Baaghi TV

Category: اوکاڑہ

  • ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کا ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ، سہولیات کا جائزہ

    ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کا ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ، سہولیات کا جائزہ

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد شعجین وسطرو نے ڈی ایچ کیو سٹی ہسپتال اوکاڑہ کا دورہ کر کے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور کوالٹی سروسز کا تفصیلی جائزہ لیا۔

    دورے کے دوران انہوں نے ایمرجنسی سروسز، او پی ڈی، ادویات کی دستیابی اور صفائی کے انتظامات کا معائنہ کیا، جبکہ ہسپتال انتظامیہ نے مختلف شعبہ جات کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے مریضوں اور ان کے لواحقین سے ملاقات کر کے سہولیات کے حوالے سے فیڈ بیک بھی حاصل کیا۔

    اس موقع پر انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ علاج معالجے کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے اور مریضوں کو بروقت، معیاری اور باعزت طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف پر زور دیا کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دیں، صفائی کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے اور ادویات کی دستیابی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔

    ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد شعجین وسطرو نے کوالٹی سروسز کے تسلسل اور عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے بھی واضح ہدایات جاری کیں۔

  • اوکاڑہ:چونگی نمبر 7 پر تجاوزات کے خلاف کارروائی، جرمانے اور سامان ضبط

    اوکاڑہ:چونگی نمبر 7 پر تجاوزات کے خلاف کارروائی، جرمانے اور سامان ضبط

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)کمشنر احمد عثمان جاوید کی ہدایت پر پیرا فورس اور میونسپل کمیٹی کے اہلکاروں نے چونگی نمبر 7 پر تجاوزات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے خلاف ورزی کے مرتکب دکانداروں کو 20 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا اور تجاوزات کا سامان تحویل میں لے لیا۔

    انسداد تجاوزات مہم سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر وسیم جاوید کی زیر نگرانی کی گئی، جس کے دوران مختلف دکانوں کی چیکنگ کی گئی اور سڑکوں و فٹ پاتھوں پر لگائی گئی تجاوزات ہٹا دی گئیں۔

    اس موقع پر سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر وسیم جاوید نے کہا کہ تجاوزات سے پاک شہر اور بازار خوبصورتی اور عوامی سہولت کی علامت ہیں، جبکہ حکومت پنجاب کے ویژن کے تحت اس سلسلے میں عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے دکانداروں پر زور دیا کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور عوام کے لیے مشکلات پیدا کرنے سے گریز کریں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ تجاوزات میں ملوث عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی اور کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

  • اوکاڑہ :پولیس کی کارروائی، خطرناک چور گینگ کے 4 ملزمان گرفتار

    اوکاڑہ :پولیس کی کارروائی، خطرناک چور گینگ کے 4 ملزمان گرفتار

    اوکاڑہ (نامہ نگارملک ظفر)اوکاڑہ پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے خطرناک چور گینگ کے چار ملزمان کو گرفتار کر لیا، جو مختلف مقدمات میں اشتہاری بھی نکلے۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے بھاری مالِ مسروقہ اور اسلحہ بھی برآمد کر لیا۔

    پولیس ترجمان کے مطابق تھانہ صدر دیپالپور پولیس نے ڈی پی او اوکاڑہ کے خصوصی ٹاسک پر کامیاب کارروائی کی۔ گرفتار ملزمان میں سلیم، تنویر، علی ارشد اور عامر شامل ہیں، جو ایک منظم چور گینگ کے ارکان ہیں اور متعدد مقدمات میں مطلوب تھے۔

    ملزمان نے دورانِ تفتیش 10 بکریاں، ایک ٹوکہ مشین اور ایک بجلی کی موٹر چوری کرنے کی وارداتوں کا انکشاف کیا۔ پولیس نے ان کے قبضے سے چار عدد 30 بور پسٹل اور گولیاں بھی برآمد کیں، جبکہ اسلحہ برآمدگی پر ملزمان کے خلاف الگ مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔

    پولیس کے مطابق ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور مزید مالِ مسروقہ کی برآمدگی کی توقع ہے۔

  • اوکاڑہ:تھانہ اے ڈویژن پولیس کی بروقت کارروائی، 10 سالہ بچہ چند گھنٹوں میں بازیاب

    اوکاڑہ:تھانہ اے ڈویژن پولیس کی بروقت کارروائی، 10 سالہ بچہ چند گھنٹوں میں بازیاب

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)اوکاڑہ پولیس تھانہ اے ڈویژن نے سخت سرد موسم اور شدید دھند کے باوجود اپنے فرائض کو اولین ترجیح دیتے ہوئے چند ہی گھنٹوں میں 10 سالہ بچے کو بازیاب کرا کے والدین کے حوالے کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پکار 15 پر گورنمنٹ کالونی، نزد ٹینکی چوک سے ایک بچے کے اغواء کی اطلاع موصول ہوئی۔ اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او تھانہ اے ڈویژن جہانزیب وٹو نے موسم کی سختی کی پرواہ کیے بغیر اپنی ٹیم کے ہمراہ فوری کارروائی کا آغاز کیا۔

    پولیس نے سیف سٹی کیمروں، مختلف مقامات پر نصب سی سی ٹی وی کیمروں، ہیومن انٹیلی جنس اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے مؤثر سرچ آپریشن کیا، جس کے نتیجے میں چند ہی گھنٹوں میں 10 سالہ نوریز نواز کو تلاش کر کے بحفاظت والدین کے حوالے کر دیا گیا۔

    بچے کی بحفاظت بازیابی پر اہلِ خانہ نے تھانہ اے ڈویژن پولیس کی پیشہ ورانہ کارکردگی اور فوری ردِعمل کو سراہتے ہوئے ایس ایچ او جہانزیب وٹو اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا اور ان کے لیے دعائیں کیں۔

  • اوکاڑہ میں پی ایچ اے کے قیام کا فیصلہ

    اوکاڑہ (نامہ نگارملک ظفر) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ چوہدری عبدالجبار گجر کی زیر صدارت پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (PHA) کے قیام کے سلسلے میں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلع کونسل کے چیف آفیسر فدا افتخار میر، تینوں تحصیلوں کی میونسپل کمیٹیوں کے افسران اور دیگر متعلقہ حکام شریک ہوئے۔

    ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے ضلعی ہیڈ کوارٹر سطح پر پی ایچ اے کے فوری قیام کے لیے فریم ورک تیار کرنے کی ہدایت دی۔ میونسپل کمیٹیوں کو پارکس، گرین بیلٹس اور ماحول کی بہتری کے لیے دستیاب افرادی قوت، مشینری اور وسائل اتھارٹی کو منتقل کرنے کا پلان مکمل کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی۔ مزید مشینری اور ضروری سامان کے بندوبست کے لیے تخمینہ لگانے کا ٹاسک بھی دیا گیا۔

    چوہدری عبدالجبار گجر نے کہا کہ پی ایچ اے کے قیام سے شہری علاقوں میں سرسبز ماحول، پارکس کی مؤثر دیکھ بھال اور شجرکاری کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو قانونی، انتظامی اور تکنیکی امور جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ بتایا گیا کہ دوسرے مرحلے میں تحصیل اور تیسرے مرحلے میں ٹاؤن سطح پر بھی پی ایچ اے قائم کیا جائے گا، جس کے لیے میونسپل کمیٹیوں کے افسران حتمی پلان پیش کریں گے۔

  • اوکاڑہ: ووٹر رجسٹریشن میں تیزی لانے کا فیصلہ، موبائل وینز دیہاتوں میں بھیجی جائیں گی

    اوکاڑہ: ووٹر رجسٹریشن میں تیزی لانے کا فیصلہ، موبائل وینز دیہاتوں میں بھیجی جائیں گی

    اوکاڑہ (باغی ٹی وی،نامہ نگارملک ظفر) ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر چوہدری محمد شفیق کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ انکلوسیو کووارڈینیشن کمیٹی کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف سرکاری محکموں کے افسران، سول سوسائٹی کے نمائندگان اور دیگر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران انتخابی عمل کو ہر طبقے کے لیے یکساں، شفاف اور قابل رسائی بنانے کے حوالے سے تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک جامع اور منصفانہ انتخابی عمل ہی جمہوریت کی اصل مضبوطی کی ضمانت ہے اور اس عظیم مقصد کے حصول کے لیے تمام اداروں کے درمیان مضبوط باہمی تعاون وقت کی اشد ضرورت ہے۔

    اس موقع پر ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر نے ڈسٹرکٹ ووٹر ایجوکیشن کمیٹی کے اراکین کو خصوصی ہدایات جاری کیں کہ وہ اپنے متعلقہ علاقوں میں ووٹر رجسٹریشن اور انتخابی عمل سے متعلق آگاہی سیشنز کا بھرپور انعقاد کریں تاکہ عوام میں ووٹ کے اندراج کی اہمیت کو اجاگر کیا جا سکے۔ مزید برآں، ڈسٹرکٹ انکلوسیو کووارڈینیشن کمیٹی کے اراکین کو پابند کیا گیا کہ وہ اپنے علاقوں میں اہل افراد کی فہرستیں مرتب کر کے فراہم کریں تاکہ نادرا کی معاونت سے موبائل رجسٹریشن وین (MRV) کو فوری طور پر تعینات کیا جا سکے۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد دور دراز علاقوں کے شہریوں، بالخصوص خواتین کے ووٹ کے اندراج اور قومی شناختی کارڈز کی تیاری کو یقینی بنانا ہے۔ اجلاس کے اختتام پر تمام شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ تمام شہریوں کو بلا تفریق حقِ رائے دہی کے استعمال میں سہولت فراہم کرنے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

  • اوکاڑہ: منی مزدا اور ٹرالر میں تصادم، ایک شخص جاں بحق، تین شدید زخمی

    اوکاڑہ: منی مزدا اور ٹرالر میں تصادم، ایک شخص جاں بحق، تین شدید زخمی

    اوکاڑہ (نامہ نگارملک ظفر) مین جی ٹی روڈ اوکاڑہ ٹول پلازہ کے قریب منی مزدا ٹرک اور ٹرالر کے درمیان تصادم کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ تین افراد شدید زخمی ہو گئے۔

    پولیس کے مطابق منی مزدا ٹرک تیز رفتاری کے باعث پیچھے سے ٹرالر سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں یہ افسوسناک حادثہ پیش آیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس کے اعلیٰ حکام اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔

    ریسکیو حکام نے بتایا کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت مقبول کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

    پولیس نے دونوں گاڑیوں کو تحویل میں لے کر حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

  • اوکاڑہ: پیرا بھرتی کے فزیکل ٹیسٹس، ڈی سی نے انتظامات کا جائزہ لیا

    اوکاڑہ: پیرا بھرتی کے فزیکل ٹیسٹس، ڈی سی نے انتظامات کا جائزہ لیا

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) میں بھرتی کے سلسلے میں انویسٹیگیشن افسران کے فزیکل ٹیسٹس کے موقع پر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے فزیکل ٹیسٹ اور دوڑ کے عمل، سیکیورٹی انتظامات، امیدواروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور طبی انتظامات کا معائنہ کیا۔

    اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل احمد سلیم چشتی، اسسٹنٹ کمشنر احمد شیر گوندل، سسٹم نیٹ ورک ایڈمنسٹریٹر افضال حسین بلوچ سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔ مختلف محکموں کے افسران اور اہلکاروں نے اپنی تفویض کردہ ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دیں۔

    ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے ہدایت کی کہ بھرتی کے تمام مراحل شفافیت، میرٹ اور مقررہ معیار کے مطابق مکمل کیے جائیں، جبکہ امیدواروں کے لیے صاف پانی، طبی سہولیات اور نظم و ضبط کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پیرا میں بھرتیاں اہل، فٹ اور باصلاحیت افراد کے انتخاب کے لیے کی جا رہی ہیں تاکہ ادارہ اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں سرانجام دے سکے۔

    اعداد و شمار کے مطابق انویسٹیگیشن افسران کی بھرتی کے لیے 142 مرد اور 62 خواتین نے شرکت کی، جن میں سے 78 مرد اور 33 خواتین فزیکل ٹیسٹ میں کامیاب قرار پائے۔ انفورسمنٹ افسران کی بھرتی کے لیے فزیکل ٹیسٹ 7 جنوری کو لیا جائے گا۔

  • اوکاڑہ: ڈی پی او کے مختلف مقامات کے دورے، سیکیورٹی، سروس ڈلیوری اور پولیس ویلفیئر کا جائزہ

    اوکاڑہ: ڈی پی او کے مختلف مقامات کے دورے، سیکیورٹی، سروس ڈلیوری اور پولیس ویلفیئر کا جائزہ

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اوکاڑہ محمد راشد ہدایت نے ضلع بھر میں سیکیورٹی، سروس ڈلیوری اور پولیس ویلفیئر کو مزید مؤثر بنانے کے لیے مختلف مقامات کے دورے کیے۔ اس سلسلے میں انہوں نے کیڈٹ کالج اوکاڑہ کا دورہ کیا جہاں تعلیمی اداروں کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے موجود انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو سیکیورٹی مزید بہتر بنانے کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔

    ڈی پی او اوکاڑہ نے پولیس خدمت مرکز کا اچانک دورہ بھی کیا، جہاں شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا معائنہ کیا گیا۔ اس موقع پر انہوں نے سروس ڈلیوری کے معیار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے شہریوں سے براہِ راست گفتگو کی اور پولیس عملے کو ہدایت کی کہ بلا تاخیر، شفاف اور مؤثر سہولیات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔

    بعد ازاں ڈی پی او محمد راشد ہدایت نے طیب سعید شہید پولیس لائنز کا دورہ کیا جہاں پولیس اہلکاروں کی ویلفیئر سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے پولیس اہلکاروں کے جم کو اپ گریڈ کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے جسمانی فٹنس اور صحت مند طرزِ زندگی کی اہمیت پر زور دیا۔ اس موقع پر ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر کو بھی پولیس اہلکاروں کے لیے بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایات دی گئیں۔

    ڈی پی او اوکاڑہ محمد راشد ہدایت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ، معیاری سروس ڈلیوری اور پولیس اہلکاروں کی ویلفیئر اوکاڑہ پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں، اور ان اہداف کے حصول کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

  • اوکاڑہ پولیس کے اہلکار محمد عابد نے نیشنل گیمز میں برونز میڈل جیت لیا

    اوکاڑہ پولیس کے اہلکار محمد عابد نے نیشنل گیمز میں برونز میڈل جیت لیا

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) اوکاڑہ پولیس کے ہونہار اہلکار محمد عابد نے کراچی میں منعقدہ 35ویں نیشنل گیمز میں جوڈو کے مقابلوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے برونز میڈل حاصل کر کے پنجاب پولیس اور اوکاڑہ پولیس کا نام روشن کر دیا۔

    محمد عابد کی یہ کامیابی ان کی محنت، لگن اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا واضح ثبوت ہے۔ اس شاندار کامیابی پر ڈی پی او اوکاڑہ محمد راشد ہدایت نے محمد عابد سے خصوصی ملاقات کی اور انہیں تعریفی سرٹیفکیٹ اور نقد انعام سے نوازا۔ اس موقع پر اسپورٹس سیکرٹری لیاقت کو بھی کھیلوں کے فروغ اور اس کامیابی میں اہم کردار ادا کرنے پر شاباش دی گئی۔

    واضح رہے کہ محمد عابد اس سے قبل بھی بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ وہ ایشین بیچ گیمز میں تیسری پوزیشن اور ورلڈ پولیس گیمز میں چوتھی پوزیشن حاصل کر کے ملک کا نام روشن کر چکے ہیں۔

    اوکاڑہ پولیس کی قیادت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ فورس میں کھیلوں کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا، کیونکہ ایسی کامیابیاں نہ صرف صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دیتی ہیں بلکہ پولیس کے مثبت اور پیشہ ورانہ تشخص کو بھی اجاگر کرتی ہیں۔

    اوکاڑہ پولیس کی جانب سے محمد عابد کو اس کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کی گئی اور مستقبل میں مزید قومی و بین الاقوامی اعزازات کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔