Baaghi TV

Tag: تازہ ترین

  • فاسٹ بولر  محمد عرفان کا بھی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

    فاسٹ بولر محمد عرفان کا بھی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

    لاہور: پاکستانی کرکٹرز کی جانب سے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا سلسلہ جاری ہے عماد وسیم اور محمد عامر کے بعد آج فاسٹ بولر محمد عرفان کی جانب سے ریٹائرمنٹ کا اعلان سامنے آیا ہے۔

    باغی ٹی وی : محمد عرفان نے سوشل میڈیا پر ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سپورٹ کرنے پر ساتھی کھلاڑیوں،کوچز اور تمام لوگوں کاشکرادا کرنا چاہتا ہوں، محبتوں، خوشیوں اور ناقابل فراموش یادوں کے لیے آپ کا شکریہ،محمد عرفان نے کہا کہ تینوں فارمیٹس میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کو اپنے لئے اعزاز سمجھتا ہوں۔

    بائیں ہاتھ کے طویل القامت فاسٹ بولر محمدعرفان نے 4 ٹیسٹ، 60 ون ڈے اور 22 ٹی ٹوئنٹی میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی-

    واضح رہے کہ رہے کہ گزشتہ 3 دن میں قومی کرکٹرز کی جانب سے سامنے آنے والا یہ ریٹائرمنٹ کا تیسرا اعلان ہے،محمد عرفان سے قبل گزشتہ روز فاسٹ بولر محمد عامر نے بھی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہونے کا اعلان کیا تھا جبکہ آل راؤنڈر عماد وسیم دو روز قبل ریٹائرمنٹ کااعلان کر چکے ہیں۔

  • لاہور: سوتیلے باپ نے پانچ سالہ بچی پر تیزاب پھینک دیا

    لاہور: سوتیلے باپ نے پانچ سالہ بچی پر تیزاب پھینک دیا

    لاہور: گرین ٹاؤن میں سوتیلے باپ نے پانچ سالہ بچی پر تیزاب پھینک دیا-

    باغی ٹی وی :ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق متاثرہ بچی والدین کی طلاق کے بعد اپنے دادا کے ساتھ رہتی تھی، ماں کے کہنے پر ملزم حمیدو اور امانت بچی کو لینے آئے، بچی نے ساتھ جانے سے انکار کیا تو طیش میں آکر سوتیلے باپ حمیدو نے تیزاب پھینک دیا، تیزاب پھینکنے سے معصوم بچی کا جسم جھلس گیا اور ملزم موقع سے فرار ہو گیامعصوم بچی کو علاج کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے-

    ڈی آئی آپریشنز فیصل کامران نے ایس پی کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دی ہے ان کا کہنا ہے کہ افسوس ناک واقعہ میں ملوث ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کر کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

    دوسری جانب چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد نے فوری طور پر واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ ٹیم کو بچی اور اس کے لواحقین سے رابطہ کرنے کی ہدایت کردی سارہ احمد کا کہنا ہے کہ اس افسوس ناک واقعے کی شدید مذمت کرتے ہیں، ایسے افراد کو سخت سزا دی جانی چاہیے تاکہ اس طرح کے واقعات کا خاتمہ ہو سکے۔

  • نواب شاہ : پولیس نے  سگریٹ سے بھرا ٹرک ڈرائیور سمیت اغوا کر لیا

    نواب شاہ : پولیس نے سگریٹ سے بھرا ٹرک ڈرائیور سمیت اغوا کر لیا

    نواب شاہ : تھانہ بچل پور پولیس نے لاکھوں روپے مالیت کے سگریٹ سے بھرا ٹرک ڈرائیور سمیت اغوا کر لیا۔

    باغی ٹی وی: ایس ایس پی شہید بینظیر آباد تنویر تنیو نے واردات کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ بچل پور صادق وگن، ہیڈ محرر ماجد میر جت، ہیڈ کانسٹیبل شیر محمد سرگانی کے خلاف تعلقہ تھانہ نواب شاہ میں مقدمہ درج کر لیا،ایس ایس پی تنویر تنیو نے بتایا کہ مقدمے میں نامزد دو ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ ملزم ایس ایچ او فرار ہو گیا ہے مقدمہ ٹرک ڈرائیور صاحبزادہ ولد شہزادہ کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، مقدمے میں اغوا اور ڈکیتی کی دفعات شامل کی گئی ہیں،واردات میں ملوث محکمے کے ایس ایچ او، ہیڈ محرر اور ہیڈ کانسٹیبل کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کی جائے گی۔

    دوسری جانب کراچی میں دن دہاڑے پولیس یونیفارم پہنے ڈاکوؤں نے شہری سے ہزاروں ڈالر چھین لئے ڈکیتی کا یہ واقعہ شارع پاکستان پر واٹر پمپ کے قریب سپر اسٹور کے سامنے پیش آیا تجمل حسین نامی شہری منی چینجر سے ڈالر لے کر نکلا تھا کہ اسے لوٹ لیا گیا۔

    واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزمان کو شہری کو روکتے اور بات چیت کرتے دیکھا جاسکتا ہے، تھوڑی دیر میں ملزم رقم چھین کر گاڑی میں بیٹھ کر فرار ہوجاتے ہیں فوٹیج میں شہری کو ملزموں کی کار کے پیچھے بھاگتے دیکھا جاسکتا ہے-

  • موبائل چارجر نے ایک خاندان کے 7 افراد کی جان لے لی

    موبائل چارجر نے ایک خاندان کے 7 افراد کی جان لے لی

    الاحسا:سعودی عرب میں موبائل چارجر نے ایک ہی خاندان کے 7 افراد کی جان لے لی،یہ آگ گذشتہ پیر کو الاحساء گورنری کے شہر ہوفوف کے ایک گھر میں لگی تھی۔

    باغی ٹی وی : عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب کے مشرقی علاقے الاحسا کے ایک گھر کے ڈرائنگ روم میں لگنے والی خوفناک آگ نے پورے گھر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا آگ کے دھوئیں سے جاگ جانے والے بیٹے نے اپنے والدین کو گھر سے بمشکل بحفاظت نکالا اور پھر دیگر بہن بھائیوں کی مدد کے لیے اندر گیا اور واپس نہ آٰیا،تمام بچوں کے آگ میں جل کر مر جانے سے والدین ذہنی توازن کھو بیٹھے جنھیں قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    مقتولین چھ بہن بھائی ہیں، جن میں لیلیٰ حسین الجبران، ایمان حسین، لطیفہ حسین، احمد حسین، ردا حسین، عبد اللہ حسین اور ان کے بھتیجے حسین علی الجبران شامل ہیں مرنے والوں میں لطیفہ حسین بھی شامل ہے جس کا نکاح گزشتہ جمعہ کی رات ہوا تھا اور 3 بعد اس کی شادی تھی،جاں بحق افراد کی میتیں بڑی تعداد میں لوگوں کی موجودگی میں سپرد خاک کر دی گئیں۔

    عرب میڈیا کے مطابق فائر بریگیڈ کے عملے نے 4 گھنٹوں کی مشقت کے بعد آگ پر قابو پایا آگ لگنے سے پورا گھر جل کر خاکستر ہوگیا زیادہ تر ہلاکتیں دم گھٹنے کے باعث ہوئیں پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش سے پتا چلا کہ موبائل فون چارجنگ پر لگا تھا جو کسی وجہ سے پگھل گیا اور شارٹ سرکٹ ہوگیا –

    جاں بحق ہونے والوں کے چچا صادق الجبران نے بتایا کہ سب سے پہلے آگ ڈرائنگ روم کے صوفہ سیٹس پر لگی اور اس کے بعد دیکھتے ہی دیکھتے ہی دیگر کمروں میں بھی پھیل گئی، زہریلے دھوئیں کے باعث پڑوس کے گھروں کو بھی خالی کرالیا گیا

  • مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما  انتقال کر گئے

    مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما انتقال کر گئے

    راولپنڈی: مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور متروکہ وقف املاک بورڈ کے سابق چیئرمین صدیق الفاروق انتقال کر گئے۔

    باغی ٹی وی : صدیق الفاروق کے خاندانی ذرائع نے بھی مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وہ کچھ عرصے سے دل کے عارضے میں مبتلا تھےمرحوم لیگی رہنما کی نماز جنازہ کے وقت کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

    صدیق الفاروق سابق وزیراعظم نوازشریف کے پرنسپل سیکرٹری اورچیئرمین متروکہ وقف املاک بھی رہے، صدیق الفاروق نے 3 سال جیل بھی کاٹی جبکہ وہ ایک کتاب کے بھی مصنف تھے،صدیق الفاروق طویل عرصے تک شعبہ صحافت سے وابستہ رہے، وہ سینئر صحافی اظہر ملک کے بڑے بھائی تھے۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما صدیق الفاروق کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی اور مرحوم کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔

    شہباز شریف کا کہنا تھا مرحوم صدیق الفاروق کی پاکستان مسلم لیگ ن کیلئے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، صدیق الفاروق کے انتقال سے پارٹی ایک مخلص اور زیرک سیاستدان سے محروم ہوگئی، اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائیں۔

  • بھارتی فوج نے1971 جنگ کی تصویر  آرمی چیف ہاؤس سے اتار دی،سابق بھارتی فوجی افسران  نالاں

    بھارتی فوج نے1971 جنگ کی تصویر آرمی چیف ہاؤس سے اتار دی،سابق بھارتی فوجی افسران نالاں

    نئی دہلی: بھارتی فوج دھرم کی محافظ بن گئی، 1971 کی جنگ کی تصویر آرمی چیف ہاؤس سے اتار دی۔

    باغی ٹی وی : بھارتی میڈیا نے ذرائع کا حوالے دے کر بتایا کہ آرمی چیف ہاؤس کے ہال میں ویزاں 1971 کی جنگ کی تصویر کی جگہ 28 مدراس رجمنٹ کے لیفٹیننٹ کرنل تھامس جیکب کی بنائی گئی پینٹنگ لگا دی گئی جس میں فوج کو ’دھرم‘ کے محافظ کے طور پر پیش کیا گیا ہے، دھرم کے محافظ والی پینٹنگ میں ’برف سے ڈھکا پہاڑ، مشرق لداق کا عکس، فوجی ٹینک، فوجی اہلکار اور عقب میں بھگوان کی بگی کا عکس موجود ہے،اس میں جنگی طیارے بھی شامل ہیں۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق تصویر میں بھارت کی تہذیب کی شاندار عکاسی موجود ہے جو ہمیشہ سچائی پر یقین رکھتا اور طاقت کا استعمال بوقت ضرورت کرتا ہے، اور بھارتی آرمی اپنے مفادات اور سرحدوں کا تحفظ بنانے کے لیے چوکس ہے’۔

    دوسری جانب بھارت فورسز کو عوامی سطح پر شدید تنقید کا سامنا ہے ایک شمالی فوج کے سابق کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ایچ ایس پناگ نے پوسٹ کیا کہ اب افسانہ، مذہب اور جاگیردارانہ نظام مستقبل میں فتح کو یقینی بنائے گا،’ہم مسلسل پستی میں ہیں، ہٹائی گئی تصویر میں مجھے اپنے کورس میٹ نظر آرہے ہیں۔

    بی بی سی کے مطابق سقوط ڈھاکہ کی تاریخ 16 دسمبر سے قبل انڈیا کے بہت سے سابق فوجی افسران نئی دہلی میں آرمی چیف کے دفتر سے ایک تصویر ہٹانے پر نالاں ہیں یہ سنہ 1971 کی جنگ کی وہ تاریخی تصویر ہے جس میں پاکستانی فوج کے لیفٹیننٹ جنرل امیر عبداللہ خان نیازی (اے کے نیازی) انڈین فوج کے سربراہ جنرل جگجیت اروڑا کے سامنے ہتھیار ڈالنے کے دستاویزات پر دستخط کر رہے ہیں۔
    army
    تصویر بشکریہ بی بی سی
    انڈیا کے مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ تاریخی پینٹنگ گذشتہ 40 برسوں سے زیادہ عرصے سے انڈین آرمی چیف کے لاؤنج میں آویزاں تھی جہاں بری فوج کے سربراہ صدر دفتر کا دورہ کرنے والے مہمانوں سے ملاقات کیا کرتے ہیں۔

    سن 1971 کی ہتھیار ڈالنے والی تصویر کی جگہ جو پینٹنگ لگائی گئی ہے اسے ‘کَرم شیتر- فیلڈ آف ڈیڈز’ یعنی ’میدان عمل‘ کا نام دیا گیا ہے اور یہ تصویر بڑے پیمانے پر سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے،اکثر لوگ اس تبدیلی کا جواز جاننے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ بہت سے سابق فوجی اس کو شدید تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں،انڈین بری فوج کی جانب سے یا وزارت دفاع کی جانب سے اس بابت اب تک کوئی وضاحت نہیں دی گئی ہے لیکن انڈین میڈیا میں اس خبر کو بڑے پیمانے پر شائع کیا گیا ہے-

    انڈین اخبار دی ہندو نے فوجی ذرائع کے حوالے سے لکھا ہے کہ نئی پینٹنگ، ‘کرم شیتر – فیلڈ آف ڈیڈز’ کو 28 مدراس رجمنٹ کے لیفٹیننٹ کرنل تھامس جیکب نے بنایا ہے،اس میں فوج کو ’دھرم (مذہب) کے محافظ کے طور پر پیش کیا گیا ہے، جو نہ صرف قوم کے محافظ کے طور پر لڑ رہی ہے بلکہ انصاف کو برقرار رکھنے اور ملکی اقدار کی حفاظت کے لیے بھی لڑ رہی ہے۔

    اخبار دی ٹیلیگراف انڈیا نے فوجی ذرائع کے حوالے سے لکھا ہے کہ نئی پینٹنگ معروف رزمیہ ’مہابھارت‘ کی تعلیمات پر مبنی ہے۔

  • مشہور فیشن چین مینگو  کے بانی  کھائی میں گر کر ہلاک

    مشہور فیشن چین مینگو کے بانی کھائی میں گر کر ہلاک

    اسپین: یورپ کی مشہور فیشن چین مینگو (Mango) کے بانی ازاق اینڈک ہائیکنگ کے دوران کھائی میں گر کر ہلاک ہو گئے۔

    باغی ٹی وی : غیر ملکی میڈیا کے مطابق 71 سالہ ازاق اینڈک اسپین کی مشہور کپڑوں کی چین مینگو (Mango) کے بانی تھے جس کے یورپ سمیت دنیا بھر میں 2800 اسٹورز ہیں،ازاق اینڈک ہفتے کے روز بارسلونا میں ہائیکنگ کے دوران کھائی میں گر کر ہلاک ہوئے۔

    کمپنی کی جانب سے ازاق اینڈک کی ہلاکت کے حوالے سے مزید کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئی تاہم اسپینش میڈیا کا اس حوالے سے بتاناہے کہ ازاق اینڈک بارسلونا کے پہاڑی علاقے میں اپنے فیملی ممبران کے ہمراہ ہائیکنگ کے لیے گئے تھے۔

    اسپین کے وزیراعظم پیڈرو سینشز نے ازاق اینڈک کی ہلاکت پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے فیشن انڈسٹری کے لیے ان کی خدمات پر خراج عقیدت پیش کیا،میڈیا سے دور رہنے والے ازاق اینڈک کا شمار اسپین کی امیر ترین شخصیات میں ہوتا تھا اور امریکی جریدے فوربز کی رپورٹ کے مطابق ازاک اور ان کی فیملی کے اثاثوں کی مالیت 4 اعشاریہ 5 ارب ڈالر بنتی ہے۔

  • یونان کشتی حادثہ:مرنے والوں میں ایک پاکستانی شہری کے شامل ہونے کی تصدیق

    یونان کشتی حادثہ:مرنے والوں میں ایک پاکستانی شہری کے شامل ہونے کی تصدیق

    اسلام آباد:دفتر خارجہ نے یونانی جزیرے کے قریب کشتی حادثے میں مرنے والوں میں ایک پاکستانی شہری کے شامل ہونے کی تصدیق کردی۔

    باغی ٹی وی : ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق گزشتہ روز یونان کے جنوبی جزیرے میں کشتی الٹنے کے حادثے کے بعد ریسکیو کیے جانے والوں میں 47 پاکستانی بھی شامل ہیں جب کہ مرنے والوں میں ایک پاکستانی کے شامل ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔

    بیان میں کہا گیا کہ اس مرحلے پر ہم مرنے والے یا لاپتا پاکستانی شہریوں کی تعداد کی تصدیق کرنے سے قاصر ہیں،ایتھنز میں پاکستانی سفار ت خانہ براہ راست سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں حصہ لینے والے متعلقہ کوسٹ گارڈ حکام کے ساتھ رابطے میں ہے،سفارتخانے کے حکام ریسکیو کیے گئے پاکستانیوں سے ملاقات کرنے اور انہیں ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لیے کریٹے پہنچ گئے ہیں، لاپتہ پاکستانی افراد کے متاثرین کیلئے ہیلپ لائن نمبر جاری کردیا گیا ہے، پاکستانی متاثرہ فیملیز 6943850188-0030 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔

    دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ پاکستانی سفارت خانہ یونانی حکام سے رابطے میں ہے، پاکستانی سفارت خانے نے یونانی اور چینی کوسٹ گارڈ سے رابطے بھی کئے ہیں،یونان میں پاکستانی سفارت خانہ ریسکیو کئے گئے افراد کے اہل خانہ کے مابین روابط کیلئے سرگرم ہے، وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار واقعے میں متاثرہ پاکستانیوں کی نشاندہی اور مدد کی نگرانی کر رہے ہیں، وزیرِ اعظم کے فوری نوٹس پر پاکستانی سفارت خانے نے یونانی حکومت کے متعلقہ اداروں کو خط بھی لکھ دیا ہے۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے یونان میں جزیرے کے قریب کشتی حادثے میں پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا تھا کہ انسانی اسمگلر ایک ایسا ظالم مافیا ہے جو کہ غریب عوام کو جھوٹے اور سنہری خواب دکھا کر ان سے پیسے بٹورتا ہے۔

    یونان کے جنوبی جزیرے کے قریب تین کشتیاں الٹنے سے پانچ تارکین وطن جاں بحق اور 40 لاپتا ہوگئے، جبکہ 39 افراد کو زندہ بچا لیا گیا، جن میں زیادہ تر پاکستانی ہیں ادھر وزیر داخلہ محسن نقوی نے تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کمیٹی تشکیل دے دی جو واقعہ سے متعلق رپورٹ 5 روز میں پیش کرے گی۔

    دوسری جانب ’روئٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق یونان کے کوسٹ گارڈ نے بتایا کہ ریسکیو آپریشن جاری ہے اور تاحال متعدد لاپتا افراد کی تلاش جاری ہے،کشتیوں پر پاکستان، بنگلہ دیش، سوڈان اور شام کے باشندے سوار تھے، پہلی کشتی کو حادثہ یونان کے جنوبی جزیرہ کریتی میں پیش آیا۔

    دوسرا واقعہ گزشتہ روز پیش آیا، مالٹا کے کارگو جہاز نے 47 تارکین وطن کو بچایا تیسرے واقعہ میں بحری جہاز نے یونان کے ایک اور جزیرے میں 86 افراد کو ڈوبنے سے بچایا ابتدائی معلومات کے مطابق تینوں کشتیاں ایک ساتھ لیبیا سے روانہ ہوئی تھیں۔

    حکام کے مطابق کریتی میں کشتی کو پیش آئے حادثے میں 39 افراد کو ریسکیو کرلیا گیا اور ان میں زیادہ تر کا تعلق پاکستان سے ہے، ان کو اس علاقے میں کارگو جہازوں کے ذریعے بچایا گیا ہے کوسٹ گارڈ نے کہا کہ انہیں کریتی کے جزیرے پر منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ لاپتا ہونے والوں کی تعداد کی ابھی تک تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔

  • نئی مانیٹری پالیسی کا اعلان کل،شرح سود میں دو فیصد تک کمی کا امکان

    نئی مانیٹری پالیسی کا اعلان کل،شرح سود میں دو فیصد تک کمی کا امکان

    کراچی:اسٹیٹ بینک کی جانب سے نئی مانیٹری پالیسی کا اعلان کل بروز پیر 16 دسمبر کو کیا جائے گا-

    باغی ٹی وی : افراط زر میں نمایاں کمی کے پیش نظر شرح سود میں دو فیصد تک کمی کا امکان ہے16 دسمبر کو مانیٹری پالیسی کے اعلان سےقبل مانیٹری پالیسی کمیٹی کا اجلاس گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد کی زیر صدارت ہوگامعاشی اشاریوں کا جائزہ لینے کے بعد پالیسی ریٹ کا اعلان کیا جائے گا۔

    دوسری جانب صنعت کار پالیسی ریٹ سنگل ڈیجٹ میں لانے کا مطالبہ کر رہے ہیں جبکہ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بنیادی شرح سود میں دو فیصد تک کمی کا امکان ہے۔

    ایک سروے کے مطابق 71فیصد افراد پالیسی ریٹ میں کم از کم 2فیصد کمی کی توقع کر رہے ہیں، تاہم 29 فیصد کا خیال ہے کہ شرح سود میں50 سے150 بیسز پوائنٹس کمی ہوگی،71 سے 63فیصد کو شرح سود میں 2 فیصد،30 فیصد کی رائے میں ڈھائی فیصد جبکہ 7 فیصد کو ڈھائی فیصد سے زائد کمی کی امید ہے،جون 2024 ے بعد سے مسلسل 4اجلاس میں شرح سود میں 7 فیصد کمی کی جا چکی ہے-

  • غزہ میں اسرائیل کی جارحیت جاری،دیرالبلح کے میئر سمیت مزید 70 سے زائد فلسطینی شہید

    غزہ میں اسرائیل کی جارحیت جاری،دیرالبلح کے میئر سمیت مزید 70 سے زائد فلسطینی شہید

    غزہ میں اسرائیل کی جارحیت جاری، مزید 70 نہتے فلسطینیوں کو شہید کر دیا۔

    باغی ٹی وی : غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیل نے معصوم فلسطینیوں کی نسل کشی کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے، غزہ میں اسرائیل کے فضائی اور زمینی حملے جاری ہیں، صیہونی فورسز نے گزشتہ 24 گھنٹوں میں دیرالبلح کے میئر سمیت مزید 70 سے زیادہ فلسطینی شہید کردئیے۔

    2 روز قبل بھی اسرائیل نے غزہ کے علاقے نصیرات میں پناہ گزین کیمپ پر بمباری کرتے ہوئے عورتوں اور بچوں سمیت 33 فلسطینیوں کو شہید کردیا تھا جبکہ حملے میں 50 سے زائد فلسطینی زخمی بھی ہوئے تھے گزشتہ سال 7 اکتوبر سے اب تک اسرائیلی حملوں میں 44 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جس میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔

    دوسری جانب لندن میں فلسطین کے بعد لبنان اور شام پر جاری اسرائیلی حملوں کے خلاف مظاہرہ اور پارلیمنٹ اسکوائر پر احتجاجی ریلی نکالی گئی،اس کے علاوہ مظاہرین نے اسرائیلی مظالم کے خلاف نعرے بھی لگائے اور ساتھ ہی حکومت برطانیہ سے فوری جنگ بندی کے لیے اسرائیل پر دباؤ ڈالنے اور اسرائیل کو اسلحے کی فروخت بند کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔