Baaghi TV

Category: سیالکوٹ

  • سیالکوٹ:اقبال کے 147ویں یوم پیدائش پر اقبال منزل میں تقریب، ڈپٹی کمشنر کی شرکت

    سیالکوٹ:اقبال کے 147ویں یوم پیدائش پر اقبال منزل میں تقریب، ڈپٹی کمشنر کی شرکت

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی ،سٹی رپورٹرمدثررتوکی رپورٹ) شاعر مشرق اور مفکر پاکستان علامہ ڈاکٹر محمد اقبال کے 147ویں یوم پیدائش کی مناسبت سے "اقبال منزل” میں ایک مرکزی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

    اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے تقریب میں شرکت کی، کیک کاٹا اور سکول کے بچوں نے کلام اقبال پیش کیا۔ تقریب میں ملکی سلامتی اور استحکام کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

    تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر انعم بابر، سی او میونسپل کارپوریشن ملک افضل، سی ای او ایجوکیشن مجاہد علوی، ڈی سی او ایلیمنٹری ایجوکیشن اسماء ڈار، صدر بزم اقبال شمیم خان لودھی اور دیگر نمایاں شخصیات بھی موجود تھیں۔

    ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے اس موقع پر کہا کہ وطن عزیز علامہ اقبال کے خواب کی تعبیر ہے، جو اپنی تصانیف "بانگِ جبرئیل” اور "بانگِ درا” کے ذریعے ہر دور کے نوجوانوں کو خودی کا پیغام دیتے ہیں، انہیں ناکامیوں کے خوف سے نجات اور رزق حلال کی ترغیب دیتے ہیں۔

    تقریب کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر نے علامہ اقبال کے والدین کی قبروں پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔

  • سیالکوٹ: سیاسی نظام اسٹیبلشمنٹ اور کرپٹ سیاستدانوں کے ہاتھوں یرغمال – ڈاکٹر اسامہ رضی

    سیالکوٹ: سیاسی نظام اسٹیبلشمنٹ اور کرپٹ سیاستدانوں کے ہاتھوں یرغمال – ڈاکٹر اسامہ رضی

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی،بیوروچیف شاہدریاض) جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر ڈاکٹر اسامہ رضی خان نے کہا ہے کہ سول اور ملٹری اسٹیبلشمنٹ نے اپنے مفادات کے لیے کرپٹ سیاستدانوں کے ساتھ مل کر ملک کے سیاسی نظام کو یرغمال بنایا اور عوام کو حقیقی آزادی سے محروم رکھا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی ضلع سیالکوٹ کے امیر چوہدری امتیاز احمد بریار کی تقریب حلف برداری میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    ڈاکٹر اسامہ رضی نے کہا کہ جماعت اسلامی آئین کو ایک متفقہ دستاویز اور عمرانی معاہدہ سمجھتی ہے، جس کے ساتھ حکومت کا کھیلواڑ انتہائی خطرناک ہے۔ انہوں نے حکومت کو اخلاقی ساکھ سے عاری قرار دیا اور کہا کہ جماعت اسلامی کی بجلی کے بلوں کے خلاف دھرنے اور ممبرشپ مہم نے معاشرے کے مختلف طبقات کو متوجہ کیا ہے۔

    تقریب کے دوران جماعت اسلامی ضلع سیالکوٹ کے امیر چوہدری امتیاز احمد بریار نے فلسطین فنڈ کے لیے آٹھ لاکھ روپے پیش کیے اور امیر جماعت اسلامی پاکستان کی جدوجہد کی حمایت کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر نمایاں کارکردگی دکھانے والے کارکنوں میں شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں۔

  • سیالکوٹ : اسموگ اور آلودگی کے خلاف کریک ڈاؤن، بھٹے اور انڈسٹریز سیل

    سیالکوٹ : اسموگ اور آلودگی کے خلاف کریک ڈاؤن، بھٹے اور انڈسٹریز سیل

    سیالکوٹ(باغی ٹی وی،بیوروچیف شاہدریاض) ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے کہا ہے کہ اسموگ کے خاتمے اور بڑھتی ہوئی ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لیے ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن، محکمہ ماحولیات، زراعت اور انڈسٹریز کی جانب سے انوائرمنٹ پروٹیکشن ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جا رہی ہے۔

    ڈپٹی کمشنر کے مطابق، فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے پر تین زمینداروں کے خلاف مقدمات درج کیے گئے، 411 زمینداروں کو نوٹسز جاری کیے گئے جبکہ چار لاکھ پانچ ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ اسی طرح ضلع سیالکوٹ میں موجود 206 بھٹہ خشت میں سے دھواں چھوڑنے اور ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 65 بھٹوں کو سیل، 36 بھٹہ مالکان کے خلاف ایف آئی آر درج اور 24 لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا۔ علاوہ ازیں، 174 بھٹوں کو نوٹسز جاری کیے گئے۔

    ڈپٹی کمشنر نے مزید بتایا کہ ماحولیاتی آلودگی کے باعث پانچ انڈسٹریل یونٹس کو سیل کیا گیا، جبکہ ایک لاکھ روپے جرمانہ اور 45 انڈسٹریل یونٹس کو نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر محکمہ تحفظ ماحولیات کے اقدامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔ سنٹرل پنجاب کے دیگر اضلاع کی طرح سیالکوٹ میں بھی تمام پارکس، چڑیا گھروں، عجائب گھروں اور کھیلوں کے مقامات پر شہریوں کے جانے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے، جو 17 نومبر تک برقرار رہے گی اور اس پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے گا۔

  • سیالکوٹ:گورنمنٹ علامہ اقبال ہسپتال میں کینٹین نہ ہونے سے  لواحقین کو شدید مشکلات

    سیالکوٹ:گورنمنٹ علامہ اقبال ہسپتال میں کینٹین نہ ہونے سے لواحقین کو شدید مشکلات

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض) ضلع سیالکوٹ کے سب سے بڑے ہسپتال گورنمنٹ علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال میں کینٹین کی عدم موجودگی نے مریضوں کے لواحقین کو شدید مشکلات میں مبتلا کر دیا ہے۔

    روزانہ ضلع بھر کے مختلف علاقوں سے سینکڑوں افراد علاج اور حادثات کے باعث ہسپتال کا رخ کرتے ہیں۔ مریضوں کے ساتھ آنے والے خواتین، بزرگ اور بچے پانی، چائے اور دیگر بنیادی ضروریات کے لیے ترستے رہتے ہیں۔

    کینٹین کی عدم دستیابی کی وجہ سے لواحقین کو معمولی ضروریات پوری کرنے کے لیے ہسپتال سے باہر جانا پڑتا ہے، جس سے انہیں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ عوام نے انتظامیہ سے فوری طور پر ہسپتال میں کینٹین کی سہولت فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

  • پسرور: مسلح ڈکیتی، شہری سے موٹرسائیکل، نقدی اور موبائل چھین لیا گیا

    پسرور: مسلح ڈکیتی، شہری سے موٹرسائیکل، نقدی اور موبائل چھین لیا گیا

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض) پسرور میں تھانہ صدر کی حدود میں چوری، ڈکیتی اور دیگر جرائم میں مسلسل اضافے کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔ حالیہ واقعے میں تھانہ صدر پسرور کی حدود میں پسرور-سیالکوٹ روڈ پر واقع کولڈ سٹور رامکے کے قریب ایک بڑی ڈکیتی کی واردات پیش آئی۔

    تفصیلات کے مطابق رانا عدیل ولد شوکت علی، جو پراسیکیوٹر ہیں، کولڈ سٹور رامکے کے قریب سے گزر رہے تھے کہ اچانک جھاڑیوں سے نکل کر تین نامعلوم مسلح ڈاکو سامنے آ گئے۔ انہوں نے اسلحے کے زور پر رانا عدیل کو روکا اور ان سے 24 ماڈل ہنڈا موٹر سائیکل CG 125، 32 ہزار روپے نقدی اور ایک vivo موبائل فون (جس کی مالیت تقریباً پچاس ہزار روپے بتائی جا رہی ہے) چھین کر پسرور سٹی کی جانب فرار ہو گئے۔

    واقعے کی اطلاع ملنے پر نامعلوم ڈاکوؤں کے خلاف تھانہ صدر پسرور میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور پولیس نے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔ شہریوں نے بڑھتی ہوئی وارداتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مؤثر کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

  • سیالکوٹ: محفل مشاعرہ کا انعقاد، ممتاز شعراء کی شرکت

    سیالکوٹ: محفل مشاعرہ کا انعقاد، ممتاز شعراء کی شرکت

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض) چوہدری طارق محمود گھمن، سرپرست اعلیٰ پاکستان گروپ آف جرنلسٹس اور آنسہ زوبیہ باجوہ چئیرپرسن مضبوط وسیلہ ویلفئیر آرگنائزیشن کی مشاورت سے ایک شاندار محفل مشاعرہ کا انعقاد کیا گیا۔ یہ محفل ریسٹ ہاؤس انجمن پٹواریاں میں منعقد کی گئی جسے محمد شہباز باجوہ اور عمران قیصر نے آرگنائز کیا اور میڈم صغریٰ جعفری نے ہوسٹ کیا۔

    محفل مشاعرہ کی صدارت عالمی شہرت یافتہ پنجابی شاعر آصف علی علوی نے کی۔ محفل میں مہمان خصوصی ملک محمد آصف امین اعوان (صدر انجمن پٹواریاں)، ڈاکٹر فاروق اقبال، محمد اشرف باجوہ، چوہدری عصمت اللہ وریاہ اور میاں محمد سلیم شامل تھے۔

    شعراء میں محمد ایوب صابر، امین جان، سید عدید، مقصود یاور، تجمل حسین تجمل، نعمت اللہ ارشد، ندا مہر آصفہ مریم، ساجدہ چوہدری، کویتا غزل مہرہ، شبنم اور تجمل حسین سچل نے اپنے کلام سے سامعین کے دل جیت لیے اور خوب داد وصول کی۔

    اس موقع پر پاکستان گروپ آف جرنلسٹس کے چئیرمین چوہدری طارق محمود لالی، ایم عرفان سلہریا، شیخ ظہیرالدین بابر، شاہد خلیل گھمن، سمیع اللہ مغل، عباس توصیف مغل اور مضبوط وسیلہ ویلفئیر آرگنائزیشن کے سنئیر وائس چئیرمین زاہد شریف، عابدہ فاروق، آصف وریاہ اور رخسانہ آصف نے مہمانان گرامی کا شاندار استقبال کیا اور انہیں گلدستے پیش کیے۔

    آخر میں شعراء کو تعریفی شیلڈز اور سرٹیفکیٹ پیش کیے گئے تاکہ ان کی حوصلہ افزائی ہو سکے۔

  • سیالکوٹ: منی پٹرول پمپوں کے خلاف کریک ڈاؤن، درجنوں مشینیں ضبط

    سیالکوٹ: منی پٹرول پمپوں کے خلاف کریک ڈاؤن، درجنوں مشینیں ضبط

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، سٹی رپورٹر مدثر رتو ) منی پٹرول پمپوں کے خلاف سول ڈیفنس کا کریک ڈاؤن، درجنوں مشینیں ضبط

    محکمہ سول ڈیفنس کے ڈائریکٹر پنجاب کی ہدایت اور ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ کے حکم پر انسپکٹر حافظ زکریا اقبال کی سربراہی میں سیالکوٹ بھر میں منی پٹرول پمپوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ کارروائیوں کے دوران درجنوں مشینیں ضبط کر کے متعدد افراد کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

    حافظ زکریا اقبال نے ڈسکہ، موترہ، گھوئنکی، کوٹلی لوہاراں اور کھروٹا سیداں میں غیر قانونی منی پٹرول مشینوں کے خلاف کارروائیاں کیں اور مشینیں ضبط کر کے مالکان کے خلاف قانونی کارروائی کی۔ انسپکٹر زکریا کا کہنا تھا کہ کارروائیوں کے دوران اکثر مقامات پر بلیک میلنگ کا سامنا کرنا پڑتا ہے، مگر کسی بھی سفارش کو خاطر میں نہیں لایا جاتا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا پر جھوٹی اور من گھڑت خبریں شائع کرنے والوں کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی جائے گی تاکہ ایسے افراد کی حوصلہ شکنی ہو سکے۔

  • ڈسکہ:خراب سڑکیں،حادثات میں اضافہ،24 گھنٹوں میں 25 واقعات

    ڈسکہ:خراب سڑکیں،حادثات میں اضافہ،24 گھنٹوں میں 25 واقعات

    ڈسکہ (باغی ٹی وی نامہ نگار ملک عمران)خراب سڑکیں،حادثات میں اضافہ،24 گھنٹوں میں 25 واقعات

    ڈسکہ سرکل میں روڈ حادثات میں خطرناک اضافہ ہو گیا ہے، انسپکٹر ٹریفک پولیس نوید جو گوجرانوالہ سے سپیشل ڈیوٹی کے بعد واپس آ رہے تھے، گلوٹیاں موڑ پر موٹرسائیکل حادثے کا شکار ہوگئے۔ سڑک کی خراب حالت کے باعث موٹرسائیکل سلپ ہونے سے انسپکٹر نوید شدید زخمی ہوگئے۔ انہیں فوری طور پر ریسکیو کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا گیا۔

    وزیرآباد روڈ اور ڈسکہ روڈ پر جاری تعمیراتی کام کے دوران سڑک پر گہرے کھڈے بن چکے ہیں، جس کے باعث حادثات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ حفاظتی اقدامات کے نہ ہونے کی وجہ سے روز بروز حادثات بڑھ رہے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 25 مختلف روڈ حادثات رپورٹ کیے گئے ہیں، جن میں متعدد افراد زخمی ہوئے۔ شہریوں نے سڑکوں کی فوری مرمت اور حفاظتی اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔

  • سیالکوٹ: شہریوں کے تحفظ کے لیے 15 پینک بٹن فعال، فوری مدد کی سہولت

    سیالکوٹ: شہریوں کے تحفظ کے لیے 15 پینک بٹن فعال، فوری مدد کی سہولت

    سیالکوٹ(باغی ٹی وی ،بیوروچیف شاہدریاض) شہریوں کے تحفظ کے لیے 15 پینک بٹن فعال، فوری مدد کی سہولت

    سیالکوٹ میں شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے پولیس نے جدید اقدام کے تحت شہر کے مختلف علاقوں میں 15 پینک بٹن فعال کر دیے ہیں۔ ان بٹنوں کو شہر کے 10 مختلف مقامات پر نصب کیا گیا ہے تاکہ شہری کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر پولیس کی مدد حاصل کر سکیں۔ اس سسٹم کے تحت شہریوں کو پولیس سے رابطے کے لیے صرف ایک بٹن دبانا ہوگا، جس سے فوری طور پر پولیس ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچے گی۔

    پولیس کے مطابق اس اقدام کا مقصد نہ صرف شہریوں کو تحفظ فراہم کرنا ہے بلکہ ان کا اعتماد بھی بحال کرنا ہے کہ مشکل وقت میں پولیس ان کے ساتھ ہے۔ پینک بٹن کے اس منصوبے کو شہریوں نے سراہا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ اس سے عوامی تحفظ میں خاطر خواہ بہتری آئے گی۔

  • ڈسکہ: مبینہ پولیس مقابلہ، 2 ڈاکو ہلاک، پٹرولنگ پولیس ملازم کے قتل میں ملوث تھے

    ڈسکہ: مبینہ پولیس مقابلہ، 2 ڈاکو ہلاک، پٹرولنگ پولیس ملازم کے قتل میں ملوث تھے

    ڈسکہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار ملک عمران) تھانہ بمبانوالہ اور سٹی پولیس کے درمیان مبینہ پولیس مقابلے میں دو ڈاکو مارے گئے ہیں۔ دونوں ملزمان دیگر مقدمات میں ریکارڈ یافتہ تھے اور پٹرولنگ پولیس کے ایک ملازم کے قتل میں بھی ملوث تھے۔

    تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او بمبانوالہ اور ان کی ٹیم نے ملزمان عمر حیات اور حیدر علی کو انٹیروگیشن کے لیے گرفتار کیا تھا۔ جب پولیس پارٹی ملزمان کو لے جا رہی تھی، تو ان ملزمان نے اپنے ساتھیوں کو چھڑانے کے لیے اچانک پولیس پر فائرنگ کر دی۔ پولیس کی جوابی فائرنگ میں عمر حیات شدید زخمی ہو گیا اور وہ بعد ازاں جاں بحق ہو گیا۔

    اس دوران حیدر علی اپنے دو ساتھیوں کے ہمراہ فرار ہو گیا تاہم تھانہ سٹی پولیس کے ساتھ ہونے والے فائرنگ کے تبادلے میں حیدر علی بھی ہلاک ہو گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق حیدر علی اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے مارا گیا۔

    دونوں ملزمان عمر حیات اور حیدر علی کے خلاف کئی مقدمات درج تھے اور وہ پٹرولنگ پولیس کے ملازم سید طیب کے قتل میں بھی ملوث تھے۔ ملزمان نے دوران ڈکیتی سید طیب کو گولی مار کر شہید کر دیا تھا۔

    پولیس نے دونوں ملزمان کی ہلاکت کے بعد مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں اور ان کے دیگر ساتھیوں کی تلاش بھی جاری ہے۔ پولیس حکام کے مطابق ملزمان کو قانون کے مطابق سخت سزائیں دی جائیں گی اور عوامی تحفظ کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے۔

    دوسری جانب اس واقعے کے بعد ڈسکہ پولیس نے علاقے میں سیکیورٹی بڑھا دی ہے اور دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔