الحق جج کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ اوکاڑہ کے نوجوانوں کے لیے اعلیٰ تعلیم کے دروازے کھولے گا اور انہیں دوسرے شہروں کی طرف ہجرت سے نجات دلائے گا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ میڈیکل کالج اوکاڑہ کو تعلیمی میدان میں ایک نئی شناخت دے گا۔
    آخر میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ چوہدری ریاض الحق جج کو مزید کامیابی عطا فرمائے تاکہ وہ عوامی خدمت کا سفر جاری رکھ سکیں۔