Baaghi TV

Category: سیالکوٹ

  • ڈسکہ: دھند کے باعث مسافر بس الٹ گئی، تمام مسافر محفوظ

    ڈسکہ: دھند کے باعث مسافر بس الٹ گئی، تمام مسافر محفوظ

    ڈسکہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار ملک عمران )دھند کے باعث مسافر بس الٹ گئی، تمام مسافر محفوظ

    کتفصیل کے مطابق بڈیانہ روڈ پر ننو والی سٹاپ کے قریب آج صبح ایک مسافر بس دھند کے باعث حادثے کا شکار ہو گئی۔ یہ بس چوندہ (پسرور) سے فیصل آباد جا رہی تھی اور اس میں متعدد مسافر سوار تھے۔ علاقے میں گہری دھند اور حدِ نگاہ کم ہونے کے باعث بس الٹ گئی، تاہم تمام مسافر محفوظ رہے۔

    حادثے کے دوران بس میں موجود 32 سالہ مسافر وسیم معمولی زخمی ہوا۔ موقع پر موجود ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے فوری طور پر اسے ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔ مسافروں نے حادثے کے بعد خدا کا شکر ادا کیا کہ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    پولیس اور ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر صورتحال کو کنٹرول کیا اور ٹریفک کی روانی بحال کی۔ دھند کے باعث علاقے میں حادثات کے خطرات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جس پر متعلقہ حکام نے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔

  • ڈسکہ: دو مسلح ڈاکوؤں نے شہری سے نقدی، موبائل فون اور موٹرسائیکل چھین لی

    ڈسکہ: دو مسلح ڈاکوؤں نے شہری سے نقدی، موبائل فون اور موٹرسائیکل چھین لی

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض) ڈسکہ میں دو مسلح ڈاکوؤں نے ایک شہری کو نشانہ بناتے ہوئے نقدی، موبائل فون اور موٹرسائیکل لوٹ لی۔ واقعہ کے مطابق متاثرہ شخص حسن ڈسکہ سے اپنی موٹرسائیکل پر سوار ہو کر اپنے گھر بھروکی جا رہا تھا کہ راستے میں دو مسلح ڈاکوؤں نے اسے روک لیا۔

    ڈاکوؤں نے اسلحے کے زور پر حسن کو یرغمال بنا کر اس سے دو لاکھ ستانوے ہزار روپے نقد، موبائل فون اور موٹرسائیکل چھین لی اور موقع سے فرار ہوگئے۔ متاثرہ شہری نے فوری طور پر واقعہ کی اطلاع مقامی پولیس کو دی، جس پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے اور متاثرہ کی شکایت پر مقدمہ درج کر لیا ہے۔

    پولیس نے ڈاکوؤں کی تلاش اور ان کی گرفتاری کے لیے علاقے کی ناکہ بندی کر دی ہے اور شواہد کی بنیاد پر مزید کارروائی جاری ہے۔ متاثرہ شہری اور علاقے کے مکینوں نے مقامی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے میں بڑھتے ہوئے جرائم کی روک تھام کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کی جان و مال محفوظ رہ سکے۔

  • سیالکوٹ: خاتون کو بلیک میل کرنے پر موبائل مرمت کرنے والے کے خلاف مقدمہ درج

    سیالکوٹ: خاتون کو بلیک میل کرنے پر موبائل مرمت کرنے والے کے خلاف مقدمہ درج

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض) تھانہ موترہ کے علاقہ چھبیل پور میں خاتون کو بلیک میل کرنے اور ناجائز تعلقات قائم کرنے کی کوشش پر پولیس نے مقدمہ درج کر لیا۔

    متاثرہ خاتون کے شوہر ذیشان کی جانب سے دی گئی درخواست کے مطابق، اس کی بیوی علی عباس کی دوکان پر موبائل فون مرمت کے لیے گئی تھی، جہاں ملزم علی عباس نے موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے خاتون کے موبائل سے ذاتی تصاویر اپنے موبائل میں منتقل کر لیں۔

    ملزم علی عباس مبینہ طور پر ان تصاویر کو بنیاد بنا کر خاتون کو بلیک میل کر رہا تھا اور ناجائز تعلقات قائم کرنے کے لیے دباؤ ڈال رہا تھا۔ اس کے علاوہ، اس نے تصاویر وائرل کرنے کی دھمکیاں بھی دیں۔

    متاثرہ خاندان کی شکایت پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا ہے اور ملزم کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

  • سیالکوٹ: قتل کی لرزہ خیز واردات، مقتولہ زہرا کے جسم کے باقی اعضا برآمد

    سیالکوٹ: قتل کی لرزہ خیز واردات، مقتولہ زہرا کے جسم کے باقی اعضا برآمد

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض) تھانہ موترہ کے علاقہ کوٹلی مرلاں میں قتل کی لرزہ خیز واردات میں مقتولہ 30 سالہ زہرا کے جسم کے باقی اعضا بھی برآمد ہو گئے ہیں۔ ترجمان پولیس سب انسپکٹر وقاص نے بتایا کہ گزشتہ روز مقتولہ کا دھڑ برآمد ہوا تھا، جبکہ آج اس کی کٹی ہوئی گردن، ہاتھ اور پیر بھی نالے سے برآمد کر لیے گئے ہیں۔

    واضح رہے کہ دو روز قبل ڈسکہ کے تھانہ موترہ کے قریب ایک نالے سے بوری میں بند کٹی ہوئی لاش ملی تھی۔ اطلاعات کے مطابق مقتولہ زہرا کو مبینہ طور پر اس کی ساس اور نند نے گھریلو تنازعے پر قتل کر کے لاش کے ٹکڑے کر دیے اور انہیں دو بوروں میں ڈال کر نالے میں پھینک دیا۔

    یہ بھی پڑھیں
    ڈسکہ: نالے سے بوری بند کٹی لاش برآمد، گھریلو تنازع پر بہو کا قتل

    پولیس ذرائع کے مطابق مقتولہ زہرا کا تعلق کوٹ منڈ، گوجرانوالہ سے تھا اور وہ 9 ماہ کی حاملہ بھی تھی۔ اس کا شوہر قدیر بیرون ملک مقیم ہے۔ لاش کو ریسکیو 1122 نے نکال کر پولیس کے حوالے کر دیا۔ پولیس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

  • سیالکوٹ: وال چاکنگ کے خاتمے، آوارہ کتوں اور غیر قانونی پیٹرول پمپس کے خلاف مہم تیز

    سیالکوٹ: وال چاکنگ کے خاتمے، آوارہ کتوں اور غیر قانونی پیٹرول پمپس کے خلاف مہم تیز

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض) ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے میونسپل کارپوریشن اور کمیٹیز کی حدود سے ہر قسم کی وال چاکنگ کے خاتمے اور آوارہ کتوں کے سدباب کے لیے جاری مہم کو تیز کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ انہوں نے سول ڈیفنس ڈیپارٹمنٹ کو منی پیٹرول پمپس اور گیس کی غیر قانونی ڈی کنڈنگ کے خلاف مؤثر کارروائی کا حکم دیا۔

    ڈپٹی کمشنر نے محکمانہ کارکردگی کو بہتر بنانے کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی اور افسران کو حکومت پنجاب کی طے کردہ کارکردگی انڈیکیٹرز کے مطابق نتائج دینے کی ہدایت دی۔ انہوں نے اسموگ کے سدباب کے لیے غیر معیاری بھٹوں کو مسمار کرنے اور زگ زیگ ٹیکنالوجی استعمال نہ کرنے والے بھٹوں کو بند کرنے کا حکم دیا۔ محکمہ ماحولیات کے حکام کو ہدایت کی گئی کہ وہ کالے دھوئیں کے اخراج والے بھٹوں کی کڑی نگرانی کریں اور انہیں فوری طور پر بند کریں۔

    ڈپٹی کمشنر نے سیکرٹری ٹرانسپورٹ اتھارٹی کو پبلک اور پرائیویٹ ٹرانسپورٹ کی نگرانی کے دوران دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی اور جرمانے عائد کرنے کی ہدایت بھی کی۔ غیر فٹ ٹرانسپورٹ کو سڑکوں پر نہ لانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ ڈپٹی کمشنر نے ہیلتھ اور ایجوکیشن اتھارٹی میں قائم کونسلز اور پرائس مجسٹریٹس کے اجلاس کی بھی صدارت کی اور ان کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔

  • سیالکوٹ: اینٹی کرپشن کا چھاپہ، محکمہ اوقاف کے منیجر سمیت چار افراد گرفتار

    سیالکوٹ: اینٹی کرپشن کا چھاپہ، محکمہ اوقاف کے منیجر سمیت چار افراد گرفتار

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض) محکمہ اوقاف سیالکوٹ میں کرپشن کے بڑھتے ہوئے واقعات پر قابو پانے کے لیے سرکل آفیسر اینٹی کرپشن ملک ندیم منور نے اہم کارروائی کرتے ہوئے منیجر اوقاف ڈسٹرکٹ سیالکوٹ افتخار احمد کے دفتر پر چھاپہ مارا۔ اس کارروائی کے دوران غیر قانونی طور پر رکھی گئی نیشنل بینک اور ڈسٹرکٹ خطیب اوقاف کی سرکاری سیلیں برآمد کی گئیں۔

    تفتیش کے دوران یہ انکشاف ہوا کہ منیجر افتخار احمد سلہری نے چند ملازمین کے ساتھ ملی بھگت کر کے درباروں کے خزانوں سے لاکھوں روپے خردبرد کیے ہیں۔ اس انکشاف پر عقیدت مندوں اور علاقے کے لوگوں میں شدید تشویش پائی گئی اور انہوں نے سرکل آفیسر اینٹی کرپشن کی اس کارروائی کو سراہا اور ان کے حق میں نعرے بھی بلند کیے۔

    علاوہ ازیں، اس کرپشن کے معاملے میں اعلیٰ افسران کی ممکنہ منتھلی لینے کی خبریں بھی زیر بحث آئیں۔ سرکل آفیسر نے منیجر اوقاف افتخار احمد سلہری سے سیلوں سمیت دیگر ریکارڈ کو ضبط کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ اس کیس میں مزید پیش رفت کے تحت چار افراد کو حراست میں بھی لے لیا گیا ہے۔

  • سیالکوٹ: سرکاری ملازمین کے پنشن کیسز پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کا اجلاس

    سیالکوٹ: سرکاری ملازمین کے پنشن کیسز پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کا اجلاس

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سیالکوٹ ایوب بخاری کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس میں مختلف سرکاری محکموں کے ملازمین کے ضابطہ اخلاق، پنشن اور جی۔پی فنڈ کیسز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

    اجلاس میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اور ہیلتھ اتھارٹیز، ڈی پی او آفس، ریسکیو 1122، محکمہ زراعت توسیع، اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر، ہائیر ایجوکیشن، کوآپریٹو، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ اور ٹیوٹا کے ملازمین کے زیر التواء پنشن کے 17 کیسز کا جائزہ لیا گیا۔

    ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے ان زیر التواء کیسز کی جلد از جلد ادائیگی کے احکامات صادر کیے۔ اجلاس میں ضابطہ اخلاق کے 50 کیسز پر بھی محکمانہ پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، تاکہ معاملات کو بروقت اور شفاف طریقے سے نمٹایا جاسکے۔

  • سیالکوٹ: دو مسلح ڈاکوؤں نے نقدی اور زیورات لوٹ لیے، مزاحمت پر ایک شخص زخمی

    سیالکوٹ: دو مسلح ڈاکوؤں نے نقدی اور زیورات لوٹ لیے، مزاحمت پر ایک شخص زخمی

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض) تھانہ موترہ کے علاقہ بھیلو مہار میں دو مسلح ڈاکوؤں نے ڈکیتی کے دوران نقدی اور طلائی زیورات لوٹ لیے۔

    الیاس جو بھٹہ خشت پر کام کرتا تھا، گزشتہ روز اپنے سسر کے گھر پہنچا تو وہاں شور کی آواز پر آگے بڑھا۔ اس دوران نامعلوم مسلح ڈاکوؤں نے اسے روکنے کی کوشش پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں ایک گولی عظمت کو چھو کر گزری اور وہ زخمی ہوگیا۔

    ڈاکو اس کے سسر کے گھر سے ایک لاکھ روپے نقدی اور طلائی کانٹوں کی جوڑی چھین کر فرار ہوگئے۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا ہے اور تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

  • ڈسکہ: نالے سے بوری بند کٹی لاش برآمد، گھریلو تنازع پر بہو کا قتل

    ڈسکہ: نالے سے بوری بند کٹی لاش برآمد، گھریلو تنازع پر بہو کا قتل

    ڈسکہ (باغی ٹی وی،نامہ نگار ملک عمران) تھانہ موترہ کے علاقے کوٹلی مرلاں کے قریب ایک نالے سے بوری بند کٹی ہوئی لاش برآمد ہوئی۔ اطلاعات کے مطابق 26 سالہ زہرا کو اس کی ساس اور نند نے مبینہ طور پر گھریلو تنازعے پر قتل کیا اور لاش کو ٹکڑوں میں کاٹ کر دو بوروں میں ڈال کر نالے میں پھینک دیا۔

    پولیس ذرائع کے مطابق مقتولہ زہرا کا تعلق کوٹ منڈ، گوجرانوالہ سے تھا اور وہ 9 ماہ کی حاملہ بھی تھی۔ اس کا شوہر قدیر بیرون ملک مقیم ہے۔ ریسکیو 1122 نے لاش کو نکال کر مقامی پولیس کے حوالے کردیا۔

  • سیالکوٹ: سوشل میڈیا پر لڑکی کی تصاویر وائرل، 2ملزم گرفتار

    سیالکوٹ: سوشل میڈیا پر لڑکی کی تصاویر وائرل، 2ملزم گرفتار

    سیالکوٹ(باغی ٹی وی ،بیوروچیف شاہدریاض) نوجوان لڑکی کی خفیہ تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل کرنے والے چار افراد کے خلاف مقدمہ درج، دو گرفتار

    تفصیل کے مطابق سیالکوٹ کے علاقے چاکھو بھٹی تھانہ سبز پیر کی حدود میں ایک شرمناک واقعہ پیش آیا جس میں ایک نوجوان لڑکی کی تصاویر چوری چھپے کھینچ کر سوشل میڈیا پر وائرل کر دی گئیں۔ متاثرہ لڑکی کے والد امجد کی جانب سے پولیس کو شکایت درج کروائی گئی، جس میں بتایا گیا کہ چار افراد علی حسن، فرح، اورنگ زیب سمیت نامعلوم ملزم نے ان کی بیٹی کی تصاویر خفیہ طریقے سے لیں اور انٹرنیٹ پر وائرل کر دیں۔

    شکایت موصول ہونے پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کر کے دو ملزمان کو حراست میں لے لیا۔ تفتیشی افسر کے مطابق گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور ان کے باقی ساتھیوں کو بھی پکڑنے کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔

    متاثرہ خاندان نے اس واقعے پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا اور انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔ پولیس نے یقین دہانی کروائی کہ قانون کی پوری قوت کے ساتھ اس معاملے کی تفتیش کی جائے گی تاکہ متاثرین کو انصاف مل سکے اور ملزمان کو ان کے کیے کی سزا دی جا سکے۔