امریکی قونصل جنرل اسٹیٹسن سینڈرز نے مشیر وزیراعلیٰ پنجاب برائے اے آئی و خصوصی اقدامات علی ڈار سے ملاقات کی-
ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے آئندہ دورۂ امریکا اور پاک امریکا تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا،علی ڈار نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا دورۂ امریکا پنجاب اور امریکا کے درمیان دوطرفہ تعاون اور شراکت داری کے نئے مواقع پیدا کرے گا دورہ پنجاب میں سرمایہ کاری، ٹیکنالو جی، مصنوعی ذہانت اور معاشی تعاون کے فروغ کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کو مصنوعی ذہانت کا عالمی مرکز بنانے کے لیے بین الاقوامی شراکت داری وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے وژن کا اہم حصہ ہے، امریکہ کے ساتھ تعاون کے ذریعے پنجاب میں عالمی معیار کی ٹیکنالوجی اور سرمایہ کاری لانے کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی پنجاب کے مستقبل کا اہم حصہ ہیں اور امریکا کے ساتھ تعاون کو مزید آگے بڑھایا جائے گا۔
علی ڈار نے کہا کہ دی آفس آف اے آئی پنجاب امریکا کے ساتھ نالج ایکسچینج، ٹیکنالوجی پارٹنرشپس اور مصنوعی ذہانت کے شعبے میں تعاون کے لیے کام کر رہا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب کے دورۂ امریکا سے پنجاب کے اے آئی ایکو سسٹم اور سرمایہ کاری کے شعبے میں مثبت بہتری آئے گی۔
