وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی زیرصدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا، وزیراعظم کی جانب سے بلوچستان میں مواصلاتی اور تعلیمی منصوبوں کے آغاز پر صوبائی کابینہ نے تشکر کا اظہار کیا۔
بلوچستان کابینہ نے الیکٹرک بائیکس اسکیم عام آدمی کیلئے متعارف کرانے کا فیصلہ کرلیا، انٹر پرائزز ڈیولپمنٹ پروگرام کی گوادر، کیچ، آواران تک توسیع کی منظوری بھی دیدی گئی۔وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے منصوبوں کیلئے تعاون پر وزیراعظم کے مشکور ہیں، عام آدمی کے ٹیکس سے حاصل ہونیوالے وسائل عوام کی امانت ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ الیکٹرک بائیکس تمام شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے افراد کو آسان اقساط پر دی جائیں گی، بلوچستان کا عام غریب آدمی مشکلات جھیلے اور وسائل کا بڑا حصہ مخصوص طبقے پر خرچ ہو یہ ناانصافی ہے، سرکاری ملازمین کے علاج معالجے کیلئے جامع ہیلتھ انشورنس اسکیم لارہے ہیں۔
ترجمان حکومت بلوچستان کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں حکومتِ بلوچستان صوبے کے تقریباً 2.5 لاکھ سرکاری ملازمین کے علاج معالجے پر سالانہ 6 سے 7 ارب روپے خرچ کر رہی ہے۔ عوامی وسائل کے مؤثر اور ذمہ دارانہ استعمال کو یقینی بنانے کے لیے صوبائی کابینہ نے جامع ہیلتھ انشورنس سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔یہ اقدام علاج معالجے کی سہولیات کو شفاف، مؤثر اور پائیدار بنانے کے ساتھ ساتھ گڈ گورننس اور عوامی فلاح کے حکومتی وژن کی عکاسی کرتا ہے۔حکومتِ بلوچستان، وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں، بہتر صحت سہولیات کی فراہمی کے لیے پُرعزم ہے۔















