Baaghi TV

Category: سیالکوٹ

  • سیالکوٹ : ڈپٹی کمشنر کی سبزی منڈی کا دورہ، گراں فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری

    سیالکوٹ : ڈپٹی کمشنر کی سبزی منڈی کا دورہ، گراں فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری

    سیالکوٹ،باغی ٹی وی( بیوروچیف شاہد ریاض) ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے علی الصبح نیو سبزی و فروٹ منڈی ایمن آباد کا دورہ کیا اور سبزیوں کی قیمتوں کے تعین کی نگرانی کی۔ انہوں نے سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی عبداللہ ملک کو ہدایت کی کہ پرائس لسٹ کی بروقت مارکیٹ میں تقسیم کو یقینی بنایا جائے۔

    ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اشیائے خوردونوش کو مقررہ نرخوں پر صارفین تک پہنچانا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گراں فروشی کے سد باب کے لیے 39 پرائس مجسٹریٹس ڈیوٹی پر مامور ہیں اور رواں ماہ کے دوران 273 ناجائز منافع خوروں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ پرائس ایکٹ کے تحت 52 مقدمات درج اور 118 دکانیں اور گودام سیل کیے گئے ہیں۔ مجموعی طور پر 41 لاکھ 83 ہزار 500 روپے جرمانے بھی کیے گئے ہیں۔

    ڈپٹی کمشنر نے شہر کے مختلف علاقوں میں ایس ڈبلیو ایم سی کے زیر نگرانی صفائی اور کوڑا اٹھانے کے آپریشن کا بھی معائنہ کیا۔ اس موقع پر سی او ایس ڈبلیو ایم سی کاشف نواز رندھاوا بھی موجود تھے۔

  • سیالکوٹ: جرائم کی وارداتیں، 2 خواتین سمیت 8 ملزمان گرفتار

    سیالکوٹ: جرائم کی وارداتیں، 2 خواتین سمیت 8 ملزمان گرفتار

    سیالکوٹ(بیوروچیف شاہدریاض) جرائم کی وارداتیں، 2 خواتین سمیت 8 ملزمان گرفتار

    سیالکوٹ میں جرائم کی مختلف وارداتوں میں 2 خواتین سمیت 8 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ایف آئی اے امیگریشن نے سیالکوٹ ائیرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے جعلی دستاویزات اور گداگری میں ملوث 2 خواتین سمیت 3 مسافروں کو گرفتار کیا۔ گرفتار خواتین، صغراں اور ذلیخہ جعفری، ایمرجنسی پاسپورٹ پر عراق سے پاکستان پہنچی تھیں اور عراق میں گداگری میں ملوث تھیں۔ تیسرے گرفتار ملزم، محمد شاہزیب، کو جعلی سفری دستاویزات پر سفر کرنے پر گرفتار کیا گیا۔ ملزمان کو انسدادِ انسانی سمگلنگ سرکل گوجرانوالہ منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں مزید تفتیش جاری ہے۔

    دوسری جانب تھانہ حاجی پورہ کے علاقے عالم چوک کے قریب نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کر کے حمزہ فیاض نامی نوجوان کو قتل کر دیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ مقدمہ قتل کی تفتیش ہومی سائیڈ انوسٹی گیشن یونٹ سٹی سرکل کے انچارج عرفان اشرف کے سپرد کر دی گئی ہے۔

    تھانہ کینٹ کے علاقے رانی چک بوتھ میں سابق عداوت پر نصیر، اسد، اویس اور ان کے 2 نامعلوم ساتھیوں نے سلمان نامی شہری کو میرج ہال سے گھر آتے ہوئے روکا اور ڈنڈوں اور مکوں سے زخمی کر دیا۔ ملزمان نے واقعے کی ویڈیو بھی بنائی اور فرار ہو گئے۔ کینٹ پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

    ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد کی ہدایت پر تھانہ اگوکی پولیس نے ڈکیتی اور راہزنی کی 40 سے زائد وارداتوں میں ملوث 3 رکنی گینگ طلحہ عرف کدو کو گرفتار کر لیا ہے۔ ملزمان سے لاکھوں روپے مالیت کا مال مسروقہ، 2 لاکھ 50 ہزار روپے نقدی، 3 موٹر سائیکلیں اور 3 پسٹل برآمد ہوئے ہیں۔

  • سیالکوٹ: مہنگے گوشت کی فروخت پر دو معروف دکانوں کے منیجر گرفتار

    سیالکوٹ: مہنگے گوشت کی فروخت پر دو معروف دکانوں کے منیجر گرفتار

    سیالکوٹ(بیوروچیف شاہدریاض) مہنگے گوشت کی فروخت پر دو معروف دکانوں کے منیجر گرفتار

    سیالکوٹ میں ضلعی انتظامیہ نے مہنگے داموں گوشت فروخت کرنے پر دو معروف میٹ برانڈز کے دکانوں کے منیجروں کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتاریاں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ایوب بخاری کی ہدایت پر عمل میں آئیں، جنہوں نے ان دکانوں کو ڈی سی کاؤنٹر قائم نہ کرنے اور سرکاری نرخوں سے زائد قیمت پر گوشت فروخت کرنے پر کارروائی کی۔

    ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ایوب بخاری نے بتایا کہ نیٹو اور طفیل میٹ شاپس کو بارہا تنبیہ کی گئی تھی کہ وہ اپنی دکانوں پر ڈی سی کاؤنٹر قائم کریں اور سرکاری نرخوں پر گوشت فروخت کریں، لیکن انہوں نے ایسا نہیں کیا۔ جس پر فوری کاروائی کرتے ہوئے دکانوں کے مینجرز کو گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ صارفین کو مہنگے داموں گوشت فروخت کرنے والوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا اور کسی کو بھی من مانی قیمتیں وصول کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

    ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ایوب بخاری نے مزید کہا کہ ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال کی ہدایت پر رمضان المبارک میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے پرائس مجسٹریٹس دن رات کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صارفین کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جا رہا ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے دکانداروں کو خبردار کیا کہ وہ مہنگے داموں گوشت فروخت کرنے سے گریز کریں، ورنہ ان کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں گے اور انہیں گرفتار بھی کیا جا سکتا ہے۔

  • سیالکوٹ: شجرکاری مہم کا آغاز، ڈپٹی کمشنر نے پودا لگا کر افتتاح کیا

    سیالکوٹ: شجرکاری مہم کا آغاز، ڈپٹی کمشنر نے پودا لگا کر افتتاح کیا

    سیالکوٹ ،باغی ٹی وی (بیوروچیف شاہد ریاض) ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے موسم بہار 2025ء کی شجرکاری مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ محکمہ جنگلات کے زیر اہتمام گورنمنٹ لیڈی اینڈریسن سیالکوٹ کے سبزہ زار میں اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ انعم بابر، پرنسپل ارم شیرازی اور طالبات کے ہمراہ پودے لگائے گئے۔

    ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے اس موقع پر کہا کہ درخت شدید موسمی تغیرات اور آلودگی پر قابو پانے کا سب سے بڑا ذریعہ ہیں۔ معاشرے کے ہر فرد پر لازم ہے کہ ”ہر بشر ایک شجر” لگائے۔ انہوں نے کہا کہ دین اسلام میں درخت لگانے کی خصوصی تاکید کی گئی ہے۔ درخت لگانا ہمارا قومی، مذہبی اور اخلاقی فریضہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں نہ صرف شجرکاری کو فروغ دینا ہے بلکہ ان کی حفاظت بھی کرنی ہے۔ درخت جہاں ہوا کو سانس لینے کے قابل بناتے ہیں، وہیں پر وہ چرند پرند کا مسکن بھی ہیں جو ماحولیاتی نظام کو برقرار رکھنے کے لیے انتہائی اہم جزو ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ماہرین کے مطابق یہ بات ثابت شدہ ہے کہ پرندے صرف ان درختوں پر گھونسلہ بناتے ہیں جن سے وہ مانوس ہوتے ہیں، لہٰذا کوشش کی جائے کہ مقامی پودے شیشم، نیم، دریک، بیری، کیکر اور پیپل کے درخت لگائے جائیں۔ ان درختوں پر ماحول پر خوشگوار اثرات مرتب ہوں گے اور درجہ حرارت میں کمی کے ساتھ ساتھ بروقت بارشیں ہوں گی۔

    قبل ازیں، ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے رمضان سہولت بازار کا بھی دورہ کیا اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور معیار کا جائزہ لیا اور خریداروں سے اس ضمن میں براہ راست دریافت کیا۔ سیکرٹری مارکیٹ ملک عبداللہ نے بتایا کہ سہولت رمضان بازار میں فروخت کی جانے والی اشیائے ضروریہ کی پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے سمپلنگ بھی کروائی جا رہی ہے۔

    ڈپٹی کمشنر نے گورنمنٹ سردار بیگم ٹیچنگ ہسپتال کی ری ویمپنگ اور سوشل ویلفیئر کمپلیکس کی ری ماڈلنگ اور صنعت زار کے لیے اضافی کلاس رومز کی تعمیر کے منصوبے پر جاری کام کے معیار اور رفتار کا جائزہ لیا۔ ایکسین بلڈنگ کاشف اکرم نے بتایا کہ یہ دونوں منصوبے رواں مالی سال 30 جون تک مکمل کر لیے جائیں گے۔

  • سیالکوٹ :پولیس کی بڑی کامیابی، 40 وارداتوں میں ملوث طلحہ عرف کدو گینگ گرفتار

    سیالکوٹ :پولیس کی بڑی کامیابی، 40 وارداتوں میں ملوث طلحہ عرف کدو گینگ گرفتار

    سیالکوٹ، باغی ٹی وی( بیوروچیف شاہد ریاض )سیالکوٹ پولیس نے ڈکیتی اور راہزنی کی وارداتوں میں ملوث 3 رکنی طلحہ عرف کدو گینگ کو سرغنہ سمیت گرفتار کر لیا ہے۔ ملزمان کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کا مسروقہ سامان، 2 لاکھ 50 ہزار روپے نقدی، 3 موٹر سائیکلیں اور 30 بور کے 3 پستول معہ 30 گولیاں برآمد ہوئی ہیں۔

    ترجمان پولیس کے مطابق ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد کی خصوصی ہدایات پر ڈی ایس پی صدر سرکل کی زیر نگرانی ایس ایچ او تھانہ اگوکی انسپکٹر نعمان احمد بٹر معہ پولیس ٹیم نے شہریوں سے ڈکیتی اور راہزنی کی 40 سے زائد وارداتوں میں ملوث 3 رکنی گینگ طلحہ عرف کدو کو گرفتار کیا۔

    گرفتار ہونے والے ملزمان میں طلحہ عرف کدو ولد امین سکنہ ماناں والا فیصل آباد حال مقیم اگوکی ایم سی بی والی گلی،شہباز عرف لالہ ولد شوکت علی ماناں والا فیصل آباد حال مقیم اگوکی ایم سی بی والی گلی،علی حیدر ولد ذولفقار علی ماناں والا فیصل آباد حال مقیم اگوکی ایم سی بی والی گلی شامل ہیں

    ملزمان کے قبضے سے دوران تفتیش تھانہ اگوکی کے علاوہ دیگر تھانہ جات کے 40 مقدمات ٹریس ہوئے ہیں۔ جن میں 25 مقدمات تھانہ اگوکی کے ٹریس ہوئے ہیں۔ مزید تفتیش پر ملزمان سے لاکھوں روپے مالیت کا مال مسروقہ جس میں نقدی 2 لاکھ 50 ہزار، 3 موٹر سائیکلیں اور وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ ناجائز 30 بور کے 3 پستول معہ 30 گولیاں برآمد ہوئیں۔

    ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد نے پولیس ٹیم میں شامل تمام افسران و ملازمان کے لیے تعریفی سرٹیفکیٹس اور نقد انعام کا اعلان کیا ہے۔

  • سیالکوٹ:انسانیت سوز واقعات، نومولود بچوں کو کچرے کے ڈھیر پر پھینکنے کا سلسلہ جاری

    سیالکوٹ:انسانیت سوز واقعات، نومولود بچوں کو کچرے کے ڈھیر پر پھینکنے کا سلسلہ جاری

    سیالکوٹ (بیوروچیف شاہد ریاض ) سیالکوٹ میں نومولود زندہ و مردہ بچوں کو کچرے پر پھینکنے کے واقعات تھمنے کا نام نہیں لے رہے ہیں۔ ایک اور دل دہلا دینے والا واقعہ تھانہ قلعہ کالروالا کے علاقہ محمود ججہ میں پیش آیا، جہاں ایک نامعلوم ملزم نے نومولود بچے کو جوہڑ کنارے پھینک دیا۔

    اس سے قبل تھانہ کینٹ کے علاقوں سے 3 نومولود بچوں کی لاشیں مل چکی ہیں۔ پسرور روڈ پر آڈھا سٹاپ کے قریب سے بھی نومولود بچوں کی لاشیں برآمد ہوئی تھیں۔ جبکہ تھانہ پھوکلیان کے علاقہ سے ایک زندہ بچہ ایک گھر کے باہر پھینک دیا گیا تھا۔

    ان واقعات نے سیالکوٹ پولیس کی کارکردگی پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ پولیس مقدمات قتل کے نامزد و نامعلوم ملزمان کو تلاش کرنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی استعمال کرتی ہے، لیکن ایسے معصوم بچوں کو پھینکنے والوں کی تلاش میں ناکام کیوں ہو جاتی ہے؟ ان واقعات پر نہ تو پولیس کا ہیومن ریسورس کام کرتا ہے اور نہ ہی پولیس کے مخبر خاص کوئی اطلاع دیتے ہیں۔

    سیالکوٹ کے شہریوں میں ان واقعات پر شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ شہریوں کا مطالبہ ہے کہ پولیس فوری طور پر ان واقعات میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرے اور انہیں سخت سزا دی جائے۔

  • سیالکوٹ: غیر قانونی ایل پی جی اور پیٹرول فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن

    سیالکوٹ: غیر قانونی ایل پی جی اور پیٹرول فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن

    سیالکوٹ(بیوروچیف شاہدریاض) غیر قانونی ایل پی جی اور پیٹرول فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن

    سیالکوٹ میں غیر قانونی ایل پی جی گیس کی ڈی کنڈنگ اور منی پیٹرول پمپس کے خلاف ایک بڑی کارروائی کی گئی ہے۔ اس کارروائی کے دوران 10 دکانداروں کو حراست میں لیا گیا، 6 کے خلاف مقدمات درج کیے گئے، اور 10 دکانوں کو سیل کر دیا گیا۔

    ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ایوب بخاری کی نگرانی میں سول ڈیفنس ڈیپارٹمنٹ نے یہ کارروائی کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ غیر قانونی طور پر ایل پی جی گیس کی فروخت ایک خطرناک جرم ہے اور ایسے عناصر کے خلاف بلا امتیاز قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ جو افراد ایسے کاروبار میں ملوث ہیں، وہ فوری طور پر یہ کام چھوڑ دیں، ورنہ ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

    یہ کارروائی شہریوں کی حفاظت اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف قانون کے اطلاق کو یقینی بنانے کے لیے کی گئی ہے۔ انتظامیہ نے عوام سے درخواست کی ہے کہ وہ ایسے غیر قانونی کاموں میں ملوث افراد کی اطلاع دیں۔

  • سیالکوٹ: ڈپٹی کمشنر کا یوم علیؓ، یوم القدس اور جمعۃ الوداع پر امن کی اپیل

    سیالکوٹ: ڈپٹی کمشنر کا یوم علیؓ، یوم القدس اور جمعۃ الوداع پر امن کی اپیل

    سیالکوٹ(بیوروچیف شاہدریاض) ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے کہا ہے کہ اس وقت وطن عزیز تاریخ کے نازک ترین دور سے گزر رہا ہے اور کئی چیلنجز درپیش ہیں جن کا مقابلہ کرنے کے لیے قوم کو اتحاد بین المذاہب، اخوت، بھائی چارے اور اتفاق کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ امن کے دشمنوں پر کڑی نظر رکھنی ہوگی تاکہ کوئی شرپسند ہماری امن کی خوشگوار فضا کو مکدر نہ کر سکے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یوم علی کرم اللہ وجہہ کی شہادت، یوم القدس اور جمعۃ الوداع کے اجتماعات کے سلسلے میں ضلعی امن کمیٹی سیالکوٹ کے ممبران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ایوب بخاری، ڈی ایس پی لیگل شعیب مختار اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

    ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے علماء کرام اور مذہبی عمائدین سے اپیل کی کہ وہ عوام الناس کو صبر، برداشت اور رواداری کی جانب راغب کریں تاکہ معاشرہ امن، سکون اور شانتی کا گہوارہ بن سکے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس حسب روایت یوم علی رضی اللہ تعالیٰ کے سلسلے میں فول پروف سیکیورٹی اور امور انجام دے گی اور اس سلسلے میں تمام متعلقہ کو احکامات صادر کر دیئے گئے ہیں۔ اجلاس کے آخر میں ملک و قوم کی سلامتی اور استحکام کے لیے دعا کی گئی۔

  • ڈسکہ: صوبائی وزیر بلدیات میاں ذیشان رفیق کی کاوش، ڈسکہ وزیر آباد روڈ کا افتتاح

    ڈسکہ: صوبائی وزیر بلدیات میاں ذیشان رفیق کی کاوش، ڈسکہ وزیر آباد روڈ کا افتتاح

    ڈسکہ (نامہ نگار ملک عمران) صوبائی وزیر بلدیات پنجاب میاں ذیشان رفیق کی کوششوں سے ڈسکہ وزیر آباد روڈ کا افتتاح کر دیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں ڈاکٹر رومان عاشر، سابق چیئرمین چوہدری محمد رسالت، میاں ندیم مغل، محمد افضل منشاء، محمد عظیم بٹ، چوہدری نصراللہ چیمہ، ظفراقبال ڈار، محمد عمران بٹ اور صدر مرکزی انجمن تاجران میاں محمد اشرف سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔

    اس موقع پر شبیر احمد سابق چیئرمین، سید دائود شاہ بخاری، تحصیل صدر یوتھ ونگ چوہدری سجاد گجر، چیف آفیسر بلدیہ الفت شہزاد، ایم او آئی صائم ایوب، سب انجینئر محمد کبیر، چوہدری یوسف، اسامہ لٹن والا، ملک ندیم ناصر، سابق نائب ناظم رانا ذوالقرنین، عبد الحق انصاری، محمد اشفاق انصاری، رانا عمران ہیرا، زوالفقار وڑائچ، عاشر خاں، شیخ محمد الطاف، جاوید مغل اور دیگر معززین بھی موجود تھے۔

    افتتاحی تقریب میں مقررین نے صوبائی وزیر بلدیات میاں ذیشان رفیق کی کاوشوں کو سراہا اور روڈ کی تعمیر کو علاقے کی ترقی کے لیے اہم قدم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس روڈ کی تعمیر سے نہ صرف شہریوں کو سفری سہولیات میسر آئیں گی بلکہ علاقے کی معاشی ترقی میں بھی مدد ملے گی۔

  • سیالکوٹ: ڈپٹی کمشنر نے پہلے پبلک سیکٹر ڈے کیئر ہوم کا افتتاح کردیا

    سیالکوٹ: ڈپٹی کمشنر نے پہلے پبلک سیکٹر ڈے کیئر ہوم کا افتتاح کردیا

    سیالکوٹ (بیوروچیف شاہد ریاض) ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے ضلع سیالکوٹ میں پہلے پبلک سیکٹر ڈے کیئر ہوم کا افتتاح کیا۔ ایڈمنسٹریٹر آفس کی چھت پر قائم اس ڈے کیئر سینٹر کا افتتاح کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ یہ سینٹر ورکنگ ویمن کے بچوں کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

    انہوں نے کہا کہ یہ جدید اور معیاری سہولیات سے آراستہ سینٹر نہ صرف بچوں کی دیکھ بھال کا محفوظ اور صحت بخش ماحول فراہم کرے گا، بلکہ ورکنگ ویمن کو بھی اپنے کام پر توجہ مرکوز کرنے کا موقع دے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈے کیئر سینٹرز ورکنگ ویمن کو معاشی طور پر خودمختار بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

    ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ یہ سینٹر بچوں کی تعلیمی، جسمانی اور جذباتی نشوونما کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جب خواتین کو کام کرنے کا موقع ملتا ہے اور ان کے بچے محفوظ ہوتے ہیں، تو معاشرے کی مجموعی ترقی میں اضافہ ہوتا ہے۔

    انہوں نے میونسپل کارپوریشن سیالکوٹ کے مقامی حکام کو ہدایت کی کہ وہ سینٹر کی بہتری کے لیے شکایات کے ازالے کے لیے کمیٹی تشکیل دیں۔

    افتتاحی تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر انعم بابر، سی او ایم سی ایس ملک اعجاز، سی او ضلع کونسل فدا میر، ڈسٹرکٹ آفیسر فنانس رانا ثقلین، سی او ایجوکیشن مجاہد حسین علوی، ڈی او سیکنڈری ایجوکیشن محمد نواز اور ڈپٹی ڈی ای او محمد حسین سمیت خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔