Baaghi TV

Tag: تعلیم

  • نواز شریف اسکول آف ایمیننس کے لئے 71 ہزار سے زائد درخواستیں موصول

    نواز شریف اسکول آف ایمیننس کے لئے 71 ہزار سے زائد درخواستیں موصول

    وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے کہا ہےکہ جب وزیراعلیٰ مریم نواز کے مفت اور معیاری تعلیم کےوژن کےتحت 65 نواز شریف اسکول آف ایمیننس کا باقاعدہ افتتاح کیا جائے گا۔

    وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کے مفت اور معیاری تعلیم کی فراہمی کے وعدے کی تکمیل کا آغاز کل سے ہو رہا ہے، جب صوبے بھر میں 65 نواز شریف اسکول آف ایمیننس باقاعدہ طور پر فعال ہو جائیں گے، وزیراعلیٰ مریم نواز خود مختلف ڈویژنوں کا دورہ کرکے اسکول آف ایمیننس کا افتتاح کریں گی، جبکہ ان منصوبوں کے ذریعے پنجاب معیاری تعلیم کے میدان میں ایک اور اہم قدم آگے بڑھا رہا ہے۔

    رانا سکندر حیات کے مطابق 65 نواز شریف اسکول آف ایمیننس میں داخلوں کے لیے 71 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں، جس سے اس منصوبے میں عوام کی غیر معمولی دلچسپی اور اعتماد کا اظہار ہوتا ہے،کئی سکولوں میں ایک ایک نشست پر متعدد بچے ویٹنگ لسٹ میں موجود ہیں،اسکول آف ایمیننس میں بڑی تعداد میں درخواستیں اس بات کا ثبوت ہیں کہ والدین کا سرکاری اسکولوں پر اعتماد بحال ہو رہا ہےیہ اسکول عالمی معیار کے مطابق قائم کیے گئے ہیں اور ان میں متوسط طبقے کے ساتھ ساتھ اعلیٰ آمدنی والے خاندان بھی اپنے بچوں کو داخل کروانا چاہتے ہیں۔

    وزیر تعلیم نے کہا کہ داخلوں کے عمل میں مکمل طور پر میرٹ کو مدنظر رکھا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اسکول آف ایمیننس کا دائرہ کار بتدریج تمام اضلاع تک وسیع کیا جائے گا اور وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق جلد ہی 300 نواز شریف اسکول آف ایمیننس مکمل کرکے فعال کر دیے جائیں گے۔

  • طالبان رجیم کے بدترین اقتدار میں افغان نوجوانوں کا بھی مستقبل تاریک

    طالبان رجیم کے بدترین اقتدار میں افغان نوجوانوں کا بھی مستقبل تاریک

    افغان خواتین پر پابندیاں لگانے کے بعد طالبان رجیم نے نوجوانوں کو بھی بنیادی حقِ تعلیم سے محروم کر دیا ہے –

    عالمی جریدے دی گارڈین کے مطابق اقوامِ متحدہ کے ادارہ برائے تعلیم، سائنس و ثقافت نے طالبان دور میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کی تعدا د میں شدید کمی کی نشاندہی کر دی ہےاقوام متحدہ میں انسانی حقوق کے سربراہ وولکر ترک کا کہنا ہے کہ افغان طالبان رجیم نے لاکھوں افغان شہریوں کو بنیاد ی حقوق سے محروم کر کے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کی ہے ۔

    دی گارڈین کے مطابق افغان طالبان کے زیر تسلط پڑھنے والے نوجوان طلبہ کی بدترین حالت پر کسی عالمی فورم پر بات نہیں کی جا رہی افغان طالب علم کا کہنا ہے کہ طالبان کے ڈاڑھی اور لباس سے متعلق سخت قوانین کی خلاف ورزی پر طلبہ کو وحشیانہ تشدد کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

    دی گارڈن کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تعلیمی شعبے کے تجربہ کار پروفیسرز کے چلے جانے سے افغانستان کی اعلیٰ جامعات کا معیار انتہائی خراب ہو چکا ہے، افغان طالبان کا مقصد تعلیمی اداروں کو مکمل مفلوج کر کے نوجوان نسل کو تباہ کرنا ہے۔

    بھارتی صحافی دھرم جوت کے مطابق طالبان رجیم کی روزگار اور تعلیم پر عائد کڑی پابندیاں افغان عوام کے بنیادی حقوق کا بدترین استحصال ہیں افغانستان پر مسلط طالبان رجیم انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی بدترین مثال بن چکی ہے۔

  • ایشوریہ رائے اور سلمان خان پر فلمایا گیا گانا  8 ویں جماعت کی نصابی کتاب میں شامل

    ایشوریہ رائے اور سلمان خان پر فلمایا گیا گانا 8 ویں جماعت کی نصابی کتاب میں شامل

    بھارتی ریاست اڑیسہ میں 8 ویں جماعت کی نصابی کتاب میں بالی وڈ کے مشہور گانے ’نمبوڑا نمبوڑا‘ کے بول شامل کیے جانے کے بعد ایک نیا تنازع کھڑا ہوگیا۔

    بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یہ گانا 8 ویں جماعت کی آرٹ ایجوکیشن کی نصابی کتاب ’کیرتی‘ میں شامل کیا گیا ہے جسے بھارت کی قومی تعلیمی پالیسی 2020 کے تحت تیار کیا گیا تھا نصابی کتاب میں مشہور بالی وڈ فلم ’ہم دل دے چکے صنم‘ کے گانے ’نمبوڑا نمبوڑا‘ کے بول بطور راجھستانی لوک گیت شامل کیے گئے ہیں تاہم یہ گانا بلاک بسٹر فلم میں ایشوریہ رائے اور سلمان خان پر فلمایا گیا تھا جو 1999 میں ریلیز ہوئی تھی۔

    رپورٹس کے مطابق صرف یہی نہیں بلکہ فلم ’’مشن کشمیر‘‘ کا معروف گانا ’’رند پوش مال‘‘ بھی اسی نصابی کتاب کا حصہ بنایا گیا ہے معاملہ منظر عام پر آنے کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین نے سوال اٹھایا کہ اڑیسہ جیسی ثقافتی طور پر مالا مال ریاست میں مقامی لوک ورثے کو فروغ دینے کے بجائے بالی ووڈ کے فلمی گانوں کو نصاب میں کیوں شامل کیا گیا۔

    تنازع اس وقت مزید شدت اختیار کرگیا جب یہ انکشاف بھی سامنے آیا کہ نئی نصابی کتابوں میں مجموعی طور پر ایک ہزار 678 غلطیاں موجود ہیں اس انکشاف کے بعد ریاستی حکومت کو سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا صورتحال سنگین ہونے پر اڑیسہ کے وزیراعلیٰ موہن چرن مانجھی اور وزیر تعلیم نتیانند گونڈ نے فوری نوٹس لیتے ہوئے اسٹیٹ کونسل آف ایجوکیشنل ریسرچ اینڈ ٹریننگ (SCERT) کے سینئر افسران کو معطل کر دیا، جبکہ مزید چھ افسران کے خلاف باقاعدہ تحقیقات کا حکم بھی جاری کر دیا گیا۔

    ریاستی حکومت نے مستقبل میں ایسی کوتاہیوں سے بچنے کے لیے ایک خصوصی تحقیقاتی کمیٹی قائم کر دی ہے۔ کمیٹی نے نصابی کتابوں کی جانچ پڑتال کے مؤثر نظام کے لیے ’’کوالٹی ایشورنس سیل‘‘ قائم کرنے کی سفارش بھی کی ہے تاکہ آئندہ تعلیمی مواد کی تیاری میں اس نوعیت کی غلطیوں کو روکا جا سکے-

  • ملک میں غربت کی شرح بڑھ کر 28.9 فیصد تک پہنچ گئی

    ملک میں غربت کی شرح بڑھ کر 28.9 فیصد تک پہنچ گئی

    پاکستان اقتصادی سروے 2025-26 کے مطابق ملک میں غربت کی شرح بڑھ کر 28.9 فیصد تک پہنچ گئی ہے، جبکہ تعلیمی شعبے پر اخراجات کم ہو کر مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کے صرف 0.8 فیصد تک محدود رہ گئے ہیں-

    اقتصادی سروے کے مطابق 2024-25 کے دوران قومی غربت کی شرح میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جو 2018-19 میں 21.9 فیصد تھی۔ اس اضافے کو ملک کی حالیہ تاریخ میں فلاحی صورتحال کی ایک بڑی تنزلی قرار دیا جا رہا ہے، شہری علاقوں میں غربت 11.0 فیصد سے بڑھ کر 17.4 فیصد اور دیہی علاقوں میں 28.2 فیصد سے بڑھ کر 36.2 فیصد ہو گئی ہے بلوچستان 47 فیصد آبادی کے ساتھ بدستور سب سے غریب صوبہ قرار پایا ہے، جبکہ خیبر پختونخوا، سندھ اور پنجاب میں بھی غربت کی شرح میں اضافہ دیکھا گیا ہے، ملک میں آمدنی کی غیر مساوات میں اضافہ ہوا ہے اور گینی کوفیشینٹ 28.4 سے بڑھ کر 32.7 تک پہنچ گیا ہے، جو معاشی فرق میں اضافے کی نشاندہی کرتا ہے۔

    اسی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ تعلیم پر سرکاری اخراجات 23 فیصد کمی کے بعد 962 ارب روپے رہ گئے ہیں، جو گزشتہ سال 1,251 ارب روپے تھے، پنجاب اور خیبر پختونخوا میں تعلیمی بجٹ میں نمایاں کمی دیکھی گئی، جبکہ سندھ اور بلوچستان میں نسبتاً اضافہ ریکارڈ کیا گیا ملک میں صرف 59 فیصد پرائمری اسکولوں میں بجلی کی سہولت موجود ہے، جبکہ بلوچستان میں صفائی اور بنیادی سہولیات کی صورتحال انتہائی خراب ہے،اگر اصلاحات نہ کی گئیں تو تعلیمی نظام کی کمزوریاں اور معاشی دباؤ مزید بڑھ سکتا ہے، جبکہ موجودہ صورتحال میں پاکستان کا تعلیمی شعبہ خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں نمایاں طور پر پیچھے ہے۔

  • کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا عوام دشمن ایجنڈا بے نقاب،ویڈیو وائرل

    کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا عوام دشمن ایجنڈا بے نقاب،ویڈیو وائرل

    کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی نئی ویڈیوز سامنے آئیں جو نوجوانوں کو تعلیم سے دُوررکھنے کی مذموم سازش افغان طالبان اورفتنہ الہندوستان جیسی انتہاپسندانہ ذہنیت کی عکاس ہے۔

    سوشل میڈیا پروائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کالعدم تنظیم کا سرغنہ امان آزادکشمیرکے لوگوں کواپنے بچے اسکول بھیجنے سے منع کررہا ہے ویڈیومیں شر پسند تنظیم کے سرغنہ امان کویہ کہتے دیکھا جاسکتا ہے کہ اپنے بچوں کوسکول بھیج کرکیا کروگے؟سردار امان کہتا ہے کہ میں کے کرساں بچیاں کی سکول بھیجی تے پڑھائی لکھائی کے؟”بچے اسکول جا کر کیا سیکھیں گے؟ اسکول بند کرو اور سڑکوں پر نکلو-

    ماہرین کے مطابق کالعدم کمیٹی کی طرف سے آزادکشمیرکےلوگوں کو ان کے بچے اسکول بھیجنے سے منع کرنا شرپسند ٹولے کی عوام دشمنی کا سب سے بڑا ثبوت ہے، آزاد کشمیر میں اسکولوں کا بائیکاٹ نوجوانوں کو ریاست مخالف ایجنڈے کا ایندھن بنانے کی مذموم سازش ہے،فتنہ الہندوستان بھی اسی مکروہ پالیسی پر عمل پیرا رہا ہے شرپسند کمیٹی عوامی حقوق کی جدوجہد کے دعووں کے برعکس اپنے بھارتی سرپرستوں کی ایماء پرآزادکشمیرکے نوجوانوں کا مستقبل تباہ کرناچاہتی ہے۔

  • صفائی کا کام کرنیوالی خاتون نے خود پڑھ کر ماسٹر ڈگری میں داخلہ لے لیا

    صفائی کا کام کرنیوالی خاتون نے خود پڑھ کر ماسٹر ڈگری میں داخلہ لے لیا

    یونیورسٹی میں صفائی کا کام کرنے والی ایک خاتون نے ایک سال تک خود پڑھائی کرکے ماسٹر پروگرام میں داخلہ لے لیا-

    33 سالہ لی جیا کا تعلق چین کے صوبے سیچوان کے علاقے چینگڈو سے ہے اور وہ چینگڈو یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی میں کل وقتی کلینر کے طور پر کام کرتی ہیں وہ اور ان کے شوہر ماضی میں یونیورسٹی کیمپس کے قریب ایک ریسٹورینٹ چلاتے تھے مگر مالی مشکلات کے باعث اسے بند کرنا پڑا اس کے بعد خاتون نے یونیورسٹی میں صفائی کا کام شروع کر دیا، جس کی وجہ گھر کے قریب ہونا اور کام کے لچکدار اوقات تھے، جس سے انہیں بچوں کا خیال رکھنے میں مدد ملتی تھی۔

    صفائی کے کام کے دوران وہ اکثر چین کے نیشنل ایگزم کے وینیو بھی جاتی تھیں اور ملک بھر سے آنے والے طالبعلموں سے ملتی تھیں انہوں نے بتایا کہ کچھ طالبعلم اسٹریٹ لائٹس کی روشنی میں پڑھتے تھے جبکہ کچھ ایسے تھے جن کے بالوں میں سفیدی آچکی تھی اور پھر بھی امتحان دے رہے ہوتے تھےیہ ناممکن تھا کہ میں اس طرح کے مناظر سے متاثر نہ ہوں۔

    دوستانہ فطرت کی مالک لی جیا ایسے متعدد طالبعلموں سے انٹرنیٹ کے ذریعے رابطے میں رہیں اور ہر سال امتحانات کے موقع پر ان کا سوشل میڈیا اکاؤنٹ ان افراد کی پوسٹس سے بھر جاتا ان طالبعلموں سے متاثر ہوکر خاتون اپنے بچوں کے لیے ایک مثال بننا چاہتی تھیں اور اسی لیے انہوں نے ماسٹر ڈگری کے داخلہ امتحان میں شرکت کا فیصلہ کیا مگر ان کے لیے یہ امتحان کافی مشکل ثابت ہوا۔

    انہوں نے ایک ووکیشنل اسکول سے تعلیم حاصل کی تھی اور گریجویشن ڈگری سے محروم تھیں اور ماسٹر ڈگری میں داخلے کے لیے انہیں 2 اضافی مضامین کے امتحانات دینا تھے ان کے پاس محض 8 ماہ تھے جس کے بعد ابتدائی امتحانات ہونا تھے اور ان پر کام کا دباؤ بھی تھاتو وہ صبح 6 بجے یونیورسٹی آتیں، سیا ست اور انگلش کے لیکچر ہیڈفونز سے سنتے ہوئے صفائی کرتیں ان کے شوہر نے بھی لی جیا کو مکمل تعاون فراہم کیا اور اپریل 2026 میں لی جیا کو 3 سالہ ماسٹر پروگرام میں داخلہ مل گیا۔

  • اسلام آباد کے سرکاری تعلیمی اداروں میں گرمیوں کی تعطیلات کا اعلان

    اسلام آباد کے سرکاری تعلیمی اداروں میں گرمیوں کی تعطیلات کا اعلان

    وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سرکاری اسکولوں اور کالجوں میں 25 مئی سے موسمِ گرما کی تعطیلات شروع ہوں گی جو 31 جولائی 2026 تک جاری رہیں گی۔

    ایف ڈی ای کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق وفاقی دارالحکومت کے تمام سرکاری تعلیمی اداروں میں تعطیلات 25 مئی سے شروع ہوں گی، جبکہ اسکول اور کالج 3 اگست 2026 کو دوبارہ کھولے جائیں گے 15 جون سے دو ہفتوں پر مشتمل ’سمر فیسٹا‘ کا بھی انعقاد کیا جائے گا، جس کے تحت مختلف تعلیمی اور تفریحی سرگرمیاں منعقد ہوں گی۔

    اعلامیے کے مطابق نویں اور دسویں جماعت کے طلبہ کا نصاب بروقت مکمل کرانے کے لیے جون یا جولائی میں ہر ادارے میں خصوصی کوچنگ کلاسز کا انعقاد کیا جائے گا، جن کے لیے ضرورت کے مطابق تدریسی عملہ تعینات کیا جائے گا یہ کلاسز ڈیجیٹل ہب سے منسلک کلاس رومز کے ذریعے بھی منعقد کی جاسکتی ہیں، جہاں جون میں براہِ راست اور جولائی میں ریکارڈ شدہ لیکچرز فراہم کیے جائیں گے۔

    اعلامیے کے مطابق انڈرگریجویٹ پروگرامز، بشمول بی ایس اور اے ڈی پی کلاسز، اپنے مقررہ تعلیمی شیڈول اور سمسٹر کیلنڈر کے مطابق جاری رہیں گی، گرمیو ں کی تعطیلات کے دوران اساتذہ کی تربیتی نشستوں کا بھی اہتمام کیا جائے گا، جبکہ تعلیمی اداروں میں مرمت، دیکھ بھال اور اسٹاک چیکنگ کے امور بھی اسی دوران انجام دیے جائیں گے۔

  • ڈگریوں کی تصدیق کیلئے جدید ڈیجیٹل سسٹم لانچ

    ڈگریوں کی تصدیق کیلئے جدید ڈیجیٹل سسٹم لانچ

    اسلام آباد: ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے طلبا کی سہولت کے لیے ڈگریوں کی تصدیق کا مکمل طور پر آن لائن اور پیپر لیس نظام متعارف کرا دیا۔

    ہائر ایجوکیشن کمشین (ایچ ای سی) کے چیئرمین ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے کہا ہے کہ نئے ڈگری اٹیسٹیشن سسٹم (ڈی اے ایس) کے تحت اب امیدواروں کو ڈگری تصدیق کے لیے ایچ ای سی دفاتر کے چکر لگانے یا اصل دستاویزات جمع کرانے کی ضرورت نہیں ہو گی یہ جدید نظام بلاک چین ٹیکنالوجی کی مدد سے تیار کیا گیا ہےجس کا مقصد تصدیقی عمل کو تیز، محفوظ اور شفاف بنانا ہےاس منصوبے میں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کی سفارشات کو بھی مدنظر رکھا گیا ہے۔

    نئے سسٹم کے تحت طلبا ایچ ای سی کے ای سروسز پورٹل کے ذریعے 24 گھنٹے کسی بھی وقت اپنی درخواست آن لائن جمع کرا سکیں گے امیدواروں کو پورٹل پر اکاؤنٹ بنا کر تعلیمی تفصیلات اور اسناد اپ لوڈ کرنا ہوں گی جن کی جانچ پڑتال ایچ ای سی اور متعلقہ جامعات آن لائن کریں گی،فیسوں کی ادائیگی کو بھی ون لنک کے ذریعے آن لائن نظام سے منسلک کر دیا گیا ہے۔ تاکہ طلبا کو بینکوں میں طویل انتظار سے بچایا جا سکے۔

    ایچ ای سی کے مطابق اب حتمی جانچ مکمل ہونے کے بعد امیدواروں کو ڈیجیٹل ای سرٹیفکیٹ جاری کیا جائے گا۔ جبکہ منظوری سے متعلق آگاہی ایس ایم ایس اور ای میل کے ذریعے دی جائے گی۔ امیدوار اپنے پورٹل اکاؤنٹ سے تصدیق شدہ سرٹیفکیٹ ڈاؤن لوڈ بھی کر سکیں گےاس اقدام سے نہ صرف وقت اور اخراجات کی بچت ہو گی بلکہ انسانی مداخلت کم ہونے سے شفافیت میں بھی اضافہ ہو گا۔

  • بلوچستان کے تعلیمی اداروں میں گرمیوں کی چھٹیوں کا اعلان

    بلوچستان کے تعلیمی اداروں میں گرمیوں کی چھٹیوں کا اعلان

    کوئٹہ: محکمہ تعلیم بلوچستان نے تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی تعطیلات کا باضابطہ اعلان کر دیا۔

    صوبائی حکومت کے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سمر زون کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے 23 مئی سے بند ہوں گے جبکہ گرمیوں کی چھٹیاں 31 جولائی تک جاری رہیں گی اسکول سربراہان چھٹیوں سے قبل تمام دفتری ریکارڈ اور انتظامی امور مکمل کریں تاکہ اداروں کی بندش کے دوران کوئی رکاوٹ پیش نہ آئےجبکہ ڈیجیٹل مردم شماری کا کام مکمل نہ کرنے والے سربراہان کو چھٹیاں نہیں دی جائیں گی۔

    محکمہ تعلیم بلوچستان نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ نوٹیفکیشن پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

  • سندھ کے تعلیمی اداروں میں گرمیوں کی چھٹیوں کا اعلان

    سندھ کے تعلیمی اداروں میں گرمیوں کی چھٹیوں کا اعلان

    حکومت سندھ نے صوبے بھر کے سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان کر دیا۔

    محکمہ تعلیم سندھ کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق اسکول یکم جون سے 31 جولائی تک بند رہیں گےتعطیلات کا اطلاق تمام نجی و سرکاری اسکولوں پر یکساں طور پر ہوگا تاکہ شدید گرمی کے پیش نظر طلبہ اور اساتذہ کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

    قبل ازیں پنجاب حکومت بھی صوبے میں گرمیوں کی طویل تعطیلات کا اعلان کر چکی ہے،وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کے مطابق پنجاب میں تعلیمی اداروں میں چھٹیاں 22 مئی سے شروع ہوں گی جبکہ اسکول 24 اگست کو دوبارہ کھولے جائیں گے۔