Baaghi TV

Category: اوکاڑہ

  • اوکاڑہ: پولیس کی موثر کارروائیوں سے سنگین جرائم میں 65 فیصد کمی، 9 گینگز ختم، 290 اشتہاری گرفتار

    اوکاڑہ: پولیس کی موثر کارروائیوں سے سنگین جرائم میں 65 فیصد کمی، 9 گینگز ختم، 290 اشتہاری گرفتار

    اوکاڑہ (باغی ٹی وی/ملک ظفر) ترجمان پولیس اوکاڑہ نے ماہ جنوری 2026 کی کرائم رپورٹ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ ضلع میں بہترین پولیسنگ کے نتیجے میں سنگین جرائم میں 65 فیصد کمی واقع ہوئی اور امن و امان کی صورتحال میں واضح بہتری آئی۔ پولیس نے گذشتہ ماہ مختلف وارداتوں میں ملوث 9 جرائم پیشہ گینگز کا خاتمہ کیا اور ان کے 28 ارکان کو گرفتار کیا، جبکہ 1 کروڑ 60 لاکھ روپے مالیت کا مال مسروقہ برآمد کیا گیا۔ ملزمان سے 57 پستول، ایک کلاشنکوف، ایک ریوالور، 2 بندوقیں اور 173 گولیاں بھی برآمد ہوئیں۔

    منشیات کے خلاف کارروائیوں میں 85 ملزمان گرفتار ہوئے، جن سے 12 کلو چرس، 1600 گرام افیون اور 100 گرام آئس برآمد کیا گیا۔ اس کے علاوہ 1539 لیٹر شراب، 150 لیٹر لہن اور 3 چالو بھٹیاں بھی قبضے میں لائی گئیں۔ پولیس نے اشتہاری و عادی مجرمان کے خلاف بھی موثر کارروائیاں کیں، جس کے تحت 290 اشتہاری ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جن میں سنگین جرائم میں ملوث A کیٹیگری کے 55 اور B کیٹیگری کے 235 اشتہاری شامل ہیں۔ اسی طرح، 61 عدالتی مفروران اور 139 ٹارگیٹڈ آفینڈرز بھی پکڑے گئے۔

    ترجمان پولیس اوکاڑہ نے کہا کہ ضلع میں جرائم کی شرح میں مزید کمی کے لیے پولیس کی فعال نگرانی اور کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ عوامی تحفظ اور امن و امان کی بہتر صورتحال کو برقرار رکھا جا سکے۔

  • اوکاڑہ: کمشنر ساہیوال ڈویژن کی زیر صدارت ضلع بھر کی ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ اجلاس

    اوکاڑہ: کمشنر ساہیوال ڈویژن کی زیر صدارت ضلع بھر کی ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ اجلاس

    اوکاڑہ (نامہ نگارملک ظفر) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل کی زیر صدارت ڈی سی آفس میں ضلع بھر کے ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اینڈ فنانس ساہیوال شفیق احمد ڈوگر اور محکمہ ہائی وے، روڈز، بلڈنگز، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے حکام نے شرکت کی۔

    اجلاس کے دوران متعلقہ محکموں کے افسران نے اے ڈی پی کے تحت ضلع بھر میں نئے اور جاری ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلی بریفنگ دی۔ کمشنر ساہیوال ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ عوامی فلاح کے تمام منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں اور ترقیاتی سکیموں کے معیار و بروقت تکمیل پر ہرگز سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ تمام متعلقہ افسران کو فیلڈ وزٹس اور کام کی رفتار کو برقرار رکھنے کے لیے مانیٹرنگ کرنا ہوگی، اور سرکاری فنڈز کا درست استعمال انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ کمشنر نے واضح کیا کہ منصوبوں کی بروقت تکمیل میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور عوامی سہولت کے پیش نظر ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل ناگزیر ہے۔

  • رینالہ خورد: ڈاکوؤں کی دو وارداتیں، نقدی، موبائل اور موٹر سائیکل چھین لیے گئے

    رینالہ خورد: ڈاکوؤں کی دو وارداتیں، نقدی، موبائل اور موٹر سائیکل چھین لیے گئے

    رینالہ خورد (باغی ٹی وی،سٹی رپورٹر)رینالہ خورد میں گذشتہ روز دو مختلف واقعات میں مسلح ڈاکوؤں نے دو افراد سے نقدی، موبائل فونز اور موٹر سائیکل چھین لی۔

    تفصیلات کے مطابق محمد شہزاد رینالہ سے اپنے گاؤں 19 جی ڈی جا رہا تھا کہ دو مسلح ڈاکوؤں نے اس سے 5440 روپے نقد، موبائل فون اور موٹر سائیکل چھین کر فرار ہو گئے۔

    اسی روز مشتاق احمد کو شہر سے گاؤں جاتے ہوئے 13 ون آر کے قریب دو مسلح ڈاکوؤں نے روکا اور اس سے موبائل فون اور 25 ہزار روپے نقد چھین لیے، جس کے بعد وہ فرار ہو گئے۔

    پولیس نے دونوں واقعات میں الگ الگ مقدمات درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

  • اوکاڑہ، رینالہ خورد: امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم کا تنظیمی دورہ

    اوکاڑہ، رینالہ خورد: امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم کا تنظیمی دورہ

    اوکاڑہ (باغی ٹی وی/نامہ نگار ملک ظفر)امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان، سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم نے اپنے تنظیمی دورے کے سلسلے میں رینالہ خورد، ضلع اوکاڑہ کا دورہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق ضلع اوکاڑہ کے امیر ڈاکٹر محمد اسلم صدیقی، ناظم ضلع مولانا ابوبکر صدیق اور اہلحدیث یوتھ فورس ضلع اوکاڑہ کے صدر مظہر اقبال عابد، جنرل سیکرٹری عابد محمود اوکاڑوی، کاشف صدیق اور دیگر رہنماؤں نے سینیٹر کا بھرپور استقبال کیا۔ پولیس کی طرف سے سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات بھی کیے گئے۔

    سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی جمعیت اہلحدیث ایک پرامن جماعت ہے اور وطن عزیز میں قرآن و سنت کی بالا دستی اور ناموس صحابہ کی حفاظت کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ جماعت ملکی دفاع اور استحکام کے لیے پاک فوج کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ سینیٹر نے ضلع اوکاڑہ کے امیر ڈاکٹر اسلم صدیقی اور ناظم مولانا ابوبکر کو اجتماع کامیاب بنانے پر سراہا اور نوجوانوں کی خدمات کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔

  • اوکاڑہ،رینالہ خورد: مزدا ٹرک اور لوڈر رکشہ میں تصادم، ایک جاں بحق، ایک شدید زخمی

    اوکاڑہ (نامہ نگار + سٹی رپورٹر)اوکاڑہ کے علاقے شیر گڑھ روڈ پر روز ویلی فیز 2 کے قریب افسوسناک ٹریفک حادثے میں مزدا ٹرک اور لوڈر رکشہ کے درمیان تصادم کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ دوسرا شدید زخمی ہو گیا۔

    ذرائع کے مطابق مزدا ٹرک نمبر CAZ-9825 نے لوڈر رکشہ کو ٹکر مار دی، جس کے باعث رکشہ پر سوار 45 سالہ جابر علی موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ 55 سالہ محمد یوسف شدید زخمی ہو گیا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔

    ریسکیو اہلکاروں نے زخمی کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی، بعد ازاں ضروری کارروائی مکمل کرنے کے بعد جاں بحق شخص کی نعش اور زخمی کو ٹی ایچ کیو ہسپتال رینالہ خورد منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

    متوفی کے لواحقین کے مطابق جابر علی کے پسماندگان میں ایک بیوہ، تین بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں، جن میں سے دو بیٹے جسمانی معذوری کا شکار ہیں۔ شہریوں نے افسوسناک حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

  • اوکاڑہ: غیر قانونی ایل پی جی شاپس کے خلاف کریک ڈاؤن، 30 دکانیں سیل

    اوکاڑہ: غیر قانونی ایل پی جی شاپس کے خلاف کریک ڈاؤن، 30 دکانیں سیل

    اوکاڑہ (باغی ٹی وی،نامہ نگارملک ظفر) محکمہ سول ڈیفنس نے ضلع بھر میں غیر قانونی ایل پی جی شاپس کے خلاف اب تک کی ریکارڈ کارروائیاں کرتے ہوئے 30 دکانیں سیل کر دیں اور مالکان کے خلاف مقدمات درج کروا کر گیس بھرائی کا سامان ضبط کر لیا ہے۔

    سول ڈیفنس آفیسر جاوید اختر کھچی کی زیر نگرانی اہلکاروں نے ضلع کے مختلف علاقوں میں غیر قانونی ایل پی جی ری فلنگ کرنے والوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کیا، جس کے دوران حفاظتی انتظامات کے بغیر کام کرنے والی دکانوں کو موقع پر بند کر دیا گیا۔

    اس موقع پر سول ڈیفنس آفیسر جاوید اختر کھچی کا کہنا تھا کہ انسانی جانوں سے کھیلنے والے عناصر کے ساتھ ہرگز کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی کیونکہ رہائشی علاقوں میں سلنڈر ری فلنگ شاپس کسی بھی وقت بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ عوامی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے غیر قانونی ایل پی جی شاپس کے خلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ بلاامتیاز جاری رہے گا اور گیس کی غیر قانونی بھرائی کرنے والے افراد کو عوام کی جانوں کو خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

  • اوکاڑہ:سی ای او ایجوکیشن کا سرکاری سکولوں کا دورہ، تدریسی عمل کا جائزہ

    اوکاڑہ:سی ای او ایجوکیشن کا سرکاری سکولوں کا دورہ، تدریسی عمل کا جائزہ

    اوکاڑہ (باغی ٹی وی/نامہ نگار ملک ظفر)چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن اوکاڑہ محمد یوسف کاہلوں نے ضلع کے مختلف سرکاری سکولوں کا دورہ کیا اور تدریسی عمل سمیت تعلیمی و انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔ سی ای او ایجوکیشن نے گورنمنٹ ہائی سکول رضا آباد، گورنمنٹ ہائی سکول 12 جی ڈی اور گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول کندووال سرائے مرکز فرید کوٹ کا معائنہ کیا۔

    دورے کے دوران محمد یوسف کاہلوں نے اساتذہ کی حاضری، تدریسی معیار، سکول بیوٹیفکیشن، صفائی ستھرائی اور مجموعی نظم و ضبط کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کلاس رومز میں جا کر طلبہ سے نصابی سوال و جواب کیے اور اساتذہ کی کارکردگی، نصابی سرگرمیوں اور ڈسپلن پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔

    سی ای او ایجوکیشن نے سکولوں میں صفائی کے انتظامات، پینے کے صاف پانی، فرنیچر، بجلی، پنکھوں اور واش رومز کی دستیاب سہولیات کا بھی معائنہ کیا اور جہاں بہتری کی ضرورت تھی وہاں فوری اقدامات کی ہدایات جاری کیں۔

    اس موقع پر محمد یوسف کاہلوں نے کہا کہ طلبہ ہمارا روشن مستقبل ہیں، انہیں چاہیے کہ محنت اور لگن سے تعلیم حاصل کر کے اپنا مستقبل سنواریں اور ملکی ترقی میں مثبت کردار ادا کریں۔ انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ طلبہ کی تعلیم و تربیت کیلئے بھرپور محنت کریں اور انہیں زیورِ تعلیم سے آراستہ کرنے میں اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ایک پڑھے لکھے معاشرے سے ہی باوقار قوم کی تشکیل ممکن ہے، اسی مقصد کے حصول کیلئے حکومتی ہدایات کے مطابق سرکاری تعلیمی اداروں میں معیاری تعلیمی سہولیات کے فروغ کیلئے بھرپور محنت کی جا رہی ہے۔

  • اوکاڑہ: ٹی ایچ کیو ہسپتال رینالہ خورد میں جدید ڈائیلسز سنٹر کا افتتاح

    اوکاڑہ: ٹی ایچ کیو ہسپتال رینالہ خورد میں جدید ڈائیلسز سنٹر کا افتتاح

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) چیف منسٹر ڈائیلسز پروگرام کے تحت ٹی ایچ کیو ہسپتال رینالہ خورد میں جدید ڈائیلسز سنٹر کا افتتاح کر دیا گیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر صحت و بہبود آبادی خواجہ عمران نذیر نے نئے وارڈ کا افتتاح کیا اور مریضوں سے سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔

    افتتاحی تقریب میں ممبر قومی اسمبلی ندیم عباس ربیرہ، ایم پی اے چوہدری جاوید علاؤالدین، ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید، اسسٹنٹ کمشنر انعم علی خان، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر فواد افتخار، ہسپتال انتظامیہ اور میڈیا نمائندگان بھی موجود تھے۔

    صوبائی وزیر نے ڈائیلسز وارڈ کی بروقت تکمیل پر ڈپٹی کمشنر اور ایم ایس کی کاوشوں کو سراہا اور ہسپتال انتظامیہ کو مریضوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات دیں۔ انہوں نے کہا کہ اگلے مرحلے میں دس مزید ڈائیلسز مشینیں ہسپتال کو فراہم کی جائیں گی، جس سے مریضوں کو اپنے ہی شہر میں معیاری علاج کی سہولت میسر ہوگی۔

    خواجہ عمران نذیر نے مزید کہا کہ پنجاب بھر میں جلد ہزاروں نئے ڈاکٹرز، کنسلٹنٹ اور سپیشلسٹ بھرتی کیے جائیں گے، اور ڈاکٹروں کی کارکردگی کے لیے کے پی آئیز بنائے جائیں گے۔ ہسپتالوں میں ایل پی کے ذریعے مریضوں کو تمام ضروری ادویات مفت فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ چھوٹے شہروں میں جدید طبی سہولیات کے ذریعے بھی مریضوں کا مکمل علاج ممکن ہوگا، اور وزیراعلیٰ پنجاب کے روڈ میپ پر عملدرآمد سے ہسپتالوں میں نمایاں بہتری آئے گی۔

  • اوکاڑہ: ‘ستھرا پنجاب’ ویژن کے تحت زیرو ویسٹ آپریشن جاری، شہر بھر میں صفائی کی مہم تیز

    اوکاڑہ: ‘ستھرا پنجاب’ ویژن کے تحت زیرو ویسٹ آپریشن جاری، شہر بھر میں صفائی کی مہم تیز

    اوکاڑہ (نامہ نگارملک ظفر) وزیراعلیٰ پنجاب کے "ستھرا پنجاب” ویژن کے ثمرات تحصیل اوکاڑہ میں نمایاں طور پر نظر آنے لگے ہیں جہاں ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی خصوصی ہدایات پر صفائی ستھرائی کے نظام کو مثالی بنانے کے لیے انتظامیہ ہائی الرٹ ہے۔ شہر کا نقشہ بدلنے کے لیے جاری اس زیرو ویسٹ آپریشن کی قیادت ڈائریکٹر ملک زین اشفاق، مینجنگ ڈائریکٹر محمد حسن اور ڈسٹرکٹ مینیجر راؤ فیصل جبار کر رہے ہیں، جن کی زیرِ نگرانی تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔ فیلڈ میں اسسٹنٹ کمشنر احمد شیر گوندل، پروجیکٹ مینیجر وسیم اشرف اور تحصیل مینیجر نعمان راشد خود صفائی کے کاموں کی نگرانی کر رہے ہیں تاکہ شہر کے چوک چوراہوں اور گلی محلوں کو کوڑا کرکٹ سے پاک کیا جا سکے۔

    اس خصوصی مہم کے دوران سینٹری ورکرز کی بھاری نفری نہ صرف کوڑے کے پرانے ڈھیروں کا خاتمہ کر رہی ہے بلکہ نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے نالیوں کی بھل صفائی بھی ہنگامی بنیادوں پر یقینی بنائی جا رہی ہے۔ انتظامی حکام نے دوٹوک موقف اختیار کیا ہے کہ فرائض میں غفلت برتنے والے اہلکاروں کے لیے محکمے میں کوئی جگہ نہیں، جبکہ محنتی ورکرز کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ شہریوں نے انتظامیہ کے ان اقدامات کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس مہم کے تسلسل کو برقرار رکھا جائے گا تاکہ اوکاڑہ پنجاب کا صاف ستھرا ترین شہر بن کر ابھر سکے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عوامی تعاون اور ٹیم ورک کے ذریعے ہی شہر کو مستقل بنیادوں پر صاف رکھا جا سکتا ہے۔

  • اوکاڑہ: منشیات فروشوں کو کڑی سزائیں دلوانے کے لیے پولیس افسران کی تربیتی ورکشاپ کا انعقاد

    اوکاڑہ: منشیات فروشوں کو کڑی سزائیں دلوانے کے لیے پولیس افسران کی تربیتی ورکشاپ کا انعقاد

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ڈی پی او راشد ہدایت کی خصوصی ہدایت پر منشیات ایکٹ 1997 اور ترمیمی ایکٹ 2022 کے تحت درج مقدمات کی تفتیش کا معیار بہتر بنانے کے لیے کمیونٹی لائزون ہال میں ایک روزہ تربیتی ورکشاپ منعقد کی گئی۔ اس ورکشاپ میں ضلع بھر کے تمام انچارج انویسٹی گیشن اور محرران نے شرکت کی، جس کا بنیادی مقصد منشیات فروشوں کے خلاف قانونی گھیرا تنگ کرنا اور مضبوط تفتیش کے ذریعے انہیں عدالتوں سے کڑی سزائیں دلوانا ہے۔ تربیتی سیشن کے دوران ڈپٹی ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر زاہد الحسن ناصر، ڈی ایس پی لیگل کلیم اللہ اور سب انسپکٹر محمد اکرم نے شرکاء کو منشیات قوانین، تفتیشی طریقہ کار میں جدت اور مقدمات کی مؤثر مسل رائیٹنگ کے حوالے سے تفصیلی لیکچرز دیے۔

    ڈی ایس پی لیگل کلیم اللہ نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس ورکشاپ کا مقصد پولیس افسران کی استعداد کار میں بہتری لانا ہے تاکہ منشیات کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں کو قانونی تقاضوں کے مطابق منطقی انجام تک پہنچایا جا سکے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تفتیش کے دوران معمولی سی کوتاہی بھی ملزم کو فائدہ پہنچا سکتی ہے، اس لیے تمام تفتیشی افسران جدید خطوط پر تفتیش مکمل کریں تاکہ معاشرے کو ناسور کی طرح چاٹنے والے منشیات فروش کسی بھی رعایت کے مستحق نہ رہ سکیں۔ پولیس حکام کا کہنا تھا کہ ایسی ورکشاپس کے انعقاد سے نہ صرف تفتیش کا معیار بلند ہوگا بلکہ ضلع بھر میں منشیات کے خاتمے کے لیے جاری مہم کو بھی مزید تقویت ملے گی۔