Baaghi TV

Tag: پنجاب

  • مخالفین مریم نواز کے بیان کو توڑ مروڑ کر نفرت پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں،مریم اورنگزیب

    مخالفین مریم نواز کے بیان کو توڑ مروڑ کر نفرت پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں،مریم اورنگزیب

    مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے نجی لندن دورے کے لیے سرکاری جہاز استعمال کرنے اور دہشتگردی سے متعلق بیان کو مخالفین مریم نواز کے بیان کو توڑ مروڑ کر نفرت پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    ایکس پر ایک پوسٹ میں سینیئر وزیر نے کہا کہ اصل مسئلہ نہ تو جہاز کے استعمال کا ہے اور نہ ہی وزیراعلیٰ کے بیان کا بلکہ اصل مسئلہ ان کی کارکردگی اور بڑھتی ہوئی مقبولیت ہے،مریم نواز اس دورے کے تمام اخراجات خود برداشت کریں گی اور یہ واضح طور پر بتا دیا گیا ہے کہ لندن کے سفر کے اخراجات مریم نواز کو خود ادا کرنے ہوں گے۔

    مریم اورنگزیب نے پاکستان تحریک انصاف کا نام لیے بغیر کہا کہ جو لوگ وزیراعلیٰ کے بیان کو صوبوں کے درمیان نفرت پھیلانے اور ملک میں تفریق پیدا کرنے کے لیے استعمال کر رہے ہیں انہیں عوام سے معافی مانگنی چاہیے۔

    واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب پر گزشتہ ہفتے اپنے لندن دورے کے دوران مبینہ طور پر سرکاری جہاز استعمال کرنے پر تنقید کی جا رہی ہے جو ان کی سب سے چھوٹی صاحبزادی ماہ نور صفدر کی سواس یونیورسٹی لندن سے انتھروپولوجی میں گریجویشن کی تقریب کے سلسلے میں کیا گیا تھا،یہ بیان اس تنقید کے جواب میں سامنے آیا جو وزیراعلیٰ کے اس ریمارکس پر کی جا رہی تھی جس میں انہوں نے کہا تھا کہ پنجاب کو ہمسایہ ممالک کے مقابلے میں ہمسایہ صوبوں سے زیادہ سیکیورٹی خطرات کا سامنا ہے۔

    جس کے بعد اس سے قبل جمعے کے روز خیبر پختونخوا اسمبلی نے اکثریتی رائے سے ایک قرارداد منظور کی تھی جس میں صوبوں سے متعلق مریم نواز کے ’جانبدارانہ‘ بیان کی مذمت کی گئی تھی۔خیبر پختونخوا کے وزیرِ قانون آفتاب عالم کی جانب سے پیش کی گئی اس قرارداد میں ایوان نے مریم نواز، وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور رانا ثنا اللہ اور پنجاب کی وزیرِ اطلاعات عظمیٰ بخاری کی جانب سے خیبر پختونخوا اور دیگر صوبوں کو پنجاب میں دہشتگردی سے جوڑنے اور غیر ذمہ دارانہ بیانات دینے کی مذمت کی۔

    قرارداد میں کہا گیا کہ ایوان کا خیال ہے کہ اس نوعیت کے بیانات نہ صرف حقائق کے برخلاف اور غیر ذمہ دارانہ ہیں بلکہ سیاسی مفادات پر مبنی بھی ہیں اور یہ صوبے کے پولیس اہلکاروں اور سکیورٹی فورسز کی توہین کے مترادف بھی ہیں، جنہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دی ہیں، دہشت گردی جیسے قومی اور حساس معاملے کو سیاسی رنگ دینا اور ایک صوبے کو دوسرے کے مقابل کھڑا کرنا قومی یکجہتی اور وفاقی جذبے کے خلاف ہے، دہشتگردی کسی ایک صوبے یا خطے کا مسئلہ نہیں بلکہ پوری ریاست اور قوم کے لیے ایک چیلنج ہے جس سے صرف قومی یکجہتی، باہمی اعتماد اور مشترکہ حکمت عملی کے ذریعے ہی نمٹا جا سکتا ہے۔

  • خلع پر 50 فیصد حق مہر واپسی کیس:خاتون وزیراعلیٰ  سے پوچھا کہ وہ اس کیس کو چلانا چاہتی ہیں یا نہیں؟،سپریم کورٹ

    خلع پر 50 فیصد حق مہر واپسی کیس:خاتون وزیراعلیٰ سے پوچھا کہ وہ اس کیس کو چلانا چاہتی ہیں یا نہیں؟،سپریم کورٹ

    سپریم کورٹ کے شریعت اپیلیٹ بینچ نے خاتون کو خلع پر 50 فیصد حق مہر واپس کرنے کے قانون کو کالعدم قرار دینے کے خلاف پنجاب حکومت کی اپیل پر سماعت کی۔

    جسٹس جمال مندوخیل کی سربراہی میں 5 رکنی شریعت اپیلیٹ بینچ نے کیس کی سماعت کی سپریم کورٹ نے معاملہ وزیراعلیٰ پنجاب کے نوٹس میں لانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ اس کیس کو چلانا ہے یا نہیں، معاملہ وزیراعلیٰ پنجاب کے سامنے رکھا جائے۔

    جسٹس شاہد وحید نے ریمارکس دیے کہ خاتون کے خلع لینے پر 50 فیصد حق مہر کی واپسی کا قانون صرف پنجاب نے بنایا، پنجاب میں خاتون وزیراعلیٰ ہیں، کیا آپ نے وزیراعلیٰ پنجاب سے پوچھا کہ وہ اس کیس کو چلانا چاہتی ہیں یا نہیں؟ کیا پنجاب حکومت خواتین کے حقوق کے خلاف اس قانون کی پیروی کرنا چا ہتی ہے؟

    جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ پنجاب حکومت کو یہ کیس واپس لے لینا چاہیے۔ پنجاب حکومت قرآن و سنت سے اس قانون کا بتا دے،جسٹس ملک شہزا د نے ریمارکس دیے کہ ہمارے نبیؐ نے بھی خلع پر عورت سے تحفے میں دیا گیا باغ واپس کرنے کا پوچھا، جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ سیرت النبیؐ میں اس معاملے پر کوئی حکم دینا ثابت نہیں۔

    جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ خلع پر کیا دینا ہے، کتنا دینا ہے، یہ عورت کا فیصلہ ہے، قرآن نے جو اختیار عورت کو دیا حکومت وہ کیسے چھین سکتی ہے؟ حکومت قانون سازی کرکے عورت کے فیصلے کا اختیار کیسے طے کرسکتی ہے؟ جسٹس شاہد وحید نے کہا کہ عورت کے مقام کو کم کرنے پر عدالت کمپرومائز نہیں کرے گی، عورت کو دیا گیا حق مہر اس کی ملکیت ہوتی ہے انہوں نے سوال کیا کہ کیا حق مہر کو شرط کے ساتھ مشروط کیا جاسکتا ہے؟ جسٹس ملک شہزاد نے کہا کہ ان کے نزدیک حد مقرر کرنا غلط نہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ جس کام سے منع نہیں کیا گیا وہ غیر اسلامی کیسے ہوسکتا ہے؟

    عدالت کو بتایا گیا کہ پنجاب حکومت نے فیملی ایکٹ 2015 میں ترامیم کی تھیں، جن کے ذریعے خلع پر حق مہر واپسی کی حد کا تعین کیا گیا تھا وفاقی شرعی عدالت نے پنجاب حکومت کے اس قانون کو خلاف شریعت قرار دیا تھا، جس کے خلاف پنجاب حکومت نے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کر رکھی ہے۔

    عدالت نے کیس کی مزید سماعت 8 اکتوبر تک ملتوی کردی۔

  • پنجاب کی ہر تحصیل میں الیکٹروبس سروس شروع کرنے کا فیصلہ

    پنجاب کی ہر تحصیل میں الیکٹروبس سروس شروع کرنے کا فیصلہ

    وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کا ویژن، پنجاب کی ہر تحصیل میں الیکٹروبس سروس شروع کرنے کا فیصلہ۔

    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کے ویژن کے تحت الیکٹرو بس سروس کو ڈویژن اور ضلع کے بعد تحصیل کی سطح تک توسیع دینے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ پنجاب کی 91 تحصیلوں میں 1500 الیکٹروبسیں چلائی جائیں گی، جبکہ ہر تحصیل کے لیے مخصوص الیکٹروبس ڈپو بھی قائم کیا جائے گا۔

    وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے مختلف اضلاع میں مزید الیکٹروبسوں کی فراہمی کی بھی منظوری دے دی ہے تحصیل سطح پر الیکٹروبس سروس کا آغاز جنوری 2027ء سے ہو گا، اس سلسلے میں الیکٹروبسوں کا پہلا بیچ جنوری میں لاہور پہنچے گا، جون 2027ء تک پنجاب بھر میں 3 ہزار الیکٹروبسیں چلانے اور ستمبر تک پہلا فیز مکمل کرنے کا ہدف ہے، پنجاب کے مختلف اضلاع میں 612 الیکٹروبسیں آپریشنل، روزانہ لاکھوں شہری سفری سہولت سے مستفید ہوں گے-

    منصوبے کے تحت ملتان کی 9 تحصیلوں میں 169، ساہیوال کی 4 تحصیلوں میں 87، بہاولپور کی 11 تحصیلوں میں 215، ڈی جی خان کی 10 تحصیلوں میں 63، فیصل آباد کی 12 تحصیلوں میں 202 اور سرگودھا کی 14 تحصیلوں میں 198 الیکٹروبسیں چلائی جائیں گی،گوجرانوالہ کی 7 تحصیلوں کے لیے 125، گجرات کی 8 تحصیلوں کے لیے 122 جبکہ راولپنڈی کی 16 تحصیلوں کے لیے 219 الیکٹرو بسیں مختص کی گئی ہیں،منڈی بہاؤالدین، وہاڑی، قصور، لودھراں، ننکانہ صا حب، نارووال، گوجرانوالہ اور ملتان میں بھی مزید الیکٹروبسیں فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    ملتان سمیت دیگر اضلاع میں مزید 192 الیکٹروبسیں چند روز میں فنکشنل ہوجائیں گی، سرگودھا، ساہیوال، فیصل آباد، لاہور، مظفرگڑھ، راولپنڈی، جھنگ، بہاولپو ر، رحیم یار خان اور اٹک کو مزید الیکٹرو بسیں فراہم کی جائیں گی، جبکہ بھکر، حافظ آباد، خانیوال، چنیوٹ، لیہ، اوکاڑہ، سیالکوٹ، مری، گجرات اور شیخوپورہ میں بھی اضافی بسیں چلائی جائیں گی جبکہ فیصل آباد اور گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ سسٹم پر پیشرفت تیزی سے جاری ہے، جبکہ لاہور میٹروبس سروس کے 25 اسٹیشنز کی تعمیر و بحالی کا منصوبہ بھی تکمیل کے مراحل میں ہے۔

  • پنجاب: کرپشن اور بدعنوانی کے خلاف سخت کارروائی، 12 اہلکارنوکری سے برخاست، 37 افسران و اہلکار معطل

    پنجاب: کرپشن اور بدعنوانی کے خلاف سخت کارروائی، 12 اہلکارنوکری سے برخاست، 37 افسران و اہلکار معطل

    وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر کرپشن اور بدعنوانی کے خلاف سخت کارروائی،سول ڈیفنس پنجاب کے 12 اہلکار نوکری سے برخاست، 37 افسران و اہلکار معطل اور 7 کا تبادلہ کر دیا گیا-

    کرپشن، بدعنوانی اور نااہلی پر سول ڈیفنس کے 12 اہلکار وں کو نوکری سے برخاست کر دیا گیا،نوکری سے برخاست ہونے والوں میں فرمان اللہ (سرگودھا)، نوید (خوشاب)، محمد ارشاد اور ناصر اقبال (ملتان)، اصغر ( لودھراں) شامل ہیں جبکہ گوجرانوالہ کے گروپ وارڈن رحمان مقبول اور حمزہ بلال بٹ نوکری سے برخاست کر دیئے گئےعلاوہ ازیں نوکری سے برخاست ہونے والوں میں امان اللہ اور فیضان (حافظ آباد)، شریف (نارووال)، بشیر احمد اور شبیر احمد (بہاولپور) شامل ہیں،عملدرآمد کیلئے ڈپٹی کمشنرز سرگودھا، خوشاب، ملتان، لودھراں، گوجرانوالہ، حافظ آباد، بہاولپور اور نارووال کو مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے-

    دوسری جانب کرپشن، بدعنوانی اور نااہلی پر سول ڈیفنس کے 37 افسران و اہلکار وں کومعطل کر دیا گیا ہے،سول ڈیفنس آفیسر رحیم یار خان شکیب احمد ، و ہا ڑ ی، سیالکوٹ، خوشاب اور ساہیوال کے اسسٹنٹس سردار علی، ثناء اللہ، محمد کامران اور شاہ نواز معطل ہونے والوں میں شامل ہیں ،نارووال اور گوجرانوالہ کے سینئر کلرک محمد الطاف اور محمد قاسم کو معطل کیا گیا ہے-

    اسی طرح سول ڈیفنس کے 9 چیف انسٹرکٹر اور 15 انسٹرکٹر بھی معطل کیے گئے چیف انسٹرکٹرز سلیمان (ٹوبہ ٹیک سنگھ)، محمد شکور (فیصل آباد)، محمد الطاف (اوکاڑہ)، غلام ربانی (ساہیوال)، عقیل گُل (رحیم یار خان)، کاشف مسعود (وہاڑی)، حافظ محمد زکریا (نورووال)، محمد یوسف (منڈی بہاؤالدین)، بلال احسان (قصور) بھی معطل ہونے والوں میں شامل ہیں-

    انسٹرکٹر محمد بلال (میانوالی)، چراغ دین (قصور)، محمد شاہد اور مدثر لیاقت (شیخوپورہ)، سہیل پرویز (لاہور)، آصف علی (وہاڑی)، محمد زمان (گوجرانوالہ)، محمد عرفان اور محمد مستنصر (فیصل آباد)، راحیل اجمل (سرگودھا)، عاصف علی اور محمد ابوبکر (سیالکوٹ)، مبشر علی (ساہیوال)، احمد فیضان (رحیم یار خان)، صدف ظہور (راولپنڈی) کو بھی معطل کر دیا گیا ہے-

    ریسکیو لیڈر محمد اسلم (ملتان)، ریسکیور ناصر محمود (راولپنڈی)، فرسٹ ایڈر قمر الطاف (ملتان)، ڈرائیور اشفاق احمد (ملتان)، نائب قاصد محمد وارث (جھنگ)، سینٹری ورکر سہیل مسیح (گجرات) بھی معطل ہونے والوں میں شامل ہیں،ڈائریکٹر سول ڈیفنس نے معطلی کے احکامات جاری کرتے ہوئے پیڈا کے تحت کارروائی کا آغاز کر دیا،معطل کیے گئے افسران اور اہلکاروں کو سول ڈیفنس پنجاب ہیڈکوارٹر رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے-

    طویل عرصہ تعیناتی اور انتظامی وجوہات کی بناء پر 7 سول ڈیفنس افسران کا تبادلہ بھی کیا گیا،سول ڈیفنس آفیسر مظفرگڑھ سیدہ سحرش ارشاد کو سول ڈیفنس آفیسر وہاڑی تعینات کیا گیا ،سول ڈیفنس آفیسر وہاڑی محمد ریحان کو سول ڈیفنس آفیسر بہاولنگر تعینات کیا گیا سول ڈیفنس آفیسر فیصل آباد محمد عباس کا بطور سول ڈ یفنس آفیسر ساہیوال تبادلہ کیا گیا-

    سول ڈیفنس آفیسر ساہیوال محمد عدنان قیصر، سول ڈیفنس آفیسر اوکاڑہ تعینات کئے گئے ہیں،سول ڈیفنس آفیسر اوکاڑہ محمد اقبال جاوید، سول ڈیفنس آفیسر فیصل آباد تعینات کئے گئے ہیں،اسی طرح سول ڈیفنس آفیسر (سول سیکرٹریٹ) لاہور سدرہ یاسین رانا ڈائریکٹوریٹ آف سول ڈیفنس پنجاب میں چیف اسٹاف آفیسر تعینات کئے گئے ہیں جبکہ سول ڈیفنس آفیسر سیالکوٹ فرحانہ عزیز، سول ڈیفنس آفیسر (سول سیکرٹریٹ)، لاہور تعینات کئے گئے ہیں-

    چیف سیکرٹری پنجاب نے تمام محکموں کے سربراہان کو محکمانہ احتساب کی ہدایت کی تھی،محکمہ داخلہ پنجاب کرپشن، نااہلی، بدانتظامی اور قوانین کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرینس پالیسی پر عمل پیرا ہے

  • پنجاب میں مہمان پرندوں کی آمد شروع ،وائلڈلائف رینجرز پنجاب نے  12 غیرقانونی شکاری گرفتار کر لئے

    پنجاب میں مہمان پرندوں کی آمد شروع ،وائلڈلائف رینجرز پنجاب نے 12 غیرقانونی شکاری گرفتار کر لئے

    پنجاب میں مہمان پرندوں کی آمد شروع ہوگئی ہے، جبکہ وائلڈلائف رینجرز پنجاب نے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران بٹیر، فاختہ، مرغابی، سانڈھے اور جنگلی خرگوش کے 12 غیر قانونی شکاری گرفتار کرلیے۔

    کارروائیوں میں بٹیر کے 13 نیٹنگ گئیرز بھی ضبط کیے گئے، جبکہ پانچ شکاریوں پر مجموعی طور پر 3 لاکھ 55 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا اور سات کے خلاف مقد مات درج کرائے گئے، بہاولپور ریجن میں وائلڈلائف رینجرز نے چولستان پبلک وائلڈلائف ریزرو کی آبی گزرگاہوں میں نایاب کونجوں کا ایک بڑا غول دیکھا، اسی علاقے میں بکریوں کے ریوڑ کے ساتھ موجود چنکارہ کے ایک شیر خوار بچے کو ریسکیو کرکے محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا۔

    لیاقت پور میں فاختہ کے غیر قانونی شکار میں ملوث ایک شخص کو گرفتار کرکے ایک لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا، بہاولنگر میں بٹیر کی نیٹنگ اور سانڈھے پکڑنے کے الزام میں پانچ افراد کے خلاف مقدمات درج کیے گئے اور بٹیر کے دو نیٹنگ گئیرز ضبط ہوئے منچن آباد میں بٹیر کے مبینہ شکاریوں نے وائلڈلائف رینجرز پر فائرنگ کی اور موقع سے فرار ہوگئے، واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    راجن پور میں مرغابی کے دو شکاریوں پر مجموعی طور پر 70 ہزار روپے، جہلم میں جنگلی خرگوش کے ایک شکاری پر 60 ہزار روپے اور چکوال میں بٹیر کی غیر قا نونی نیٹنگ پر ایک شکاری کو ایک لاکھ 25 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا، جبکہ ایک دوسرے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرایا گیا، بھکر میں بٹیر کے دو نیٹنگ گئیر ز ضبط کرکے دو افراد کے خلاف مقدمات درج کیے گئے، جبکہ مظفرگڑھ میں بٹیر کے سات نیٹنگ گئیرز ضبط کرکے قانونی کارروائی شروع کردی گئی، خوشا ب میں کتوں کے ذریعے جنگلی خرگوش کے شکار پر ایک شخص کو 70 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا، اسی علاقے میں واقع اچھالی جھیل پر تقریباً 100 نایاب فلیمنگوز بھی پہنچ چکے ہیں۔

  • پنجاب میں کرپشن کے خلاف گرینڈ آپریشن، خصوصی خفیہ سیل قائم

    پنجاب میں کرپشن کے خلاف گرینڈ آپریشن، خصوصی خفیہ سیل قائم

    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں کرپشن، بدعنوانی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت گرینڈ آپریشن شروع کرنے کا حکم دیا ہے۔

    کرپشن کی نشاندہی اور نگرانی کے لیے خصوصی خفیہ سیل قائم کر دیا گیا ہے، جبکہ سیل کی رپورٹس براہِ راست وزیراعلیٰ کو پیش کی جا رہی ہیں اور مبینہ طور پر ملوث عناصر کی گرفتاریاں بھی شروع ہو گئی ہیں،وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کرپشن کے خلاف کارروائیوں کی ذاتی نگرانی کا فیصلہ کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پنجاب میں کرپشن کے لیے نہ کوئی گنجائش، نہ پناہ اور نہ ہی کسی قسم کی رعایت ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ جہاں کہیں کرپشن ہو، رشوت طلب کی جائے یا اختیارات کا ناجائز استعمال کیا جائے، عوام فوری اطلاع دیں عوام کی شکایات کے اندراج اور کرپشن کی نشاندہی کے لیے وزیراعلیٰ کی جانب سے ہیلپ لائن 1350 بھی قائم کی گئی ہے،وزیراعلیٰ نے یقین دہانی کرائی کہ ہر شکایت پر کارروائی ہوگی جبکہ شکایت کنندہ کا نام مکمل طور پر خفیہ رکھا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ عوام کی ایک اطلاع کرپشن اور رشوت خوری کے پورے نیٹ ورک کو بے نقاب کرسکتی ہے لوٹی ہوئی رقم کی مکمل ریکوری تک کارر وائی ختم نہیں ہوگی’کرپشن صرف پیسے کی چوری نہیں بلکہ یہ عوام کے حق اور اعتماد کی چوری ہےعوام کا پیسہ خورد برد کرنے والے ہر شخص کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور کرپشن کے مقدمات میں عہدہ، تعلق یا سفارش کسی کو نہیں بچا سکے گی۔

  • دورہ چین کا مقصد پنجاب کو مصنوعی ذہانت کی دنیا کا ہب بنانا ہے،مریم نواز شریف

    دورہ چین کا مقصد پنجاب کو مصنوعی ذہانت کی دنیا کا ہب بنانا ہے،مریم نواز شریف

    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ڈیرہ غازی خان کے ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی، جس میں سیاسی صورتحال، امن و امان اور عوامی مسائل سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ملاقات کرنے والوں میں احمد خان لغاری، علی احمد لغاری، اسامہ عبدالکریم، حنیف پتافی، اسامہ لغاری اور صلاح الدین خان شامل تھے،اس موقع پر ارکان صوبائی اسمبلی نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو کامیاب دورہ چین پر مبارکباد پیش کی اور ڈیرہ غازی خان میں الیکٹروبس سروس شروع کرانے پر خراج تحسین پیش کیا، ارکان اسمبلی نے کہا کہ ڈی جی خان میں الیکٹروبس سروس گیم چینجر منصوبہ ہے، ڈیرہ غازی خان کے عوام اس سروس کے اجرا پر وزیراعلیٰ کے ممنون ہیں۔

    ارکان اسمبلی نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی مؤثر پالیسیوں کے تحت ڈیرہ غازی خان میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہورہی ہے کچے کے علاقے میں پہلی بار امن و امان کی صورتحال میں بہتری پنجاب میں گڈ گورننس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

    وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ارکان اسمبلی کو اپنے اپنے حلقوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی مؤثر مانیٹرنگ یقینی بنانے کی ہدایت کی،مریم نواز شریف نے کہا کہ دورہ چین کا مقصد پنجاب کو مصنوعی ذہانت کی دنیا کا ہب بنانا ہے پنجاب میں بھی جلد چینی طرز پر کینسر اور دیگر امراض کی تشخیص کے لیے جدید طریقہ علاج متعارف کرایا جارہا ہے۔

    وزیراعلیٰ نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان میں الیکٹروبسوں کے ذریعے عوام کو سفر کرتے دیکھ کر بہت خوشی ہوتی ہے۔ تاریخ میں پہلی بار لاہور کی طرز پر دیگر علاقوں میں بھی بڑے ترقیاتی منصوبے شروع کیے گئے ہیں،ڈیرہ غازی خان سمیت دیگر شہروں میں سڑکوں، ڈرینج، واٹر سپلائی اور بیوٹی فکیشن کے منصوبے جاری ہیں۔

  • پنجاب میں یکم سے5ستمبر تک  بارش کاامکان

    پنجاب میں یکم سے5ستمبر تک بارش کاامکان

    محکمہ موسمیات نے پنجاب کے مختلف علاقوں میں یکم سے5ستمبر تک تیز ہواؤں کیساتھ بارش کاامکان ظاہر کیا ہے ۔

    تفصیلات کے مطابق ملک کےبالائی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے،کل سےملک کےبالائی علاقوں میں مون سون ہواؤں کاسلسلہ داخل ہونے کا امکان ہے خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں میں بھی موسلادھار بارش متوقع ہے ، بارشوں کے دوران نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔

    خیبرپختونخوا کے دارالخلافہ پشاورمیں آج موسم گرم اورمرطوب رہنےکاامکان ہے،درجہ حرارت 35ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے ، ہوا میں نمی کا تناسب 69 فیصد ریکارڈ کیا گیا،پشاور اورگردونواح میں شام اوررات ہلکی بارش متوقع ہے۔

    خیبرپختونخوا کےبیشترمیدانی اضلاع میں آئندہ 24 گھنٹوں کےدوران بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے ، بالائی اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش متوقع ہے۔

  • پنجاب کے سرکاری اسکولوں میں اے آئی کو لازمی مضمون بنانے کا اصولی فیصلہ

    پنجاب کے سرکاری اسکولوں میں اے آئی کو لازمی مضمون بنانے کا اصولی فیصلہ

    پنجاب حکومت نے صوبے بھر کے سرکاری اسکولوں میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) کو لازمی مضمون کے طور پر شامل کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا۔

    حکام کے مطابق سرکاری اسکولوں میں مصنوعی ذہانت سے متعلق مضمون شامل کرنے کا مقصد طلبا کو جدید ٹیکنالوجی، مستقبل کی ملازمتوں اور تیزی سے بدلتی دنیا کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے اے آئی کی تعلیم سے طلبا کو جدید ٹیکنالوجی کے بنیادی تصورات اور اس کے عملی استعمال سے آگاہی حا صل ہو گی، جبکہ تنقیدی سوچ اور مسائل حل کرنے کی صلاحیتیں بھی بہتر ہوں گی۔

    حکام کے مطابق مجوزہ منصوبے کے تحت سرکاری اسکولوں کی کمپیوٹر لیبز کو جدید بنانے اور ضروری سہولیات کی فراہمی پر بھی توجہ دی جائے گی اس کے علاوہ اساتذہ کی تربیت کا انتظام کر کے انہیں مصنوعی ذہانت کی تعلیم دینے کے قابل بنایا جائے گا، تعلیمی نظام میں اے آئی کو شامل کرنے سے صوبے میں جدید اور ڈیجیٹل تعلیم کو فروغ ملے گا اور نئی نسل مستقبل کی ٹیکنالوجی پر مبنی معیشت اور چیلنجز کے لیے بہتر طور پر تیار ہوسکے گی۔

  • امریکی قونصل جنرل کی مشیر وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات

    امریکی قونصل جنرل کی مشیر وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات

    امریکی قونصل جنرل اسٹیٹسن سینڈرز نے مشیر وزیراعلیٰ پنجاب برائے اے آئی و خصوصی اقدامات علی ڈار سے ملاقات کی-

    ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے آئندہ دورۂ امریکا اور پاک امریکا تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا،علی ڈار نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا دورۂ امریکا پنجاب اور امریکا کے درمیان دوطرفہ تعاون اور شراکت داری کے نئے مواقع پیدا کرے گا دورہ پنجاب میں سرمایہ کاری، ٹیکنالو جی، مصنوعی ذہانت اور معاشی تعاون کے فروغ کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ پنجاب کو مصنوعی ذہانت کا عالمی مرکز بنانے کے لیے بین الاقوامی شراکت داری وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے وژن کا اہم حصہ ہے، امریکہ کے ساتھ تعاون کے ذریعے پنجاب میں عالمی معیار کی ٹیکنالوجی اور سرمایہ کاری لانے کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی پنجاب کے مستقبل کا اہم حصہ ہیں اور امریکا کے ساتھ تعاون کو مزید آگے بڑھایا جائے گا۔

    علی ڈار نے کہا کہ دی آفس آف اے آئی پنجاب امریکا کے ساتھ نالج ایکسچینج، ٹیکنالوجی پارٹنرشپس اور مصنوعی ذہانت کے شعبے میں تعاون کے لیے کام کر رہا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب کے دورۂ امریکا سے پنجاب کے اے آئی ایکو سسٹم اور سرمایہ کاری کے شعبے میں مثبت بہتری آئے گی۔