Baaghi TV

Category: راولپنڈی

  • اڈیالہ جیل میں بااثرقیدی کا دوسرے پر تشدد،ناک کی ہڈی توڑ دی

    اڈیالہ جیل میں بااثرقیدی کا دوسرے پر تشدد،ناک کی ہڈی توڑ دی

    گوجرخان (قمرشہزاد) اڈیالہ جیل راولپنڈی غریب قیدی کے لیے جہنم بن گئی۔ جیل کے اندر مبینہ طور پر ملکھو گروپ کی دہشت گردی عروج پر پہنچ گئی، جیل ملازمین کی ملی بھگت سے بے گناہ قیدی پر زندگی اجیرن کر دی گئی۔ تھانہ گوجرخان کے رہائشی قیدی منصور احمد پر وحشیانہ تشدد، ناک کی ہڈی ٹوٹ گئی، سامان بھی لوٹ لیا گیا۔ متاثرہ قیدی کی ماں انصاف کے لیے تڑپ اٹھی اور سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو درخواست دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل میں قید منصور احمد ولد خالد حسین (مقدمہ نمبر 463 /2014)، کی والدہ مسرت بیگم نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو دی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ میرے بیٹے کے ساتھی قیدی صدیق ولد باشا عرف ملکھو نے مبینہ طور پر ایجاز سیٹھ نامی شخص کے ایما پر وحشیانہ تشدد کیا جس کے نتیجے میں منصور احمد کی ناک کی ہڈی ٹوٹ گئی ہے۔ درخواست میں مزید انکشاف کیا گیا ہے کہ ملکھو گروپ جیل کے اندر اپنی عدالت لگاتا ہے، جو مشقت سے بھی انکاری ہے اور سائلہ کے بیٹے کو بیگناہ قصوری بھی بند کرواتا ہے جبکہ ملکھو کو جیل عملے کی مکمل پشت پناہی بھی حاصل ہے۔ بااثر قیدی نے منصور احمد کے کپڑے اور برتن بھی چھین لیے ہیں۔ اس کے علاوہ یہ الزام بھی لگایا گیا ہے کہ جیل ملازمین اس معاملے میں ملوث ہیں اور متاثرہ قیدی کو مزید سزا دینے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔متاثرہ قیدی کی بزرگ والدہ مسرت بیگم نے حکام بالا سے اپیل کی ہے کہ اس کے بیٹے کو انصاف فراہم کیا جائے اور اس معاملے کی تحقیقات کی جائیں۔

  • گوجرخان،آتشزدگی کے دو مختلف واقعات گاڑیاں، فارمیسی اور دکانیں جل کر خاکستر

    گوجرخان،آتشزدگی کے دو مختلف واقعات گاڑیاں، فارمیسی اور دکانیں جل کر خاکستر

    گوجرخان (قمرشہزاد) گوجرخان شہر میں آتشزدگی کے دو مختلف المناک واقعات نے شہر کو لرزا کر رکھ دیا، جہاں کروڑوں روپے مالیت کا قیمیتی سامان ادویات، موبائل فونز اور گاڑیاں جل کر کوئلہ بن گئیں۔ ریسکیو 1122 کی بروقت کارروائی نے مارکیٹ کے بڑے حصے کو مزید تباہی سے بچا لیا۔

    پہلا واقعہ ڈھوک حیات علی میں واقع ایک نجی پارکنگ ایریا میں اچانک پراسرار طور پر آگ بھڑک اٹھی۔ دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے وہاں کھڑی گاڑیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آتشزدگی کے نتیجے میں تین گاڑیاں مکمل طور پر جل کر ڈھانچہ بن گئیں۔ وہاں موجود افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت دیگر گاڑیوں کے شیشے توڑ کر انہیں دھکا لگا کر محفوظ مقام پر منتقل کیا، جس سے مزید نقصان کا خدشہ ٹل گیا۔ فائر بریگیڈ کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا، تاہم آگ لگنے کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہوسکی ہیں۔

    دوسرا واقعے ریلوے روڈ پر ہولناک آتشزدگی نے کاروبار تباہ کر دیا جہاں گزشتہ رات تقریباً ڈھائی بجے ریلوے روڈ پر واقع ایک مشہور باربی کیو شاپ میں اچانک آگ لگی جس نے سیکنڈوں میں شدت اختیار کر لی۔ آگ کے بلند ہوتے شعلوں نے پڑوس میں واقع الغفور فارمیسی ایک موبائل شاپ اور چکن شاپ کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ اس افسوسناک واقعے میں فارمیسی میں موجود لاکھوں روپے مالیت کی ادویات، قیمتی موبائل فونز اور دکانوں کا دیگر فرنیچر جل کر خاکستر ہو گیا۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 گوجرخان کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچیں اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے آگ کو مزید پھیلنے سے روکا۔ ریسکیو حکام کی تندہی کے باعث مارکیٹ کی درجنوں دیگر دکانیں بڑی تباہی سے محفوظ رہیں۔ متاثرہ دکانداروں نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ آگ لگنے کی وجوہات کا تعین کیا جائے اور نقصانات کا ازالہ کیا جائے

  • وزیراعلیٰ کی جانب سے گوجرخان میں علماء الاؤنس کارڈ کی تقسیم کا باقاعدہ آغاز

    وزیراعلیٰ کی جانب سے گوجرخان میں علماء الاؤنس کارڈ کی تقسیم کا باقاعدہ آغاز

    گوجرخان (قمرشہزاد) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق دینی مدارس اور مساجد کے علماء کرام کی فلاح و بہبود کے لیے انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے گوجرخان میں علماء الاؤنس کارڈ کی تقسیم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر آفس گوجرخان میں منعقدہ ایک باوقار تقریب کے دوران تحصیل بھر سے منتخب علماء کرام میں الاؤنس کارڈز تقسیم کیے گئے۔

    اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر گوجرخان نے علماء کرام سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ "علماء کرام معاشرے کا سرمایہ اور مینارہ نور ہیں، حکومت پنجاب ان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور یہ کارڈ ان کے احترام اور مالی تعاون کی جانب ایک اہم سنگ میل ہے۔ تقریب میں موجود علماء کرام نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اسے دیندار طبقے کی پذیرائی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پہلی بار کسی حکومت نے عملی طور پر علماء کے مسائل کو سمجھتے ہوئے ان کے لیے باقاعدہ وظائف کا اجراء کیا ہے، جو کہ خوش آئند ہے۔ تقریب کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی اور اتحاد بین المسلمین کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔انتظامیہ کے مطابق رجسٹرڈ علماء کو مرحلہ وار کارڈز کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔

  • قلات میں  سکیورٹی فورسز کا آپریشن ، فتنہ الہندوستان کے 4 دہشتگرد ہلاک

    قلات میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن ، فتنہ الہندوستان کے 4 دہشتگرد ہلاک

    قلات میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں فتنہ الہندوستان کے 4 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات پر قلات میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کیا جس دوران بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان کے 4 دہشتگرد مارے گئے جن کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔

    دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے قلات میں کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا جبکہ گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہاکہ دہشتگردی کے خاتمے کےلیےعزم استحکام مہم جاری رہےگی۔

  • جعلی نقشہ پونے تین کروڑ کا غبن،سرکاری زمین پر قبضہ کی کوشش ناکام

    جعلی نقشہ پونے تین کروڑ کا غبن،سرکاری زمین پر قبضہ کی کوشش ناکام

    گوجرخان (قمرشہزاد) اسسٹنٹ کمشنر گوجرخان خضر ظہور گورائیہ اور چیف آفیسر بلدیہ ملک طارق ضیاء نے قبضہ مافیا کے خلاف گھیرا تنگ کرتے ہوئے ایک اہم کارروائی میں جی ٹی روڈ پر کروڑوں روپے مالیت کی سرکاری زمین پر بننے والے غیر قانونی کمرشل ریسٹورنٹ کو سیل کر دیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق نیشنل ہائی ویز اتھارٹی (NHA) کی ملکیتی اراضی پر مبینہ طور پر غیر قانونی ریسٹورنٹ تعمیر کیا جا رہا تھا۔ اس سنگین بدعنوانی میں نہ صرف زمین پر قبضہ کیا گیا بلکہ بلدیہ میں جعلی نقشہ جمع کروا کر سرکاری فیس کی مد میں تقریباً پونے تین کروڑ روپے کا غبن کرنے کی کوشش بھی کی گئی۔ ملحقہ آبادی کے مکینوں نے اس غیر قانونی تعمیر کے خلاف دہائی دی تھی کہ ریسٹورنٹ کا سیوریج سسٹم پورے علاقے، بشمول قریبی ہسپتالوں اور سکولوں کو گندگی کے ڈھیر میں بدل دے گا۔ عوامی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے، اسسٹنٹ کمشنر گوجرخان خضر ظہور گورائیہ نے سخت احکامات جاری کیے جس پر چیف آفیسر بلدیہ ملک طارق ضیاء نے موقع پر پہنچ کر تعمیراتی کام رکوایا اور عمارت کو مکمل طور پر سیل کر دیا۔

    شہری حلقوں نے اس دلیرانہ کارروائی پر انتظامیہ کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ خضر ظہور گورائیہ اور ملک طارق ضیاء کی نے قانون شکنوں کو واضح پیغام دے دیا ہے کہ گوجرخان میں اب لاقانونیت کی جگہ نہیں ہوگی۔ عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے قبضہ گروہوں کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائیاں عمل میں لاتے ہوئے انہیں عبرت کا نشان بنایا جائے تاکہ مستقبل میں کوئی سرکاری زمین یا عوامی حقوق پر شب خون مارنے کی جرآت نہ کر سکے۔

  • پاکستان نہ تو وینزویلا ہے اور نہ بھارت امریکا ہے،مشعال ملک

    پاکستان نہ تو وینزویلا ہے اور نہ بھارت امریکا ہے،مشعال ملک

    راولپنڈی:مقبوضہ کشمیر کی تہاڑ جیل میں قید حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال حسین ملک نے کہا ہے کہ اویسی صاحب کا بیان آیا تھا لیکن یاد رکھو پاکستان نہ تو وینزویلا ہے اور نہ بھارت امریکا ہے۔

    رحمان آباد راولپنڈی میں واقع تجارتی مراکز میں عوامی رابطہ مہم کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشعال حسین ملک نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں لوگوں کو قتل کیا گیا، لاکھوں عورتوں کو بیوہ اور ان کی عزتوں کو تار تار کیا گیا، یہ ظلم دنیا میں کہیں نظر نہیں آئے گا، کشمیر کی تحریک آزادی پوری دنیا کے امن کی چابی ہے، ظلم کے سارے ریکارڈ بھارتی آرمی نے توڑ دیئے ہیں، پہلگام سمیت بھارت کی دہشتگردی اب مقبوضہ کشمیر تک محدود نہیں ہے۔

    انہوں نے کہا کہ را نے مختلف علاقوں میں ٹارگٹ کلنگ کی ہے، بھارت اتنا ڈرپوک ہے کہ کھل کر سامنے نہیں آسکتا، مودی اور اجیت ڈوول کو چیلنج ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے چوک چوراہے پر کھڑے ہو کر دیکھو تمھارا جو استقبال ہونا ہے وہ یاد رکھو گے، واحد ایک شخص ہے جو پوری دنیا میں جس نے مسلح جدوجہد کا آغاز کیا وہ یاسین ملک ہے، 30 سال بعد کشمیر کی عدالت نے ان کو جعلی دہشتگردی کے کیس میں سزا سنائی، میرا شوہر غازی ہے وہ تمنا کر رہا ہے کہ اسے شہادت کی موت ملے۔

    اچکزئی نے ہمیشہ بلوچ اور پشتون قوموں کے درمیان نفرت کو ہوا دی ،ترجمان بی اے پی

    مشعال ملک نے کہا کہ مودی اور ڈوول اپنے محلوں سے باہر نکلو، یسین ملک اور کشمیر تحریک اور پاکستان کا نام آتا ہے تو تمھارے پاؤں کانپتے ہیں اگر ہندوستان کو بچانا ہے تو یاسین ملک کو بچاؤ، وہ اللہ کا سپاہی ہے،بھارتی اسٹیبلشمنٹ سن لے یاسین ملک پر ہاتھ ڈالا تو دنیا کے نقشے پر ہندوستان نہیں رہے گا، اویسی صاحب کا بیان آیا تھا لیکن یاد رکھو پاکستان نہ تو وینزویلا ہے اور نہ بھارت امریکا ہے معرکہ حق میں بھارت کو بدترین شکست ملی ہے، 25 کروڑ عوام کشمیریوں کو آزادی دلوانے کے لئے تیار ہے، ہمارے قیدی مجاہدوں سے ہندوستان کی ٹانگیں کانپتی ہیں۔

    لاہور سے اغوا ہونے والی 5 سالہ بچی ساہیوال سے بازیاب،ملزمہ گرفتار

  • سگی مامتا خون میں نہا گئی ،بھائیوں کا جھگڑا فائرنگ سے بوڑھی ماں لقمہ اجل بن گئی

    سگی مامتا خون میں نہا گئی ،بھائیوں کا جھگڑا فائرنگ سے بوڑھی ماں لقمہ اجل بن گئی

    گوجرخان (قمرشہزاد) تھانہ مندرہ کے نواحی علاقے ہرنال میں گھریلو ناچاقی نے ہنستا بستتا گھر اجاڑ دیا، دو بھائیوں کے مابین ہونے والی تلخ کلامی کے نتیجے میں فائرنگ سے بدنصیب بوڑھی ماں اپنی زندگی کی بازی ہار گئی گھر میں کہرام مچ گیا۔

    پولیس ذرائع کے مطابق ہرنال کے رہائشی رستم علی اور اس کے بھائی عمران کے درمیان کسی معمولی گھریلو بات پر تکرار ہوئی۔ تلخ کلامی اس قدر بڑھی کہ غصے میں بپھرے ہوئے ملزم عمران نے ہوش و حواس کھو کر 30 بور پستول نکال لیا اور اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ اس دوران دونوں بھائیوں کے درمیان بیچ بچاؤ کرانے کی کوشش کرنے والی ان کی 56 سالہ والدہ مسمات رحمت جان زوجہ محمد ازرم گولیوں کی زد میں آ کر شدید زخمی ہو گئیں۔ زخمی خاتون کو فوری طور پر تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں ہی خالقِ حقیقی سے جا ملیں۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او مندرہ ملک تنویر اشرف نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور لاش کو تحویل میں لے کر قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں۔ ایس ایچ او ملک تنویر اشرف کا کہنا ہے کہ ملزم عمران واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا جس کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے کر مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ جلد ملزم کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

  • گوجرخان پولیس کا بڑا معرکہ اغوا کاروں کا نیٹ ورک توڑ دیا

    گوجرخان پولیس کا بڑا معرکہ اغوا کاروں کا نیٹ ورک توڑ دیا

    گوجرخان (قمر شہزاد) اے ایس پی گوجرخان سید دانیال حسن کی زیر نگرانی اور ایس ایچ او تھانہ گوجرخان مرزا طیب ظہیر بیگ کی قیادت میں گوجرخان پولیس نے ایک بڑی کامیاب کارروائی کرتے ہوئے نواحی علاقے نگائل سے اغوا ہونے والی کمسن بچیوں کو لاہور سے بحفاظت بازیاب کروا لیا۔ پولیس کی اس فوری اور مؤثر کارروائی نے نہ صرف معصوم جانوں کو تحفظ فراہم کیا بلکہ سنگین جرائم میں ملوث عناصر کو بھی قانون کے کٹہرے میں لا کھڑا کیا۔

    تفصیلات کے مطابق نواحی علاقے نگائل سے کمسن بچیوں کے اغوا کی اطلاع موصول ہوتے ہی اے ایس پی سید دانیال حسن نے واقعے کا فوری نوٹس لیا انہوں نے کیس کی حساسیت کو مدنظر رکھتے ہوئے ایس ایچ او مرزا طیب ظہیر بیگ کی قیادت میں پولیس کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دیں جنہیں ٹارگٹڈ کارروائی کا حکم دیا۔ پولیس ٹیموں نے جدید ٹیکنالوجی، خفیہ معلومات اور اپنی پیشہ ورانہ مہارت کو بروئے کار لاتے ہوئے انتھک محنت کی اور قلیل وقت میں ملزمان کا سراغ لگا کر لاہور میں چھاپہ مارا، جہاں سے مغوی بچیوں کو بحفاظت بازیاب کرواتے ہوئے اغوا میں ملوث ملزمان کو بھی گرفتار کر لیا ہے، جن کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اے ایس پی سید دانیال حسن نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ کمسن بچیوں کے اغوا جیسے سنگین جرائم میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ شہریوں کے جان و مال، بالخصوص بچوں کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ ایسے جرائم میں ملوث افراد کے خلاف بلا امتیاز سخت قانونی کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی تاکہ معاشرے کو امن کا گہوارہ بنایا جا سکے۔ جبکہ ایس ایچ او مرزا طیب ظہیر بیگ نے کہا کہ بچوں کے اغوا جیسے سنگین جرائم میں ملوث درندے قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے گوجرخان پولیس شہریوں کے تحفظ اور امن و امان کی بحالی کے لیے دن رات کوشاں ہے اور قانون کی بالادستی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ عوامی حلقوں نے اے ایس پی گوجرخان، ایس ایچ او اور ان کی ٹیم کی اس شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا ہے، جس سے پولیس پر عوام کے اعتماد میں مزید اضافہ ہوا ہے۔

  • پاک بحریہ کا فضا سے زمین پر مار کرنے والے میزائل کا کامیاب تجربہ

    پاک بحریہ کا فضا سے زمین پر مار کرنے والے میزائل کا کامیاب تجربہ

    پاک بحریہ نے فضا سے زمین پر مار کرنے والے میزائل کا کامیاب تجربہ کیا جب کہ پاکستان نیوی نے شمالی بحیرۂ عرب میں ایک جامع بحری مشق کے ذریعے اپنی آپریشنل تیاری اور جنگی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بدلتی ہوئی بحری جنگی حکمتِ عملی کے تقاضوں کے مطابق اس مشق میں روایتی اور بغیر پائلٹ نظاموں کی صلاحیتوں کو کامیابی سے آزمایا گیا، مشق کے دوران پاکستان نیوی نے جدید فضائی دفاعی نظام کی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے عمودی لانچنگ سسٹم سے ایل وائی–80 (این) زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل کا کامیاب لائیو فائر کیا توسیع شدہ فاصلے پر فائر کیے گئے میزائل نے فضائی ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنا کر تباہ کیا، مشق پاکستان نیوی کے جدید طویل فاصلے تک مؤثر فضائی دفاعی نظام کی تصدیق ہوئی۔

    آئی ایس پی آر نے کہا کہ مشق میں جدید لوئٹرنگ میونیشن کے ذریعے سطحِ آب کے اہداف کو بھی کامیابی سے نشانہ بنایا گیا، لوئٹرنگ میونیشن نے درستگی کے ساتھ اہداف کو تباہ کر کے پاکستان نیوی کی پریسیژن اسٹرائیک صلاحیتوں کا واضح ثبوت فراہم کیا،جو جدید بحری جنگ میں اہم کردار ادا کرتی ہیں، بغیر پائلٹ سطحی بحری جہاز (ان مینڈ سرفیس ویسل) کے کامیاب کھلے سمندر میں آزمائشی تجربات بھی کیے گئے۔

    نیشنل بینک میں متوفی ملازمین کے بچوں کیلئے ملازمت کا کیس، سپریم کورٹ کا تحریری فیصلہ جاری

    آئی ایس پی آر نے کہا کہ جو خودکار بحری ٹیکنالوجی میں ایک اہم پیش رفت قرار دیے جا رہے ہیں، ان تجربات کے دوران پلیٹ فارم کی تیز رفتار کارکردگی، انتہائی پھرتی، درست نیویگیشن اور سخت موسمی حالات میں مؤثر صلاحیتوں کا کامیاب مظاہرہ کیا گیا یو ایس وی کو کم خطرے اور زیادہ اثر رکھنے والا اسٹیلتھ ٹیکٹیکل انٹرسیپٹر قرار دیا گیا ہے، مشق کا مشاہدہ کمانڈر پاکستان فلیٹ نے کیا، پاکستان نیوی کی جدید نظاموں کے مؤثر استعمال کی بھرپور صلاحیت کو اجاگر کیا گیا۔

    منی پور بحران بھارت کو مزید عدم استحکام کی طرف دھکیل رہا ہے،دی اکانومسٹ

    آئی ایس پی آر نے کہا کہ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف، نشانِ امتیاز (ملٹری)، نے افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت اور عملی قابلیت کو سراہا، پاکستان نیوی ہر صورت میں پاکستان کے بحری دفاع اور قومی سمندری مفادات کے تحفظ کو یقینی بناتی رہے گی۔

  • خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 11 بھارتی حمایت یافتہ خوارج ہلاک

    خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 11 بھارتی حمایت یافتہ خوارج ہلاک

    راولپنڈی:خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی دو کارروائیوں میں 11 بھارتی حمایت یافتہ خوارج ہلاک ہو گئے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 8 جنوری 2026 کو خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں 2 الگ الگ کارروائیوں کے دوران بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 11 خوارج مارے گئے اطلاع ملنے پر سیکیورٹی فورسز نے ضلع شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، جس میں فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا کارروائی کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 6 خوارج جہنم واصل کر دیے گئے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق دوسری کارروائی ضلع کرم میں انٹیلی جنس بیسڈ اور مشترکہ طور پر کی گئی، جس میں پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے آپریشن میں فائر نگ کے تبادلے میں 5 خوارج کو ہلاک کر دیا گیا ہلاک ہونے والے بھارتی حمایت یافتہ خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا جو سیکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ سمیت متعدد دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث رہے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں مزید کسی بھی بھارتی اسپانسرڈ خارجی کی موجودگی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں، قومی ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظور شدہ حکمت عملی ’عزمِ استحکام‘ کے وژن کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اپنی انسداد دہشت گردی مہم پوری رفتار اور قوت سے جاری رکھیں گے۔