Baaghi TV

Category: اوکاڑہ

  • ماہرِ فلکیات ہمایوں افضل کی 2026 کے بارے میں چونکا دینے والی پیش گوئیاں

    ماہرِ فلکیات ہمایوں افضل کی 2026 کے بارے میں چونکا دینے والی پیش گوئیاں

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ماہرِ فلکیات ہمایوں افضل نے سال 2026 کے حوالے سے پاکستان، بھارت اور عالمی صورتحال پر مبنی اہم اور چونکا دینے والی پیش گوئیاں جاری کر دی ہیں۔ ہمایوں افضل کے مطابق سال 2026 میں پاکستان اور بھارت سمیت بعض ممالک میں حکومتوں کی تبدیلی اور مارشل لا کے نفاذ کے امکانات موجود ہیں، جبکہ عوام اور حکومتوں کے درمیان فاصلے میں مزید اضافہ ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ غربت اور بے روزگاری کے باعث عوامی بے چینی بڑھے گی، جس کے نتیجے میں دنگا فساد، احتجاجی مظاہرے اور جلسے جلوس دیکھنے میں آ سکتے ہیں۔ ماہرِ فلکیات کے مطابق عالمی امن کی صورتحال بھی غیر مستحکم رہے گی، تاہم صدر ٹرمپ اور فیلڈ مارشل عاصم منیر مل کر عالمی امن کے قیام میں اہم کردار ادا کریں گے۔

    ہمایوں افضل نے پیش گوئی کی کہ مارچ اور اپریل 2026 سے پاکستان کی قسمت کا ستارہ چمکنا شروع ہوگا اور ملک کے معاشی و اقتصادی حالات میں نمایاں بہتری آئے گی۔ دوسری جانب بھارت میں علیحدگی پسند تنظیمیں زور پکڑیں گی، جس کے باعث مودی سرکار کی مشکلات میں اضافہ ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا کے نقشے پر ایک نیا ملک بھی ابھرنے کا امکان ہے، جبکہ قدرتی آفات اور مالی نقصانات کا خدشہ بھی موجود رہے گا۔ اسی دوران کسی اہم سیاسی شخصیت کی اچانک موت دنیا کو صدمے سے دوچار کر سکتی ہے۔

    ماہرِ فلکیات کے مطابق سال 2026 میں پہلا سورج گرہن 17 فروری بروز منگل، پہلا چاند گرہن 3 مارچ بروز منگل، دوسرا سورج گرہن 12 اگست بروز بدھ اور دوسرا چاند گرہن 28 اگست بروز جمعہ کو ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ اس سال یکم رمضان 19 فروری بروز جمعرات کو جبکہ یکم شوال 21 مارچ بروز ہفتہ کو ہونے کا امکان ہے، اور سال 2026 میں 30 روزے ہوں گے۔

    ہمایوں افضل کا کہنا تھا کہ آنے والا سال دنیا بھر کے لیے غیر معمولی تبدیلیوں اور بڑے واقعات کا حامل ہوگا، جس کے اثرات عالمی سیاست، معیشت اور امن و امان پر واضح طور پر مرتب ہوں گے۔

  • اوکاڑہ: ریسکیو 1122 کی 2025 کارکردگی رپورٹ جاری، ہزاروں جانیں بچا لیں

    اوکاڑہ: ریسکیو 1122 کی 2025 کارکردگی رپورٹ جاری، ہزاروں جانیں بچا لیں

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) دن ہو یا رات، آندھی ہو یا طوفان، حادثہ ہو یا سانحہ، زلزلہ ہو یا آگہر دم تیار کے ماٹو پر کام کرنے والے ادارے ریسکیو 1122 اوکاڑہ نے سال 2025 کی سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری کر دی۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ظفر اقبال نے رپورٹ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ سال 2025 کے دوران اوکاڑہ میں 45 ہزار 301 ایمرجنسیز پر مجموعی طور پر 47 ہزار 692 افراد کو ریسکیو سروسز فراہم کی گئیں۔

    رپورٹ کے مطابق ان ایمرجنسیز میں 7 ہزار 963 روڈ ٹریفک حادثات، 31 ہزار 992 میڈیکل ایمرجنسیز، 346 فائر ایمرجنسیز، 918 کرائم ایمرجنسیز، 5 پانی میں ڈوبنے کے واقعات اور 4 ہزار 43 دیگر نوعیت کی ایمرجنسیز شامل تھیں۔ ضلع بھر میں مجموعی طور پر 13 ہزار 729 روڈ ٹریفک حادثات پیش آئے جن میں 16 ہزار 235 افراد متاثر ہوئے، جبکہ 181 افراد موقع پر جان کی بازی ہار گئے۔ 7 ہزار 97 شدید زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔

    ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ظفر اقبال کی قیادت میں ریسکیو 1122 اوکاڑہ نے سپر فلڈ 2025 کے دوران بھی مثالی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ دریائے ستلج اور راوی میں سیلاب کی وارننگ ملنے پر 23 ہزار 446 افراد کو بروقت محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ ریسکیو آپریشن کے دوران 15 ہزار 991 افراد کو 3 ہزار 609 چھوٹے جانوروں سمیت کشتیوں کے ذریعے محفوظ مقامات تک پہنچایا گیا، جبکہ ریلیف آپریشن کے تحت 9 ہزار 496 افراد کو ٹرانسپورٹیشن کی سہولت بھی فراہم کی گئی۔

    ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ظفر اقبال نے ریسکیو اہلکاروں کی شبانہ روز محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ریسکیو 1122 اوکاڑہ نے ہر مشکل گھڑی میں عوام کی خدمت کو اپنی اولین ترجیح بنایا اور آئندہ بھی اسی جذبے کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھاتا رہے گا۔

  • اوکاڑہ : تجاوزات کے خلاف کارروائی، جرمانے عائد

    اوکاڑہ : تجاوزات کے خلاف کارروائی، جرمانے عائد

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر وسیم جاوید کی زیر نگرانی اوکاڑہ شہر میں تجاوزات کے خلاف بھرپور کارروائیاں کی گئیں۔ پیرافورس اور میونسپل کمیٹی کے اہلکاروں نے شہر کے مختلف مقامات پر انسدادِ تجاوزات مہم کے تحت چیکنگ کی، جس دوران خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں پر مجموعی طور پر ہزاروں روپے جرمانے عائد کیے گئے اور تجاوزات کا سامان قبضے میں لے لیا گیا۔

    کارروائی کے دوران متعدد دکانداروں کو 20 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔ اس موقع پر سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر وسیم جاوید نے کہا کہ تجاوزات کے ذریعے عوام کے لیے مشکلات پیدا کرنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز اور تسلسل کے ساتھ کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ دکانداروں کو ہر صورت مقررہ حدود میں رہنا ہوگا۔

    وسیم جاوید کا کہنا تھا کہ انسدادِ تجاوزات کے اقدامات نہ صرف شہری حسن کو بہتر بناتے ہیں بلکہ قانون کی بالادستی کو بھی مضبوط کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قانون سب کے لیے برابر ہے اور عوامی مقامات پر ناجائز قبضہ کسی صورت قابل قبول نہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ شہروں کو صاف، محفوظ اور خوبصورت بنانے کے لیے انتظامیہ کے ساتھ ساتھ شہریوں کا تعاون بھی ناگزیر ہے۔

  • اوکاڑہ پولیس کی 2025 کی کارکردگی، جرائم میں 62 فیصد کمی

    اوکاڑہ پولیس کی 2025 کی کارکردگی، جرائم میں 62 فیصد کمی

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ڈی پی او اوکاڑہ راشد ہدایت نے اوکاڑہ پولیس کی سال 2025 کی کارکردگی رپورٹ سوشل میڈیا کے ذریعے عوام کے ساتھ شیئر کر دی۔ رپورٹ کے مطابق سال 2025 اوکاڑہ پولیس کے لیے نمایاں کامیابیوں کا سال ثابت ہوا، جس دوران سنگین جرائم میں 62 فیصد تک واضح کمی ریکارڈ کی گئی اور امن و امان کی صورتحال میں خاطر خواہ بہتری آئی۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ 126 خطرناک جرائم پیشہ گینگز کا خاتمہ کرتے ہوئے 360 ملزمان کو قانون کے شکنجے میں لایا گیا، جبکہ گینگز سے 13 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا مسروقہ مال برآمد کیا گیا۔ سال بھر میں مجموعی طور پر 27 کروڑ روپے سے زائد مالِ مسروقہ شہریوں کے حوالے کیا گیا۔ اندھے قتل کے تمام مقدمات ٹریس کیے گئے اور کامیابی کی شرح 100 فیصد برقرار رہی۔

    اغواء برائے تاوان کے مقدمات میں بروقت کارروائی کے نتیجے میں مکمل کامیابی حاصل کی گئی۔ سال 2025 کے دوران 60 پولیس مقابلے ہوئے، جن میں 32 خطرناک ڈاکو ہلاک جبکہ 54 گرفتار کیے گئے۔ ریپ اور بچوں سے زیادتی کے مقدمات میں 98.2 فیصد شاندار کامیابی حاصل کی گئی۔

    اوکاڑہ پولیس نے 4558 اشتہاری مجرمان کو گرفتار کر کے قانون کی عملداری یقینی بنائی، جبکہ اسلحہ اور منشیات کے خلاف بلاامتیاز کارروائیوں میں ہزاروں ملزمان گرفتار کیے گئے۔ شہداء اور زخمی اہلکاروں کے خاندانوں کی فلاح کے لیے 14 ایم او یوز پر دستخط کیے گئے۔

    محکمانہ احتساب کے تحت 871 پولیس اہلکاروں کو سخت سزائیں دی گئیں تاکہ میرٹ اور نظم و ضبط کو یقینی بنایا جا سکے۔ عوامی مسائل کے حل کے لیے 452 کھلی کچہریاں منعقد ہوئیں اور عوامی شکایات کا 100 فیصد بروقت ازالہ کیا گیا۔

    ٹریفک آگاہی کے لیے ضلع اوکاڑہ میں ٹریفک تھیم پارک قائم کیا گیا، پولیس خدمت مراکز کے قیام سے عوامی سہولت میں اضافہ ہوا جبکہ سیف سٹی کیمروں کی تنصیب بھی عمل میں لائی گئی۔ قیمتی جانیں بچانے کے لیے پولیس تحفظ مرکز کے تحت 11 بلڈ ڈونیشن کیمپس منعقد کیے گئے، جن کے ذریعے 700 خون کے بیگز عطیہ کیے گئے۔

  • اوکاڑہ: بڑھتی آبادی کے اثرات اور عوامی شعور کے لیے "ایجوکیشنل فیملی میلہ” کا انعقاد

    اوکاڑہ: بڑھتی آبادی کے اثرات اور عوامی شعور کے لیے "ایجوکیشنل فیملی میلہ” کا انعقاد

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)محکمہ صحت و آبادی کے زیرِ اہتمام فاطمہ جناح پارک میں ایک روزہ ایجوکیشنل فیملی میلہ منعقد کیا گیا، جس کا مقصد تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کے سنگین سماجی و معاشی اثرات سے نمٹنے، عوامی شعور بیدار کرنے اور شہریوں کو صحت مند تفریح فراہم کرنا تھا۔ میلہ پنجاب فیملی پلاننگ پروگرام کے تحت منعقد کیا گیا، جس میں چھوٹے خاندان کی اہمیت اور صحت مند طرزِ زندگی کو فروغ دینے پر زور دیا گیا۔

    میلے کا باقاعدہ افتتاح اسسٹنٹ کمشنر فیصل شہزاد چیمہ نے کیا، جبکہ ضلعی آفیسر پاپولیشن ویلفیئر چوہدری عاصم ہدایت اور تحصیل پاپولیشن ویلفیئر آفیسر ارسلان اسحاق نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔ تقریب میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر یاسر سلیم، ایم ایس ٹی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر عادل رشید، ڈرماٹالوجسٹ ڈاکٹر ولید اسلم اور ڈسٹرکٹ ڈیموگرافر محمد بخش نے خصوصی شرکت کی۔ اس کے علاوہ سول سوسائٹی کے نمائندوں اور فیملیز کی بڑی تعداد بچوں سمیت شریک ہوئی۔

    میلے میں صحت مند ماؤں اور بچوں کے مقابلے، میوزیکل چیئر، رسہ کشی، جھومر، ملی نغمے اور قوالی نائٹ کا اہتمام کیا گیا، جس سے شرکاء خوب محظوظ ہوئے۔ پوسٹر ڈیزائننگ، کوئز پروگرامز، ہینڈی کرافٹس اور فوڈ سٹالز نے بھی میلے کی رونق کو دوبالا کیا۔

    اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر فیصل شہزاد چیمہ نے کہا کہ وسائل اور آبادی میں توازن برقرار رکھنا آنے والی نسلوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے ناگزیر ہے۔ ضلعی آفیسر پاپولیشن ویلفیئر چوہدری عاصم ہدایت نے کہا کہ بے ہنگم آبادی پر قابو پانے کے لیے ہر شہری کو اپنی ذمہ داری کا احساس کرنا ہوگا۔

    میلے کے اختتام پر نمایاں کارکردگی دکھانے والے شرکاء میں انعامات تقسیم کیے گئے جبکہ مہمانوں کو یادگاری شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔

  • اوکاڑہ: نیو ایئر نائٹ پر فول پروف سیکیورٹی پلان نافذ

    اوکاڑہ: نیو ایئر نائٹ پر فول پروف سیکیورٹی پلان نافذ

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)نیو ایئر نائٹ کے موقع پر اوکاڑہ پولیس نے فول پروف سیکیورٹی پلان جاری کر دیا ہے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اوکاڑہ محمد راشد ہدایت کی ہدایات پر مرتب کیے گئے اس جامع سیکیورٹی پلان کا مقصد شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور شہر میں امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانا ہے۔

    ڈی پی او محمد راشد ہدایت کا کہنا ہے کہ نیو ایئر نائٹ کے دوران ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ، ہلڑ بازی اور کسی بھی قسم کی قانون شکنی پر مکمل پابندی عائد ہو گی۔ خلاف ورزی کی صورت میں زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت فوری اور سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

    انہوں نے واضح کیا کہ خواتین اور شہریوں کو ہراساں کرنے والے عناصر کے خلاف بھی بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی اور ایسے افراد کو فوری طور پر گرفتار کر کے حوالات میں بند کیا جائے گا۔

    سیکیورٹی پلان کے تحت 900 سے زائد پولیس افسران اور اہلکار شہر بھر میں سیکیورٹی ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔ حساس مقامات، تفریحی علاقوں اور اہم شاہراہوں پر خصوصی ناکہ بندی، گشت اور نگرانی کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جا سکے۔

    ڈی پی او اوکاڑہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع پولیس ہیلپ لائن 15 پر دیں تاکہ نیو ایئر نائٹ کو پرامن اور خوشگوار بنایا جا سکے۔

  • اوکاڑہ:سرسید کیمپسز کا تعلیمی میدان میں بڑا کارنامہ، لاہور اور ساہیوال بورڈ میں نمایاں پوزیشنیں حاصل

    اوکاڑہ:سرسید کیمپسز کا تعلیمی میدان میں بڑا کارنامہ، لاہور اور ساہیوال بورڈ میں نمایاں پوزیشنیں حاصل

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)نجی اسکول سرسید کیمپسز نے ایک بار پھر شاندار تعلیمی ریکارڈ قائم کرتے ہوئے نمایاں کامیابیاں حاصل کر لی ہیں۔ سرسید کیمپس پتوکی کی ہونہار طالبہ آمنہ محبوب نے 555 میں سے 553 نمبر حاصل کر کے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن لاہور میں اول پوزیشن حاصل کی۔

    اسی طرح سرسید کیمپس حجرہ شاہ مقیم، ضلع اوکاڑہ کی طالبہ آمنہ عامر نے 555 میں سے 551 نمبر حاصل کر کے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ساہیوال میں دوم پوزیشن اپنے نام کی۔

    ان شاندار نتائج کے باعث سرسید کیمپس پتوکی نے ملک بھر میں اسکولز چین میں پہلا مقام حاصل کیا، جبکہ سرسید کیمپس حجرہ شاہ مقیم دوسرے نمبر پر رہا۔ تعلیمی و سماجی حلقوں نے ان کامیابیوں پر طلبہ، اساتذہ اور بالخصوص ڈائریکٹرز میاں محمد نوید اور میاں محمد مظہر کو دلی مبارکباد پیش کی۔

    مبارکباد دینے والوں کا کہنا تھا کہ سرسید کیمپسز میں معیاری تعلیم، نظم و ضبط اور اساتذہ کی انتھک محنت ہی ان شاندار نتائج کی بنیادی وجہ ہے، جبکہ طالبات کی کامیابی دیگر طلبہ کے لیے مشعلِ راہ ہے۔

  • اوکاڑہ: وزیراعلیٰ پنجاب کے فلیگ شپ پروگرام کا پانچواں مرحلہ، 80 خصوصی افراد میں معاون آلات تقسیم

    اوکاڑہ: وزیراعلیٰ پنجاب کے فلیگ شپ پروگرام کا پانچواں مرحلہ، 80 خصوصی افراد میں معاون آلات تقسیم

    اوکاڑہ (نامہ نگار: ملک ظفر)خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے فلیگ شپ پروگرام کے پانچویں مرحلے کے تحت سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام معاون آلات کی تقسیم کی ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی۔

    تقریب میں ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ احمد عثمان جاوید اور رکن پنجاب اسمبلی میاں محمد منیر نے 80 خصوصی افراد میں مختلف معاون آلات تقسیم کیے۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر محمد اشتیاق خان نے حکومتِ پنجاب کے خصوصی افراد کے لیے جاری عوامی فلاحی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔

    فلاحی پروگرام کے تحت خصوصی افراد میں الیکٹرک اور مینول وہیل چیئرز، آلہ سماعت، بیساکھیاں اور دیگر ضروری معاون آلات فراہم کیے گئے، جس پر خصوصی افراد اور ان کے اہلِ خانہ نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے دلی تشکر کا اظہار کیا۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے شاندار ویژن کے تحت ضلع بھر کے دور دراز علاقوں تک خصوصی افراد کو سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے سول سوسائٹی پر زور دیا کہ وہ خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کے لیے سرکاری محکموں کے شانہ بشانہ کردار ادا کرے۔

    ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ خصوصی افراد کی دیکھ بھال ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق ان کی سپورٹ کے لیے مزید عملی اقدامات بھی کیے جائیں گے۔

    اس موقع پر ایم پی اے میاں محمد منیر نے کہا کہ معاون آلات کی فراہمی سے خصوصی افراد کی روزمرہ زندگی میں نمایاں آسانی پیدا ہوگی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ فلاح و بہبود کے منصوبوں کے ذریعے خصوصی افراد کی بہتری کے لیے تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

  • اوکاڑہ: کمشنر ساہیوال کا کرسمس انتظامات کا جائزہ، سہولیات پر اطمینان

    اوکاڑہ: کمشنر ساہیوال کا کرسمس انتظامات کا جائزہ، سہولیات پر اطمینان

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے آر پی او رانا ایاز سلیم اور ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کے ہمراہ کرسمس کے انتظامات کے سلسلے میں اوکاڑہ کے کیتھولک چرچ کا دورہ کیا۔

    دورے کے دوران چرچ میں صفائی، بجلی، پانی اور سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ کمشنر ساہیوال نے کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کو بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایات دیں اور چرچ انتظامیہ سے ملاقات کے بعد انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

    کمشنر ساہیوال ڈاکٹر آصف طفیل اور آر پی او رانا ایاز سلیم نے کرسچن کمیونٹی کے ساتھ مل کر کرسمس کا کیک بھی کاٹا۔ اس موقع پر فول پروف سیکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کے احکامات جاری کیے گئے۔

    کمشنر نے کہا کہ کرسمس کی تقریبات کے دوران مسیحی برادری کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی اور اس ضمن میں کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ پبلک پارکس، قبرستانوں اور کرسچن کالونیوں میں بہترین میونسپل سروسز کی فراہمی کے لیے تمام ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

    انہوں نے واضح کیا کہ اقلیتی برادری کے مذہبی تہواروں پر مکمل احترام اور سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، جبکہ سیکیورٹی ادارے کرسمس کے موقع پر فول پروف سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنائیں گے۔ کمشنر ساہیوال نے ضلعی انتظامیہ کے موثر اقدامات کو سراہا۔

  • اوکاڑہ: سب انسپکٹر محمد یونس کے صاحبزادے فخر فرید کی قومی موٹ کورٹ مقابلوں میں تاریخی کامیابی

    اوکاڑہ: سب انسپکٹر محمد یونس کے صاحبزادے فخر فرید کی قومی موٹ کورٹ مقابلوں میں تاریخی کامیابی

    اوکاڑہ ( نامہ نگار ملک ظفر )سب انسپکٹر محمد یونس کے صاحبزادے فخر فرید نے قانون کے شعبے میں قومی سطح پر مسلسل دو فتوحات حاصل کر کے ضلع اوکاڑہ اور اپنے والدین کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے ہونہار طالب علم فخر فرید نے محض ایک ماہ کے دوران دو بڑے نیشنل موٹ کورٹ مقابلے جیت کر اپنی خداداد صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ تفصیلات کے مطابق، 14 نومبر 2025 کو آئی وی کالج آف لا کے زیر اہتمام منعقدہ "آل پاکستان نیشنل موٹ کورٹ مقابلے” میں ملک بھر سے آئی ہوئی 16 ٹیموں کو پچھاڑ کر انہوں نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ اس کے فوری بعد 30 نومبر 2025 کو "ایچ آر پی سی” کے سالانہ موٹ کورٹ مقابلے میں بھی انہوں نے اپنی جامعہ کی نمائندگی کرتے ہوئے سیمی فائنل میں پنجاب یونیورسٹی اور فائنل میں گلوبل لا کالج جیسی مضبوط ٹیموں کو شکست دے کر مسلسل دوسری قومی چیمپئن شپ اپنے نام کی۔

    فخر فرید کی اس غیر معمولی تعلیمی و پیشہ ورانہ کامیابی پر ڈی پی او اوکاڑہ محمد راشد ہدایت نے ان کی قابلیت کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں نقد انعام اور تعریفی اسناد (Appreciation Letter) سے نوازا ہے۔ پولیس افسر کے صاحبزادے کی یہ شاندار کارکردگی نوجوان نسل کے لیے ایک مشعلِ راہ قرار دی جا رہی ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ محنت اور لگن سے کسی بھی میدان میں کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔ اس تاریخی کامیابی پر عوامی اور سماجی حلقوں کی جانب سے سب انسپکٹر محمد یونس کو مبارکباد دینے کا سلسلہ جاری ہے اور ہونہار طالب علم کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا جا رہا ہے۔