Baaghi TV

Tag: تازہ ترین

  • جسٹس حسن اظہر رضوی نےوفاقی آئینی عدالت  کے قائم مقام چیف جسٹس کا حلف اٹھا لیا

    جسٹس حسن اظہر رضوی نےوفاقی آئینی عدالت کے قائم مقام چیف جسٹس کا حلف اٹھا لیا

    جسٹس حسن اظہر رضوی نے قائم مقام چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت کے عہدے کا حلف اٹھا لیا، حلف برداری کی تقریب کراچی رجسٹری میں منعقد ہوئی-

    اس حوالے سے جاری اعلامیے کے مطابق جسٹس کے کے آغا خان نے جسٹس حسن اظہر رضوی سے قائم مقام چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت کے عہدے کا حلف لیا تقریب میں عدالتی شخصیات اور متعلقہ حکام نے شرکت کی،چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت جسٹس امین الدین خان سرکاری دورے پر روس کے شہر سینٹ پیٹرزبرگ میں موجود ہیں، جہاں وہ بین الاقوامی قانونی فورم میں شرکت کر رہے ہیں۔

    وفاقی آئینی عدالت کے اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس امین الدین خان کی غیر موجودگی میں جسٹس حسن اظہر رضوی قائم مقام چیف جسٹس کے فرائض انجام دیں گے اور عدالتی امور کی نگرانی کریں گے بین الاقوامی قانونی فورم عدالتی تعاون، آئینی اور قانونی امور پر عالمی سطح کے مکالمے کے فروغ کے لیے منعقد کیا جا رہا ہے، جس میں مختلف ممالک کے قانونی اور عدالتی ماہرین شرکت کر رہے ہیں۔

  • پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا یوم عاشورہ پر 2 چھٹیوں کا اعلان

    پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا یوم عاشورہ پر 2 چھٹیوں کا اعلان

    پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے یوم عاشورہ پر چھٹیوں کا اعلان کیا ہے-

    اسٹاک ایکسچینج کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تمام ٹریڈنگ رائٹس سرٹیفکیٹ ہولڈرز، اسٹاف اور متعلقہ افراد کو مطلع کیا جاتا ہے کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج لمیٹڈ 25 جون 2026 (جمعرات) اور 26 جون 2026 (جمعہ) کو 9 اور 10 محرم الحرام 1448 ہجری کے موقع پر بند رہے گی، اسٹاک مارکیٹ عیدالفطر، عیدالاضحیٰ، عاشورہ اور ربیع الاول کے مواقع پر عام تعطیلات کے دوران بند رہتی ہے اور ان دنوں میں کاروباری سرگرمیاں معطل رہتی ہیں۔

    وفاقی حکومت اور سندھ حکومت نے بھی پیر کے روز ملک بھر میں 25 اور 26 جون یعنی جمعرات اور جمعہ کو یوم عاشور کے موقع پر عام تعطیلات کا اعلان کیا تھا۔

    دوسری جانب پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں منگل کے روز کاروباری سرگرمیوں کے آغاز پر مثبت رجحان ریکارڈ کیا گیا، جہاں انڈیکس میں تقریباً 500 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ایک موقع پر بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 178,970.18 پوائنٹس کی سطح پر ٹریڈ کر رہا تھا، جو 498.32 پوائنٹس یعنی 0.28 فیصد اضافہ ظاہر کرتا ہے۔

    مارکیٹ میں سیمنٹ، کمرشل بینکس، تیل و گیس کی تلاش کرنے والی کمپنیوں، آئل مارکیٹنگ کمپنیز اور پاور جنریشن کے شعبوں میں خریداری کا رجحان غالب رہا،حبکو، او جی ڈی سی ایل، پاکستان آئل فیلڈز، پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ، پاکستان اسٹیٹ آئل، حبیب بینک، مسلم کمرشل بینک اور یونائیٹڈ بینک جیسے بڑے انڈیکس شیئرز مثبت زون میں ٹریڈ ہوتے رہے۔

  • بھارتی فن ٹیک کمپنی کریڈ کے بانی واٹس ایپ کے نئے سربراہ مقرر

    بھارتی فن ٹیک کمپنی کریڈ کے بانی واٹس ایپ کے نئے سربراہ مقرر

    میٹا نے بتایا ہے کہ واٹس ایپ کے سربراہ ول کیتھ کارٹ (Will Cathcart) سات سال سے زائد عرصے تک خدمات انجام دینے کے بعد اپنے عہدے سے سبکدوش ہو جائیں گے۔

    میٹا کے مطابق ول کیتھ کارٹ کی جگہ بھارتی فن ٹیک (Fintech) کمپنی کریڈ کے بانی کنال شاہ واٹس ایپ کی قیادت سنبھالیں گے میٹا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مارک زکربرگ نے کہا کہ وہ مستقبل میں بھی ول کیتھ کارٹ کے ساتھ کام جاری رکھنے کے منتظر ہیں اور ول کیتھ کارٹ میٹا میں ہی اپنی ٖخدمات جاری رکھیں گے،کنال شاہ کی سوچ، کاروباری تجربہ اور عالمی وژن انہیں واٹس ایپ کی قیادت کے لیے موزوں بناتا ہے

    میٹا نے اعلان کیا ہے کہ وہ کریڈ میں 900 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا اوراس سرمایہ کاری کے بعد کریڈ کی مالیت 4.5 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔

    واضح رہے کہ میٹا نے 2014 میں واٹس ایپ کو 19 ارب ڈالر میں خریدا تھا۔ اس وقت واٹس ایپ کے ماہانہ فعال صارفین کی تعداد 3 ارب سے تجاوز کر چکی ہے۔

  • امریکی انٹیلیجنس ادارے میں بڑے پیمانے پر برطرفیاں

    امریکی انٹیلیجنس ادارے میں بڑے پیمانے پر برطرفیاں

    امریکی انٹیلیجنس کے اعلیٰ ترین ادارے آفس آف دی ڈائریکٹر آف نیشنل انٹیلیجنس میں بڑے پیمانے پر ملازمین کی برطرفیوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے-

    سی این این کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ نے پیر کے روز اس ادارے میں بڑے پیمانے پر کٹوتیوں کا آغاز کیا، اور اطلاعات ہیں کہ ممکنہ طور پر سینکڑوں ملازمین کو برطرفی کے نوٹس دیے جا رہے ہیں،یہ کارروائی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے نامزد کیے گئے قائم مقام ڈائریکٹر بل پلٹ کی نگرانی میں کی جا رہی ہے، جن کی تقرری پر کانگریس میں پہلے ہی تنازع موجود رہا ہے کیونکہ ان کا انٹیلیجنس کے شعبے میں کوئی تجربہ نہیں ہے۔

    ایک اہلکار نے سی این این کو بتایا کہ ڈیپ اسٹیٹ کی برطرفیاں شروع ہو گئی ہیں”، تاہم ابھی تک برطرف کیے جانے والے افراد کی حتمی تعداد جاری نہیں کی گئی، بل پلٹ نے گزشتہ ہفتے اپنی نئی ذمہ داریاں ایک دن پہلے ہی سنبھال لیں اور مبینہ طور پر دفتر کے تمام ملازمین کی فہرست طلب کی، جس سے سبکدوش ہونے والی ڈائریکٹر تلسی گبارڈ بھی حیران رہ گئیں،ایک اور ذریعے کے مطابق نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر میں تقریباً 400 ملازمین کی برطرفی کی فہرست تیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے-

    ذرائع کے مطابق سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ادارے نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر اور نیشنل کاؤنٹر انٹیلی جنس اینڈ سیکیورٹی سینٹر ہوں گے، سینیٹ اور ایوان نمائندگان کی انٹیلی جنس کمیٹیوں کے ڈیموکریٹ ارکان نے سخت خدشات ظاہر کیے تھے۔ سینیٹر مارک وارنر اور رکن کانگریس جم ہائمز نے خط میں خبردار کیا تھا کہ بڑے پیمانے پر کٹوتیاں قومی سلامتی کے لیے خطرہ بن سکتی ہیں اگرچہ ادارے میں محدود اصلاحات کی گنجائش موجود ہے، لیکن پہلے ہی 2025 میں بڑی کمی کے بعد مزید بڑے پیمانے پر برطرفیاں 9/11 کے بعد قائم کیے گئے اس ادارے کے بنیادی مشن یعنی دہشتگردی کی روک تھام کو متاثر کر سکتی ہیں۔

    وائٹ ہاؤس نے اس معاملے پر تبصرہ کرتے ہوئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایک سوشل میڈیا بیان کا حوالہ دیا، جس میں انہوں نے بل پلٹ کو دفتر کی فوری تنظیم نو اور عملے میں کمی کی ہدایت دی تھی جبکہ سابق انٹیلیجنس حکام اور قانون سازوں نے خبردار کیا ہے کہ اس نوعیت کی بڑی کٹوتیاں حکومت کی دہشتگردی کے خطرات کو بروقت شناخت کرنے اور روکنے کی صلاحیت کو متاثر کر سکتی ہیں۔

  • یورپ میں  گرمی کی شدید لہر، فرانس میں 2 بچوں سمیت 18 افراد جان

    یورپ میں گرمی کی شدید لہر، فرانس میں 2 بچوں سمیت 18 افراد جان

    شدید گرمی کی لہر نے یورپ کے مختلف ممالک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے جس کے باعث فرانس میں کم از کم 18 افراد جان کی بازی ہار گئے جن میں ایک گرم گاڑی میں چھوڑے جانے والے 2 کم سن بچے بھی شامل ہیں، جبکہ اسپین، اٹلی اور برطانیہ میں بھی غیر معمولی گرمی کے باعث حکام نے الرٹ جاری کر دیے ہیں۔

    منگل کے روز یورپ کے مختلف شہروں میں درجہ حرارت نے گزشتہ ریکارڈ توڑ دیے جبکہ کئی ممالک میں معمولاتِ زندگی متاثر ہوئے فرانس میں شدید گرمی کے باعث متعدد اسکول بند کر دیے گئے یا ان کے اوقاتِ کار میں تبدیلی کر دی گئی، جبکہ برطانیہ کے محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ رواں ہفتے جون کے مہینے کا تاریخی درجہ حرارت ریکارڈ ٹوٹ سکتا ہے۔

    فرانس کے علاقے بورڈو میں درجہ حرارت 41.9 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، جو گزشتہ سال اگست میں قائم ہونے والے ریکارڈ سے زیادہ ہے 80 سے 95 سال عمر کے 3 بزرگ افراد بھی ہفتے کے اختتام پر جان کی بازی ہار گئے، وسطی فرانس کے شہر پوئتیے میں درجہ حرارت 41.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جو 1947 کے بعد سب سے زیادہ ہے فرانس کے دارالحکومت پیرس میں بھی جون کے مہینے کا بلند ترین درجہ حرارت ریکارڈ ہونے کی توقع ہے، جہاں پارہ 38.4 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے-

    عالمی موسمیاتی تنظیم (WMO) کی اپریل میں جاری ہونے والی رپورٹ کے مطابق یورپ دنیا کے دیگر خطوں کے مقابلے میں دو گنا سے زیادہ تیزی سے گرم ہو رہا ہے جنوب مشرقی فرانس کے شہر کارپانٹرا کے پراسیکیوٹر کے مطابق 2 اور 4 سال عمر کے 2 بچے اپنے گھر کے باہر کھڑی خاندانی گاڑی میں بے ہوش حالت میں پائے گئے، امدادی اہلکار انہیں بچانے میں ناکام رہے اور دونوں بچوں کی موت واقع ہو گئی۔

    فرانسیسی سول سیکیورٹی سروس کے ترجمان جیروم بولانژر نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ صرف نگرانی والے مقامات پر ہی تیراکی کریں ان کے مطابق اتوار اور پیر کے دوران 13 افراد ڈوب کر ہلاک ہوئے گزشتہ سال بھی گرمی کی شدید لہر کے دوران فرانس میں ڈوبنے سے ہونے والی اموات میں 172 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔

    برطانوی محکمہ موسمیات کے مطابق ملک میں جاری 4 روزہ ہیٹ ویو بعض علاقوں میں درجہ حرارت کو 39 ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی اوپر لے جا سکتی ہے، جس سے جون کے مہینے کا 35.6 ڈگری سینٹی گریڈ کا ریکارڈ ٹوٹنے کا امکان ہے، یہ ریکارڈ 1957 اور 1976 میں قائم ہوا تھا۔

    ادھر اسپین کے شمالی اور نسبتاً ٹھنڈے شہر سان سیباسٹین میں درجہ حرار ت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کی پیش گوئی کی گئی، جو اس تاریخ کے تاریخی اوسط درجہ حرارت سے دوگنا سے بھی زیادہ ہے اسپین کے محکمہ موسمیات کے ترجمان روبین ڈیل کامپو کے مطابق ملک کے بیشتر حصوں میں درجہ حرارت معمول سے 5 سے 10 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ہے، جبکہ بعض شمالی علاقوں میں یہ فرق 10 ڈگری سے بھی تجاوز کر چکا ہے۔

    اٹلی نے پیر کے روز ملک کے 12 شہروں میں شدید گرمی کے باعث ریڈ الرٹ جاری کر دیا اطالوی توانائی کمپنی ’ایرن‘ کے مطابق شہر ٹورین میں بجلی کے نظام پر دباؤ بڑھنے کے باعث وقفے وقفے سے بجلی کی بندش کا سامنا ہے، جس سے نمٹنے کے لیے اضافی عملہ اور جنریٹرز تعینات کیے جا رہے ہیں-

  • معاہدے پر مکمل عمل ہی  پیشرفت کا حقیقی معیار ہوگا ، ایرانی صدر

    معاہدے پر مکمل عمل ہی پیشرفت کا حقیقی معیار ہوگا ، ایرانی صدر

    ایران کے صدر مسعود پزشکیان نےکہا ہے کہ مذاکرات کی کامیابی کا انحصار دونوں فریقوں(امریکا -ایران) کی جانب سے طے شدہ ذمہ داریوں پر مکمل عمل درآمد اور ان کی درست تکمیل پر ہے۔

    صدر مسعود پزشکیان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ معاہدے کے تحت قبول کی گئی ذمہ داریوں پر عملی طور پر عمل کرنا ہی پیش رفت کا حقیقی معیار ہوگا،طے شدہ متن سے ہٹ کر دیے جانے والے بیانات مذاکرات کو آگے بڑھانے میں مددگار ثابت نہیں ہوتے۔

    ایرانی صدر نے اگرچہ کسی مخصوص بیان کا نام نہیں لیا، تاہم مبصرین کے مطابق ان کا اشارہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ بیانات کی جانب ہو سکتا ہے جن پر ایرانی حکام نے اعتراضات اٹھائے ہیں حالیہ دنوں میں صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ ایران جوہری تنصیبات کے معائنے کی اجازت دینے پر آمادہ ہو گیا ہے، ایران کے لیے جاری کیے جانے والے منجمد فنڈز امریکی زرعی مصنوعات کی خریداری پر خرچ کیے جائیں گے۔

  • مصر کے سابق وزیر خارجہ عرب لیگ کے نئے سیکریٹری جنرل مقرر

    مصر کے سابق وزیر خارجہ عرب لیگ کے نئے سیکریٹری جنرل مقرر

    مصر کے سابق وزیر خارجہ نبیل فہمی عرب لیگ کے نئے سیکرٹری جنرل مقرر ہوگئے ہیں۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ تقرری اُردن کے دارالحکومت اومان میں منعقدہ عرب لیگ کے 165ویں عام اجلاس کے دوران عمل میں آئی،یکم جولائی 2026 سے باضا بطہ طور پر اپنی ذمہ داری سنبھالیں گے،75 سالہ نبیل فہمی یکم جولائی کو پانچ سالہ مدت کے لیے لیگ کے نئے سربراہ کا عہدہ سنبھالیں گے اور سبکدوش ہونے والے سیکریٹری جنرل احمد ابو الغیط کی جگہ لیں گے جنہوں نے مسلسل دو مرتبہ سربراہ کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔

    جون 2013 سے جولائی 2014 تک مصر کی وزارت خارجہ کی قیادت کرنے والے تجربہ کار سفارت کار کو مارچ میں متفقہ طور پر 22 رکنی عرب ممالک کا سربراہ نامزد کیا گیا تھا، اس تقرری پر مصری وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ یہ انتخاب جناب نبیل فہمی کے پاس موجود سفارتی تجربے اور ان کے طویل پیشہ ورانہ کیرئیر کی تعریف کی عکاسی کرتا ہے، جس کے ذریعے انہوں نے علاقائی اور بین الاقوامی میدانوں میں عرب کارروائیوں کی حمایت میں اپنا کردار ادا کیا۔

    یاد رہے مصر نے 30 جون کو موجودہ سیکرٹری جنرل احمد ابو الغیظ کی دوسری مدت کے اختتام کے بعد سابق وزیر خارجہ نبیل فہمی کو سیکرٹری جنرل کے عہدے کے لیے باضابطہ طور پر نامزد کیا تھا نبیل فہمی، سابق وزیر خارجہ رہے ہیں، ان کے والد اسماعیل فہمی بھی مصر کے وزیر خارجہ رہ چکے ہیں امریکہ میں مصر کے سفیر اور اقوام متحدہ میں نمائندگی کرچکے ہیں، وہ عرب دنیا کے نمایاں سفارتکاروں میں سے ایک ہیں۔

  • لبنان پر اسرائیلی حملوں کے باعث مذاکراتی عمل متاثر ہوا،اسحاق ڈار

    لبنان پر اسرائیلی حملوں کے باعث مذاکراتی عمل متاثر ہوا،اسحاق ڈار

    نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات چند روز قبل شروع ہو سکتے تھے، تاہم لبنان پر اسرائیلی حملوں کے باعث تمام پیشرفت رک گئی تھی اور مذاکراتی عمل متاثر ہوا-

    العربیہ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں اسحاق ڈار نے کہا کہ سوئٹزرلینڈ کے سیاحتی مقام برگن اسٹاک میں شروع ہونے والے مذاکرات امریکا اور ایران کے سفارتی عمل کے دوسرے مرحلے کا حصہ ہیں، جن میں جوہری پروگرام، پابندیوں اور منجمد اثاثوں کے معاملات سمیت لبنان کی صورتحال پر ورکنگ گروپس کام کر رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ لبنان پر اسرائیلی حملوں نے امریکا اور ایران کو مذاکرات کی میز پر لانے کی کوششوں کو قریباً ناکام بنا دیا تھا، تاہم اب دونوں ممالک کے درمیان سوئٹزرلینڈ میں تکنیکی سطح کے مذاکرات کا آغاز ہو چکا ہے یہ مذاکرات چند روز قبل شروع ہو سکتے تھے، تاہم لبنان پر اسرائیلی حملوں کے باعث تمام پیشرفت رک گئی تھی اور مذاکراتی عمل متاثر ہوا۔

    انہوں نے بتایا کہ اب ایران اپنے پاس موجود ایٹمی مواد یعنی یورینیم کو ملک سے باہر بھیجنے کے بجائے اپنے ہی ملک کے اندر اس کی طاقت اور افزودگی کو کم کرنے پر راضی ہو گیا ہے شروع میں امریکا کا یہی مطالبہ تھا کہ ایران اپنا سارا یورینیم باہر بھیجے، لیکن اب معاملات طے پا گئے ہیں اس وقت تین خاص ورکنگ گروپس بنائے گئے ہیں جو ایٹمی فائل، ایران کے منجمد اثاثوں کی بحالی اور لبنان کے معاملے پر الگ الگ کام کریں گے۔

    نائب وزیراعظم کے مطابق سعودی عرب، قطر، مصر اور متحدہ عرب امارات اس ثالثی کےعمل میں پوری مدد کر رہے ہیں اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نےخود اس پورے معاملے کی نگرانی کی ہے، مذاکرات کا اگلا مرحلہ اگرچہ سخت ہو سکتا ہے، لیکن ایک فائنل ہر صورت ممکن ہے کیونکہ اس ڈیل میں کوئی بھی بری یا منفی بات شامل نہیں ہے۔

    وزیر خارجہ کے مطابق پاکستان نے واشنگٹن اور تہران کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کیا ہے اور وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور دفتر خارجہ کے حکام بھی برگن اسٹاک میں موجود رہے، جہاں امریکی اور ایرانی وفود نے مذاکرات میں شرکت کی انہوں نے حالیہ امریکا ایران مفاہمتی یادداشت کو مستقبل کے مذاکرات کے لیے ایک قابل اعتماد فریم ورک قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک سوچا سمجھا اور دونوں فریقوں کے لیے قابل قبول دستاویز ہے، جس پر دستخط کرنے والے ممالک کے ارادوں پر کسی کو شک نہیں ہونا چاہیے۔

    انہوں نے بتایا کہ بعض معاملات کو نمٹانے کے لیے مذاکرات کاروں کو 30 دن کا وقت دیا گیا ہے، جبکہ مجموعی اور حتمی معاہدہ 60 روز کے اندر مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جس میں باہمی رضامندی سے توسیع بھی کی جا سکتی ہے کشیدگی میں کمی کے معاشی فوائد سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں توانائی کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی ہے اور تجارتی جہازوں کی آمدورفت بھی بحال ہونا شروع ہو گئی ہے۔

    اسحاق ڈار نے آبنائے ہرمز کے حوالے سے پاکستان کے مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان چاہتا ہے کہ وہاں جہاز رانی کا نظام 28 فروری سے پہلے والی صورتحال پر بحال ہو، یعنی تجارتی جہازوں پر کسی قسم کی فیس یا ٹول عائد نہ کیا جائے ابتدائی 60 روز کے لیے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں پر کسی قسم کی فیس نہ لینے کی ضمانت دی گئی ہے، جبکہ اس دوران علاقائی ممالک کے ساتھ مشاورت کے بعد مستقل طریقہ کار طے کیا جائے گا۔

  • پی ٹی آئی رہنماؤں کیخلاف احتجاج کیس: چالان جمع نہ کرانے پر ڈی آئی جی اسلام آباد کو ایک ماہ قید کی سزا

    پی ٹی آئی رہنماؤں کیخلاف احتجاج کیس: چالان جمع نہ کرانے پر ڈی آئی جی اسلام آباد کو ایک ماہ قید کی سزا

    انسدادِ دہشت گردی عدالت اسلام آباد میں پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف احتجاج کیس میں چالان جمع نہ کرانے پر ڈی آئی جی اسلام آباد کو ایک ماہ قید کی سزا سنا دی گئی-

    انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے کیس کی سماعت کی دوران سماعت انہوں نے ڈی آئی جی اسلام آباد جواد طارق کو ایک ماہ قید اور ایک لاکھ روپے جرما نے کی سزا سنا دی،عدالت کی جانب سے متعدد نوٹسز جاری کیے جانے کے باوجود مقدمے کا چالان جمع نہیں کروایا جا رہا تھا، جس پر عدالت نے کارروائی کی، سماعت کے دوران جج طاہر عباس سپرا نے زبانی حکم سناتے ہوئے کہا کہ تحریری حکم نامہ تھوڑی دیر میں جاری کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف یہ مقدمہ تھانہ مارگلہ میں درج ہے، یہ کیس 4 اکتوبر کو ہونے والے پی ٹی آئی احتجاج کے دوران پولیس اہلکار کی شہادت سے متعلق تھا، کیس میں عدم حاضری پر سابق اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، عامر مغل اور حفیظ الرحمان سمیت دیگر ملزمان کو اشتہاری قرار دیا جا چکا ہے-

  • عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں مزید کمی

    عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں مزید کمی

    امریکا اور ایران کے درمیان معاہدے کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مزید کمی ہو گئی ہے۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق سرمایہ کاروں کے خدشات کم ہونے اور تیل کی سپلائی معمول پر آنے کی توقعات کے باعث برینٹ خام تیل اور ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی،برینٹ خام تیل کمی کے بعد 78.80 ڈالر فی بیرل جبکہ ڈبلیو ٹی آئی کی قیمت 74.30 ڈالر فی بیرل پرآ گئی ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات میں پیش رفت سے آبنائے ہرمز میں ممکنہ رکاوٹوں کے خدشات کم ہوئے ہیں، جس کے باعث عالمی توانائی منڈی میں استحکام کے آثار پیدا ہوئے ہیں۔

    تجزیہ کاروں کے مطابق اگر دونوں ممالک کے درمیان معاہدے پر عمل درآمد جاری رہا تو تیل کی سپلائی بہتر ہونے کے ساتھ قیمتوں میں مزید کمی ہو سکتی ہے تاہم خطے میں دوبارہ کشیدگی کی صورت میں عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں پر اثر پڑے گا معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں کمی کا مثبت اثر پاکستان سمیت تیل درآمد کرنے وا لے ممالک پر بھی پڑ سکتا ہے۔