Baaghi TV

Category: سیالکوٹ

  • سیالکوٹ:امن کے بغیر ترقی ممکن نہیں، ہر فرد ہم آہنگی کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرے: خالد وسیم ایڈووکیٹ

    سیالکوٹ:امن کے بغیر ترقی ممکن نہیں، ہر فرد ہم آہنگی کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرے: خالد وسیم ایڈووکیٹ

    سیالکوٹ، باغی ٹی وی (بیوروچیف شاہد ریاض)کنوینیر اتحاد گروپ محمد خالد وسیم ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ معاشرتی ترقی اور قومی استحکام کا انحصار امنِ عامہ کے قیام پر ہے، کیونکہ امن وہ بنیاد ہے جس پر ایک خوشحال اور مضبوط معاشرہ تشکیل پاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس ملک میں سکون، تحفظ اور باہمی احترام موجود ہو وہاں ترقی خود بخود اپنا راستہ بناتی ہے، جبکہ بدامنی اور بے چینی معاشرتی ڈھانچے کو کمزور کرنے کا باعث بنتی ہے۔

    علماء کرام اور رفقاء سے گفتگو کرتے ہوئے محمد خالد وسیم ایڈووکیٹ نے کہا کہ امنِ عامہ موجودہ دور کی سب سے اہم ضرورت ہے، اس لیے معاشرے کے ہر فرد پر لازم ہے کہ ہم آہنگی، رواداری اور برداشت کو فروغ دے کر اپنا مثبت کردار ادا کرے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جہاں امن قائم ہو وہاں زندگی خوشگوار اور پرسکون ہوتی ہے، لیکن امن کے فقدان سے انتشار اور بے چینی میں اضافہ ہوتا ہے جو قوموں کی ترقی میں بڑی رکاوٹ بنتا ہے۔

    انہوں نے عزم کا اظہار کیا کہ وہ سماجی ہم آہنگی، عوامی شعور کی بیداری اور امن کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے، جبکہ عوام سے اپیل کی کہ اپنے علاقوں میں پرامن ماحول کے قیام کے لیے بھرپور تعاون کریں تاکہ معاشرہ مضبوط اور خوشحال بن سکے۔

  • سیالکوٹ: تعلیمی اداروں میں بڑے پیمانے پر فرضی مشقیں، سیکیورٹی ردِعمل کا عملی جائزہ

    سیالکوٹ: تعلیمی اداروں میں بڑے پیمانے پر فرضی مشقیں، سیکیورٹی ردِعمل کا عملی جائزہ

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض)موجودہ ملکی صورتِ حال اور بڑھتے ہوئے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر فیصل شہزاد کی خصوصی ہدایات پر سیالکوٹ کے مختلف تعلیمی اداروں میں بڑے پیمانے پر فرضی مشقوں کا انعقاد کیا گیا۔ ان مشقوں کا مقصد اداروں کی استعدادِ کار اور ہنگامی حالات میں فوری ردِعمل کی صلاحیت کا جائزہ لینا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن "محفوظ پنجاب” کے تحت ضلعی پولیس نے ایلیٹ فورس، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس اور دیگر اداروں کے ساتھ مل کر عملی مشقوں میں حصہ لیا۔ اس دوران ایمرجنسی سائرن بجائے گئے، پکار 15 پر فرضی ایمرجنسی کالز کی گئیں جبکہ فورسز نے بروقت رسپانس دیتے ہوئے دہشت گردوں کو گرفتار کرنے کا عملی مظاہرہ کیا۔

    ان مشقوں کا بنیادی مقصد اداروں کے درمیان کوآرڈینیشن، آپریشنل صلاحیت اور فوری رسپانس کو مزید بہتر بنانا تھا تاکہ حقیقی حالات میں بروقت اور مؤثر کارروائی یقینی بنائی جا سکے۔

    مشقوں کے دوران افسران و جوانوں کو سیکیورٹی انتظامات، ایس او پیز اور ہنگامی ردِعمل کے طریقہ کار کے حوالے سے مکمل بریفنگ بھی دی گئی۔

    ڈی پی او فیصل شہزاد نے اس موقع پر کہا کہ کرائم کنٹرول کے ساتھ ساتھ سیکیورٹی معاملات میں پنجاب حکومت کے طے کردہ ایس او پیز پر سو فیصد عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

  • سیالکوٹ: وزیر اعلیٰ اعزازیہ پروگرام کیلئے 2500 آئمہ کرام کی رجسٹریشن مکمل، امن کمیٹی اجلاس میں اہم فیصلے

    سیالکوٹ: وزیر اعلیٰ اعزازیہ پروگرام کیلئے 2500 آئمہ کرام کی رجسٹریشن مکمل، امن کمیٹی اجلاس میں اہم فیصلے

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض) ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب امام مسجد اعزازیہ پروگرام کے تحت ضلع بھر سے 2500 سے زائد آئمہ کرام کی رجسٹریشن مکمل ہو چکی ہے اور رجسٹریشن کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ انہوں نے علماء کرام پر زور دیا کہ وہ اس عمل کو بروقت مکمل کرنے کیلئے انتظامیہ سے مکمل تعاون جاری رکھیں۔

    یہ بات انہوں نے ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر فیصل شہزاد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) شاہد عباس، کوآرڈینیٹر امن کمیٹی حافظ اصغر علی چیمہ سمیت مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام اور کمیٹی ممبران شریک تھے۔ اجلاس میں امن و امان کی صورتحال اور اعزازیہ پروگرام پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

    ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے کہا کہ سیالکوٹ کے علماء نے ہمیشہ بھائی چارے اور ہم آہنگی کے فروغ میں مؤثر کردار ادا کیا ہے اور مسلکی ہم آہنگی کے ذریعے شہر میں امن کے قیام کو یقینی بنایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا آئمہ کرام کیلئے اعزازیہ پروگرام ایک اہم قدم ہے جس میں علماء کرام کی بھرپور شرکت خوش آئند ہے۔

    اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر فیصل شہزاد نے کہا کہ موجودہ ملکی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے شرپسند عناصر کی بیخ کنی میں علماء کا مثبت کردار انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن کے قیام کیلئے ہر طبقے اور شہری کا تعاون ناگزیر ہے اور علماء ہمیشہ انتظامیہ و پولیس کے ساتھ تعاون کرتے آئے ہیں۔

    اجلاس میں شریک علماء کرام نے انتظامیہ اور پولیس کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اور اعزازیہ پروگرام پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا۔

  • سیالکوٹ: خصوصی افراد میں وہیل چیئرز، الیکٹرک چیئرز اور ٹرائی سائیکلوں کی تقسیم

    سیالکوٹ: خصوصی افراد میں وہیل چیئرز، الیکٹرک چیئرز اور ٹرائی سائیکلوں کی تقسیم

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کے لیے سوشل ویلفیئر کمپلیکس سیالکوٹ میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں رکن صوبائی اسمبلی حنا ارشد وڑائچ نے مہمانِ خصوصی کے طور پر شرکت کی۔

    تقریب میں صوبائی حکومت کی جانب سے 18 خصوصی افراد میں وہیل چیئرز، الیکٹرک وہیل چیئرز اور ٹرائی سائیکلیں تقسیم کی گئیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے حنا ارشد وڑائچ نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف خصوصی افراد کو بااختیار بنانے کے لیے جامع اقدامات کر رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’ہمت کارڈ‘ کا اجرا خصوصی افراد کے لیے ایک انقلابی قدم ہے، جو انہیں تعلیم، صحت، روزگار اور دیگر سماجی سہولتوں تک مؤثر رسائی فراہم کرے گا۔

    حنا ارشد وڑائچ نے کہا کہ ہمت کارڈ کے ذریعے خصوصی افراد کو سرکاری اداروں میں ترجیحی سہولتیں، مالی معاونت اور فلاحی پروگراموں میں شمولیت کا بھرپور موقع ملے گا۔

    تقریب میں ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر شریف گھمن اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر احمد راٹھور بھی موجود تھے، جنہوں نے خصوصی افراد کی رجسٹریشن، سہولتوں کی فراہمی اور آگاہی مہم کے حوالے سے بریفنگ دی۔

    خصوصی افراد کے لواحقین نے وہیل چیئرز اور دیگر آلات کی مفت فراہمی کو قابلِ تحسین اقدام قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف اور محکمہ سوشل ویلفیئر کا شکریہ ادا کیا۔

  • سیالکوٹ: 40 ہزار روپے کے پریمیم پرائز بانڈ کی 35ویں قرعہ اندازی 10 دسمبر کو ہوگی

    سیالکوٹ: 40 ہزار روپے کے پریمیم پرائز بانڈ کی 35ویں قرعہ اندازی 10 دسمبر کو ہوگی

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض) نیشنل سیونگز کے 40 ہزار روپے مالیت کے رجسٹرڈ پریمیم پرائز بانڈ کی 35ویں قرعہ اندازی 10 دسمبر 2025ء بروز بدھ صبح 8:45 بجے اسٹیٹ بینک آف پاکستان، سیالکوٹ میں منعقد ہوگی۔

    جاری کردہ تفصیلات کے مطابق قرعہ اندازی میں شامل انعامات کچھ یوں ہیں:
    — پہلا انعام (1): 8 کروڑ روپے
    — دوسرا انعام (3): 3 کروڑ روپے فی انعام
    — تیسرا انعام (660): 5 لاکھ روپے فی انعام

    نیشنل سیونگز کے مطابق قومی اور علاقائی الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا کے نمائندگان قرعہ اندازی کی کارروائی میں شرکت کر سکیں گے۔

  • سیالکوٹ کے نوجوان عابد محمود نے ایم ایڈ  میں فرسٹ پوزیشن حاصل کر کے گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا

    سیالکوٹ کے نوجوان عابد محمود نے ایم ایڈ میں فرسٹ پوزیشن حاصل کر کے گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی،وقاص اسلم کی رپورٹ) تحصیل ڈسکہ کے گاؤں مرہانہ سے تعلق رکھنے والے ہونہار نوجوان عابد محمود نے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے کنووکیشن 2025 میں ایم ایڈ (اسپیشل ایجوکیشن) پروگرام میں فرسٹ پوزیشن حاصل کر کے گولڈ میڈل جیت لیا۔ یونیورسٹی کی جانب سے جاری کردہ Merit Certificate بھی انہیں پیش کیا گیا، جو ان کی غیر معمولی تعلیمی کارکردگی کا ثبوت ہے۔

    عابد محمود نے اپنی محنت، لگن اور مسلسل جدوجہد سے یہ نمایاں کامیابی حاصل کی، جس پر علاقے میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ اساتذہ کا کہنا ہے کہ عابد محمود نے دورانِ تعلیم ہمیشہ بہترین کارکردگی دکھائی اور مشکل حالات کے باوجود اپنی تعلیم جاری رکھی۔

    اہلِ علاقہ نے اس کامیابی کو مرہانہ گاؤں کے نوجوانوں کے لیے ایک روشن مثال قرار دیا ہے۔ عابد محمود کا کہنا تھا: "یہ کامیابی اللہ کے فضل، والدین کی دعاؤں، اور اساتذہ کی محنت کا نتیجہ ہے۔ میرا خواب ہے کہ میں اسپیشل ایجوکیشن کے شعبے میں ایسے بچوں کے لیے کام کروں جنہیں معاشرے میں خصوصی توجہ کی ضرورت ہوتی ہے۔”

    مرہانہ گاؤں، ڈسکہ اور سیالکوٹ کے سماجی و تعلیمی حلقوں نے عابد محمود کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی اور ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

  • پسرور: ڈھلم غازی میں ’غازی الیکٹرونکس‘ کا شاندار افتتاح

    پسرور: ڈھلم غازی میں ’غازی الیکٹرونکس‘ کا شاندار افتتاح

    پسرور(باغی ٹی وی،نامہ نگار وقاص اسلم) ڈھلم غازی میں ’غازی الیکٹرونکس‘ کا شاندار افتتاح،معزز شخصیات کی خصوصی شرکت

    پسرور کے نواحی علاقے ڈھلم غازی میں ملنگ چوک پر ’’غازی الیکٹرونکس‘‘ کی افتتاحی تقریب نہایت شاندار اور پروقار انداز میں منعقد ہوئی، جس میں سیاسی، سماجی اور تاجر برادری سمیت علاقہ بھر کی معزز شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

    تقریب میں رکنِ قومی اسمبلی و وزیرِ مملکت برائے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ چوہدری ارمغان سبحانی نے خصوصی شرکت کی، جبکہ دکان کا باقاعدہ افتتاح رکنِ صوبائی اسمبلی و چیئرمین لینڈ ریکارڈ اتھارٹی پنجاب چوہدری طارق سبحانی نے فیتہ کاٹ کر کیا۔

    اس موقع پر معروف سیاسی و سماجی رہنما چوہدری شہباز احمد ڈھڈی، چوہدری طارق محمود نانووالی، لیاقت سنیارہ سمیت علاقہ بھر کی ممتاز شخصیات اور تاجر برادری کے نمائندگان بھی موجود تھے۔ شرکاء نے غازی الیکٹرونکس کے قیام کو علاقائی ترقی اور عوامی سہولت کے لیے مثبت اور خوش آئند قرار دیا۔

    تقریب کے اختتام پر غازی الیکٹرونکس کے اونر چوہدری محمد وقاص نے تمام مہمانوں کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور عزم کا اظہار کیا کہ دکان میں معیاری الیکٹرونکس مصنوعات مناسب اور بہتر نرخوں پر فراہم کی جائیں گی۔

  • پسرور: وکی الیون نے سیالکوٹی ٹائیگرز کو 15 رنز سے شکست دے دی

    پسرور: وکی الیون نے سیالکوٹی ٹائیگرز کو 15 رنز سے شکست دے دی

    پسرور (باغی ٹی وی، نامہ نگار وقاص اسلم) سیالکوٹ کے ٹوڑھے گراؤنڈ میں وکی الیون اور سیالکوٹی ٹائیگر کے درمیان 20 اوورز پر مشتمل کرکٹ میچ میں شاندار مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ ٹاس جیت کر وکی الیون نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 232 رنز کا بڑا ہدف قائم کیا۔

    وکی الیون کی جانب سے کپتان علی بھائی نے شاندار 78 رنز کی اننگز کھیلیں، جبکہ نائب کپتان عمر بھائی نے 38 رنز اسکور کیے۔ ڈاکٹر زرگام عباس نے ٹیم کے لیے اہم 56 رنز بنائے اور ابوبکر باجوہ نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 32 رنز کی اننگز مکمل کی۔

    ہدف کے تعاقب میں سیالکوٹی ٹائیگر نے بہتر کھیل پیش کیا، تاہم پوری ٹیم مقررہ سکور حاصل نہ کر سکی اور میچ وکی الیون کے نام 15 رنز سے رہا۔ دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کی عمدہ کارکردگی اور سنسنی خیز مقابلے نے شائقین کرکٹ کو میچ کے دوران خوب محظوظ کیا۔

  • پسرور: ایم سی پارک کی ری ویمپنگ کا آغاز، شہریوں کے لیے پرامن ماحول تیار

    پسرور: ایم سی پارک کی ری ویمپنگ کا آغاز، شہریوں کے لیے پرامن ماحول تیار

    پسرور(باغی ٹی وی،نامہ نگار وقاص اسلم)تحصیل پسرور میں ایم سی پارک کی ری ویمپنگ کا کام شروع کر دیا گیا ہے اور گرین بیلٹس میں نئے پودے لگائے جا رہے ہیں۔ پارک میں شیڈز کی مرمت، پینٹ، نئے کوڑے دان، بینچز، صفائی اور نئی گھاس کی تنصیب کے ساتھ مزید پودوں کا اضافہ بھی کیا جا رہا ہے۔

    اسسٹنٹ کمشنر پسرور سدرہ ستار نے جاری کام کا معائنہ کیا اور ضروری ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کے وژن کے مطابق شہریوں کو صاف اور خوشگوار ماحول فراہم کرنے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں اور ایم سی پارک کی ری ویمپنگ اس کا اہم حصہ ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ پارک میں سیر کرنے والے شہریوں اور فیملیز کے لیے پر سکون ماحول فراہم کیا جائے گا، نئے درخت لگائے جا رہے ہیں اور شیڈز کی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔ اس کے ساتھ ساتھ شہر کی گرین بیلٹس کی دیکھ بھال کی جا رہی ہے اور ان میں نئے پودوں کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔

  • سیالکوٹ: علامہ اقبال سکول سسٹم اور فارما ایسوسی ایشن کے اشتراک سے فری میڈیکل کیمپ

    سیالکوٹ: علامہ اقبال سکول سسٹم اور فارما ایسوسی ایشن کے اشتراک سے فری میڈیکل کیمپ

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، ڈسٹرکٹ رپورٹر مدثر رتو)علامہ اقبال سکول سسٹم اور سیالکوٹ فارما ایسوسی ایشن کے اشتراک سے ایک فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں طلباء و طالبات کا جسمانی اور ذہنی معائنہ کیا گیا اور انہیں بی ایم آئی کے مطابق مفت ادویات فراہم کی گئیں۔

    کیمپ میں ڈاکٹر ایمن عرفان (ہولی فیملی ہسپتال، راولپنڈی) اور ڈاکٹر عرفان نے طلباء کا معائنہ کیا جبکہ سیالکوٹ فارما ایسوسی ایشن کی ٹیم صدر حاجی محمد زبیر کی سربراہی میں موجود رہی۔

    چئیرمین علامہ اقبال سکول سسٹم، ایم عابد ایڈووکٹ نے کہا کہ بچوں کی جسمانی اور روحانی صحت کے لیے ضروری ہے کہ وقتاً فوقتاً ان کا طبی معائنہ کیا جائے تاکہ ذہنی اور جسمانی نشوونما بہتر ہو۔

    صدر سیالکوٹ فارما ایسوسی ایشن، حاجی محمد زبیر نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت ہمارا نصب العین ہے اور ایسوسی ایشن ہر وقت اور ہر جگہ اس کے لیے کوشاں ہے۔

    اس موقع پر بنیادی حقوق کمیشن پاکستان کے کنوئینر پنجاب ملک حسن رزاق، پرنسپل کری ایٹو سکول حامد بسرا، اور چوہدری عثمان سندھو (ٹی ایم اے سیالکوٹ) نے بھی میڈیکل کیمپ کا وزٹ کیا۔