Baaghi TV

Category: سیالکوٹ

  • فالس فلیگ آپریشن کا پروپیگنڈا ناکام، مودی کے عزائم خاک میں ملا دیں گے،فردوس اعوان

    فالس فلیگ آپریشن کا پروپیگنڈا ناکام، مودی کے عزائم خاک میں ملا دیں گے،فردوس اعوان

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض) استحکام پاکستان پارٹی کی رہنما ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے بھارتی حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کا "فالس فلیگ آپریشن” کا پروپیگنڈا بری طرح ناکام ہو چکا ہے۔ بھارتی فوج کے اعلیٰ افسران خود اپنی غلطیوں اور ناکامیوں کا اعتراف کر رہے ہیں۔

    یوم مزدور کے موقع پر سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے محنت کشوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان کی جدوجہد کے باعث ہی دنیا ترقی کی راہوں پر گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کے بہادر سپوتوں نے ہمیشہ دشمن کو شکست دی ہے۔

    سرحدوں پر بسنے والوں کی نمائندگی کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مودی کی انتہا پسند سوچ کے سامنے پوری قوم چٹان بن کر کھڑی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مودی کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا جائے گا اور سیالکوٹ شہر دشمن کے ناپاک ارادوں کے خلاف پہلی دیوار ثابت ہوگا۔

    فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان نے 70 ہزار جانوں کا نذرانہ دے کر ملک میں امن قائم کیا ہے۔ انہوں نے دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف رہا ہے، جبکہ ہمارے دشمن نے ہمیشہ دہشت گردی کو سپورٹ کیا ہے۔ انہوں نے بلوچستان میں جعفر ایکسپریس پر ہونے والے دہشت گردی کے واقعے میں بھارت کی سوچ کو ملوث قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی میڈیا نے اس واقعے پر بغلیں بجائی تھیں۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستانی ریاستی اداروں اور حکومت نے بین الاقوامی سطح پر بھارت میں ہونے والی دہشت گردی کی شفاف تحقیقات کی پیشکش کی ہے۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بھارت معصوم اور نہتے شہریوں کو محکوم بنائے ہوئے ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت اپنے پھیلے ہوئے گند کو دیکھنے کی بجائے پاکستان پر الزامات لگانے پر اتر آتا ہے۔

    فردوس عاشق اعوان نے پہلگام واقعے کو بھارت کا ایک ڈرامہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ مودی اس واقعے کی آڑ میں پاکستان کے خلاف اپنے مذموم ارادے پورے کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی کے خلاف اقوام متحدہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔

    انہوں نے ہیومن رائٹس کی تنظیموں پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ مودی کے ان اقدامات پر خاموش کیوں ہیں؟ انہوں نے مودی سرکار کو ہوش کے ناخن لینے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان زرعی اجناس پوری دنیا کو ایکسپورٹ کرتا ہے اور مودی پانی بند کرنے کے فلمی ڈائیلاگ کی مارکیٹنگ کر رہے ہیں۔

  • سیالکوٹ: پروفیشنل پرنٹ اینڈ الیکٹرانک میڈیا ایسوسی ایشن کا اجلاس، پاک فوج سے یکجہتی کیلئے ریلی کا اعلان

    سیالکوٹ: پروفیشنل پرنٹ اینڈ الیکٹرانک میڈیا ایسوسی ایشن کا اجلاس، پاک فوج سے یکجہتی کیلئے ریلی کا اعلان

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیوروچیف: شاہد ریاض)پروفیشنل پرنٹ اینڈ الیکٹرانک میڈیا ایسوسی ایشن رجسٹرڈ کا اہم اجلاس مرکزی چیئرمین محمد خرم میر کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ریلی نکالی جائے گی۔ اجلاس میں شریک صحافیوں نے کہا کہ سیالکوٹ کی صحافتی برادری ملکی سلامتی کے محافظوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

    چیئرمین خرم میر نے کہا کہ اگر بھارت نے جنگ کی غلطی کی تو اسے واپسی کا راستہ نہیں ملے گا۔ سینئر صحافی میاں سلیم کا کہنا تھا کہ اگر جنگ شروع ہوئی تو بھارت دنیا کے نقشے پر باقی نہیں رہے گا۔ اجلاس میں صحافی رانا نوید، مہر مصطفیٰ، رانا جاوید، مدثر رتو، ارشد علی تبسم، عیسو مسیح اور دیگر نے بھی اظہار خیال کیا اور پاک فوج کے ساتھ مکمل جانی و مالی حمایت کا اعلان کیا۔

    شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملکی دفاع اور استحکام کی خاطر صحافی برادری ہر اول دستے کا کردار ادا کرے گی، اور دشمن کے عزائم کو قلم اور سچائی کے ذریعے ناکام بنایا جائے گا۔

  • سیالکوٹ:یومِ مزدور پر تقاریب،گورنر پنجاب کا بھارت پر وار، مزدوروں سے یکجہتی

    سیالکوٹ:یومِ مزدور پر تقاریب،گورنر پنجاب کا بھارت پر وار، مزدوروں سے یکجہتی

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض)ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن سیالکوٹ میں یومِ مزدور کے موقع پر ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں محنت کشوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان تمام مزدوروں، خصوصاً شکاگو کے ان جانثاروں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنے حقوق کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

    گورنر پنجاب نے اپنے خطاب میں پیپلز پارٹی کی مزدور دوست پالیسیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے 1972 میں پاکستان کی پہلی مزدور پالیسی متعارف کروا کر محنت کشوں کے حقوق کو آئینی تحفظ فراہم کیا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ محنت کش طبقے کے ساتھ کھڑے ہو کر ان کے مسائل کے حل کی کوشش کی اور آئندہ بھی یہ سفر جاری رکھا جائے گا۔

    انہوں نے اعلان کیا کہ گورنر ہاؤس محنت کشوں کے مسائل اور مطالبات کے حل کے لیے ایک فعال کردار ادا کرے گا تاکہ مزدوروں کو ان کا جائز حق مل سکے۔

    خطاب کے دوران گورنر پنجاب نے بھارت کے منفی کردار کو بھی سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بھارت خطے میں دہشتگردی کا سرغنہ بن چکا ہے، جو پاکستان میں بدامنی پھیلانے کے لیے "را” جیسے اداروں کے ذریعے کارروائیاں کر رہا ہے۔ انہوں نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشتگردی کے واقعات کو بھارتی مداخلت کا شاخسانہ قرار دیا اور کہا کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں سات لاکھ فوج کی موجودگی کے باوجود دہشتگردی کے ڈرامے اس کے خودساختہ بیانیے کا حصہ ہیں۔

    گورنر سلیم حیدر خان نے واضح کیا کہ پاکستان ایک مضبوط ایٹمی طاقت ہے اور اگر بھارت نے جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی تو اس کا انجام بھارت کی مرضی سے نہیں بلکہ پاکستان کے فیصلے کے مطابق ہوگا۔

    تقریب کے اختتام پر وکلاء اور شرکاء نے گورنر پنجاب کے خطاب کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور اسے جرات مندانہ اور حقیقت پسندانہ قرار دیا۔

  • سیالکوٹ: یومِ مزدور پر ورکرز تقریب، منشاءاللہ بٹ کا مزدوروں کو سہولیات کی فراہمی کا عزم

    سیالکوٹ: یومِ مزدور پر ورکرز تقریب، منشاءاللہ بٹ کا مزدوروں کو سہولیات کی فراہمی کا عزم

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی ،بیوروچیف شاہد ریاض)یومِ مزدور 2025 کے موقع پر پاکستان ورکرز فیڈریشن پنجاب کے زیرِ اہتمام ایک سالانہ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں رکنِ صوبائی اسمبلی محمد منشاءاللہ بٹ نے بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں سیالکوٹ کے ہنر مندوں اور محنت کشوں کی مہارت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہاں تیار ہونے والے سرجیکل آلات، چمڑے کی مصنوعات اور کھیلوں کا سامان اپنی اعلیٰ معیار اور پائیداری کے باعث دنیا بھر میں مشہور ہیں۔ ان صنعتوں کے ذریعے نہ صرف پاکستان کا نام روشن ہوا ہے بلکہ اربوں ڈالر کا قیمتی زرمبادلہ بھی حاصل ہو رہا ہے۔

    تقریب میں صدر ورکرز فیڈریشن پنجاب چودھری محمد اشرف، رفیق مغل، یوسف باجوہ اور دیگر مزدور یونینز کے نمائندے شریک ہوئے۔ اس موقع پر ورکرز یونین نے منشاءاللہ بٹ کا پرتپاک استقبال کیا اور مزدوروں کے مسائل اور مطالبات بھی پیش کیے۔

    منشاءاللہ بٹ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے نہ صرف کم از کم اجرت میں اضافہ کیا بلکہ اس پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے متعلقہ اداروں کو واضح ہدایات بھی جاری کی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت نے سوشل سیکیورٹی اسپتال، قائداعظم ورکرز پبلک اسکول اور ورکرز کالونی جیسے منصوبے مکمل کیے جبکہ سیالکوٹ میں ایک نئی لیبر کالونی کے قیام کی کوششیں جاری ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز کا راشن کارڈ پروگرام باقاعدہ طور پر شروع ہو چکا ہے، جس کے تحت 40 ارب روپے کی سبسڈی، ماہانہ 3,000 روپے ریلیف اور اشیائے خوردونوش پر 20 فیصد رعایت فراہم کی جا رہی ہے۔ یہ تمام اقدامات محنت کش طبقے کے ساتھ کیے گئے وعدوں کی عملی شکل ہیں۔

    انہوں نے اعلان کیا کہ لاہور کے ورکرز اسپتال میں کارڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ کا قیام اور 200 بستروں کا اضافہ کیا جا رہا ہے، تاکہ مزدوروں کو صحت کی معیاری سہولیات میسر آ سکیں۔

    اس موقع پر چودھری محمد اشرف نے وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے سیالکوٹ کے مزدوروں کو 2300 سے زائد رُکے ہوئے گرانٹ چیکس کی تقسیم پر ان کا شکریہ ادا کیا اور باقی تقریباً 300 چیکس کی جلد اجرائی کا مطالبہ کیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر لیبر نے یقین دہانی کرائی کہ باقی چیکس بھی جلد اور شفاف انداز میں تقسیم کیے جائیں گے۔

  • سیالکوٹ: یومِ مزدور پر بھی مزدور مزدوری پر، تقاریب رسمی، استحصال جاری

    سیالکوٹ: یومِ مزدور پر بھی مزدور مزدوری پر، تقاریب رسمی، استحصال جاری

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیوروچیف، شاہد ریاض) یومِ مزدور پر بھی مزدور مزدوری پر، تقاریب رسمی، استحصال جاری

    "جس نے سبق یاد کیا، اس کو چھٹی نہ ملی”یہ فقرہ آج کے پاکستانی مزدور پر صادق آتا ہے، جو یکم مئی جیسے قومی دن پر بھی معمول کے مطابق مزدوری میں مصروف نظر آتا ہے۔ یومِ مزدور کے موقع پر جہاں ملک بھر میں جلسے اور تقاریب منعقد ہوئیں، وہیں عملی طور پر غریب محنت کش کی زندگی میں بہتری کے کوئی آثار نظر نہیں آئے۔

    پاکستان میں ہزاروں مزدور آج بھی 12 سے 14 گھنٹے روزانہ کام کرنے کے باوجود صرف 15,000 سے 20,000 روپے ماہانہ تنخواہ پر گزارا کرنے پر مجبور ہیں، جب کہ حکومت نے کم از کم اجرت 37,000 روپے مقرر کر رکھی ہے۔ پنجاب حکومت کی جانب سے تمام سرکاری و نجی اداروں کو ہدایت دی گئی تھی کہ وہ اپنے ملازمین کو کم از کم تنخواہ ادا کریں، لیکن بیشتر ادارے ان احکامات پر عملدرآمد کرنے میں ناکام ہیں۔

    مزدوروں کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے صرف اعلانات کیے جاتے ہیں، عملی اقدامات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ ان کے مطابق نہ صرف کم تنخواہ دی جاتی ہے بلکہ اضافی کام بھی لیا جاتا ہے، جس کی کوئی اجرت نہیں دی جاتی۔ مزدوروں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت کم از کم اجرت کے قانون پر سختی سے عملدرآمد کروائے اور خلاف ورزی کرنے والے اداروں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔

    ان کا کہنا ہے کہ جب تک مزدور کو اس کی محنت کا پورا معاوضہ، عزت اور تحفظ نہیں دیا جاتا، تب تک یومِ مزدور کی تقریبات محض رسمی کارروائیاں ہی رہیں گی، اور مزدور ہر سال کی طرح اس دن بھی اپنی مزدوری پر موجود ہو گا۔

  • سیالکوٹ: ہارویسٹر مشین کی مرمت کے دوران جیک ٹوٹ گیا، شخص جاں بحق

    سیالکوٹ: ہارویسٹر مشین کی مرمت کے دوران جیک ٹوٹ گیا، شخص جاں بحق

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض) پسرور کے نواحی گاؤں چونڈہ کے قریب افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک شخص ہارویسٹر مشین کے نیچے آ کر جاں بحق ہو گیا۔ واقعہ پسرورچونڈہ روڈ پر اس وقت پیش آیا جب 45 سالہ شبیر نامی شخص مشین کی مرمت میں مصروف تھا۔

    تفصیلات کے مطابق شبیر ہارویسٹر مشین کے نیچے جیک لگا کر مرمت کر رہا تھا کہ اچانک جیک ٹوٹ گیا، جس کے نتیجے میں بھاری مشین اس پر آن گری اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

    واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیم موقع پر پہنچی، ضروری کارروائی مکمل کرنے کے بعد متوفی کی لاش ورثاء کے حوالے کر دی گئی۔ شبیر کی ناگہانی موت پر علاقے میں افسوس کی لہر دوڑ گئی ہے۔

    شبیر کی موت نہ صرف اہل خانہ بلکہ اہل علاقہ کے لیے بھی ایک صدمہ ہے، جنہوں نے حکومت سے مزدوروں کے تحفظ کے لیے مزید اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔

  • سیالکوٹ: بیگو والا میں الفلاح فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام فری میڈیکل کیمپ

    سیالکوٹ: بیگو والا میں الفلاح فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام فری میڈیکل کیمپ

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض)بیگو والا میں الفلاح فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام فری میڈیکل کیمپ، 200 سے زائد مریضوں کا مفت معائنہ

    تفصیل کے مطابق شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ حضرت امیر عبدالقدیر اعوان مدظلہ العالی کی زیرنگرانی فلاحی تنظیم الفلاح فاؤنڈیشن پاکستان کے تحت موضع بیگو والا میں ایک روزہ فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔

    کیمپ میں مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے ماہر ڈاکٹرز نے شرکت کی، جن میں چائلڈ اسپیشلسٹ ڈاکٹر غلام عباس باجوہ، شوگر و بلڈ پریشر اسپیشلسٹ ڈاکٹر مقصود، اور فزیوتھراپسٹ ڈاکٹر عمران شامل تھے۔ انہوں نے 200 سے زائد مریضوں کا مفت طبی معائنہ کیا اور ادویات بھی فراہم کیں۔

    اس موقع پر علاقہ کی سیاسی و سماجی شخصیات اور معززین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی جنہوں نے الفلاح فاؤنڈیشن کے اس انسان دوست اقدام کو سراہا۔ مریضوں اور اہل علاقہ نے ادارے کا شکریہ ادا کیا اور شیخ سلسلہ عالیہ کو دعاؤں سے نوازا۔

    الفلاح فاؤنڈیشن پاکستان کے ذمہ داران کا کہنا تھا کہ پسماندہ علاقوں میں فری میڈیکل کیمپ کے انعقاد کا مقصد عوام کو ان کے دروازے پر صحت کی سہولیات فراہم کرنا ہے تاکہ وہ ماہر ڈاکٹروں سے فائدہ اٹھا سکیں۔

    یاد رہے کہ الفلاح فاؤنڈیشن پاکستان گزشتہ کئی سالوں سے ملک بھر میں فلاحی سرگرمیوں میں مصروف عمل ہے اور اس کا دائرہ کار مسلسل بڑھ رہا ہے۔ تنظیم نے عزم ظاہر کیا کہ یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رکھا جائے گا۔

  • سیالکوٹ: لوکل گورننس اجلاس، ٹیکس نظام کی اصلاح اور آمدن بڑھانے پر زور

    سیالکوٹ: لوکل گورننس اجلاس، ٹیکس نظام کی اصلاح اور آمدن بڑھانے پر زور

    سیالکوٹ(باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض) میونسپل اداروں کی آمدن بڑھانے کیلئے گورننس اجلاس، ٹیکس نظام کی کمپیوٹرائزیشن پر زور

    سیالکوٹ میں ڈپٹی کمشنر صباء اصغر علی کی زیر صدارت سب نیشنل گورننس پروگرام کا اہم اجلاس کمیٹی روم میں منعقد ہوا، جس میں برٹش ہائی کمیشن کی نمائندہ ایما ونڈ، اکنامک ایڈوائزر طفیل یوسفزئی، ڈسٹرکٹ ٹیم لیڈر کامران خان، پی ایف ایم ایڈوائزر انعم حسین، اسسٹنٹ کمشنر انعم بابر سمیت میونسپل کارپوریشنز اور کمیٹیوں کے چیف و فنانس افسران نے شرکت کی۔

    ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے خطاب میں زور دیا کہ لوکل گورنمنٹ اداروں کو اپنی آمدن میں اضافے کیلئے خدمات کا معیار بہتر بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس کلیکشن کے نظام کو شفاف، آسان اور کمپیوٹرائزڈ بنانا وقت کی ضرورت ہے، تاکہ وسائل کے زیاں کو روکا جا سکے۔ واٹر سپلائی کے نظام میں صارفین کو ان کے استعمال کے مطابق چارج کرنے کیلئے میٹرنگ سسٹم متعارف کرانے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔

    انہوں نے چاروں تحصیلوں کی میونسپل کمیٹیوں کے چیف اور فنانس افسران کو ہدایت کی کہ آمدن بڑھانے کے حوالے سے فوری طور پر عملی تجاویز پر مبنی پلانز تیار کیے جائیں۔

    برٹش ہائی کمیشن کی ایما ونڈ نے کہا کہ سب نیشنل گورننس پروگرام کے تحت اداروں کی استعداد کار بڑھانے، ٹیکس نیٹ کا دائرہ وسیع کرنے اور آمدن بڑھانے کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جا رہا ہے۔

    اکنامک ایڈوائزر طفیل یوسفزئی، کامران خان اور انعم حسین نے اپنی بریفنگ میں بتایا کہ چاروں تحصیلوں میں میونسپل آمدن اور کارکردگی کی بنیاد پر مالیاتی تجزیاتی رپورٹس تیار کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں صحت و تعلیم کے شعبوں میں کامیاب ماڈل کے بعد ضلع سیالکوٹ کیلئے تیار کردہ Own Source Revenue (OSR) حکمت عملی سے مقامی اداروں کی آمدن میں اضافہ ممکن ہوا ہے۔

    ماہرین نے کہا کہ پانی کے نرخ، دکانوں کے کرایے، نقشہ جات کی منظوری، بس اڈوں، اشتہارات اور زمین کے استعمال کی تبدیلی کی مد میں آمدن بڑھائی جا سکتی ہے۔ ٹیکس کلیکشن میں حائل رکاوٹوں کی نشاندہی کے ساتھ ان کے حل کیلئے تجاویز بھی پیش کی گئیں۔

    یہ اجلاس بلدیاتی سطح پر گورننس کو مؤثر بنانے اور خود انحصاری کے سفر کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

  • سیالکوٹ:  قائداعظم کا مرے کالج کا دورہ ، 81ویں سالگرہ پر پروقار تقریب

    سیالکوٹ: قائداعظم کا مرے کالج کا دورہ ، 81ویں سالگرہ پر پروقار تقریب

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیورو چیف شاہد ریاض)بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے 30 اپریل 1944ء کے تاریخی دورہ سیالکوٹ کی 81ویں سالگرہ کے موقع پر گورنمنٹ مرے کالج سیالکوٹ میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی صدارت پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر محمد نواز مرزا نے کی، جبکہ ممتاز ماہر قانون، کالم نگار اور مصنف آصف بھلی ایڈووکیٹ مہمانِ خصوصی تھے۔ نظامت کے فرائض مدینہ ٹرسٹ کے عبدالشکور مرزا نے سرانجام دیے۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی آصف بھلی نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے مرے کالج کے تاریخی مولوی میر حسن ہال میں 30 اپریل 1944 کو جو تاریخی خطاب کیا، وہ تاریخ کا انمول باب ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ "سیالکوٹ کا یہ اجلاس 23 مارچ 1940 کے سیشن سے کسی صورت کم اہم نہیں”۔ آج اسی ہال میں یہ تقریب منعقد کرکے تاریخ سے جڑنے کا شاندار مظاہرہ کیا گیا ہے۔

    آصف بھلی نے مفکرِ پاکستان علامہ اقبال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کے یہ الفاظ "میں قائداعظم کا ایک سپاہی ہوں” آج بھی ہمارے لیے مشعل راہ ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ قائداعظم کی تاریخی تقریر کو لفظ بہ لفظ مولوی میر حسن ہال کی دیوار پر آویزاں کیا جائے گا تاکہ نوجوان نسل اس عظیم قومی ورثے سے واقف ہو سکے۔

    صدرِ تقریب پروفیسر ڈاکٹر محمد نواز مرزا نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ ہمارے ادارے کے لیے باعثِ افتخار ہے کہ یہی کالج وہ درسگاہ ہے جہاں علامہ اقبال نے تعلیم حاصل کی اور قائداعظم نے یہاں آکر نوجوانوں سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے قیام میں سیالکوٹ کے عوام اور طلبہ کی قربانیاں قابلِ فخر ہیں۔

    ممتاز محقق و مصنف مرزا ارشد طہرانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ قائداعظم نے سیالکوٹ آمد پر فرمایا تھا: "سیالکوٹ والوں نے میرا والہانہ استقبال کرکے میرے بوڑھے جسم کو جوان کر دیا۔” انہوں نے مزید کہا کہ آج 30 اپریل 2025 کو اسی تقریب میں شریک ہو کر دلی سکون محسوس ہو رہا ہے، اور انہوں نے تمام منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔

    تقریب سے پروفیسر عظیم مسیح، سینئر صحافی جنید آفتاب، اور ڈاکٹر سیدا نورین نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر بانی پاکستان کے دورہ سیالکوٹ کی 81ویں سالگرہ کا خصوصی کیک کاٹا گیا۔

    اسٹیج پر اُن تاریخی شخصیات کے وارثین بھی موجود تھے جنہوں نے 1944 میں قائداعظم کے دورے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ان میں چودھری حسن دین کے صاحبزادے چودھری محمد لطیف، جیل بھرو تحریک کے پہلے گرفتار کارکن ملک محمد اشرف ککے زئی کے صاحبزادے حافظ مبین ملک، اور قائداعظم کو قیام کی جگہ فراہم کرنے والے چودھری عبدالحمید کے پوتے مدثر ریاض شامل تھے۔ ان کے ہمراہ لیبر لیڈر نیاز احمد ناجی اور گورنمنٹ مرے کالج کے وائس پرنسپل پروفیسر ندیم قیصر بھی موجود تھے۔

    تقریب کے انعقاد میں جن اداروں نے خصوصی تعاون کیا ان میں "دی سیالکوٹ مرے آرٹس”، "مدینہ ٹرسٹ”، "کمیونٹی ڈویلپمنٹ کنسرن”، "سٹی میگ”، "سیالکوٹ آرٹ اینڈ کلچرل سینٹر”، "سیالکوٹ ٹورزم اینڈ کلچرل فورم”، "رحمان فاؤنڈیشن اینڈ فری ڈائلیسز سینٹر”، "یونس چوہدری”، "نڈس ہسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک” اور "چاند تارا ویلفیئر فاؤنڈیشن” شامل ہیں۔

  • سیالکوٹ: پانچ روز قبل اغوا ہونے والا دو سالہ بچہ بحفاظت بازیاب، خاتون اغوا کار گرفتار

    سیالکوٹ: پانچ روز قبل اغوا ہونے والا دو سالہ بچہ بحفاظت بازیاب، خاتون اغوا کار گرفتار

    سیالکوٹ،باغی ٹی وی (بیوروچیف ، شاہد ریاض)سیالکوٹ میں پانچ روز قبل اغوا ہونے والا دو سالہ معصوم بچہ بالآخر پولیس کی انتھک کوششوں کے بعد بحفاظت بازیاب کروا لیا گیا۔ واقعے میں ملوث خاتون اغوا کار کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے، جو پتوکی کی رہائشی ہے۔ پولیس ترجمان کے مطابق ملزمہ نے ابتدائی تفتیش میں اعتراف کیا ہے کہ وہ اولاد نہ ہونے کے باعث بچے کو اغوا کر کے اپنے ساتھ لے گئی تھی۔

    بچے کے اغوا کی اطلاع ملنے کے بعد سیالکوٹ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے شہر کے مختلف علاقوں میں نصب 100 سے زائد سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ تفتیشی ٹیموں نے شب و روز محنت کر کے ملزمہ کا سراغ لگایا، جو مختلف علاقوں میں بچے کو لے کر گھومتی رہی تاکہ شک سے بچ سکے۔

    پولیس نے ٹیکنیکل اور روایتی طریقہ تفتیش کو بروئے کار لاتے ہوئے ملزمہ کا پتہ لگایا اور کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق خاتون نے دورانِ تفتیش بتایا کہ وہ کئی سالوں سے اولاد کے لیے تڑپ رہی تھی، اور ماں بننے کی خواہش نے اسے یہ انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور کیا۔

    بچے کو بحفاظت والدین کے حوالے کر دیا گیا ہے، جہاں خاندان نے پولیس کی بروقت کارروائی اور محنت پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ شہریوں کے تحفظ کے لیے سیالکوٹ پولیس ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور اس قسم کے واقعات کو سنجیدگی سے لیا جاتا ہے۔

    سیالکوٹ پولیس نے اس کامیاب کارروائی کو اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور جدید تفتیشی نظام کا مظہر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جرائم میں ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔