Baaghi TV

Category: راولپنڈی

  • راولپنڈی،پتنگ پکڑتے بچہ سیوریج کے پانی میں گرکر جاں بحق

    راولپنڈی،پتنگ پکڑتے بچہ سیوریج کے پانی میں گرکر جاں بحق

    راولپنڈی کے علاقے اقبال ٹاؤن میں ایک دلخراش واقعہ پیش آیا جہاں 5 سالہ معصوم بچہ سیوریج کے پانی سے بھرے کھڈے میں گر کر جان کی بازی ہار گیا۔ واقعے نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا جبکہ شہریوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔

    ریسکیو حکام کے مطابق یہ افسوسناک حادثہ صادق آباد اقبال ٹاؤن کے علاقے میں نجی ہاؤسنگ اپارٹمنٹس کے قریب پیش آیا۔ بتایا گیا ہے کہ بچہ پتنگ پکڑنے کی کوشش میں کھیلتے کھیلتے اچانک کھلے کھڈے میں جا گرا، جو سیوریج کے گندے پانی سے مکمل طور پر بھرا ہوا تھا۔ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ نجی ہاؤسنگ اپارٹمنٹس کی جانب سے تعمیراتی مقاصد کے لیے کھدائی کروائی گئی تھی، تاہم حفاظتی اقدامات اختیار نہیں کیے گئے۔ کھدائی کے باعث ملحقہ نالہ بند ہو گیا جس کا پانی جمع ہو کر کھلے کھڈے میں بھر گیا، جس سے یہ جگہ انتہائی خطرناک بن گئی تھی۔

    واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور بچے کو نکال کر فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ڈاکٹرز نے بچے کی موت کی تصدیق کر دی۔ ریسکیو حکام کے مطابق پانی کی گہرائی اور گندگی کے باعث بچے کو بچایا نہ جا سکا۔بچے کی موت کے بعد تھانہ صادق آباد پولیس بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جا رہی ہیں،علاقہ مکینوں نے نجی ہاؤسنگ انتظامیہ اور متعلقہ اداروں پر شدید تنقید کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ شہر میں کھلے کھڈوں اور غیر محفوظ تعمیراتی سرگرمیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔

  • ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ،کسی کو معافی نہیں ملے گی،ایس ایچ او تھانہ گوجرخان

    ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ،کسی کو معافی نہیں ملے گی،ایس ایچ او تھانہ گوجرخان

    گوجرخان (قمرشہزاد) خونی کھیل پتنگ بازی کے سدباب اور انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے پولیس نے شکنجہ مزید کس دیا۔ ایس ایچ او تھانہ گوجرخان مرزا طیب ظہیر بیگ نے ٹرانسپورٹ مافیا اور سہولت کاروں کے خلاف جارحانہ حکمت عملی اپناتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پتنگ بازی کے سامان کی نقل و حمل میں ملوث کسی بھی شخص کو معافی نہیں ملے گی۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز اپنے دفتر میں گڈز ٹرانسپورٹ، کارگو سروس، کورئیر کمپنیوں اور ساؤنڈ سسٹم مالکان کے ایک ہنگامی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انسپکٹر مرزا طیب ظہیر بیگ نے سخت ترین ہدایات جاری کرتے ہوئے دوٹوک الفاظ میں تنبیہ کی کہ کوئی بھی گڈز، کورئیر یا بس سروس پتنگ اور ڈور کی بلٹی بک نہیں کرے گی۔ اگر کسی بھی بس یا ویگن میں پتنگ بازی کا سامان پایا گیا تو نہ صرف سخت ترین ایف آئی آر درج ہوگی بلکہ وہ گاڑی بھی فوری طور پر بند کر دی جائے گی۔ اس موقع پر ساؤنڈ سسٹم مالکان کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ کسی بھی پتنگ باز کو سسٹم فراہم نہیں کریں گے۔ کسی بھی قسم کے پروگرام کے لیے پولیس سے باقاعدہ این او سی لینا لازمی ہوگا اور اس کی پیشگی اطلاع تھانے میں دینا ہوگی، بصورتِ دیگر آلات ضبط کر کے قانونی کارروائی کی جائے گی۔ ایس ایچ او نے واضح کیا کہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ انسانی جانوں سے کھیلنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں اور ان کی معاونت کرنے والے بھی برابر کے مجرم تصور ہوں گے۔ میٹنگ میں شریک تمام گڈز مالکان اور ٹرانسپورٹرز نے انسپکٹر مرزا طیب ظہیر بیگ کے اقدامات کی بھرپور حمایت کی اور یقین دہانی کروائی کہ وہ پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے اور کسی بھی غیر قانونی سرگرمی یا مشکوک پارسل کی اطلاع فوری طور پر تھانہ میں دیں گے۔

  • شرقی علاقے میں تجاوزات کے خلاف انتظامیہ کا آہنی ہاتھ حرکت میں آ گیا

    شرقی علاقے میں تجاوزات کے خلاف انتظامیہ کا آہنی ہاتھ حرکت میں آ گیا

    گوجرخان (قمرشہزاد) وزیر اعلٰی پنجاب مریم نواز کے ویژن پر عمل پیرا ہوتے ہوئے اسلام پورہ جبر اور گردونواح میں تجاوزات مافیا کے خلاف انتظامیہ کا آہنی ہاتھ حرکت میں آگیا۔ اسسٹنٹ کمشنر گوجرخان خضر ظہور گورائیہ نے پیرافورس انچارج انسپکٹر عثمان کے ہمراہ اسلام پورہ جبر کے مختلف علاقوں کا طوفانی دورہ کیا اور جاری آپریشن کا خود جائزہ لیا۔

    اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے موقع پر موجود افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن کی رفتار میں مزید تیزی لائی جائے اور کسی بھی دباؤ کو خاطر میں لائے بغیر غیر قانونی تعمیرات اور تھڑوں کا صفایا کر دیا جائے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر خضر ظہور گورائیہ نے دو ٹوک الفاظ میں خبردار کیا کہ عوامی راستوں میں رکاوٹ بننے والوں کے لیے اب کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے ایک بڑے کریک ڈاؤن کا اشارہ دیتے ہوئے کہا کہ اسلام پورہ جبر تو صرف شروعات ہے، اس کے فوراً بعد بیول اور حبیب چوک میں بھی گرینڈ آپریشن شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہر کی خوبصورتی اور ٹریفک کی روانی کو بحال کرنے کے لیے آخری حد تک جائیں گے اور تجاوزات مافیا کو سر چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی۔ اسسٹنٹ کمشنر کے اس سخت موقف اور اچانک دورے سے ناجائز قابضین میں کھلبلی مچ گئی ہے، جبکہ عوامی حلقوں نے انتظامیہ کے اس جرات مندانہ اقدام کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا ہے۔

  • سپرنٹنڈنٹ اڈیالا جیل راولپنڈی کا تبادلہ کردیا گیا

    سپرنٹنڈنٹ اڈیالا جیل راولپنڈی کا تبادلہ کردیا گیا

    راولپنڈی: سپرنٹنڈنٹ اڈیالا جیل راولپنڈی عبدالغفور انجم کا تبادلہ کردیا گیا۔

    اس حوالے سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق عبدالغفور انجم کا تبادلہ کرکے سینٹرل جیل فیصل آباد میں تعینات کر دیا گیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ساجد بیگ کو اڈیالہ جیل کا نیا سپرنٹنڈنٹ تعینات کر دیا گیا نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب میں مجموعی طور پر 12 جیل افسران کے تبادلے کیے گئے ہیں۔

    
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کا بڑا دعویٰ، بلاول بھٹو کراچی کے لیے جلد بڑے ترقیاتی پیکج کا اعلان کریں گے

    جوڈیشل کمیشن کا اجلاس: لاہور ہائیکورٹ کے 11 ایڈیشنل ججز کو مستقل کرنے کی منظوری

    
بی پی ایل میچ کھلاڑیوں کی بائیکاٹ کی وجہ سے ملتوی

  • اڈیالہ جیل میں بااثرقیدی کا دوسرے پر تشدد،ناک کی ہڈی توڑ دی

    اڈیالہ جیل میں بااثرقیدی کا دوسرے پر تشدد،ناک کی ہڈی توڑ دی

    گوجرخان (قمرشہزاد) اڈیالہ جیل راولپنڈی غریب قیدی کے لیے جہنم بن گئی۔ جیل کے اندر مبینہ طور پر ملکھو گروپ کی دہشت گردی عروج پر پہنچ گئی، جیل ملازمین کی ملی بھگت سے بے گناہ قیدی پر زندگی اجیرن کر دی گئی۔ تھانہ گوجرخان کے رہائشی قیدی منصور احمد پر وحشیانہ تشدد، ناک کی ہڈی ٹوٹ گئی، سامان بھی لوٹ لیا گیا۔ متاثرہ قیدی کی ماں انصاف کے لیے تڑپ اٹھی اور سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو درخواست دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل میں قید منصور احمد ولد خالد حسین (مقدمہ نمبر 463 /2014)، کی والدہ مسرت بیگم نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو دی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ میرے بیٹے کے ساتھی قیدی صدیق ولد باشا عرف ملکھو نے مبینہ طور پر ایجاز سیٹھ نامی شخص کے ایما پر وحشیانہ تشدد کیا جس کے نتیجے میں منصور احمد کی ناک کی ہڈی ٹوٹ گئی ہے۔ درخواست میں مزید انکشاف کیا گیا ہے کہ ملکھو گروپ جیل کے اندر اپنی عدالت لگاتا ہے، جو مشقت سے بھی انکاری ہے اور سائلہ کے بیٹے کو بیگناہ قصوری بھی بند کرواتا ہے جبکہ ملکھو کو جیل عملے کی مکمل پشت پناہی بھی حاصل ہے۔ بااثر قیدی نے منصور احمد کے کپڑے اور برتن بھی چھین لیے ہیں۔ اس کے علاوہ یہ الزام بھی لگایا گیا ہے کہ جیل ملازمین اس معاملے میں ملوث ہیں اور متاثرہ قیدی کو مزید سزا دینے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔متاثرہ قیدی کی بزرگ والدہ مسرت بیگم نے حکام بالا سے اپیل کی ہے کہ اس کے بیٹے کو انصاف فراہم کیا جائے اور اس معاملے کی تحقیقات کی جائیں۔

  • گوجرخان،آتشزدگی کے دو مختلف واقعات گاڑیاں، فارمیسی اور دکانیں جل کر خاکستر

    گوجرخان،آتشزدگی کے دو مختلف واقعات گاڑیاں، فارمیسی اور دکانیں جل کر خاکستر

    گوجرخان (قمرشہزاد) گوجرخان شہر میں آتشزدگی کے دو مختلف المناک واقعات نے شہر کو لرزا کر رکھ دیا، جہاں کروڑوں روپے مالیت کا قیمیتی سامان ادویات، موبائل فونز اور گاڑیاں جل کر کوئلہ بن گئیں۔ ریسکیو 1122 کی بروقت کارروائی نے مارکیٹ کے بڑے حصے کو مزید تباہی سے بچا لیا۔

    پہلا واقعہ ڈھوک حیات علی میں واقع ایک نجی پارکنگ ایریا میں اچانک پراسرار طور پر آگ بھڑک اٹھی۔ دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے وہاں کھڑی گاڑیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آتشزدگی کے نتیجے میں تین گاڑیاں مکمل طور پر جل کر ڈھانچہ بن گئیں۔ وہاں موجود افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت دیگر گاڑیوں کے شیشے توڑ کر انہیں دھکا لگا کر محفوظ مقام پر منتقل کیا، جس سے مزید نقصان کا خدشہ ٹل گیا۔ فائر بریگیڈ کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا، تاہم آگ لگنے کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہوسکی ہیں۔

    دوسرا واقعے ریلوے روڈ پر ہولناک آتشزدگی نے کاروبار تباہ کر دیا جہاں گزشتہ رات تقریباً ڈھائی بجے ریلوے روڈ پر واقع ایک مشہور باربی کیو شاپ میں اچانک آگ لگی جس نے سیکنڈوں میں شدت اختیار کر لی۔ آگ کے بلند ہوتے شعلوں نے پڑوس میں واقع الغفور فارمیسی ایک موبائل شاپ اور چکن شاپ کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ اس افسوسناک واقعے میں فارمیسی میں موجود لاکھوں روپے مالیت کی ادویات، قیمتی موبائل فونز اور دکانوں کا دیگر فرنیچر جل کر خاکستر ہو گیا۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 گوجرخان کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچیں اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے آگ کو مزید پھیلنے سے روکا۔ ریسکیو حکام کی تندہی کے باعث مارکیٹ کی درجنوں دیگر دکانیں بڑی تباہی سے محفوظ رہیں۔ متاثرہ دکانداروں نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ آگ لگنے کی وجوہات کا تعین کیا جائے اور نقصانات کا ازالہ کیا جائے

  • وزیراعلیٰ کی جانب سے گوجرخان میں علماء الاؤنس کارڈ کی تقسیم کا باقاعدہ آغاز

    وزیراعلیٰ کی جانب سے گوجرخان میں علماء الاؤنس کارڈ کی تقسیم کا باقاعدہ آغاز

    گوجرخان (قمرشہزاد) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق دینی مدارس اور مساجد کے علماء کرام کی فلاح و بہبود کے لیے انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے گوجرخان میں علماء الاؤنس کارڈ کی تقسیم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر آفس گوجرخان میں منعقدہ ایک باوقار تقریب کے دوران تحصیل بھر سے منتخب علماء کرام میں الاؤنس کارڈز تقسیم کیے گئے۔

    اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر گوجرخان نے علماء کرام سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ "علماء کرام معاشرے کا سرمایہ اور مینارہ نور ہیں، حکومت پنجاب ان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور یہ کارڈ ان کے احترام اور مالی تعاون کی جانب ایک اہم سنگ میل ہے۔ تقریب میں موجود علماء کرام نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اسے دیندار طبقے کی پذیرائی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پہلی بار کسی حکومت نے عملی طور پر علماء کے مسائل کو سمجھتے ہوئے ان کے لیے باقاعدہ وظائف کا اجراء کیا ہے، جو کہ خوش آئند ہے۔ تقریب کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی اور اتحاد بین المسلمین کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔انتظامیہ کے مطابق رجسٹرڈ علماء کو مرحلہ وار کارڈز کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔

  • قلات میں  سکیورٹی فورسز کا آپریشن ، فتنہ الہندوستان کے 4 دہشتگرد ہلاک

    قلات میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن ، فتنہ الہندوستان کے 4 دہشتگرد ہلاک

    قلات میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں فتنہ الہندوستان کے 4 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات پر قلات میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کیا جس دوران بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان کے 4 دہشتگرد مارے گئے جن کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔

    دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے قلات میں کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا جبکہ گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہاکہ دہشتگردی کے خاتمے کےلیےعزم استحکام مہم جاری رہےگی۔

  • جعلی نقشہ پونے تین کروڑ کا غبن،سرکاری زمین پر قبضہ کی کوشش ناکام

    جعلی نقشہ پونے تین کروڑ کا غبن،سرکاری زمین پر قبضہ کی کوشش ناکام

    گوجرخان (قمرشہزاد) اسسٹنٹ کمشنر گوجرخان خضر ظہور گورائیہ اور چیف آفیسر بلدیہ ملک طارق ضیاء نے قبضہ مافیا کے خلاف گھیرا تنگ کرتے ہوئے ایک اہم کارروائی میں جی ٹی روڈ پر کروڑوں روپے مالیت کی سرکاری زمین پر بننے والے غیر قانونی کمرشل ریسٹورنٹ کو سیل کر دیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق نیشنل ہائی ویز اتھارٹی (NHA) کی ملکیتی اراضی پر مبینہ طور پر غیر قانونی ریسٹورنٹ تعمیر کیا جا رہا تھا۔ اس سنگین بدعنوانی میں نہ صرف زمین پر قبضہ کیا گیا بلکہ بلدیہ میں جعلی نقشہ جمع کروا کر سرکاری فیس کی مد میں تقریباً پونے تین کروڑ روپے کا غبن کرنے کی کوشش بھی کی گئی۔ ملحقہ آبادی کے مکینوں نے اس غیر قانونی تعمیر کے خلاف دہائی دی تھی کہ ریسٹورنٹ کا سیوریج سسٹم پورے علاقے، بشمول قریبی ہسپتالوں اور سکولوں کو گندگی کے ڈھیر میں بدل دے گا۔ عوامی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے، اسسٹنٹ کمشنر گوجرخان خضر ظہور گورائیہ نے سخت احکامات جاری کیے جس پر چیف آفیسر بلدیہ ملک طارق ضیاء نے موقع پر پہنچ کر تعمیراتی کام رکوایا اور عمارت کو مکمل طور پر سیل کر دیا۔

    شہری حلقوں نے اس دلیرانہ کارروائی پر انتظامیہ کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ خضر ظہور گورائیہ اور ملک طارق ضیاء کی نے قانون شکنوں کو واضح پیغام دے دیا ہے کہ گوجرخان میں اب لاقانونیت کی جگہ نہیں ہوگی۔ عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے قبضہ گروہوں کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائیاں عمل میں لاتے ہوئے انہیں عبرت کا نشان بنایا جائے تاکہ مستقبل میں کوئی سرکاری زمین یا عوامی حقوق پر شب خون مارنے کی جرآت نہ کر سکے۔

  • پاکستان نہ تو وینزویلا ہے اور نہ بھارت امریکا ہے،مشعال ملک

    پاکستان نہ تو وینزویلا ہے اور نہ بھارت امریکا ہے،مشعال ملک

    راولپنڈی:مقبوضہ کشمیر کی تہاڑ جیل میں قید حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال حسین ملک نے کہا ہے کہ اویسی صاحب کا بیان آیا تھا لیکن یاد رکھو پاکستان نہ تو وینزویلا ہے اور نہ بھارت امریکا ہے۔

    رحمان آباد راولپنڈی میں واقع تجارتی مراکز میں عوامی رابطہ مہم کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشعال حسین ملک نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں لوگوں کو قتل کیا گیا، لاکھوں عورتوں کو بیوہ اور ان کی عزتوں کو تار تار کیا گیا، یہ ظلم دنیا میں کہیں نظر نہیں آئے گا، کشمیر کی تحریک آزادی پوری دنیا کے امن کی چابی ہے، ظلم کے سارے ریکارڈ بھارتی آرمی نے توڑ دیئے ہیں، پہلگام سمیت بھارت کی دہشتگردی اب مقبوضہ کشمیر تک محدود نہیں ہے۔

    انہوں نے کہا کہ را نے مختلف علاقوں میں ٹارگٹ کلنگ کی ہے، بھارت اتنا ڈرپوک ہے کہ کھل کر سامنے نہیں آسکتا، مودی اور اجیت ڈوول کو چیلنج ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے چوک چوراہے پر کھڑے ہو کر دیکھو تمھارا جو استقبال ہونا ہے وہ یاد رکھو گے، واحد ایک شخص ہے جو پوری دنیا میں جس نے مسلح جدوجہد کا آغاز کیا وہ یاسین ملک ہے، 30 سال بعد کشمیر کی عدالت نے ان کو جعلی دہشتگردی کے کیس میں سزا سنائی، میرا شوہر غازی ہے وہ تمنا کر رہا ہے کہ اسے شہادت کی موت ملے۔

    اچکزئی نے ہمیشہ بلوچ اور پشتون قوموں کے درمیان نفرت کو ہوا دی ،ترجمان بی اے پی

    مشعال ملک نے کہا کہ مودی اور ڈوول اپنے محلوں سے باہر نکلو، یسین ملک اور کشمیر تحریک اور پاکستان کا نام آتا ہے تو تمھارے پاؤں کانپتے ہیں اگر ہندوستان کو بچانا ہے تو یاسین ملک کو بچاؤ، وہ اللہ کا سپاہی ہے،بھارتی اسٹیبلشمنٹ سن لے یاسین ملک پر ہاتھ ڈالا تو دنیا کے نقشے پر ہندوستان نہیں رہے گا، اویسی صاحب کا بیان آیا تھا لیکن یاد رکھو پاکستان نہ تو وینزویلا ہے اور نہ بھارت امریکا ہے معرکہ حق میں بھارت کو بدترین شکست ملی ہے، 25 کروڑ عوام کشمیریوں کو آزادی دلوانے کے لئے تیار ہے، ہمارے قیدی مجاہدوں سے ہندوستان کی ٹانگیں کانپتی ہیں۔

    لاہور سے اغوا ہونے والی 5 سالہ بچی ساہیوال سے بازیاب،ملزمہ گرفتار