Baaghi TV

Category: سیالکوٹ

  • سیالکوٹ: سٹی ٹریفک پولیس کا فلاحی اقدام، شہریوں میں مفت ہیلمٹس تقسیم

    سیالکوٹ: سٹی ٹریفک پولیس کا فلاحی اقدام، شہریوں میں مفت ہیلمٹس تقسیم

    سیالکوٹ (بیوروچیف خرم میر) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سیالکوٹ فیصل شہزاد کی خصوصی ہدایات پر سٹی ٹریفک پولیس سیالکوٹ کی جانب سے شہریوں کے لیے فلاحی اقدام کے طور پر شیل چوک میں مفت ہیلمٹس تقسیم کیے گئے۔ اس مہم کی نگرانی ڈی ٹی او سیالکوٹ مدثر صدیق نے کی، جبکہ ڈی ایس پی ٹریفک سٹی سرکل نے شہریوں میں خود ہی ہیلمٹس تقسیم کیے۔

    اس موقع پر شہریوں کو روڈ سیفٹی اور ہیلمٹ کے استعمال کی اہمیت سے متعلق آگاہی بھی فراہم کی گئی۔ ڈی ایس پی نے کہا کہ ہیلمٹ صرف ایک قانونی تقاضا نہیں بلکہ انسانی جان کی حفاظت کے لیے بنیادی ضرورت ہے، ہر موٹر سائیکل سوار کو چاہیے کہ وہ اپنی اور دوسروں کی سلامتی کے لیے ہیلمٹ کا استعمال یقینی بنائے۔

    سٹی ٹریفک پولیس سیالکوٹ نے واضح کیا کہ وہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے، اور آئندہ بھی ایسے فلاحی اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

  • ڈسکہ: انجمن خدمت خلق کا 756 واں اجلاس، شہر کی سڑکوں کی خستہ حالی پر تشویش

    ڈسکہ: انجمن خدمت خلق کا 756 واں اجلاس، شہر کی سڑکوں کی خستہ حالی پر تشویش

    ڈسکہ (باغی ٹی وی نامہ نگار ملک عمران) انجمن خدمت خلق رجسٹرڈ ڈسکہ کا 756 واں ماہانہ اجلاس زچہ بچہ ہسپتال پسرور روڈ پر سینئر نائب صدر خان عباس خان کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس کا آغاز حافظ عبدالغفار کی تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا، جبکہ نعت رسول مقبول ﷺ انوار احمد سیال نے پیش کی۔ جنرل سیکرٹری کی غیر موجودگی میں ایگزیکٹو ممبر شاہ نواز مغل ایڈووکیٹ نے گزشتہ اجلاس کی کارروائی پیش کی، جسے متفقہ طور پر منظور کیا گیا۔

    اس موقع پر صدر میاں سعید احمد صراف اور جنرل سیکرٹری محمد انور مغل بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ فنانس سیکرٹری انوار احمد سیال نے ماہ مئی 2025 کی مالی رپورٹ پیش کی، جسے بحث کے بعد منظور کر لیا گیا۔ بینک بیلنس کو تسلی بخش قرار دیا گیا اور فنڈ ریزنگ کرنے والے ممبران کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ سیکرٹری نشرو اشاعت سہیل سلمان ٹھروہی نے گزشتہ اجلاس کی شائع شدہ خبروں کی رپورٹ پیش کی، جس پر ان کی کارکردگی کو سراہا گیا۔

    اجلاس میں زچہ بچہ ہسپتال کے سابق ایڈمن محسن غوری اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ سوات میں پیش آنے والے المناک حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا گیا، جس میں 10 افراد جاں بحق ہوئے۔ طے پایا کہ اجلاس کے بعد تعزیت کے لیے ان کے گھر جایا جائے گا۔

    شہر کی موجودہ صورتحال پر بات کرتے ہوئے ممبران نے گہری تشویش ظاہر کی کہ ڈسکہ کی کوئی بھی سڑک درست حالت میں نہیں، تمام سڑکیں اُکھاڑی جا چکی ہیں۔ اجلاس میں انتظامیہ سے مطالبہ کیا گیا کہ تعمیری کام جلد مکمل کر کے عوام کو سہولت فراہم کی جائے، اور برسات کے موسم میں نکاسی آب کا مؤثر بندوبست کیا جائے۔

    اجلاس کا اختتام افتخار احمد کھوکھر کے والد کی وفات پر دعائے مغفرت، حافظ عبدالغفار کی دعا اور شاہ نواز مغل کی تواضع کے ساتھ کیا گیا۔

  • ڈسکہ: پرائس کنٹرول و صفائی پر اے سی سعدیہ جعفر کی انجمن تاجران سے میٹنگ

    ڈسکہ: پرائس کنٹرول و صفائی پر اے سی سعدیہ جعفر کی انجمن تاجران سے میٹنگ

    ڈسکہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار ملک عمران)اسسٹنٹ کمشنر سعدیہ جعفر کی زیر صدارت مرکزی انجمن تاجران ڈسکہ کے نمائندہ وفد کے ساتھ اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں پرائس کنٹرول، تجاوزات کے خاتمے اور شہر بھر میں صفائی ستھرائی کے انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس میٹنگ میں چیئرمین مرکزی انجمن تاجران محمد افضل منشاء، صدر میاں محمد اشرف، جنرل سیکرٹری شہزاد انجم گوشی بٹ سمیت تمام بازاروں کے صدور نے شرکت کی۔

    اسسٹنٹ کمشنر نے تاجروں کو شہر میں جاری حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا اور بتایا کہ شہری سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے بازاروں کی صفائی اور ناجائز تجاوزات کے خاتمے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ تاجر نمائندوں نے حکومتی پالیسیوں کو سراہتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

  • سیالکوٹ: نوجوانوں کو روڈ سیفٹی لیکچر، ہیلمٹ اور قوانین پر عملدرآمد کا عزم

    سیالکوٹ: نوجوانوں کو روڈ سیفٹی لیکچر، ہیلمٹ اور قوانین پر عملدرآمد کا عزم

    سیالکوٹ (بیوروچیف خرم میر)ٹریفک ایجوکیشن ونگ سیالکوٹ کے زیر اہتمام سوئمنگ سیکھنے والے نوجوانوں کو روڈ سیفٹی اور ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی فراہم کرنے کیلئے ایک خصوصی لیکچر کا انعقاد کیا گیا۔ لیکچر کی صدارت انچارج ایجوکیشن ونگ ڈاکٹر شفقت رسول نے کی، جنہوں نے نوجوانوں کو دورانِ ڈرائیونگ احتیاطی تدابیر اور قانون کی پاسداری کی اہمیت پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔

    ڈاکٹر شفقت رسول نے نوجوان شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "ہیلمٹ کا استعمال زندگی کی ضمانت ہے، جبکہ ون ویلنگ کوئی کھیل نہیں بلکہ موت کا پیغام ہے۔” انہوں نے کہا کہ تیز رفتاری، لاپرواہی اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی نہ صرف اپنی بلکہ دوسروں کی جانوں کو بھی خطرے میں ڈالتی ہے۔

    لیکچر کے دوران شرکاء کو عملی مثالوں سے سمجھایا گیا کہ کیسے معمولی سی غفلت کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے۔ ڈاکٹر شفقت رسول نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ روڈ سیفٹی اصولوں پر سختی سے عمل کریں، ٹریفک قوانین کا احترام کریں اور اپنے دوستوں و اہل خانہ کو بھی اس کی تلقین کریں تاکہ محفوظ سڑکوں کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکے۔

    لیکچر کے اختتام پر نوجوانوں نے اجتماعی طور پر عہد کیا کہ وہ ہیلمٹ کے استعمال کو یقینی بنائیں گے، تیز رفتاری سے اجتناب کریں گے اور ون ویلنگ جیسے خطرناک عمل سے مکمل پرہیز کریں گے۔ اس اقدام کو والدین اور شہری حلقوں کی جانب سے بھی سراہا گیا ہے۔

  • سیالکوٹ: دریاؤں، نہروں اور نالوں سے مٹی اور ریت نکالنے پر مکمل پابندی عائد

    سیالکوٹ: دریاؤں، نہروں اور نالوں سے مٹی اور ریت نکالنے پر مکمل پابندی عائد

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی،بیوروچیف خرم میر) ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی نے سیلابی سیزن کے پیش نظر عوامی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے دریاؤں، نہروں اور نالوں سے ریت اور مٹی نکالنے پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ اس ضمن میں ضلعی انتظامیہ نے سیکشن 144 کے تحت 60 روز کے لیے سخت پابندی نافذ کر دی ہے۔

    ڈپٹی کمشنر نے کہا ہے کہ غیر قانونی کھدائی کے باعث مصنوعی نالے بننے اور پانی کے قدرتی بہاؤ میں تبدیلی کا خطرہ موجود ہے، جس سے نہ صرف زرعی نظام متاثر ہو سکتا ہے بلکہ حفاظتی بند بھی شدید نقصان کا شکار ہو سکتے ہیں۔ پانی کی رفتار میں غیرمعمولی اضافہ ان بندوں کو کمزور کر کے ممکنہ تباہی کا سبب بن سکتا ہے۔

    انہوں نے واضح کیا کہ سیلابی سیزن میں تمام تر اقدامات انسانی زندگی اور املاک کے تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے کیے جا رہے ہیں، اور کسی قسم کی غفلت یا قانون شکنی برداشت نہیں کی جائے گی۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

    ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی جگہ خلاف ورزی یا غیر قانونی کھدائی کی اطلاع ہو تو فوری طور پر ہیلپ لائن 1718 یا فون نمبر 052-9250011 پر ضلعی انتظامیہ سے رابطہ کریں۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو حکم دیا ہے کہ اس پابندی کے احکامات پر فوری عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور اسے وسیع پیمانے پر مشتہر کیا جائے تاکہ عوامی شعور میں اضافہ ہو سکے۔

    ضلعی انتظامیہ کا یہ قدم ماحولیاتی تحفظ، آبی بہاؤ کی بحالی، اور ممکنہ قدرتی آفات سے بروقت بچاؤ کی جانب ایک مثبت پیش رفت ہے۔

  • سیالکوٹ: عظمت صحابہ و اہل بیت کانفرنس آج مرکزی عیدگاہ شہاب پورہ روڈ پر ہوگی

    سیالکوٹ: عظمت صحابہ و اہل بیت کانفرنس آج مرکزی عیدگاہ شہاب پورہ روڈ پر ہوگی

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی رپورٹ) مرکزی جمعیت اہل حدیث سیالکوٹ کے زیر اہتمام عظمت صحابہ و اہل بیت کانفرنس آج بروز ہفتہ، مرکزی عیدگاہ شہاب پورہ روڈ پر منعقد کی جا رہی ہے۔ کانفرنس کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

    مرکزی جمعیت اہل حدیث سیالکوٹ کے سیکرٹری اطلاعات و نشریات حافظ عبدالباسط حسن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کانفرنس میں ملک کے مختلف علاقوں سے نامور جید علمائے کرام، مفسرین اور شیخ الحدیث شرکت کریں گے اور عظمتِ صحابہ کرام و اہل بیت اطہار پر ایمان افروز خطابات فرمائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ اس روح پرور اجتماع کا مقصد امت مسلمہ میں صحابہ کرام اور اہل بیت کی عظمت و محبت کو اجاگر کرنا، اتحاد بین المسلمین کو فروغ دینا اور عوام کو اسلام کی اصل تعلیمات سے روشناس کروانا ہے۔

    حافظ عبدالباسط حسن نے شہرِ سیالکوٹ کے تمام مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس عظیم الشان کانفرنس میں بھرپور شرکت کر کے اپنے دلوں کو ایمان کی روشنی سے منور کریں اور دینِ حق کے پیغام کو سمجھیں۔

  • سیالکوٹ: ہمت کارڈ، دھی رانی پروگرام اور معاون آلات کی فراہمی کا جائزہ

    سیالکوٹ: ہمت کارڈ، دھی رانی پروگرام اور معاون آلات کی فراہمی کا جائزہ

    سیالکوٹ (بیوروچیف خرم میر)ڈویژنل کوآرڈینیٹر سوشل ویلفیئر و بیت المال گوجرانوالہ رانا علی یاسر اور ڈائریکٹر پروگرام لاہور مزمل یار نے سوشل ویلفیئر کمپلیکس سیالکوٹ کا تفصیلی دورہ کیا۔ انہوں نے دارالامان، ماڈرن چلڈرن ہوم اور صنعت زار کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے انیشیٹوز جیسے ہمت کارڈ، معاون آلات کی فراہمی اور دھی رانی پروگرام کی زمینی صورتحال کا جائزہ لیا۔

    ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر سیالکوٹ شریف گھمن نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے تحت 1200 خصوصی افراد کو سہ ماہی نقد امداد کی فراہمی کیلئے ہمت کارڈز جاری کیے جا چکے ہیں جبکہ 200 مستحق افراد کو وہیل چیئرز اور دیگر معاون آلات فراہم کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ دھی رانی پروگرام کی رجسٹریشن بھی مرحلہ وار جاری ہے، جس سے بے سہارا خواتین کو باعزت خود کفالت کی طرف گامزن کیا جا رہا ہے۔

    اس موقع پر ڈویژنل کوآرڈینیٹر رانا علی یاسر نے مختلف یونٹس کا جائزہ لیتے ہوئے سروسز کی بہتری پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ سوشل ویلفیئر و بیت المال پنجاب، وزیر اعلیٰ مریم نواز اور صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ کے ویژن کے مطابق معاشرے کے کمزور طبقات کو سہارا دینے کے لیے سرگرم ہے۔ انہوں نے کہا کہ مستحق افراد تک ان کے حقوق کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنانے کے لیے جاری منصوبوں کی سخت مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔

    دورے کے موقع پر منیجر صنعت زار محمد غالب، انچارج ماڈرن چلڈرن ہوم اسماء احمد، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز ابرار عبداللہ ساہی، عدنان سرور، اشفاق نذر گھمن اور پیر غلام حسین سلطانی بھی موجود تھے۔

  • سیالکوٹ: بزنس فیسلیٹیشن سینٹر کی شاندار کارکردگی، 99 فیصد درخواستیں مکمل

    سیالکوٹ: بزنس فیسلیٹیشن سینٹر کی شاندار کارکردگی، 99 فیصد درخواستیں مکمل

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، سٹی رپورٹر مدثر رتو)ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی کی زیر صدارت بزنس فیسلیٹیشن سینٹر (مرکزِ سہولتِ کاروبار) کی مارچ تا مئی 2025 کی سہ ماہی کارکردگی کا جائزہ اجلاس ڈی سی آفس کے کانفرنس روم میں منعقد ہوا، جس میں 33 محکموں کے نمائندوں سمیت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سید ایوب بخاری، سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر عمر خالد اور بی ایف سی منیجر طلحہ سلہریا نے شرکت کی۔

    ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بزنس فیسلیٹیشن سینٹر پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ اور محکمہ صنعت، تجارت و سرمایہ کاری کے تعاون سے ایک "ون ونڈو” سہولت کے طور پر کاروباری افراد، صنعتکاروں اور عام شہریوں کو خدمات فراہم کر رہا ہے، جس کا مقصد کاروباری ماحول کو سہل اور مؤثر بنانا ہے۔ یہ مرکز 11 جنوری 2024 سے فعال ہے اور ضلعی سطح پر سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔

    اجلاس میں پیش کردہ رپورٹ کے مطابق، مرکز نے سہ ماہی کے دوران 5,158 درخواستوں—جن میں رجسٹریشنز، لائسنسز، سرٹیفکیٹس اور پرمٹس شامل ہیں—پر کارروائی کی، جن میں سے 99 فیصد مکمل ہو چکی ہیں، جبکہ صرف 34 درخواستیں تاحال زیر التوا ہیں۔ مزید یہ کہ مرکز سے 7,516 شہریوں نے براہ راست خدمات حاصل کیں اور 2,055 مشاورتی نشستیں منعقد کی گئیں۔

    ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے زور دیا کہ آسان کاروبار کی فراہمی اور صنعتی ترقی کے لیے مرکزِ سہولتِ کاروبار کی فعالیت ضلعی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ اُنہوں نے سیالکوٹ چیمبر آف کامرس کے ساتھ قریبی مشاورت سے سروس ڈیلیوری کو مزید بہتر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

    اجلاس کے اختتام پر بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے محکموں اور افسران میں تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں تاکہ عوامی خدمت، سرمایہ کاری کے فروغ اور شفاف سروس فراہمی کے جذبے کو سراہا جا سکے۔

  • ڈسکہ: الیکٹرانک میڈیا کے نومنتخب عہدیداران کا اعلان، اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ

    ڈسکہ: الیکٹرانک میڈیا کے نومنتخب عہدیداران کا اعلان، اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ

    سیالکوٹ ( باغی ٹی وی،ڈویژنل بیوروچیف شاہدریاض) پریس کلب ڈسکہ (رجسٹرڈ) میں ایک اہم اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں الیکٹرانک میڈیا سے وابستہ نمائندگان کے لیے نومنتخب عہدیداران کے ناموں کا باضابطہ اعلان کیا گیا۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین پریس کلب محمد افضل منشاء نے کی، جبکہ شہر کی صحافتی برادری اور مختلف چینلز سے وابستہ نمائندگان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

    اجلاس میں چیئرمین محمد افضل منشاء نے کہا کہ الیکٹرانک میڈیا نے ہمیشہ عوامی مسائل کو اجاگر کرنے میں صفِ اوّل کا کردار ادا کیا ہے اور ان کی خدمات ہر سطح پر قابلِ ستائش ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر الیکٹرانک میڈیا کلب کے نئے عہدیداران کے ناموں کا باضابطہ اعلان کیا۔

    نومنتخب عہدیداران میں صدر کے طور پر شہباز علی محسن کو چُنا گیا، جبکہ جنرل سیکرٹری کے فرائض چوہدری نعیم اختر وریاہ انجام دیں گے۔ دیگر عہدیداران میں نوید اقبال خاں کو سینئر نائب صدر، عثمان حیدر اور شیخ نوید کو نائب صدر مقرر کیا گیا۔ ملک چاند کو سیکرٹری اطلاعات و نشریات کی ذمہ داری دی گئی جبکہ ملک شاہد تنویر کو جوائنٹ سیکرٹری اور شاہد ریاض کو ایڈیشنل سیکرٹری نامزد کیا گیا۔ مرزا آفتاب کو فنانس سیکرٹری مقرر کیا گیا جو مالی امور کی نگرانی کریں گے۔

    اس پروقار تقریب میں پریس کلب کے سینئر اراکین نے نومنتخب عہدیداران کو ہار پہنائے، انہیں دلی مبارکباد دی اور ان کی کامیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ اس موقع پر شرکاء نے کہا کہ یہ لمحہ نہ صرف میڈیا کی مضبوطی کی علامت ہے بلکہ ایک نئے عزم، اتحاد، اور ہم آہنگی کی شروعات بھی ہے۔

    شرکاء کا کہنا تھا کہ پریس کلب ڈسکہ اور الیکٹرانک میڈیا کلب کے درمیان قائم ہونے والا یہ اشتراک مستقبل میں صحافیوں کی آواز کو مزید مؤثر اور عوامی مفادات کے تحفظ کے لیے کارآمد ثابت ہوگا۔

    یہ اجلاس صحافتی برادری کے لیے حوصلہ افزا اور مثبت پیش رفت کا حامل قرار دیا گیا، جس نے ڈسکہ میں میڈیا کے کردار کو مزید فعال بنانے کا عندیہ دیا ہے۔

  • سیالکوٹ: برآمدی صنعتوں کے لیے یورپی ماحولیاتی ضوابط پر آگاہی سیمینار

    سیالکوٹ: برآمدی صنعتوں کے لیے یورپی ماحولیاتی ضوابط پر آگاہی سیمینار

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، سٹی رپورٹر مدثر رتو)سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (SCCI) کے زیرِ اہتمام کمیٹی برائے انڈسٹریل سیفٹی اینڈ رسک مینجمنٹ اور ایس جی ایس پاکستان کے اشتراک سے سائنس پر مبنی اہداف انیشی ایٹو (SBTi) اور یورپی کاربن بارڈر ایڈجسٹمنٹ میکانزم (CBAM) سے متعلق آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔

    سیمینار میں SCCI کے نائب صدر عمیر خالد اور انڈسٹریل سیفٹی اینڈ رسک مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین شیخ زہیب رفیق سیٹھی نے خصوصی شرکت کی۔ سیشن کا مقصد سیالکوٹ کی برآمدی صنعتوں کو ان نئے بین الاقوامی ضوابط اور ماحولیاتی تقاضوں کے مالی و حکمت عملی پہلوؤں سے روشناس کرانا تھا۔

    ماہرین نے اس موقع پر بتایا کہ تیزی سے بدلتے ہوئے عالمی تجارتی ماحول میں پائیدار صنعتی طریقے اپنانا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ پاکستان کی برآمدی صنعتیں بین الاقوامی منڈی میں مسابقتی برتری حاصل کر سکیں۔

    سیمینار کے دوران برآمد کنندگان کو SBTi اور CBAM جیسے اقدامات کے تحت متوقع چیلنجز اور مواقع سے آگاہ کیا گیا اور اس بات پر زور دیا گیا کہ پائیداری کی طرف منتقلی صنعتوں کے لیے ایک ناگزیر عمل بنتی جا رہی ہے۔