Baaghi TV

Tag: تازہ ترین

  • لاہور: بچوں کو بھکاری مافیا کو فروخت کرنے والا گروہ گرفتار

    لاہور: بچوں کو بھکاری مافیا کو فروخت کرنے والا گروہ گرفتار

    لاہور پولیس نے معصوم بچے کو بھکاری مافیا کے ہاتھوں فروخت کرنے والے گروہ کو گرفتار کرلیا۔

    پولیس کے مطابق 15 کال پر فوری ایکشن کرتے ہوئے ریس کورس پولیس نے ایک نومولود کو چند گھنٹوں میں جوڑے پل نارتھ کینٹ چنگڑ محلہ سے بازیاب کروایا،ملزمان دانش، شہزاد اور دانش مسیح نہر کنارے پنکچر لگانے کا کام کرتے تھے اور نومولود بچہ اغوا کر کے پیسوں کے عوض فروخت کرنے کے لیے لے جا رہے تھے۔

    ایس پی سول لائنز چوہدری اثر علی نے کہا کہ گداگری کے لیے بچہ خریدنے والے ملزمان بھی گرفتار ہوئے ہیں، ملزمان کو بھیک مانگنے کے لیے نومولود بچہ درکار تھا نومولود خریدنے والے ملزمان میں مریم اور شہزاد شامل ہیں مقدمہ درج مزید تفتیش جاری ہے، نومولود کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے حوالے کیا اور وار ثان کی تلاش جاری ہے،ایس پی سول لائنز نے ایس ایچ او ہاشم رضا اور ٹیم کو شاباش دی اور کہا کہ معصوم کی خرید و فروخت میں ملوث گروہ کے خلاف کارر وائیاں جاری ہیں۔

  • اسرائیلی وزیر کے فرانس میں داخلے پر پابندی

    اسرائیلی وزیر کے فرانس میں داخلے پر پابندی

    فرانس نے اسرائیل کے انتہا پسند وزیرِ قومی سلامتی اتمر بن گویر کے فرانسیسی سرزمین میں داخلے پر پابندی عائد کر دی۔

    فرانسیسی وزیرِ خارجہ جین نویل بارو نے اس فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام غزہ جانے والے فلوٹیلا کے ارکان کے ساتھ روا رکھے گئے سلوک پر عالمی سطح پر بڑھتے غصے کی عکاسی کرتا ہے،اسرائیل کے انتہائی دائیں بازو سے تعلق رکھنے والے قومی سلامتی کے وزیر اتمار بن گویرکو فرانس میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی یہ فیصلہ فرانسیسی اور یورپی شہریوں کے ساتھ نامناسب رویے کے باعث کیا گیا تمار بن گویر کے اقدامات ناقابل قبول ہیں، اسی لیے فوری طور پر ان کے فرانس میں داخلے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

    یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب اسرائیلی وزیر نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو جاری کی تھی، جس میں غزہ جانے والے امدادی بحری قافلے کے گرفتار کارکنوں کو ہاتھ بندھے ہوئے گھٹنوں کے بل بیٹھے دکھایا گیا تھا، اور ویڈیو میں ان کا مذاق بھی اڑایا گیا۔

    فرانسیسی وزیر خارجہ نے کہا کہ اگرچہ فرانس اس بحری قافلے کے طریقہ کار کی حمایت نہیں کرتا کیونکہ اس سے سفارتی اور قونصلر خدمات پر دباؤ بڑھتا ہے، تاہم فرانسیسی شہریوں کو دھمکانے یا ان کے ساتھ بدسلوکی ہرگز برداشت نہیں کی جا سکتی، خصوصاً اگر ایسا کسی سرکاری عہدیدار کی جانب سے کیا جائے، اتمار بن گویر کے اقدامات اور بیانات کی مذمت خود اسرائیل کے متعدد حکومتی اور سیاسی رہنماؤں نے بھی کی ہے اسرائیلی وزیر ماضی میں بھی فلسطینیوں کے خلا ف نفرت انگیز اور تشدد پر مبنی بیانات دیتے رہے ہیں۔

    فرانسیسی وزیر خارجہ نے یورپی یونین سے مطالبہ کیا کہ اتمار بن گویر پر مشترکہ پابندیاں عائد کی جائیں۔ اس سے قبل اٹلی بھی اسی نوعیت کا مطالبہ کر چکا ہے۔

    اتمار بن گویر اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کی اتحادی حکومت میں شامل ایک انتہائی دائیں بازو کے رہنما ہیں، جو غزہ جنگ اور فلسطینیوں سے متعلق اپنے سخت مؤقف کی وجہ سے عالمی تنقید کا سامنا کرتے رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ بدھ کے روز صمود فوٹیلا سے وابستہ کارکنان کی اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں حراست اور ناروا سلوک کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد صورتِ حال حساس ہو گئی تھی جب اسرائیل کے وزیر برائے قومی سلامتی ایتامار بن گویر نے یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے عبرانی زبان میں کیپشن لکھا کہ ہم دہشت گردی کے حامیوں کے ساتھ اسی طرح پیش آتے ہیں۔

    اسرائیلی وزیر کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر ویڈیو شیئر کیے جانے کے بعد معاملہ سنگین صورت اختیار کر گیا اس واقعے کے بعد اٹلی، ترکیہ، کینیڈا، نیدرلینڈز، جرمنی، اسپین، بیلجیئم، فرانس، آئرلینڈ، نیدرلینڈ سمیت دیگر ممالک اور یورپی یونین نے اسے انسانی وقار کے منافی قرار دیتے ہوئے فوری رہائی اور باضابطہ وضاحت کا مطالبہ کیا تھا۔

  • فیلڈ مارشل کی ایران میں اہم  ملاقاتیں، امریکا اور ایران کے درمیان حتمی مفاہمت کی جانب مثبت پیشرفت

    فیلڈ مارشل کی ایران میں اہم ملاقاتیں، امریکا اور ایران کے درمیان حتمی مفاہمت کی جانب مثبت پیشرفت

    پاک افواج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایران کا ایک مختصر لیکن انتہائی نتیجہ خیز سرکاری دورہ مکمل کرلیا، اس دوران انہوں نے اعلیٰ سطح کی ملاقاتیں کیں، جس کے بعد امریکا اور ایران کے درمیان حتمی مفاہمت کی جانب مثبت پیشرفت سامنے آئی ہے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ دورہ 8 اپریل 2026 کی امریکا ایران جنگ بندی کے بعد خطے میں جاری کشیدگی کے تناظر میں کشیدگی کم کرنے اور تعمیری رابطوں کے فروغ کے لیے جاری ثالثی کوششوں کا حصہ تھا دورے کے دوران فیلڈ مارشل نے ایرانی قیادت کے ساتھ اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کیں انہوں نےایرانی صدر مسعود پزشکیان،اسپیکر محمد باقر قالیباف، وزیر خارجہ عباس عراقچی اور وزیر داخلہ اسکندر مومنی سےملاقاتیں کیں۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقاتوں میں خطے میں امن و استحکام کے فروغ اور حتمی معاہدے تک پہنچنے کے لیے جاری مشاورتی عمل کو تیز کرنے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا تمام ملاقاتیں مثبت اور تعمیری ماحول میں ہوئیں، جنہوں نے ثالثی عمل کو مؤثر انداز میں آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کیاگزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والے تفصیلی مذاکرات کے نتیجے میں حتمی مفاہمت کی جانب حوصلہ افزا پیش رفت سامنے آئی ہے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق ایرانی قیادت نے خطے کے مسائل کے پرامن حل اور مذاکرات کے فروغ میں پاکستان کے مخلصانہ اور تعمیری کردار کو سراہا،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ایران آمد پر ان کا استقبال ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی سمیت اعلیٰ سول اور عسکری حکام نے کیا۔

  • فیلڈ مارشل عاصم منیر  کی  محمد باقر قالیباف سے ملاقات

    فیلڈ مارشل عاصم منیر کی محمد باقر قالیباف سے ملاقات

    ایرانی پارلیمان کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے ہفتے کے روز تہران میں پاکستان کے آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کی جس میں ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی، جنگ بندی اور مذاکرات سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ایران کی مہر نیوز ایجنسی کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کے ساتھ ملاقات کے دوران باقر قالیباف نے کہا کہ ایران نے جس طرح جنگ کے میدان میں اپنا بھرپور دفاع کیا اسی طرح سفارتی محاذ پر بھی اپنے جائز حقوق کا تحفظ جاری رکھے گا ایک فوجی عام لوگوں کے مقابلے میں امن کی اہمیت کو زیادہ بہتر سمجھتا ہے اور وہ کبھی بھی اپنے ملک کے وقار اور حقوق کو پامال ہونے کی اجازت نہیں دے سکتا‘۔

    باقر قالیباف نے امریکا پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن پہلے بھی مذاکرات کے دوران ایران پر حملے کرچکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ثالثی میں ہونے والی حالیہ جنگ بندی کے دوران بھی امریکا نےاپنا وعدہ توڑا اور ایران کی ناکہ بندی کی، ایران نے جنگ بندی کے عرصے میں اپنی عسکر ی صلاحیتوں کو دوبارہ مضبوط کیا ہے اور اگر امریکا نے کوئی غلط قدم اٹھایا تو اسے پہلے سے زیادہ سخت ردعمل کا سامنا کرنا ہوگا۔

    رپورٹ کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایرانی قیادت اور عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام ایران کے بہتر مستقبل کے لیے دعاگو ہیں آپ اور میں دونوں اپنے اپنے ملک کے سپاہی ہیں اور سپاہی ہمیشہ کھری اور دو ٹوک گفتگو کرتا ہے
    فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ انہیں خوشی ہے کہ اس نازک مرحلے پر ایران کی قیادت بصیرت رکھنے والے اور ذہین افراد کے ہاتھ میں ہے۔

    دوسری جانب ایران کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے سرکاری ٹیلی وژن سے گفتگو میں کہا ہے کہ موجودہ سفارتی رابطوں کا مقصد جنگ بند ی کا حصول ہے، جس میں لبنان میں جاری صورت حال، امریکی بحری ناکہ بندی اور آبنائے ہرمز کی کشیدہ صورت حال شامل ہے ایران کو پُرامن جوہر ی توانائی کے حصول کا حق حاصل ہے ہم یہ نہیں کہہ سکتے کہ معاہدہ قریب ہے ایران اور امریکا کے درمیان اختلافات شدید نوعیت کے ہیں اور سفارت کاری وقت لیتی ہےانہوں نے قطر کے وفد کے دورہ ایران کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ قطر کا وفد ایرانی وزیرِ خارجہ سے ملا ہے، تاہم اس پورے عمل میں باضابطہ ثالث صر ف پاکستان ہی ہے۔

  • وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ چین، 2 اہم مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط

    وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ چین، 2 اہم مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط

    وزیراعظم پاکستان شہباز شریف وفد کے ہمراہ چین کے دورے پر ہیں، اور اب تک 2 اہم مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے گئے ہیں-

    وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے آج چین کے شہر ہانگژو میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی ژجیانگ صوبائی کمیٹی کے پارٹی سیکریٹری وانگ ہاؤ سے ملاقا ت کی، اس موقع پر وانگ ہاؤ نے وزیراعظم اور ان کے وفد کا ژجیانگ صوبے میں خیرمقدم کیا،وزیراعظم نے ژجیانگ صوبے کی شاندار ترقیاتی منصوبہ بند ی کو سراہتے ہوئے شی جن پنگ کی اُس دور اندیش قیادت کی تعریف کی جو انہوں نے سی پی سی ژجیانگ صوبائی کمیٹی کے پارٹی سیکریٹری کی حیثیت سے انجام دی۔

    وزیراعظم نے صدر شی جن پنگ کے اس تصور صاف پانی اور سرسبز پہاڑ انمول اثاثے ہیں کو خصوصی طور پر خراجِ تحسین پیش کیا،کہاکہ ژجیانگ کی ترقی اس بات کی واضح مثال ہے کہ ماحولیاتی تحفظ، سبز ترقی اور اعلیٰ معیار کی معاشی نمو کو ایک دوسرے کے معاون انداز میں کیسے آگے بڑھایا جا سکتا ہے پاکستان ژجیانگ صوبے کے ساتھ بالخصوص ڈیجیٹل معیشت، ای کامرس، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹیلی کمیونیکیشن، زراعت، قابلِ تجدید توانائی، جدید صنعت کاری اور مہارتوں کی ترقی کے شعبوں میں تعاون کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔

    شہباز شریف نے کہاکہ صوبائی سطح پر تعاون پاکستان اور چین کے تعلقات کا ایک اہم ستون ہے، جو صنعتی اشتراک، زرعی جدیدکاری، ٹیکنالوجی کے تبادلے اور برآمدات پر مبنی ترقی کے ذریعے سی پیک فیز ٹو کو آگے بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔

    وزیراعظم نے تعاون پر مبنی 2 اہم دستاویزات پر دستخط کی تقریب میں بھی شرکت کی، پہلی مفاہمتی یادداشت ژجیانگ صوبے اور پنجاب کے درمیان سسٹر پروونس تعلقات کے قیام سے متعلق تھی، جس کا مقصد تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، تعلیم، ثقافت، سیاحت اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔

    وزیراعظم نے ہانگژو نارمل یونیورسٹی اور پاکستانی سفارتخانہ بیجنگ کے درمیان چین پاکستان مشترکہ ٹیکنالوجی ریسرچ سینٹر کے قیام سے متعلق دستاویز پر دستخط کی تقریب میں بھی شرکت کی یہ مرکز تعلیمی تعاون، عملی تحقیق، ٹیکنالوجی کے تبادلے اور دونوں ممالک کے اداروں کے درمیان روابط کو فروغ دے گا۔

    وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان اور چین سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ منا رہے ہیں اور دونوں ممالک عوام دوست، ترقی پر مبنی اور عملی تعاون کے ایک نئے دور میں داخل ہورہے ہیں۔

  • سعد ایدھی کراچی پہنچ گئے، اسرائیل میں قید کے دوران بدترین تشدد کا انکشاف

    سعد ایدھی کراچی پہنچ گئے، اسرائیل میں قید کے دوران بدترین تشدد کا انکشاف

    غزہ کے لیے روانہ ہونے والے بحری امدادی قافلے ’صمود فلوٹیلا‘ میں شامل معروف سماجی کارکن سعد ایدھی اسرائیلی فوج کی حراست سے رہا ہونے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔

    جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پہنچنے پر سعد ایدھی کا شاندار استقبال کیا گیا، جہاں ان کی اہلیہ اور کم سن بیٹی بھی موجود تھیں اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعد ایدھی نے بتایا کہ ان کا یہ مشن غیر مسلح اور سراسر انسانی امداد پر مبنی تھا، جس کا مقصد بھوک کے شکار مظلوم فلسطینی عوام اور بچوں تک خوراک اور ادو یات پہنچانا تھا ان کا سفر 14 مئی کو شروع ہوا تھا، لیکن غزہ سے 200 ناٹیکل مائل دور بین الاقوامی سمندر میں اسرائیلی فوج نے انہیں زبردستی گرفتار کرلیا۔

    سعد ایدھی نے انکشاف کیا کہ ان کے قافلے میں 180 افراد شامل تھے، جنہیں 2 راتیں بحری جہاز پر محصور رکھا گیا، اس دوران شدید تشدد کے باعث 35 افراد زخمی ہوئے جبکہ 15 افراد کے ساتھ جنسی زیادتی کی گئی، حراست کے دوران انہیں کھانے میں صرف ڈبل روٹی اور پانی دیا جاتا تھا، 3 روز بعد جب انہیں اسرائیل پہنچایا گیا تو وہاں بھی غیر انسانی سلوک کا سلسلہ جاری رہا اور انہیں ایک ایسے سیل میں بند کردیا گیا جہاں رہائی کی کوئی امید نظر نہیں آتی تھی اس ظلم کے خلاف انہوں نے بھوک ہڑتال کی اور صرف پانی پی کر وقت گزارا۔

    سعد ایدھی کے مطابق اسرائیلی اہلکار قیدیوں کو سونے نہیں دیتے تھے اور اس مقصد کے لیے ان کی آنکھوں پر لیزر لائٹس ماری جاتی تھیں، جبکہ قید خانے کے فرش پر جان بوجھ کر پانی ڈال دیا جاتا تھا، انہیں کئی کئی گھنٹے گھٹنوں کے بل بٹھا کر بدترین تشدد کا نشانہ بنایا جاتا تھا جن افراد کے پاس امریکی یا یورپی پا سپورٹس نہیں تھے، ان پر زیادہ ظلم کیا جاتا تھا، جبکہ اپنی حکومت کے خلاف بولنے والے امریکی شہریوں کو بھی نشانہ بنایا جاتا تھا۔

    سعد ایدھی کا کہنا تھا کہ ان پر 4 دن تک لرزہ خیز تشدد کیا گیا، لیکن فلسطینی تو گزشتہ 80 سال سے یہ ظلم برداشت کررہے ہیں انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ ان کا لایا ہوا امدادی سامان ضائع کر دیا گیا ہے، تاہم وہ فلسطین کے لیے آواز اٹھاتے رہیں گے اور دوبارہ امداد پہنچانے کی کوشش کریں گے، انہوں نے حکومتِ پاکستان سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ فلسطین کا مسئلہ حل کرانے میں اپنا فعال کردار ادا کرے۔

    اس موقع پر موجود سابق سینیٹر مشتاق احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سعد ایدھی نے اس مشن کے ذریعے پاکستان کے 25 کروڑ عوام کی نمائندگی کی ہے اور اپنے دادا کا نام روشن کیا ہےوہ خود بھی دو مرتبہ اسرائیلی جیل میں قید رہ چکے ہیں اور وہاں کے ظالمانہ ہتھکنڈوں سے واقف ہیں اس وقت اسرا ئیل میں 11 ہزار فلسطینی قیدی موجود ہیں، جن میں 400 کے قریب 10 سال سے کم عمر بچے بھی شامل ہیں، اسرائیل نے فلسطینی قیدیوں کو پھانسی دینے کا قانون منظور کر لیا ہے، جبکہ بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلسطینی خواتین اور بچوں کے ساتھ زیادتی کے واقعات بھی سامنے آئے ہیں۔

  • امریکا ایران ثالثی: معاملات کسی مثبت انجام کی جانب بڑھ رہے ہیں،خواجہ آصف

    امریکا ایران ثالثی: معاملات کسی مثبت انجام کی جانب بڑھ رہے ہیں،خواجہ آصف

    سیالکوٹ:وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری ثالثی کے عمل میں بتدریج پیشرفت ہو رہی ہے اور معاملات کسی مثبت انجام کی جانب بڑھ رہے ہیں،امید ہے کہ اللّٰہ کے فضل سے پاکستان سمیت پورے خطے اور دنیا میں جلد امن قائم ہوگا-

    نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئےخواجہ آصف نے کہاکہ فیلڈ مارشل عاصم منیر اور محسن نقوی بھی اس موقع پر موجود ہیں، جو اس بات کا اشارہ ہے کہ صورتحال ممکنہ حل کے قریب پہنچ چکی ہے،امید ہے کہ اللّٰہ کے فضل سے پاکستان سمیت پورے خطے اور دنیا میں جلد امن قائم ہوگا،موجودہ کوششوں کے ذریعے دنیا کو ایک بڑے بحران سے بچانے کی کوشش کی جا رہی ہے اور پاکستان کی سفارتی کاوشیں ضرور کامیاب ہوں گی۔

    دوران گفتگو وزیر دفاع نے تسلیم کیاکہ مہنگائی ایک حقیقت ہے اور محدود آمدن رکھنے والے طبقات اس سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں پاکستان کی معیشت بحالی کے مرحلے میں داخل ہو چکی تھی، تاہم جنگی صورتحال کے باعث معیشت پر منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں معاشی بحالی کا عمل نہ صرف سست پڑا ، بلکہ بعض معاملات میں الٹا اثر بھی دیکھنے میں آیا ہے، اگر خطے میں امن قائم ہو جاتا ہے تو پاکستان کے لیے معاشی بہتری کی راہ ہموار ہو جائے گی، حکومت کو اس امر کا بخوبی احساس ہے کہ عام آدمی کے لیے دو وقت کی روٹی کا حصول بھی مشکل بنتا جا رہا ہے۔

  • قطر کے امیر اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان رابطہ

    قطر کے امیر اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان رابطہ

    ہفتے کے روز امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے جس میں خطے کی بڑھتی ہوئی کشیدگی اور پاکستان کی جانب سے ایران اور امریکا کے درمیان ثالثی کی کوششوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی ہے۔

    قطر کی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ٹیلی فون پر گفتگو کی جس میں مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال اور حالیہ سفارتی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا دونوں رہنماؤں نے خطے میں تناؤ کم کرنے اور استحکام برقرار رکھنے کی کوششوں پر تبادلۂ خیال کیا، جب کہ اس دوران خاص طور پر پاکستان کی جانب سے امریکا اور ایران کے درمیان جاری سفارتی ثالثی پر بھی گفتگو ہوئی۔

    گفتگو میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ موجودہ تنازعات کے حل کے لیے مسلسل مذاکرات ناگزیر ہیں دونوں فریقوں نے سمندری راستوں کے تحفظ، اہم آبی گزرگاہوں کی سلامتی اور عالمی توانائی و سپلائی چین کے استحکام کو بھی اہم قرار دیا، امیرِ قطر نے اس موقع پر تنازعات کے پُرامن حل کے لیے قطر کے عزم کا اعادہ کیا اور سفارتی کوششوں کی مکمل حمایت کا اظہار بھی کیا۔

    واضح رہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کے خاتمے اور امن معاہدے کے حوالے سے پاکستان کی بھرپور کوششیں جاری ہیں،فیلڈ مارشل عاصم منیر تہران میں موجود ہیں اور ان کی ایرانی اعلیٰ حکام سے اہم ملاقاتیں ہوئی ہیں جب کہ میڈیا رپورٹس کے بعد ایران نے بھی قطر کے اعلیٰ سطح وفد کی تہران میں موجودگی کی تصدیق کی ہے۔

    گزشتہ روز رائٹرز نے دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان کے بعد قطر کا وفد بھی جمعے کو تہران پہنچ چکا ہے، جس کے بعد قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ نے بھی ذرائع کے حوالے سے قطری وفد کے تہران کے دورے کی تصدیق کی تھی۔

    ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے بھی اپنے ایک بیان میں بتایا کہ قطری وفد نے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات کی ہے کئی ممالک نے جنگ کے خاتمے کے لیے کردار ادا کرنے کی پیشکش کی ہے، جس کی ہم قدر کرتے ہیں تاہم اس وقت صرف پاکستان ہی مرکزی ثالث کا کردار ادا کر رہا ہے۔

    پاکستان کے چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے تہران میں ایران کے صدر مسعود پزشکیان اور ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف سے اہم ملاقات کی ہےعرب میڈیا اور ایرانی خبر رساں اداروں کے مطابق پاکستان کی ثالثی میں تیار ہونے والے اس تاریخی معاہدے کا اعلان جلد متوقع ہے اور کامیابی کی صورت میں اسے ’اسلام آباد ڈیکلریشن‘ کا نام دیا جائے گا۔

  • چین نے تائیوان کے علاقائی پانیوں میں 100 سے زیادہ بحری جہاز تعینات کئے ہیں،تائپی

    چین نے تائیوان کے علاقائی پانیوں میں 100 سے زیادہ بحری جہاز تعینات کئے ہیں،تائپی

    تائیوان کے سیکورٹی چیف نے دعویٰ کیا ہے کہ چین نے تائیوان کے علاقائی پانیوں میں 100 سے زیادہ بحری جہازوں اور کوسٹ گارڈ تعینات کردیے ہیں۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق قومی سلامتی کونسل کے سربراہ جوزف وو نے ایکس پر کہا کہ یہ تعیناتی حالیہ دنوں میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بیجنگ میں چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ ملاقات کے بعد ہوئی ہے دنیا کے اسٹیٹس کو تباہ کرنے اور علاقائی امن و استحکام کو خطرے میں ڈالنے والا چین واحد اور واحد مسئلہ ہے۔

    تائیوان کے ایک سیکیورٹی اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اے ایف پی کو بتایا کہ بیجنگ میں ہونے والے سربراہی اجلاس سے قبل چینی جہازوں کا پتہ چلا تھا لیکن حالیہ دنوں میں یہ تعداد 100 سے تجاوز کر گئی ہے۔

    واضح رہے کہ چین کا دعویٰ ہے کہ تائیوان اس کی سرزمین کا حصہ ہے دوسری جانب ٹرمپ سے پوچھا گیا کہ کیا وہ تائیوان کو ہتھیاروں کی فروخت کے بارے میں تائیوان کے صدر لائی چنگ ٹے سے بات کریں گے جس پر ٹرمپ نے کہا کہ میں ان سے بات کروں گا میں ہر ایک سے بات کرتا ہوں،ان کی سرکاری دورے کے دوران الیون سے بہت اچھی ملاقات ہوئی۔

  • بھارت میں ’کاکروچ جنتا پارٹی‘ تنازع  شدت اختیار کر گیا

    بھارت میں ’کاکروچ جنتا پارٹی‘ تنازع شدت اختیار کر گیا

    بھارتی کامیڈین اور اداکار ویر داس نے ’کاکروچ جنتا پارٹی‘ کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے خلاف مبینہ کارروائی پر سخت ردعمل دیتے ہوئے اسے ’انتہائی احمقانہ اقدام‘ قرار دیا ہے-

    بھارتی اداکار اور کامیڈین ویر داس نے’کاکروچ جنتا پارٹی‘(CJP) کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے خلاف مبینہ کریک ڈاؤن پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں بند کرنے کی کوشش نے دراصل اس تحریک کو مزید تقویت دی ہے۔

    ویر داس کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب پارٹی کے بانی ابھیجیت دیپکے نے دعویٰ کیا کہ تنظیم اور ان کے ذاتی سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو ہیک یا معطل کر دیا گیا ہے۔

    ویر داس نے ہفتے کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ یہ الگ بحث ہے کہ کاکروچ جنتا پارٹی ایک حقیقی تحریک ہے یا نہیں، وقت اس کا فیصلہ کرے گا، لیکن جس طرح نوجوانوں نے اس بیانیے کو پذیرائی دی اور جو ردعمل سامنے آیا، وہ مکمل طور پر حقیقی تھا،اگر یہ سب کافی نہ تھا تو ان کے اکاؤ نٹس بند کرنے جیسا انتہائی احمقانہ اقدام دراصل اس تحریک کو مزید جائز حیثیت دے گیا۔

    اس سے قبل ابھیجیت دیپکے نے ایکس پر دعویٰ کیا تھا کہ ’کاکروچ جنتا پارٹی ‘ کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جا رہا ہے انسٹاگرام پیج ہیک کر لیا گیا، میرا ذاتی انسٹاگرام بھی ہیک ہوا، ایکس اکاؤنٹ معطل کر دیا گیا جبکہ بیک اپ اکاؤنٹ بھی بند کر دیا گیادیپکے نے عوام سے اپیل کی کہ ان اکاؤنٹس سے کی جانے والی کسی بھی پوسٹ پر اعتبار نہ کیا جائے کیونکہ ان کی ٹیم کو فی الحال اپنے پلیٹ فارمز تک رسائی حاصل نہیں۔

    چند روز قبل دیپکے نے ایک اسکرین شاٹ بھی شیئر کیا تھا، جس میں دکھایا گیا کہ ’کاکروچ جنتا پارٹی‘ کا ایکس اکاؤنٹ بھارت میں قانونی درخواست کے تحت معطل کیا گیا،اس پر تبصرہ کرتے ہوئے ویر داس نے لکھا تھا، ’یہ مکمل طور پر اسٹریسینڈ ایفیکٹ جیسا لگ رہا ہے،( ’اسٹریسینڈ ایفیکٹ‘ اس صورتحال کو کہا جاتا ہے جب کسی معلومات کو دبانے یا سنسر کرنے کی کوشش الٹا اسے مزید مقبول بنا دیتی ہے)۔

    دوسری جانب پی جے پی رہنما راجیو چندر شیکھر نے دعویٰ کیا ہے کہ ’کاکروچ جنتا پارٹی ‘ کا سوشل میڈیا ٹرینڈ دراصل ایک منظم سرحد پار اثرانداز مہم کا حصہ ہے، جس کا مقصد وزیراعظم نریندر مودی کی حکومت کو نشانہ بنانا اور بھارت میں عدم استحکام پیدا کرنا ہے۔

    انہوں نے ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ اس مہم کو سوشل میڈیا پر بوٹس اور مصنوعی ذہانت (AI) کے ذریعے تقویت دی جا رہی ہے ’سوشل میڈیا، بوٹس اور ہتھیار کے طور پر استعمال ہونے والی اے آئی کے دور میں جعلی مگر بظاہر قدرتی بیانیے تخلیق کیے جا سکتے ہیں تاکہ معاشروں کو کمزور کیا جا سکے، بھارت کی ترقی اور جدیدیت بعض بیرونی قوتوں اور مفاد پرست عناصر کو قبول نہیں۔

    ادھر کانگرس رہنما دیپیندر سنگھ ہودا نے ’کاکروچ جنتا پارٹی ‘ سے منسلک اکاؤنٹس کے خلاف کارروائی کو جمہوری اقدار کے منافی قرار دیا انہوں نے کہا کہ اگر کوئی سوشل میڈیا پر حکومت پر تنقید کرے اور اس کا اکاؤنٹ بند کر دیا جائے تو یہ جمہوریت کے لیے مناسب طرزِ عمل نہیں، یہ آن لائن تحریک نوجوانوں کے غصے اور حکومتی نظام سے بڑھتی بے چینی کی عکاسی کرتی ہے، انہوں نے خبردار کیا کہ کسی بھی سیاسی جماعت کو اس تحریک کو اپنے مفاد کے لیے استعما ل نہیں کرنا چاہیے کیونکہ اس سے تحریک کی اصل روح متاثر ہو سکتی ہے۔