وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے کہا ہےکہ جب وزیراعلیٰ مریم نواز کے مفت اور معیاری تعلیم کےوژن کےتحت 65 نواز شریف اسکول آف ایمیننس کا باقاعدہ افتتاح کیا جائے گا۔
وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کے مفت اور معیاری تعلیم کی فراہمی کے وعدے کی تکمیل کا آغاز کل سے ہو رہا ہے، جب صوبے بھر میں 65 نواز شریف اسکول آف ایمیننس باقاعدہ طور پر فعال ہو جائیں گے، وزیراعلیٰ مریم نواز خود مختلف ڈویژنوں کا دورہ کرکے اسکول آف ایمیننس کا افتتاح کریں گی، جبکہ ان منصوبوں کے ذریعے پنجاب معیاری تعلیم کے میدان میں ایک اور اہم قدم آگے بڑھا رہا ہے۔
رانا سکندر حیات کے مطابق 65 نواز شریف اسکول آف ایمیننس میں داخلوں کے لیے 71 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں، جس سے اس منصوبے میں عوام کی غیر معمولی دلچسپی اور اعتماد کا اظہار ہوتا ہے،کئی سکولوں میں ایک ایک نشست پر متعدد بچے ویٹنگ لسٹ میں موجود ہیں،اسکول آف ایمیننس میں بڑی تعداد میں درخواستیں اس بات کا ثبوت ہیں کہ والدین کا سرکاری اسکولوں پر اعتماد بحال ہو رہا ہےیہ اسکول عالمی معیار کے مطابق قائم کیے گئے ہیں اور ان میں متوسط طبقے کے ساتھ ساتھ اعلیٰ آمدنی والے خاندان بھی اپنے بچوں کو داخل کروانا چاہتے ہیں۔
وزیر تعلیم نے کہا کہ داخلوں کے عمل میں مکمل طور پر میرٹ کو مدنظر رکھا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اسکول آف ایمیننس کا دائرہ کار بتدریج تمام اضلاع تک وسیع کیا جائے گا اور وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق جلد ہی 300 نواز شریف اسکول آف ایمیننس مکمل کرکے فعال کر دیے جائیں گے۔
