وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں کرپشن، بدعنوانی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت گرینڈ آپریشن شروع کرنے کا حکم دیا ہے۔
کرپشن کی نشاندہی اور نگرانی کے لیے خصوصی خفیہ سیل قائم کر دیا گیا ہے، جبکہ سیل کی رپورٹس براہِ راست وزیراعلیٰ کو پیش کی جا رہی ہیں اور مبینہ طور پر ملوث عناصر کی گرفتاریاں بھی شروع ہو گئی ہیں،وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کرپشن کے خلاف کارروائیوں کی ذاتی نگرانی کا فیصلہ کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پنجاب میں کرپشن کے لیے نہ کوئی گنجائش، نہ پناہ اور نہ ہی کسی قسم کی رعایت ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ جہاں کہیں کرپشن ہو، رشوت طلب کی جائے یا اختیارات کا ناجائز استعمال کیا جائے، عوام فوری اطلاع دیں عوام کی شکایات کے اندراج اور کرپشن کی نشاندہی کے لیے وزیراعلیٰ کی جانب سے ہیلپ لائن 1350 بھی قائم کی گئی ہے،وزیراعلیٰ نے یقین دہانی کرائی کہ ہر شکایت پر کارروائی ہوگی جبکہ شکایت کنندہ کا نام مکمل طور پر خفیہ رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ عوام کی ایک اطلاع کرپشن اور رشوت خوری کے پورے نیٹ ورک کو بے نقاب کرسکتی ہے لوٹی ہوئی رقم کی مکمل ریکوری تک کارر وائی ختم نہیں ہوگی’کرپشن صرف پیسے کی چوری نہیں بلکہ یہ عوام کے حق اور اعتماد کی چوری ہےعوام کا پیسہ خورد برد کرنے والے ہر شخص کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور کرپشن کے مقدمات میں عہدہ، تعلق یا سفارش کسی کو نہیں بچا سکے گی۔
