Baaghi TV

Tag: تازہ ترین

  • چین کےصحرائی علاقوں میں شدید  سیلابی صورت حال کا امکان

    چین کےصحرائی علاقوں میں شدید سیلابی صورت حال کا امکان

    چین کے شمال مغربی صوبے سنکیانگ میں رواں موسمِ گرما میں شدید سیلابی صورت حال کے لیے تیار رہیں، کیونکہ غیر معمولی گرمی، شدید بارشوں اور گلیشیئر ز کے تیزی سے پگھلنے کے باعث بڑے پیمانے پر سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

    سرکاری نشریاتی ادارے سی سی ٹی وی کے مطابق چین کے سب سے بڑے صحرائی علاقے، تکلامکان ریگستان، میں جون کے آغاز ہی میں رواں سال کا پہلا سیلاب ریکارڈ کیا گیا جمعے کے روز نشر کی گئی ویڈیو فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پانی عام طور پر خشک رہنے والے ریت کے ٹیلوں میں بھر گیا، اگرچہ تکلامکان ریگستان میں 2021 سے ایسے سیلاب آتے رہے ہیں، تاہم عموماً یہ اگست میں وقوع پذیر ہوتے ہیں جب درجہ حرارت اپنی بلند ترین سطح پر پہنچ جاتا ہے، اس سال صورتحال مختلف رہی اور گرمی کی شدت معمول سے کہیں پہلے بڑھ گئی۔

    رائٹرز کلائمیٹ مانیٹر کے مطابق 12 جون کو سنکیانگ کا درجہ حرارت اس موسم کے معمول سے 7.3 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ (100 ڈگری فارن ہائیٹ) تک پہنچ گیا سنکیانگ کے مغربی اور جنوبی علاقوں میں حالیہ عرصے کے دوران بارشوں کی مقدار میں بھی نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے، سی سی ٹی وی کے مطابق بعض علاقوں میں جون کے اوائل کے تاریخی اوسط کے مقابلے میں بارشیں دو سے تین گنا زیادہ ریکارڈ کی گئیں۔

    شدید گرمی اور بارشوں کے امتزاج نے صحرائی سیلابوں کو جنم دیا ہے، تیان شان اور کونلون پہاڑی سلسلوں میں موجود گلیشیئرز اور برف کی وسیع تہیں تیزی سے پگھل رہی ہیں، جس کے نتیجے میں پانی کا بہاؤ چین کے سب سے طویل اندرونی دریا، دریائے تاریم، میں پہنچ رہا ہے، پانی کی اس بڑی مقدار کے باعث دریائے تاریم اپنے کناروں سے باہر نکل آیا اور اس کا پانی صحرائی علاقے کے نشیبی حصوں میں پھیل گیا۔

    ماہرین کے مطابق اگرچہ یہ موسمی سیلاب عارضی طور پر مختصر مدت کے لیے نخلستان نما علاقے پیدا کر سکتے ہیں، تاہم ان کے زیادہ عرصے تک برقرار رہنے کا امکان نہیں اس کی وجہ یہ ہے کہ تکلامکان ریگستان سمندر سے بہت دور واقع ہے اور چاروں طرف بلند پہاڑوں سے گھرا ہوا ہے، جس کے باعث نمی کی سطح کم رہتی ہے جبکہ شدید بخارات جلد ہی پانی کو خشک کر دیتے ہیں، اگرچہ یہ پانی مقامی جنگلات کے لیے اہم آبپاشی فراہم کرتا ہے، تاہم حکام نے خبر دار کیا ہے کہ اس کے نتیجے میں بنیادی ڈھانچے کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔

    چین کی موسمیاتی انتظامیہ کی تجزیہ کار سن چیان چیان نے سی سی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شدید سیلاب سڑکوں، ریلوے لائنوں اور تیل و گیس کی تنصیبات کو تباہ کر سکتے ہیں، جس سے بڑے پیمانے پر آفات کا خطرہ پیدا ہو جاتا ہے،سیلابی موسم کے دوران ان علاقوں کے رہائشیوں اور مسافروں کو سرکاری انتباہات پر گہری نظر رکھنی چاہیے، اپنے سفری منصوبوں میں ضروری تبدیلیاں کرنی چاہئیں اور حفاظت کو اولین ترجیح دینی چاہیے۔

  • اسلام آباد کے 42 نجی اسپتالوں میں مفت علاج ہوگا، وزیر صحت

    وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ عوام کو معیاری طبی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کے باعث سرکاری اسپتالوں پر دباؤ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے-

    بدھ کے روز اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ حکومت نے اسلام آباد میں 42 نجی اسپتالوں کو بھی صحت پروگرام کا حصہ بنایا ہے تاکہ سرکاری اسپتالوں پر بڑھتے ہوئے بوجھ کو کم کیا جا سکے ان نجی اسپتالوں میں علاج کے تمام اخراجات حکومت بردا شت کرے گی یہ اقدام صحت سہولت پروگرام کا حصہ ہے، جسے کئی سال کی معطلی کے بعد دوبارہ فعال کیا گیا ہے عوام کو معیاری طبی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے-

    مصطفیٰ کمال نے کہا کہ تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کے باعث سرکاری اسپتالوں پر دباؤ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور مو جو دہ معاشی صورتحال میں اس رفتار کو برقرار رکھنا مشکل ہو گیا ہے اسلام آباد کی آبادی ساڑھے 35 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے، جبکہ راولپنڈی، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور دیگر علاقوں سے آنے وا لے مریضوں کے باعث سرکاری اسپتالوں پر اضافی بوجھ پڑ رہا ہے، جس کے نتیجے میں رش اور سہولیات کے معیار سے متعلق شکایات بڑھ رہی ہیں۔

    مصطفیٰ کمال نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں صحت کے شعبے پر 1156 ارب روپے خرچ کر رہی ہیں، لیکن مریضوں کے اطمینان کی شرح 10 فیصد سے بھی کم ہے اس کے برعکس ایک حکومتی تحقیق کے مطابق نجی شعبے کے اشتراک سے 210 ارب روپے میں بہتر طبی سہولیات فراہم کی جا سکتی ہیں یونیور سل ہیلتھ کوریج مستقبل کی ضرورت ہے اور اگر نجی شعبے کو شامل نہ کیا گیا تو ملک کو طلب پوری کرنے کے لیے 5000 نئے اسپتال تعمیر کرنا ہوں گے۔

    وزیر صحت نے خبردار کیا کہ کسی بھی قسم کی غفلت یا ناقص علاج فراہم کرنے والے اسپتال کو فوری طور پر پروگرام سے خارج کر دیا جائے گا انہوں نے پروگرام کی بحالی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام پاکستان کو عالمی معیار کے صحت کے نظام کے قریب لے جانے میں مدد دے گا۔

  • ملک  میں   11 سے 13 جون  تک بارشوں ،گرد آلود طوفان اور ژالہ باری کی پیشگوئی

    ملک میں 11 سے 13 جون تک بارشوں ،گرد آلود طوفان اور ژالہ باری کی پیشگوئی

    محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں 11 سے 13 جون کے دوران گرد آلود طوفان، تیز ہواؤں، بارش اور گرج چمک کے ساتھ طوفانی موسم کی پیشگوئی کی ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق 11 جون کو ملک کے بالائی علاقوں میں مغربی ہواؤں کا ایک سسٹم داخل ہونے کا امکان ہے جو 13 جون تک برقرار رہے گا، جبکہ اسی دوران بحیرۂ عرب سے مرطوب ہوائیں بھی ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہوں گی ا
    س موسمی نظام کے زیر اثر اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں وقفے وقفے سے گرد آلود طوفان، تیز ہوائیں اور بارش و گرج چمک کے ساتھ بعض مقامات پر شدید بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔

    شمال مشرقی بلوچستان میں بھی بارش اور گرج چمک کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ بالائی سندھ میں اس دوران گرد آلود طوفان اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید ہوائیں، ژالہ باری اور بجلی گرنے کے واقعات کمزور ڈھانچوں، سولر پینلز، بجلی کے کھمبوں اور بل بورڈز کو نقصان پہنچا سکتے ہیں شدید بارش شہری علاقوں اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور ، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور فیصل آباد کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا باعث بن سکتی ہے، جبکہ گلگت بلتستان، کشمیر اور بالائی خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔

    پی ایم ڈی نے کسانوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی فصلوں کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کریں، جبکہ سیاحوں اور مسافروں کو احتیاط برتنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

  • مظفرآباد کے قریب پاک فوج کا ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار، تمام اہلکار شہید

    مظفرآباد کے قریب پاک فوج کا ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار، تمام اہلکار شہید

    پاک فوج کا ایک Mi-17 ہیلی کاپٹر مظفرآباد کے قریب ٹیک آف کے دوران تکنیکی خرابی کے باعث حادثے کا شکار ہو گیا، جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام اہلکار شہید ہو گئے-

    آئی ایس پی آر کے مطابق حادثہ آج اس وقت پیش آیا جب آرمی ایوی ایشن کا Mi-17 ہیلی کاپٹر معمول کی پرواز کے دوران ٹیک آف کر رہا تھا کہ تکنیکی خرابی کے باعث کنٹرول برقرار نہ رہ سکا اور ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا،حادثے کے فوراً بعد ریسکیو اور ریلیف ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں، تاہم تمام اہلکاروں کی شہادت کی تصدیق کر دی گئی ہے، واقعے کی اصل وجوہات جاننے کے لیے بورڈ آف انکوائری تشکیل دے دیا گیا ہے جو تکنیکی پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لے گا۔

    پاک فوج کے سربراہ (COAS) اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی (CDF) سمیت تمام رینکس نے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ شہید ہونے والے اہلکاروں کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا جاتا ہے اور ان کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا گیا ہے۔

  • این ایچ اے نےٹول پلازوں کے نئے ٹھیکوں کا اعلان کر دیا

    این ایچ اے نےٹول پلازوں کے نئے ٹھیکوں کا اعلان کر دیا

    نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) نے ملک بھر کی مصروف ترین شاہراہوں پر قائم ٹول پلازوں کے نئے ٹھیکوں کا اعلان کر دیا ہے، جنہیں نیٹ گارنٹیڈ ماہانہ آمدن کی بنیاد پر دیا جائے گا۔

    اتھارٹی کے مطابق نئے ٹھیکوں کی مدت 30 جون 2027 تک مقرر کی گئی ہے، جبکہ کامیاب ٹھیکیداروں کو طے شدہ نیٹ گارنٹیڈ رقم کے ساتھ تمام مروجہ ٹیکسز بھی ادا کرنا ہوں گے ٹھیکیداروں کو ہر ماہ مقررہ رقم ایڈوانس بنیادوں پر اتھارٹی کے اکاؤنٹ میں جمع کرانا ہوگی، جبکہ بولی میں حصہ لینے کے لیے فرم کا پاکستان انجینئرنگ کونسل میں رجسٹرڈ ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

    این ایچ اے کے مطابق ا این ایچ اے یا کسی بھی سرکاری محکمے کے نادہندگان کو بولی میں حصہ لینے کی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ ٹھیکیداروں کو ٹول پلازوں کے لیے “کیش اِن ٹرانزٹ” انشورنس فراہم کرنا بھی لازم ہوگا، نیلامی کے دوران مختلف ٹول پلازوں پر اربوں روپے کی بولیاں سامنے آئیں سعید آباد، مورو، کنڈیا رو اور رانی پور سمیت کئی اہم ٹول پلازے 11 سے 12 کروڑ روپے تک میں نیلام ہوئے، جبکہ گھوٹکی اور ماچھی گوٹھ نسبتاً کم قیمت پر دیے گئے۔

    نیشنل لاجسٹک سیل (این ایل سی) نے کئی اہم ٹول پلازے حاصل کیے، جن میں اُباڑو، خانیوال، بہاولپور، جہلم، تراکئی اور مندرہ شامل ہیں، جہاں سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا سنگجانی این-5 ٹول پلازہ 13 کروڑ 48 لاکھ 45 ہزار روپے میں نجی کمپنی کے نام ایوارڈ کردیا گیا اس کے علاوہ پھونگر این فائیو ٹال پلازہ 13 کروڑ 35 لاکھ روپے، سعید آباد این 5 ٹول پلازہ 11 کروڑ 77 لاکھ روپے، قاضی احمد 9 کروڑ 70 لاکھ روپے، جبکہ مورو ٹول پلازہ 11 کروڑ 64 لاکھ 15 ہزار روپے میں نیلا م کیا گیا، اسی طرح کنڈیارو ٹول پلازہ 11 کروڑ 58 لاکھ 18 ہزار روپے، رانی پور ٹول پلازہ 12 کروڑ 8 لاکھ 77 ہزار روپے، جبکہ گھوٹکی ٹول پلازہ 6 کروڑ 91 لاکھ روپے میں نیلام ہوا۔

    این ایچ اے کے مطابق اُباڑو ٹول پلازہ کی نیلامی کے دوران سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا، جہاں نیشنل لاجسٹک سیل (این ایل سی) نے 8 کروڑ 22 لاکھ روپے کی سب سے زیادہ بولی دے کر ٹھیکہ حاصل کیا ماچھی گوٹھ ٹول پلازہ 7 کروڑ 81 لاکھ روپے، صادق آباد ٹول پلازہ 9 کروڑ 61 لاکھ روپے جبکہ احمد پور ایسٹ ٹول پلازہ مقررہ قیمت سے زائد 9 کروڑ 92 لاکھ روپے میں نیلام کیا گیا۔

    دوسری جانب مکران کوسٹل ہائی وے، ہارو ٹول پلازہ اور قلات میں یا تو کوئی بولی نہیں آئی یا بولی دہندگان نے دستبرداری اختیار کر لی، جس کے باعث یہ نیلامی بغیر نتیجہ ختم ہو گئی، این ایچ اے کے مطابق نیلامی کا عمل شفاف انداز میں مکمل کیا گیا اور اس کا مقصد قومی شاہرا ہو ں سے آمدن میں اضافہ اور نظام کو بہتر بنانا ہے۔

  • مری ایکسپریس وے پر  ٹیوٹا ہائی ایس میں آگ لگنے سے 10 افراد جاں بحق، 13 زخمی

    مری ایکسپریس وے پر ٹیوٹا ہائی ایس میں آگ لگنے سے 10 افراد جاں بحق، 13 زخمی

    مری ایکسپریس وے پر کھجٹ کے مقام کے قریب سیاحوں کی ٹیوٹا ہائی ایس میں اچانک آگ بھڑک اٹھی حادثے میں 10 افراد جاں بحق جبکہ 13 زخمی ہو گئے-

    ریسکیو حکام کے مطابق آگ لگنے کے بعد ہائی ایس میں شدید شعلے بلند ہوئے جس کے باعث نہ صرف گاڑی مکمل طور پر جل گئی بلکہ قریبی جنگل کے ایک حصے تک آگ پھیل گئی، جس پر قابو پانے کے لیے امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں مقامی افراد نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے گاڑی میں پھنسے 4 سیاحوں کو نکالا اور انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا۔

    ذرائع کے مطابق ریسکیو 1122 بروقت جائے وقوعہ پر نہ پہنچ سکی، تاہم مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا زخمیوں میں سے 5 افراد کو پمز اسپتال اسلام آباد جبکہ تین کو فاروق اسپتال منتقل کیا گیا ہے، جبکہ دیگر زخمیوں کو مری اور قریبی طبی مراکز میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔

    ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق ہائی ایس میں سیاح سوار تھے جبکہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں آگ لگنے کے بعد ہائی ایس بے قابو ہو کر سڑک سے پھسل کر نالے میں جا گری، جس کے باعث مری ایکسپریس وے پر ٹریفک عارضی طور پر معطل ہو گئی۔

    عینی شاہدین کے مطابق گاڑی میں سیاحوں کا ایک گروپ سوار تھا اور اچانک آگ لگنے کے بعد چند ہی لمحوں میں صورتحال انتہائی خطرناک ہو گئی حکام نے واقعے کی مکمل تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ آگ لگنے کی اصل وجہ معلوم کی جا سکے۔

    ڈپٹی کمشنر مری ظہیر شیرازی کے مطابق ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، گاڑی بے قابو ہو کر دیوار سے ٹکرائی، جس کے نتیجے میں وین میں آگ لگ گئی حادثے میں زخمی ہونے والے 13 افراد کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ امدادی اور ریسکیو سرگر میاں جاری ہیں۔

    موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ مری ایکسپریس وے پروین موڑ کاٹتے ہوئے نالے میں گری، جس کے باعث آگ بھڑک اٹھی،ترجمان موٹروے پولیس کا کہنا تھا کہ وین اس جانب گری جہاں سے دروازے کھولنا ممکن نہ تھا زخمی پمزاسلام آبادمنتقل کر دیے گئے، جاں بحق افراد کاتعلق ملتان سے تھا اورایک ہی خاندان کےتھے۔

    دریں اثنا، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے زخمیوں کو فوری اور بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے حادثے کی تفصیلی رپورٹ بھی طلب کر لی ہےوزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سوگوار خاندانوں سے اظہار ہمدردی و تعزیت کیا ہے۔

  • ڈور اسٹیپ پاسپورٹ ڈیلیوری سروس کے آغاز کا فیصلہ

    ڈور اسٹیپ پاسپورٹ ڈیلیوری سروس کے آغاز کا فیصلہ

    اسلام آباد:حکومتِ پاکستان نے عوام کی سہولت اور دیرینہ مطالبے پر پاسپورٹ کو ان کی دہلیز پر پہنچانے کی نئی ڈیجیٹل سروس شروع کرنے کا اصولی فیصلہ کیا ہے۔

    ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹ محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس ہوا جس میں امیگریشن اینڈ پاسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کی ڈیجیٹل ایپ کی پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، اجلاس میں شہریوں کے لیے ڈور اسٹیپ پاسپورٹ ڈیلیوری سروس کے آغاز کا فیصلہ کیا گیا۔

    اجلاس میں بتایا گیا کہ پاسپورٹ ڈیلیوری کے نئے ایس او پیز کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، جس کے بعد اس سروس پر عملدرآمد شروع کیا جائے گا، حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد شہریوں کو طویل قطاروں اور دفاتر کے چکر سے نجات دلانا اور خدمات کو زیادہ تیز اور مؤثر بنانا ہے تاکہ پاسپورٹ کا حصول آسان ہو سکے حکام کا کہنا ہے کہ اس ڈیجیٹل نظام کے مکمل نفاذ کے بعد پاسپورٹ بنوانے کا عمل نہ صرف تیز ہوگا بلکہ شفافیت بھی یقینی بنے گی۔

  • عالمی منڈی میں سونے کی قیمت 11 ہفتوں کی کم ترین سطح پر

    عالمی منڈی میں سونے کی قیمت 11 ہفتوں کی کم ترین سطح پر

    عالمی منڈی میں سونے کی قیمت 11 ہفتوں کی کم ترین سطح پر آ گئی، جس کے بعد پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 12 ہزار 627 روپے کی بڑی کمی سامنے آئی ہے۔

    آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونا 12 ہزار 627 روپے سستا ہونے کے بعد 4 لاکھ 42 ہزار 436 روپے کا ہو گیا ہے اسی طر ح 10 گرام سونے کی قیمت میں 11 ہزار 364 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 3 لاکھ 78 ہزار 170 روپے مقرر ہو گئی ہےجبکہ عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی، جہاں سونا 4 ہزار 200 ڈالر فی اونس کی سطح پر آ گیا۔

    دوسری جانب دیگر قیمتی دھاتوں میں بھی کمی دیکھی گئی چاندی 1.5 فیصد گر کر 64.43 ڈالر فی اونس، پلاٹینم 2.8 فیصد کمی کے ساتھ 1,678.10 ڈالر اور پیلیڈیم 0.8 فیصد گر کر 1,212.31 ڈالر فی اونس پر آ گیا۔

    ماہرین کے مطابق عالمی منڈی میں قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے اثرات مقامی مارکیٹ پر بھی مرتب ہوتے ہیں، جس کے باعث پاکستان میں سونے کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔

  • 17 سال تک ایئر کینیڈا کی   900 سے زائد  پروازیں اڑانے والے پائلٹ کا لائسنس جعلی نکلا

    17 سال تک ایئر کینیڈا کی 900 سے زائد پروازیں اڑانے والے پائلٹ کا لائسنس جعلی نکلا

    ایئر کینیڈا کے ایک سابق کیپٹن پر الزام ہے کہ وہ تقریباً 17 سال تک بغیر درست لائسنس کے مسافروں کو لے کر سینکڑوں ملکی و بین الاقوامی پروازیں چلاتا رہا۔

    سی این این کے مطابق کینیڈا کی پولیس نے اعلان کیا کہ ایئر کینیڈا کے ایک سابق پائلٹ کو جعلی پائلٹ کے لائسنس کے ساتھ تقریباً 17 سال تک ہزاروں مسافروں کو اڑانے کے جرم میں مجرمانہ الزامات کا سامنا ہے،59 سالہ پائلٹ جیوفری وال کو پولیس نے فراڈ اور جعلی دستاویزات استعمال کرنے سمیت متعدد الزامات کے تحت گرفتار کیا ہے حکام کے مطابق ملزم نے 2009 سے 2025 کے دوران 900 سے زائد پروازیں مبینہ طور پر جعلی یا غیر مکمل اسناد کی بنیاد پر چلائیں-

    پیل ریجنل پولیس (اونٹاریو) کے مطابق تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملزم کے پاس کمرشل پائلٹ لائسنس موجود تھا، تاہم وہ “ایئرلائن ٹرانسپورٹ پائلٹ لائسنس” حاصل نہیں کر سکا تھا، جو کسی بھی بڑے کمرشل طیارے کے کپتان کے لیے لازمی اعلیٰ ترین سرٹیفکیشن ہوتا ہے۔

    پولیس نے کہا ہے کہ ابتدائی شواہد سے ظاہر ہوتا ہے کہ پائلٹ نے ایئر کینیڈا اور سول ایوی ایشن حکام کو اپنی اہلیت کے بارے میں گمراہ رکھا، جس کے ذریعے وہ برسوں تک پروازیں اڑاتا رہا ملزم پر ایک فردِ جرم فراڈ، دو جعلی دستاویزات استعمال کرنے، تین جعلی ٹریڈ مارک رکھنے اور ایک عوامی بدانتظامی (public mischief) کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

    ایئر کینیڈا نے اس معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس معاملے کو انتہائی سنجیدگی سے دیکھا جا رہا ہے، تاہم ان کے مطابق مسافروں کی حفاظت متاثر نہیں ہوئی کیونکہ تمام پائلٹس ہر چھ ماہ بعد لازمی ٹریننگ اور سالانہ فلائٹ چیک سے گزرتے ہیں، داخلی آڈٹ کے بعد کسی اور پائلٹ میں ایسی خلاف ورزی سامنے نہیں آئی، جبکہ معاملہ سامنے آنے کے فوری بعد متعلقہ شخص کو ڈیوٹی سے ہٹا کر ٹرانسپورٹ کینیڈا کو رپورٹ کر دیا گیا تھا۔

  • ‏پاکستان کا سرحد پار دہشتگردوں کیخلاف مؤثر وار، فتنہ الخوارج کے 26 دہشتگرد ہلاک، 4 اہم مراکز تباہ

    ‏پاکستان کا سرحد پار دہشتگردوں کیخلاف مؤثر وار، فتنہ الخوارج کے 26 دہشتگرد ہلاک، 4 اہم مراکز تباہ

    ‏وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ پاکستان نے سرحد پار دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائی کی جس میں فتنہ الخوارج کے 26 دہشت گرد ہلاک، 4 اہم مراکز تباہ ہو گئے-

    عطا اللہ تارڑ کے مطابق حالیہ دہشت گرد حملوں کے بعد پاکستان نے سرحدی علاقوں میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، موسیٰ درہ میں فیڈرل کانسٹیبلری پوسٹ، شمالی وزیرستان میں فوجی چوکی اور بنوں پولیس اسٹیشن پر حملوں کے بعد کارروائی عمل میں لائی گئی مصدقہ انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر فتنہ الخوارج کے محفوظ ٹھکانوں اور منصوبہ سازوں کو نشانہ بنایا گیا۔

    وزیراطلاعات نے بتایا کہ پاک افغان سرحدی علاقوں میں کیے گئے درست اور محدود نوعیت کے حملوں میں 26 بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے خوارج مارے گئے،کارروائی کے دوران فتنہ الخوارج کے چار اہم مراکز مکمل طور پر تباہ کر دیے گئے تباہ کیے گئے اہداف میں تربیتی مرکز، اسلحہ ڈپو، محفوظ پناہ گاہیں اور دہشت گردوں کے مراکز شامل ہیں کارروائی میں کمانڈر علیم خان خوشالی اور کمانڈر اختر محمد جانی خیل سے منسلک مراکز کو نشانہ بنایا گیا تمام اہداف کو انتہائی درستگی اور احتیاط کے ساتھ نشانہ بنایا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے ہمیشہ کوشاں رہا ہے پاکستانی شہریوں کا تحفظ اور قومی سلامتی حکومت کی اولین ترجیح ہے“عزمِ استحکام” کے تحت دہشت گردی کے خلاف آپریشن پوری قوت اور تسلسل کے ساتھ جاری رہے گا سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے وا لے ادارے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں پاکستان سے دہشت گردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا-