Baaghi TV

Category: کوئٹہ

  • بلوچستان سے سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سامان کی بڑی کھیپ روانہ

    بلوچستان سے سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سامان کی بڑی کھیپ روانہ

    کوئٹہ:حکومت بلوچستان نے سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سامان کی ایک بڑی کھیپ روانہ کردی ہے-

    ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند اور ڈی جی پی ڈی ایم اے جہانزیب خان نے امدادی سامان کی روانگی کی تصدیق کی ہےبلوچستان حکومت کی جانب سے 1500 گلگت بلتستان اور 1000 خیبر پختونخوا کے متاثرہ خاندانوں کے لیے امدادی سامان بھیجا گیا۔

    وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایت پر یہ سامان فوری طور پر متاثرہ علاقوں تک پہنچایا گیا تاکہ متاثرین کی ضروریات پوری کی جا سکیں،امدادی سامان میں نان فوڈ آئٹمز جیسے خیمے، کمبل، پانی کی بوتلیں، اور دیگر ضروری اشیاء شامل ہیں۔

    شاہد رند نے کہا کہ بلوچستان حکومت مشکل کی اس گھڑی میں گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور سیلاب متاثرین کی مدد کرنا بلوچستان حکومت کی انسانی ہمدردی اور یکجہتی کا عملی اظہار ہے، امدادی سامان متاثرہ خاندانوں کی فوری ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے اعلیٰ معیار کا ہے۔

    جہانزیب خان نے کہا کہ بلوچستان حکومت نے متاثرین کے لیے معیاری اور جانچ شدہ ریلیف سامان بھیجا ہے تاکہ اس کی افادیت اور معیار یقینی بنایا جا سکے،انہوں نے کہا کہ امدادی کھیپ میں شامل اشیاء متاثرہ خاندانوں کی ضروریات کے مطابق منتخب کی گئی ہیں۔

    ادھربارشوں اور فلش فلڈ سے خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں نقصانات کی رپورٹ جاری کردی گئی ہے جس کے مطابق مختلف حادثات میں 323 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں اس کے علاوہ 156افراد زخمی بھی ہوئے۔

    پی ڈی ایم اے خیبر پختونخوا کے مطابق جاں بحق افراد میں 273 مرد، 29 خواتین اور 21 بچے شامل ہیں،زخمیوں میں 123 مرد، 23 خواتین اور 10 بچے شامل ہیں،بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث مجموعی طور پر 336 گھر وں کو نقصان پہنچا،230گھروں کو جزوی اور 106 گھر مکمل منہدم ہوئے،ضلع بونیر میں اب تک مجموعی طور پر 209 افراد جاں بحق ہوئے۔

    حادثات سوات، بونیر ، باجوڑ، تورغر، مانسہرہ، شانگلہ اور بٹگرام میں پیش آئے،آج سے 19اگست کے دوران شدید بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے،بارشوں کا موجودہ سلسلہ 21 اگست تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے، متاثرہ اضلاع کو 89 ٹرکوں پر مشتمل امدادی سامان کی فراہمی مکمل ہوچکی ہے ،متاثرہ اضلاع کی ضلعی انتظامیہ کو اب تک امدادی فنڈ کی مد میں 800 ملین روپے جاری ہوئے۔

    سب سے زیادہ متاثرہ ضلع بونیر کی انتظامیہ کو بھی 500 ملین روپے امدادی فنڈ جاری کئے گئے ہیں،متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ کو امدادی سرگرمیاں تیز کرنے اور متاثرین کو فوری معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے،پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے،موسمی صورتحال سے آگاہی اور معلومات کیلئےفری ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کریں۔

  • جشن آزادی پر حملے کا منصوبہ ناکام ،یونیورسٹی پروفیسر سمیت 3 دہشت گرد گرفتار

    جشن آزادی پر حملے کا منصوبہ ناکام ،یونیورسٹی پروفیسر سمیت 3 دہشت گرد گرفتار

    قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کوئٹہ ریلوے اسٹیشن خود کش حملے کے سہولت کار کی نشاندہی پر کارروائی کرتے ہوئے بیوٹیمز یونیورسٹی کے پی ایچ ڈی پروفیسر سمیت فتنہ الہندوستان کے 3 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔

    گرفتار ملزمان نے جشن آزادی کی تقریبات میں خود کش حملے اور بم دھماکے کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق جولائی کے آخری ہفتے میں خفیہ اطلاع ملی تھی کہ کالعدم تنظیم فتنہ الہندوستان کے دہشت گرد صوبے کے مختلف اضلاع میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں، جس پر حکمت عملی بنا کر کارروائیاں شروع کی گئیں۔11 اگست کو کوئٹہ سے گرفتار ہونے والے ایک خود کش بمبار نے ابتدائی تفتیش میں انکشاف کیا کہ اسے بیوٹیمز یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر عثمان قاضی نے تیار کیا تھا۔ اس کی نشاندہی پر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے افنان ٹاؤن سے پروفیسر کو گرفتار کر لیا، جبکہ مزید ایک اور بمبار بھی حراست میں لے لیا گیا۔

    تفتیش کے دوران گرفتار بمبار نے اعتراف کیا کہ وہ فتنہ الہندوستان کی کالعدم تنظیم بی ایل اے کے مجید بریگیڈ کے لیے کام کرتا ہے اور نوجوانوں کو خود کش حملوں کے لیے تیار کرتا ہے۔ذرائع کے مطابق ماسٹر مائنڈ نے یہ بھی انکشاف کیا کہ اس نے 9 نومبر 2024 کو کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر ہونے والے خود کش حملے میں سہولت کاری کی تھی اور یوم آزادی کی تقریبات سمیت کوئٹہ و دیگر شہروں پر مزید حملوں کے لیے بمبار تیار کر رکھے تھے۔

    سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشت گردوں سے مزید تحقیقات جاری ہیں جن سے مزید اہم انکشافات اور گرفتاریاں متوقع ہیں۔

    حماس نے اسرائیلی منصوبے کو مسترد ، خیمہ بستیوں کو "نسلی کشی کی مہم” قرار دے دیا

    روس سے مذاکرات میں بڑی پیشرفت ہوئی ہے: ڈونلڈ ٹرمپ

    بھارت بدمعاش ریاست، عالمی امن کے لیے مستقل خطرہ ہے،حنا ربانی کھر

    اسحاق ڈار اور ازبک ہم منصب کا ٹیلیفونک رابطہ

  • کوئٹہ،مضر صحت آئسکریم کھانے سے 20 سے زائد بچے بیمار

    کوئٹہ،مضر صحت آئسکریم کھانے سے 20 سے زائد بچے بیمار

    کوئٹہ کے علاقے سریاب میں مضر صحت اور مشتبہ آئسکریم کھانے سے 20 سے زائد بچوں کی حالت غیر ہوگئی، جنہیں فوری طور پر سول اسپتال کوئٹہ منتقل کیا گیا ہے۔

    سول اسپتال کوئٹہ کے ایم ایس ڈاکٹر عبدالہادی نے بتایا کہ سریاب کے مختلف علاقوں بشمول کیچی بیگ، قمبرانی روڈ اور بشیر چوک سے 20 سے زائد بچے بے ہوشی کی حالت میں اسپتال لائے گئے۔ ابتدائی طبی معائنہ میں یہ بات سامنے آئی کہ متاثرہ بچوں نے ایک ایسی آئسکریم کھائی تھی جو مبینہ طور پر مضر صحت اور غیر معیاری تھی۔

    ڈاکٹر عبدالہادی نے کہا کہ ابتدائی طبی امداد کے بعد 8 بچوں کو اسپتال سے فارغ کر دیا گیا ہے جبکہ 12 بچوں کو ابھی بھی اسپتال میں نگہداشت میں رکھا گیا ہے۔ تاہم، انہوں نے واضح کیا کہ اب تک کسی بچے کی حالت تشویشناک نہیں ہے اور تمام مریضوں کی صحت بہتر ہو رہی ہے۔دوسری جانب، مقامی پولیس نے والدین کی شکایات کی بنیاد پر فوراً کارروائی شروع کر دی ہے اور آئسکریم فروخت کرنے والے ملزم کی تلاش جاری ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مضر صحت آئسکریم کی فروخت روکنے اور ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں گے تاکہ ایسے واقعات کی دوبارہ روک تھام ممکن ہو سکے۔

  • چہلم شہدائے کربلا،کوئٹہ  میں موبائل فون سروس معطل رکھنے کا فیصلہ

    چہلم شہدائے کربلا،کوئٹہ میں موبائل فون سروس معطل رکھنے کا فیصلہ

    حکومت بلوچستان نے کل چہلم شہدائے کربلا کے موقع پر کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں موبائل فون سروس معطل رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق محکمہ داخلہ بلوچستان نے وفاقی سیکرٹری کو اس سلسلے میں مراسلہ بھیج دیا ہے۔مراسلے میں کوئٹہ کے قائد آباد، بروری اور گوالمنڈی تھانوں کی حدود میں موبائل سروس بند رکھنے کی سفارش کی گئی ہے۔محکمہ داخلہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد چہلم شہدائے کربلا کے موقع پر امن و امان کو یقینی بنانا ہے۔

    نئی دہلی اور بیروت میں پاکستان کی 78 ویں یومِ آزادی کی تقاریب

    شمالی اور پہاڑی علاقوں میں شدید بارشوں اور کلاؤڈ برسٹ سے تباہی

  • کوئٹہ میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکا، پولیس موبائل محفوظ

    کوئٹہ میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکا، پولیس موبائل محفوظ

    کوئٹہ کے علاقے سریاب لنک بادینی روڈ پر پولیس موبائل کو نشانہ بنانے کی کوشش ناکام ہوگئی۔

    ریموٹ کنٹرول بم دھماکے سے ایک شہری کی گاڑی کو نقصان پہنچا تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔پولیس کے مطابق دھماکا اس وقت ہوا جب تھانہ عبدالخالق شہید کا عملہ معمول کے گشت پر تھا۔ بم سڑک کے ڈی وائیڈر میں نصب تھا اور اسے ڈیڑھ کلو دھماکا خیز مواد اور بال بیرنگ کے ساتھ ریموٹ کنٹرول کے ذریعے اڑایا گیا۔

    دھماکے کی اطلاع پر بم ڈسپوزل اسکواڈ، سی ٹی ڈی، پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا، جبکہ شہر بھر میں سیکیورٹی مزید سخت کرتے ہوئے گشت بڑھا دیا گیا۔

    خیبر پختونخوا کابینہ کا باجوڑ کے متاثرین کے لیے امدادی پیکیج کا اعلان

    شاہ محمود قریشی بانی کی ہدایات کے برعکس کچھ نہیں کریں گے، سلمان اکرم راجا

    باغی ٹی وی اور اپووا کا تحریری مقابلہ”شان پاکستان”نتائج کا اعلان

  • بی ایل اے اور مجید بریگیڈ کو دہشت گرد قرار، سرفراز بگٹی کا  فیصلے کا خیرمقدم

    بی ایل اے اور مجید بریگیڈ کو دہشت گرد قرار، سرفراز بگٹی کا فیصلے کا خیرمقدم

    وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے امریکی انتظامیہ کی جانب سے کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) اور مجید بریگیڈ کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی حکومت اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاکستان کا مؤقف مؤثر انداز میں پیش کیا۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے بیان میں سرفراز بگٹی نے کہا کہ کالعدم بی ایل اے اور مجید بریگیڈ طویل عرصے سے نسلی و لسانی حقوق کے جھوٹے پردے تلے معصوم شہریوں کا قتل عام کر رہے تھے۔ انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردی کسی بھی صورت قابلِ قبول نہیں اور کوئی بھی مقصد بے گناہ شہریوں کے قتل کو جائز نہیں ٹھہرا سکتا۔وزیر اعلیٰ بلوچستان نے عالمی برادری پر زور دیا کہ دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے متحد ہوکر اقدامات کیے جائیں۔

    ادھر وزیر مملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چوہدری نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کامیابی حاصل کر رہا ہے اور امریکی فیصلہ پاکستان کی کامیاب سفارت کاری کا ثمر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جلد کالعدم تنظیموں کے سہولت کار بھی دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کیے جائیں گے۔

    واضح رہے کہ امریکی محکمہ خارجہ نے حال ہی میں کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) اور اس کے ذیلی گروپ مجید بریگیڈ کو غیر ملکی دہشت گرد تنظیم قرار دیا ہے۔

    امریکہ نے بی ایل اے اور مجید بریگیڈ دہشتگرد قرار دے دیا

    غزہ، انس الشریف اور چار صحافیوں کی شہادت، عالمی برادری کی مذمت

    امریکی صدر ٹرمپ سے ملاقات، انٹیل سی ای او ٰ کی استعفیٰ ٹالنے کی کوشش

    قومی اسمبلی،اقلیتوں کے قومی دن پر قرارداد متفقہ طور پر منظور

  • کوئٹہ قتل کیس: سردار  کی ضمانت مسترد، مقتولہ کی والدہ رہا

    کوئٹہ قتل کیس: سردار کی ضمانت مسترد، مقتولہ کی والدہ رہا

    کوئٹہ میں خاتون اور مرد کے قتل کے ڈیگاری کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔

    عدالت نے جرگے کے سربراہ اور مرکزی ملزم سردار شیرباز ساتکزئی کی درخواست ضمانت مسترد کر دی، جبکہ مقتولہ بانو بی بی کی والدہ گل جان بی بی کی ضمانت منظور کرتے ہوئے رہائی کا حکم دے دیا۔ ایڈیشنل سیشن جج کوئٹہ نے کیس کی سماعت کے دوران سیریس کرائم انویسٹی گیشن ونگ کا جمع کروایا گیا چالان بھی ملاحظہ کیا۔

    سردار شیرباز ساتکزئی اور گل جان بی بی نے ایڈیشنل سیشن جج 10 کی عدالت میں ضمانت کی درخواستیں دائر کی تھیں، تاہم ریلیف صرف گل جان بی بی کو ملا، جبکہ سردار شیرباز کی درخواست مسترد کر دی گئی۔

    پاکستان ذمہ دار ایٹمی ملک،بھارتی بیان مسترد

    حیدر علی پر زیادتی کے الزام میں نئے حقائق سامنے آگئے

    شرجیل میمن کا ڈمپر جلانے والوں کے خلاف کارروائی کا اعلان

  • کوئٹہ سے اندرون ملک جانے والی ٹرین سروس سکیورٹی وجوہات کی بنا پر معطل

    کوئٹہ سے اندرون ملک جانے والی ٹرین سروس سکیورٹی وجوہات کی بنا پر معطل

    کوئٹہ سے اندرون ملک جانے والی اہم ٹرین سروسز کو سکیورٹی وجوہات کی بناء پر معطل کر دیا گیا ہے۔

    آج کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس اور کراچی جانے والی بولان میل دونوں ٹرینیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ اسی طرح، پشاور سے کوئٹہ آنے والی جعفر ایکسپریس اور کراچی سے آنے والی بولان میل بھی معطل کر دی گئی ہیں۔ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ کوئٹہ سے پشاور کے لیے جعفر ایکسپریس کل منگل کو معمول کے مطابق روانہ ہوگی، تاہم فی الحال حفاظتی وجوہات کی بنا پر تمام اندرون ملک ٹرین خدمات کو معطل کیا گیا ہے تاکہ مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔

    یہ فیصلہ اس واقعے کے بعد کیا گیا ہے جب گزشتہ روز مستونگ کے قریب ریلوے ٹریک پر دھماکے کے نتیجے میں جعفر ایکسپریس کی چھ بوگیاں ٹریک سے اتر گئیں۔ خوش قسمتی سے اس دھماکے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم اس واقعے نے ریلوے سیکورٹی کو سنجیدہ چیلنجز کا سامنا کر دیا ہے۔ریلوے حکام اور سکیورٹی ادارے اس واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں اور متعلقہ علاقے میں سیکورٹی سخت کر دی گئی ہے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کی جا سکے۔مزید یہ کہ، مسافروں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ ٹرین سروس کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے ریلوے کی جاری کردہ معلومات سے باخبر رہیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

  • زیارت میں مسلح افراد کا حملہ، اسسٹنٹ کمشنر  بیٹے سمیت اغوا

    زیارت میں مسلح افراد کا حملہ، اسسٹنٹ کمشنر بیٹے سمیت اغوا

    زیارت کے سیاحتی مقام زیزری میں مسلح افراد نے اسسٹنٹ کمشنر افضل باقی کو ان کے کمسن بیٹے سمیت اغوا کرلیا، جبکہ سرکاری گاڑی کو آگ لگا دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب مسلح افراد نے اسسٹنٹ کمشنر کو بیٹے، ڈرائیور اور گن مینوں سمیت زبردستی گاڑی سے اتارا۔ لیویز ذرائع کے مطابق اغوا کار اسسٹنٹ کمشنر اور ان کے بیٹے کو اپنے ساتھ لے گئے، جبکہ گن مینوں اور ڈرائیور کو کچھ فاصلے پر بحفاظت چھوڑ دیا گیا۔واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز اور مقامی انتظامیہ نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔

    ایران کا حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے کے فیصلے کی مخالفت کا اعلان

    اسد قیصر کی جنرل باجوہ کو ایکسٹینشن دینے کے فیصلے پر قوم سے معذرت

    یوم آزادی پر مری میں سیکشن 144 نافذ

  • مستونگ :ٹریک پر دھماکا، جعفر ایکسپریس کی 6 بوگیاں  پٹری سے اتر گئیں

    مستونگ :ٹریک پر دھماکا، جعفر ایکسپریس کی 6 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں

    کوئٹہ: مستونگ کے قریب ریلوے ٹریک پر دھماکے کے نتیجے میں جعفر ایکسپریس کی 6 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں،جبکہرحیم یارخان میں بھی خان پور سٹی پھاٹک پر عوام ایکسپریس کی 3 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔

    ریلوے حکام کے مطابق جعفر ایکسپریس کوئٹہ سے پشاور کے لیے صبح 9 بجے روانہ ہوئی تھی کہ سپیزنڈ مستونگ کے قریب ریلوے ٹریک پر اس وقت دھماکا ہو گیا جب جعفر ایکسپریس گزر رہی تھی،ہ دھماکے سے جعفر ایکسپریس کی 6 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں تاہم کوئی مسافر زخمی نہیں ہوا۔

    چند روز قبل سبی میں بھی ریلوے ٹریک پر دھماکا ہوا تھا جس کے نتیجے میں جعفر ایکسپریس حادثے سے بال بال بچ گئی تھی۔

    لندن : فلسطین کے حق میں مظاہرہ ، پولیس کا کریک ڈاؤن، 466 افراد گرفتار

    دوسری جانب رحیم یارخان میں بھی خان پور سٹی پھاٹک پر عوام ایکسپریس کی 3 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔

    ریلوے حکام کے مطابق ٹرین پشاور سے کراچی جا رہی تھی ، خان پور سٹی پھاٹک پر حادثے کا شکار ہو گئی ، حادثے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی، حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم ڈاؤن ٹریک ٹرینوں کی آمد و رفت کیلئے معطل ہو گئی ہے ، ٹریک کو جلد بحال کر دیا جائے گا۔

    فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دورہ امریکا، اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقاتیں