Baaghi TV

Author: +9251

  • انٹر بینک میں ڈالر 11 روپے 38 پیسےسستا

    انٹر بینک میں ڈالر 11 روپے 38 پیسےسستا

    بدھ کوٹریڈنگ کے آغاز میں انٹر بینک میں ڈالرش11 روپے 38 پیسے سستا ہوگیا ہے. تاہم دوپہر ایک بجے کے قریب ڈالر کی قیمت میں ایک ساتھ 11روپے کی کمی دیکھی گئی اور ڈالر227 روپے میں فروخت ہوا۔

    فاریکس ڈیلرز کےمطابق ڈالر کی قدر تیزی سے نیچے آنے میں کچھ رکاوٹیں ہیں تاہم دوست ممالک اور آئی ایم ایف سے رقوم آنے پر ڈالر تیزی سے نیچے آسکتا ہے۔

    منگل کو دن کے اختتام پر انٹربینک میں امریکی ڈالر کی قیمت 238 روپے 38 پیسے پر آگئی تھی۔ اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت فروخت 240 روپے رہی تھی۔

    پیر کو انٹر بینک میں ڈالر 238 روپے 50 پیسے پر بند ہواتھا۔ پیر کو مجموعی طور پر انٹر بینک میں امریکی ڈالر 87 پیسے سستا ہواتھا۔اوپن مارکیٹ میں ڈالر 240 روپے پر آگیا تھا۔

    اس سے قبل ہفتے کو اوپن مارکیٹ میں ڈالر 243 روپے اور جمعہ کو 247 روپے پر تھا۔

    فاریکس ایسوسی ایشن کے سربراہ ملک بوستان نے خبردار کیا تھا کہ ڈالرروک کر بیٹھنے والوں کو آنے والے دنوں میں نقصان ہوگا۔ ملک بوستان نے عوام کو ڈالر نہ خریدنے کا مشورہ دے دیا۔

    جولائی میں روپے کی قدر میں 25 فیصد اور 42 روپے کی تاریخی کمی ہوئی تھی۔ 2 دن میں اوپن مارکیٹ میں ڈالر 8 روپے اور انٹر بینک میں 1 روپے 43 پیسے سستا ہوا ہے۔

    جولائی کے دوران انٹر بینک اور اوپن کرنسی مارکیٹ میں پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی غیر معمولی اڑان رہی یہاں تک کہ ایک ایک دن میں ڈالر کی قدر میں 5 اور 6 روپے کا بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا جب کہ اس دوران بلیک مارکیٹنگ، عدم دستیابی اور سٹہ بازی کی شکایات بھی ملتی رہیں۔

  • عمران خان کی کرپشن مخالف مہم دراصل اپنی کرپشن چھپانے کیلیے تھی. بلاول زرداری

    عمران خان کی کرپشن مخالف مہم دراصل اپنی کرپشن چھپانے کیلیے تھی. بلاول زرداری

    وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان نے کرپشن کے خلاف نام نہاد مہم اسی لیے چلائی کہ اپنی کرپشن کو چھپا سکیں۔

    الیکشن کمیشن کی جانب سے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کے فیصلے پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ عمران خان ملکی تاریخ کے سب سے بڑے چور ثابت ہوچکے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خلاف عمران خان کا بیانیہ جھوٹا نکلا۔ پی ٹی آئی کی بنیاد ہی کرپشن پر رکھی گئی تھی۔ الیکشن کمیشن کو تحقیقات سے روکنے کے لیے اوچھے ہتھکنڈے اختیار کرنے والے عمران خان آج قوم کے سامنے بے نقاب ہوچکے ہیں۔ غیرملکیوں سے فنڈز لے کر غیرملکی سازش کا نعرہ لگانا پی ٹی آئی کی منافقت تھی، جس کا پردہ اب چاک ہوچکاہے۔

    وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ جو شخص جھوٹا حلف نامہ الیکشن کمیشن کو دے، وہ صادق اور امین نہیں ہوسکتا۔ عمران خان نے کرپشن کے خلاف نام نہاد مہم اسی لیے چلائی کہ اپنی کرپشن کو چھپاسکیں۔ غیرملکیوں سے پیسے لے کر ملکی سیاست کو آلودہ کرنے والے عمران خان عوام کے مجرم ہیں۔


    دوسری جانب وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری آسیان ریجنل فورم کے وزارتی اجلاس میں شرکت کے لیے آج کمبوڈیا روانہ ہونگے۔ سہ روزہ دورے میں دیگر ممالک کے وزرائے خارجہ سے ملاقات ہوگی.

  • ایف بی آر: ٹیکس بڑھانے کیلئے شوبز اور کرکٹر کے ٹیکس کیلئے الگ یونٹ بنانے پر غور

    ایف بی آر: ٹیکس بڑھانے کیلئے شوبز اور کرکٹر کے ٹیکس کیلئے الگ یونٹ بنانے پر غور

    ایف بی آر نے ٹیکس بڑھانے کے لئے شوبز اسٹارز اور کرکٹرز کے ٹیکس معاملات کے لئے الگ یونٹ بنانے پر غور شروع کردیا۔

    ایف بی آرنے ٹیکس بڑھانےکیلئے نئی حکمت عملی تیارکرلی ہے، اور اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ شوبز اسٹارز اور کرکٹرز کے ٹیکس معاملات کیلئے الگ یونٹ قائم کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔

    ایف بی آر ذرائع کے مطابق مخصوص یونٹ کرکٹرز، فلم، ڈرامہ، تھیٹرز اداکار اور گلوکاروں کے ٹیکس معاملات دیکھے گا۔

    ذرائع نے بتایا کہ نئے یونٹ سے ایسے تمام اسٹارز کو ٹیکس نیٹ میں لانے میں مدد ملے گی جو ابھی تک ٹیکس نیٹ میں نہیں آئے، مخصوص یونٹ قائم ہونے سے ٹیکس وصولیوں میں بھی آسانی ہوگی۔

  • عمران خان پر غیرملکی سرمایہ کاری کس ایجنڈے کے تحت ہوئی. خواجہ سعد رفیق

    عمران خان پر غیرملکی سرمایہ کاری کس ایجنڈے کے تحت ہوئی. خواجہ سعد رفیق

    وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے اسلام آباد پی آئی ڈی مین پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان پر غیر ملکی سرمایہ کاری کس ایجنڈے کے تحت ہوئی اور عمران خان نے اپنے اکاؤنٹس کیوں چھپائے۔ غیر ملکی کمپنیاں اور شہری عمران خان کو کس خوشی میں پیسے دے رہے تھے ؟

    انہوں نے عمران خان سے سوال کیا کہ آپ بتائیں کہ آپ کو بھارتی، برطانوی اور دیگر ملکی شہری پیسہ کیوں دیتے رہے، عمران خان کو اس کا جواب دینا ہوگا.

    وفاقی وزیر نے کہا کہ: فارن فنڈنگ کیس میں وفاقی حکومت اپنی ذمہ داری پوری کرےگی، ایم ایل ون کیلئے پی ٹی آئی حکومت نےکیاکیا؟

    فاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا: ہم نے تنقید ضرور کی لیکن نامناسب زبان کا استعمال نہیں کی.

    وزیر کے مطابق: عمران خان کا پہلا مقصد تو سی پیک رول بیک کرنا اورچین کو نارض کرناتھا، عمران خان پر غیر ملکی سرمایہ کاری کس ایجنڈے کے تحت ہوئی.

    وزیر ریلوے نے کہا: ابہام پیدا کیا گیا اور پنجاب میں پرویز الہٰی کی حکومت آئی ، اور دوسرا عمران خان نے معیشت کو وینٹی لیٹر پر چھوڑا،

    عمران خان آئین شکنی کرتے ہیں، ا نہیں ندامت ہی نہیں ، اورانکی پنجاب میں حکومت بنتے ہی نذید چوہان کو ایسے اٹھایا گیا جیسے دہشتگردوں کو اٹھایا جاتاہے ، یہ قابل مذمت ہے.

    دوسری جانب وزیراعظم ہاؤس کو ممنوعہ فنڈنگ سے متعلق الیکشن کمیشن کے فیصلے کی نقل موصول ہوگئی ہے۔

    الیکشن کمیشن کے فیصلے سے متعلق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قانونی ٹیم کا اجلاس جاری ہے جس میں اتحادی جماعتوں کے وزراء بھی شریک ہیں۔

    وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے اجلاس کے شرکاء کو الیکشن کمیشن کے فیصلے پر بریفنگ دی.

    علاوہ ازیں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فیصل جاوید نے کہا ہے کہ فارن فنڈنگ کیس میں کوئی غیر قانونی فنڈنگ نہیں ہوئی۔

    پی ٹی آئی رہنما فیصل جاوید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ فنڈنگ کیس بہت ہی واضح ہے کہ کوئی غیر ملکی فنڈنگ نہیں ہوئی اور نہ ہی کوئی غیر قانونی فنڈنگ ہوئی۔


    انہوں نے کہا کہ جس جس وقت فنڈ ریزنگ ہوئی اس وقت کے قانون کے مطابق ہوئی اور فیصلے میں متعدد غلطیاں سامنے آرہی ہیں۔ ان تمام محب وطنوں کو سلام جو ملک کی خاطر کام کر رہے ہیں، شاد رہیں، آباد رہیں۔

  • عامر خان نے اپنی دونوں سابقہ اہلیہ کے بارے کیا کہا؟

    عامر خان نے اپنی دونوں سابقہ اہلیہ کے بارے کیا کہا؟

    عامر خان اور کرینہ کپور جو آج کل اپنی فلم لال سنگھ چڈھا کی پرموشن میں‌مصروف ہیں وہ اب کافی ود کرن کے سیزن 7 میں‌ بطور مہمان نظر آئیں گے. کافی ود کرن میں عامر خان نے اپنی سابقہ دونوں اہلیہ کے بارے میں کہا ہے کہ ہمارے درمیان ایک تو اختلافات کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے دوسرا ہم سب ایک خاندان کی طرح ہیں اور خاندان کی طرح ہی ہمیشہ رہیں گے. عامر خان کا کہنا ہےکہ وہ اپنی دونوں بیویوں کی بہت عزت کرتے ہیں ان کا بہت زیادہ احترام کرتے ہیں.انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم سب ہفتے میں ایک بار ضرور اکٹھے ہوا

    کریں گے چاہے ہم جتنے مرضی مصروف ہوں ہم ایک دوسرے کےلئے وقت نکالا کریں گے. یاد رہے کہ عامر خان نے رینا دتہ کے ساتھ کیرئیر کے آغاز میں شادی کی تھی ان سے ان کے دو بچے جنید اور ایرا ہیں جب کہ کرن راؤ سے ان کا بیٹا آزاد ہے جس کی پرورش علیحدگی کے بعد بھی دونوں مل کر رہے ہیں.عامر خان ایک کامیاب اداکار ضرور ہیں لیکن اذواجی زندگی میں وہ شاید اتنے کامیاب نہیں‌ ہیں‌کیونکہ دو بار ان کا گھر ٹوٹ چکا ہے لیکن عامر خان نے کبھی اپنی ذات اور فیملی کے متعلق صحافیوں سے بات چیت نہیں‌ کی نہ ہی ان کے کسی ایسے سوال کا جواب دیا ہے. انہوں نے اپنی ذاتی زندگی کو کام سے ہمیشہ الگ رکھا ہے. عامر خان اور کرینہ کپور کا یہ شو ابھی آن ائیر جانا ہے.

  • اسلام آباد سمیت ملک کے6 بڑے شہروں میں پولیو وائرس کی تصدیق

    اسلام آباد سمیت ملک کے6 بڑے شہروں میں پولیو وائرس کی تصدیق

    ملک کے7 بڑے شہروں کے سیوریج میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔ رواں سال اب تک پولیو کے 14 کیسز سامنے آچکے ہیں۔

    وزارت صحت کے مطابق: گزشتہ ماہ لئے گئے نمونوں کے نتائج میں اسلام آباد اور خیبرپختونخوا کے 4 جبکہ پنجاب میں 2 شہروں کے سیوریج میں پولیو وائرس موجود ہے۔

    خیبرپختونخوا کے جن شہروں میں پولیو وائرس پایا گیا ان میں پشاور، بنوں، نوشہرہ اور سوات شامل ہیں۔ بنوں کے علاقے ہنجل نورباد کے سیوریج میں بھی پولیووائرس پایا گیا۔

    اسلام آباد، راولپنڈی اور لاہور میں سیوریج کے پانی میں بھی پولیو وائرس کی موجودگی ثابت ہوئی ہے۔

    اسلام آباد میں سبزی منڈی جبکہ راولپنڈی میں صفدر آٓباد کے سیوریج کے پانی میں پولیو وائرس پایا گیا۔لاہورمیں ملتان روڈ کے قریب سے لیے گئے نمونوں میں پولیو وائرس ملا۔

    وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ جن 7 شہروں میں مثبت نتائج سامنے آئے ہیں وہاں موثر اقدامات یقینی بنا رہے ہیں۔ 15 اگست سے جنوبی خیبرپختونخوا میں جبکہ 22 اگست سے ملک کے دوسرے شہروں میں انسدادِ پولیو مہم شروع ہورہی ہے۔

  • فلم تیزاب کے ریمیک میں شردھا کپور اور کارتیک آریان ہوں گے؟

    فلم تیزاب کے ریمیک میں شردھا کپور اور کارتیک آریان ہوں گے؟

    1988 میں‌ ریلیز ہونے والی فلم تیزاب کا ریمیک بننے جا رہا ہے اطلاعات ہیں کہ اس ریمیک میں اداکارہ شردھا کپور اور کارتیک آریان کو مرکزی کرداروں میں لیا جا رہا ہے اور اس حوالے سے دونوں سے رابطہ بھی کیا گیا ہے۔ پروڈیوسر مراد کھیتانی فلم تیزاب کا ریمیک بنانے کی تصدیق بھی کر چکے ہیں. اس فلم کو بنانے والوں‌ کا خیال ہے کہ مرکزی کرداروں میں‌ فریش چہرے ہونے چاہیں اور ایسا جوڑا ہونا چاہیے جو پہلے ایک ساتھ نظر نہ آیا ہو اور شردھا کپور اور کارتیک آریان نے تاحال ایک ساتھ سکرین شئیر نہیں‌ کی. کہا جا رہا ہے کہ شردھا مادھوری کے کردار کو کرنے کےلئے ابھی غور کررہی ہیں انہوں نے ابھی تک ہاں نہیں‌ کی ادھر آریان کو انیل کپور کے کردار میں فائنل کئے جانے کی ابھی تصدیق نہیں ہوئی.

    یاد رہے کہ فلم تیزاب 1988 میں ریلیز ہوئی تھی اور اس میں مادھوری ڈکشٹ اور انیل کپور نے مرکزی کردار ادا کیے تھے۔ فلم سپر ہٹ ہوئی تھی اور کئی ہفتے تک نمبر ون کی پوزیشن پر رہی تھی فلم کا میوزک اور مادھوری کے ڈانس نمبر نے لوگوں کو دیوانہ بنا دیا تھا. اس دور میں انیل کپور اور مادھوری ڈکشٹ کی جوڑی کو فلموں کی کامیابی کی ضمانت سمجھا جانے لگا تھا. ایک انٹرویو میں مادھوری نے تیزاب کے ریمیک کے بارے میں خبروں پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ "میرے پاس واقعی ردعمل کا وقت نہیں ہے لیکن اگر پرڈیوسر بنانا چاہ رہے ہیں تو ٹھیک ہے ان کی مرضی ہے .

  • شہید فوجی افسران کی نماز جنازہ آج شام راولپنڈی میں ادا کی جائے گی

    شہید فوجی افسران کی نماز جنازہ آج شام راولپنڈی میں ادا کی جائے گی

    ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے فوجی افسران کی نماز جنازہ آج شام راولپنڈی میں ادا کی جائے گی۔

    بلوچستان میں سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں میں مصروف آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹر کے حادثے میں شہید ہونے والے فوجی افسران کی نماز جنازہ آج شام راولپنڈی میں ادا کی جائے گی۔

    ذرائع کے مطابق کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی، میجر جنرل امجدحنیف ستی، بریگیڈیئر محمد خالد اور میجر محمد طلحہ کی نماز جنازہ شام ساڑھے 5 بجے آرمی قبرستان میں ادا کی جائے گی۔

    واضح رہے کہ بلوچستان میں حادثے کا شکار ہونے والے پاک فوج کے لاپتا ہیلی کاپٹر کا ملبہ گزشتہ روز مل گیا تھا.


    آئی ایس پی آر نے سوار کور کمانڈر کوئٹہ سمیت تمام 6 افسران و جوانوں کی شہادت کی تصدیق کی تھی۔ ابتدائی تحقیقات میں بتایا گیا تھا کہ حادثہ خراب موسم کے باعث پیش آیا۔

  • عامر خان کی فلم فنا میں‌ تبو کی صلاحیتوں‌ کو ضائع کیا گیا؟ جانیے تبو کا رد عمل

    عامر خان کی فلم فنا میں‌ تبو کی صلاحیتوں‌ کو ضائع کیا گیا؟ جانیے تبو کا رد عمل

    تبو بی ٹاؤن کی بہترین اداکارہ مانی جاتی ہیں انہوں نے دریشیام، اندھادھون، ہیرا پھیری، حیدر، فنا، دے دے پیار دے، چاچی 420، گول مال اگین، ہم ساتھ ساتھ ہیں جیسی دیگر بے شمار یادگار فلموں میں کام کیا. حال ہی میں بلاک بسٹر بھول بھولیا 2 میں بھی کام کیا۔ اداکارہ تقریباً تین دہائیوں سے فلم انڈسٹری میں‌ہیں اور کامیابی سے اپنا سفر جاری رکھے ہوئے ہیں. 2007 میں کافی ود کرن کے ایک شو میں اداکارہ تبو کو بطور مہمان بلایا گیا وہاں کرن جوہر نے ان سے کچھ سوالات کئے. کرن جوہر نے کہا کہ کیا آپ کو نہیں لگتا کہ بڑے بینرز آپ کے کام کی تعریف کرتے ہیں لیکن اپنی فلموں میں‌کاسٹ نہیں‌کرتے اس پر تبو نے کہا تھا کہ مجھے کیا کرنا چاہیے؟ کیا مجھے ان کو کال کرنی چاہیے؟اداکارہ نے کہا کہ یقینا مجھے بڑے بینرز کے لوگ میری فلموں میں اچھی اداکاری پر کالز کرتے ہیں لیکن فلموں میں نہیں‌ لیتے میں سوچتی

    ہوں‌کہ شاید وہ کاسٹ کریں گے لیکن ایسا نہیں ہوتا. اداکارہ تبو نے عامر خان اور کاجول کی فلم فنا میں‌بھی کام کیا تھا اس حوالے سے کرن نے سوال کیا اور پوچھا کہ کیا آپ کو نہیں‌لگتا کہ فنا میں آپ کا جس طرح‌کا کردار ہے اس میں آپ کو ضائع کیا گیا ہے جبکہ آپ ایک بہترین اداکارہ ہیں.اس پر اداکارہ نے کہا کہ میں نہیں‌سمجھتی کہ مجھے اس فلم میں‌ضائع کیا گیا ہے، میں بہت اچھی طرح جانتی تھی کہ میں کیا کررہی ہوں، مجھے یہ نہیں تھا کہ میں فلم کا کریڈٹ سارا کا سارا خود لیجائوں گی. اداکارہ تبو کے اس جواب کو بہت سراہا گیا اور محسوس کیا گیا کہ وہ واقعتا ایک مضبوط اعصاب کی مالک ہونے کے ساتھ جو ہیں‌جس پوزیشن پر ہیں اس پر خوش اور سیکیور ہیں.یاد رہے کہ اداکارہ تبو نے ہمیشہ فلم اور سکرپٹ کو ترجیح دی یہ نہیں دیکھا کہ فلم میں ان کا کردار بڑا ہے یا چھوٹا.

  • بالآخر عمران خان کی 62 ون ایف والی دعا قبول ہوگئی

    بالآخر عمران خان کی 62 ون ایف والی دعا قبول ہوگئی

    الیکشن کمیشن کے فارن فنڈنگ کیس فیصلہ کےبعد سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی کہ ہے کیا سابق وزیر اعظم عمران خان 62 ون ایف والی دعا قبول ہوگئی ہے.

    اس حوالے سے سینئر صحافی اور میزبان کیپٹل ٹاک حامد میر نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے لیئے گئے اپنے ماضی کے ایک انٹرویو کا ویڈیو کلپ شیئر کرتے ہوئے کہا: ‏ایک دفعہ میں نے چئیرمین تحریک انصاف عمران خان سے پوچھا کہ نواز شریف اور جہانگیر ترین پر 62 ون ایف کی تلوار گری، کہیں یہ تلوار آپ پر بھی تو نہیں گرے گی؟


    اس کے جواب میں خان صاحب نے جواب میں کہا تھا "اللّٰہ کرے میرے پر بھی یہ تلوار گرے کیونکہ 62 کا مطلب ہے کہ صادق اور آمین اور یہ قانون ساری دنیا میں ہے.

    عمران خان نے مزید کہا: لوگ جب آپ پر یقین کرتے ہیں اور آپ کے کہنے پر امداد کرتے جیسے مجھے شوکت خانم اور نمل کیلئے امداد دی جاتی ہے. لہذا چونکہ آپ نے عوام کا پیسہ اکھٹا کرنا ہے اور پھر اسے دیانت داری سے خرچ کرنا ہے اس لیئے ضروری ہے کہ آپ کا صادق و آمین ہونا لازم ہے اور جو اس قانون پر پورا نہیں اترتا وہ ہرگزصادق و‌آمین نہیں ہوسکتا ہے.

    یہ بھی پڑھیں فارن فنڈنگ کیس: کیا آرٹیکل 62 کے تحت عمران خان نااہل بھی ہوسکتے ہیں؟

    ایک اور ویڈیو کلپ میں عمران خان نے کامران شاہد کے پروگرام میں دعوی کیا تھا تھا: ” اگر میں 62 اور 63 پر نااہل ہوجاتا مجھے منظور ہے، لیکن یہ قانون 62 اور 63 آئین کے اندر ہونا ضروری ہے.


    عمران خان نے مغربی جمہوریت کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ یہ قانون وہاں ضروری ہے کیونکہ اگر آپ صادق و آمین نہیں ہیں تو آپ مغربی جمہوریت کا حصہ نہیں بن سکتے.

    انہوں نے مزید کہا تھا: یہ قانون بتاتا ہےکہ آپ کے لیڈر کو ایماندار اور سچا ہونا چاہئے اور یہی دو چیزیں ہیں 62 اور 63 کے اندر.

    واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے گزشتہ روز پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ سنایا جس کے مطابق تحریک انصاف پر ممنوعہ فنڈنگ ثابت ہوگئی، الیکشن کمیشن فارن فنڈنگ کیس میں محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے الیکشن کمیشن کو جھوٹا بیان حلفی جمع کروایا تھا.

    الیکشن کمیشن نے مزید کہا: فارن فنڈنگ کیس ثابت ہوگیا کہ تحریک انصاف نے بیرون ملک پاکستانی شہریوں کے علاوہ غیر ملکی شہریوں سے پیسے لیئے جس کی پاکستانی قانون میں اجازت نہیں ہے لہذا تحریک انصاف نے آئین کی خلافی ورزی کرتے ہوئے اس معاملے کو چھپایا.

    دوسری جانب جیونیوز کے پروگرام جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے سو فیصد درست فیصلہ کیا جس سے ثابت ہوتا ہے کہ پی ٹی آئی ایک فارن فنڈڈ جماعت ہے اور یہی وجہ ہے کہ جعلی صادق و آمین نے ریکارڈ میں جعل سازی کی اور اکاؤنٹس چھپائے۔

    انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی 34غیر ملکی شہریوں اور 351 کمپنیوں سے فنڈز لیتی رہی ہے اور پولیٹیکل پارٹی ایکٹ اور الیکشن ایکٹ کے مطابق بھی ممنوعہ فنڈنگ جرم ہے، حکومت ان مصدقہ ثبوتوں پر ڈکلیریشن دے سکتی ہے اگر سپریم کورٹ یہ ڈکلیریشن برقرار رکھتی ہے تو تحریک انصاف تحلیل ہوجائے گی۔

    وزیر داخلہ کاکہنا تھا کہ: الیکشن کمیشن کے فیصلے نے عمران کو جھوٹا اور جعل ساز ثابت کیا، حکومتی اتحاد کی میٹنگ میں فیصلے کے بعد کا لائحہ عمل بنایا گیا ہے، قوم کو عمران خان سے متعلق آگاہ کرنے کی ضرورت ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ: عمران خان سیاست میں رہے گا تو نہ جمہوریت رہے گی اور نا ہی سیاست آگے بڑھ سکے گی.

    ان کے مطابق: یہ عمران خان کی رعونیت اور تکبر ہے کہ یہ کہتا ہے کہ ملک کے دشمنوں سے بات کرسکتا ہوں مگر سیاسی مخالفین سے نہیں.

    یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے خلاف ممنوعہ ذرائع سے فنڈز حاصل کرنے کا معاملہ الیکشن کمیشن میں کوئی دوسری سیاسی مخالف جماعت نہیں بلکہ تحریک انصاف کے اپنے بانی اراکین میں سے ایک اکبر ایس بابر سنہ 2014 میں لے کر گئے تھے۔

    اکبر ایس بابر نے الزام عائد کیا گیا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف نے بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کے علاوہ غیر ملکیوں سے بھی فنڈز حاصل کیے ہیں جس کی پاکستانی قانون اجازت نہیں دیتا۔