Baaghi TV

Tag: پاکستان

  • دہشتگردوں کوشکست دینے کیلئے سہولت کاروں کیساتھ گٹھ جوڑختم کرنا ہوگا:آرمی چیف

    دہشتگردوں کوشکست دینے کیلئے سہولت کاروں کیساتھ گٹھ جوڑختم کرنا ہوگا:آرمی چیف

    راولپنڈی: سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں، ہمدردوں کے درمیان رابطوں کو توڑنا دہشت گردی کو شکست دینے کے لیے ناگزیر ہے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بلوچستان کے ضلع پنجگور کا دورہ کیا اور پنجگور حملہ پسپا کرنے والے فوجی جوانوں کے ساتھ دن گزارا۔ کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی نے استقبال کیا۔

    بیان کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ کو ابھرتے ہوئے خطرات سے نمٹنے کے میکنزم پر بریفنگ دی گئی جبکہ مقامی کمانڈر کی جانب سے سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق سپہ سالار نے پنجگور کے قبائلی عمائدین سے بھی ملاقات کی، مادرِ وطن کا دفاع کرنے والے شہدا کو خراج تحسین پیش کیا اور دہشتگردی کیخلاف جنگ میں عمائدین کے کردار کو سراہا اور مقامی عمائدین کو علاقے کی خوشحالی، ترقی کے لیے فوج کے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

    بیان کے مطابق آرمی چیف نے جوانوں سے خطاب میں بر وقت اور مؤثر رد عمل کی تعریف کی اور مادر وطن کے دفاع کے لیے فرض شناسی میں عظیم قربانی پر شہدا کو خراج تحسین پیش کیا۔

    جنرل قمر جاوید باجوہ نے مزید کہا کہ مقامی آبادی کی سکیورٹی اور تحفظ یقینی بنائیں گے۔ دہشتگردی کو شکست دینے کیلئے دہشتگردوں اور سہولت کاروں کا نیٹ ورک توڑنا ہو گا۔ بلوچستان میں ملک دشمن عناصر کی سازشیں ناکام بنائیں گے۔ جوان اپنی آپریشنل تیاریارں برقرار رکھیں۔ دہشت گردوں کو کسی بھی قیمت پرحاصل کامیابیوں کونقصان پہنچانےکی اجازت نہیں دیں گے۔

  • امریکا ذمہ داری کا مظاہرہ کرے اورافغانستان کے مکمل اثاثے واپس کرے: پاکستان

    امریکا ذمہ داری کا مظاہرہ کرے اورافغانستان کے مکمل اثاثے واپس کرے: پاکستان

    اسلام آباد: امریکا کی جانب سے افغانستان کے فنڈز آدھے واپس دیئے جانے کے اعلان کے بعد پاکستان نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا افغانستان کے مکمل اثاثے واپس کرے۔

    عاصم افتخار احمد نے اپنے جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ پاکستان نے امریکا کی جانب سے افغانستان کے منجمد اثاثہ جات کھولنے کا فیصلہ دیکھا ہے، فیصلے کے تحت امریکی بینک افغانستان انسانی امداد کے لیے 3.5 ارب ڈالرز جاری کریں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ امریکی بینک 11/9 متاثرین کو معاوضے کی ادائیگیوں کے لیے علیحدہ 3.5 ارب امریکی ڈالرز جاری کریں گے، گزشتہ کئی ماہ سے پاکستان عالمی برادری پر مسلسل انسانی المیہ سے بچنے اور افغان معیشت کی بحالی کی ضرورت پر زور دے رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ افغانستان میں انسانی المیہ اور افغان معیشت کی بحالی باہم منسلک ہیں، افغانستان کے زرمبادلہ کے ذخائر کی فوری بحالی کے لیے راستوں کی تلاش سے افغان عوام کی انسانی و اقتصادی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد ملے ہے۔

    عاصم افتخار احمد نے کہا کہ پاکستان کا افغان فارن بینک ذخائر پر اصولی موقف رہا ہے، افغان حکام ہی افغان فارن بینک ریزرو کے مالک ہیں اور ان کا اجراء ہونا چاہیئے، افغان فنڈز کا استعمال افغانستان کا ایک غیر جانبدارانہ فیصلہ ہونا چاہیے۔

    ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار احمد کا مزید کہنا تھا کہ افغان عوام کو شدید اقتصادی اور انسانی چیلنجز کا سامنا ہے، ان کی مشکلات کو کم کرنے میں عالمی برادری کو اپنا اہم اور مثبت کردار ادا کرنا چاہیے۔

  • پی ٹی آئی کے سابق رہنما ن لیگ میں شامل ہوگئے

    پی ٹی آئی کے سابق رہنما ن لیگ میں شامل ہوگئے

    لاہور:پی ٹی آئی کے سابق رہنما ن لیگ میں شامل ہوگئے،اطلاعات کے مطابق آج پاکستان تحریک انصاف کے سابق سیکرٹریٹ اطلاعات احمد جواد نے پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمد شہباز شریف سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی۔

    ملاقات کے دوران احمد جواد نے پاکستان مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کیا۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ عمران نیازی نے ان جیسے ہزاروں افراد سے دھوکا کیا جو خلوص نیت کے ساتھ نیا پاکستان کے نعرے کے فریب میں آئے۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل چند دن پہلے بھی احمد جواد کی ن لیگ میں شمولیت کی خبریں چلائی گئی تھیں آج پھرشمولیت کی خبر نے ایک بار پھرسیاسی جوڑ توڑ کےمتعلق باخبر کردیا ،یاد رہے کہ چند پہلے ن لیگ کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے سابق سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی احمد جواد کو پارٹی میں شمولیت کی دعوت دے دی ہے

    ذرائع کے مطابق بدھ کے روز رہنما ن لیگ احسن اقبال کی ملاقات پی ٹی آئی کے سابق رہنما احمد جواد سے ہوئی جس میں انہوں نے سابق سیکرٹری اطلاعات کو ن لیگ میں شامل ہونے کی دعوت دی۔یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ یہ دعوت اچانک نہیں بلکہ اس کے پیچھے کئی مہینوں کی محنت کارفرما ہے

     

     

    ادھر اس حوالے سے مزید معلوم ہوا ہے کہ اس موقع پر احسن اقبال کا کہنا تھا کہ احمد جواد دیرینہ دوست ہے،ان سے مل کر خوشی ہوئی ہے جبکہ ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال اور پاکستان کو درپیش چیلنجز پر گفتگو ہوئی۔اس کے علاوہ احسن اقبال نے احمد جواد کے جرات مندانہ مؤقف کی تعریف کی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ پی ٹی آئی کے سابق مرکزی سیکرٹری اطلاعات احمد جواد نے تحریک انصاف کی پالیسیوں پر آواز اُٹھائی تھی اور وزیراعظم کے قریبی ساتھیوں کو ہدفِ تنقید بنایا تھا،اس کے علاوہ انہوں نے پی ٹی آئی دور حکومت میں ارب پتی بننے والوں کے نام بھی سامنے لانےکا اعلان کیا تھا۔

     

    تاہم اس کے بعد تحریک انصاف نے اعلامیہ جاری کیا تھا جس کے مطابق سابق مرکزی سیکرٹری اطلاعات احمد جواد کی پارٹی رکنیت قیادت کےخلاف بے بنیاد الزامات لگانے کی وجہ سے ختم کردی گئی تھی۔

    دوسری طرف بیک دی ڈور رابطوں کی تصدیق کرتے ہوئے احمد جواد نے تسلیم کیاکہ ‏احسن اقبال کے ساتھ دو دفعہ برلن میں جرمن تھینک ٹینک کے سیمینار سے خطاب کیا،دونوں دفعہ مخالف جماعت کا ہونے کے باوجود احسن اقبال کے تدبر اور علم و فراست سے متاثر ہوا۔چین کے ایوانوں میں انہیں مسٹر سی پیک کے نام سے جانا جاتا ہے،سی پیک میں اُن کی خدمات کوسب سے زیادہ سراہا جاتا ہے

  • سینیٹری ورکرکی ریٹائرمنٹ:سینیٹرزو سول سوسائٹی کی طرف سےالودعی تقریب:مشاہدحسین سیدمہمان خصوصی

    سینیٹری ورکرکی ریٹائرمنٹ:سینیٹرزو سول سوسائٹی کی طرف سےالودعی تقریب:مشاہدحسین سیدمہمان خصوصی

    اسلام آباد(محمداویس):وفاقی دارلحکومت کی تاریخ میں پہلی بار سینیٹری ورکر کی ریٹائرمنٹ پر سینیٹرزو سول سوسائٹی کی طرف سے الودعی تقریب کاانعقاد کیاگیا،سینیٹر مشاہدحسین سیدنے کہاہے کہ خدمت خلق کرنے والے ہمارے ہیرو ہیں ، منظور مسیح42سال نوکری کرنے کے بعد ریٹائرڈ ہورہے ہیں بارش ہویادھوپ ہر صورت میں انہوں نے پارک کوصاف ستھرا رکھا،

    اس موقع پر مقررین نے کہاکہ اسلام آباد کی تاریخ میں پہلی بار سینیٹری ورکر کی ریٹائرمنٹ پر اعلیٰ سطح پراس قدرپروقار تقریب کاانعقاد کیاگیاہے،سینیٹر مشاہدحسین نے منظورمسیح کوان کے خدمات پر شیلڈبھی پیش کی ۔ہفتہ کو چیئرمین سینیٹ قائمہ کمیٹی دفاع ومسلم لیگ ن کے سینئر رہنمامشاہد حسین سید نے ای سیون پارک اسلام آباد میںشعبہ سینیٹیشن میں کام کرنے والے چیف انسپکٹر منظور مسیح کی ریٹائرمنٹ پر الودعی تقریب کاانعقاد کیا ،

    تقریب میں چیئرپرسن سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے موسمیاتی تبدیلی سیمی ایزدی،سی ڈی اے مزدوریونین کے سیکرٹری جنرل چوہدری یٰسین، سول سوسائٹی،مقامی رہائشیوں اور صحافیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہاکہ جو لوگوں کے لیے کام کرتے ہیں ان پر اللہ کی خاص رحمت ہوتی ہے ۔ہمیں وی آئی پی کلچر کو ختم کرنا ہوگا جہاں صرف بڑے عہدوں کے افسران کوسراہاجاتاہے ۔ مزدوروں کے لیے پارلیمنٹ میں آواز بلند کرتے ہیںاور رہیں گے ۔سب سے پہلے میں نے پارلیمنٹ میں کلین اینڈ گرین اسلام آباد پر بات کی ۔اسلام آباد مثالی شہر ہے سب کا فرض ہے کہ اسلام آباد کو سرسبزو صاف رکھاجائے۔جولوگ انسانیت کی خدمت خلق کررہے ہیں وہ ہمارے اصل ہیرو ہیں۔منظور مسیح42سال نوکری کرنے کے بعد ریٹائرڈ ہورہے ہیں بارش ہویادھوپ ہر حال میں انہوں نے پارک کوصاف ستھرا رکھا ۔

    سینیٹر سیمی ایزدی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہم مزدوروں کے لیے کام کرنا چاہتے ہیںاسلام آباد کو صاف کرنے میں سینیٹیشن ورکز کا اہم کردار ہے ۔سینیٹری ورکر اسلام آباد کو صاف کرتے ہیں اور ہم گندہ کردیتے ہیں ہمیں بھی صفائی کا خاص خیال رکھنا چاہیے۔چوہدری یٰسین نے کہاکہ مشاہد حسین سید کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے یہ تقریب کی، شعبہ سینیٹیشن شہر کو صاف کرنے میں اپنا کردار ادا کرتا ہے ۔52سال میں پہلی بار ایسی تقریب دیکھی ہے جو ایک سینیٹری ورکر کی ریٹائرمنٹ پر ہورہی ہے ۔مشاہد حسین نے ہمیشہ مزدورں کی فلاح کے لیے کام کیا۔ہم سب ایک قوم ہیں اسلام آباد میں سینیٹیشن ورکرز کے لیے سائیٹ آفسز موجود ہیں ہیں وہ بنائے جائیں۔سینیٹر مشاہدحسین سید نے منظورمسیح کو ان کے خدمات پر شیلڈبھی پیش کی ۔جبکہ تقریب میں شامل افراد نے تحفہ تحائف بھی پیش کئے گئے اس کے ساتھ تقریب کے اختتام پر دعوت بھی کی گئی۔(م۔ا)

  • مولانا فضل الرحمن سیاسی اخوت کو پارہ پارہ کرنےکےلیےچوہدری برادران کےگھرپہنچ گئے

    مولانا فضل الرحمن سیاسی اخوت کو پارہ پارہ کرنےکےلیےچوہدری برادران کےگھرپہنچ گئے

    لاہور:مولانا فضل الرحمن حکومت اور اتحادیوں کے درمیان دوریاں پیدا کرنے کےلیے چوہدری برادران کے گھرپہنچ گئے ،اطلاعات کے مطابق اپوزیشن کی طرف سے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے اعلان کیے جانے کے بعد سیاسی رابطوں میں تیزی آ گئی ہے، مولانا فضل الرحمان نے چودھری برادران سے ملاقات کی ہے۔

    پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے حکومتی اتحادیوں سے رابطے شروع ہو گئے ہیں، پی ڈی ایم کے سربراہ نے چودھری برادران کی رہائش گاہ کا دورہ کیا اور چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویز الہی سے ملاقات کی۔ مسلم لیگ ق کے ایم این اے چودھری سالک حسین اور جمیعیت علمائے اسلام کے سینئر رہنما بھی شریک ہوئے۔

    اس دوران مولانا فضل الرحمن نے چودھری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی جبکہ چودھری برادران کیساتھ ملاقات کے دوران ملکی سیاسی معاملات پر بھی بات چیت کی گئی۔

    لیگی حلقوں کا دعویٰ ہےکہ ملاقات کے دوران مولانا فضل الرحمن دواتحادی بھائیوں یعنی چوہدری برادران اور عمران خان کے درمیان نفریں پیدا کرنے کے لیے دوران ملاقات بہت زیادہ نفرت انگیز پراپیگنڈہ کرتے رہے جس کو چوہدری برادران بڑے تحمل سے سنتے رہے

    شہبازشریف کل چوہدری برادران کی منتیں کرنے ان کے گھرجائیں گے،اطلاعات ہیں کہ وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے اعلان کے بعد سیاسی رابطے تیز ہو گئے ہیں، لیگی صدر شہباز شریف کی چودھری برادران سے کل ملاقات کرینگے۔اور چوہدری برادران کی منتیں‌ کریں‌گے کہ کسی نہ کسی طرح‌ ہماری جان عمران خان سے چھڑوا دیں اگرآپ نے مدد نہ کی تو پھر وہ خان ہمیں نہیں چھوڑے گا

    یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے وزیراعظم عمران خان کے تحریک عدم اعتماد کا لانے کا اعلان کیا ہے جس کے بعد سیاسی ماحول میں گرم ہو گیا ہے، سیاسی رہنما ایک دوسرے کے ساتھ رابطوں میں تیزی لا رہے ہیں۔

    دوسری طرف قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کل چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویز الٰہی سے ملاقات کریں گے جس کے کے امور فائنل کر لیے ہیں، آج رات ملاقات کے شیڈول کو حتمی شکل دی جائے گی۔لیگی صدر ق لیگ کے سربراہ چودھری شجاعت حسین کی تیمارداری کے لئے کل ان کی رہائش گاہ پہنچیں گے اور ملاقات میں سیاسی معاملات پر بات چیت کریں گے۔

    ادھر اس حوالے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ چوہدری پرویز الٰہی نے ایم کیو ایم کے وفد کی ملاقات کے باقاعدہ اعلان کیا تھا کہ وہ کل بھی عمران خان کے ساتھ تھے اور مستبقل میں بھی عمران خان کے ساتھ کھڑے رہیں‌ گے

    ادھر اس حوالے سے پاکستان مسلم لیگ کے ذرائع نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ جو بات چوہدری برادران نے واضح کردی ہے وہ ہی پارٹی کی پالیسی ہے اور شہبازشریف کو نامراد لوٹنا پڑے گا کیوں کہ چوہدری برادران جس سے زبان کرتے ہیں اس پر پورا اترتے ہیں

  • قوم کو جوئے پرلگا دیا،سب کچھ بند کردیا،قذافی سٹیڈیم کے نواح میں رہنے والی خاتون برس پڑی

    قوم کو جوئے پرلگا دیا،سب کچھ بند کردیا،قذافی سٹیڈیم کے نواح میں رہنے والی خاتون برس پڑی

    لاہور:قوم کو جوئے پرلگا دیا،سب کچھ بند کردیا،قذافی سٹیڈیم کے نواح میں رہنے والی خاتون برس پڑی:اطلاعات کے مطابق ایک طرف لاہور میں پی ایس ایل کے میچز ہورہےہیں تو دوسری طرف عوام خوار ہورہےہیں‌ ، اس حوالے سے عوام الناس نے سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے ،

    سوشل میڈیا پر اس حوالے سے کچھ ویڈیوز بھی وائرل ہوئی ہیں جن میں اہل لاہور نے اپنی بے بسی کا اظہار کیا ہے ، ایک خاتون جو کہ اپنے گھر کو جانا چاہتی ہیں پولیس والوں انہیں اس لیے روک رکھا ہےکہ چونکہ پی ایس ایل کی وجہ سے ٹریفک پلان تبدیل ہے اس لیے آپ اس راستے سے اپنے گھر کو واپس نہیں جاسکتی ہیں

     

    یہ خاتون اپنی بے بسی پر آہ وکناں کرتے ہوئے کہتی ہیں کہ عجیب معاملہ ہےکہ پی ایس ایل کے نام پر قوم کو بخار چڑھا دیا گیا ہے ، ہر طرف اس ٹورنامنٹ کی وجہ سے لوگ پریشان ہیں اور اس حد تک پریشان ہیں کہ کسی کو کوئی سمجھ نہیں آرہی

    خاتون کا کہنا تھا کہ مجھے بتائیں کہ جوئے کے سوا یہ کیا ہے، قوم کو باندھ کرجکڑ کردیا گیا ہے اور ہر کوئی کاروبار کرنے سے محروم ہے ، لوگوں کو ایمرجسنی کہیں جانا ہوتو وہ بھی نہیں جاسکتے ،

    خاتون کا کہنا تھا کہ یہ انداز درست نہیں کہ ایک کھیل کےنام پرقوم کےساتھ کھلواڑ کیا جائے ، لوگوں کو اپنے امورتو نمٹانے دیئے جائیں ناکہ عوام کو پابند دیوار کردیا جائے ، ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اب ہمیں‌ایسی حرکتوں سے باز آجانا چاہیے

     

     

     

  • آسٹریلیا نے آخری مرتبہ پاکستان کا دورہ کیا تھا تومیں پیدا بھی نہیں ہوا تھا، شاہین آفریدی

    آسٹریلیا نے آخری مرتبہ پاکستان کا دورہ کیا تھا تومیں پیدا بھی نہیں ہوا تھا، شاہین آفریدی

    آسٹریلیا نے آخری مرتبہ پاکستان کا دورہ کیا تھا تومیں پیدا بھی نہیں ہوا تھا، شاہین آفریدی

    آئی سی سی کرکٹر آف د ی ایئر اور سال کی سب سے متاثرکن کارکردگی کا پی سی بی ایوارڈ جیتنے والے لیفٹ آرم فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی فی الحال ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 میں لاہور قلندرز کی قیادت کررہے ہیں۔ ایک طرف تو نوجوان فاسٹ باؤلر کی نظریں ایچ بی ایل پی ایس ایل کی چمچماتی ٹرافی پر جمی ہیں تاہم دوسری طرف وہ آسٹریلیا کے 24 سال بعد تاریخی دورہ پاکستان میں ہوم سائیڈ کے مضبوط باؤلنگ اٹیک کی قیادت کرنے کے لیے بھی پرعزم ہیں۔

    آسٹریلیاکی ٹیم آخری مرتبہ 1998 میں پاکستان آئی تھی، یہ وہ وقت تھا جب شاہین شاہ آفریدی پیدا بھی نہیں ہوئے تھے۔ اس دورے میں آسٹریلیا کی ٹیسٹ ٹیم کی قیادت مارک ٹیلر اور ون ڈے سائیڈ کی قیادت اسٹیو واہ نے کی تھی۔ آسٹریلیا نے ٹیسٹ سیریز میں 0-1 اور ون ڈے انٹرنیشنل سیریز میں 0-3 سے کامیابی حاصل کی تھی۔

    کیلنڈ ایئر 2021 کے 9 ٹیسٹ میچز میں 47 وکٹیں حاصل کرنے والے شاہین شاہ آفریدی نے گزشتہ سال میں مجموعی طور پر 36 انٹرنیشنل میچز میں 78 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ وہ 4 مارچ سے شروع ہونے والی کیلنڈ ایئر 2022 کی پہلی سیریز میں بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔4 مارچ کو راولپنڈی سے شروع ہونے والی آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے تینوں میچز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہیں۔

    اکیس سالہ فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ جب آسٹریلیا نے آخری مرتبہ پاکستان کا دورہ کیا تھا تووہ پیدا بھی نہیں ہوئے تھے۔ انہوں نےکہا کہ یہ سیریز بہت اہم ہے اور وہ یہاں متاثرکن کارکردگی پیش کرکے کیلنڈر ایئر 2022 کا بہترین آغاز کرنے کے خواہشمند ہیں۔

    فاسٹ باؤلر کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا جیسی بڑی ٹیموں کے خلاف سیریز میں عمدہ کارکردگی پیش کرنے سے کھلاڑیوں کے اعتماد اور اسٹیٹس میں اضافہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال پاکستان کے باؤلنگ اٹیک نے شاندار کارکردگی کامظاہرہ کیا تھا۔ انہوں نے حسن علی کے ساتھ مل کر اننگز کے آغاز سے ہی حریف بیٹرز کو دباؤ کا شکار کرکے پویلین کی راہ دکھانے کی کوشش کی تھی اور وہ آئندہ بھی اسی تسلسل کو برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔

    انہیں یقین ہے کہ دونوں ٹیموں کے مابین تاریخی سیریز کے سنسنی خیز میچز دیکھنے کے لیے شائقین کرکٹ کی ایک بڑی تعداد اسٹیڈیمز کا رخ کریں گے۔

  • اداکارہ سونیا مشال نکاح کے بندھن میں بندھ گئیں

    اداکارہ سونیا مشال نکاح کے بندھن میں بندھ گئیں

    تفصیلات کے مطابق اداکارہ سونیا نے گزشتہ شب اپنے نکاح کی تصدیق کی اداکارہ سونیا مشال کے نکاح کی تقریب گزشتہ روز اسلام آباد میں منعقد ہوئی تھی جس میں ان کے قریبی دوست اور احباب موجود تھے سونیا مشال نے اپنی زندگی کے سب سے خاص موقع پر ہلکے رنگ کا خوبصورت لباس زیب تن کیا ہے جس کے ساتھ اُنہوں نے سفید اور سبز رنگ کے گجرے بھی پہنے۔اداکارہ کے شوہر نے بھی اپنی اہلیہ کے لباس سے ہم رنگ لباس پہنا۔

    مداحوں کی جانب سے سونیا مشال کی زندگی کے نئے سفر پر نیک خواہشات کا اظہار کیا جارہا ہے۔

    اداکارہ کی جانب سے انسٹاگرام پر نکاح کی اسٹوریزشئیر کی گئیں ہیں جبکہ سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر بھی انکی خوبصورت تصاویر وائرل ہورہی ہیں سونیا نے انسٹاگرام اسٹوری پر مداحوں اور ساتھی اداکاروں کی جانب سے مبارکباد کے پیغامات بھی شیئر کیے تاہم انہوں نے اپنے شوہر سے متعلق کوئی تفصیل نہیں دی لیکن کہا جارہا ہے کہ سونیا مشال کے شوہر ان کے قریبی دوست ہیں۔

    واضح رہے کہ سونیا مشال نے 2014 کے بعد اداکاری کا آغاز کیا تھا اور اب تک وہ دو درجن کے قریب ڈراموں اور ٹیلی فلموں میں کام کر چکی ہیں۔ ان کے معروف ڈراموں میں ’عشقاوے، سندیس، خواب سرائے، مہر اور مہربان، میرا کیا قصور تھا، شکوہ نہیں کسی سے، بن بادل برسات، نیلی زندہ ہے اور صنف آہن‘ شامل ہیں۔

  • شاہ محمود قریشی نے وزرا کی کارکردگی رپورٹ کے ساتھ ساتھ  شہزاد ارباب کی اہلیت پر بھی سوال اٹھا دیئے

    شاہ محمود قریشی نے وزرا کی کارکردگی رپورٹ کے ساتھ ساتھ شہزاد ارباب کی اہلیت پر بھی سوال اٹھا دیئے

    اسلام آباد :شاہ محمود قریشی نے وزرا کی کارکردگی رپورٹ کے ساتھ ساتھ شہزاد ارباب کی اہلیت پر بھی سوال اٹھا دیئے،اطلاعات کے مطبق وزارتوں کی کارکردگی جانچنے کے طریقہ کار پر شاہ محمود قریشی نے سوال اٹھا دیئے، وزیر خارجہ نے وزیراعظم کے معاون خصوصی شہزاد ارباب کو خط لکھ دیا۔

    شاہ محمود قریشی نے وزارت خارجہ کو 11 واں درجہ دینے پر تشویش کا اظہار کیا ہے، شاہ محمود قریشی نے لکھا کہ اس دوران وزارت خارجہ نے اعلیٰ سطح کی سرگرمیاں بھی کیں اور وزارت کے امور پر کبھی کسی نے تشویش کا اظہار نہیں کیا۔

     

     

    انہوں نے کہا کہ 30 فیصد کارکردگی جائزہ سے متعلق کوئی تحریری گائیڈلائن نہیں دی گئی، وزارت خارجہ کی اس درجہ بندی سے جائزہ کمیٹی کے طریقہ کار پر سوال اٹھتے ہیں۔
    وزیراعظم کی جانب سے بہترین وزارتوں میں وزارت خارجہ کو شامل نہ کرنے پر وزیر خارجہ نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خط لکھ دیا جس میں وزارتوں کی گریڈنگ کا طریقہ کار دریافت کیا گیا ہے۔

     

     

    ذرائع کے مطابق وزارتوں کی کارکردگی جانچنے کے طریقہ کار پر وزیر پارلیمانی امور علی محمد خان کے بعد اب شاہ محمود قریشی نے بھی سوالات اٹھا دیئے۔ انہوں نے اس حوالے سے وزیراعظم کے معاون خصوصی شہزاد ارباب کو خط لکھا ہے جس میں وزارت خارجہ کو 11واں نمبر دینے پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔

    شاہ محمود قریشی نے خط میں کہا ہے کہ پرفارمنس ایگریمنٹ کی پہلی سہ ماہی میں وزارت خارجہ نے 26 میں سے 22 اہداف حاصل کیے، دوسری سہ ماہی میں 24 میں سے 18 اہداف پورے کیے، وزارت خارجہ نے یقینی بنایا کہ ریویو پیریڈ کے دوران کوئی معاملہ زیر التواء نہ رہے، اس دوران وزارت خارجہ نے اعلیٰ سطح کی سرگرمیاں بھی کیں۔

    خط میں کہا گیا ہے کہ وزارت خارجہ کے کاموں پر کسی تشویش کا کوئی اظہار نہیں کیا گیا، 30 فیصد کارکردگی جائزہ سے متعلق کوئی تحریری گائیڈ لائنز نہیں دی گئیٕں، وزارت خارجہ گریڈنگ کے اس طریقہ کار پر سوالات اٹھاتی ہے واضح کیا جائے کہ وزارتوں کی گریڈنگ کس طریقہ کار کے تحت کی گئی۔

  • غیرملکی ائیرلائن کو ڈومیسٹک فلائٹس کی اجازت پرشدید تحفظات:چیف ایگزیکٹوPIAارشد ملک کا وزیراعظم کوخط

    غیرملکی ائیرلائن کو ڈومیسٹک فلائٹس کی اجازت پرشدید تحفظات:چیف ایگزیکٹوPIAارشد ملک کا وزیراعظم کوخط

    لاہور:غیر ملکی ائیرلائن کو ڈومیسٹک فلائٹس کی اجازت پر شدید تحفظات ہیں:چیف ایگزیکٹوپی آئی اے ارشد ملک کا وزیراعظم کوخط،اطلاعات کے مطابق چیف ایگزیکٹو پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز ارشد ملک نے وزیراعظم کو ایک خط لکھا ہے ، جس مین غیر ملکی ائیر لائن کو پاکستان میں ڈومیسٹک فلائٹس کی اجازت پر پی آئی اے سمیت ملک کی دیگر ائیرلائنز نے تحفظات کا اظہار کردیا۔

    قومی ائیرلائن پی آئی اے کے سی ای او ائیر مارشل ارشد ملک نے اس سلسلے میں وزیراعظم عمران خان کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہےکہ غیرملکی ائیر لائن کو ڈومیسٹک سطح پر پروازوں کی اجازت سے پی آئی اے سمیت دیگر ملکی ائیر لائنز کو سخت نقصان ہوگا۔

     

     

    خط میں کہا گیا ہےکہ حکومت نے ائیر عربیہ اور فلائی جناح کو غیر ملکی سرمایہ کاری کے نام پر ڈومیسٹک پروازوں کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے، امریکا سمیت بیرونی دنیا کے ممالک اپنی مقامی انڈسٹری کو سپورٹ کرتے ہیں لیکن پاکستان میں ائیر عربیہ کو ڈومیسٹک پروازوں کی اجازت سے قلیل مدت میں مقامی ائیر لائنز کو شدید نقصان ہوگا۔

    خط میں مزید کہا گیا ہےکہ ائیر عربیہ اور فلائی جناح کو ڈومیسٹک سطح پر پروازوں کی اجازت دینے کی سخت مخالفت کرتے ہیں لہٰذا مقامی ائیر لائنز انڈسٹری کو تحفظ دینے کے لیے ائیر عربیہ کو ڈومیسٹک پروازوں کی اجازت دینے کا فیصلہ واپس لیا جائے۔

    واضح رہےکہ غیر ملکی ائیر لائن ائیر عربیہ اور پاکستان کی فلائی جناح ائیر کا فلائٹ آپریشن کا معاہدہ ہوا ہے جس کے ذریعے ائیر عربیہ اپنے جہاز فلائی جناح کے ذریعے پاکستان میں ڈومیسٹک سیکٹر پر چلائے گی۔