Baaghi TV

Author: +9251

  • عامر خان  نے اپنے مداحوں سے معافی کیوں مانگی؟

    عامر خان نے اپنے مداحوں سے معافی کیوں مانگی؟

    بالی وڈ کے پرفیکشنسٹ عامر خان کی فلم لال سنگھ چڈھا جو کہ 11 اگست کو ریلیز ہونے جا رہی ہے اس فلم کا شائقین کو بے چینی سے جہاں انتظار ہے وہیں ایک طبقہ ایسا ہے جس نے فلم کے بائیکاٹ کا اعلان کر رکھا ہے عامر خان اس وجہ سے کافی پریشان ہیں. عامر خان نے اپنی فلم کی پرموشنز کے دوران معافی مانگ لی ہے انہوں نے کہا کہ ” اگر میں نے کسی کا دل دکھایا ہے اپنی کسی بات کی وجہ سے تو میں معافی مانگتا ہوں. میں ان سب کی بھی عزت کرتا ہوں جو یہ فلم نہیں دیکھنا چاہتے
    لیکن میں پھر بھی سب سے کہوں گا کہ میری فلم دیکھیں. عامر خان کی یہ فلم ہالی وڈ کی فلم فارست گمپ کا ہندی میں

    ری میک ہے. عامر خان کو بہت زیادہ یقین ہے کہ انہوں‌ نے ایک اچھی فلم بنائی ہےلیکن وہ بہت زیادہ نروس ہیں. ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے یہ فلم بہت دل سے بنائی ہے اگر شائقین کو یہ پسند نہ آئی تو انہیں اچھا نہیں لگے گا. یاد رہے کہ عامر خان نے شاہ رخ خان کو فلم ان کے گھر جا کر دکھائی ہے اس کے علاوہ انہوں نے ٹام ہینکس کو بھی فلم دیکھنے کی دعوت دی ہے.لال سنگھ چڈھا کے ساتھ رکشا بندھن و دیگر فلمیں بھی ریلیز ہو رہی ہیں دیکھنا یہ ہے کہ لال سنگھ چڈھا کے بارے میں عامر خان جو دعوے کررہے ہیں وہ کتنے ٹھیک ثابت ہوتے ہیں اور شائقین فلم کو کتنا پسند کرتے ہیں.

  • راولپنڈی میں 14 سالہ بچے سے مبینہ زیادتی کرنے والا قاری اور ساتھی گرفتار

    راولپنڈی میں 14 سالہ بچے سے مبینہ زیادتی کرنے والا قاری اور ساتھی گرفتار

    پولیس نے 14 سالہ طالب علم سے زیادتی کرنے والے استاد اور اسکےساتھیوں کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا۔

    راولپنڈی کے تھانہ صدربیرونی کے علاقے میں 14سالہ طالب کومعلم اوراسکے ساتھی نے مبینہ زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا، پولیس نےفوری طور پر کارروائی عمل میں لاتے ہوئے معلم کو ساتھی سمیت گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا ہے۔

    پولیس کے مطابق 14 سالہ متاثرہ بچے کے والد نے پولیس کو بتایا کہ بیٹا نعت خواں ہے اور جراہی سٹاپ کے قریب مدرسے میں زیر تعلیم ہے اور حفظ کر رہا ہے۔

    بیٹے نے اچانک گھر آکر بتایا کہ قاری عاقب اور آصف عرف صائم نعت پڑھنے کی خاطر میٹنگ کے لیے گھر لے گئے جہاں دونوں نے زیادتی کا نشانہ بنایا اور کسی کو بتانے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں ۔

    پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ ملزم عاقب اور اسکے ساتھی آصف کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا ہے متاثرہ بچہ کا میڈیکل بھی کروایا گیا ہے، پولیس نے یقین دہانی کروائی ہے کہ ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ عدالت میں پیش کیا جائے گا اور جرم ثابت ہونے پر سخت سزا دلوائی جائے گی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ جون میں راولپنڈی آر اے بازار پولیس نے 5 سالہ بچے سے زیادتی کرنے والا ملزم گرفتار کرلیا

    آراے بازار پولیس نے متاثرہ بچے کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے ملزم نعمان عرف نومی کو گرفتارکیا۔ پولیس کے مطابق متاثرہ بچے کا طبی معائنہ کروایا گیا.

    انہوں نے کہا کہ ملزم کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان کر کے عدالت سے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی، بچوں اور خواتین کے ساتھ زیادتی نا قابل برداشت ہے۔

    علاوہ ازیں گزشتہ جولائی میں بھی راولپنڈی میں 10 سالہ بچے کو زیادتی کے بعد قتل کردیا گیا تھا.

  • عامر خان نے پہلی بار بتا دیا کہ انکی فیملی نےکس قدر غربت میں زندگی گزاری

    عامر خان نے پہلی بار بتا دیا کہ انکی فیملی نےکس قدر غربت میں زندگی گزاری

    عامر خان بالی وڈ کے معروف پرڈیوسر طاہر حسین کے صاحبزادے ہیں.عامر خان نے ھال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران اپنے بچپن کے دنوں کی پسماندگی کو یاد کیا. عامر خان نے کہا کہ میرے والد ایک بڑے پرڈیوسر تھے انہوں نے بہت ہٹ فلمیں بھی بنائیں لیکن انہوں نے پیسہ نہیں بنایا. جب آپ ایک بڑے پرڈیوسر کے بیٹے ہوتے ہیں تو لوگوں‌کو لگتا ہے کہ آپ بہت امیر ہیں. انہوں نے کہا کہ میرے والد بالکل بھی اچھے بزنس مین نہیں تھے میرے والد ہمیشہ قرض میں رہتے تھے اور انہیں 1986 کی فلم لاکٹ بنانے میں 8 سال لگے اور ان کے پیسے پھنس گئے۔میرے والد نے بہت سارے قرض لے رکھے تھے اور اس وقت شرح سود 36% تھی اور ایک وقت ایسا آیا کہ ہم تقریباً بے گھر ہونے

    والے تھے۔ میں جس اسکول میں پڑھ رہا تھا اس کی فیس کم تھی، یہ تھی چھٹی جماعت کی 6 روپے ، ساتویں جماعت کی 7 روپے ، آٹھویں جماعت 8 روپے ،دسویں جماعت کےلئے 10 روپے. ہمارے گھر کے حالات بہت خراب تھے اس لئے ہم لوگ وقت پر فیس نہیں ادا کر پاتے تھے یوں وقت پر فیس ادا نہ کرنے والوں کا نام سکول کی اسمبلی میں لیا جاتا تھا جس پر مجھے بہت شرمندگی ہوتی تھی. عامر خان نے مزید کہا کہ میں ٹینس کا بہت اچھا کھلاڑی تھا میں ٹورنامنٹ کھیلتا تھا مجھے انعام میں جو رقم ملتی تھی اپنے والد کو دے دیتا تھا اس کے بعد وہ مجھے ان پیسوں سے جوتے ٹی شرٹ خرید دیتے تھے .عامر نے کہا کہ "ہم مشکل وقت سے گزرے ہیں، میرے والد نے بہت جدوجہد کی ہے۔ ہم مالی طور پر بہت اچھے نہیں تھے لیکن ہمارا بچپن اچھا گزرا۔

  • پی ٹی آئی رہنماء، سابق اسپیکر اسد قیصر نے ایف آئی اے نوٹس کو پشاور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا۔

    پی ٹی آئی رہنماء، سابق اسپیکر اسد قیصر نے ایف آئی اے نوٹس کو پشاور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا۔

    پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں ایف آئی اے نوٹس کو پشاور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا۔

    پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر نے ایف آئی اے کی جانب سے طلبی کے نوٹس کے خلاف پشاور ہائی کورٹ میں پٹیشن دائر کردی۔

    انہوں نے درخواست میں کہا کہ ایف آئی اے کے پاس اختیار نہیں کہ وہ الیکشن کمیشن کے کیس پر انکوائری کرے، جس اکاؤنٹ سے ٹرانزیکشن ہوئی وہ پارٹی کا ہے، جس کا تمام ریکارڈ موجود ہے۔

    عدالت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ ضمانت قبل از گرفتاری نہیں کرانے آیا بلکہ نوٹس کے خلاف آیا ہوں، یہ اکاؤنٹ غیر قانونی نہیں ہے بلکہ ہم نے صرف سہولت کے لئے ، ملازمین کی تنخواہوں اور دفتر کے اخراجات کے لئے کھولا تھا۔

    اسد قیصر نے کہا کہ اس اکاؤنٹ سے چھ سال میں صرف 21 لاکھ روپے کی ٹرانزیکشن ہوئی ہے، رقم جمع کرنے اور نکالنے کے تمام امور بذریعہ چیک ہوئے ہیں، اس کیس کی انکوائری ایف آئی اے کا اختیار نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی اس وقت ایک تحریک کے عمل سے گزر رہی ہے۔

    واضح رہے کہ ممنوعہ فنڈنگ کیس میں ایف آئی اے نے پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کو 11 اگست کو طلب کیا تھا۔

    قبل ازیں سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ایف آئی اے پشاور کا نوٹس ملنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں ایف آئی اے پشاور کی جانب سے نوٹس ملا ہے، ان کے پاس تمام ریکارڈ موجود ہے جو وہ ایف آئی اے کے سامنے پیش کریں گے۔

    پی ٹی آئی رہنما نے کہا تھا کہ وہ ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے گھبرانے والے نہیں ہیں اور سیاسی و قانونی محاذ پر بھرپور مقابلہ کریں گے۔

    دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کے رہنماؤں کو جاری کیے گئے ایف آئی اے کے نوٹسز غیر قانونی قرار دیتے ہوئے معطل کر دیے ہیں.

  • ارجن کپور کو سکول سے کیوں نکالا گیا؟

    ارجن کپور کو سکول سے کیوں نکالا گیا؟

    بونی کپور کے صاحبزادے ارجن کپور اور انیل کپور کی بیٹی سونم کپور دونوں بہن بھائیوں کا آپس میں بہت پیار ہے، پورا بالی وڈ جانتا ہےکہ یہ دونوں کزن ایک دوسرے کا بہت خیال رکھتے ہیں ان کا بچپن ایک ساتھ گزرا ہے. ارجن کپور اور سونم کپور نے حال ہی میں کافی ود کرن میں شرکت کی، دونوں نے اس میں اپنے بچپن کی باتیں اور قصے کہانیاں شئیر کیں. سونم کپور نے کہا کہ سکول میں انہیں ایک بار ایک بدمعاش نے باسکٹ بال کورٹ چھوڑنے کے لیے کہا اور پھر انہوں نے اپنے بھائی ارجن کپور

    سے اس بات کی شکایت کی. ارجن کپور اس لڑکے کے پاس گئے اور انہیں کہا کہ آپ میری بہن کے ساتھ کیسے بات کررہے ہو، بس اس کا نتیجہ یہ نکلا کہ انہیں سکول سے نکال دیا گیا. یاد رہے کہ ارجن کپور اس وقت بہت سارے دلچپسپ پراجیکٹس میں کام کررہے ہیں جن کا ان کے مداحوں کو بے چینی سے انتظار ہے . ارجن آخری بار تارا ستاریا، دیشا پٹانی اور جان ابراہم کے ساتھ ایک ولن ریٹرنز میں نظر آئے تھے۔ارجن کپور ملائکہ اروڑا کے ساتھ دوستی کو لیکر بھی کافی چرچا میں ہیں اسی دوستی کی وجہ سے وہ آئے دن خبروں میں ہوتے ہیں. ھال ہی میں ارجن اپنی سالگرہ ملائکہ اروڑا کے ساتھ پیرس میں‌منا کر وطن واپس لوٹے ہیں.

  • الیکشن کمیشن کا ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا

    الیکشن کمیشن کا ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا

    تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کا ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ اسلام آبادہائیکورٹ میں چیلنج کردیا۔

    تحریک انصاف کی جانب سے الیکشن کا ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا گیا ہے، جس میں پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن کی کارروائی غیر قانونی قرار دینے کی استدعا کردی ہے۔

    تحریک کے ایڈیشنل سیکرٹری جنرل عمر ایوب کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ممنوعہ فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کا شوکاز نوٹس بھی کالعدم قرار دیا جائے۔

    درخواست میں تحریک انصاف نے اپنی درخواست میں الیکشن کمیشن کو فریق بناتے ہوئے استدعا کی گئی ہے کہ ممنوعہ فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کا 2 اگست فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔

    واضح رہے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قرار دیا ہے کہ تحریک انصاف نے بیرون ملک سے ممنوعہ ذرائع سے فنڈز حاصل کئے۔

    الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ 21 جون 2022ء کو محفوظ کیا تھا۔

    چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف کے خلاف ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ سنایا۔

    فیصلے کے مندرجات

    الیکشن کمیشن نے اپنے 70 سفحات پر مشتمل فیصلے میں 351 غیر ملکی کمپنیوں اور 34 افراد سے ملنے والی فنڈنگ کو ممنوعہ قرار دیا ہے۔

    جن فنڈز کو ممنوعہ قرار دیا گیا ہے ان میں ووٹن کرکٹ اور برسٹل سروسز کے علاوہ امریکا، آسٹريليا اور کینیڈا سے ملنے والی فنڈنگ بھی شامل ہے۔

    الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کو شوکاز نوٹس جاری کیا ہے کہ کیوں نہ یہ تمام فنڈز ضبط کر لئے جائیں۔

    3 رکنی بنچ نے الیکشن کمیشن کو حکم دیا ہے کہ وہ فیصلے کی روشنی میں قانون کے مطابق اقدامات کرے اور فیصلے کی کاپی وفاقی حکومت کو بھی بھجوائی جائے۔

    فیصلے میں کہا گيا ہے کہ اسٹیٹ بینک سے ملنے والی معلومات کے مطابق پی ٹی آئی نے صرف 8 بينک اکاؤنٹس ظاہر کئے جب کہ مجموعی طور پر 16 اکاؤٹس چھپائے۔

    فیصلے میں کہا گیا کہ 13 اکاؤنٹس پی ٹی آئی کی اعلیٰ قیادت نے کھلوائے مگر ان سے لاتعلقی ظاہر کی، اکاؤنٹس ظاہر نہ کرنا پی ٹی آئی کی جانب سے آرٹیکل 17 (3) کی خلاف ورزی ہے۔

    الیکشن کمیشن نے اپنے فیصلے میں مزید کہا کہ 2008 سے 2013 تک عمران خان کے جمع کرائے گئے سرٹیفکیٹ صریحاً غلط ہیں، عمران خان کے سرٹیفکیٹ اسٹیٹ بینک ریکارڈ سے مطابقت نہیں رکھتے۔

    آخری سماعت میں کیا ہوا تھا؟

    پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کی آخری سماعت 21 جون 2022ء کو ہوئی، اس دوران درخواست گزار اکبر ایس بابر کے مالی امور کے ماہر ارسلان وردگ نے عدالت کو بتایا کہ تحریک انصاف کو کینیڈا، امریکا، برطانیہ اور آسٹریلیا سے فنڈنگ ہوئیں، اس نے 11 اکاؤنٹس تسلیم کئے جو اس نے ظاہر نہیں کئے تھے، پی ٹی آئی نے بیرون ملک سے آئے کئی فنڈز کے ذرائع نہیں بتائے۔

    چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ڈونرز کی تفصیل نہ ہونے پر پی ٹی آئی وکیل انور منصور اپنے دلائل دے چکے ہیں۔ ان کے مطابق فنڈنگ کے وقت قانون میں ڈونر کی تفصیل دینا لازمی نہیں تھا۔

    دوران سماعت کیس کے مدعی اکبر ایس بابر نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو جوابدہ بنانے کیلئے یہ بہترین موقع ہے، ایسی جماعتوں اور لیڈرز کو رول ماڈل ہونا چاہئے۔

    چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ ملک کیلئے جمہوریت سب سے ضروری ہے، جسے مضبوط بنانا ہے، ووٹرز کا اعتماد بحال کرنا ضروری ہے، یقینی بنائیں گے کہ سب کے ساتھ انصاف ہو۔

    فنڈنگ کیس؛ کب کیا ہوا

    پاکستان تحریک انصاف کے بانی رہنما اور کئی اہم پارٹی عہدوں پر فائز رہنے والے اکبر ایس بابر نے اپنی ہی جماعت کے خلاف نومبر 2014 میں الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کی۔

    درخواست میں موقف

    اکبر ایس بابر نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے روبرو دائر درخواست میں موقف اختیار کیا کہ تحریکِ انصاف کو بیرونی ممالک سے بھاری رقوم حاصل ہوئیں لیکن یہ رقم غیرقانونی ذرائع سے آئی ہے۔ اس کے اصل ذرائع کا کسی کو معلوم نہیں۔

    پاکستان تحریک انصاف نے سماعت رکوانے کے لیے ہر متعلقہ پلیٹ فارم سے رجوع کیا۔ یہاں تک کہ سماعت کے دوران کم از کم 8 وکیل تبدیل بھی ہوئے۔

    اگست 2017 میں الیکشن کمیشن نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو اکاؤنٹس کی تفصیلات پیش کرنے کا حکم دیا۔

    26 میں سے 18 اکاؤنٹس بے نامی

    الیکشن کمیشن کے روبرو پاکستان تحریکِ انصاف کے مختلف کمرشل بینکوں میں 26 بینکوں کی تفصیلات پیش کی گئیں جن میں سے صرف 8 ظاہر شدہ تھے۔

    26 میں سے 18 اکاؤنٹس بے نامی تھے جن میں بیرون ملک سے آنے والی رقوم جمع کی جاتی رہی لیکن یہ فنڈنگ کہاں خرچ ہوئی، اس بارے میں کوئی تفصیل فراہم نہیں کی گئی۔

    الیکشن کمیشن نے تحقیقات کیلئے مارچ 2018 میں اسکروٹنی کمیٹی قائم کی جس نے 96 مختلف اجلاس منعقد کئے اور اگست 2020 میں اپنی رپورٹ الیکشن کمیشن کے روبرو جمع کرائی لیکن الیکشن کمیشن نے اسے مسترد کردیا جس کے بعد رواں برس جنوری میں حتمی رپورٹ جمع کروائی۔

    رپورٹ میں کیا تھا

    اسکروٹنی کمیٹی کی حتمی رپورٹ کے مندرجات کے مطابق پی ٹی آئی کے 65 بینک اکاؤنٹس سامنے آئے جن میں سے صرف 12 کے بارے میں کمیشن کو آگاہ کیا گیا اور مبینہ طور پر 53 اکاؤنٹس چھپائے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی نے 5 سال کے دوران ملنے والی 32 کروڑ کی تفصیلات چھپائی۔

    21 جون 2022 کو سماعت مکمل

    الیکشن کمیشن نے کم و بیش 7 سال 7 ماہ کی سماعتوں کے بعد تحریک انصاف کے خلاف فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ محفوٓظ کرلیا تھا۔

    اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ

    اپریل 2022 میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے فارن فنڈنگ کیس کا فیسلہ 30 روز میں سنانے کا حکم دیا تھا۔

    تحریک انصاف نے اس فیسلے کے خلاف نظر ثانی اپیل دائر کی، عدالت عالیہ نے فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے قرار دیا کہ الیکشن کمیشن پر شک کی گنجائش نہیں کہ تمام جماعتوں سے ایک سا برتاؤ ہوگا، توقع ہے کہ الیکشن کمیشن تمام جماعتوں کے کیسز مناسب وقت میں نمٹائے گا۔

    پی ٹی آئی کی مخالف جماعتوں کا مطالبہ

    مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی اور جے یو آئی (ف) کی جانب سے بارہا الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا جاتا رہا کہ فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ جلد از جلد سنایا جائے۔

    فنانشل ٹائمز کی رپورٹ

    29 جولائی کو برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز نے ایک رپورٹ شائع کی جس میں بتایا گیا کہ ابراج گروپ کے بانی عارف نقوی نے برطانیہ میں خیراتی مقاصد کے لئے صاحب ثروت لوگوں سے پیسے جمع کرکے پاکستان تحریک انصاف کے بینک اکاؤنٹ میں جمع کرائے۔

    اس کے علاوہ یہ بھی انکشاف کیا گیا کہ یو اے ای کے ایک شہزادے کی جانب سے دیئے گئے 20 لاکھ ڈالر میں سے بھی 12 لاکھ ڈالرز 2 قسطوں میں پاکستان منتقل کر دیے گئے۔

    حکومتی مطالبات

    کیس کی سماعت مکمل ہونے کے بعد حکموتی اتحاد میں شامل جماعتیں الیکشن کمیشن سے فیصلہ سنسنے کا بارہا مطالبہ کرتی رہیں لیکن فنانشل ٹائمز کی رپورٹ منظر عام پر آنے کے بعد ان کی جانب سے مطالبات میں تیزی آگئی۔

  • معروف کھیلاڑی راجر فیڈرر نے اپنے کم عمر مداح سے 5 سال قبل کیا گیا وعدہ پورا کردیا

    معروف کھیلاڑی راجر فیڈرر نے اپنے کم عمر مداح سے 5 سال قبل کیا گیا وعدہ پورا کردیا

    ٹینس کے معروف کھیلاڑی راجر فیڈرر نے اپنے سب سے کم عمر مداحوں میں سے ایک کے چیلنج کو قبول کر کے پانچ سال پہلے کیا گیا وعدہ پورا کر دیا ہے۔

    یہ غالبا 2017 میں ایک پریس کانفرنس کے دوران فیڈرر نے ایک بچے زیزو سے وعدہ کیا تھا کہ جب وہ بڑا ہو جائے گا تو وہ ون آن ون ٹینس میچ کے لیے کورٹ میں کھیلیں گے.

    ٹینس کھلاڑی نے اطالوی فوڈ برینڈ بریلا کے زیر اہتمام کھیل کے لیے نیٹ کے مخالف سمت میں کھڑے ہو کر اپنے عہد کو پورا کیا ہے۔

    یہ سب ایک راز داری کے تحت کیا گیا راجر کے مداح کو جب اس کھیل کیلئے لے جایا جارہا تھا تو اسے آخری وقت تک معلوم نہ تھا کہ اس کے مد مقابلہ کھیلاڑی کون ہوگا.

    لیکن جب زیزو نامی مداح کورٹ کی طرف بڑھا تو سامنے انہوں نے معروف کھیلاڑی راجر فیڈرر کو آتے ہوئے دیکھا.

    جس پر زیزو کی آنکھیں نم ہوگئی اور انہیں یقین ہی نہیں ہورہا تھا.

    معروف کھیلاڑی نے انہیں سوئزرلینڈ آمد پر خوش آمدید کہا اور یاد دلایا کہ میں نے اپنا وعدہ پورا کردیا ہے لہذا اب ہم کھیل رہے ہیں.

    یاد رہے کہ ایک پریس کانفرنس کے دوران ایک بچے نے کہا تھا کہ کیا مزید کچھ سال آپ یہ کھیل جاری رکھ سکتے ہیں تاکہ میں جب تھوڑا بڑا اور کھیلنے کے قابل ہوجاوں تو آپ کے مقابلے میں کھیل سکوں؟

    اس پر ٹینس کھیلاڑی راجر نے کہاتھا کہ ہاں (پنکی وعدہ) کرتا ہوں.

  • پی ٹی آئی کی 9 حلقوں بارے ضمنی الیکشن شیڈول فوری معطل کرنے کی استدعا مسترد

    پی ٹی آئی کی 9 حلقوں بارے ضمنی الیکشن شیڈول فوری معطل کرنے کی استدعا مسترد

    پی ٹی آئی کی 9 حلقوں بارے ضمنی الیکشن شیڈول فوری معطل کرنے کی استدعا مسترد کردی گئی ہے.

    تحریک انصاف نے عدالت میں استدعا کی تھی کہ الیکشن کمیشن نے ضمنی الیکشن کیلئے جن نو حلقوں کا شیڈول جاری کیا اسے روکا جائے تاہم عدالت نے یہ استدعا مسترد کرتے ہوئے کیس کی سماعت 16 اگست تک ملتوی کر دی ہے.

    اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے فریقین کو نوٹسز جاری کر دیئے جبکہ انہوں نے سوال کیا کہ الیکشن شیڈول معطل کرنے کی قانونی وجہ کیا ہے؟
    ان کا مزید کہنا تھا کہ: الیکشن شیڈول معطل کرنے کی قانونی وجہ بتائی جائے، اور آپ لوگ جو الیکشن روکنے کی استدعا کر رہے ہیں اسکا کوئی قانونی جوازبھی تو بتائیں.
    جسٹس عمر فاروق نے کہا: 123 حلقوں میں بھی الیکشن ہو جائے گا پہلے یہ تو ہونے دیں اور قومی اسمبلی کی نشستیں خالی ہوئیں تو الیکشن کمیشن نے الیکشن کا اعلان کیا، اس میں پریشانی کیا بات ہے؟

    واضح رہے کہ گزشتہ دنوں الیکشن کمیشن کے 9 حلقوں کے جاری الیکشن شیڈول کے خلاف پی ٹی آئی کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کی گئی تھی.

    یاد رہے کہ: تحریک انصاف نے 9 حلقوں کے لیے الیکشن کمیشن کا جاری کردہ انتخابی شیڈول اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔

    پی ٹی آئی کی جانب سے وکیل فیصل چوہدری نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں متفرق درخواست دائر کی تھی جس میں اسلام آباد ہائی کورٹ سے انتخابی شیڈول کو معطل کرنے کی استدعا کی گئی تھی

    درخواست میں کہا گیا تھا کہ پی ٹی آئی ارکان کے استعفوں کی مرحلہ وار منظوری کے خلاف درخواست زیر التوا ہے، عدالت چار اگست کو درخواست پر سماعت کرکے نوٹس جاری کر چکی ، الیکشن کمیشن کو نوٹس کا معلوم ہے اس کے باوجود شیڈول جاری کردیا گیا۔

    درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ الیکشن کمیشن کا پانچ اگست کو جاری کردہ شیڈول معطل کیا جائے، پی ٹی آئی کے مرکزی کیس کے فیصلے تک الیکشن کمیشن کا انتخابی شیڈول معطل رکھا جائے۔

    اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کی درخواست سماعت کے لیے آج بروز بدھ کیلئے مقرر کی تھی.

    قبل ازیں گزشتہ گزتہ دنوں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اسمبلی کے 9 حلقوں میں ضمنی انتخاب کا اعلان کیا تھا۔

    الیکشن کمیشن کے ترجمان نے بتایا تھا کہ کاغذاتِ نامزدگی 10 اگست سے 13 اگست تک جمع کروائے جا سکتے ہیں، جن کی جانچ پڑتال 17 اگست کو کی جائے گی جبکہ پولنگ 25 ستمبر کو ہو گی۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق یہ ضمنی انتخاب این اے 22 مردان 3، این اے 24 چارسدہ 2، این اے 31 پشاور 5، این اے 45 کرم 1، این اے 108 فیصل آباد، این اے 118 ننکانہ صاحب 2 جبکہ کراچی کے قومی اسمبلی کے حلقوں این اے 237 ملیر 2، این اے 239 کورنگی کراچی 1 اور این اے 246 کراچی جنوبی 1 میں ہوگا۔

    دوسری طرف اگست کو ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری ہونے کے بعد چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ضمنی الیکشن میں قومی اسمبلی کے تمام 9 حلقوں سے خود الیکشن لڑنے کا اعلان کردیا۔

    سینئر صحافیوں سے ملاقات میں عمران خان کا کہنا تھا کہ مخالفین کیلئے میدان خالی نہیں چھوڑوں گا۔ مخالفین مجھے سنگل آؤٹ کرنا چاہتے ہیں مگر میں ہر میدان میں اُن کا مقابلہ کروں گا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ عام انتخابات اسی سال ہوں گے۔

    چیئرمین پی ٹی آئی کا اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مجھ سے بڑی غلطی ہوئی کہ سکندر سلطان راجہ کی بطور چیف الیکشن کمشنر تقرری کی جو میرا بلنڈر تھا.

    تاہم عمران خان کے 9 حلقوں سے الیکشن لڑنے کے بیان کے بعد اس کے خلاف بھی استدعا کی گئی ہے.

    درخواست میں عمران خان، الیکشن کمیشن اور وفاقی حکومت کو فریق بنایا گیا ہے.

    درخواست یں موقف اختیار کیا گیا ہے ماضی میں عمران خان، علیم خان اور بلاول بھٹو زرداری بھی زیادہ حلقوں سے حصہ لیتے رہے ہیں.

    درخواست مین کہا گیا کہ رولز میں ترمیم کرکے ایک شخص ایک حلقت سے الیکشن لڑنے کا پابند ہو.

    مزید کہا گیا عمران خان ممبر قومی اسمبلی ہیں لہذا انہیں نو نشستوں پر الیکشن لڑنے سے روکا جائے.

  • اسلام آباد ائیرپورٹ پر قطر سے آنے والے دو غیر ملکیوں سے منشیات برآمد

    اسلام آباد ائیرپورٹ پر قطر سے آنے والے دو غیر ملکیوں سے منشیات برآمد

    اے این ایف نے نیو اسلام آبادانٹرنیشنل ائیرپورٹ پر دو غیر ملکی باشندوں کو گرفتار کرکے کوکین بھرےاڑھائی کلو گرام سے زائد کیسپول برآمد کرلیے۔

    حکام کے مطابق اے این ایف انٹیلجنس کی اطلاع پر نجی ائیرلائن کی پرواز کے ذریعے دوحہ سے اسلام آباد ائیرپورٹ پہنچنے والے 2 نائیجیرین باشندوں اواڈیگو ایڈوین اور اورہ الیاس کو روک کر چیک کیا گیا تو ان کے پیٹ میں کیپسولوں کی موجودگی کا انکشاف ہوا جس ہر انھیں ہسپتال منتقل کرکے 173 کوکین بھرے کیپسول نکالے گئے۔

    کیپسول کا مجموعی وزن 2 کلو 9 سو 26 گرام بنتا ہے ۔ ملزمان کو گرفتار کر کے انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر لئے گئے ہیں اور ان سے مزید تفتیش جاری ہے۔

    یاد رہے کہ: اسی سال جنوری میں بھی نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے منشیات بیرون ملک اسمگل کیے جانے کی کوشش ناکام بنادی گئی تھی.

    ملزم اعجاز پیٹ کے ذریعے منشیات قطر لے جارہا تھا۔

    اس وقت حکام نے بتایا تھا کہ دوحہ جانے والی قطر ائیرلائن کی پرواز کی بریفنگ جاری تھی کہ اے این ایف انٹیلیجنس نے ائیرپورٹ پر تعینات عملے کے ہمراہ خوشاب سے تعلق رکھنے والے اعجاز نامی مسافر کو چیک کیا۔

    ملزم کے پیٹ میں 104 کیپسولز میں سے 8 سو گرام آئس برآمد ہوئی جس پر ملزم کو حراست میں لے لیاگیا تھا

  • ڈالرکی قیمت تین روپےبیاسی پیسہ سے گر کر دوسوبیس روپے بائیس پیسے پرآگئی

    ڈالرکی قیمت تین روپےبیاسی پیسہ سے گر کر دوسوبیس روپے بائیس پیسے پرآگئی

    انٹربینک میں کاروبارکےآغازمیں ہی ڈالرکی قیمت تین روپےبیاسی پیسےگرکردوسوبیس روپے بائیس پیسے پرآگئی۔

    5 روز کی تعطیلات کے بعد کاروبار کے آغاز پر ڈالر کی قدر میں دوبارہ کمی دیکھی گئی۔ ڈالر کی قیمت 3 روپے82 پیسے گرکر220 روپے 22 پیسے پر آگئی۔

    جمعہ کو دن کے اختتام پر انٹربینک میں ڈالر 2 روپے 11 پیسے سستا ہو کر 224 روپے 4 پیسے پر بند ہواتھا۔اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر 220 روپے میں فروخت کیا گیا تھا۔

    ایک ہفتے میں ڈالر کی قدر میں 27روپے کی کمی

    مقامی کرنسی مارکیٹوں میں یکم اگست تا5اگست پر مشتمل ہفتے کے دوران ڈالرکی قدر میں غیر معمولی گراوٹ کا رجحان رہا اور انٹر بینک میں ڈالر 239.37روپے کی سطح سے گرتے ہوئے 224.04روپے کی سطح پر آگیا یعنی 1 ہفتے میں انٹر بینک میں ڈالر کی قدر میں کمی15روپے 33پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

    اسی طرح اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر247روپے سے گرتے ہوئے220روپے کی سطح پر آگیا جس سے اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں 27روپے کی کمی دیکھی گئی۔کرنسی ڈیلرز کا کہنا تھا کہ آئندہ دنوں بھی ڈالر کی قدر میں کمی آنے کا قومی امکان ہے۔

    فارن ایکس چینج آپریشنز کی نگرانی

    پچھلے ہفتے سے اسٹیٹ بینک نے ایکسچینج کمپنیز اور بینکوں کے فارن ایکس چینج آپریشنز کی نگرانی سخت کردی ہےاور مرکزی بینک نے ضوابط کی خلاف ورزی پر2 ایکسچینج کمپنیز کی4 برانچوں کے آپریشن معطل کردیئے گئے جبکہ ڈالرکی قیمت خریداور فروخت میں زیادہ فرق کا بھی نوٹس لیا گیا تھا۔

    فوریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین ملک بوستان نے سماء ٹی وی سے گفتگو میں کہا تھا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے امریکی حکام سے رابطے کے بعد امید ہے کہ آئی ایم ایف کی قسط جلد جاری ہوجائے گی ۔انہوں نے کہا تھا کہ ڈالر کی قدر مصنوعی انداز میں بڑھائی گئی تھی،ڈالر کی اصل ویلیو 180روپے سے زیادہ نہیں ہونی چاہیے۔

    ایکس چینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے جنرل سیکرٹری ظفر پراچہ کے مطابق اسٹیٹ بینک اور دیگر حکومتی اداروں کی عدم توجہی کے باعث انٹر بینک میں بڑے پیمانے پر سٹہ بازی کی وجہ سے ڈالر اس قدر بلندی پر پہنچ گیا تھا تاہم حکومتی ادارے اب متحرک ہوگئے ہیں جس کے بعد ڈالر کی قدر میں کمی شروع ہوگئی۔