Baaghi TV

Category: پشاور

  • نرس کی مبینہ خودکشی،عدالت کا قبر کشائی اور دوبارہ پوسٹ مارٹم کا حکم

    نرس کی مبینہ خودکشی،عدالت کا قبر کشائی اور دوبارہ پوسٹ مارٹم کا حکم

    بنوں کے مقامی اسپتال کی نرس کی مبینہ خودکشی کے معاملے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ مقامی عدالت نے نرس الفت کی موت کی وجوہات جاننے کے لیے قبر کشائی اور ازسرِنو پوسٹ مارٹم کا حکم جاری کر دیا ہے، جس سے کیس کی سمت میں نمایاں تبدیلی متوقع ہے۔

    عدالت نے اپنے حکم میں واضح کیا ہے کہ قبر کشائی 26 جون 2025 کو دوپہر 12 بجے کی جائے گی۔ اس عمل کے دوران سیکیورٹی کے سخت انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے ریجنل پولیس آفیسر بنوں ڈویژن کو خصوصی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔عدالت نے یہ بھی حکم دیا ہے کہ دوبارہ پوسٹ مارٹم ویمن اینڈ چلڈرن اسپتال کی تجربہ کار لیڈی ہیلتھ آفیسر کی زیر نگرانی کیا جائے گا تاکہ طبی تجزیے میں شفافیت اور مہارت برقرار رکھی جا سکے۔ مدعی وکیل سیف اللہ ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ انصاف کے تقاضے پورے کرنے کے لیے ازسرِنو طبی جانچ ناگزیر ہو چکی ہے، کیونکہ ابتدائی پوسٹ مارٹم کے دوران کئی اہم نکات نظر انداز کیے گئے تھے اور متعلقہ ڈاکٹر سے مکمل تفتیش نہیں کی گئی تھی۔عدالتی حکم میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ دوبارہ طبی معائنے کا مقصد حقیقت کو سامنے لانا اور متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کرنا ہے۔

    یاد رہے کہ نرس الفت کی مبینہ خودکشی کا واقعہ کچھ روز قبل اس وقت پیش آیا جب اس نے مبینہ طور پر زہریلی گولیاں کھا کر اپنی جان لے لی تھی۔ ابتدائی رپورٹس کے مطابق ہسپتال کے ایک ملازم پر الزام ہے کہ وہ نرس کو مسلسل ہراساں کر رہا تھا، جس سے دلبرداشتہ ہو کر نرس نے یہ انتہائی قدم اٹھایا۔

  • اپووا  اور چائنہ ونڈو،ثقافتی تبادلے اور باہمی تعاون کا نیا باب،رپورٹ:مدیحہ کنول

    اپووا اور چائنہ ونڈو،ثقافتی تبادلے اور باہمی تعاون کا نیا باب،رپورٹ:مدیحہ کنول

    پشاور: آل پاکستان رائٹرز ویلفیئر ایسوسی ایشن (اپووا) کے وفد نے حال ہی میں پشاور میں قائم "چائنہ ونڈو” کا خصوصی دورہ کیا۔ یہ دورہ اپووا کی کے پی کے جنرل سیکرٹری اور چائنہ ونڈو کی ڈائریکٹر ناز پروین کی خصوصی دعوت پر ترتیب دیا گیا۔

    چائنہ ونڈو، چین کی ثقافت، تاریخ اور طرز زندگی کو فروغ دینے کے لیے قائم کیا گیا ایک اہم پروجیکٹ ہے۔ یہاں چینی ثقافت سے متعلق ہر چیز، بشمول ان کی کرنسی، روایتی لباس، اور دیگر اشیاء کو نمائش کے لیے رکھا گیا ہے تاکہ زائرین چین کے بارے میں جامع معلومات حاصل کر سکیں۔اس مرکز میں چینی زبان کی کلاسز بھی منعقد کی جاتی ہیں تاکہ مقامی افراد چینی زبان سیکھ سکیں۔ اس دورے کے دوران یہ خوشخبری بھی سنائی گئی کہ اپووا کے تمام ممبران کو چائنہ ونڈو میں ساڑھے تین ماہ کا چینی زبان کا کورس بالکل مفت کروایا جائے گا۔

    اس کے علاوہ، چائنہ ونڈو میں اپووا کا ایک ضلعی آفس بھی قائم کیا گیا ہے، جو دونوں اداروں کے درمیان بڑھتے ہوئے تعاون اور ثقافتی تبادلے کو مزید فروغ دے گا۔ یہ اقدام اپووا کے ممبران کے لیے نئے مواقع فراہم کرے گا اور پاکستان اور چین کے درمیان عوامی سطح پر تعلقات کو مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔

    ڈائریکٹر چائینہ ونڈو ناز پروین کی طرف سے اپووا وفد کے اعزاز میں پر تکلف لنچ کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔

  • خیبرپختونخوا: بارش و آندھی سے حادثات، 6 افراد جاں بحق

    خیبرپختونخوا: بارش و آندھی سے حادثات، 6 افراد جاں بحق

    پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق خیبرپختونخوا میں گزشتہ تین روز کے دوران بارشوں اور تیز آندھی کے باعث مختلف حادثات میں 6 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہو گئے۔

    پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 20 جون سے جاری موسمی صورتحال کے دوران مانسہرہ، بونیر، دیر لوئر و اپر، ملاکنڈ، اور کوہستان کولائی پالس کے اضلاع متاثر ہوئے۔جاں بحق افراد میں 3 مرد، ایک خاتون اور 2 بچے شامل ہیں جبکہ زخمی ہونے والوں میں 3 مرد اور 2 خواتین شامل ہیں۔رپورٹ کے مطابق 7 مکانات کو نقصان پہنچا جن میں 5 جزوی طور پر اور 2 مکمل طور پر منہدم ہو چکے ہیں۔

    پی ڈی ایم اے نے متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو ہدایات جاری کی ہیں کہ متاثرہ علاقوں میں فوری امدادی کارروائیاں کی جائیں اور متاثرین کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے۔

    امریکی حملوں کے باوجود افزودہ یورینیم کا ذخیرہ محفوظ ہے،ایرانی مشیر

    روس، چین اور پاکستان کی مشرق وسطیٰ میں جنگ بندی کے لیے سلامتی کونسل میں قرارداد پیش

    برٹش ایئرویز کا قطر اور یو اے ای کے لیے پروازیں معطل کرنے کا فیصلہ

    تہران میں امریکی و اسرائیلی حملوں کے خلاف احتجاج، صدر مسعود پزشکیان کی شرکت

  • خیبرپختونخوا میں بجٹ بحران شدت اختیار کر گیا، اپوزیشن کا  ہنگامی اجلاس

    خیبرپختونخوا میں بجٹ بحران شدت اختیار کر گیا، اپوزیشن کا ہنگامی اجلاس

    خیبرپختونخوا میں بجٹ کا معاملہ سنگین ہو گیا ہے، جس پر اپوزیشن نے گورنر ہاؤس میں ہنگامی اجلاس بلا کر وزیراعلیٰ کے طرز عمل پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔

    اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباداللہ کی قیادت میں وفد نے گورنر فیصل کریم کنڈی سے ملاقات کی، جس میں صوبے کی سیاسی صورتحال اور بجٹ نہ پیش کیے جانے پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ڈاکٹر عباداللہ کا کہنا تھا کہ حکومت صوبے کے ساتھ کھلواڑ کر رہی ہے اور بجٹ پیش نہ کرنا ناقابل قبول ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ "ایک قیدی کی اجازت کے بغیر بجٹ پاس نہیں ہو سکتا”، ساتھ ہی انہوں نے سوال اٹھایا کہ وزیراعلیٰ نے جب بانی تحریک انصاف سے ملاقات کی تو بجٹ سے متعلق کوئی بات کیوں نہ کی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ اگر حکومت بجٹ پیش نہیں کرتی تو اپوزیشن کے پاس بھی اپنے لائحہ عمل کے لیے مختلف آپشنز موجود ہیں۔گورنر فیصل کریم کنڈی نے اپوزیشن کے خدشات کو درست قرار دیتے ہوئے کہا کہ "ایسا تاثر ابھر رہا ہے کہ صوبے کے فیصلے اڈیالہ جیل سے ہو رہے ہیں”۔ انہوں نے بتایا کہ اپوزیشن کا اگلا اجلاس دوبارہ گورنر ہاؤس میں ہوگا تاکہ آئندہ کے اقدامات پر مشاورت کی جا سکے۔

    اپوزیشن وفد نے اس بات پر زور دیا کہ وہ کسی بھی غیر آئینی قدم کا حصہ نہیں بنے گا اور مسائل کا حل آئینی طریقے سے نکالا جائے گا۔

    شہباز شریف اور امریکی وزیر خارجہ کا رابطہ، علاقائی امن اور باہمی تعاون پر گفتگو

  • لنڈی کوتل: شہید صحافی خلیل جبران آفریدی کی پہلی برسی، جوڈیشل انکوائری اور شہید پیکج کا مطالبہ

    لنڈی کوتل: شہید صحافی خلیل جبران آفریدی کی پہلی برسی، جوڈیشل انکوائری اور شہید پیکج کا مطالبہ

    لنڈی کوتل (باغی ٹی وی رپورٹ) صحافت کے ایک توانا اور نڈر کردار کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے لنڈی کوتل جرگہ ہال میں سینئر صحافی اور لنڈی کوتل پریس کلب کے سابق صدر خلیل جبران افریدی کی پہلی برسی عقیدت و احترام سے منائی گئی۔ یہ تقریب شہید خلیل افریدی فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام منعقد ہوئی، جس میں مقامی مشران، صحافی، سیاسی و سماجی تنظیموں کے رہنماؤں اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

    خلیل افریدی کو گزشتہ سال 17 جون 2023 کو عید کے دوسرے دن رات کے وقت اپنے گاؤں سلطان خیل میں نامعلوم مسلح افراد نے اس وقت فائرنگ کر کے شہید کر دیا تھا جب وہ ایک مقامی حجرے میں تقریب کے بعد واپس گھر جا رہے تھے۔
    مرحوم گزشتہ 15 برسوں سے صحافت کے میدان میں متحرک رہے اور خیبر نیوز کے لیے رپورٹنگ کے فرائض انجام دیتے رہے۔

    برسی کی تقریب میں ملک دریا خان افریدی، جماعت اسلامی کے رہنما مراد حسین افریدی، سینئر قبائلی صحافی قاضی فضل اللہ، کسٹمز ایجنٹ یونین کے صدر مجیب شینواری، پی ٹی آئی رہنما عبدالرزاق شینواری، فاؤنڈیشن کے صدر حاجی اقبال افریدی، تحصیل چئیرمین شاہ خالد شینواری اور ٹیچرز ایسوسی ایشن کے صدر حاجی غفار شینواری سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی اور تقاریر کیں۔

    مقررین نے کہا کہ خلیل افریدی صرف ایک صحافی نہیں بلکہ ایک باشعور استاد، درد دل رکھنے والے سوشل ورکر اور قبائلی عوام کی آواز تھے۔ ان کی شہادت صرف ایک فرد کا نقصان نہیں، بلکہ صحافت، سماجی شعور اور قبائلی تشخص پر ایک حملہ ہے۔ انہوں نے خلیل افریدی کو صحافت کے محاذ پر ایک توانا آواز قرار دیا جو ہمیشہ امن، ترقی اور قبائلی عوام کے حقوق کے لیے سرگرم رہے۔

    تقریب کے مقررین نے زور دیا کہ خلیل جبران افریدی کے قتل کی شفاف جوڈیشل انکوائری کی جائے تاکہ قاتلوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔
    ساتھ ہی صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ مرحوم کے لیے شہید پیکج کا اعلان کیا جائے اور ان کے بچوں کو تعلیمی و مالی معاونت فراہم کی جائے۔

    یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ 2000 سے 2024 تک قبائلی اضلاع میں 18 صحافیوں کو نامعلوم افراد نے قتل کیا، جبکہ صحافتی تنظیموں کے مطابق پاکستان میں اب تک 71 صحافی شہید ہو چکے ہیں، جو ایک تشویشناک قومی المیہ ہے۔

    مقررین نے عہد کیا کہ خلیل جبران افریدی کا مشن جاری رکھا جائے گا اور ان کی آواز کو کبھی خاموش نہیں ہونے دیا جائے گا۔

  • چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی پشاور ہائیکورٹ بار آمد،بار ایسوسی ایشن کی نئی کابینہ کو مبارکباد

    چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی پشاور ہائیکورٹ بار آمد،بار ایسوسی ایشن کی نئی کابینہ کو مبارکباد

    سپریم کورٹ کے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے پشاور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کی نئی کابینہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بار اور بینچ کو الگ نہیں کیا جا سکتا، دونوں ادارے انصاف کے یکساں ستون ہیں۔

    چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ ہمارے ہاں ہمیشہ سے اچھے وکلاء رہے ہیں جنہوں نے راہنمائی کا کردار ادا کیا انہوں نے عبدالطیف آفریدی، بیرسٹر ظہور الحق سمیت دیگر سینئر وکلا کو خراج عقیدت پیش کیا اور بتایا کہ وکلا اور ججز کو سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات جاری ہیں انہوں نے ماتحت عدلیہ کو درپیش مسائل کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ عوام کو انصاف فراہم کرنا ان کی اولین ترجیح ہے،خطاب سے قبل انہوں نے تمام چینلز کے مائیک ہٹا دیے-

    انہوں نے کہا کہ ہمارا ہر اقدام قانون کی حکمرانی کے لیے ہوگا آپ اپنے بڑوں کو بھولیں نہیں، نوجوانوں کو اپنے بڑوں کو فالو کرنا ہوگا نوجوانوں کو آگے آنے کی ضرورت ہےترقیاتی منصوبوں کو سپورٹ کریں بار ایسوسی ایشن اس کی حمایت کریں، اس کا فائدہ سب کو ہوگا انہوں نے کہا کہ پشاور میں کچہری کمپلیکس بنا رہے ہیں۔

    چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی پشاور ہائیکورٹ بار آمد،بار ایسوسی ایشن کی نئی کابینہ کو مبارکباد

    اس موقع پر پشاور ہائیکورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے بھی بار سے خطاب کیا انہوں نے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی تقریب میں شرکت کو قابل ستائش قرار دیا اور کہا کہ ہمیں جدید سہولیات سے فائدہ اٹھانا ہوگا کیونکہ یہ وقت کی اہم ضرورت ہے انہوں نے زور دیا کہ قانون کی حکمرانی کے قیام کے لیے ہر ممکن کوشش کرنا ہوگی۔

    ججوں کا فرض ہے اپنی صفوں میں طاقت کے سامنے ہتھیار ڈالنے والوں کی نشاندہی کریں،جسٹس منصور علی شاہ

    قائم مقام چیف جسٹس نے انکشاف کیا کہ اس وقت صوبے کی ماتحت عدلیہ میں دو لاکھ 36 ہزار سے زائد مقدمات زیر التوا ہیں جن میں فیملی کورٹس کے مقدما ت کی بڑی تعداد شامل ہے تمام بار ایسوسی ایشنز کو ان مقدمات کے جلد فیصلے میں تعاون کرنا چاہیے بار اور عدلیہ کو انصاف کی فراہمی میں مشترکہ کردار ادا کرنا ہوگا جوڈیشل اکیڈمی میں جونیئر وکلاء کی تربیت جاری ہے اور ریگی للمہ میں 150 کنال پر نئی جوڈیشل اکیڈمی قائم کی جائے گی ساتھ ہی انہوں نے صوبے میں جوڈیشل کمپلیکسز کی سولرائزیشن کا منصوبہ بھی متعارف کرایا۔

    اسلاموفوبیا نفرت انگیز رویوں کی سب سے خطرناک شکل ہے،مریم نواز

  • لنڈی کوتل: عوام اور افسران آمنے سامنے، مسائل کے فوری حل کی یقین دہانی

    لنڈی کوتل: عوام اور افسران آمنے سامنے، مسائل کے فوری حل کی یقین دہانی

    لنڈی کوتل (باغی ٹی وی)تحصیل لنڈی کوتل کے جرگہ ہال میں ایک اہم کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا جس میں ضلع خیبر کے اعلیٰ حکام، بشمول کمانڈنٹ خیبر رائفلز، ڈپٹی کمشنر خیبر، ڈی پی او خیبر اور تمام سرکاری اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اس موقع پر علاقہ عمائدین، مشران، بلدیاتی نمائندگان اور شہریوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

    کھلی کچہری کا مقصد عوامی مسائل براہِ راست سننا اور ان کے فوری حل کے لیے عملی اقدامات کرنا تھا۔ شہریوں نے بجلی، پانی، صحت، تعلیم، سڑکوں، منشیات، سرکاری دفاتر میں مسائل اور دیگر معاملات پر تفصیل سے گفتگو کی۔ ہر فرد کو موقع دیا گیا کہ وہ اپنے علاقے کے مسائل سے متعلقہ افسران کے سامنے براہِ راست شکایات اور تجاویز پیش کرے۔

    ڈپٹی کمشنر خیبر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "کھلی کچہری کا مقصد صرف سننا نہیں بلکہ مسائل کا دیرپا حل تلاش کرنا ہے۔” انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ تمام شکایات کو متعلقہ محکموں کو بھیجا جائے گا اور ان پر باقاعدہ کارروائی ہو گی۔

    اس موقع پر عوامی نمائندوں نے کمانڈنٹ خیبر رائفلز اور ڈپٹی کمشنر خیبر کا خصوصی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے تمام اداروں کے افسران کو ایک ہی جگہ پر لا کر عوام کو اپنے مسائل براہِ راست بیان کرنے کا موقع دیا۔ شرکاء نے اس اقدام کو "قابلِ قدر اور مثبت پیش رفت” قرار دیا۔

    کھلی کچہری کے اختتام پر عوام کی بڑی تعداد نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ اس طرح کے عوامی رابطہ اجلاس تسلسل سے منعقد کیے جائیں تاکہ سرکاری ادارے عوام کی دہلیز پر جوابدہ ہوں اور حقیقی مسائل کے حل کی راہ ہموار ہو۔

  • لنڈی کوتل: KITE کے 3 ہنر مند نوجوان HONDA میں سلیکٹ، پسماندہ علاقے کی بڑی کامیابی

    لنڈی کوتل: KITE کے 3 ہنر مند نوجوان HONDA میں سلیکٹ، پسماندہ علاقے کی بڑی کامیابی

    لنڈی کوتل (باغی ٹی وی)خیبر انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن (KITE) لنڈی کوتل کے لیے ایک قابلِ فخر لمحہ اُس وقت آیا جب موٹر سائیکل مکینک کورس کے تین ہونہار طلبا محمد آصف، حضرت عمر اور بلال خان کو پاکستان کی مشہور کمپنی HONDA پاکستان لمیٹڈ میں منتخب کر لیا گیا۔ یہ کامیابی نہ صرف KITE بلکہ پورے لنڈی کوتل کے لیے ایک بڑا اعزاز تصور کی جا رہی ہے۔

    طلبا کی سلیکشن پر کمانڈنٹ خیبر رائفلز بریگیڈیئر عاصم عزیز کیانی، آفیسر انچارج/پرنسپل واجد علی خان (CSP)، ایڈمن میجر دانیال الطاف گوندل اور ادارے کے تمام اسٹاف نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے خصوصی مبارکباد پیش کی۔

    منتحب ہونے والے طلبا نے اپنی کامیابی کا سہرا KITE کی بہترین تربیت، محنتی انتظامیہ، اور اعلیٰ تدریسی معیار کو دیا اور کہا کہ یہ ادارہ لنڈی کوتل کی نوجوان نسل کے لیے ایک گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے دیگر نوجوانوں کو بھی KITE سے فائدہ اٹھانے کی ترغیب دیتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ علاقے میں معاشی ترقی، ہنر مندی، اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کر رہا ہے۔

    KITE کی اس کامیابی کو علاقائی سطح پر ایک بڑی پیش رفت اور ہنر کی بنیاد پر ترقی کی علامت قرار دیا جا رہا ہے، جو فاٹا انضمام کے بعد سرحدی علاقوں میں تعلیم و تربیت کی نئی راہیں ہموار کر رہا ہے۔

  • 3 بچوں کو زیادتی کے بعد قتل کرنے والے مجرم کو 3 بار سزائے موت اور 3 بار عمر قید کی سزا

    3 بچوں کو زیادتی کے بعد قتل کرنے والے مجرم کو 3 بار سزائے موت اور 3 بار عمر قید کی سزا

    چائلڈ پروٹیکشن کورٹ پشاور نے 3 بچوں کو زیادتی کے بعد قتل کرنے والے مجرم کو 3 بار سزائے موت اور 3 بار عمر قید کی سزا سنادی۔

    3 بچوں کو زیادتی کے بعد قتل کرنے کے کیسز میں نامزد ملزم کی مقدمے کی سماعت چائلڈ پروٹیکشن کورٹ میں ہوئی، عدالت نے ملزم سہیل کو جرم ثابت ہونے تین بار سزائے موت سنادی،عدالت نے ملزم کو تین بار عمر قید کی سزا بھی سنا دی، عدالت ملزم کو مجموعی طور پر 27 لاکھ روپے جرمانہ بھی کردیا۔

    پبلک پراسیکوٹر عارف بلال نے کہا کہ ملزم سہیل عرف ملنگے نے پشاور کے مختلف تین جگہوں پر بچوں کے ساتھ ریپ کیا تھا، ملزم نے ریپ کے بعد تینوں بچوں کو قتل بھی کیا تھا، واقعات 17 جولائی 2022 کو پیش آئے تھے –

    ملزم کے خلاف تھانہ شرقی ، تھانہ غربی اور تھانہ گلبرگ میں مقدمات درج کیے گئے تھے، ملزم نے علاقہ مجسٹریٹ کے سامنے اقبال جرم بھی کیا تھا، ملزم کے خلاف ٹھوس شواہد موجود ہیں، سزا کا مستحق ہے،عدالت نے جرم ثابت ہونے پر ملزم کو تین بار سزائے موت اور تین بار عمر قید کی سزا سنادی۔

    ائیر انڈیا کے بوئنگ ڈریم لائن طیاروں میں مزید تکنیکی خرابی کے واقعات

    ایران اسرائیل جنگ کے دوران پاکستان مخالف فیک نیوز پروپیگنڈےکے اصل حقائق

    اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا شرح سود کو 11 فیصد پر برقرار رکھنے کا فیصلہ

  • باجوڑ میں وزیراعظم کے معاون خصوصی  کے گھر پر راکٹ حملہ

    باجوڑ میں وزیراعظم کے معاون خصوصی کے گھر پر راکٹ حملہ

    باجوڑ: قومی اسمبلی کے رکن اور وزیراعظم کے معاون خصوصی مبارک زیب خان کے گھر پر راکٹ حملہ کیا گیا ہے۔

    پولیس اور مقامی حکام کے مطابق اس حملے میں جانی نقصان نہیں ہوا تاہم گھر کے مین گیٹ کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔ڈی پی او باجوڑ نے میڈیا کو بتایا کہ رات کے اوقات میں نامعلوم افراد نے رکن قومی اسمبلی مبارک زیب خان کے گھر پر راکٹ داغا، جس کے باعث گھر کے بیرونی دروازے کو نقصان پہنچا۔ تاہم خوش قسمتی سے اس حملے میں نہ تو کوئی زخمی ہوا اور نہ ہی کسی قسم کا جانی نقصان ہوا۔پولیس نے فوری طور پر واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور علاقے میں سرچ آپریشن کا بھی آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ حملہ آوروں کو جلد از جلد گرفتار کیا جا سکے۔

    مبارک زیب خان این اے 8 باجوڑ سے آزاد حیثیت میں 2024 کے عام انتخابات میں منتخب ہوئے تھے۔ بعد ازاں وزیراعظم شہباز شریف نے انہیں معاون خصوصی برائے قومی امور مقرر کیا تھا۔ ان کی سیاسی سرگرمیاں باجوڑ اور خیبر پختونخوا میں خاصی اہمیت کی حامل ہیں۔پولیس اور دیگر متعلقہ ادارے واقعے کی مکمل چھان بین کر رہے ہیں اور عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس حوالے سے کسی قسم کی افواہوں سے گریز کریں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو تحقیقات میں تعاون فراہم کریں۔