Baaghi TV

Tag: تازہ ترین

  • اقوام متحدہ کا امریکا ایران کشیدگی پر تشویش کا اظہار

    اقوام متحدہ کا امریکا ایران کشیدگی پر تشویش کا اظہار

    جنیوا:اقوامِ متحدہ نے امریکا ایران کے درمیان کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سفارت کاری کے ذریعے تنازعات حل کرنے کی اپیل کر دی۔

    اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کے ترجمان نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی فوجی نقل و حرکت، جنگی مشقوں اور بحری موجودگی پر تشویش ہے۔

    جبکہ گز شتہ روز ایران نے اقوامِ متحدہ کو خط میں خبردار کیا تھا کہ کسی بھی جارحیت کی صورت میں وہ اپنے دفاع کا حق استعمال کرے گا اور اس کے نتائج کی ذمے داری امریکا پر ہوگی۔

    واضح رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہورہا ہے جس کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان جنگ کے خدشات بڑھ گئے ہیں لڑاکا طیاروں سے بھرا امریکا کا دوسرا بحرہ بیڑا جیرالڈ فورڈ بحیرہ روم میں داخل ہوگیا جبکہ پرتگال میں امریکی فضائی اڈوں پر لڑاکا طیاروں نے پوزیشن سنبھال لی ہے برطانوی خبر ایجنسی کا دعویٰ ہے کہ ایران پر حملے میں امریکا ایرانی رہنماؤں کو براہ راست نشانہ بنائے گا، امریکی فوج ایرانی حکومت کا تختہ الٹنے کی کوشش کرے گی۔

  • عالمی ٹیرف کو کالعدم قرار دینےپر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا سخت ردعمل

    عالمی ٹیرف کو کالعدم قرار دینےپر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا سخت ردعمل

    امریکی سپریم کورٹ کے عالمی ٹیرف کو کالعدم قرار دینے پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا سخت ردعمل سامنے آگیا۔

    عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر شدید ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے اسے باعثِ شرم قرار دیا ہے،فوکس نیوز کے مطابق یہ ردِعمل اس وقت سامنے آیا جب وائٹ ہاؤس میں گورنرز کے ساتھ بند کمرہ اجلاس کے دوران ایک معاون نے صدر ٹرمپ کو عدالتی فیصلے سے آگاہ کیا،ا اجلاس میں موجود ایک ذریعے نے فوکس نیوز کو بتایا کہ صدر ٹرمپ نے فیصلہ پڑھتے ہی اسے شرمناک کہا اور بتایا کہ میرے پاس متبادل موجود ہے اس کے بعد اپنی تقریر جاری رکھی۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے سپریم کورٹ میں بڑے نقصان کے ایک دن بعد عالمی تجارتی ٹیرف 10 فیصد سے بڑھا کر 15 فیصد کرنے کا اعلان کیا ہے یہ فیصلہ ٹرمپ کے پچھلے محصولات کے منصوبے کو عدالت کی جانب سے مسترد کیے جانے کے بعد آیا ہے صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر لکھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی مکمل اور تفصیلی جائزے کے بعد وہ عالمی محصولات کو قانونی حد تک بڑھا رہے ہیں یہ اقدام امریکا کو عظیم بنانے کے پروگرام کا حصہ ہے۔

    واضح رہے کہ امریکی سپریم کورٹ نے 6-3 کی اکثریت سے فیصلہ سناتے ہوئے قرار دیا کہ صدر ٹرمپ کو اکانومی ایمرجنسی کے تحت وسیع پیمانے پر ٹیرف عائد کرنے کا اختیار حاصل نہیں عدالت نے واضح کیا کہ درآمدات کو ریگولیٹ کرنے کا اختیار ٹیرف لگانے تک توسیع نہیں پاتا یہ کام صدر کا نہیں بلکہ کانگریس کا ہے جو اتفاق رائے سے فیصلہ کرنے کا قانونی اور مجاز ادارہ ہے۔

    جمعے کو سپریم کورٹ نے ٹرمپ کی وسیع تجارتی محصولات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ صدر نے ایمرجنسی قانون (IEEPA) کا غلط استعمال کیا، عدالت کے مطابق یہ قانون قومی ہنگامی حالات کے لیے ہے، لیکن صدر نے اسے عالمی تجارتی محصولات کے لیے استعمال کیا، جو اختیارات سے باہر تھا۔

    ٹرمپ کی ری پبلکن جماعت میں بھی سپریم کورٹ کے فیصلے پر ملا جلا رجحان دیکھنے کو ملا ہے جب کہ اپوزیشن جماعت اسے انصاف کی کامیابی قرار دیا ہے۔

    واضح رہے کہ صدر ٹرمپ نے گزشتہ سال دوبارہ اقتدار سنبھالنے کے بعد ٹیرف کو اپنی معاشی پالیسی کا بنیادی ستون بنایا، تاہم یہ حکمتِ عملی ابتدا ہی سے تنازع کا شکار رہی ہے۔

  • پاکستان کے ذمے مجموعی قرض اور واجبات 138 ارب ڈالر سے تجاوز

    پاکستان کے ذمے مجموعی قرض اور واجبات 138 ارب ڈالر سے تجاوز

    پاکستان کے ذمے مجموعی قرض اور واجبات بڑھ کر 138 ارب ڈالر سے تجاوز کرگئے ہیں۔

    اکنامک افیئرز ڈویژن کی تازہ دستاویزات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ بیرونی قرضوں پر سود کی ادائیگی میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا، اور گزشتہ 3 برسوں میں یہ رقم بڑھ کر 3.59 ارب ڈالر تک جا پہنچی، جو 84 فیصد اضافے کو ظاہر کرتی ہے۔

    اعدادوشمار کے مطابق 2022 کے مقابلے میں گزشتہ سال سود کی مد میں 1.67 ارب ڈالر زیادہ ادا کیے گئے یہ ادائیگیاں آئی ایم ایف، عالمی بینک، ایشیائی ترقیاتی بینک اور کمرشل بینکوں سمیت مختلف مالیاتی اداروں کو کی گئیں، جبکہ سعودی عرب اور چین کو سیف ڈپازٹس پر بھی سود ادا کیا گیا۔

    دستاویز میں مزید بتایا گیا ہے کہ سود اور اصل زر سمیت بیرونی قرضوں کی ادائیگی پر سالانہ 13 ارب 32 کروڑ ڈالر خرچ ہوئے گزشتہ سال نیٹ بیرونی قرضوں میں 1.71 ارب ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، تاہم اسی عرصے کے دوران پاکستان نے تین برس میں مجموعی طور پر 9.73 ارب ڈالر قرض واپس بھی کیا۔

    رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران 10.64 ارب ڈالر کے نئے قرضوں پر دستخط کیے گئے، جس سے مجموعی بیرونی قرضوں کا حجم مزید بڑھ گیا۔

  • معروف شاعر اور نعت گو سید سلمان گیلانی  انتقال کر گئے

    معروف شاعر اور نعت گو سید سلمان گیلانی انتقال کر گئے

    لاہور: معروف شاعر، نعت گو اور مزاحیہ شاعری کے ممتاز نام سید سلمان گیلانی طویل علالت کے بعد 74 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔

    سید سلمان گیلانی کچھ عرصے سے شیخ زید اسپتال میں زیرِ علاج تھے سید سلمان گیلانی کو مذہبی اور ادبی حلقوں میں خاص مقام حاصل تھا وہ ختمِ نبوت کے پرجوش حامی اور تحریک ختمِ نبوت کے معروف رہنما سید امین گیلانی کے صاحبزادے تھے انہوں نے اپنے والد کی طرح دینِ اسلام، نعت رسولؐ اور سماجی موضوعات پر منفرد انداز میں شاعری کی۔

    مولانا فضل الرحمان نے سید سلمان گیلانی کے انتقال پر اظہارِ افسوس کیا،جے یو آئی کے آفیشل اکاؤنٹ سے جاری بیان میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ سید سلمان گیلانی مرحوم کی رحلت کی خبر سے دل رنجیدہ اور افسردہ ہے،اللہ تعالیٰ نے مرحوم کو سوز و گداز سے بھرپور آواز اور دلنشین طرزِ بیان عطا کیا تھا، سید سلمان گیلانی بلند پایہ شاعر، باکمال نعت خواں اور عمدہ نثر نگار تھےمرحوم سچے عاشقِ رسولؐ تھے اور ان کے نعتیہ کلام سے لاکھوں افراد مستفید ہوئے۔

    انہوں نےکہا کہ رمضان المبارک کے مقدس اوقات میں ان کا سفرِ آخرت ان کے درجات کی بلندی کا سبب بنے گا مولانا فضل الرحمان نے سید سلمان گیلانی کو اپنے خانوادے کا فرد قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اہلِ خانہ سے اظہارِ تعزیت کے ساتھ ساتھ خود اور اپنی جماعت کو بھی تعزیت کا مستحق سمجھتے ہیں، اللہ کریم مرحوم کی خدمات کو قبول فرمائے، تمام بشری لغزشوں سے درگزر کرے، انہیں اپنی جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل نصیب کرے۔

    واضح رہے کہ 1951 میں لاہور میں پیدا ہونے والے سیدسلمان گیلانی اپنی برجستہ مزاحیہ شاعری اور طنزیہ کلام کی بدولت مشاعروں کی جان سمجھے جاتے تھے ان کا اندازِ بیان شائستگی اور شگفتگی کا حسین امتزاج تھا، جس سے محفلیں زعفران زار ہو جاتیں۔ نعتیہ کلام میں بھی ان کی پہچان نمایاں تھی، جس پر انہیں ’شاعرِ ختمِ نبوت‘ کے لقب سے یاد کیا جاتا تھا۔

    سید سلمان گیلانی نے پوری زندگی ادب، مذہب اور سماجی شعور کے فروغ کے لیے وقف کیے رکھی ان کی تصنیف ’میری باتیں ہیں یاد رکھنے کی‘ کو بھی قارئین میں پذیرائی ملی، جس میں ان کی یادداشتیں اور مشاہدات شامل ہیں،وہ نہ صرف پاکستان بلکہ بیرونِ ملک بھی مشاعروں میں شرکت کرتے رہے اور نعت و ختمِ نبوت کے موضوع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے تھے مرحوم کے پسماندگان میں ایک بیٹا اور دو بیٹیاں شامل ہیں۔ نمازِ جنازہ کے حوالے سے تاحال کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔

  • وادی تیراہ میں مارٹر گولے گرنے سے بچوں سمیت  4 شہری جاں بحق اور 3 زخمی

    وادی تیراہ میں مارٹر گولے گرنے سے بچوں سمیت 4 شہری جاں بحق اور 3 زخمی

    خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر کے علاقے وادی تیراہ میں مارٹر گولے گرنے سے 4 شہری جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے۔

    سیکورٹی ذرائع کے مطابق ضلع خیبر کی وادی تیراہ کے علاقہ چاپری میں نامعلوم سمت سے فائر کیے گئے مارٹر گولے مقامی آبادی پر گرنے کے نتیجے میں 4 شہری جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے مارٹر شیلنگ کے دوران ایک گولہ مسافر پک اپ پر آ گرا، جس کے باعث 2 بچوں سمیت 4 مقامی افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے، زخمی ہونے والے افراد کو ڈوگرہ اسپتال منتقل کیا گیا جنہیں فوری طور پر طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

    سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ وادی تیراہ میں مذکورہ واقعہ عین افطاری کے وقت پیش آیا جاں بحق افراد کی شناخت مہران خان، منتظر آفریدی، خوگئی اور اکومت کے نام سے ہوئی ہے، جن کا تعلق علاقہ چاپری سے بتایا جاتا ہے، زخمیوں کو مزید علاج کے لیے پشاور منتقل کر دیا گیا ہے،مارٹر گولے گرنے سے قریبی گھروں اور دیگر املاک کو بھی نقصان پہنچا اور واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

  • راجن پور :کچے کے انتہائی مطلوب گینگز کے 13 ارکان نے ہتھیار ڈال دیئے

    راجن پور :کچے کے انتہائی مطلوب گینگز کے 13 ارکان نے ہتھیار ڈال دیئے

    پنجاب کے ضلع راجن پور میں پولیس نے کچے کے انتہائی مطلوب گینگز عمرانی، سکھانی، لونڈ، اندھڑ گینگ اور کچہ کراچی کے ڈاکوؤں کے ٹھکانوں پر ڈرون حملہ کیا جبکہ 13 ڈاکوؤں نے ہتھیار ڈال دیا۔

    ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ پولیس آپریشن میں ہلاکت کے ڈر سے انتہائی مطلوب گینگز کے 13 مزید ڈاکوؤں نے سرنڈر کیا، ہتھیار ڈالنے والے ڈاکو اغوا برائے تاوان، قتل اور ڈکیتی سمیت متعدد مقدمات میں مطلوب تھے ڈی پی او راجن پور محمد عمران نے کہا کہ پنجاب پولیس کے آپریشن کے نتیجے میں اب تک سرنڈر کرنے والے ڈاکوؤں کی تعداد 355 ہو گئی ،راجن پور پولیس نے ڈاکوؤں کے 39 ٹھکانوں اور بنکرز کو تباہ کردیا۔

  • تھائی لینڈ : ایک نجی پارک میں وائرس سے 72 چیتے ہلاک

    تھائی لینڈ : ایک نجی پارک میں وائرس سے 72 چیتے ہلاک

    تھائی لینڈ کے شمالی علاقے میں واقع ایک نجی پارک میں کم از کم 72 چیتے ہلاک ہوگئے۔

    عالمی میڈیا کے مطابق یہ ہلاکتیں ٹائیگر کنگڈم نامی پارک میں ہوئی ہیں جہاں موجودہ انتظامیہ سے ہفتے کے روز رابطہ نہیں ہو سکا چیانگ مائی میں صوبائی لائیو سٹاک آفس نے جمعہ کو بتایا کہ جانچ میں چیتوں میں انتہائی متعدی کینائن ڈسٹیمپر وائرس کے ساتھ ساتھ نظامِ تنفس پر اثر ڈالنے والے بیکٹیریا کی موجودگی بھی پائی گئی۔

    قومی لائیو اسٹاک ڈپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ جب چیتے بیمار پڑتے ہیں تو بلیوں یا کتوں جیسے جانوروں کی نسبت ان کا پتہ لگانا زیادہ مشکل ہوتا ہے۔ جب تک ہمیں احساس ہوا کہ وہ بیمار ہو گئے تھے تب تک بہت دیر ہو چکی تھی۔

    جانوروں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیم پیٹا ایشیا نے اے ایف پی کو بتایا کہ چیتے اسی طریقے سے ہلاک ہوئے جیسے وہ زندہ تھے ان کی ہلاکت بہت تکلیف، قید اور خوف کے ماحول میں ہوئی ماہرین نے اس واقعے پر تشویش ظاہر کی کہ نجی جانوروں کے پارکوں میں بیماریوں کی نگرانی اور حفاظتی اقدامات میں اضافہ ناگزیر ہے۔

  • کراچی:رینجرز کی کارروائی، لوٹ مار کی وارداتوں میں ملوث 5 ملزمان گرفتار

    کراچی:رینجرز کی کارروائی، لوٹ مار کی وارداتوں میں ملوث 5 ملزمان گرفتار

    کراچی:رینجرز نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر چھاپہ مار کارروائی کے دوران مسافر بس میں جیب تراشی اور لوٹ مار کی متعدد وارداتوں میں ملوث 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا-

    ترجمان رینجرز کے مطابق بلدیہ ٹاؤن مواچھ موڑ کے قریب مسافر بس میں لوٹ مار کی اطلاع پر رینجرز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 5 ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر کے 4 موبائل فونز اور نقدی برآمد کرلی گرفتار ملزمان کا گروہ 10 سے 12 افراد پر مشتمل ہے جو پچھلے دو سال سے کراچی کے مختلف علاقوں سے موبائل فون چھیننے اور جیب تراشی کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔

    ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزمان روزانہ کی بنیاد پر 5 سے 6 موبائل فونز چھین کر انھیں فروخت کے بعد رقم آپس میں تقسیم کرلیا کرتے تھے گرفتار ملزمان نے انکشاف کیا ہے کہ گرفتاری کی صورت میں پولیس کے معطل اہلکار انہیں چھڑوانے میں کردار ادا کرتے ہیں جس کے عوض اہلکاروں کو روزانہ کی بنیاد پر کچھ رقم فراہم کی جاتی ہےگرفتار ملزمان کو برآمد کیے جانے والے مسروقہ سامان کے ہمراہ مزید قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

  • سُپر 8 مرحلہ: پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ بارش کے باعث منسوخ

    سُپر 8 مرحلہ: پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ بارش کے باعث منسوخ

    پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان شیڈول ٹی ٹوئٹنی ورلڈ کپ کے سپر 8 مرحلے کا پہلا میچ بارش کے باعث منسوخ کر دیا گیا۔

    کولمبو میں شیڈول ایونٹ کے 41 ویں میچ میں پاکستان کے کپتان سلمان آغا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ تاہم، بارش کے باعث میچ بغیر کوئی گیند کرائے منسوخ کردیا گیا۔

    میچ واش آؤٹ ہونے کے سبب پاکستان اور نیوزی لینڈ کو 1، 1 پوائنٹ دے دیا گیا مرحلے کا دوسرا میچ سری لنکا اور انگلینڈ جبکہ تیسرا میچ بھارت اور جنوبی افریقا کے درمیان بالترتیب پالیکیلے اور احمد آباد میں کھیلا جائے گا۔

  • پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان ون ڈے سیریز کے شیڈول کا اعلان

    پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان ون ڈے سیریز کے شیڈول کا اعلان

    پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان ون ڈے سیریز کے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا۔

    پاکستان مینز کرکٹ ٹیم مارچ میں بنگلادیش کا دورہ کرے گی جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل سیریز کھیلی جائے گی۔ شیڈول کے مطابق قومی ٹیم 9 مارچ کو بنگلادیش پہنچے گی جبکہ 10 مارچ کو کھلاڑی پریکٹس سیشن میں حصہ لیں گے۔

    تین میچوں کی سیریز کا پہلا ون ڈے 11 مارچ کو، دوسرا 13 مارچ جبکہ تیسرا اور آخری میچ 15 مارچ کو کھیلا جائے گا۔ سیریز کے تمام مقابلے شیرِ بنگلا نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں منعقد ہوں گے۔

    سابق بھارتی کرکٹرنے اپنی گرل فرینڈ سے دوسری شادی کرلی

    معاہدہ نہ ہونے پر ٹرمپ کا ایران کے خلاف خفیہ منصوبہ سامنے آگیا

    ہاکی کے انتظامی اور کھیل سے متعلق امور الگ الگ کرنے کا فیصلہ