Baaghi TV

Tag: Pakistan news

  • دُلہا اور دلہن کی ولیمے کے روز خون میں لت پت لاشیں برآمد

    دُلہا اور دلہن کی ولیمے کے روز خون میں لت پت لاشیں برآمد

    رائے پور: بھارتی ریاست چھتیس گڑھ میں شادی کے اگلے روز نوبیاہتا جوڑے کی کمرے سے خون میں لت پت لاشیں ملی ہیں۔ بھارتی میڈیا کےمطابق 22 سالہ کہکشاں بانو اور24 سالہ اسلم کی شادی دو روز قبل بڑی دھوم دھام سے ہوئی تھی۔ رخصتی کے بعد اہل خانہ نوبیاہتا جوڑے کو ان کے نئے گھر چھوڑ گئے تھے۔

    تیسرے روز ولیمہ تھا اور اسی کی تیاری کے سلسلے میں اہل خانہ پہنچے تو بار بار دروازہ کھٹکھٹانے کے باوجود کوئی جواب نہیں ملا جس پر کھڑکی توڑ کر کمرے میں داخل ہوئے تھے تو نوبیاہتا جوڑا خون میں لت پت پڑا تھا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ دلہن کے جسم پر چھریوں کے وار ہیں جب کہ دلہا کا گلا کٹا ہوا ہے۔ کمرے کی حالت سے لگتا ہے کہ دونوں کے درمیان جھگڑا بھی ہوا تھا۔ آلہ قتل بھی مل گیا۔

    پولیس نے مزید بتایا کہ کمرے کے اندر کسی تیسرے شخص کے داخل ہونے کے بھی کوئی شواہد نہیں ملے۔ تمام دروازے ار کھڑکیاں اندر سے بند تھے اور کوئی اور بھی راستہ اندر آنے کے لیے نہیں تھا۔اہل خانہ کا کہنا ہے کہ انھیں بالکل اندازہ نہیں کہ دونوں کے درمیان ایسا کیا اور کیوں ہوا۔

  • جیل بھرو تحریک آئین کے تحفظ اورانتخابات کے لیے ہے:پرویز الٰہی

    جیل بھرو تحریک آئین کے تحفظ اورانتخابات کے لیے ہے:پرویز الٰہی

    لاہور:سابق وزیراعلیٰ پنجاب مرکزی رہنما پاکستان تحریک انصاف چوہدری پرویز الٰہی نےکہا ہےکہ جیل بھرو تحریک آئین کےتحفظ اورانتخابات کےلیےہے۔تفصیلات کےمطابق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کی اعلان کردہ جیل بھرو تحریک کےمتعلق سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کا بیان سامنے آیا ہے۔

    انہوں نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے رہنما اور کارکن رضاکارانہ گرفتاریاں پیش کرکے حقیقی آزادی کے لیے جدوجہد کررہے ہیں اور حکومت جان لے الیکشن کرواکر ہی جان چھوٹنی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کی کال پر عوام اور پارٹی کارکن جیلوں میں جانے کے لیے تیار ہے جبکہ آئین سے کھیلنے والے حکمران اپنے لیے خود آرٹیکل 6 کی راہ ہموار کررہے ہیں۔

    پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ عوام عمران خان کے ساتھ ہیں یہی خوف پی ڈی ایم کو الیکشن سے روکے ہوئے ہے کہ آئین کے تحفظ کی جدوجہد میں قوم عمران خان کے ساتھ ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ رو چوہدری پرویز الہیٰ نے ساتھیوں سمیت پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہونے کا اعلان کیا تھا ۔بعدازاں پاکستان تحریک اصاف میں شمولیت کے بعد ق لیگ کے رہنماؤں نے جیل بھرو تحریک میں شامل ہونے کا اعلان کردیا ہے،اس حوالے سے رہنما زبیر احمد آغا، عبدالواسع خان آج کارکنوں کے ہمراہ شارع قائداعظم پہنچیں گے۔

    پاکستان تحریک انصاف کی جیل بھرو تحریک کا پہلا مرحلہ آج لاہورسےشروع ہوگا، شاہ محمود قریشی، عمر سرفراز اور ولید اقبال سمیت 200 پارٹی کارکنوں نے گرفتاری دے دی ہے،پی ٹی آئی کے کارکنوں نے اپنے چیئرمین کی ہدایت پر جیل جانے کی بھرپور تیاریاں کر لی ہیں۔

    زمان پارک میں لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہے۔خواتین کارکنان بھی عدالتی گرفتاری کے لیے تیار ہیں۔

  • اسلام آباد میں جاری ترقیاتی منصوبوں کوجلد مکمل کیا جائے:وزیراعظم شہبازشریف

    اسلام آباد میں جاری ترقیاتی منصوبوں کوجلد مکمل کیا جائے:وزیراعظم شہبازشریف

    اسلام آباد:وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت اسلام آباد میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر آج جائزہ اجلاس منعقد ہوا.

    اجلاس میں وزیرِ اعظم نے اسلام آباد کے دیہی علاقوں کی ترقی اور انفراسٹرکچر کے حوالے سے بھی تفصیلات طلب کیں. وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ اسلام آباد کے دیہی علاقوں کی ترقی کیلئے سی ڈی اے نے 10 ارب روپے کی رقم مختص کی ہے جس سے سالڈ ویسٹ مینیجمنٹ، سیوریج کا نظام اور سڑکوں کی تعمیر و بحالی اور پبلک ٹرانسپورٹ کی اسکیمیں مکمل کی جائیں گی.

    اجلاس کو بارہ کہو بائی پاس، 7th ایونیو انٹرچینج، مارگلہ ایونیو، 11th ایونیو، IJP روڈ، اسلام آباد ایکپریس وے، اور پارکنگ پلازہ کے جاری منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا. اجلاس کو بتایا گیا کہ بارہ کہو بائی پاس پر 24 گھنٹے کام جاری ہے. وزیرِ اعظم نے بارہ کہو بائی پاس کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کر دی. وزیرِ اعظم نے کہا کہ بارہ کہو بائی پاس عوامی نوعیت کا اہم منصوبہ ہے جس کی تعمیر میں کسی قسم کا تعطل قبول نہیں کیا جائے گا. اجلاس کو بتایا گیا کہ 7th ایونیو انٹر چینج اور مارگلہ ایونیو منصوبے مکمل ہوچکے ہیں. IJP روڈ کا توسیعی منصوبہ 23 مارچ تک مکمل کر لیا جائے گا. مزید برآں 11th ایونیو اور اسلام آباد ایکسپریس وے کا فیز ون رواں سال کے وسط جبکہ بلیو ایریا پارکنگ پلازہ اور ایکسپریس وے کا فیز ٹو رواں سال کے آختتام تک مکمل کرلئے جائیں گے.

    اجلاس میں چیئرمین سی ڈی اے کی جانب سے ٹرانسپورٹ کے فیڈر روٹس اور بس ٹرمینل کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی. اجلاس کو بتایا گیا کہ سی ڈی کی جانب سے بین الاقوامی معیار کا ایک نیشنل بس ٹرمینل اور 3 سیٹلائٹ ٹرمینل بنائے جائیں گے جس میں نجی شعبے کی سرمایہ کاری ہوگی. اسکے علاوہ 90 دن میں بسوں کے 13 فیڈر روٹس شروع کئے جا رہے ہیں جبکہ چار فیڈر روٹس اس وقت کام کر رہے ہیں. اسلام آباد کے پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم کے ذریعے روزانہ کی بنیاد پر 2 لاکھ کے قریب لوگ معیاری سفری سہولیات سے مستفید ہو رہے ہیں.

    وزیرِ اعظم کو اسلام آباد میں پارکنگ کے مسائل کے حل کیلئے سی ڈی اے کے اقدامات سے آگاہ کیا گیا. مزید برآن سی ڈی اے F8, F10, G9, 1-8 اور بلیو ایریا میں پارکنگ پلازے بنا رہی ہے. 5000 گاڑیوں کی پارکنگ کی استعداد سے یہ پارکنگ پلازے شہر میں پارکنگ کے مسئلے کو حل کرنے میں کلیدی کردار ادا کریں گے.

    چیئرمین سی ڈی اے نے سمندر پار پاکستانیوں کیلئے رہائشی منصوبوں پر بھی تفصیلی بریفنگ دی. وزیرِ اعظم نے ہدایت دی کہ ان منصوبوں کو بین الاقوامی معیار پر لانے کیلئے ان میں بہترین سہولیات میسر کی جائیں. وزیرِ اعظم نے کہا کہ سمندر پار پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں. ان منصوبوں میں سرمایہ کاری کیلئے نظام کو شفاف اور خودکار بنایا جائے. منصوبوں کی راہ میں کسی قسم کی رکاوٹ یا تعطل قبول نہیں کیا جائے گا.

    اجلاس میں وفاقی وزراء اسحاق ڈار، رانا ثناء اللہ، مشیرِ وزیرِ اعظم احد چیمہ، معاونِ خصوصی طارق باجوہ، سابقہ وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری، سابقہ ارکانِ اسمبلی حنیف عباسی، انجم عقیل اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی ہے

  • تمباکومصنوعات پرحالیہ ٹیکسزکا نفاذتمباکونوشی سےجان چھڑانےمیں اہم ثابت ہوگا:شارق محمود خان

    تمباکومصنوعات پرحالیہ ٹیکسزکا نفاذتمباکونوشی سےجان چھڑانےمیں اہم ثابت ہوگا:شارق محمود خان

    اسلام آباد:تمباکو مصنوعات پر حالیہ ٹیکسز سے نہ صرف ملکی معیشت کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی بلکہ نوجوانوں میں تمباکو نوشی کے بڑھتے ہوئے رحجان کو قابو پانے میں بھی مدد ملے گی۔تمباکو مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ اور ٹیکسز کے نفاز کا حکومتی اقدام قابل تحسین ہے۔

    ان خیالات کا اظہار تمباکو نوشی کے خلاف کام کرنے والی تنظیم کرومیٹک کے سی ای او شارق محمود خان نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ شارق محمود خان نے تمباکو مصنوعات پر ٹیکسز کے نفاز کو یقینی بنانے کے لئے سینیٹر سید یوسف رضا گیلانی کی ذاتی دلچسپی اور کوششوں کو سراہنے کے ساتھ، تمباکو مصنوعات پر ٹیکسز عائد کرنے پر حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ حکومت سگریٹ کے متبادل کے طور پر مارکیٹ میں دستیاب دیگر مصنوعات کو روکنے کے لئے بھی موثر قانون سازی کرے گی تاکہ نوجوانوں کو سگریٹ سمیت تمباکو کی دیگر مصنوعات کے ناسور سے دور کرکے ان کے مستقبل کو روشن اور محفوظ بنایا جا سکے۔

    یاد رہے کہ چند دن پہلے ضمنی بجٹ میں وفاقی حکومت نے مقامی سگریٹ پر ٹیکس میں اضافہ کردیا جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

    ایف بی آر کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق مقامی سگریٹ پر ایکسائز ڈیوٹی میں اضافہ کیا گیا ہے جس کے تحت مقامی 9 روپے سے زائد قیمت کی سگریٹ پر 16.5 روپے اور 9 روپے سےکم قیمت کی سگریٹ پر 5 روپے 5 پیسےایکسائز ڈیوٹی عائد کی گئی ہے۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق مقامی ایک ہزار سگریٹ کی قیمت 9 ہزار سے زائد ہونے پر 16500 روپے ایکسائز ڈیوٹی عائد کی گئی ہے جب کہ مقامی ایک ہزار سگریٹ کی قیمت 9 ہزار یا کم ہونے پر 5 ہزار 50 روپے ایکسائز ڈیوٹی عائد کی گئی ہے۔

  • ممنوعہ فنڈنگ کیس؛عمران خان کی ویڈیو لنک پرحاضری لگوانے کی استدعا مسترد

    ممنوعہ فنڈنگ کیس؛عمران خان کی ویڈیو لنک پرحاضری لگوانے کی استدعا مسترد

    اسلام آباد:ممنوعہ فنڈنگ کیس؛عمران خان کی ویڈیو لنک پرحاضری لگوانےکی استدعا مستردکردی گئی ہے،اسلام آباد ہائیکورٹ نےممنوعہ فنڈنگ کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان کو28فروری کوبینکنگ کورٹ کےروبرو پیش ہونےکاحکم دےدیا۔

    اسلام آباد ہائی کورٹ میں جسٹس محسن اختر کیانی اورجسٹس طارق محمود جہانگیری پرمشتمل 2 رکنی بینچ نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں عمران خان کی ویڈیو لنک پر حاضری کے لئے اپیل پرسماعت کی۔دوران سماعت عمران خان کے وکیل نے نئی میڈیکل رپورٹ عدالت میں پیش کر تے ہوئے موقف اختیار کیا کہ ڈاکٹروں کے مطابق زائد العمری کے باعث زخم بھرنے کا عمل سست ہے۔

    عمران خان کے وکیل نے کہا کہ ٹرائل کورٹ میں زخموں کے اصل ہونے پر اعتراض اٹھایا گیا، یہ اعتراض عمران خان کیلئے کافی ڈسٹربنگ (پریشان کُن)تھا۔عمران خان کے وکیل کے دلائل کی مخالفت کرتے ہوئے اسپیشل پراسیکیوٹر رضوان عباسی نے کہا کہ عمران خان کی میڈیکل رپورٹ ناکافی ہے، عمران خان کو صرف ٹانگ میں تھوڑا سا کھنچاؤ ہے۔

    جس پر جسٹس محسن اختر نے ریمارکس دیئے کہ آپ کہتے ہیں یہ زخم اصل نہیں،میڈیکل رپورٹس جعلی ہیں؟،اگر آپ زخم کے میرٹس پر جارہے ہیں تو پھر میڈیکل بورڈ بنانا ہوگا، ُس بورڈ کی رپورٹ آنے تک پھر عمران خان ضمانت پر رہیں گے، وہ ایک پیشی کا استثنیٰ مانگ رہے ہیں آپ 6 ماہ کا دلوانے لگے ہیں۔

    جسٹس طارق محمود نے ریمارکس دیئے کہ عمران خان کو ان ہی میڈیکل رپورٹس پر 9 بار استثنیٰ ملا۔دوران سماعت اسپیشل پراسیکیوٹر نے موقف اختیار کیا کہ عمران خان ابھی تک کیس میں شامل تفتیش بھی نہیں ہوئے۔

    جس پر عمران خان کے وکیل نے کہا کہ ایف آئی اے کے سامنے شامل تفتیش ہونے کی ہمیشہ رضامندی دکھائی، ایف آئی اے کو کہتے رہے کہ آکر تفتیش کر لیں مگر یہ نہیں آئے، یہ 25 فروری کو پیشی کا کہہ رہے ہیں ہم 3 مارچ کی تاریخ مانگ رہے ہیں۔

    فریقین کے دلائل سننے کے بعد ہائی کورٹ نے عمران خان کو 28 فروری کے روز بینکنگ کورٹ پیشی کا حکم دے دیا۔ 28 فروری تک عمران خان کی ضمانت کے فیصلے پر حکم امتناع برقرار رہے گا۔

    یاد رہے کہ عمران خان کے خلاف اسلام آباد کی بینکنگ کورٹ میں ممنوعہ فنڈنگ کیس زیر سماعت ہے۔گزشتہ سماعت پر عدالت نے مسلسل عدم پیشی پر عمران خان کی درخواست ضمانت منسوخ کردی تھی۔عمران خان کے وکلا نے فیصلے کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا، جس پر اعلیٰ عدلیہ کا 2 رکنی بینچ تشکیل دیا تھا۔

  • سائفرتحقیقات کامطالبہ مسترد:ایگزیکٹوکے          معاملات میں مداخلت نہیں کرسکتے:جسٹس قاضی فائزعیسیٰ

    سائفرتحقیقات کامطالبہ مسترد:ایگزیکٹوکے معاملات میں مداخلت نہیں کرسکتے:جسٹس قاضی فائزعیسیٰ

    اسلام آباد:سپریم کورٹ نے سائفر معاملے کی تحقیقات کے لئے دائر تینوں اپیلیں مسترد کردیں۔سائفر تحقیقات کے لئے اپیلیں ایڈووکیٹ ذوالفقاربھٹہ، سید طارق بدر اور نعیم الحسن نے دائر کی تھی، رجسٹرار سپریم کورٹ نے اپیلیں اعتراض عائد کرتے ہوئے واپس کر دی تھیں، درخواست گزاروں نے رجسٹرار آفس کے اعترضات کے خلاف چیمبر اپیلیں دائر کی تھی۔

    سپریم کورٹ کے سینیئر جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے درخواستوں پر عائد اعتراضات کے خلاف درخواستوں پر سماعت کی۔

    دوران سماعت جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے استفسار کیا کہ کیا فارن افیئرز ڈیل کرنا عدالت کا کام ہے ؟ جس وقت ساٸفر سامنے آیا وزیراعظم کون تھا؟ جواب میں عدالت کو بتایا گیا کہ اس وقت عمران خان وزیراعظم تھے، عمران خان نے بطور وزیر اعظم سائفر جلسے میں لہرایا تھا۔

    جسٹس قاضی فائز عیسٰی نے استفسار کیا کہ بطوروزیراعظم عمران خان کےپاس تحقیقات کروانے کے تمام اختیارات تھے، کیا بطور وزیراعظم عمران خان نے معاملے پر تحقیقات کا کوئی فیصلہ کیا؟ وزیراعظم کے ماتحت تمام اتھارٹیز ہوتی ہیں، اس سائفر کے معاملے میں عدالت کیا کرے؟۔

    درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ سائفر کی تحقیقات بنیادی حقوق کا معاملہ ہے، جس پر جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے استفسار کیا کہ سائفر سے آپ کی اور میری زندگیوں پر کیا اثر پڑا ؟ اس کیس میں بنیادی حقوق کا کوئی معاملہ نہیں۔

    جسٹس قاضی فائز عیسٰی نے ریمارکس دیئے کہ حکومت اگر چاہے تو دنیا بھر کے ساٸفر پبلک کر سکتی ہے، کوٸی دوسرا ایسا کرے گا تو سیکرٹ ایکٹ کی خلاف ورزی کا مرتکب ہوگا۔فاضل جج صاحب نے ریمارکس دیئے کہ تحقیقات کروانا الیکشن کمیشن کا کام ہے، ایگزیکٹو کے معاملات میں عدلیہ مداخلت نہیں کرسکتی، جس کا کام ہے اس کو کرنے دیا جائے۔وکلا کے دلائل سننے کے بعد سپریم کورٹ نے سائفر معاملے کی تحقیقات کیلئے دائر تینوں اپیلیں مسترد کردیں۔

  • نیب افسران کی جانب سےحکم امتناع کی درخواست مسترد:ہائی کورٹ نےبڑا فیصلہ دےدیا

    نیب افسران کی جانب سےحکم امتناع کی درخواست مسترد:ہائی کورٹ نےبڑا فیصلہ دےدیا

    اسلام آباد: ہائی کورٹ نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں طلبی کے خلاف نیب افسران کی جانب سے حکم امتناع کی درخواست مسترد کردی۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق نے طلبی کے خلاف نئی درخواست کو طیبہ گل کیس کے ساتھ یکجا کردیا اور پی اے سی کے دائرہ اختیار کے خلاف نئی درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کردیے۔

    دوران سماعت نیب کی جانب سے پراسیکیوٹر جہانزیب بھروانہ اور محمد رافع عدالت میں پیش ہوئے اور مؤقف اختیار کیا کہ پی اے سی نے 23فروری کو نیب حکام کو طلب کیا ہے۔ چیئرمین نیب، پراسیکیوٹر جنرل ،نیب کے پی سے موجودہ اور سابقہ تمام ڈی جیز کو طلب کیا گیا ہے جب کہ پی اے سی کا نوٹس دائرہ اختیار سے تجاوز اور رُولز کی خلاف ورزی ہے۔

    جہانزیب بھروانہ نے عدالت کو بتایا کہ ہم نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا دائرہ اختیار چیلنج کیا ہے۔ متعلقہ ڈی جی خواہ پی اے سی جائیں مگر سب کو کیوں بلایا گیا؟۔ کل طلبی کے لیے جاری پی اے سی کے نوٹس زمعطل کیے جائیں۔
    چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ آپ اس رِٹ کے اسکوپ سے زیادہ مانگ رہے ہیں۔ بعد ازاں عدالت نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کو نیب کی درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 8 مارچ تک ملتوی کردی۔

    واضح رہے کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے نیب حکام کو خیبر پختونخوا سے متعلق کیسز پر بلا رکھا ہے۔ پی اے سی نے بی آر ٹی پشاور، خیبر بینک، ہیلی کاپٹر کیس اور بلین ٹری سونامی پر بریفنگ طلب کر رکھی ہے۔

  • فیاض الحسن چوہان کے فیس بک پرنازیبا تصاویر:معاملہ الجھ گیا

    فیاض الحسن چوہان کے فیس بک پرنازیبا تصاویر:معاملہ الجھ گیا

    لاہور:فیاض الحسن چوہان کے فیس بک پرنازیبا تصاویر:معاملہ الجھ گیا،اطلاعات ہیں کہ پی ٹی آئی رہنما فیاض الحسن چوہان کے فیس بک پیج پرایسی نازیبا تصاویرشیئرکی جارہی ہیں کہ جس نے فیاض الحسن چوہان کے لیے مشکلات کھڑی کردی ہیں‌، یہ بھی اطلاعات ہیں کہ اس فیس بک پیج سے ننگی تصاویر اورویڈیوز وائرل کی جارہی ہیں‌

    دوسری طرف فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ ان کا فیس بک پیج پچھلے کئی دنوں سے ہیک ہے اورانہوں نے اس سلسلے میں قانونی کارروائی کےلیے بھی درخواست دی ہے ، فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ ایسا مواد اپ لوڈ کرکے میری ساکھ کو نقصان پہنچایا جارہا ہے،فیاض الحسن چوہان نے ایف آئی اے کو درخواست جمع کروادی،یہ درخواست ایف آئی اے کو جمع کروائی گئی ہے

    فیاض الحسن چوہان نے اپنے فیس بک کے ہیک ہونے کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ یہ فیس بک ن لیگ والوں نے ہیک کیا ہے، فیاض الحسن چوہان نے تواس کا الزام مریم نوازپرلگا دیا ہے

    دوسری طرف پی ٹی آئی کےورکز کی طرف سے بھی اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ راولپنڈی تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے میڈیا ایڈوائزر فیاض الحسن چوہان کا فیس بک پیج ہیک کر لیا ، اس حوالے سے اس پریشانی کے پش نظر فیاض الحسن چوہان نے ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ سے مدد مانگ لی ہے

  • کے پی میں انتخابات کیلیے دائر درخواست پرالیکشن کمیشن اور اٹارنی جنرل سے جواب طلب

    کے پی میں انتخابات کیلیے دائر درخواست پرالیکشن کمیشن اور اٹارنی جنرل سے جواب طلب

    پشاور: خیبر پختون خوا میں 90 دن میں انتخابات کے لیے دائر درخواست پر پشاور ہائیکورٹ نے اٹارنی جنرل آف پاکستان اور الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 28 فروری تک جواب طلب کرلیا۔کیس کی سماعت شروع ہوئی تو ایڈوکیٹ جنرل عامر جاوید نے عدالت کو بتایا کہ صدر پاکستان نے 9 اپریل کی تاریخ کا اعلان کیا ہے جس کے بعد یہ رٹ غیر موثر ہوگئی ہے۔

    جسٹس اشتیاق ابراہیم نے کہا کہ صدر نے تاریخ دے دی یہ بات کی بات ہے کہ اس پر عمل درآمد ہوتا ہے یا نہیں لیکن ایک تاریخ آ گئی ہے اور مزید دوسری تاریخ ابھی نہیں دی جا سکتی تاہم ہم اس ضمن میں وفاقی حکومت سے بھی جواب طلب کریں گے کہ کیا وہ صدر کے احکامات پر عمل کرتے ہیں یا نہیں۔

    جسٹس ارشدعلی نے کہا کہ اب تو صدر صاحب نے تاریخ دی ہے، دو تاریخ تو نہیں ہوسکتی۔ ہم اب الیکشن کمیشن سے پوچھیں گے کہ اب کیا ہوگا، ہم نے الیکشن کمیشن سے شیڈول طلب کیا ہے اور یہ شیڈول دیں گے۔عدالت میں موجود الیکشن کمیشن کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ صدر مملکت نے الیکشن کمیشن کو خط لکھا اور ہم نے مشاورت نہیں بلکہ ہم نے اختلاف کیا، جس پر جسٹس ارشد علی نے کہا کہ کیا الیکشن کمیشن صدر سے کسی طرح اختلاف کرسکتا ہے؟

    عدالت نے اگلی پیشی پر اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کر دیا جبکہ الیکشن کمیشن سے بھی رپورٹ طلب کرلی۔

  • گندم اورآٹے کی قیمتیں پھربڑھنے کا امکان

    گندم اورآٹے کی قیمتیں پھربڑھنے کا امکان

    لاہور: پنجاب میں محکمہ خوراک نے نگراں حکومت کو سرکاری گندم اور آٹے کی قیمتوں میں اضافے کے لیے 4 تجاویز ارسال کردیں۔تجاویز میں سرکاری گندم کی قیمت فروخت میں730 سے1100 روپے فی من تک اضافے کا کہا گیا ہے جب کہ 20 کلو سرکاری آٹے کی پرچون قیمت میں 360 سے625 روپے تک اضافے کی تجاویز شامل ہیں۔

    صوبے میں سرکاری گندم کی موجودہ قیمت 2300 روپے فی من مقرر ہے جب کہ 20 کلو سرکاری آٹے کے تھیلے کی موجودہ قیمت 1295 اور 10 کلو قیمت 648 روپے ہے۔

    محکمہ خوراک نے گندم کی نئی قیمت فروخت 3030 روپے اور 20 کلوسرکاری آٹے کی قیمت 1655 روپے مقرر کرنے کی تجویز دی ہے۔ گندم کی نئی قیمت 3150 روپے اور سرکاری آٹا تھیلا قیمت 1740 روپے مقرر کرنے کی تجویز بھی ارسال کی گئی ہے۔

    تجاویز کے مطابق گندم کی نئی قیمت3300 روپے اور سرکاری آٹے کے تھیلے کی قیمت1848 روپے مقرر کرنے کا کہا گیا ہے۔ گندم کی قیمت فروخت 3400 روپے اور سرکاری آٹے کی قیمت 1920 روہے مقرر کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ علاوہ ازیں گندم کی موجودہ قیمت 2300 روپے برقرار رکھتے ہوئے سرکاری آٹے کے تھیلے کی نئی قیمت 1134 روپے تجویز کی گئی ہے۔

    نگراں کابینہ پیش کردہ تجاویز میں سے ایک کا انتخاب کرے گی۔سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ گندم کی ممکنہ نئی امدادی قیمت 4ہزار ہونے اور اوپن مارکیٹ کی قیمت کا فرق کم کرنے کے لیے اضافہ ناگزیر ہے۔