Baaghi TV

Tag: Pakistan news

  • نافرمان بیٹے کوباپ نےقتل کردیا

    نافرمان بیٹے کوباپ نےقتل کردیا

    کراچی: گلستان جوہر میں باپ نے نافرمان بیٹے کو چھری کے پے درپے وار کرکے قتل کردیا، بعد ازاں پولیس نے موقع پرپہنچ کرملزم کوگرفتارکرلیا۔

    بدھ کی صبح شاہراہ فیصل تھانے کے علاقے گلستان جوہربلاک 11 کچی آبادی کے مکان ایک نوجوان کوچھری کے پے در پے وارکرکے قتل کردیا گیا۔ مقتول کی شناخت 24 سالہ سہیل عرف سانول ولد سعید احمد کے نام سے کی گئی، جو درزی کا کام کرتا تھا۔

    ایس ایچ شاہراہ فیصل غلام مرتضیٰ نے بتایا کہ مقتول سہیل کواس کے والد سعید احمد نے چھری کے پے در پے وار کرکے قتل کیا۔ پولیس نے اہل محلہ کی اطلاع پرموقع پرپہنچ کر ملزم کو گرفتار کرکے آلہ قتل برآمد کرلیا۔ مقتول بیٹا اورگرفتارباپ کرائے کے ایک کمرے میں رہائش پذیر تھے اور ان کا آبائی تعلق جنوبی پنجاب خان پور کٹورہ سے ہے۔

    گرفتارملزم فیکٹری میں مزدور ہے، جس کا کہنا ہے کہ مقتول بیٹا نافرمانی کرتا تھا اوراکثرلڑائی جھگڑا کرتا تھا، جس پراسے قتل کیا ۔پولیس نے گرفتارملزم کو تھانے منتقل کر کے واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے۔

  • اسموگ کے تدارک کیلیےدرخت کاٹنے پر پابندی عائد

    اسموگ کے تدارک کیلیےدرخت کاٹنے پر پابندی عائد

    لاہور: ہائیکورٹ نے اسموگ کے تدارک کے لیے تعلیمی اداروں میں درخت کاٹنے پر پابندی عائد کر دی، درخت کاٹنے والے اداروں کے خلاف کیسز اینٹی کرپشن کو بھیجیں جائیں۔لاہور ہائیکورٹ نے اسموگ کے تدارک کے لیے احکامات جاری کر دیے۔ جسٹس شاہد کریم نے ہارون فاروق سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی۔

    دوران سماعت، عدالت نے تعلیمی اداروں میں درخت کاٹنے پر کیس اینٹی کرپشن بھجوانے کا حکم دیا جبکہ سرکاری و غیر سرکاری اداروں میں درخت کاٹنے کے لیے پی ایچ اے سے اجازت مشروط کر دی۔ نجی سوسائٹی میں درخت کاٹنے کے لیے بھی پی ایچ اے سے پیشگی اجازت لینا ہوگی۔

    عدالت نے ٹریفک کے لیے ایمرجنسی ہیلپ لائن نمبر کے بورڈ آویزاں کرنے کا حکم بھی دیا۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ ایسا نظام بنایا جائے کہ ٹریفک جام پر فوری رسپانس ملے۔

    عدالت سی ٹی او لاہور اور ڈی جی پی ایچ اے کے تبادلے کی اجازت بھی دیدی جبکہ ڈی جی ایل ڈی اے کے تبادلے کی مشروط اجازت دی گئی ہے عدالت نے حکم دیا ہے کہ ڈی جی ایل ڈی اے کے تبادلے سے قبل میٹیریل فراہم کریں عدالت ٹریفک کے نظام کو فعال بنانے کا حکم بھی دیا

    دوران سماعت واسا کی جانب سے واسا کے لیگل افسران پیش ہوئے۔ ایڈوکیٹ جنرل پنجاب شان گل نے عدالت سے استدعا کی کہ افسران کے تبادلے روکنے کا حکم واپس لیا جائے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ نگراں حکومت کا اس میں کیا مفاد ہے، آپ نے سی ٹی او کو پہلے ہی تبدیل کر دیا ہے اس پر ایکشن نہیں لیا۔

    عدالت نے استفسار کیا کہ ڈی جی ایل ڈی اے کو کیوں تبدیل کرنا ہے۔ ایڈوکیٹ جنرل پنجاب نے عدالت کو آگاہ کیا کہ کچھ ناگزیر وجوہات کی بنا پر تبادلہ ضروری ہے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ سیکریٹری اسپیشلائزڈ کو تبدیل نہیں کرنا؟ عدالت نے ریمارکس دیے کہ ہمیں معلوم ہے کہ پریشر کہاں سے آ رہا ہے۔ ایڈوکیٹ جنرل پنجاب نے کہا کہ سر آپ کو معلوم ہے کہ میں پریشر نہیں لیتا ہوں۔

    ممبر ماحولیاتی کمیشن نے عدالتی احکامات پر عملدرآمد کی رپورٹ عدالت میں پیش کر دی۔ رپورٹ کے مطابق ایک اسکول میں درخت کاٹنے کی رپورٹ موصول ہوئی۔

    ممبر ماحولیاتی کمیشن نے بتایا کہ پی ایس ایل کے میچ ہو رہے ہیں جس کے باعث جنریٹر چلنے سے آلودگی پھیل رہی ہے۔ عدالت نے پوچھا کہ آپ ایکشن کیوں نہیں لے رہے ڈی جی ماحولیات کو کہیں، کیا سرٹیفائیڈ جنریٹر چل رہے ہیں یا نہیں۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ آج ہی اس پر حکم دے رہے ہیں اس پر عمل درآمد کروائیں۔

  • پاکستانی پاسپورٹ پر سعودی عرب جانیوالا افغان مسافر گرفتار

    پاکستانی پاسپورٹ پر سعودی عرب جانیوالا افغان مسافر گرفتار

    کراچی: پاکستانی پاسپورٹ پر سفر کرنے والے افغان مسافر کو گرفتار کرلیا گیا، جو ملازمت کے لیے سعودی عرب جا رہا تھا۔ایف آئی اے امیگریشن نے کراچی ائرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے پاکستانی پاسپورٹ پر سفر کرنے والے افغان مسافر کو آف لوڈ کر دیا۔ محمد شریف نامی افغان مسافر پرواز نمبر PA170 سے سعودی عرب جا رہا تھا۔

    ترجمان کے مطابق مسافر کے پاسپورٹ پر سعودی عرب کے لیے ملازمت کا ویزہ لگا ہوا تھا جب کہ دوران تفتیش مسافر امیگریشن کے سوالات پر حکام کو مطمئن نہیں کر سکا۔مسافر اپنی جائے پیدائش اور خاندانی افراد کے حوالے سے مکمل طور پر لاعلم تھا۔

    افغان مسافر کے موبائل میں افغانستان کے متعدد فون نمبرز بھی ملے، جب کہ موبائل سےشناختی دستاویزات اور مختلف تصاویر بھی حاصل کرلی گئیں، جو افغانستان کے مختلف علاقوں میں لے گئی تھیں۔بعد ازاں ملزم کو قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی کے حوالے کر دیا گیا۔

  • عمران خان کے بھانجے سمیت 20 پی ٹی آئی کارکنوں پر پولیس اہلکاروں پر تشدد اور اسلحہ چھیننے کا مقدمہ درج

    عمران خان کے بھانجے سمیت 20 پی ٹی آئی کارکنوں پر پولیس اہلکاروں پر تشدد اور اسلحہ چھیننے کا مقدمہ درج

    لاہور: سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے بھانجے سمیت پی ٹی آئی کارکنوں پر پولیس اہلکاروں پر تشدد اور اسلحہ چھیننے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    باغی ٹی وی: تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گزشتہ روز ہائیکورٹ میں پیشی پر سپیشل برانچ کے اہلکاروں پر تشدد اور اسلحہ چھینے کا مقدمہ درج،5 نامزد 15 نامعلوم افراد،حسان نیازی،احمد خان نیازی،عمران خان کے تین گارڈز کے خلاف ڈکیتی سمیت 6 دفعات کا مقدمہ درج کیا گیا ہے-

    ملزمان کے خلاف ریس کورس تھانہ میں مقدمہ درج کیا گیا ہےمقدمہ اہلکار جہانزیب سہیل کی مدعیت ڈکیتی سمیت 6 دفعات کے تحت درج کیا گیا، جس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ ریلی کے شرکاء نے حسان نیازی، احمد خان نیازی کی ایماء پر تشدد کیا جس کی ویڈیو منظر عام پر آچکی ہے۔

    مدعی کا کہنا ہے کہ مسلح ملزمان نے سرکاری پستول اور گولیاں چھین لیں، میں نے سرکاری کارڈ بھی دیکھایا اس کے باوجود مجھے تشدد کا نشانہ بنایا گیا سابقہ وزیر اعظم کی ہائیکورٹ پیشی پر سکیورٹی ڈیوٹی پر مامور تھا۔

  • سیکیورٹی فورسز کے ملک بھر میں آپریشنز، 142 دہشت گرد ہلاک،متعدد گرفتار

    سیکیورٹی فورسز کے ملک بھر میں آپریشنز، 142 دہشت گرد ہلاک،متعدد گرفتار

    اسلام آباد: سکیورٹی فورسز کی ملک بھر میں دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، جن میں 3 ماہ کے دوران 142 دہشت گرد ہلاک کردیے گئے۔

    باغی ٹی وی : ملک میں حالیہ بڑھتی دہشت گردی کے خلاف سکیورٹی فورسز نے ملک بھر میں بےشمارآپریشنز کیے اور 3 ماہ میں دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں کی گرفتاری اور متعدد حملے بھی ناکام بنائے گئے مجموعی طور پر ملک بھر میں 6921 آپریشنز کے دوران 142 دہشت گردوں کو ہلاک اور 1007 کو گرفتار کیا گیا۔

    سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں خیبر پختونخوا میں 1960 آپریشنز، 1516 ایریا ڈومینیشن آپریشنز، 301 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز،143 ایریا سینیٹائزیشن آپریشنز کیے گئے جب کہ 98 دہشت گردوں کو ہلاک اور 540 کو گرفتار کیا گیا۔

    بلوچستان میں 3414 آپریشنز میں سے 2980 ایریا ڈومینیشن آپریشنز، 67 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز اور 367ایریا سینیٹایزیشن آپریشنز کیے گئے جن میں 40 دہشتگردوں کو ہلاک اور 112کو گرفتار کیا گیا۔

    سندھ میں 752 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں 3 دہشتگردوں کو ہلاک اور344کو گرفتار کیا گیا جب کہ پنجاب میں 165انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں سے ایک دہشتگرد کو ہلاک اور 11 کو گرفتار کیا گیا۔

  • پاکستان سول ایوی ایشن نےملازمین کوخوشخبری سنادی

    پاکستان سول ایوی ایشن نےملازمین کوخوشخبری سنادی

    کراچی: پاکستان سول ایوی ایشن نےملازمیں کوخوشخبری سنادی ہے اور یہ بھی اطلاعات ہیں کہ یہ خوشخبری ان ملازمین کےلیے ہے جوبہتر اور مستقل روزگار کے تلاش میں امید رکھتے تھے ،اس حوالے سے پاکستان سول ایوی ایشن آفیسرزکی تنظیم کی طرف سے ایک تقریب کاانعقاد بھی کیا گیا ہے ،

    ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں‌اہم شخصیات کو دعوت نامے بھی بھیجے جارہےہیں اور ان کو اس اہم تقریب میں شمولیت کی دعوت بھی دی جارہی ہے،ایک ایسا ہے دعوت نامہ پروفیسرقادرخان مندوخیل کے نام بھیجا گیاہے جوکہ ملازمین کی فلاح وبہبود کےلیے پہلے ہی کوشاں ہیں ،

    اس دعوت نامے میں‌کہا گیا ہے کہ 26 فروری بروز اتوار سول ایوی ایشن کلب سٹارگیٹ کے نزدیک ایک تقریب ہورہی ہے جس میں‌ مہمان خصوصی کی حیثیت سے مدعوکیا جاتا ہے ، یہ تقریب زیادہ طویل نہیں ہوگی بلکہ زیادہ سے زیادہ 2 گھنٹوں پر مشتمل ہوگی اور دوپہرایک بجے شروع ہوجائے گی ،

    اس دعوت نامے میں کہا گیا ہے کہ چونکہ اس تقریب میں غیرمستقل ، کنٹریکٹ ، ڈیلی ویجز اوردیگرغیرمستقل ملازمین کو مستقل کیے جانے کے حوالے سے اہم اعلان متوقع ہے اورآپ ملازمین کی بحالی ترقی اورخوشحالی کے لیے کوشاں ہیں آپ کی آمد ہمارےلیے باعث مسرت ہوگی

  • نپولین کا انجام یاد رکھیں:میکرون کو ماسکو کی دھمکی

    نپولین کا انجام یاد رکھیں:میکرون کو ماسکو کی دھمکی

    پیرس:ماسکو نے فرانس کے صدر امانوئل میکرون سے خطاب میں کہا ہے کہ جب آپ حکومت کی تبدیلی کی بات کرتے ہیں تو نپولین کا انجام یاد رکھئے گا۔یوکرین کی جنگ میں روس کی شکست کے بارے میں فرانس کے صدر کے بیان پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے روسی وزارت خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ ماسکو کو نپولین بوناپارٹ کا انجام آج بھی یاد ہے۔

    ماسکو نے اتوار کو "یوکرائن کی جنگ میں روس کی شکست” کے بارے میں امانوئل میکرون کے الفاظ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ماسکو کو نپولین بوناپارٹ کا انجام اب بھی یاد ہے۔ انہوں نے فرانسیسی صدر پر کریملن کے بارے میں فریبکارانہ سفارت کاری کا الزام عائد کیا۔فرانسیسی صدر امانوئل میکرون نے ہفتہ وار جریدے Le Joguenal de Dimas) ) سے انٹرویو میں کہا کہ پیرس بھی چاہتا ہے کہ ماسکو کو یوکرین میں شکست ہو لیکن ان کے ملک کا موقف کبھی بھی روس کو کچلنے یا اس کی سرزمین پر حملہ کرنے کا نہیں رہا۔

    خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق، روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے کہا کہ فرانس کی شروعات میکرون سے نہیں ہوئی اور نپولین کی باقیات، جن کا قومی سطح پر احترام کیا جاتا ہے، پیرس کے وسط میں باقی ہیں۔” فرانس اور روس کو اس کو درک کرنا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ عمومی طور پر میکرون مضحکہ خیز ہیں، ان کے تبصروں سے ظاہر ہوتا ہے کہ مغرب، روس میں حکومت کی تبدیلی کے بارے میں بات چیت میں شامل رہا ہے، جبکہ میکرون نے بارہا روسی قیادت سے ملاقات کی کوشش کی ہے۔

    22 جون 1812 کو فرانسیسی شہنشاہ نپولین بوناپارٹ نے مسلح فوج کے ساتھ روس پر حملہ کیا لیکن اسے جان لیوا سردی، بیماری اور بھوک کا سامنا کرنے کے بعد پسپائی اختیار کرنا پڑا تھا۔ اس ذلت آمیز شکست کے بعد، جس کے نتیجے میں ہزاروں فرانسیسی فوجی مارے گئے، وہ مزید حملوں کی تیاری کے لیے واپس پیرس چلا گیا لیکن حریف ممالک نے اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے فرانسیسی فوج پر حملہ کر کے فرانسیسی سلطنت کا تختہ الٹ دیا۔

  • کنوئیں سے خاتون سمیت تین افراد کی لاشیں برآمد

    کنوئیں سے خاتون سمیت تین افراد کی لاشیں برآمد

    بلوچستان کے ضلع بارکھان کے علاقے حاجی کوٹ کے قریب کنوئیں سے خاتون سمیت تین افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ایس پی بارکھان نے جیو نیوز کو بتا یا کہ بارکھان کے علاقے حاجی کوٹ کے نواح میں واقع کنویں سے خاتون سمیت تین افراد کی لاشیں نکالی گئیں۔

    انہوں نے کہا کہ برآمد شدہ لاشوں کی عمریں 20 سے 25 سال کے لگ بھگ ہیں ،تینوں کو فائرنگ کرکے قتل کیا گیا ہے جبکہ خاتون کے چہرے کو تیزاب ڈال کر مسخ کیا گیا ہے۔

    لاشیں شناخت کیلئے ڈی ایچ کیو اسپتال بارکھان منتقل کردی ہیں جہاں ان کا طبی معائنہ کر کے رپورٹ تیار کی جائے گی۔

  • حیدرآباد:جہیز میں پرانا فرنیچر ملنے پر دلہے نے عین وقت پر شادی سے انکار کر دیا

    حیدرآباد:جہیز میں پرانا فرنیچر ملنے پر دلہے نے عین وقت پر شادی سے انکار کر دیا

    حیدرآباد:بھارت میں چھوٹی سے چھوٹی بات پر منڈپ میں ہی دلہا یا دلہن کی جانب سے شادی سے انکار معمول بنتا جا رہا ہے اور اپنی نوعیت کا ایک ایسا واقعہ حال ہی میں پیش آیا ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق حیدرآباد میں سسرال کی جانب سے جہیز میں پرانا فرنیچر ملنے پر دلہے نے عین وقت پر شادی سے انکار کر دیا۔

    رپورٹس کے مطابق دلہا بس ڈرائیور ہے اور اتوار کو اس کی شادی ہونے والی تھی تاہم جہیز میں پرانا فرنیچر ملنے کی خبر سن کر اس نے دلہن کے گھر جانے سے منع کرتے ہوئے شادی سے انکار کر دیا۔

    دلہے کی جانب سے عین وقت پر شادی سے انکار پر دلہن کے والد نے پولیس میں شکایت درج کرائی اور مقدمہ درج کیا گیا۔

    دلہن کے والد نے میڈیا کو بتایا کہ جب میں شادی سے انکار کی وجہ پوچھنے دلہے کے گھر گیا تو لڑکے کے والد نے میرے ساتھ کافی بدتمیزی کی۔

    ان کا کہنا تھا کہ دلہے والوں نے جہیز میں جو سامان مانگا تھا میں غربت کی وجہ سے وہ مکمل طور پر انہیں نہیں دے سکا جبکہ دیا گیا فرنیچر بھی پرانا تھا جس وجہ سے لڑکے والوں نے شادی سے انکار کردیا۔پولیس کے مطابق جہیز پر پابندی ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔

  • کراچی؛ مبینہ پولیس مقابلے میں 3 ڈاکوؤں ہلاک

    کراچی؛ مبینہ پولیس مقابلے میں 3 ڈاکوؤں ہلاک

    کراچی: کورنگی پولیس نے مبینہ مقابلے کے دوران 3 ڈاکوؤں کو ہلاک کر کے اسلحہ، موٹر سائیکل، چھینے گئے موبائل فونز اور دیگر سامان برآمد کرلیا۔ ایس ایس پی ڈسٹرکٹ کورنگی ساجد سدوزئی نے بتایا کہ کورنگی کے علاقے ڈھائی نمبر پیٹرول پمپ کے قریب علاقہ گشت پر مامور پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ موٹر سائیکل سوار ڈاکو لوٹ مار کر رہے ہیں جس پر پولیس پارٹی موقع پر پہنچی تو ڈاکوؤں نے فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم پولیس نے تعاقب اور جوابی فائرنگ کے تبادلے میں 2 ڈاکو موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ تیسرا شدید زخمی ڈاکو اسپتال لیجاتے ہوئے راستے میں ہی ہلاک ہوگیا۔انھوں نے بتایا کہ ڈاکوؤں کے قبضے سے 2 پستول، چھیننے ہوئے 9 موبائل فونز، پرس اور نقدی برآمد کرلی۔

    ایس ایچ او کورنگی عامر ملک نے بتایا کہ مقابلے میں مارے جانے والے ڈاکوؤں کو 4 شہریوں نے شناخت کرلیا لیا جس میں ایک مدعی زمان ٹاؤن بھٹائی آباد کا جبکہ 3 مدعی کورنگی ڈھائی نمبر کے ہیں جن سے ڈاکوؤں نے لوٹ مار کی تھی۔انھوں نے مزید بتایا کہ مقابلے میں مارے جانے والے تینوں ڈٓاکوؤں نے چند روز قبل کورنگی میں کیفے مالا کے باہر بھی شہریوں سے لوٹ مار کی تھی جس میں وہ 15 سے زائد موبائل فونز چھین کر فرار ہوئے تھے اور تھانے میں متاثرہ افراد کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

    عامر ملک نے کہا کہ تینوں ڈاکو کورنگی، زمان ٹاؤن اور کورنگی صنعتی ایریا میں اسٹریٹ کرائمز کی درجنوں وارداتوں میں ملوث بتائے جاتے ہیں جبکہ ہلاک ڈاکوؤں کی عمریں 24 سے 28 سال کے درمیان ہیں جن کی فوری طور پر شناخت نہیں ہو سکی اور پولیس بائیو میٹرک سسٹم کی مدد سے کوششیں کر رہی ہے۔پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد تینوں ڈاکوؤں کی لاشیں تلاش ورثا کے لیے سرد خانے میں رکھوا دی ہیں۔