Baaghi TV

Category: سرگودھا

  • صنم جاوید اورعالیہ حمزہ میانوالی ہنگامہ آرائی کیس میں گرفتار

    صنم جاوید اورعالیہ حمزہ میانوالی ہنگامہ آرائی کیس میں گرفتار

    سرگودھا،باغی ٹی وی (نامہ نگارشاہنوازجالپ+سٹی رپورٹرادریس نواز) پولیس نے تحریک انصاف کی خاتون رہنما صنم جاوید اورعالیہ حمزہ میانوالی ہنگامہ آرائی کیس میں بھی گرفتارلیا۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ 9 اور10 مئی کے چار مقدمات میں تحریکِ انصاف کی دونوں خاتون رہنماؤں کو بھی نامزد کیا گیا۔

    میانوالی پولیس عالیہ حمزہ اور صنم جاوید کو لاہورسے گرفتار کرکے سرگودھا لے آئی۔ پی ٹی آئی کی دونوں رہنماؤں عالیہ حمزہ اور صنم جاوید کو انسداد دہشتگری گردی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا ۔

    عدالت کے اطراف سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ دونوں خاتون رہنماؤں کو سخت سیکیورٹی میں عدالت لایا گیا۔

  • سرگودھا :ایک ارب روپے سے زائد نگہبان رمضان پیکج میں وسیع پیمانے پر کھلے عام کرپشن،وزیراعلیٰ کانوٹس

    سرگودھا :ایک ارب روپے سے زائد نگہبان رمضان پیکج میں وسیع پیمانے پر کھلے عام کرپشن،وزیراعلیٰ کانوٹس

    سرگودھا،باغی ٹی وی (نامہ نگارشاہنوازجالپ)سرگودھا میں ایک ارب روپے سے زائد نگہبان رمضان پیکج میں وسیع پیمانے پر کھلے عام کرپشن،ناقص اشیاء خوردونوش کی فراہمی،ٹھیکے کی الاٹمنٹ میں رولز کی خلاف ورزی،مستحقین کے گھروں تک فراہمی میں رکاوٹ سمیت دیگر سنگین شکایات کے خلاف وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے سخت نوٹس لے لیا ہے، اور اعلی سطحی انکوائری کمیٹی قائم کردی گئی ہے،

    مقامی انتظامیہ نے رمضان پیکج میں کرپشن اور بے ضابطگیوں پر بعض افسران کے خلاف نوٹس لیا ہے اور نگہبان پیکج میں شکایات اور کارکردگی نہ دکھانے پر 3 پٹواریوں حلقہ 46 شمالی عمیر قیصر، پٹواری موضع مٹھہ لک محمد وجاہت اور پٹواری حلقہ 43 نذر گوندل کو معطل کر دیا،

    بعض افسران کے خلاف وینڈر کو آٹا، گھی، چینی، چاول اور بیسن فراہم کرنے اور کمیشن وصول کرنے کے الزامات کی بھی انکوائری کی جارہی ہے۔

    وینڈر کو مارکیٹ ریٹ سے زائد نرخوں پر فراہمی کا ٹھیکہ ،ناقص اشیاء کی فراہمی سمیت دیگر الزامات بھی سامنے آئے ہیں۔ یہ بھی معلوم ہوا ہے کہہ وینڈر اور اعلی افسران کو بچانے کے لئے بیوروکریسی نے سر جوڑ لئے ہیں اور چھوٹے ملازمین پر ملبہ ڈالا جارہا ہے

  • سرگودھا :انتظامیہ اور وینڈرز کی ملی بھگت ، رمضان نگہبان پیکج میں کروڑوں روپے کی کرپشن انکشاف

    سرگودھا :انتظامیہ اور وینڈرز کی ملی بھگت ، رمضان نگہبان پیکج میں کروڑوں روپے کی کرپشن انکشاف

    سرگودھا ،باغی ٹی وی(ادریس نواز چدھڑ کی رپورٹ)انتظامیہ اور وینڈرز کی ملی بھگت سے رمضان نگہبان پیکج میں کروڑوں روپے کی کرپشن انکشاف، سنگین بے ضابطگیوں ، ناقص و غیر معیاری اشیاء اور کم ناپ تول کے بھی مبینہ الزامات

    پنجاب کی نئی بننے والی حکومت اور مسلم لیگ ن کی انتظامیہ نے رمضان المبارک میں غریب نادار اور مستحق افراد کو ریلیف دینے کیلئے رمضان نگہبان پیکج کا اہتمام کیا اور اس سلسلہ میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے مستحق افراد کا ڈیٹا پنجاب کے تمام ڈپٹی کمشنرز کو مہیا کیا گیا اور ہدایت جاری کی گئی کہ معروف کمپنیوں سے معیاری اشیاء خرید کر کے رمضان نگہبان پیکج کی صورت میں اہل افراد کو ان کے گھر کی دہلیز پر پہنچایا جائے ۔

    جس میں سرگودھا انتظامیہ بری طرح ناکام نظر آئی اور مستحقین ذلیل و خوار ہو رہے ہیں ، اس سلسلہ میں انتظامیہ کی طرف سے پہلے بیان کے مطابق یہ راشن پونے دو لاکھ گھرانوں کو تقسیم ہونا تھا ، بعد ازاں اس کی تعداد 2 لاکھ 5 ہزار 8 سو 57 تک پہنچ گئی ۔

    لیکن ڈی سی سرگودھا کے 22-02-2024 کے ایک نوٹیفیکیشن کے مطابق ضلع کی تمام تحصیل وائز تعداد کے مطابق اس کی تعداد تین لاکھ دس ہزار تک پہنچا دی گئی اور اس میں ایسے افراد بھی شامل کر دیئے گئے جن کا نہ تو پہلے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں نام شامل تھا اور نہ ہی وہ اس کے حقدار یا اہل تھے ۔ جس کا انھوں نے کھلے عام اظہار بھی کیا اس کیلئے جو تخمینہ لاگت ظاہر کیا گیا اس کے دس کلو آٹا 1350 چینی دو کلو 280 بیسن دو کلو ، 460 گھی دو کلو ، 920 چاول دو کلو ، 560 فی تھیلا قیمت60 روپے لکھا گیا اور ایک پیکج کی اشیاء کی مکمل قیمت 3630 روپے ظاہر کی گئی اور تحصیل وائز مکمل مستحقین کی تعداد تین لاکھ دس ہزار ظاہر کی گئی اور ڈلیوری ٹائم 15-20 دن کا دورانیہ لکھا گیا

    اس پیکج کے مستحق افراد کیلئے مختص رقم 1125.30 ملین تحریر تھی اور اس کے علاوہ ترسیل ٹرانسپورٹ کیلئے بھی 135 ملین کے فنڈز درج ہیں یہاں پر سب سے زیادہ دلچسپ امر یہ ہے کہ رمضان نگہبان پیکج کیلئے رمضان المبارک شروع ہونے سے پہلے اور اس کی فراہمی کیلئے انتظامیہ کی طرف سے اس کا اوپن ٹینڈر بھی نہ کروایا گیا ہے تاکہ کوالٹی کے ساتھ ساتھ رجسٹرڈ ٹھیکیدار کی AUTHENTICATION منظر عام پر نہ آسکے اور ٹرانسپرنسی بھی قائم ہو سکے جو کہ پیپرا اور فنانشل رولز کی بھی سراسر خلاف ورزی ہے ۔

    بلکہ اس کہ برعکس اندرون خانہ مختلف نجی پرائیویٹ فرموں سے کوٹیشنز لی گئیں جو کہ ایک سوالیہ نشان ہے کیونکہ مختلف کمپنیوں سے لی گئی کوٹیشنز کو بھی آج تک خفیہ رکھا گیا ہے جبکہ قانون کے مطابق کوٹیشن صرف ایک لاکھ تک کی مالیت کے کام کی ہوتی ہے جبکہ یہ پروگرام سوا ایک ارب سے بھی تجاوز کر گیا ہے ۔

    ڈی سی سرگودھا کی طرف سے دیئے گئے من پسند وینڈرز کو جو ورک آرڈر جاری کیئے گئے ہیں ان میں دیئے گئے ریٹس اس لحاظ سے بھی منفرد اہمیت کے حامل ہیں ، مثال کے طور پر چینی مارکیٹ میں پرچون ریٹ پر 140 روپے میں فروخت ہو رہی ہے اور مل فیکٹری سے تیار ہو کر اور نکل کر حکومتی ٹیکسز شامل ہوکر مارکیٹ میں بھی تھوک ریٹ سے ہوتی ہوئی پرچون فروخت تک پہنچتے پہنچتے اس کا ریٹ 140 روپے پر کلوگرام ہے اور ہر جگہ فیئر پرائس شاپس پر دستیاب ہے لیکن انتظامیہ کی طرف سے جو ورک آرڈر جاری کیئے گئے ہیں ان پر دو کلو چینی کی قیمت8 .345 روپے درج ہے اسی طرح گھی آٹا چینی اور بیسن کی قیمتوں میں بھی نمایاں فرق ہے جو کہ پرائس کنٹرول ایکٹ کی بھی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے ۔

    اس کے ساتھ ساتھ سامان پر مشتمل اشیاء کو اکٹھا کر کے جس تھیلا کو بنایا گیا ہے اس کی کاسٹ بھی فی تھیلا 190.5روپے درج کی گئی اور ایک تھیلا کی ترسیل کے لیے بھی 215.4 روپے مختص کیے گئے ہیں جس میں کرپشن واضح طور پر نظر آرہی ہے اور تھیلا کی سلائی اور پیکنگ میں کم عمر بچوں کو کام پر لگا کر اور کم معاوضہ دے کر لیبر ایکٹ کی بھی کھلم کھلا خلاف ورزی کی جا رہی ہے ۔

    جبکہ موقع پر سامان کے غیر معیاری اور ناقص ہونے کے الزامات میں تو کسی قسم کا شک ہی نہ ہے اس سلسلہ میں فوڈ اتھارتی کی رپورٹ پر ناقص بیسن ثابت ہونے پر ایک وینڈر عدنان ڈوگر کے خلاف تھانہ ساجد شہید میں ایف آئی آر بھی درج کروائی گئی ہے ۔ بتدریج سیکنڈ وینڈر کے بہتر سامان مہیا کرنے والے پہلے وینڈر شیخ تنویر کا کہنا تھا کہ ساری انتظامیہ ہی کرپشن پر لگی ہوئی ہے ہر انتظامی افسر رشوت طلب کر رہا ہے ۔

    ڈی او انڈسٹری نے چار ہزار بیگ ناقص بیسن سپلائی کے دیئے ڈپٹی ڈائریکٹر پی ایچ اے و ڈائریکٹر ایڈمن سرگودھا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا اضافی چارج رکھنے والے عرصہ دراز سے سرگودھا ڈسٹرکٹ میں تعینات شفیق خان نیازی نے بھی ڈالڈا گھی 480 روپے کی بجائے 500 روپے میں خرید کرنے کے لیئے مجبور کیا چالیس لاکھ روپے کی کرپشن کرنا چاہتا تھا میرے انکار پر میرا معاہدہ ختم کرنے کی دھمکیاں دینے لگا جس پر میں نے معاہدہ کینسل کرنے کی خود ہی پیشکش کر دی اور انتظامیہ خود ہی وینڈر بن گئی اور فرنٹ مین کے طور پر ایک اور وینڈر کو متعارف کروا دیا ۔ جو کہ میلہ منڈی سپورٹس کمپلیکس میں دھڑا دھڑ ناقص غیر معیاری اور تھرڈ کلاس غیر معروف کمپنیوں کا سامان پیکنگ کرنے میں مصروف ہے ۔

    ظاہری حالات کے مطابق سرگودھا انتظامیہ وقتی ڈیڈ لائن کے مطابق مستحقین کو بروقت معیاری سامان کی سپلائی پہنچانے میں مکمل طور پر ناکام دکھائی دے رہی ہے ۔ نگہبان رمضان پیکج میں ملی بھگت سے بغیر سامان فراہمی کے نئے وینڈر شعیب اقبال کو 38 کروڑ روپے کی ایڈوانس ادائیگی کردی گئی ہے ۔

    ٹھیکیدار موصوف افسران کا چہیتا ہے اور آٹا گھی،چینی چاول اور بیسن کی خریداری افسران کے ذریعے کی جا رہی ہے ، ٹھیکیدار نگہبان پیکج میں کجھور اور کسان گھی ، موٹے 120 روپے کلو والے چاول، اور مکئی سے تیار شدہ بیسن فراہم کر رہا ہے، لاہور روڈ پر ایک ملز میں یہ بیسن تیار کیا جا رہا ہے ۔

    ٹھیکیدار کے خلاف ناقص اشیاء خوردونوش کی فراہمی پر 3 مقدمات درج ہو چکے ہیں اور فوڈ اتھارٹی نے ملی بھگت کر رکھی ہے ، ٹھیکیدار نے رحیم یار خان سے ناقص آٹا منگوا کر نگہبان پیکج میں شامل کردیا ہے ۔

    معلوم ہوا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سرگودھا میں رمضان نگہبان پیکج میں وسیع پیمانے پر کرپشن اور نئے ٹھیکیدار کو ملی بھگت سے ٹھیکہ دینے اور ناقص اشیاء کی فراہمی پر انکوائری کا حکم دیا ہے اور آئندہ چند روز میں کرپشن میں ملوث افسران اور ٹھیکیدار سمیت دیگر افراد کے خلاف کاروائی کی جائے گی ۔

    عوامی وسماجی حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ موجودہ صورتحال کا فی الفور نوٹس لیتے ہوئے ملوث ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے اور مستحقین کو بروقت سامان کی معیاری سپلائی مہیا کی جائے تاکہ حقداران حقیقی طور پر رمضان المبارک کی برکتوں سے مستفید ہو سکیں اور موجودہ پنجاب حکومت اور مسلم لیگ ن کے اس احسن نیک اقدام کو بجا طور پر سراہا جا سکے ۔

  • سرگودھا: پولیس کے افسران کرائم کنٹرول کرنے میں بری طرح ناکام، شہری عدم تحفظ کا شکار

    سرگودھا: پولیس کے افسران کرائم کنٹرول کرنے میں بری طرح ناکام، شہری عدم تحفظ کا شکار

    سرگودھا ،باغی ٹی وی( ادریس نواز چدھڑ سے )پولیس کے افسران کرائم کنٹرول کرنے میں بری طرح ناکام، شہری عدم تحفظ کا شکار

    تفصیلات کے مطابق سرگودھا ضلع بھر میں آئے روز چوری و ڈکیتی کی وارداتوں میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے ۔ جس کی وجہ سے شہری عدم تحفظ کا شکار ہو چکے ہیں ۔ جبکہ پولیس کے افسران چوری و ڈکیتی کی واداتوں کو کنٹرول کرنے میں مکمل طورپرناکام ہوچکے ہیں۔

    ڈی پی او سرگودھا کی جانب سے نئے پروموٹ ہوئے سب انسپکٹرز کو ایس ایچ اوز تو لگایا جا رہا ہے لیکن نہ تو کرائم کنٹرول ہو رہے ہیں اور نہ ہی پولیس لا اینڈ آرڈر کی صورتحال کو برقرار رکھ پا رہی ہے ۔ جس کی وجہ سے ضلع بھر میں آئے روز چوری ، ڈکیتی ، قتل ، اقدام قتل و دیگر وارداتوں میں ہوشربا اضافہ ہو چکا ہے ، جس پر ڈی پی او سرگودھا کی خاموشی بھی لمحہ فکریہ ہے ۔

    ڈی پی او سرگودھا فیلڈ میں پولیس جوانوں کیساتھ افطاری کرتے اور جوانوں کا حوصلہ بڑھاتے دکھائی دے رہے ہیں ، اس کے باوجود بھی کرائم میں کمی نہیں آ رہی جو کہ پولیس کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ پہلے نگران حکومت میں بھی یہی صورتحال تھی ، ہم نے سوچا کہ کوئی حکومت آ جائے گی تو حالات بدل جائیں گے لیکن موجودہ حکومت بھی دیگر کاموں میں مصروف ہے ۔ شہری آئے دن لُٹ رہے ہیں ۔ تھانوں میں انصاف ملنا بھی مشکل ہوچکاہے اور پولیس کو کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔

    تھانوں میں تعینات عملہ اپنی من مرضی کر رہا ہے ، شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ سرگودھا میں بگڑتی ہوئی لا اینڈ آرڈر کی صورتحال اور بڑھتے ہوئے کرائم پر فوری نوٹس لیں تاکہ افسران فوٹو سیشن کی بجائے حقیقی معنوں میں کام کر کے دکھائیں ۔ کیونکہ تمام افسران صرف فوٹو سیشن میں لگےہیں،

  • سرگودھا :گھریلو ملازمین پر تشدد ، مالکان نے گھریلو ملازمین میاں بیوی کے دانت توڑ دیے

    سرگودھا :گھریلو ملازمین پر تشدد ، مالکان نے گھریلو ملازمین میاں بیوی کے دانت توڑ دیے

    سرگودھا ،باغی ٹی وی (سٹی رپورٹرادریس نواز) گھریلو ملازمین پر تشدد کا ایک اور واقعہ سامنے آگیا جس میں مالکان نے گھریلو ملازمین میاں بیوی کے دانت توڑ دیے۔

    سرگودھا کے علاقے بچہ کلاں کی صفیہ بی بی اور اس کا شوہر محمد احمد 15 سال سے خیابان شیر میں آصف گوندل نامی شخص کے ہاں گھریلو ملازم ہیں، گزشتہ روز ملزمان آصف اور اس کے 3 بیٹوں وارث، زین اور عمر نے 30 ہزار روپے چوری کا الزام لگا کر گھریلو ملازم میاں بیوی پر تشدد کیا۔

    ملزمان 60 سالہ صفیہ بی بی اور 59 سالہ احمد کو ہاکی، بیٹ اور مکوں سے تشدد کا نشانہ بناتے رہے، تشدد کے باعث خاتون کے چہرے، بازوؤں پر نشانات لگے جب کہ خاوند احمد کے دانت ٹوٹ گئے، کینٹ پولیس نے واقعہ کی اطلاع پر ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔

    تشدد کا شکار صفیہ بی بی کا کہنا ہے کہ ہمیں 2 ماہ کی تنخواہ نہیں دی وہ مانگی تو ہم پر چوری کا الزام لگا کر تشدد کیا گیا، ہم سے 14 ہزار بھی چھین لیے، ساری رات ہمیں مارتے رہے۔

    متاثرہ میاں بیوی نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے انصاف کا مطالبہ کیا ہے جب کہ پولیس کا کہنا ہے کہ میاں بیوی کا میڈیکل کرا لیا ہے، رپورٹ آنے پر مقدے میں مزید دفعات لگائی جائیں گی، ملزمان کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔

  • سرگودھا:تھانہ ترکھانوالہ پولیس کا ایکشن،چار ملزمان گرفتار

    سرگودھا:تھانہ ترکھانوالہ پولیس کا ایکشن،چار ملزمان گرفتار

    سرگودھا،باغی ٹی وی ( ادریس نواز چدھڑ سے ) تھانہ ترکھانوالہ پولیس جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ان ایکشن، چار ملزمان گرفتار

    ڈی پی او سرگودھا محمد فیصل کامران کی ہدایت پر ایس ایچ او تھانہ ترکھانوالہ اسد حیات بھوانہ نے جرائم پیشہ افراد کیخلاف کمر کس لی ، ایس ایچ او اسد حیات بھوانہ نے منشیات فروشوں کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے بدنام زمانہ منشیات فروش عزیز کو گرفتار کر کے اس قبضہ سے ایک کلو 200 گرام چرس برآمد کر لی ۔ جبکہ گرفتار ملزم وسیم سے 30 لٹر شراب برآمد کی ۔

    ریڑھی چوری کے مقدمہ میں مطلوب ملزم ذوالفقار کو گرفتار کر کے مال مسروقہ بھی برآمد کر لیا گیا ۔ اسی طرح جواری کاشف کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر کے داؤ پر لگی رقم برآمد کر لی گئی ۔

    ایس ایچ او اسد حیات بھوانہ کے مطابق گرفتار ملزمان کی تفتیش جاری ہے مزید انکشافات کی توقع ہے ۔ برآمدہ مال مسروقہ بعد از قانونی کارروائی اصل مالکان کے حوالے کیا جائے گا ۔ گرفتار ملزمان کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی ۔

    بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر ڈی پی او سرگودھا نے ایس ایچ او تھانہ ترکھانوالہ اسد حیات بھوانہ اور ان کی ٹیم کو شاباش دی ہے

  • سرگودھا:صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات ملک صہیب احمد برتھ نے ماڈل بازار کا دورہ کیا

    سرگودھا:صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات ملک صہیب احمد برتھ نے ماڈل بازار کا دورہ کیا

    سرگودھا،باغی ٹی وی ( ادریس نواز چدھڑ سے ) صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات ملک صہیب احمد برتھ نے ماڈل بازار کا دورہ کیا

    تفصیلات کے مطابقحکومت پنجاب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق نگہبان رمضان پروگرام میں عوام الناس کو اشیاء ضروریہ کی فروخت کو سستے داموں اور سرکاری نرخ کے مطابق فروخت کروا رہی ہے ۔ جبکہ گرانفروشی اور مصنوعی مہنگائی کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن صوبہ بھر میں جاری ہے ۔

    ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات پنجاب ملک صہیب احمد برتھ نے ماڈل بازار بھیرہ میں انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر حاکم خان، سی ای او بھیرہ انیس عباس اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹ بھیرہ بھی ان کے ہمراہ تھے –

    صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات ملک صہیب احمد برتھ نے ماڈل بازار میں لگے اشیاء ضروریہ کے سٹال کا جائزہ لیا اور پھلوں اور سبزیوں کے معیار اور قیمتوں کو چیک کیا ۔

    صوبائی وزیر ملک صہیب برتھ نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ماڈل بازار میں آنے والے ہر شہری کو حکومت کے مقرر کردہ ریٹس کے مطابق ریلیف فراہم کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ کوئی بھی دکاندار ان سے گرانفروشی و منافع خوری نہ کرے ۔

    انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر بھیرہ کو بھی ہدایت کی کہ وہ بازار میں تعینات سٹاف کی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کریں –

  • سرگودھا:پولیس افسران و جوانوں کی جسمانی فٹنس  کیلئے فٹنس کلب کا افتتاح

    سرگودھا:پولیس افسران و جوانوں کی جسمانی فٹنس کیلئے فٹنس کلب کا افتتاح

    سرگودھا،باغی ٹی وی ( ادریس نواز چدھڑ سے ) شہید محسن عباس فٹنس کلب کا افتتاح کر دیا گیا

    پولیس افسران و جوانوں کی جسمانی فٹنس کو برقرار رکھنے کیلئے فٹنس کلب کا افتتاح کر دیا گیا ہے۔ پولیس لائنز سرگودھا میں تعمیر ہونے والا یہ کلب شہید کنسٹیبل محسن عباس کے نام سے منسوب کیا گیا ہے ۔شہید کے والد اور آر پی او شارق کمال صدیقی نے افتتاح کیا ۔

    اس موقع پر ڈی پی او محمد فیصل کامران، ایڈیشنل ایس پی اور ایس پی انوسٹی گیشن بھی موجود تھے۔ ڈی پی او محمد فیصل کامران نے بتایا کہ فٹنس کلب کو جدید سہولیات سے آراستہ کیا گیا ہے اور جسمانی ورزش کے جدید آلات نصب کیئے گئے ہیں جبکہ تربیت یافتہ اسٹاف ملازمین کو ضروری تربیت فراہم کرے گا ۔

    اس میں ملازمین کی ڈیوٹی کے اوقات کا خاص خیال رکھا گیا ہے ۔ اس موقع پر آر پی او شارق کمال صدیقی نے کہا کہ پولیس ملازمین کی جسمانی صحت کا خیال رکھنے کیلئے خصوصی اقدامات کیئے گئے ہیں۔

    جبکہ شہداء کو خراجِ تحسین پیش کرنے کیلئے اس کو شہید کنسٹیبل محسن عباس کے نام سے منسوب کیا گیا ہے

  • وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے سرگودھا کی تین شاہراہوں کو سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کر لیا گیا

    وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے سرگودھا کی تین شاہراہوں کو سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کر لیا گیا

    سرگودھا ،باغی ٹی وی( ادریس نواز چدھڑ سے ) وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے سرگودھا کی تین شاہراہوں کو سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کر لیا گیا،جھال چکیاں سے لک موڑ روڈ بھی شامل

    تفصیلات کے مطابقسرگودھا کی تحصیل بھلوال اور تحصیل بھیرہ کی تین شاہراہوں کو سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کر لیا گیاہے ۔ صوبائی وزیر مواصلات صہیب احمد بھرتھ کے مطابق للہ سے کندوال شاہ پور براستہ جھال چکیاں ، لک موڑ بھلوال روڈ ، بھیرہ ملکوال شاہ پور روڈ تا ساہیوال کی شاہراہوں پر تعمیراتی کام کو شروع کیا جائے گا ۔

    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور صوبائی وزیر مواصلات پنجاب ملک صہیب احمد بھرتھ کی ہدایت کے بعد محکمہ سی اینڈ ڈی ڈبلیو پنجاب نے تحصیل بھلوال اور تحصیل بھیرہ کی تین شاہراہوں کو بحالی و مرمت کیلئے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کر لیا ہے . ان شاہراہوں کی تعمیر سے تحصیل بھلوال اور تحصیل بھیرہ کے شہریوں کو بہترین سفری سہولیات فراہم ہوں گی اور ان کا سفر آرام دہ ہو گا ۔

    صوبائی وزیر ملک صہیب احمد بھرتھ نے کہا کہ للہ سے کندوال شاہ پور براستہ جھال چکیاں ، لک موڑ بھلوال روڑ ، بھیرہ ملکوال شاہ پور روڑ تا ساہیوال کی شاہراوں پر تعمیراتی کام کو شروع کیا جائے گا .

    انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے ان شاہراہوں کو سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرکے تحصیل بھلوال اور تحصیل بھیرہ کی عوام کے دیرینہ مطالبہ کو پورا کیا ہے ۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ان شاہراہوں کی تعمیر سے لوگوں کا معیار زندگی بہتر ہو گا . وزیراعلیٰ پنجاب کی قیادت میں این اے 82 اور پی پی 71 میں سڑکوں کا جال بچھے گا اور خراب سڑکوں کی بحالی ہو گی

  • سرگودھا: بستی طارق آباد نہ غریبوں کیلئے آٹا ، نہ نگہبان رمضان پیکج ، غریب دھکے کھانے پر مجبور

    سرگودھا: بستی طارق آباد نہ غریبوں کیلئے آٹا ، نہ نگہبان رمضان پیکج ، غریب دھکے کھانے پر مجبور

    سرگودھا،باغی ٹی وی ( ادریس نواز چدھڑ سے ) طارق آباد بستی کی صورت حال مرد و خواتین بچے پریشان ، نہ غریبوں کو آٹا نہ نگہبان رمضان پیکج ، غریب دھکے کھانے پر مجبور ہو گئے ۔

    تفصیلات کے مطابق سرگودھا میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا رمضان نگہبان پروگرام بری طرح ناکام رہا ۔ طارق آباد بستی کی غریب مرد و خواتین بچوں کے ہمراہ روزہ کی حالت میں نگہبان رمضان پیکج اور دس کلو آٹے کیلئے دربدر ہو گئے ۔

    ذرائع کے مطابق نگہبان پروگرام کے نتائج انتظامیہ سمیت سرکاری محکموں کی مبینہ نااہلی ، غلطیوں اور بدعنوانی کے باعث وہ برآمد نہیں ہو سکے ، جس کی امید کی جا رہی تھی ،مستحقین کو گھر تک راشن کی فراہمی کا ایک مقصد ان کی عزت نفس کو برقرار رکھنا اور حکومت کی غریب عوام کیلئے گھر کی دہلیز پر خدمت کے جذبہ کو بھی اجاگر کرنا تھا ۔ تمام تر کوششوں کے باوجود مستحقین پروگرام سے اس طرح مستفید نہیں ہو سکے اور لائنوں میں دھکے کھا رھے ہیں ۔

    پروگرام میں صرف بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں شامل مستحقین کو شامل کیا گیا ، حالانکہ اس بے نظیر پروگرام میں شامل مستحقین کی شفافیت پر سوال اٹھ رہے ہیں ۔ اور بڑی تعداد میں غیر مستحق خواتین بھی اس پروگرام میں شامل ہیں ۔ پروگرام کو وسیع بنانے کیلئے زکوٰۃ ، بیت المال سے امداد اور براہ راست درخواست دینے والوں کو بھی رمضان نگہبان پروگرام میں شامل کرنا ضروری تھا ۔

    اب وہ خاندان جنہیں امداد نہیں ملی وہ مایوس اور حکومت کی نااہلی پر بددعائیں دے رہے ہیں ۔ بلاشبہ حکومت نے مستحقین کو گھر گھر راشن پہنچانے کی بھرپور کوشش کی مگر سامان کو مختلف علاقوں میں لے جا کر بااثر سیاسی شخصیات کے ڈیروں پر رکھا گیا اور وہاں مستحقین کو بلا کر نہ صرف سیاسی مجمع لگایا گیا بلکہ ان کا تماشہ بھی بنایا گیا ۔

    جس سے مستحقین کاوقار اور عزت نفس مجروح ہوئی ۔ بہت سے ایسے مستحقین ہیں جو سامان کی فراہمی کے وقت گھروں پر موجود نہیں تھے یا ان سے موبائل پر رابطہ نہیں ہو سکا ایسے افراد کو ابھی تک امداد نہیں ملی اور وہ دربدر ہیں ۔