Baaghi TV

Category: سرگودھا

  • نعیم حیدر پنجوتھہ کےخلاف سرگودھا میں بجلی چوری کا مقدمہ درج

    نعیم حیدر پنجوتھہ کےخلاف سرگودھا میں بجلی چوری کا مقدمہ درج

    تحریک انصاف کے رہنما نعیم حیدر پنجوتھہ کےخلاف سرگودھا کے تھانہ بھیرہ میں بجلی چوری کا مقدمہ درج کر لیا گیا

    سرگودھا کی تحصیل بھیرہ میں فیسکو کی ٹاسک فورس نے مبینہ بجلی چوری پکڑ کر صارف کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا۔ایف آئی آر کے مطابق فیسکو کے ایس ڈی او محمد عاطف ضیاء کی جانب سے تھانہ بھیرہ میں درخواست دی گئی کہ فیسکو ٹاسک فورس کے ملازمین محمد انور چدھڑ اور محمد عمر نے 10 ستمبر 2026 کو ڈھل کے علاقے میں صارف نعیم حیدر ولد محمد حیات کے بجلی میٹر کو چیک کیا۔رپورٹ کے مطابق موقع پر نصب میٹر مشکوک پائے جانے پر اتار کر فیسکو لیبارٹری سرگودھا بھجوایا گیا۔ ایکسین ایم اینڈ ٹی سرگودھا کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ میٹر کی باڈی کے ساتھ مبینہ ٹیمپرنگ کے شواہد ملے، دونوں اطراف کی سیل ٹوٹی ہوئی تھیں جبکہ میٹر کی باڈی بھی کھلی ہوئی تھی۔ایف آئی آر میں مزید الزام عائد کیا گیا ہے کہ اضافی تار لگا کر میٹر کے تھمبل کو مبینہ طور پر شَنٹ کیا گیا تھا اور اس طریقے سے بجلی چوری کی جا رہی تھی۔پولیس نے فیسکو حکام کی درخواست پر صارف نعیم حیدر کے خلاف دفعہ 462-I کے تحت مقدمہ درج کرکے کارروائی شروع کردی ہے۔

  • جوہر آباد میں نکاح خواں رشوت لیتے ہوئے گرفتار

    جوہر آباد میں نکاح خواں رشوت لیتے ہوئے گرفتار

    سرگودھا میں نکاح نامہ میں ضروری تصحیح کرنے کے عوض 10 ہزار روپے رشوت لینے والے نکاح رجسٹرار کو گرفتار کر لیا گیا۔ نکاح رجسٹرار کی گرفتاری اینٹی کرپشن ڈیپارٹمنٹ نے سٹنگ آپریشن کے ذریعے عمل میں لائی۔

    اینٹی کرپشن سرگودھا کے حکام کے مطابق نکاح رجسٹرار کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔ اینٹی کرپشن سرگودھا کی ایک ٹیم نے جوڈیشل مجسٹریٹ احمد وقاص کے ہمراہ جوہرآباد میں کارروائی کی، جہاں حافظ محمد عبدالرشید، نکاح رجسٹرار جوہرآباد، کو 10 ہزار روپے رشوت وصول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا۔

    اینٹی کرپشن ڈیپارٹمنٹ کے حکام کے مطابق معاملہ نکاح نامہ میں دولہا کی ازدواجی حیثیت کے اندراج سے متعلق تھا۔ نکاح رجسٹرار نے نکاح نامہ کی دستاویز میں ازدواجی حیثیت کے کالم میں دولہا کی حیثیت شادی شدہ کے بجائے غیر شادی شدہ تحریر کردی تھی۔

    حکام کے مطابق بعد ازاں نکاح نامہ میں اس غلطی کی تصحیح کرنے کے عوض نکاح رجسٹرار نے 10 ہزار روپے رشوت طلب کی اور یہ رقم وصول کی۔

    اینٹی کرپشن حکام کے مطابق رشوت کی رقم وصول کیے جانے کی کارروائی کے دوران اینٹی کرپشن خوشاب کی ٹیم نے سٹنگ آپریشن کرتے ہوئے چھاپہ مارا اور حافظ محمد عبدالرشید کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔

    کارروائی کے دوران اینٹی کرپشن ٹیم نے نکاح خواں سے رشوت کی مد میں لیے گئے نشان زدہ کرنسی نوٹ بھی برآمد کرلیے۔

  • خوشاب میں گھر سے مرد اور خاتون کی لاشیں برآمد

    خوشاب میں گھر سے مرد اور خاتون کی لاشیں برآمد

    پنجاب کے ضلع خوشاب کے گاؤں مردوال میں ایک گھر سے مرد اور خاتون کی لاشیں برآمد ہونے کے بعد علاقے میں تشویش پھیل گئی۔ پولیس کے مطابق دونوں افراد کے جسموں پر گولیوں کے نشانات پائے گئے ہیں، جس کے باعث واقعے کو فائرنگ کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے۔

    پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ مرد نے خاتون کو مبینہ طور پر فائرنگ کرکے قتل کرنے کے بعد خودکشی کی۔ تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے اصل محرکات اور دونوں افراد کی موت کے حالات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں اور تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

    واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور گھر کا جائزہ لینے کے بعد شواہد اکٹھے کیے۔ دونوں لاشوں کو ضروری کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق پوسٹ مارٹم اور دیگر شواہد کی روشنی میں اموات کی وجوہات اور واقعے کی مکمل صورتحال مزید واضح ہوگی۔

    پولیس اس بات کا بھی تعین کرنے کی کوشش کر رہی ہے کہ دونوں افراد کے درمیان کیا تعلق تھا اور واقعے سے قبل ان کے درمیان کسی قسم کا تنازع یا اختلاف موجود تھا یا نہیں۔ واقعے کے حوالے سے مختلف پہلوؤں سے تفتیش کی جا رہی ہے تاکہ اصل حقائق سامنے آسکیں۔

    دریں اثنا، خوشاب میں ہلاک ہونے والے شخص کی ایک مبینہ آڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔ آڈیو کی صداقت اور اس میں موجود دعوؤں کی تاحال آزادانہ یا پولیس کی جانب سے تصدیق نہیں کی گئی، تاہم پولیس واقعے سے متعلق دستیاب تمام شواہد اور معلومات کا جائزہ لے رہی ہے۔

    پولیس کے مطابق تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی واضح ہوسکے گا کہ دونوں اموات کس طرح اور کن حالات میں پیش آئیں۔

  • نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا نے اہم سنگِ میل عبور کرلیا

    نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا نے اہم سنگِ میل عبور کرلیا

    سرگودھا: امراضِ قلب کے علاج کے شعبے میں نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا نے اہم سنگِ میل عبور کرلیا، جہاں پہلی مرتبہ مریض کے دل میں پیس میکر کامیابی سے نصب کردیا گیا۔

    یہ اہم طبی کامیابی ایچ او ڈی کارڈیالوجی ڈاکٹر اویس اور ان کی ماہر طبی ٹیم کی کاوشوں سے حاصل ہوئی۔ پیس میکر ایسے مریضوں کیلئے انتہائی اہم طبی سہولت ہے جن کے دل کی دھڑکن غیر معمولی طور پر سست ہوجائے یا دل کے قدرتی برقی نظام میں خرابی پیدا ہوجائے۔

    پیس میکر کی کامیاب تنصیب کے بعد سرگودھا اور گردونواح کے مریضوں کو اس علاج کیلئے لاہور، اسلام آباد اور دیگر بڑے شہروں کا سفر کرنے کی ضرورت کم ہوجائے گی۔ مقامی سطح پر یہ سہولت دستیاب ہونے سے دل کے مریضوں کو بروقت اور جدید علاج کی سہولت میسر آئے گی۔

    نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا میں الیکٹرو فزیالوجی کیتھ لیب کا افتتاح اور اس میں پہلے پیس میکر کی کامیاب تنصیب علاقے میں جدید امراضِ قلب کے علاج کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دی جارہی ہے۔

    طبی ماہرین کے مطابق اس سہولت سے نہ صرف مریضوں کو علاج کی بہتر سہولت ملے گی بلکہ انہیں بڑے شہروں کے ہسپتالوں میں علاج کیلئے طویل سفر اور اضافی اخراجات سے بھی کسی حد تک نجات مل سکے گی۔

    ڈاکٹر اویس، ان کی طبی ٹیم اور نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا کی انتظامیہ اس اہم طبی کامیابی پر مبارکباد کی مستحق ہے۔ یہ پیش رفت اہلِ سرگودھا اور گردونواح کے مریضوں کیلئے امید، آسان رسائی اور جدید طبی سہولیات کی جانب ایک مثبت قدم ہے۔

  • سرگودھا زیادتی کیس، 7 سالہ بچی واقعے کے روز دو مرتبہ دکان پر آئی تھی،ڈی پی او

    سرگودھا زیادتی کیس، 7 سالہ بچی واقعے کے روز دو مرتبہ دکان پر آئی تھی،ڈی پی او

    سرگودھا: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) سرگودھا محمد صہیب نے کہا ہے کہ کریانہ اسٹور میں زیادتی کے بعد قتل ہونے والی 7 سالہ بچی واقعے کے روز دو مرتبہ دکان پر آئی تھی۔ پہلی بار وہ صبح سویرے دکان پر آئی اور واپس چلی گئی، جبکہ بعد ازاں دوبارہ آنے پر افسوسناک واقعہ پیش آیا۔

    متاثرہ خاندان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈی پی او نے بتایا کہ والدین کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچی تو دکان کی تیسری منزل پر واقع ایک بند کمرے کے باہر خون کے دھبے موجود تھے۔ پولیس نے دکان پر موجود دیگر افراد کو طلب کیا اور مرکزی ملزم سے پوچھ گچھ کی، جس کے بعد اس نے بچی کی لاش کی نشاندہی کی۔انہوں نے بتایا کہ جس کمرے سے لاش برآمد ہوئی، اس کی چابی بھی مرکزی ملزم کے قبضے میں تھی۔ مزید یہ کہ قتل کے بعد ملزم کھانا لینے کا بہانہ بنا کر دکان سے نکل گیا تھا۔

    ڈی پی او کے مطابق کیس کی سائنسی بنیادوں پر تفتیش جاری ہے اور اب تک تقریباً 80 مشکوک افراد کے ڈی این اے نمونے فرانزک تجزیے کے لیے لاہور کی لیبارٹری بھجوائے جا چکے ہیں۔ حتمی فرانزک رپورٹ آئندہ دو ہفتوں میں موصول ہونے کی توقع ہے۔انہوں نے بتایا کہ مقدمے میں مرکزی ملزم کے علاوہ مزید چار افراد کو بھی گرفتار کیا گیا ہے، جبکہ کریانہ اسٹور دو پارٹنرز کی شراکت سے چلایا جا رہا تھا، جس کے مختلف پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔اس موقع پر مقتولہ کے والد نے کہا کہ پولیس نے میرٹ پر تحقیقات کی یقین دہانی کرائی ہے اور وہ اب تک کی تفتیش سے مطمئن ہیں۔

    واضح رہے کہ سرگودھا میں 7 سالہ بچی کو مبینہ طور پر زیادتی کے بعد قتل کر دیا گیا تھا، جبکہ مرکزی ملزم بعد ازاں مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات جاری ہیں اور فرانزک رپورٹ کی روشنی میں مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

  • بدفعلی کا گھر کیوں بتایا؟ملزمان نے 12 سالہ بچے کو گڑھے میں زندہ دفن کر دیا

    بدفعلی کا گھر کیوں بتایا؟ملزمان نے 12 سالہ بچے کو گڑھے میں زندہ دفن کر دیا

    سرگودھا: سرگودھا کے تھانہ جھال چکیاں کی حدود میں انسانیت سوز واقعہ پیش آیا، جہاں مبینہ طور پر 12 سالہ بچے کو زندہ گڑھے میں دفنانے کی کوشش کی گئی۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کر کے دو نامزد ملزمان کو گرفتار کر لیا، جبکہ تیسرے ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

    پولیس کے مطابق متاثرہ 12 سالہ بچے دانش عرف غلام رسول کے ساتھ مبینہ طور پر تقریباً 20 روز قبل ملزم قمر نے زیادتی کی۔ الزام ہے کہ جب بچے کی جانب سے واقعے کی شکایت کی گئی تو ملزمان نے اسے خاموش کرانے کے لیے گڑھے میں پھینک دیا اور اس کے جسم پر مٹی ڈال دی۔اطلاعات کے مطابق بچے کی چیخ و پکار سن کر اہلِ علاقہ موقع پر پہنچے اور فوری طور پر پولیس اور ریسکیو 1122 کو اطلاع دی۔ ریسکیو اہلکاروں نے مقامی افراد کی مدد سے بچے کو گڑھے سے بحفاظت نکال کر طبی امداد فراہم کی۔متاثرہ بچے کو تشویشناک حالت میں ڈسٹرکٹ ٹیچنگ ہسپتال سرگودھا منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں کے مطابق اس کی حالت اب خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمے میں نامزد تینوں ملزمان آپس میں سگے بھائی ہیں۔ دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ تیسرے ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ایس ایچ او تھانہ جھال چکیاں نے کہا ہے کہ واقعے میں ملوث تمام ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور کیس کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

  • سرگودھا: 7 سالہ منتہا زہرہ زیادتی و قتل کیس، لواحقین کادیگر ملزمان کیخلاف کاروائی کا مطالبہ

    سرگودھا: 7 سالہ منتہا زہرہ زیادتی و قتل کیس، لواحقین کادیگر ملزمان کیخلاف کاروائی کا مطالبہ

    سرگودھا میں زیادتی کے بعد قتل کی جانے والی 7 سالہ بچی منتہا زہرہ کے اہلِ خانہ نے پولیس تفتیش پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے انصاف کی فراہمی اور واقعے میں ملوث تمام افراد کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

    مقتولہ کے لواحقین کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے بچی کی لاش عمارت کی تیسری منزل سے برآمد ہوئی، جبکہ واقعے کے وقت متعلقہ دکان میں پانچ افراد موجود تھے، اس لیے تمام افراد سے مکمل اور غیرجانبدارانہ تفتیش کی جائے تاکہ کوئی بھی ملزم قانون کی گرفت سے نہ بچ سکے۔اہلِ خانہ کے مطابق 7 سالہ منتہا زہرہ کریانہ کی دکان پر سامان خریدنے گئی تھی، جہاں مبینہ طور پر اسے جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق مقدمے کا مرکزی ملزم ارسلان گزشتہ روز ایک مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہو گیا تھا، جبکہ مزید چار افراد کو حراست میں لے کر تفتیش جاری ہے۔

    دوسری جانب سرگودھا انتظامیہ نے واقعے کے بعد ملزم کی دکان کے باہر قائم شٹر، فٹ پاتھ اور تشہیری بورڈ کو مسمار کر دیا ہے۔ واقعے کے خلاف شہریوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے اور متعدد افراد نے دکان کے باہر احتجاج کرتے ہوئے پتھراؤ بھی کیا۔مرکزی ملزم ارسلان کی والدہ نے بھی میڈیا سے گفتگو میں مطالبہ کیا ہے کہ اگر ان کے بیٹے کے ساتھ دیگر افراد بھی اس جرم میں ملوث ہیں تو انہیں بھی قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ دکان کے مالک اور مقتولہ کے والد کے درمیان پہلے سے تنازع موجود تھا، جس کی بھی تحقیقات ہونی چاہئیں تاکہ اصل حقائق سامنے آسکیں اور کوئی ملزم بچ نہ سکے۔

    پوسٹ مارٹم رپورٹ میں واقعے کی ہولناکی مزید واضح ہو گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق بچی کو قتل سے قبل بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ اس کے چہرے سمیت جسم کے مختلف حصوں پر تشدد کے سات نشانات پائے گئے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بچی کے چہرے اور ماتھے کی ہڈیاں ٹوٹی ہوئی تھیں جبکہ سر کے دائیں جانب بھی زخم موجود تھے۔ طبی معائنے کے مطابق بچی کی موت شہ رگ کٹنے کے باعث واقع ہوئی جبکہ اس سے جنسی زیادتی کی بھی تصدیق ہوئی ہے۔

    ادھر مرکزی ملزم ارسلان کی تدفین کے حوالے سے بھی غیرمعمولی صورتحال سامنے آئی۔ ذرائع کے مطابق جب پوسٹ مارٹم کے بعد ملزم کی لاش آبائی علاقے منور ٹاؤن پہنچائی گئی تو مقامی افراد نے اس کا جنازہ پڑھنے اور مقامی قبرستان میں تدفین کی اجازت دینے سے انکار کر دیا۔ بعد ازاں لاش کو حیدر آباد ٹاؤن منتقل کیا گیا جہاں تدفین کے انتظامات کیے گئے۔

    واضح رہے کہ تین روز قبل سرگودھا کے علاقے کارخانہ بازار بلاک 8 میں 7 سالہ منتہا زہرہ کے ساتھ مبینہ طور پر زیادتی کے بعد اس کا گلا کاٹ کر قتل کر دیا گیا تھا۔ افسوسناک واقعے نے پورے شہر کو سوگوار کر دیا ہے جبکہ عوام کی جانب سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ واقعے میں ملوث تمام کرداروں کو بے نقاب کر کے عبرتناک سزا دی جائے۔

  • سرگودھا،14 سالہ نوجوان کے ساتھ مبینہ بدفعلی کے بعد جان لے لی گئی

    سرگودھا،14 سالہ نوجوان کے ساتھ مبینہ بدفعلی کے بعد جان لے لی گئی

    سرگودھا میں 14 سالہ نوجوان کو مبینہ بدفعلی کے بعد زہریلی شراب پلا کر قتل کیے جانے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے۔ پولیس نے مقتول کے والد کی مدعیت میں 2 نامزد جبکہ ایک نامعلوم ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ نوجوان کو پہلے مبینہ طور پر بدفعلی کا نشانہ بنایا گیا اور بعد ازاں اسے زہریلی شراب پلا کر قتل کیا گیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ اہل خانہ غم سے نڈھال ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ حکام کے مطابق بچے کا پوسٹ مارٹم کروایا جائے گا جس کی رپورٹ سامنے آنے کے بعد موت کی اصل وجوہات اور واقعے کی نوعیت کے حوالے سے حتمی طور پر کچھ کہا جا سکے گا۔

  • سابق انٹرنیشنل کرکٹر نوید لطیف کے بیٹے پر تشدد،مقدمہ درج

    سابق انٹرنیشنل کرکٹر نوید لطیف کے بیٹے پر تشدد،مقدمہ درج

    سرگودھا میں سابق انٹرنیشنل کرکٹر نوید لطیف کے بیٹے کو 5 افراد نے تشدد کا نشانہ بنایا ہے، واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    پولیس کے مطابق ملزمان نوید لطیف کے بیٹے کو زخمی حالت میں چھوڑ کر فرار ہوگئے،نوید لطیف نے پولیس کو بیان دیا کہ 2 ملزمان موسیٰ خان اور رانا مسکن ان کے بیٹے کو تنگ کرتے تھے،پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تفتیش شروع کردی گئی ہے جبکہ ملزمان کو بھی جلد گرفتار کرلیا جائے گا،پولیس کے مطابق واقعہ 26 اپریل 2026 کی شام تقریباً 5:30 بجے چک نمبر 49 شمالی کے قریب پیش آیا، جہاں متاثرہ نوجوان محمد روبان سودا سلف لینے کے لیے گھر سے نکلا تھا۔ اسی دوران راستے میں موجود ملزمان نے اس کا راستہ روک لیا اور مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا۔

    ابتدائی اطلاعی رپورٹ (ایف آئی آر) کے مطابق مرکزی ملزم موسیٰ خان، جو پہلے متاثرہ خاندان کے ہمسایہ رہ چکا ہے، نے نوجوان کو مکے مارے جس سے اس کا جبڑا متاثر ہوا۔ جبکہ دوسرے ملزم نے لوہے کی کسی چیز سے وار کر کے اس کے چہرے کو زخمی کر دیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملزمان نے نوجوان کو زمین پر گرانے کے بعد بھی تشدد جاری رکھا۔واقعے کے دوران راہگیروں آفتاب احمد اور بلال نے زخمی نوجوان کو دیکھا اور مداخلت کر کے اسے ملزمان سے چھڑوایا۔متاثرہ کے والد نوید لطیف کے مطابق ملزم موسیٰ خان سے پرانی رنجش چلی آ رہی تھی، اور اس سے قبل بھی اس نوعیت کے واقعات پیش آ چکے ہیں، جن کی شکایت ملزم کے والد کو کی گئی تھی۔زخمی نوجوان کو فوری طور پر فیصل مسعود ٹیچنگ ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کا میڈیکل کیا گیا جبکہ رپورٹ کا انتظار ہے۔پولیس نے مقدمہ نمبر 1328/26 درج کرتے ہوئے ملزمان کے خلاف تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 147، 149 اور 341 کے تحت کارروائی شروع کر دی ہے۔ تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں اور ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔

  • عوام کے پاس پیپلز پارٹی کے علاوہ کوئی آپشن نہیں،اگلا وزیراعظم بلاول بھٹو ہوگا.گورنر سلیم حیدر

    عوام کے پاس پیپلز پارٹی کے علاوہ کوئی آپشن نہیں،اگلا وزیراعظم بلاول بھٹو ہوگا.گورنر سلیم حیدر

    سرگودھا (باغی ٹی وی،نامہ نگارملک شاہنوازجالپ)سرگودھا میں ڈویثرنل بلدیاتی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا کہ عوام نوشتہ دیوار پڑھ لیں، اگلا وزیر اعظم بلاول بھٹو ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہم حکومت کے ساتھ محبت میں نہیں بلکہ مجبوری میں ہیں، جبکہ ائیر کنڈیشنر کمروں میں بننے والی پالیسیوں سے عوام مایوس اور پریشان ہیں۔ سردار سلیم حیدر نے پیپلز پارٹی کو غریب اور کمزور کی آواز قرار دیتے ہوئے کہا کہ پریشان عوام کے پاس پارٹی کے علاوہ کوئی متبادل نہیں۔

    گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ذاتی مفادات کی بجائے ملکی مفادات کو ترجیح دی ہے اور عوامی مسائل کے حل میں پیش پیش رہی ہے۔

    پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ندیم افضل چن نے خطاب میں پنجاب حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ صوبے میں سی سی ڈی کے ذریعے چھوٹے ڈاکوؤں کو مروایا جا رہا ہے، جبکہ بڑے ڈاکو بنک لوٹنے میں مصروف ہیں اور انہیں تحفظ دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کسانوں اور کاشتکاروں کی حالت زار پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ کینو یا آلو کی فصلیں سب تباہ ہو رہی ہیں، جس سے کسان و کاشتکار شدید پریشان ہیں۔

    سابق وزیر مملکت تسنیم احمد قریشی نے کنونشن سے خطاب میں بتایا کہ 31 جنوری کو لاہور میں صوبے بھر کے بلدیاتی نمائندوں اور عہدیداران کے لیے صوبائی کنونشن منعقد کیا جائے گا۔ ڈویثرنل بلدیاتی کنونشن میں سرگودھا ڈویژن کے پارٹی عہدیداروں اور جیالوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔