Baaghi TV

Category: سیالکوٹ

  • سیالکوٹ: تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری، 44 کروڑ کی سرکاری اراضی واگزار

    سیالکوٹ: تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری، 44 کروڑ کی سرکاری اراضی واگزار

    سیالکوٹ،باغی ٹی وی(بیورورپورٹ+سٹی رپورٹر) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد اقبال سنگھیڑا نے کہا ہے کہ ضلع سیالکوٹ میں تجاوزات کے خلاف بھرپور کارروائی جاری ہے۔ گزشتہ 10 ماہ میں قبضہ مافیا سے 44 کروڑ 30 لاکھ روپے مالیت کی 16 کنال 1 مرلہ قیمتی اراضی واگزار کرائی جاچکی ہے، جبکہ 1395 مستقل تجاوزات مسمار، 761 پراپرٹیز سربمہر اور 90 لاکھ 23 ہزار روپے جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔ تجاوزات میں ملوث 11 افراد کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے ہیں۔

    یہ بات انہوں نے حاجی پورہ روڈ پر تجاوزات ہٹانے کے دوران کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ خارج علی روڈ، چرچ روڈ کے بعد حاجی پورہ پر آپریشن جاری ہے، جو بلا امتیاز تجاوزات کے خاتمے تک جاری رہے گا۔ انہوں نے دکانداروں کو متنبہ کیا کہ وہ اپنی حدود میں رہیں، بصورت دیگر سخت کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

    محمد اقبال سنگھیڑا کا کہنا تھا کہ تجاوزات کے خاتمے سے نہ صرف سڑکیں کشادہ ہو رہی ہیں بلکہ ٹریفک کا بہاؤ بھی بہتر ہو رہا ہے، جس پر شہریوں نے بھی اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ اس موقع پر انسپکٹر تہہ بازاری مستنصر خان سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔

  • سیالکوٹ: رمضان المبارک میں احترامِ رمضان آرڈیننس پر سختی سے عمل ہوگا، ڈپٹی کمشنر

    سیالکوٹ: رمضان المبارک میں احترامِ رمضان آرڈیننس پر سختی سے عمل ہوگا، ڈپٹی کمشنر

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، سٹی رپورٹر مدثر رتو) ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے کہا ہے کہ ماہِ رمضان میں احترامِ رمضان آرڈیننس پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔ مساجد، امام بارگاہوں اور دیگر عبادت گاہوں کے لیے خصوصی سیکیورٹی، صفائی اور اسٹریٹ لائٹس کا انتظام کیا جائے گا، جبکہ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ضلعی امن کمیٹی، انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مل کر کام کریں گے۔

    یہ بات انہوں نے ڈی سی آفس کمیٹی روم میں ضلعی امن و بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ایوب بخاری سمیت مختلف مکاتبِ فکر کے علمائے کرام اور ضلعی حکام نے شرکت کی۔

    ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ نے پہلے ہی گراں فروشی کے خلاف کارروائیاں شروع کر دی ہیں تاکہ رمضان المبارک کے دوران اشیائے خورونوش کی قیمتیں قابو میں رہیں اور عام آدمی کو ریلیف مل سکے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ رمضان میں لاؤڈ اسپیکر ایکٹ پر سختی سے عمل درآمد ہوگا، عبادت کے اوقات میں شور شرابہ برداشت نہیں کیا جائے گا اور سحر و افطار کے دوران بجلی و گیس کی لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی۔

    ڈپٹی کمشنر نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ 5 مارچ سے مسیحی برادری کے روزے اور رمضان میں ہندو برادری کا تہوار ہولی بھی ہے، اور سیالکوٹ کی مختلف مذہبی برادریاں ہمیشہ بین المذاہب ہم آہنگی اور باہمی احترام کی مثال قائم کرتی ہیں۔

    اجلاس کے آخر میں علمائے کرام نے تجاوزات کے خلاف ضلعی انتظامیہ کے اقدامات کو سراہا اور ملک و قوم کی سلامتی کے لیے دعا کی گئی۔

  • سیالکوٹ: کڈز کلب گرامر اسکول حسنات کیمپس میں سالانہ تقریب تقسیم انعامات

    سیالکوٹ: کڈز کلب گرامر اسکول حسنات کیمپس میں سالانہ تقریب تقسیم انعامات

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، سٹی رپورٹر مدثر رتو) ای ایل سی کڈز کلب گرامر اسکول حسنات کیمپس کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات اسکول کے ہال میں منعقد کی گئی، جس کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا۔ بچوں نے رنگا رنگ ٹیبلو پیش کیے، جنہیں والدین نے بے حد سراہا۔

    تقریب میں ڈائریکٹر کڈز کلب گرامر اسکول محسن سردار نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ و طالبات میں تعریفی اسناد اور انعامات تقسیم کیے۔ اس کے علاوہ بہترین تدریسی خدمات انجام دینے والے اساتذہ کو بھی خصوصی انعامات سے نوازا گیا۔

    والدین نے اسکول انتظامیہ اور اساتذہ کی محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہاں نہ صرف معیاری تعلیم دی جاتی ہے بلکہ اساتذہ کا رویہ بھی قابلِ تعریف ہے۔ ہمیں اسکول کے عملے پر فخر ہے جو بچوں کی بہترین تربیت کے لیے کوشاں ہے۔

    محسن سردار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا وژن اعلیٰ تعلیم کے ساتھ بچوں کی اخلاقی و اسلامی تربیت کو پروان چڑھانا ہے، تاکہ یہ بچے مستقبل میں معاشرے کے بہترین شہری بن سکیں اور ایمانداری سے اپنے فرائض انجام دیں۔

  • سیالکوٹ: پولیس کی کارروائیاں، منشیات اور اسلحہ برآمد، متعدد گرفتار

    سیالکوٹ: پولیس کی کارروائیاں، منشیات اور اسلحہ برآمد، متعدد گرفتار

    سیالکوٹ،باغی ٹی وی (بیوروچیف شاہدریاض) مختلف علاقوں میں پولیس کارروائیاں، منشیات اور اسلحہ برآمد، متعدد گرفتار

    سیالکوٹ پولیس نے مختلف تھانوں کی حدود میں کارروائیاں کرتے ہوئے منشیات، اسلحہ اور شراب برآمد کر کے متعدد ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

    تھانہ حاجی پورہ کے علاقے میں دوران گشت عامر سے رائفل اور دو گولیاں برآمد ہوئیں، جبکہ تھانہ نیکاپورہ میں معظم سے 1 کلو 360 گرام چرس پکڑی گئی۔ تھانہ مراد پور کی حدود میں شہباز سے 2 کلو 260 گرام چرس برآمد کی گئی۔

    تھانہ اگوکی کے علاقے میں یاسر کے قبضے سے 10 لیٹر شراب، جبکہ تھانہ موترہ میں شکیل، سفیان اور اسرار سے 11 لیٹر شراب برآمد ہوئی۔ رانا امتیاز سے 2 کلو 440 گرام چرس، تھانہ صدر پسرور میں ندیم سے 5 لیٹر شراب اور تھانہ سبز پیر میں سرور احمد سے پستول اور تین گولیاں برآمد کر کے مقدمات درج کر لیے گئے۔

    پولیس نے تمام ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

  • سیالکوٹ: سمبڑیال میں ڈکیتی، مسلح ڈاکو دکان سے نقدی اور موبائل لوٹ کر فرار

    سیالکوٹ: سمبڑیال میں ڈکیتی، مسلح ڈاکو دکان سے نقدی اور موبائل لوٹ کر فرار

    سیالکوٹ ،باغی ٹی وی( بیوروچیف شاہد ریاض) ماڈل تھانہ سمبڑیال کی حدود موضع دھامیاں میں ڈکیتی کی واردات پیش آئی، جہاں تین مسلح ڈاکو دکان میں گھس آئے اور اسلحے کے زور پر دکاندار حسن جاوید بٹ اور اس کے ساتھ بیٹھے دوستوں سے نقدی اور موبائل فونز چھین کر فرار ہوگئے۔

    عینی شاہدین کے مطابق ڈاکوؤں کے پاس ایک پسٹل اور رائفل موجود تھی، جسے لہراتے ہوئے وہ موقع سے فرار ہو گئے۔ واقعے کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور جائے واردات سے شواہد اکٹھے کر لیے۔

    متاثرہ دکاندار حسن جاوید بٹ کی مدعیت میں نامعلوم ڈاکوؤں کے خلاف تھانہ سمبڑیال میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے اور جلد پیشرفت متوقع ہے۔

  • سیالکوٹ:عوامی حقوق کا تحفظ اولین ترجیح، صوبائی محتسب پنجاب متحرک ہے، کیپٹن (ر) عطاء محمد خان

    سیالکوٹ:عوامی حقوق کا تحفظ اولین ترجیح، صوبائی محتسب پنجاب متحرک ہے، کیپٹن (ر) عطاء محمد خان

    سیالکوٹ،باغی ٹی وی( سٹی رپورٹر مدثر رتو) ایڈوائزر صوبائی محتسب پنجاب کیپٹن (ر) عطاء محمد خان نے کہا ہے کہ ادارہ عوام کے حقوق کے تحفظ اور فوری انصاف کی فراہمی کیلئے متحرک ہے۔ صوبائی محتسب پنجاب ایکٹ 1997 کے تحت بدانتظامی سے متاثرہ افراد کی شکایات کا 30 سے 45 دن میں ازالہ کیا جاتا ہے، جبکہ فیصلے کی کاپی ویب سائٹ اور موبائل ایپ سے مفت ڈاؤن لوڈ کی جا سکتی ہے۔

    یہ بات انہوں نے سول سوسائٹی کے نمائندوں محمد اشفاق نذر، میاں اعجاز انجم، چوہدری آفاق اور میاں سرفراز نواز سے ملاقات کے دوران کہی۔ اس موقع پر پرسنل اسسٹنٹ ڈاکٹر نورالعین بھی موجود تھے۔

    کیپٹن (ر) عطاء محمد خان نے کہا کہ ہر شہری صوبائی محتسب کے دفتر میں اپنی شکایات درج کرا سکتا ہے۔ سول سوسائٹی کے نمائندوں کو چاہیے کہ وہ عوامی مسائل کے حل کیلئے شعور اجاگر کریں تاکہ شکایات کا بروقت ازالہ کیا جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پنجاب کے تمام سرکاری محکموں میں بدانتظامی، کرپشن، ناانصافی یا لاپروائی پر فوری کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے۔ کسی بھی شکایت کی صورت میں شہری 24/7 ہیلپ لائن 1050 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

  • سیالکوٹ: میونسپل سروسز کیلئے ریونیو میں اضافہ ناگزیر، ڈیجیٹل کلیکشن پر زور

    سیالکوٹ: میونسپل سروسز کیلئے ریونیو میں اضافہ ناگزیر، ڈیجیٹل کلیکشن پر زور

    سیالکوٹ،باغی ٹی وی(بیوروچیف شاہدریاض) ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے کہا ہے کہ عوام کو معیاری میونسپل سروسز کی فراہمی مقامی حکومتوں کی بنیادی ذمہ داری ہے، تاہم اس مقصد کیلئے فنڈز کا انحصار صوبائی حکومت پر ہوتا ہے۔ اس مسئلے کے حل کیلئے سب نیشنل گورننس پروگرام کے تعاون سے واٹر سپلائی چارجز، لینڈ یوز کنورژن فیس، بلڈنگ پلان فیس، اور دکانوں کے کرایوں کو مارکیٹ ریٹ کے مطابق ایڈجسٹ کرنے اور کلیکشن کے عمل میں اصلاحات کی جا رہی ہیں۔

    یہ بات انہوں نے سب نیشنل گورننس پروگرام کے تحت وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ مظفر مختار، اسسٹنٹ کمشنر انعم بابر، گورننس ایڈوائزر جویریہ جیلانی، مسٹر ایلن، مسٹر متی کارٹر، ہینس، انعم حسین، شہزاد احمد ملک، جمال رفیق، فنانس آفیسر ضلع کونسل رانا ثقلین محمود، ایم او فنانس زونیرہ سرفراز اور دیگر متعلقہ افسران شریک تھے۔

    ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ محصولات کی وصولی کیلئے سروسز کا معیار بہتر بنانا ہوگا تاکہ عوام واجبات خوش دلی سے ادا کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ واجبات کی شفاف وصولی کیلئے ڈیجیٹل کلیکشن کا نظام ناگزیر ہے، جس سے بدعنوانی کے امکانات کم ہوں گے اور شفافیت یقینی بنائی جا سکے گی۔ اجلاس میں ضلع کونسل، میونسپل کارپوریشن اور میونسپل کمیٹیوں کے ریونیو میں اضافے سے متعلق متعدد تجاویز کا جائزہ بھی لیا گیا۔

  • سیالکوٹ :پولیس کا پتنگ بازوں کے خلاف کریک ڈاؤن، متعدد گرفتار

    سیالکوٹ :پولیس کا پتنگ بازوں کے خلاف کریک ڈاؤن، متعدد گرفتار

    سیالکوٹ،باغی ٹی وی(بیوروچیف شاہدریاض) پولیس نے مختلف تھانوں کی حدود میں پتنگ بازی کے خلاف بھرپور کارروائیاں کرتے ہوئے کئی ملزمان کو گرفتار کر لیا اور بڑی تعداد میں پتنگیں اور ڈوریں برآمد کر لیں۔

    تفصیلات کے مطابق تھانہ صدر سیالکوٹ کے علاقہ ملو چھت سے پولیس نے علی حسین کو پتنگ اور ڈور سمیت گرفتار کیا، جبکہ تھانہ حاجی پور پولیس نے پتنگ بازی میں ملوث ایرک سے دو پتنگیں اور دو ڈوریں برآمد کیں۔

    اسی طرح تھانہ نیکاپورہ کے علاقہ محلہ دھاروال سے مبشر کو پتنگ اور ڈور سمیت دھر لیا گیا، جبکہ تھانہ رنگپورہ کے علاقہ تلواڑہ مغلاں میں کارروائی کے دوران عبدالہادی سے 2 پتنگیں اور علی محمد سے 3 پتنگیں برآمد کی گئیں۔

    تھانہ موترہ کے علاقے میں بھی پتنگ بازی کے خلاف کریک ڈاؤن کیا گیا، جہاں سے عدنان کو 9 پتنگیں اور ڈور سمیت گرفتار کیا گیا۔ تھانہ سمبڑیال کے علاقے میں علی عمر کو 5 پتنگوں اور ڈور سمیت حراست میں لیا گیا، جبکہ تھانہ سٹی پسرور کے علاقے میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے محمد زاہد کو پتنگ اور ڈور سمیت گرفتار کر لیا۔

    پولیس نے تمام ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔ شہریوں نے پولیس کی ان کارروائیوں کو سراہتے ہوئے پتنگ بازی کے مکمل خاتمے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ قیمتی جانوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔

  • سیالکوٹ: کھیتوں سے 20 سالہ نوجوان کی لاش برآمد

    سیالکوٹ: کھیتوں سے 20 سالہ نوجوان کی لاش برآمد

    سیالکوٹ،باغی ٹی وی(بیوروچیف شاہد ریاض) تھانہ کینٹ کے علاقے سرفراز پور (چھوٹا مراکیوال) میں لنک روڈ کے قریب کھیتوں سے ایک نوجوان کی لاش برآمد ہوئی ہے، جسے مبینہ طور پر قتل کیا گیا یا قتل کے بعد یہاں لا کر پھینکا گیا۔

    پولیس کے مطابق نوجوان کی عمر تقریباً 20 سال کے قریب معلوم ہو رہی ہے، تاہم تاحال اس کی شناخت نہیں ہو سکی۔ سیالکوٹ تھانہ کینٹ پولیس نے لاش تحویل میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ وقوعہ کی اصل تفصیلات بھی تاحال سامنے نہیں آ سکی ہیں۔

    مقامی ذرائع کے مطابق پولیس مقتول کی شناخت اور قتل کے محرکات جاننے کے لیے مختلف زاویوں سے تفتیش کر رہی ہے۔ علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے، جبکہ شہریوں نے قاتلوں کی جلد گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔

  • سیالکوٹ: بغیر ہیلمٹ سفر ، کیمرہ غیر جانبدار نکلا!ٹریفک پولیس آفیسر جرمانے کی زد میں آگیا

    سیالکوٹ: بغیر ہیلمٹ سفر ، کیمرہ غیر جانبدار نکلا!ٹریفک پولیس آفیسر جرمانے کی زد میں آگیا

    سیالکوٹ ،باغی ٹی وی( بیوروچیف شاہد ریاض) ٹریفک قوانین سب کے لیے برابر، کیمرہ غیر جانبدار نکلا! سیالکوٹ میں ایک ٹریفک پولیس آفیسر کو ہیلمٹ کے بغیر موٹر سائیکل چلانا مہنگا پڑ گیا، چار مرتبہ خلاف ورزی کرنے پر ای چالان کے ذریعے آٹھ ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا گیا۔

    ٹریفک پولیس حکام کا کہنا ہے کہ قانون کی نظر میں کوئی بھی شخص خصوصی رعایت کا مستحق نہیں، چاہے وہ پولیس افسر ہو، وکیل، صحافی یا سیاستدان۔ ٹریفک قوانین کی پاسداری ہر شہری کی ذمہ داری ہے، اور خلاف ورزی پر بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔

    عوام کو ہدایت دی گئی ہے کہ ٹریفک قوانین کی مکمل پاسداری کریں، ہیلمٹ کا استعمال یقینی بنائیں تاکہ نہ صرف جرمانے سے بچا جا سکے بلکہ اپنی قیمتی جان کی حفاظت بھی کی جا سکے۔