Baaghi TV

Category: سیالکوٹ

  • سیالکوٹ: رکن صوبائی اسمبلی منشاء اللہ بٹ کی جانب سے شجرکاری مہم کا آغاز

    سیالکوٹ: رکن صوبائی اسمبلی منشاء اللہ بٹ کی جانب سے شجرکاری مہم کا آغاز

    سیالکوٹ(بیورورپورٹ) رکن صوبائی اسمبلی محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا ہے کہ درخت لگانا ہمارا مذہبی اور اخلاقی فریضہ ہے، اور رمضان کے بابرکت مہینے میں درخت لگانا عظیم صدقہ جاریہ ہے۔ انہوں نے یہ بات آج گورنمنٹ جناح اسلامیہ کالج سیالکوٹ کے سبزہ زار میں پودے لگاتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر پرنسپل محمد منیر قادری، ارشد بٹ، اور کامران بٹ بھی موجود تھے۔

    منشاء اللہ بٹ نے پلانٹ فار پاکستان پروگرام کو ماحول دوست منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بڑھتی ہوئی ماحولیاتی آلودگی اور موسمی تغیرات کا واحد حل بھرپور شجرکاری میں مضمر ہے۔ انہوں نے پاکستان میں جنگلات کی کمی اور درختوں کی بے تحاشا کٹائی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بڑے پیمانے پر درخت لگانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ہر فرد پر زور دیا کہ وہ اپنے حصے کے درخت لگائے اور ان کی حفاظت بھی کرے۔

    اس موقع پر منشاء اللہ بٹ نے گورنمنٹ جناح اسلامیہ کالج کے ملازمین میں حسن کارکردگی شیلڈ اور نقد انعامات بھی تقسیم کیے اور امید ظاہر کی کہ وہ اپنے فرائض منصبی محنت اور ایمانداری سے انجام دیں گے۔

  • سیالکوٹ : گداگروں کے خلاف انوکھا اقدام، صفائی ستھرائی کا کام سونپ دیا گیا

    سیالکوٹ : گداگروں کے خلاف انوکھا اقدام، صفائی ستھرائی کا کام سونپ دیا گیا

    سیالکوٹ(بیوروچیف شاہدریاض)ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن سیالکوٹ نے ایک انوکھا اقدام کرتے ہوئے پیشہ ور گداگروں کو اسپیشل سینیٹری ورکر بنا کر ان سے قبرستانوں اور شہر کے چوکوں اور چوراہوں کی صفائی کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) ایوب بخاری کے مطابق، ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر محکمہ سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کی زیر نگرانی پیشہ ور گداگروں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ متعدد بار پکڑے جانے کے باوجود بھیک مانگنے سے باز نہ آنے والے بھکاریوں سے اب اسپیشل سینیٹری ورکرز کا کام لیا جائے گا۔

    آج دو درجن سے زائد پیشہ ور بھکاریوں، جن میں سے اکثریت دوسرے اضلاع سے تعلق رکھتی ہے، کو پکڑ کر بابل شہید قبرستان میں صفائی ستھرائی کے کام پر لگا دیا گیا ہے۔

    ایوب بخاری نے کہا کہ گداگری جرم ہے اور عید کے ایام میں پیشہ ور بھکاریوں نے شہریوں کا جینا دوبھر کر رکھا ہے۔ اس کے پیش نظر ان کی پکڑ دھکڑ کے لیے اسپیشل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں اور ان کو پکڑ کر ان سے صفائی ستھرائی کا کام لیا جائے گا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ایچ آر اسلم سکھیرا بھی ان کے ہمراہ تھے۔

  • سیالکوٹ: جسم فروشی کا اڈہ پکڑا گیا، 9 خواتین سمیت 12 ملزمان گرفتار

    سیالکوٹ: جسم فروشی کا اڈہ پکڑا گیا، 9 خواتین سمیت 12 ملزمان گرفتار

    سیالکوٹ ،باغی ٹی وی (سٹی رپورٹر مدثر رتو ) سیالکوٹ پولیس نے چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے جسم فروشی کے مکروہ دھندے میں ملوث 9 خواتین سمیت 12 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ ترجمان پولیس کے مطابق، تھانہ صدر پولیس کو مخبر کے ذریعے اطلاع ملی کہ ڈکیتی کے مقدمہ میں مطلوب اشتہاری ملزم ندیم احمد موضع ایمن آباد روڈ، دوبرجی ملیاں میں ایک مکان میں موجود ہے۔

    پولیس ٹیم نے جب چھاپہ مارا تو خاتون امبر نے شور مچا کر ملزم ندیم احمد کو فرار کرا دیا۔ تاہم، پولیس نے مکان کے مختلف کمروں کی تلاشی لی تو قابل اعتراض حالت میں 9 خواتین اور 3 مرد ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ہونے والوں میں مسکان، تانیہ، صائمہ، کنزہ، کرن، رحیم، عادل، زویہ، علیزہ، علی حسن اور امبر شامل ہیں۔

    پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے۔ فحاشی کے اڈے کو چلانے والی ملزمہ امبر نے بتایا کہ وہ اجرت دے کر خواتین کو جسم فروشی کے لیے پیش کرتی تھی۔ ترجمان پولیس کے مطابق، جسم فروشی جیسے حرام اور غلیظ دھندے میں ملوث ملزمان کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں۔

  • ڈسکہ: اینٹی ٹی بی ایسوسی ایشن کا 733 واں اجلاس، ورلڈ ٹی بی ڈے پر آگاہی واک

    ڈسکہ: اینٹی ٹی بی ایسوسی ایشن کا 733 واں اجلاس، ورلڈ ٹی بی ڈے پر آگاہی واک

    ڈسکہ (نامہ نگار ملک عمران) اینٹی ٹی بی ایسوسی ایشن تحصیل ڈسکہ کا 733 واں ماہانہ اجلاس اور ورلڈ ٹی بی ڈے کے حوالے سے اجلاس سینئر نائب صدر خان عباس خان کی صدارت میں ٹی بی کیئر سنٹر ڈسکہ میں منعقد ہوا۔ اجلاس کے دوران اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ اور ادارہ کے صدر عثمان غنی بھی تشریف لائے اور اجلاس کی صدارت کی۔

    اجلاس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت حافظ عبد الغفار نے حاصل کی۔ نعت رسول مقبول ﷺ حاجی ضرار احمد نے پیش کی۔ جنرل سیکرٹری چوہدری قطب الدین نے گزشتہ ماہانہ اجلاس فروری 2025 کی کارروائی پیش کی، جس کی متفقہ طور پر توثیق کر دی گئی۔ فنانس سیکرٹری محمد ارشد جاوید العزیز نے آمدن و اخراجات فروری 2025 کی رپورٹ پیش کی، جسے بعد از بحث منظور کر لیا گیا۔ نشرو اشاعت رپورٹ حاجی ضرار احمد نے پیش کی اور گزشتہ ماہانہ اجلاس کی شائع شدہ خبریں پڑھ کر سنائیں۔

    صدر عثمان غنی کا ٹی بی کیئر سنٹر ڈسکہ کا یہ پہلا دورہ تھا، اس لیے تمام ممبران نے ان کو خوش آمدید کہا۔ انہوں نے پورے ہسپتال کا دورہ کیا اور تمام معاملات کا بغور جائزہ لیا۔ وارڈز میں جا کر مریضوں کی عیادت کی اور شجر کاری مہم کے تحت پودا لگایا۔ اجلاس میں انہوں نے اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے کہا کہ اپنی مدد آپ کے تحت اتنا بڑا ادارہ دیکھ کر انہیں بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے۔ اس نفسا نفسی کے دور میں آپ لوگ جو اس ادارے کے لیے بے لوث خدمت کر رہے ہیں اور اپنا وقت دے رہے ہیں، یہ قابل تعریف ہے۔ جنرل سیکرٹری چوہدری قطب الدین نے ان کا شکریہ ادا کیا۔

    تمام ممبران نے صدر عثمان غنی سے اپنا اپنا تعارف کروایا۔ ورلڈ ٹی بی ڈے کی مناسبت سے خان عباس خان نے صدر اور تمام ممبران کو ٹی بی کی بیماری کے متعلق بریفنگ دی۔ ادارے کے ایم ایس ڈاکٹر اصغر علی نے ٹی بی کے بچاؤ اور احتیاطی تدابیر کے متعلق بتایا۔ اس کے بعد تمام ممبران نے ٹی بی آگاہی کے بارے میں واک بھی کی۔ دعائے خیر کے بعد اجلاس اختتام پذیر ہوا۔

  • سیالکوٹ:علامہ اقبال میموریل ہسپتال, پارکنگ فیس میں اوور چارجنگ پر ٹھیکیدار گرفتار

    سیالکوٹ:علامہ اقبال میموریل ہسپتال, پارکنگ فیس میں اوور چارجنگ پر ٹھیکیدار گرفتار

    سیالکوٹ (بیوروچیف شاہد ریاض) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) ایوب بخاری نے گورنمنٹ علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال کا رات گئے اچانک دورہ کیا۔ انہوں نے ٹراما سینٹر میں مریضوں کو دی جانے والی مفت ایمرجنسی ٹریٹمنٹ کی سہولت کا جائزہ لیا اور مریضوں اور ان کے لواحقین سے ہسپتال میں ملنے والی طبی سہولیات، لیبارٹری ٹیسٹ اور ادویات کے بارے میں دریافت کیا۔

    اے ڈی سی جنرل نے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کی حاضری چیک کی اور مریضوں کے ساتھ دیکھ بھال کے لیے آئے افراد کے لیے نشستوں کے اہتمام اور بیڈ شیٹ کی تبدیلی کے طریقہ کار کے حوالے سے ڈیوٹی پر موجود ڈی ایم ایس ڈاکٹر علی عمران سے دریافت کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت کے مطابق مریضوں کو علاج کے لیے ادویات، لیبارٹری ٹیسٹ اور دیگر طبی سہولیات بغیر مریضوں کی عزت نفس مجروح کیے فراہم کرنا ہسپتال منتظمین کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس امر کو یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ کو روزانہ کی بنیاد پر انسپیکشن کی ہدایت کی گئی ہے۔ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی یہ پیشہ ورانہ ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے فرائض منصبی پوری ایمانداری اور جانفشانی سے انجام دیں اور دکھی انسانیت کی خدمت میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔

    اس سے قبل، اے ڈی سی جنرل ایوب بخاری نے ہسپتال کے پارکنگ اسٹینڈ میں شیڈول پارکنگ فیس سے تین گنا زائد وصولی پر تشویش کا اظہار کیا اور ہسپتال انتظامیہ سے اس بارے میں وضاحت طلب کی۔ ڈی ایم ایس کی موجودگی میں اوور چارجنگ کی پاداش میں ٹھیکیدار کو تھانہ رنگپورہ پولیس کے سپرد کر دیا گیا۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ شیڈول فیس ریٹس کا بورڈ واضح جگہ پر آویزاں کریں اور جس پر شکایت کی صورت میں فون نمبر درج کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اوور چارجنگ ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی اور شیڈول پارکنگ فیس کے مطابق پارکنگ کا ٹھیکہ چلایا جائے گا، بصورت دیگر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

  • سیالکوٹ: عید الفطر کے خصوصی انتظامات، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کا اجلاس

    سیالکوٹ: عید الفطر کے خصوصی انتظامات، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کا اجلاس

    سیالکوٹ (بیوروچیف شاہد ریاض) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد اقبال سنگھیڑا نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت کے مطابق عید الفطر پر ایس ڈبلیو ایم سی کے ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔ قبرستانوں اور عید گاہوں کی خصوصی صفائی کی جائے گی اور اہم شاہراہوں اور بازاروں کی چونا کاری کی جائے گی۔ عید کے ایام میں زیرو ویسٹ پالیسی اپنائی جائے گی۔ اسی طرح پی ایچ اے اور میونسپل کمیٹیز پبلک پارکس میں گھاس اور پودوں کی تراش خراش اور صفائی کے انتظامات آئندہ تین روز میں مکمل کریں تاکہ شہری عید کے تہوار کو بھرپور طریقے سے منا سکیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار عید الفطر پر خصوصی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے تمام محکموں کے مقامی حکام کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    اے ڈی سی ریونیو نے سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ کو ہدایت کی کہ وہ ٹرانسپورٹ مالکان سے میٹنگ کریں اور مقررہ کرایہ نامے پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے متحرک انداز میں کارروائی کریں۔ جہاں ضرورت پڑے گی پولیس، ٹریفک پولیس اور انتظامیہ ہمہ وقت تعاون کے لیے آن کال ہوگی۔

    اے ڈی سی ریونیو نے ضلع کونسل، میونسپل کارپوریشن کمیٹیز کے مقامی حکام کو ہدایت کی کہ وہ اسٹریٹس لائٹس کو روشن رکھیں اور اپنی حدود میں ٹریفک کی روانی میں خلل بننے والی تجاوزات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائیں اور عملہ تہہ بازاری کو متحرک رکھیں۔ انہوں نے تمام محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے دفاتر میں ایمرجنسی ڈیسک قائم کریں جہاں پر ایک ملازم ڈیوٹی پر موجود رہے جو ڈسٹرکٹ ایمرجنسی کنٹرول روم سے رابطے میں رہے۔ تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر کم سے کم وقت میں ریسپانس کیا جا سکے۔ اس ضمن میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی کنٹرول روم 9250011 فعال کر دیا گیا ہے جو عوام کی سہولت کے لیے بغیر کسی تعطیل کے 24 گھنٹے فعال رہے گا۔

  • سیالکوٹ: پلانٹ فار پاکستان مہم، ڈپٹی کمشنر کی جنگلات کی اہمیت پر زور

    سیالکوٹ: پلانٹ فار پاکستان مہم، ڈپٹی کمشنر کی جنگلات کی اہمیت پر زور

    سیالکوٹ (بیوروچیف شاہد ریاض) ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے کہا ہے کہ پاکستان کے کل رقبے کے لحاظ سے جنگلات کا تناسب انتہائی کم ہے۔ پاکستان کا صرف 4.8 سے 5.7 فیصد رقبہ جنگلات پر مشتمل ہے، جو عالمی معیار 25 فیصد سے کہیں کم ہے۔ جس کی وجہ سے یہ خطہ شدید موسمی تغیرات کا شکار ہوگیا ہے۔ اس چیلنج سے نمٹنے کا واحد حل بھرپور شجرکاری ہے۔ یہ بات انہوں نے ڈی سی آفس کے سبزہ زار میں پودے لگانے کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے کہی۔

    اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات ڈاکٹر محمد اویس شاہد، انسپکٹر ماحولیات شاہد علی ڈوگر، یار محمد اور سماجی کارکن اشفاق نذر بھی موجود تھے۔

    ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے مزید کہا کہ "پلانٹ فار پاکستان” کے تحت ضلع سیالکوٹ کے تمام سرکاری سکولوں، ہسپتالوں اور سرکاری اداروں میں شجرکاری کی جارہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں جنگلات کا تحفظ نہ صرف ماحولیاتی توازن کے لیے ضروری ہے بلکہ یہ معیشت اور آب و ہوا کے لیے بھی اہم ہے۔

  • سیالکوٹ: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا خصوصی بچوں کو عید کا تحفہ

    سیالکوٹ: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا خصوصی بچوں کو عید کا تحفہ

    سیالکوٹ ، باغی ٹی وی ( بیورو چیف شاہد ریاض) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عید الفطر کے موقع پر خصوصی بچوں کو ایک بڑا تحفہ دیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے ضلع سیالکوٹ میں گورنمنٹ اسپیشل ایجوکیشن کے 8 اداروں میں زیر تعلیم 812 بچوں میں عید کے تحائف تقسیم کئے۔

    گورنمنٹ سیکنڈری سکول آف اسپیشل ایجوکیشن نیکا پورہ سیالکوٹ میں عید گفٹ تقسیم کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے کہا کہ جسمانی معذوری کا شکار خصوصی بچوں کی نگہداشت پورے معاشرے کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عید الفطر پر ان کے لیے خصوصی تحائف بھیجے ہیں جس سے ان کی اور ان کے گھر والوں کی عید کی خوشیاں دوگنی ہو گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی بچوں کے لیے ضلع سیالکوٹ میں سرکاری سطح پر 8 ادارے کام کر رہے ہیں جہاں بچوں کو مفت تعلیم، مفت ٹرانسپورٹ اور ماہانہ وظائف بھی دیئے جاتے ہیں۔

    ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ ان اداروں کی باقاعدگی سے نگرانی کی جاتی ہے جس کا مقصد ان سکولوں میں معیار تعلیم اور ڈسپلن کو بہتر بنانا اور ان بچوں کی شکایات کا ازالہ کرنا ہے۔ انہوں نے بہترین تقریب کے انعقاد پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کی کاوشوں کو سراہا۔ اس موقع پر سی ای او ایجوکیشن مجاہد حسین علوی، ڈی ای او ایلیمنٹری ایجوکیشن محمد احمد ججہ، اور ڈپٹی ڈی ای اوز محمد آصف اور افتخار احمد ساہی بھی موجود تھے۔

  • رمضان کا تیسرا عشرہ جہنم سے آزادی کا پیغام، اعتکاف اور لیلۃ القدر اللہ کی عظیم عطا: امیر عبدالقدیر اعوان

    رمضان کا تیسرا عشرہ جہنم سے آزادی کا پیغام، اعتکاف اور لیلۃ القدر اللہ کی عظیم عطا: امیر عبدالقدیر اعوان

    ڈسکہ (نامہ نگار باغی ٹی وی، ملک عمران): شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ و سربراہ تنظیم الاخوان پاکستان، امیر عبدالقدیر اعوان نے جمعتہ المبارک کے موقع پر اپنے خطاب میں رمضان المبارک کے تیسرے عشرے کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اعتکاف اور لیلۃ القدر اللہ کریم کی بہت بڑی عطا ہے۔ یہ عشرہ جہنم سے برات کا ہے، جس میں اللہ تعالیٰ اپنے بندوں کو جہنم کی آگ سے آزادی کا پروانہ عطا فرماتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اگر دوسرے عشرے میں مغفرت اور بخشش نصیب ہوئی ہے تو اپنا جائزہ لیں کہ جسے مغفرت نصیب ہو اس کے اعمال کیسے ہو سکتے ہیں؟ تیسرے عشرے میں جس کو جہنم کی آگ سے آزادی کا پروانہ ملے گا اس کی زندگی کے شب و روز کیسے ہونے چاہیئں؟ جسے اعتکاف نصیب ہو، جسے لیلۃ القدر نصیب ہو اس کا کردار معاشرے میں کیسا ہونا چاہیے؟ ان باتوں کی تب سمجھ آتی ہے جب تعلق مع اللہ نصیب ہو، نبی کریم ﷺ سے اتباع کا رشتہ نصیب ہو۔

    امیر عبدالقدیر اعوان نے مزید کہا کہ اگر یہ بات سمجھ آجائے کہ سب کچھ اللہ کا ہے، رزق کی تنگی اور رزق کی فراخی سب اسی قادر مطلق کے دست قدرت میں ہے، تو زندگی آسان ہو جائے۔ رزق صرف دولت نہیں بلکہ ہر وہ چیز ہے جو ہمارے پاس ہے، اللہ کی عطا ہے۔

    یاد رہے کہ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ کے مرکز دارالعرفان منارہ میں ہر سال کی طرح امثال بھی اجتماعی سنت اعتکاف کے لیے ملک بھر سے اور بیرون ممالک سے بھی سالکین سلسلہ عالیہ تشریف لا رہے ہیں۔ مرکز دارالعرفان منارہ میں معتکفین کو تزکیہ نفس اور تصفیہ قلب کے خصوصی تربیتی پروگرام سے گزارا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ ذکر اذکار کرائے جاتے ہیں اور ضروریات دین سکھایا جاتا ہے، جس کے امتحانات ہوتے ہیں جو پاس کرنے والوں میں شیخ المکرم مد ظلہ العالی اپنے دست مبارک سے اسناد تقسیم فرماتے ہیں۔

    آخر میں انہوں نے ملکی سلامتی اور بقا کی اجتماعی دعا بھی فرمائی۔

  • پنجاب میں 46 بند گردواروں کی بحالی کا آغاز، گردوارہ بابے دی بیری صاحب واگزار

    پنجاب میں 46 بند گردواروں کی بحالی کا آغاز، گردوارہ بابے دی بیری صاحب واگزار

    سیالکوٹ، باغی ٹی وی( بیوروچیف شاہد ریاض)صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیشن سنگھ اروڑہ نے اعلان کیا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر، پنجاب میں قیام پاکستان کے بعد بند پڑے 46 گردواروں کی بحالی کا منصوبہ شروع کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں 70 سالوں سے بند گردوارہ بابے دی بیری صاحب کو کھول دیا گیا ہے، اور تالاب بابے کی بیر صاحب سے قبضہ ختم کروا کر اسے مقامی سنگت کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

    یہ بات انہوں نے 12 سالانہ سماگم گردوارہ بابے دی بیری صاحب میں جاری بھوگ صاحب کی ارداس میں شرکت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

    صوبائی وزیر اقلیتی امور نے سکھوں کے مقدس تالاب بیری صاحب کو قبضہ مافیا سے واگذار کروانے پر وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ گردوارہ بیری صاحب کو سکھوں کا بین الاقوامی استھان بنانا چاہتے ہیں، تاکہ جب بھی سکھوں کی کوئی بین الاقوامی سنگت پاکستان آئے، تو وہ لاہور، نارووال، پنجہ صاحب یا ننکانہ صاحب کے ساتھ ساتھ سیالکوٹ میں بابا گرو نانک کی یادگار بیری صاحب گردوارہ پر بھی ماتھا ٹیکنے ضرور آئیں۔ اس سے سیالکوٹ میں مذہبی سیاحت کو فروغ ملے گا اور سیالکوٹ کی معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ آج 23 مارچ ہے، جس روز ایک ایسی فلاحی ریاست کے قیام کی قرارداد منظور کی گئی، جس میں مسلمانوں سمیت تمام اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کے وژن کے مطابق پاکستان میں اقلیت اور اکثریت میں کوئی فرق نہیں ہے۔ یہاں بسنے والے تمام مذاہب کے لوگ وطن عزیز پاکستانی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ارداس کے بعد ملک کی سلامتی اور استحکام کے لیے دعا کی جائے گی۔

    بعد ازاں صوبائی وزیر رمیشن سنگھ اروڑا نے سنگتوں میں لنگر تقسیم کیا۔