Baaghi TV

Category: اوکاڑہ

  • اوکاڑہ: فارن سٹوڈنٹ کنسلٹنٹس کے مسائل پر غور، حکومتی تعاون کا مطالبہ

    اوکاڑہ: فارن سٹوڈنٹ کنسلٹنٹس کے مسائل پر غور، حکومتی تعاون کا مطالبہ

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) فارن سٹوڈنٹ کنسلٹنٹس کے مسائل پر غور کرنے کے لیے ایک اہم اجلاس چیئرمین حافظ فرقان اور صدر راؤ شہزاد کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں فارن سٹوڈنٹ کنسلٹنٹس کو درپیش مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

    نئے منتخب ہونے والے معزز ممبران، سرپرست اعلیٰ زاہد جعفری اور سیکرٹری جنرل وقار ہاشمی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حکومتی اداروں سے مطالبہ کیا کہ اس تیزی سے بڑھتی ہوئی صنعت کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تنظیم اپنے تمام ممبران کو کسی بھی غیر قانونی سرگرمی میں حصہ لینے کی سختی سے مذمت کرتی ہے۔

    اجلاس کے اختتام پر ملک کو درپیش مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، خاص طور پر دہشت گردی کے خاتمے میں پاک فوج کے کردار کو سراہا گیا۔ شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ ملک کی ترقی اور سلامتی کے لیے ہمیشہ اپنی فوج کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔

  • اوکاڑہ: ابرہیم انٹی فائر پروٹیکشن کے مینجنگ ڈائریکٹر کی افطار پارٹی

    اوکاڑہ: ابرہیم انٹی فائر پروٹیکشن کے مینجنگ ڈائریکٹر کی افطار پارٹی

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ابرہیم انٹی فائر پروٹیکشن کے مینجنگ ڈائریکٹر ارشد علی نے اپنے دوستوں کے اعزاز میں افطار پارٹی کا اہتمام کیا۔ اس موقع پر ملک کی سلامتی اور استحکام کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

    یہ افطار پارٹی ابراہیم سی ای او اور کیمیکل انجینئر محسن ہاشمی کے اعزاز میں دی گئی، جس میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے معزز مہمانوں نے شرکت کی۔ تقریب میں کیمیکل انجینئر علی حسن، محمد اعظم لیہ، محمد سرفراز، ہارث علی، محمد امر، محمد احمد، محمد زاہد، وقار ملتانی، چوہدری محمد عثمان مظفر گڑھی، شعیب خاں شیبی، عامر اقبال ساز گار انجینئرنگ اور سینئر صحافی ملک ظفر اقبال بھی موجود تھے۔

    ارشد علی نے اپنے مہمانوں کا استقبال کیا اور رمضان المبارک کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ شرکاء نے مل کر افطار کیا اور ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے دعا کی۔ اس موقع پر باہمی تبادلہ خیال بھی کیا گیا اور مختلف موضوعات پر گفتگو ہوئی۔

  • اوکاڑہ: غیر قانونی پٹرول پمپس کے خلاف سول ڈیفنس کا کریک ڈاؤن، 4 پمپ سیل، 80 ہزار جرمانہ

    اوکاڑہ: غیر قانونی پٹرول پمپس کے خلاف سول ڈیفنس کا کریک ڈاؤن، 4 پمپ سیل، 80 ہزار جرمانہ

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) اوکاڑہ میں غیر قانونی پٹرول پمپس کے خلاف محکمہ سول ڈیفنس نے کارروائی کرتے ہوئے 4 پٹرول پمپس سیل کر دیے اور 80 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر سول ڈیفنس پنجاب ضمیر حسین اور ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی ہدایات پر سول ڈیفنس افسران نے غیر قانونی پٹرول پمپس کے خلاف کریک ڈاؤن کیا۔ سول ڈیفنس آفیسر وقار اکبر سمیت دیگر افسران نے ٹیموں کے ہمراہ متعدد مقامات پر پٹرول پمپس کی انسپکشنز کیں اور کاغذات مکمل مہیا نہ کرنے پر 4 غیر قانونی پٹرول پمپس کو سیل کر دیا۔ سیل کیے گئے پمپس میں اثرار پیٹرولیم سروس 6/4L اوکاڑہ پپلی روڈ، سپرا پیٹرولیم سروس 44/2L اوکاڑہ پپلی روڈ، اسلم پٹرولیم سروس پپلی روڈ غیاث چوک تحصیل دیپالپور اور عثمان خان پٹرولیم سروس لکرانوالہ پپلی روڈ تحصیل دیپالپور شامل ہیں۔

    اس کے علاوہ ملزم اگرا خان ولد نور احمد قوم آرائیں مالک محمد احمد پیٹرولیم سروس جندراکہ روڈ اور عبدالرحمن ولد حاجی عیش محمد قوم راجپوت مالک حاجی عیش محمد پیٹرولیم سروس جندراکہ تحصیل اوکاڑہ کو نامکمل کاغذات پر چالیس، چالیس ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔

    اس موقع پر سول ڈیفنس آفیسر وقار اکبر نے کہا کہ غیر قانونی پٹرول پمپس کو ہرگز کام کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور خلاف قانون چلائے جانے والے پٹرول پمپس کو بھاری جرمانے کیے جائیں گے اور انہیں فوری طور پر سیل کر دیا جائے گا۔

  • اوکاڑہ: شاہ بھور پولیس کا کریک ڈاؤن، سرغنہ سمیت تین رکنی ڈکیت گینگ گرفتار

    اوکاڑہ: شاہ بھور پولیس کا کریک ڈاؤن، سرغنہ سمیت تین رکنی ڈکیت گینگ گرفتار

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) تھانہ شاہبھور پولیس نے ڈاکوؤں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے سرغنہ سمیت تین رکنی گینگ کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کا مسروقہ سامان اور ناجائز اسلحہ بھی برآمد کیا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر راشد ہدایت کے احکامات کی روشنی میں ڈی ایس پی صدر سرکل ناصر چیمہ کی نگرانی میں ایس ایچ او شاہبھور میاں محمد سلیم سکھیرا، راؤ محمد مجاہد انچارج انویسٹی گیشن، چوہدری محمد حفیظ چدھڑ چوکی انچارج اور محمد طارق اے ایس آئی پر مشتمل چھاپہ مار ٹیم نے مختلف مقامات پر چھاپے مار کر عاطی ڈکیت گینگ کے 3 ارکان کو گرفتار کیا۔ گینگ میں سرغنہ عاطف عرف عاطی، مبشر اور داؤد شامل ہیں۔ ملزمان نے دوران تفتیش متعدد وارداتوں کا اعتراف کیا۔

    پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 7 لاکھ روپے سے زائد نقدی، موبائل فونز اور اسلحہ برآمد کیا۔ ڈی پی او راشد ہدایت نے شاہبھور پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی۔

  • اوکاڑہ: رمضان المبارک، جمعۃ الوداع اور عید الفطر کے حوالے سے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ

    اوکاڑہ: رمضان المبارک، جمعۃ الوداع اور عید الفطر کے حوالے سے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید اور ڈی پی او راشد ہدایت کی زیر صدارت ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد ابراہیم ارباب، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل حافظ محمد طیب، سول ڈیفنس آفیسر وقار اکبر، صدر بار ایسوسی ایشن اصغر خان، صدر انجمن تاجران شیخ ریاض سمیت مختلف مسالک کے علمائے کرام اور امن کمیٹی کے ممبران نے شرکت کی۔

    اجلاس میں امن عامہ کی صورتحال، رمضان المبارک، جمعۃ الوداع اور عید الفطر کے حوالے سے سیکیورٹی انتظامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے کہا کہ اسلام محبت اور امن کا درس دیتا ہے، ناموس رسالت کا تحفظ ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ امن عامہ کو برقرار رکھنے کے لیے ہر مکتبہ فکر کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ دہشت گردی اور فرقہ واریت کی روک تھام ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوکاڑہ ایک پرامن شہر ہے اور کسی بھی انتشار کے خلاف سب کو متحد ہونا ہوگا۔

    ڈی پی او راشد ہدایت نے کہا کہ امن و امان کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ کسی کو شر انگیزی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انتشار کی سرکوبی کے لیے اداروں کے ساتھ ساتھ علماء کرام اور امن کمیٹی کے ممبران بھی اپنا کردار ادا کریں۔

    اجلاس کے اختتام پر دہشت گردی سے نبردآزما قومی سلامتی کے اداروں، پاک فوج اور ملکی ترقی و سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

  • اوکاڑہ: رمضان المبارک کے دوران اشیائے خورونوش کی قیمتوں پر کنٹرول کے لیے انتظامیہ متحرک

    اوکاڑہ: رمضان المبارک کے دوران اشیائے خورونوش کی قیمتوں پر کنٹرول کے لیے انتظامیہ متحرک

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ کے افسران عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے متحرک ہیں۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ چوہدری عبدالجبار گجر نے رمضان المبارک میں عوام کو کنٹرول ریٹس پر اشیائے خورونوش کی فراہمی کے سلسلے میں متعدد مقامات پر دکانوں کی چیکنگ کی۔

    چیکنگ کے دوران مہنگے داموں اشیائے ضروریہ فروخت کرنے والے دکانداروں کو جرمانے بھی کیے گئے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ماہ صیام میں مہنگی اشیاء کی فروخت کے ذریعے عوام کے ساتھ زیادتی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اس گھناؤنے فعل میں ملوث افراد کو بھاری جرمانے کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے خلاف مقدمات کا اندراج بھی کروایا جائے گا۔

    انہوں نے دکانداروں کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ دکانوں میں نمایاں جگہوں پر ریٹ لسٹیں آویزاں کی جائیں اور ان لسٹوں پر سختی سے عمل درآمد کو بھی یقینی بنایا جائے۔ مزید برآں، تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس ضلع بھر میں پرائس چیکنگ کے عمل میں مصروف ہیں اور مقررہ نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی کے سلسلے میں فیلڈ انسپیکشنز میں عوامی ریلیف کو مدنظر رکھتے ہوئے کاروائیاں بھی کر رہے ہیں۔

  • اوکاڑہ: ڈی پی او کا تھانہ گوگیرہ کا دورہ، تمام امور کا تفصیلی جائزہ

    اوکاڑہ: ڈی پی او کا تھانہ گوگیرہ کا دورہ، تمام امور کا تفصیلی جائزہ

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ڈی پی او اوکاڑہ محمد راشد ہدایت نے تھانہ گوگیرہ کا اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے فرنٹ ڈیسک، ریکارڈ، حوالات اور تھانے کی عمارت سمیت تمام امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔

    انہوں نے تفتیشی افسران کو ہدایت دی کہ اشتہاری مجرمان اور سنگین مقدمات میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کر کے مقدمات کو میرٹ پر یکسو کیا جائے۔ ڈی پی او نے واضح کیا کہ عوامی خدمت عبادت ہے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ تھانوں کے دوروں کا مقصد پولیس کی کارکردگی کو جانچنا اور استعداد کار میں اضافہ کرنا ہے تاکہ قانون کی عملداری کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔

  • اوکاڑہ: رمضان میں گرانفروشی برداشت نہیں، سخت کارروائی ہوگی،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر

    اوکاڑہ: رمضان میں گرانفروشی برداشت نہیں، سخت کارروائی ہوگی،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ چوہدری عبدالجبار گجر نے شہر کے مختلف مقامات پر اشیائے ضروریہ کے نرخوں کی جانچ کی اور گرانفروشی میں ملوث دکانداروں کے خلاف سخت کارروائی کا عندیہ دیا۔

    چوہدری عبدالجبار گجر نے واضح کیا کہ ماہِ رمضان کے دوران اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافے کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ جو افراد گرانفروشی میں ملوث پائے گئے، انہیں بھاری جرمانے اور قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

    ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے شہر کی مارکیٹس اور دکانوں کی مسلسل مانیٹرنگ جاری رہے گی، تاکہ شہریوں کو سرکاری نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

  • اوکاڑہ: ضلعی انتظامیہ متحرک، مہنگی چینی اور دودھ فروشوں کو جرمانے عائد

    اوکاڑہ: ضلعی انتظامیہ متحرک، مہنگی چینی اور دودھ فروشوں کو جرمانے عائد

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ رمضان المبارک میں عوامی ریلیف کے لیے سرگرم ہو گئی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے شہر کے مختلف کریانہ مارٹس کا دورہ کرتے ہوئے چینی کے نرخ چیک کیے اور مہنگے داموں فروخت پر دکانداروں کو 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا۔

    اسی طرح ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ چوہدری عبدالجبار گجر نے دودھ اور دہی کی قیمتوں کو کنٹرول ریٹس پر یقینی بنانے کے لیے مختلف دکانوں کی چیکنگ کی۔

    ترجمان ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا، بھاری جرمانے اور مقدمات درج کیے جائیں گے تاکہ عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

  • اوکاڑہ : قصاب مافیا کا راج، بیمار جانوروں کا گوشت فروخت

    اوکاڑہ : قصاب مافیا کا راج، بیمار جانوروں کا گوشت فروخت

    اوکاڑہ (نامہ نگار،ملک ظفر) اوکاڑہ میں قصاب مافیا بے لگام ہو چکا ہے، جس کے سامنے محکمہ لائیو سٹاک اور انتظامیہ بے بس نظر آتی ہے۔ ملگدا چوک، اڈا نتھیں بودلہ اور گردونواح میں بیمار اور لاغر جانوروں کا گوشت ایک ہزار روپے فی کلو میں فروخت کیا جا رہا ہے۔ شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے اس صورتحال کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق، پرائس کنٹرول مجسٹریٹ، محکمہ لائیو سٹاک اور فوڈ سیفٹی ڈیپارٹمنٹ کی عدم دلچسپی اور غفلت کے باعث قصاب مافیا سرعام بیمار اور لاغر جانوروں کا گوشت فروخت کر رہا ہے۔ گوشت کی سرکاری ریٹ لسٹ محض کاغذ کا ٹکڑا بن کر رہ گئی ہے، اور ضلعی انتظامیہ دفاتر میں بیٹھ کر سب اوکے کی رپورٹ پیش کر رہی ہے۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ مضر صحت گوشت کی فروخت سے ان کی صحت کو خطرہ لاحق ہے۔ انہوں نے کمشنر ساہیوال اور ڈی سی اوکاڑہ سے مطالبہ کیا ہے کہ پرائس کنٹرول سسٹم کو بہتر بنایا جائے اور قصاب مافیا کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ شہریوں نے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ ذمہ دار افسران کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور انہیں انصاف فراہم کیا جائے۔