Baaghi TV

Author: +9251

  • فلم ضرار کی ریلیز ڈیٹ ایک بار پھر تبدیل

    فلم ضرار کی ریلیز ڈیٹ ایک بار پھر تبدیل

    لالی وڈ اداکار شان شاہد کی فلم ضرار کی ایک بار پھر سے ریلیز ڈیٹ تبدیل کر دی گئی ہے. فلم کی فائنل ریلیز ڈیٹ 23 ستمبر رکھی گئی تھی ڈسٹری بیوٹرز ریلیز کی تمام تر تیاریاں کررہے تھے فلم کا پوسٹر بھی تیار کروا رہے تھے کہ اچانک پتا چلا فلم کی ریلیز کی تاریخ آگے چلی گئی ہے . اور کہا جا رہا ہے کہ اب فلم اکتوبر کے مہینے میں ریلیز کی جائیگی. فلم ضرار جس کا ٹریلر بھی وقفے وقفے سے کئی بار جاری ہو چکا ہے، اور ریلیز کی تاریخیں کئی بار فائنل کی جا چکی ہیں لیکن جیسے ہی ریلیز کی ڈیٹ قریب آتی ہے پھر کوئی نہ کوئی تبدیلی آجاتی ہے.حساس موضوع پر بنائی گئی اس فلم کی خاص بات یہ ہے کہ یہ اردو اور انگلش زبان میں ہے اس کے علاوہ اس میں کئی فارنرز نے بھی کام کیا ہے. پرڈیوسرز کے دعوے

    کے مطابق فلم کا بجٹ 120 ملین ہے. فلم میں شان کے علاوہ کرن ملک ، ندیم بیگ ، نئیر اعجاز ، شفقت چیمہ اور رشید نز مرحوم اہم کردار کررہے ہیں. شفقت چیمہ اس میں ایک ہندو کر کردار کررہے ہیں جبکہ کرن ملک ایک صحافی، عدنان بٹ را کے ایجنٹ کا اور ندیم بیگ میجر جنرل مجتبی کا کردار ادا کررہے ہیں. تازہ اطلاعات یہی ہیں‌کہ فلم 25 نومبر 2022 کو ریلیز کی جائیگی فلم کو پاکستان کے علاوہ یوکے ،آسٹریلیا اور یو ایس اے میں بھی ریلیز کئے جانے کا امکان ہے.

  • سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس پاکستان پہنچ گئے ہیں

    سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس پاکستان پہنچ گئے ہیں

    سیکریٹری جنر اقوام متحدہ انتونیو گوتریس پاکستان پہنچ گئے ہیں.

    وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر نے سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کا استقبال کیا۔ انتونیو گوتریس نے سوشل میڈیا پر عالمی برادری سے بڑے پیمانے پر سیلاب متاثرین کے لئے امداد کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کی تباہ کاریوں سے نمٹ رہا ہے۔


    سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ وزیراعظم شہباز شریف، وزیر خارجہ بلاول بھٹو اور اتحادی حکومت کے دیگر رہنماؤں سے بھی ملاقات کریں گے۔ وہ موسمیاتی تبدیلی سے ہونے والی تباہی کے قومی اور عالمی ردعمل پر تبادلہ خیال کریں گے۔ سیکرٹری جنرل موسمیاتی تباہی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے علاقوں کا دورہ بھی کریں گے جہاں وہ بے گھر خاندانوں اور متاثرہ علاقوں میں ابتدائی بچائواور امدادی کارروائیاں کرنے والوں کے ساتھ بات چیت کریں گے۔

    ترجمان کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل لاکھوں متاثرہ لوگوں کے لیے حکومت کی بچائو اور امدادی کوششوں کی حمایت میں اقوام متحدہ کے انسانی امداد کے کام کی نگرانی کریں گے ۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کا دورہ پاکستان اس قدرتی آفت کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان اور بڑے پیمانے پر ہونے والی تباہی کے بارے میں عالمی بیداری کو مزید فروغ دے گا۔

    اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا یہ دورہ 33 ملین متاثرہ پاکستانیوں کی انسانی اور دیگر ضروریات کے لیے ہم آہنگ اور مربوط بین الاقوامی ردعمل کو بڑھانے میں معاون ثابت ہوگا ۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے پاکستان کے فلڈ ریسپانس پلان کی فنڈنگ کے لیے 160 ملین امریکی ڈالر کی اقوام متحدہ کی “فلیش اپیل” کی 30 اگست کو اسلام آباد اور جنیوا میں بیک وقت منعقد ہونے والے لانچنگ تقریب میں ایک طاقتور ویڈیو پیغام میں فعال طور پر حمایت کی۔ ماہرین اس دورے کو سراہا رہے ہیں اور اس کامایابی کا کریڈت وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی بہترین خارجہ پالیسی کو قرار دے رہے ہیں.

  • بالی وڈ کے کھلاڑی اکشے کمار آج 55 برس کے ہو گئے

    بالی وڈ کے کھلاڑی اکشے کمار آج 55 برس کے ہو گئے

    بالی وڈ کے کھلاڑی اکشے کمار آج 55 سال کے ہو گئے ہیں. اکشے کمار نے بالی وڈ میں اپنا کیرئیر 1991 میں فلم سوگند سے کیا ، فلم زیادہ کامیاب نہ ہو سکی، 1992 میں آئی ان کی ایکشن تھرلر فلم کھلاڑی سپر ہٹ ہوئی اس کے ساتھ ہی کھلاڑی فلم سیریز کا آغاز ہوا. اکشے کمار نے 31 سالہ کیرئیر میں اپنی ورسٹائل اداکاری کا لوہا منوایا. ایکشن ہیرو کے طور پر بالی وڈ میں اینٹری دینے والے اس ہیرو نے ایکشن ، کامیڈی سنجیدہ ہر طرح کے کردار نبھائے اور شائقین سے داد سمیٹی. اگر ان کے کیرئیر پر نظر ڈالیں تو مجموعی طور پر ان کی کامیاب فلموں کی تعداد زیادہ نظر آتی ہے. اکشے کمار کی بہترین فلموں میں یہ دلگی ، دھڑکن ، انداز اور نمستے لندن، ہیرا پھیری ، مجھ سے شادی کروگی ، بھول بھولیا، سنگھ از کنگ،

    اجنبی گرم مسالہ، رستم،دل تو پاگل ہے و دیگر کے نام شامل ہیں. ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں پدم شری ایوارڈ سے بھی نوازا جا چکا
    ہے.اکشے کمار کی فلم ہیرا پھیری کو کون بھول سکتا ہے انہوں نے اس میں مزاحیہ کردار کیا جو آج تک شائقین کے ذہنوں پر نقش ہے. اکشے کمار کا نام انکی ساتھی ہیروئنز کے ساتھ جڑتا رہا، اکشے کمار خواتین کے معاملے میں سکینڈلز کا شکار رہے ، روینہ ٹنڈن اور شلپا شیٹی کے ساتھ ان کے افئیر کی خبریں چلتی رہیں لیکن انہوں نے شادی اداکارہ ٹوئنکل کھنہ کے ساتھ کی.اکشے آج بھی ہیرو کے طور پر فلموں میں دکھائی دے رہے ہیں 31 سال کے بعد بھی انکی انرجی قابل تعریف ہے.

  • اسلام آباد اور کراچی میں ڈینگی کے حملے تیز، دو ماہ میں 29 مریض ہلاک

    اسلام آباد اور کراچی میں ڈینگی کے حملے تیز، دو ماہ میں 29 مریض ہلاک

    کراچی اور اسلام آباد میں ڈینگی کے وار جاری ہیں، کراچی میں ایک دن میں مزید 87 افراد ڈینگی میں مبتلا ہوگئے ہیں۔

    شہر میں دو ماہ کے دوران ڈينگی سے 29 افراد جاں بحق ہوچکے، جن میں چھ بچے بھی شامل ہیں۔ رپورٹس کے مطابق کراچی کی مختلف لیبس میں ایک لاکھ سے زائد لوگوں کے ڈینگی کے ٹیسٹ پازیٹو آئے ہیں، بڑے اسپتالوں میں جگہ بھی کم پڑگئی ہے۔ ادھر چوبیس گھنٹوں کے دوران وفاقی دارالحکومت میں ڈینگی کے 49 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

    جبکہ لاہور میں 50 اور راول پنڈی میں 39 کیسز سامنے آئے ہیں۔ پنجاب بھر کے اسپتالوں میں ڈینگی کے 425 مریض زیرِ علاج ہیں۔

    ڈینگی مچھروں کی وجہ سے پھیلنے والی ایک بیماری ہے جو کہ ڈینگی وائرس کی وجہ سے ہوتی ہے۔ یہ وائرس شہری اور نیم شہری علاقوں میں پایا جاتا ہے۔ ڈینگی کا سبب بننے والا وائرس ڈینگی وائرس کهلاتا ہے۔ چار سیرو ٹائپس ہیں، اسکا مطلب یہ کہ اس وائرس سے چار بار متاثر ہونا ممکن ہے۔

    ڈینگی وائرس فی میل مچھر ایڈس کے کاٹنے سے پھیلتا ہے۔ یہ مچھر 100 سے زائد ممالک میں عام ہے۔ ڈینگی وائرس ہونے کی وجوہات، علامات اور علاج و احتیاط بر وقت کرنے سے اس وائرس سے خود کو اور اپنے عزیزوں کو بچایا جا سکتا ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز ماہر تعلیم حنید لاکھانی ڈینگی بخار میں مبتلا ہونے کے بعد انتقال کرگئے تھے، حنیدلاکھانی ماہرتعلیم اورنجی یونیورسٹی کےمالک تھے۔ حنید لاکھانی ڈینگی وائرس کے باعث کچھ دن سے وینٹیلیٹر پر تھے۔ ان کی نماز جنازہ بعد نماز جمعہ کراچی کے علاقے ڈیفنس میں مسجد صہیم خیابان راحت میں ادا کی گئی تھی.

    مرحوم حنید لاکھانی کے اہلِ خانہ نے بتایا کہ قریبی رشتے داروں کی بیرونِ ملک سے آمد میں تاخیر کے باعث نمازِ جنازہ کا وقت تبدیل کیا گیا تھا۔ ان کا تعلق پاکستان تحریک انصاف سے بھی رہا تھا۔ ان کے انتقال پرپاکستان تحریک انصاف نے گہرے افسوس اور رنج کا اظہار کیا تھا اور انھیں رحم دل اور خوش مزاج طبعیت کا انسان قرار دیا تھا.

  • ملکہ برطانیہ کے انتقال کے بعد شہزادہ چارلس بادشاہ بن گئے

    ملکہ برطانیہ کے انتقال کے بعد شہزادہ چارلس بادشاہ بن گئے

    ملکہ برطانیہ کے انتقال کے بعد اُن کے سب سے بڑے بیٹے شہزادہ چارلس برطانیہ کے بادشاہ بن گئے۔نئے شاہ برطانیہ چارلس نے اپنے بیان میں کہا کہ پیاری والدہ کا انتقال خاندان کے تمام افراد کے لیے بڑا دکھ کا لمحہ ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ جانتا ہوں اس نقصان کو ملک، دولت مشترکہ کے ممالک کے علاوہ دنیا بھر میں کیسا محسوس کیا جائے گا۔اہلِ خانہ اور مجھے یہ بات تقویت دے گی کہ ملکہ کو ہر ایک سے عزت اور گہری محبت ملی۔نو منتخب برطانوی وزیراعظم لز ٹرس نے کہا کہ ملکہ ایلزبتھ وسیع تر برطانیہ کی روح تھیں۔

    دوسری طرف برطانیہ نے ملکہ کے انتقال پر 10 روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔برطانوی میڈیا کے مطابق ملکہ کی تدفین لندن برج آپریشن کے منصوبے کے تحت سر انجام پائے گی،ملکہ کے تابوت کو شاہی ٹرین پر سینٹ پینکراس ریلوے اسٹیشن لندن منتقل کیاجائے گا اور پھر ریلوے اسٹیشن سے تابوت بکنگھم پیلس لایا جائے گا۔

    رپورٹس کے مطابق ملکہ کی آخری رسومات دس روز بعد ویسٹ منسٹرا بے پر ادا کی جائیں گی اور ملکہ کی آخری رسومات کے وقت دو منٹ خاموشی اختیار کی جائے گی اور پھر ملکہ کو کنگ جارج ششم میموریل چیپل ونڈزر میں سپردخاک کیا جائے گا۔برطانوی میڈیا کے مطابق ملکہ کی آخری رسومات کے روز قومی تعطیل ہوگی۔ملکہ کو سپرد خا ک کیے جانے کے دن لندن اسٹاک،بینک اور تمام اہم ادارے بند رہیں گے۔

  • ملکہ الزبتھ دوئم کے انتقال پر صدر پاکستان اور وزیراعظم  کا گہرے دکھ و افسوس کا اظہار

    ملکہ الزبتھ دوئم کے انتقال پر صدر پاکستان اور وزیراعظم کا گہرے دکھ و افسوس کا اظہار

    صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی ،وزیراعظم شہباز شریف سمیت اہم رہنماوں نے برطانیہ کی ملکہ الزبتھ دوئم کے انتقال پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہارکیا ہے،رہنماوں نےبرطانیہ کے شاہی خاندان اور برطانوی عوام سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا

    https://twitter.com/PresOfPakistan/status/1567934211637628940
    صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے برطانیہ کے شاہی خاندان، برطانوی حکومت اور برطانوی عوام سے ملکہ الزبتھ دوئم کے انتقال پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہارکیا.سلام آباد سے جاری تعزیتی بیان میں صدر مملکت نے ملکہ برطانیہ کے انتقال پر شاہی خاندان، برطانوی حکومت اور برطانوی عوام سے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ ملکہ برطانیہ کے انتقال سے دنیا میں پیدا ہونے والا خلا پر کرنا مشکل ہو گا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ملکہ الزبتھ دوم کو تاریخ میں سنہری حروف سے یاد رکھا جائے گا۔


    وزیراعظم شہباز شریف نے ملکہ الزبتھ دوئم کے انتقال پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہارکیا ہے،وزیراعظم نے برطانیہ کے شاہی خاندان، برطانوی حکومت اور برطانوی عوام سے ملکہ الزبتھ دوئم کے انتقال پردل کی گہرائی سے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے.


    وفاقی وزیر خارجہ اور پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ ہمارے زمانے کی اہم ترین شخصیت کی وفات پر انتہائی صدمہ ہوا،ملکہ الزبتھ دوم ایک عہد کی نمائندہ ہیں، ہمدردی اور امید کا ایک روپ تھیں،دکھ کی اس گھڑی میں ہم برطانیہ کے عوام، حکومت اور شاہی خاندان کے ساتھ ہیں.

    وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے برطانیہ کی ملکہ الزبتھ دوئم کے انتقال پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہارکیا ہے، وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویزالٰہی کا برطانیہ کے شاہی خاندان اور برطانوی عوام سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا،چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ
    ملکہ الزبتھ دوئم نے انسانیت کی فلاح وبہبود کیلئے گراں قدر خدمات سرانجام دیں۔ملکہ الزبتھ دوئم نے محروم معیشت طبقے کے لئے بے مثال کام کئے جو ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے ، ملکہ الزبتھ دوئم کا پاکستان کے ساتھ خصوصی تعلق اور لگاو تھا ۔ ملکہ الزبتھ دوئم کے انتقال سے دنیا انسانیت سے محبت کرنے والی شفیق شخصیت سے محروم ہو گئی ہے۔ ملکہ الزبتھ دوئم جیسی عظیم شخصیت صدیوں بعد پیدا ہوتی ہیں۔ ملکہ الزبتھ دوئم کی گراں قدر خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا، پنجاب حکومت شاہی خاندان اور برطانوی عوام کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔

    مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے ملکہ برطانیہ کے انتقال سے ایک عظیم وراثت کا دور ختم ہو گیا۔

  • ملکہ برطانیہ ایلزبتھ دوئم 96 برس کی عمر میں انتقال کرگئیں

    ملکہ برطانیہ ایلزبتھ دوئم 96 برس کی عمر میں انتقال کرگئیں

    برطانیہ کی ملکہ الزبتھ دوئم 96 سال کی عمر میں چل بسیں۔


    برطانوی میڈیا کے مطابق شاہی محل بکنگھم پیلس نے ملکہ برطانیہ کے انتقال کا اعلان کردیا ہے۔شہزادہ چارلس برطانیہ کے آئندہ بادشاہ بن جائیں گے۔

    برطانوی حکومت نے ملکہ برطانیہ کے انتقال پر دس روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ملکہ الزبتھ دوم کی آخری رسومات آج لندن میں اد ا کی جائیں گی.

    رپورٹ کےمطابق ان کے بچے پہلے سے ہی بالمورل کی طرف روانہ ہو چکے تھے، جن میں ولی عہد 73 سالہ شہزادہ چارلس، 72 سالہ شہزادی عینی، 72 سالہ شہزادہ اینڈریو اور 58 سالہ شہزادے ایڈورڈ شامل ہیں۔

    ان کے ہمراہ شہزادہ چارلس کے بڑے صاحبزادے شہزادہ ولیم، ان کے چھوٹے بیٹے شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن بھی شامل ہیں، جو شاہی زندگی کو ترک کر کے امریکا جانے کے بعد غیر معمولی دورے پر برطانیہ آئے ہیں۔


    رائل فیملی کی طرف سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بتایا گیا کہ ملکہ الزبتھ کا انتقال ہو گیا ہے،برطانوی ملکہ اور بادشاہ فی الحال بالمورل میں رہیں گے، اور کل لندن روانہ ہوں گے۔

    اس سے قبل بکنگھم پیلس سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ ملکہ برطانیہ طبیعت خراب ہونے کے باعث بیلمورل کاسل میں زیرِ علاج تھیں۔ ڈاکٹروں کی جانب سے ملکہ کی صحت کے بارے میں تشویش ظاہر کیے جانے کے بعد طبی نگہداشت میں رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ مزید جائزہ لینے کے بعد ملکہ کے ڈاکٹر اُن کی صحت کے بارے میں فکرمند تھے اور انھوں نے ملکہ کو طبی نگہداشت میں رکھنے کا مشورہ دیا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے ‘اے ایف پی’ نے بتایا تھا کہ برطانیہ کے سب سے طویل عرصے تک خدمات انجام دینے والی 96 سالہ ملکہ برطانیہ گزشتہ اکتوبر سے صحت کے مسائل سے دوچار ہیں، انہیں چلنے اور کھڑے ہونے میں مشکلات درپیش ہیں۔

    برطانوی وزیر اعظم لِز ٹرس نے کہا تھا کہ خبر کے باعث پورے ملک میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔ میری اور پورے ملک کی نیک تمنائیں ملکہ اور ان کے خاندان کے ساتھ ہیں۔

    ملکہ ایلزبتھ دوم کا مکمل نام ایلزبتھ الیگزینڈرا میری تھا، وہ مملکت متحدہ کی ملکہ اور دولت مشترکہ قلمرو کی آئینی ملکہ ہیں۔ ملِکہ ایلزبتھ 21 اپریل 1926 کو لندن میں پیدا ہوئیں اور ابتدائی تعلیم گھر پر حاصل کی۔ 1947 میں ان کی شادی شہزادے فلپ کے ساتھ ہوئی، جن سے 4 بچے ہیں۔ جب ان کے والد بادشاہ جارج ششم کا 1952 مین انتقال ہوا، تب ایلزبتھ دولتِ مشترکہ کی صدر اور مملکت متحدہ، کناڈا، اوسٹریلیا، نیو زیلینڈ، جنوبی افریقا، پاکستان اور سری لنکا کی حکمران بن کئیں۔ ان کی تاجپوشی سال 1953 میں ہوئی اور یہ اپنی طرح کی پہلی ایسی تاج پوشی تھی جو ٹیلی ویژن پر نشر ہوئی۔ 9 ستمبر 2015 کو انھوں نے ملِکہ وِکٹوریا کے سب سے لمبے دورِ حکومت کے ریِکارڈ کو توڑ دیا اور برطانیہ پر سب سے زیادہ وقت تک حکومت کرنے والی ملِکہ بن گئیں۔ وہ پورے عالم میں سب سے عمردراز حکمران اور سب سے لمبے وقت تک حکومت کرنے والی ملِکہ ہیں۔

    1936ء میں جب ایلزبتھ کے والد پرنس البرٹ اپنے بھائی کے تخت چھوڑنے کے بعد بادشاہ بنے، تو ایلزبتھ ان کی ولی عہد بن گئی۔

    2 جون 1953ء کو ویسٹ منسٹر ایبے، لندن میں تخت نشینی کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں ملکہ ایلزبتھ باقاعدہ طور پر مملکت متحدہ، کناڈا، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ، پاکستان اور سری لنکا کی حکمران بن گئیں۔

    6 فروری 1952 کو پاکستان کے بادشاہ جارج ششم کی موت کے بعد ان کی بیٹی شہزادی الزبتھ پاکستان کی نئی حکمران بن گئیں۔ ملکہ الزبتھ کو پاکستان سمیت اپنے تمام علاقوں میں ملکہ قرار دیا گیا تھا۔ پاکستان میں 8 فروری کو گورنر جنرل نے اعلان کیا کہ ملکہ معظمہ الزبتھ دوم اب اپنے علاقوں اور ریاستوں کی ملکہ اور دولت مشترکہ کی سربراہ بن گئی ہیں۔ انہیں پاکستان میں 21 توپوں کی سلامی بھی دی گئی۔

    مورخ اینڈریو میچی نے 1952 میں لکھا تھا کہ ملکہ الزبتھ برطانیہ کا تو چہرہ تھی ہیں ساتھ ہی وہ برابری سے پاکستان کا بھی چہرہ تھی، 1953 میں ملکہ الزبتھ کی تاجپوشی کے دوران انہیں پاکستان کی ملکہ اور دولت مشترکہ قلمرو کا تاج پہنایا گیا۔ ملکہ نے تاجپوشی کے دوران یہ حلف لیا کہ وہ پاکستان کی عوام پر لوگوں کے متعلقہ قوانین اور رواج کے مطابق حکومت کریں گی۔

    ملکہ کے تاجپوشی گاؤن پر ہر دولت مشترکہ قوم کے نشانیاں سے کڑھائی کی گی تھی۔ شاہی گاؤن میں پاکستان کے تین نشانات نمایاں تھے: ہیرے اور سنہرے کرسٹل کے بنے گندم ، چاندی اور سبز ریشم اور پٹ سن سے بنا کپاس ، اور سبز ریشم اور سنہرے دھاگے سے بنا پٹ سن۔ پاکستان کے وزیر اعظم محمد علی بوگرا نے بھی اپنی اہلیہ اور دو بیٹوں کے ساتھ لندن میں تاجپوشی کی تقریب میں شرکت کی۔ تاجپوشی کی پریڈ میں پاکستانی فوجیوں اور جہازوں نے بھی حصہ لیا۔

    23 مارچ 1956 کو جمہوریہ آئین کو اپنانے پر پاکستانی بادشاہت ختم کر دی گئی۔ تاہم پاکستان دولت مشترکہ کے ممالک میں ایک جمہوریہ بن گیا۔ ملکہ الزبتھ نے صدر مرزا کو ایک پیغام بھیجا جس میں انہوں نے کہا کہ میں نے آپ کے ملک کے قیام کے بعد سے اس ملک کی ترقی کو گہری دلچسپی کے ساتھ پیروی کی ہے۔ میرے لیے یہ جان کر بہت اطمینان کا باعث ہے آپ کا ملک دولت مشترکہ میں رہنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ مجھے یقین ہے پاکستان اور دولت مشترکہ کے دیگر ممالک ترقی کرتے رہیں گے اور ان کی باہمی رفاقت سے فائدہ اٹھائیں گے۔

    ملکہ نے 1961ء اور بعد میں 1997ء میں پاکستان کی آزادی کی گولڈن جوبلی کے موقع پر پاکستان کا دورہ کیا۔ ان کے ساتھ شہزادہ فلپ ، ڈیوک آف ایڈنبرا بھی تھے۔

  • کے پی حکومت کا ہیلی کاپٹر استعمال کرنیوالے 1800 افراد کی فہرست سامنے آگئی

    کے پی حکومت کا ہیلی کاپٹر استعمال کرنیوالے 1800 افراد کی فہرست سامنے آگئی

    عمران خان پرہیلی کاپٹراستعمال کرنےکے کیس کے معاملے پرنیب نےالیکشن کمیشن کوخط لکھ دیا،نیب نے پبلک اکاونٹس کمیٹی کی ہدایت پر الیکشن کمیشن کوخط لکھ دیا،نیب نے مراسلے میں عمران خان کے ہیلی کاپٹر استعمال کو اختیار ات سےتجاوز قرار دیدیا، مراسلے میں کہا گیا کہ عمران خان کےعلاوہ40سےزائدسیاسی شخصیات نےخیبرپختونخوا حکومت کاہیلی کاپٹراستعمال کیا،نیب نےہیلی کاپٹراستعمال کرنےوالوں سےریکوری کیلئےخیبر پختونخواحکومت کوکیس ریفرکردیا،نیب کے مطابق ہیلی کاپٹراستعمال کرنےوالی سیاسی شخصیات کےذمہ9کروڑ68لاکھ سےزائدرقم واجب الاداہے،عمران خان پرہیلی کاپٹراستعمال کرنےکی مدمیں6کروڑ39 لاکھ ہے،نیب نے ہیلی کاپٹرکاناجائزاستعمال کرنے پرسہولت کاروں کیخلاف بھی کارروائی کی سفارش کر دی.

    کے پی حکومت کا ہیلی کاپٹر استعمال کرنے والے 1800 افراد کی فہرست نیب نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) میں پیش کر دی۔

    رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی رہنما فیصل جاوید نے ہیلی کاپٹر پر 10 مفت وزٹ کیے جبکہ سابق وزیراعظم کی اہلیہ ریحام خان نے 2 بار ہیلی کاپٹر پر مفت سفر کیا، ابرار الحق نے بھی ہیلی کاپٹر پر 2 ٹرپ مفت کیے۔

    پی ٹی آئی رہنما شہر یار آفریدی، حفیظ اللہ اور امین اسلم بھی ہیلی کاپٹر استعمال کرتے رہے جبکہ صحافیوں میں فریحہ ادریس، ڈاکٹر شاہد مسعود اور ارشد شریف کا نام بھی شامل ہے۔
    رپورٹ پر چیئرمین پی اے سی نور عالم خان کا کہنا تھا کہ مفت ہیلی کاپٹر استعمال کرنے والوں سے ریکوری کرکے رقم نیب میں جمع ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ میری جان کو خطرہ ہے جس وجہ سےمجھے وزیراعظم نے دو گاڑیاں دی ہیں جس میں ایک بلٹ پروف ہے، مجھے ایک پارٹی لیڈر اور اس کے حواریوں نے نشانہ بنانے کی کوشش کی، لیکن بُلٹ پروف گاڑی واپس کر رہا ہوں کیونکہ میں اس کا پیٹرول نہیں برداشت کر سکتا۔

    چیئرمین پی اے سی نے کہا کہ آج کل پنجاب کا ہیلی کاپٹر بھی بہت زیادہ استعمال ہو رہا ہے نیب اس کو بھی چیک کرے۔ پی اے سی کی جانب سے نیب کو 1800 افراد کی لسٹ پیش کرنے پر تعریفی خط بھی لکھا گیا۔

  • مخالفین الیکشن سےبھاگ گئے،عمران خان،الیکشن ملتوی ہونے پر مایوسی ہوئی،بلاول بھٹو

    مخالفین الیکشن سےبھاگ گئے،عمران خان،الیکشن ملتوی ہونے پر مایوسی ہوئی،بلاول بھٹو

    پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مخالفین الیکشن سےبھاگ گئے ہیں، مجھے پورا یقین تھا جلسے دیکھ کران کی کانپیں ٹانگنا شروع ہوگئی تھیں، ضمنی الیکشن میں الیکشن کمیشن، انتظامیہ، مسٹرایکس کی مدد کے باوجود ان کا الیکشن میں صفایا ہو گیا، اب یہ ڈر رہے ہیں اگر اتوار کو الیکشن ہو جاتا تو ان کی تین وکٹیں مزید گر جانی تھیں،میرا چیلنج ہے جب بھی 9 حلقوں میں الیکشن ہو گا، تمام سیٹیں پی ٹی آئی جیتے گی، یہ اپنے امپائر ہونے کے باوجود نہیں جیت سکتے۔یہ ہارنے کے خوف سے وکٹیں اٹھا کر لے گئے ہیں۔

    پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملتان کے جذبے اورجنون کوسلام پیش کرتا ہوں، خواتین کو بھی سلام پیش کرتا ہوں،مہر بانو قریشی کا مخالف امیدوار پیسے کی پوجا کرتا ہے،کبھی پیسے کی پوجا نہیں کرنی،آجکل میرے ایم پی ایز کو پارٹی چھوڑنے کے لیے دھمکیاں دی جارہی ہیں،اینکرز، صحافیوں کو ڈرایا جا رہا ہے، پیسے کے بت کے علاوہ ایک خوف کا بت بھی ہے،خوف کے بت سے ڈرنے والا کبھی بڑا کام نہیں کر سکتا، ہم نے رحمت اللعامین اتھارٹی بنائی تاکہ بچوں کونبی کی زندگی بارے پتا چلے،مدینہ کی ریاست دنیا کا سب سے بڑا انقلاب تھا۔

    سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اللہ ہمیں حکم دیتا ہے کہ اپنے نبی ﷺ کے راستے پر چلو، میری کوشش ہے ہم اپنے نبی ﷺکے راستے پر چلیں، نبی ﷺ کے راستے پر چل کر ہم ایک عظیم قوم بن سکتے ہیں،ہم نے حقیقی آزادی لیکر ملک کو آزاد کرنا ہے،زرداری، نوازشریف ملک کا پیسہ 30 سال سے لوٹ رہے ہیں،یہ وہ لوگ ہے جو بیرونی ملکوں کے حکم پر ہمارے فیصلے کرتے ہیں،یہ امریکی سازش کے تحت اقتدار میں آئے،یہ روس سے سستا تیل نہیں لے سکتے کیونکہ اپنے آقا سے ڈرتے ہیں۔

    ی ٹی آئی چیئر مین کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے ملک کواپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہو گا، جب تک اپنے پاؤں پر کھڑے نہیں ہوتے ہرے پاسپورٹ کی عزت نہیں ہو گی، دو ماہ میں پاکستان کی معیشت نیچے جا رہی ہے، بجلی، ڈیزل کی قیمت دُگنا ہو چکی ہے، کسان کا برا حال ہے، ملک میں انڈسٹری بند اور بے روزگاری بڑھ رہی ہے، ہمارے دورمیں ریکارڈ ایکسپورٹ ہو رہی تھی، ہمارے دورمیں چار بڑی فصلوں کی تاریخی پیداوار ہوئی، ہماری حکومت میں کسانوں کو پہلی دفعہ پورا معاوضہ دیا گیا، ہماری حکومت نے ہر خاندان کو 10 لاکھ کی انشورنس دی۔

    پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین اور وفاقی وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے الیکشن کمیشن کی جانب سے ملک بھر میں قومی اور صوبائی سطح پر تمام ضمنی الیکشن ملتوی کرنے کے اعلان پر مایوسی کا اظہار کردیا۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے لکھا کہ عمران خان آخر کب تک لاڈلہ رہے گا؟ میرے ملتان اور کراچی کے امیدوار ضمنی انتخابات کے اچانک التواء سے مایوس ہوئے ہیں، وہ طویل عرصے سے نمائندگی سے محروم اپنے حلقہ انتخابات میں خدمات سرانجام دینا چاہتے ہیں۔

    وفاقی وزیر نے اپنے ٹوئٹ میں مزید لکھا کہ اس کی کوئی ضرورت نہیں تھی کہ بالکل آخری لمحات میں پی ٹی آئی کو انتخابات سے فرار کا راستہ مہیا کیا جاتا۔

  • عمران خان تمہیں سیاسی میدان میں  تمہارے گھر تک چھوڑ کر آوں گی،مریم نواز

    عمران خان تمہیں سیاسی میدان میں تمہارے گھر تک چھوڑ کر آوں گی،مریم نواز

    پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز بہاولنگر کے علاقے چشتیاں میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لندن سے نواز شریف نے چشتیاں کیلئے خصوصی سلام بھیجا ہے،نواز شریف ووٹ کو عزت دو کی مہم چلارہے تھے،چشتیاں والوں کی محبت اور شفقت ہمیشہ یاد رہے گی ،چشتیاں نواز شریف کا تھا ،ہے اور رہے گا.

    مریم نواز کا کہنا تھا کہ چشتیا ں شیر کا تھا ،ہے اور رہے گا ،نواز شریف کو ایک بار بھی مدت پوری کرنے نہیں دی گئی،3بار کےمنتخب وزیراعظم کو ایک بار بھی مدت پوری کرنے نہیں دی گئی،میں جس انسان کی شکل دیکھنا گوارا نہیں کرتی مجھے اس کے بارے میں بات کرنی پڑتی ہے،یہ جو بھی کر لیں ، اس کا انجا م بہت برا ہوگا،نواز شریف کے منصوبے گننے شروع کروں تورات کے بارہ بج جائیں گے.

    ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کوئی منصوبہ تو کیا کبھی اینٹ تک نہیں لگائی ،عمران خان کی تقریر نواز شریف پر شروع اور نواز شریف پر ختم ہوتی ہے،میں تمہارے اوپر کوئی ذاتی حملہ نہیں کروں گی،میں تمہیں سیاسی میدان میں تمہارے گھر تک چھوڑ کر آوں گی،سیاسی میدان میں مریم نواز شریف تمہیں نہیں بخشے گی،پیٹرول مہنگا کرنے کی مخالفت کی تھی،عمران خان سیاست دان ہے نا ہی اس کی جماعت سیاسی ہے، عمران خان فتنہ یا انتشار نہیں ملک کی سب بڑی تباہی ہے.

    مریمنواز نے کہا کہ ملک میں سیلاب نے تباہی مچا دی،شہباز شریف اس کی لگائی ہوئی آگ کو بجھانے کی کوشش کررہے ہیں،شہباز شریف ہر روز سیلاب زدگان کے درمیان موجود ہوتے ہیں، عمران خان دکھاوے کیلئے سیلاب متاثرین میں گیا،کل عمران خان نے کہا مسلم لیگ ن کو ووٹ دینا گناہ کے برابر ہے، مسلم لیگ ن پاکستان کو بنانے اور سنوارنے والی جماعت ہے،کوئی بھی پاکستانی اپنے شہدا کی توہین برداشت نہیں کر سکتا، آئی ایم ایف سے معاہدہ عمران خان نے توڑا،قیمت پورا ملک ادا کر رہا ہے،ملکی معیشت بہتری کی طرف جا رہی ہے،اس کی دوبارہ اقتدار میں آنے کی خواہش منوں مٹی تلے دب کر رہے گی،