Baaghi TV

ایشوریہ رائے اور سلمان خان پر فلمایا گیا گانا 8 ویں جماعت کی نصابی کتاب میں شامل

song

بھارتی ریاست اڑیسہ میں 8 ویں جماعت کی نصابی کتاب میں بالی وڈ کے مشہور گانے ’نمبوڑا نمبوڑا‘ کے بول شامل کیے جانے کے بعد ایک نیا تنازع کھڑا ہوگیا۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یہ گانا 8 ویں جماعت کی آرٹ ایجوکیشن کی نصابی کتاب ’کیرتی‘ میں شامل کیا گیا ہے جسے بھارت کی قومی تعلیمی پالیسی 2020 کے تحت تیار کیا گیا تھا نصابی کتاب میں مشہور بالی وڈ فلم ’ہم دل دے چکے صنم‘ کے گانے ’نمبوڑا نمبوڑا‘ کے بول بطور راجھستانی لوک گیت شامل کیے گئے ہیں تاہم یہ گانا بلاک بسٹر فلم میں ایشوریہ رائے اور سلمان خان پر فلمایا گیا تھا جو 1999 میں ریلیز ہوئی تھی۔

رپورٹس کے مطابق صرف یہی نہیں بلکہ فلم ’’مشن کشمیر‘‘ کا معروف گانا ’’رند پوش مال‘‘ بھی اسی نصابی کتاب کا حصہ بنایا گیا ہے معاملہ منظر عام پر آنے کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین نے سوال اٹھایا کہ اڑیسہ جیسی ثقافتی طور پر مالا مال ریاست میں مقامی لوک ورثے کو فروغ دینے کے بجائے بالی ووڈ کے فلمی گانوں کو نصاب میں کیوں شامل کیا گیا۔

تنازع اس وقت مزید شدت اختیار کرگیا جب یہ انکشاف بھی سامنے آیا کہ نئی نصابی کتابوں میں مجموعی طور پر ایک ہزار 678 غلطیاں موجود ہیں اس انکشاف کے بعد ریاستی حکومت کو سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا صورتحال سنگین ہونے پر اڑیسہ کے وزیراعلیٰ موہن چرن مانجھی اور وزیر تعلیم نتیانند گونڈ نے فوری نوٹس لیتے ہوئے اسٹیٹ کونسل آف ایجوکیشنل ریسرچ اینڈ ٹریننگ (SCERT) کے سینئر افسران کو معطل کر دیا، جبکہ مزید چھ افسران کے خلاف باقاعدہ تحقیقات کا حکم بھی جاری کر دیا گیا۔

ریاستی حکومت نے مستقبل میں ایسی کوتاہیوں سے بچنے کے لیے ایک خصوصی تحقیقاتی کمیٹی قائم کر دی ہے۔ کمیٹی نے نصابی کتابوں کی جانچ پڑتال کے مؤثر نظام کے لیے ’’کوالٹی ایشورنس سیل‘‘ قائم کرنے کی سفارش بھی کی ہے تاکہ آئندہ تعلیمی مواد کی تیاری میں اس نوعیت کی غلطیوں کو روکا جا سکے-

More posts