Baaghi TV

Author: +9251

  • امریکی صدر جو بائیڈن کا کورونا ٹیسٹ ایک بار پھر مثبت آگیا

    امریکی صدر جو بائیڈن کا کورونا ٹیسٹ ایک بار پھر مثبت آگیا

    واشنگٹن :امریکی صدر جو بائیڈن کا کورونا ٹیسٹ ایک بار پھر مثبت آگیا۔وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صدر بائیڈن میں کورونا کی علامات نہیں ہیں، ان کی طبیعت بہتر ہے۔

    خیال رہے کہ 21 جولائی کو بھی بائیڈن کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا جس کے بعد وہ آئسولیشن میں چلے گئے تھے تاہم 27 جولائی کو ان کا کورونا ٹیسٹ منفی آنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

     

     

    پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری کورونا وائرس سے متاثر ہوگئے۔

    وزیر خارجہ اور پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ایک ٹوئٹر پیغام میں بتایا کہ ‘سابق صدر کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، حالانکہ وہ نہ صرف مکمل ویکسینیٹڈ ہیں بلکہ ویکسین کا بوسٹر شاٹ بھی لگواچکے ہیں۔

    بلاول بھٹو زرداری کا مزید کہنا تھا کہ آصف زرداری کو معمولی علامات ہیں، انہوں نے خود کو آئیسولیٹ کرلیا اور ان کا علاج بھی جاری ہے۔ساتھ ہی انہوں نے اپنے والد کی جلد صحتیابی کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔

    خیال رہے کہ سابق صدر حال ہی میں اپنی 67ویں سالگرہ منانے کے لیے دبئی پہنچے تھے۔

    ان کے دبئی جانے کے حوالے سے مختلف افواہوں کے پیشِ نظر بختاور بھٹو زرداری نے بتایا تھا کہ وہ اپنی سالگرہ اپنے 9 ماہ کے نواسے کے ساتھ منانا چاہتے تھے۔

    اس حوالے سے ایک ٹوئٹ میں بختاور بھٹو زرداری سے آگاہ کیا کہ ‘جب آصف زرداری دبئی پہنچے تھے تو ان کا پی سی آر ٹیسٹ مثبت آیا تھا لیکن انہیں معمولی علامات کا سامنا ہے’۔

    ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ‘وہ 4 دن سے آئیسولیشن میں ہیں اور آرام کررہے ہیں اور جب صحتیاب ہوجائیں گے تو اپنے نواسے سے مل کر وطن واپس آئیں گے’۔

    اس سے قبل پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سمیت متعدد سیاستدان بھی کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔

  • کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کے باکسر الیاس حسین نے کامیابی حاصل کرلی۔

    کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کے باکسر الیاس حسین نے کامیابی حاصل کرلی۔

    لندن:الیاس نے فیدر ویٹ میں لیسوٹوکے باکسر موروکی موکھوٹو کو آؤٹ کلاس کردیا۔ ریفری نے 2 منٹ 55 سیکنڈز میں فائٹ روک کر الیاس کو فاتح قرار دیا۔

    اسکواش
    کامن ویلتھ گیمز میں اسکواش کے مقابلوں میں پاکستان کے ناصر اقبال پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے۔ناصر کا مقابلہ ہم وطن طیب اسلم سے تھا تاہم وہ مقابلے سے ریٹائر ہوگئے۔

    اسکواش میں ویمنز سنگلز میں آمنہ فیاض کو شکست ہوگئی۔ آمنہ فیاض کو ملائیشیا کی راشل آرنلڈ نے شکست دی۔
    ملائیشین پلیئر کی جیت کا اسکور 3-11، 2-11 اور 5-11 رہا۔

    ہاکی
    ادھردوسری طرف کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ہاکی میچ دو دو گول سے برابر ہو گیا، قومی ٹیم کل نیوزی لینڈ کے مدمقابل ہوگی

     

     

    جنوبی افریقی ٹیم نے پہلے کوارٹر گول میں گول کرکے ایک صفر کی برتری حاصل کی ، دوسرے کوارٹر میں پاکستان کے رضوان علی نے گول اسکور کر کے حریف ٹیم کی برتری ختم کردی۔

    دوسرے ہاف میں دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے پر بھر پور حملے کیے ، چوتھے کوارٹر میں جنوبی افریقہ نے مزید ایک گول اسکور کرکے دو ایک کی برتری حاصل کر لی۔

    آخری منٹ میں پاکستان کی جانب سے افراز خان نے شاندار گول اسکور کرکے میچ دو دو گول سے برابر کر دیا۔

  • کراچی:میٹرک جنرل گروپ کے نتائج کا اعلان کردیا گیا

    کراچی:میٹرک جنرل گروپ کے نتائج کا اعلان کردیا گیا

    کراچی :ثانوی تعلیمی بورڈ نے دہم جماعت جنرل گروپ (ریگولر و پرائیویٹ) اور سماعت و گویائی سے محروم طلباء و طالبات کے سالانہ امتحانات نہم و دہم 2022ء کے نتائج کا اعلان کر دیا۔

    ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے چیئرمین سید شرف علی شاہ کی خصوصی ہدایات اور قائم مقام سیکریٹری بورڈ سید محمد علی شائق کی بھرپور معاونت وماہرانہ مشاورت سے قائم مقام ناظم امتحانات عمران طارق نے طلباء و طالبات کے وسیع تر مفاد کو ملحوظِ خاطر رکھتے ہوئے صوبہ سندھ کے تمام تعلیمی بورڈز میں سب سے پہلے جماعت دہم جنرل گروپ ریگولر و پرائیویٹ اور سماعت و گویائی سے محروم طلباء و طالبات کے سالانہ امتحانات نہم و دہم برائے سال 2022ء کے نتائج کے اجراء کا اعلان کر دیا۔

    اعلامیے کے مطابق نتائج ثانوی بورڈ کی ویب سائٹ www.bsek.edu.pk پر اور ایس ایم ایس سروس bsekلکھ کر اسپیس دیں اور اپنا رول نمبر لکھ کر 8583 پر بھیج کر دیکھے جاسکتے ہیں۔

    جنرل گروپ ریگولر اور پرائیویٹ کے امتحانات میں 16 ہزار 880 امیدوار رجسٹرڈ ہوئے اور 16 ہزار 454 امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے۔ نتائج کے مطابق جنرل گروپ میں باغِ ہالار گرلز سیکنڈری اسکول نشتر روڈ کی مدحت بنت محمد اسلم رول نمبر 554226 نے 92 فیصد نمبرز حاصل کے ساتھ پہلی، ٹریو گائیڈ گرامر سیکنڈری اسکول لیاری کی حافظہ منہال اعجاز پاریکھ بنت اعجاز رو ل نمبر 556222 نے 91.63 فیصد نمبرز حاصل کرکے دوسری جبکہ سٹیزن سیکنڈری اسکول گرلز کیمپس باتھ آئی لینڈ کی حبا ضیاء بنت محمد ضیاء الرحمٰن رول نمبر 554268 نے 91.27 فیصد نمبرز کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔

    جنرل گروپ ریگولر میں 11 ہزار 258 امیدوار رجسٹرڈ ہوئے، جن میں 2976 طلباء اور 8282 طالبات شامل ہوئے جبکہ کامیابی کا تناسب 76.72 فیصد رہا۔ کامیاب امیدواروں میں 255 اے ون گریڈ، 1438 اے گریڈ، 2563 بی گریڈ، 2781 سی گریڈ، 1363 ڈی گریڈ اور 68 نے ای گریڈ حاصل کیا۔

    پرائیویٹ جنرل گروپ میں 5622 امیدوار رجسٹرڈ ہوئے اور 5417 امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے، جن میں 3912 طلباء اور 1710 طالبات شامل ہیں۔ پرائیویٹ گروپ میں کامیابی کا تناسب 55.34 فیصد رہا۔ کامیاب امیدواروں میں 36 اے ون گریڈ، 233 اے گریڈ، 824 بی گریڈ، 1137 سی گریڈ، 586 ڈی گریڈ اور 30 نے ای گریڈحاصل کیا۔

    میٹرک امتحانات میں تمام جنرل ریگولر اور پرائیویٹ میں مجموعی کامیابی کا تناسب 69.69 فیصد رہا۔

    ثانوی بورڈ کے مطابق سماعت و گویائی سے محروم خصوصی طلباء و طالبات میں کمل کمار ولد اشوک کمار نے 90.8 فیصد نمبرز کے ساتھ پہلی، مریم عزیز بنت عزیز احمد نے 89 فیصد نمبرز کے ساتھ دوسری جبکہ فرح بنت اسرار احمد نے 88.8 فیصد نمبرزکے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی، تینوں پوزیشن ہولڈرز کا تعلق ابصاء اسکول ڈیفنس کورنگی روڈ سے ہے۔

    صوبہ بھر میں قلیل مدت میں سب سے پہلے نتائج کے اجراء پر چیئرمین بورڈ سید شرف علی شاہ نے ناظم امتحانات کی شب و روز محنت اور قائم مقام سیکریٹری بورڈ سید محمد علی شائق کی ماہرانہ مشاورت کو سراہتے ہوئے تعریفی کلمات ادا کئے جبکہ رزلٹ کمیٹی کے تمام اراکین نے قائم مقام ناظم امتحانات عمران طارق کیلئے تعریفی سند بھی جاری کی۔

  • بیجنگ میں گلوبل فیوچر ٹیکنالوجی انوویشن کوآپریشن کانفرنس کا انعقاد

    بیجنگ میں گلوبل فیوچر ٹیکنالوجی انوویشن کوآپریشن کانفرنس کا انعقاد

    بیجنگ:گلوبل فیوچر ٹیکنالوجی انوویشن کوآپریشن کانفرنس بیجنگ میں منعقد ہوئی۔ کانفرنس کا موضوع رہا”ٹیکنالوجی مستقبل کو طاقتور بناتی ہے، جدت ترقی کی جانب لے جاتی ہے”۔ہفتہ کے روز چینی میڈ یا کے مطا بق تیس سے زائد ممالک اور علاقوں کے سائنس و ٹیکنالوجی ماہرین، کاروباری اداروں کے نمائندوں سمیت 260 سے زائد افراد نے کانفرنس میں شرکت کی۔ایسا پہلی مرتبہ ہے کہ چین میں گلوبل فیوچر ٹیکنالوجی انوویشن کوآپریشن کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ہے۔یہ اہم سرگرمی آن لائن اور آف لائن دونوں صورتوں میں منعقد ہوئی۔

    پاکستان اور چین بہترین دوست اور آئرن برادرز ہیں ،وزیراعظم

    شرکاء نے کہا کہ سائنس و ٹیکنالوجی کے انقلاب کا نیا دور اور صنعتی تبدیلی تیزی سے فروغ پا رہی ہے۔ مختلف ممالک کو سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے میں کھلے پن اور تعاون کو مضبوط بنانا چاہیئے اور تکنیکی اختراع کے ذریعے عالمی چیلنجز سے نمٹنا چاہیئے۔

    لاہور،کراچی،پشاور،کوئٹہ:گلگت بلتستان سےچین تک باغی ٹی وی مقبول ہونےلگا:

    عالمی تنظیم برائے دانشورانہ املاک کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر جنرل مارکو الیمان نے کہا کہ تنظیم کے جاری کردہ گلوبل انوویشن انڈیکس 2021 میں چین بارہویں نمبر پر آچکا ہے۔ایشیا اختراع کے شعبے میں ابھر رہا ہے۔دانشورانہ املاک کے حوالے سےتقریباً 70 فیصد درخواستیں ایشیا کی جانب سے پیش کی گئی ہیں اور چین اس شعبے میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔

    امریکہ اسپیکر نینسی پیلوسی کے دورہ تائیوان کےانتظامات بند کرے:چینی وزارت خارجہ

    تاحال چین 160 سے زائد ممالک اور علاقوں کے ساتھ ٹیکنالوجی تعاون کو آگے بڑھا رہا ہے۔مستقبل میں چین مزید کھلے رویے سے عالمی تکنیکی اختراع کے تعاون کو آگے بڑھائے گا۔

  • بلوچستان میں سیلاب،وزیراعظم کا جاں بحق افراد کے لواحقین کو10لاکھ دینے کا اعلان

    بلوچستان میں سیلاب،وزیراعظم کا جاں بحق افراد کے لواحقین کو10لاکھ دینے کا اعلان

    اسلام آباد: وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ بلوچستان سمیت ملک بھر میں سیلاب اور طوفانی بارشوں سے متاثرہ عوام کے ریسکیو، ریلیف اور بحالی کے لئے دن رات کوششیں جاری ہیں۔ متاثرہ بہنوں، بھائیوں اور بچوں کی مکمل بحالی اور نقصانات کے ازالے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ، مشکل اور آزمائش کی اس گھڑی میں انہیں تنہاءنہیں چھوڑیں گے۔ بلوچستان سمیت صوبائی حکومتوں سے مل کر متاثرین کی امداد اور بحالی کے لئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔

    وزیراعظم شہبازشریف بلوچستان کے سیلاب اور طوفانی بارشوں سے تباہی کا شکار جھل مگسی کے علاقوں اور ا س کے مضافاتی دیہات کے جائزے کے دوران متاثرہ عوام اور میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ وزیراعظم نے متاثرہ علاقوں کا فضائی جائزہ بھی لیا۔ وزیراعظم گاﺅں شمبانی میں رکے اور سیلاب متاثرین عوام سے ملے اور ان کی شکایات سنیں۔ وزیراعظم کو اپنے درمیان موجود پاکر اور ان کے تسلی دینے پر متاثرین نے وزیراعظم زندہ باد کے نعرے لگائے اور ان کی آمد پر شکریہ ادا کیا۔

    اس موقع پر وزیراعظم نے متاثرین سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ میں آج آپ کو یہ یقین دہانی کرانے آیا ہوں کہ وزیراعلی عبدالقدوس بزنجو اوران کی صوبائی حکومت کے ساتھ ہم مل کر وفاقی حکومت آپ کی پوری مدد کریں گے۔ بلوچستان سمیت پورے پاکستان میں متاثرین کی مدد کریں گے۔ جہاں جہاں جہاں نقصان ہوا ہے، وہاں ریلیف پہنچا رہے ہیں۔ ان شاءاللہ آپ کے ساتھ پوری پوری مدد کریں گے۔ وزیراعظم شہبازشریف نے کہاکہ بارشوں سے پچھلے تیس سال کا ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے ۔ ماضی نسبت اس مرتبہ کئی گنا زیادہ بارشیں ہوئی ہیں۔ تقریبا پورے پاکستان میں تقریبا 300 سے زائد لوگ اللہ کو پیارے ہوگئے ہیں۔ بلوچستان میں 124 لوگ وفات پاگئے ہیں جن میں خواتین، مرد اور بچے شامل ہیںجبکہ بے شمار لوگ زخمی ہوئے ہیں۔

    وزیراعظم شہبازشریف نے کہاکہ مالی معاوضہ جانی نقصان کا ازالہ نہیں ہوسکتا۔ زندگی بھر لوگ اپنے پیاروں کو ہمیشہ یاد کرتے رہتے ہیں۔ یہ غم بھلایانہیں جاسکتا اور نہ ہی اس کی کوئی تلافی ہوسکتی ہے۔ لیکن بحرحال زندگی گزارنی ہے ۔ حکومت نے متاثرین کی امداد کے لئے حتی المقدورکوشش کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بارشوں اور سیلاب سے جاں بحق ہونے والے افراد کے اہلِ خانہ کیلئے 10 لاکھ امداد فراہم کی جارہی ہے، زخمیوں کے ساتھ ساتھ متاثرہ گھروں میں کچے اور پکے گھروں کو پہنچنے والے نقصانات پر امداد کو یکساں اور بڑھانے کا حکم دیا ہے۔ زخمیوں کی امداد کو 50 ہزار سے بڑھا کر 2 لاکھ کردیا ہے جبکہ جزوی طور پر متاثرہ مکانات کی امداد 25 ہزار سے بڑھا کر اڑھائی لاکھ اور مکمل طور پر متاثرہ گھروں کیلئے 50 ہزار سے بڑھا کر 5 لاکھ کردی گئی ہے۔ وزیراعظم نے حکم دیا کہ فوری طور پر میڈیکل کیمپ قائم کیاجائے۔ ادویات اور ویکسین فراہم کی جائے۔ انہوں نے جانوروں کے علاج معالجے کے لئے ویٹنری ڈاکٹروں کی ٹیم بھی فوری بھجوانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے علاقے میں مزید کشتیاں اور راشن کے تھیلے فراہم کرنے کابھی حکم دیا۔ وزیراعلی بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے متاثرہ گاﺅں اور اس کے مضافات میں متاثرین کی مدد کے لئے ٹیمیں روانہ کردی ہیں۔

    وزیراعظم شہبازشریف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان علاقوں کے دورے پر آیا ہوں جہاں سیلابی پانی نے تباہی مچائی ہے۔ دیہات بری طرح متاثر ہوئے ہیں، آبادی کے علاوہ مال مویشی اور املاک کا بھی نقصان ہوا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ابھی میں جھل مگسی کے ایک گاﺅں سے ہوکر آیا ہوں۔ اس گاﺅں میں آٹھ سے 10 فٹ تک پانی آیا تھا۔ علاقہ مکینوں نے بتایا ہے کہ اللہ کا شکر ہے کہ یہاں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ویسے بھی جھل مگسی میدانی علاقہ ہے جانی نقصان زیادہ نہیں ہوا۔ البتہ گھروں، مال مویشی کا نقصان ہوا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کوئٹہ، قلعہ سیف اللہ، ژوب لورالائی، لسبیلیہ سمیت دیگر علاقوں میں طوفانی بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچائی ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعلی بلوچستان عبدالقدوس بزنجو اور ان کی حکومت کے ساتھ مل کردن رات بھرپور کام کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کرمتاثرین کی فوری مدد اور بحالی کے لئے کوششیں جاری رکھیں گی۔ انہوں نے کہاکہ تین چار روز قبل سیلاب اور بارش سے متاثرین اور ان کے نقصانات کے ازالے کے جائزے اور اقدامات کے حوالے سے اسلام آباد میں اجلاس منعقد کیا تھا جس میں وزرا اعلی اور چیف سیکریٹریز موجود تھے۔ عوام نے خیرمقدم کیا۔ قبل ازیں ہفتے کی صبح وزیراعظم بلوچستان کے لئے روانہ ہوئے ۔ علی الصبح موسم کی خرابی کی وجہ سے ان کی روانگی موخر ہوئی تھی تاہم وزیراعظم کی ہدایت پر موسم بہتر ہوتے ہی وہ بلوچستان کے لئے روانہ ہوگئے۔

    وزیراعظم شہبازشریف جیکب آباد پہنچے تو ’نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی‘ (این ڈی ایم اے) کے حکام اور چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز اوقلی نے بریفنگ دی جس کے بعد وہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے کے لئے جھل مگسی روانہ ہوئے۔ وزیراطلاعات مریم اورنگزیب، سردار خالد مگسی، سینیٹر مولاناعبدالغفور حیدری، وزیرہاوسنگ مولانا عبدالواسع ، وزیرمملکت پاور محمد ہاشم نوتیزئی ، معاون خصوصی سید فہد حسین اور چئیرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل اختر نواز بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔

  • تربت: ایئر پورٹ روڈ پر فٹبال سٹیڈیم کے قریب دھماکا، متعدد زخمی

    تربت: ایئر پورٹ روڈ پر فٹبال سٹیڈیم کے قریب دھماکا، متعدد زخمی

    تربت:بلوچستان کے ضلع تربت میں ایئر پورٹ روڈ پر دھماکا ہوا جس میں متعدد افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق تربت میں ایئر پورٹ روڈ پر فٹبال سٹیڈیم کے قریب دھماکا ہوا ہے، دھماکے کے بعد شدید فائرنگ کی گئی، امدادی ٹیموں کو موقع پر روانہ کر دیا گیا، 3 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ جنہیں فوری طور پر ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    دوسری طرف سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

    اُدھر مشیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا ہے کہ تربت فٹبال سٹیڈیم پر کریکر دھماکہ کی مذمت کرتے ہیں۔ ڈی سی سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔انہوں نے کہا کہ واقعے میں ملوث ملزمان کو فی الفور گرفتار کیا جائے گا۔ دہشت گردوں کے مقاصد کو ناکام بنایا جائے گا۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل تربت کے سنیما بازار میں دھماکے کے نتیجے میں چار افراد زخمی ہوگئے تھے۔

    پولیس حکام کا کہنا تھا کہ حملے سے ایسا لگتا ہے کہ عسکریت پسند تربت کے علاقے میں ایف سی کی چیک پوسٹ کو نشانہ بنانا چاہتے تھے۔دھماکے میں زخمی ہونے والوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال تربت منتقل کردیا گیا تھا۔ جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔

  • امریکہ کو پاکستانی برامدات میں رواں سال نمایاں اضافہ ہوا ہے:مسعود خان

    امریکہ کو پاکستانی برامدات میں رواں سال نمایاں اضافہ ہوا ہے:مسعود خان

    واشنگٹن-امریکا میں پاکستانی سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ امریکہ میں پاکستانی برآمدات میں پچھلے سال کے مقابلے میں بڑا اضافہ سامنے آیا ہے ۔ نو ارب ڈالر کی پاکستانی برآمدات میں سالانہ 35 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ گذشتہ سال امریکہ کے لئے پاکستانی برآمدات سات ارب ڈالر تھیں لہذا اس سال برآمدات میں گذشتہ سال کے مقابلے میں دو ارب ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔ مالی سال 2021-22 میں امریکہ سے درآمدات تین ارب رہیں جبکہ گذشتہ سال کی درآمدات دو اعشاریہ چار ارب ڈالر تھیں۔

    اس طرح اس سال پاکستان اور امریکہ کے مابین کل تجارتی حجم بڑھ کر بارہ ارب ڈالرہوگیا ہے جبکہ گذشتہ سال یہ تقریبا ساڑھے نو ارب ڈالر رہا۔ سفیر پاکستان نے کہا کہ امریکہ کے ساتھ دوطرفہ تجارت میں پاکستان کو بڑی تجارتی کثرت (ٹریڈ سرپلس) حاصل ہے۔ مسعود خان نے کہا کہ امریکہ میں پاکستانی برآمدات میں متاثر کن اضافہ دنیا کے دوسرے ممالک کے ساتھ تجارت کے ضمن میں ایک ٹرینڈ سیٹر ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ نے پاکستانی برآمدات کی سب سے بڑی منڈی ہونے کی اولیت برقرار رکھی ہے۔ سفیر پاکستان مسعود خان نے کہا کہ اگر ہماری برآمدات میں 35 فیصد سالانہ کی شرح سے اضافہ جاری رہا تو آئندہ تین سال میں پاکستان امریکہ تجارت کا حجم بیس ارب ڈالر تک پہنچ جائے گا جو کہ دونوں ملکوں کے درمیان موجود تجارت کے بے شمار استعداد (پوٹینشل ) کے اعتبار سے پھر بھی میانہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی برآمدات کی امریکی مارکیٹ میں متاثر کن کارگردگی مقامی مارکیٹ اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے کا سبب بنے گی۔ اس خاطر خواہ اضافے سے پاکستانی معیشت میں استحکام اور خدشات دور ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس وقت مارکیٹ کا اعتماد درکار ہے۔

    نو ارب ڈالر کی پاکستانی برآمدات میں اشیا کی تجارت چھ اعشاریہ آٹھ ارب ڈالر جبکہ سروسز بشمول آئی ٹی کی برآمدات دو اعشاریہ دو ارب ڈالر رہیں۔ پاکستان سے ایک اعشاریہ چار ارب ڈالر کی آئی ٹی مصنوعات امریکہ برآمد کی گئین۔ جون 2022 میں ہونے والی آئی ٹی ایکسپورٹ ان اعدادوشمار ابھی شامل نہیں کی گئیں۔گذشتہ ایک سال میں پاکستانی ٹیک اسٹارٹ اپس نے آٹھ سو ملین ڈالر کمائے ان میں سے 60 فیصد کو امریکی وینچر کیپیٹل کمپنیوں ،جو کہ زیادہ تر سان فرانسسکو میں واقع ہیں، کی جانب سے فنڈنگ فراہم کی گئی ۔ امریکہ کی سرفہرست مالی کمپنیوں جن میں کلینر پرکنز، ٹائیگر گلوبل اور سویکوا شامل ہیں نے پاکستانی اسٹارٹ اپس کو پری سیڈ، سیڈ اور انکیوبیشن اسٹیج پر معاونت فراہم کرنی شروع کر دی ہے۔ سفیر پاکستان مسعود خان نے کہا کہ گذشتہ چند ماہ میں امریکہ اور پاکستان تجارت اور سرمایہ کاری اور اس کے ساتھ ساتھ صحت ، زراعت اور ٹیک سیکٹر میں دوطرفہ تعاون کے فروغ کے لئے کام کررہے ہیں۔ ہماری توجہ روابط، پیداوار اور ٹھوس نتائج کے حصول پر ہے اور اس کے ثمرات بہت جلد سامنے آئیں گے۔

  • چین:دوسری کنزیومر ایکسپو میں چینی اور غیر ملکی کاروباری اداروں کی زبردست شرکت

    چین:دوسری کنزیومر ایکسپو میں چینی اور غیر ملکی کاروباری اداروں کی زبردست شرکت

    بیجنگ :چین میں منعقدہ دوسری کنزیومر ایکسپو ہفتہ کے روز اختتام پزیر ہوئی۔چینی میڈ یا کے مطا بق اس دوران، چینی اور غیر ملکی کاروباری اداروں نے پرجوش طریقے سے نمائش میں شرکت کرتے ہوئے خریداری کی، جس سے چینی مارکیٹ کی بھرپور قوت اور زبردست کشش کا مظاہرہ ہوا ہے۔کنزیومر ایکسپو کے نمائشی ہال میں یومیہ اوسطاً ایک سو سے زائد نئی مصنوعات کی نمائش کی گئی جبکہ سو سے زائد پروموشن سرگرمیاں بھی بھرپور طریقے سے منعقد کی گئیں۔ کنزیومر ایکسپو کے متحرک پن نے پوری دنیا کے نمائش کنندگان کو چینی مارکیٹ کی مضبوط صلاحیت کی جانب راغب کیا ہے۔

    چین کے صدر سے ایرانی صدر کی ٹیلیفونک گفتگو،باہمی اورعالمی معاملات پرگفتگو،مشاورت

    چین میں فرانس کے سفیر لارینٹ بلی کے مطابق کنزیومر ایکسپو چین کی جانب سے بیرونی دنیا کے لیے اپنے کھلے پن کو وسعت دینے کا ایک اہم اشارہ ہے۔ انہوں نے چین کے مارکیٹ امکانات کے بارے میں بھرپور امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ رواں سال ایکسپو میں فرانس ، چین کے علاوہ حصہ لینے والا دوسرا بڑا ملک ہے۔ فرانسیسی کمپنیاں ہائی نان فری ٹریڈ پورٹ کی تعمیر میں حصہ لینے کے لیے آمادہ ہیں۔

    آگ سے مت کھیلو!چین کا امریکہ کوایک بارپھرانتباہ

    کنزیومر ایکسپو کے دوران تعاون کے حوالے سے دستخط شدہ دستاویزات کی مالیت 10 بلین یوآن سے تجاوز کر چکی ہے، جن میں بائیو ٹیکنالوجی، سروس کی کھپت، اور گھریلو زندگی جیسے مختلف زمروں کا احاطہ کیا گیا ہے۔

    چین میانمار کے خلاف اپنا اثر و رسوخ استعمال کرے، امریکا

  • ٹیکسز کی بھرمار، پبلک ٹرانسپورٹرز نے ملک گیر ہڑتال نے دھمکی دے دی

    ٹیکسز کی بھرمار، پبلک ٹرانسپورٹرز نے ملک گیر ہڑتال نے دھمکی دے دی

    حکومت کی جانب سے نئے ٹیکسز کی بھرمار پر پبلک ٹرانسپورٹرز نے ملک گیر ہڑتال دھمکی دے دی ۔تفصیلات کے مطابق انکم ٹیکس ، ٹول ٹیکس ، ٹوکن ٹیکس سمیت دیگر ٹیکسز میں بے جا اضافے کے خلاف ٹرانسپورٹرز میدان میں آگئے۔

    پبلک ٹرانسپورٹرز کی جانب سے لاری اڈا بادامی باغ سے لاہور پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔پبلک ٹرانسپورٹرز کی جانب سے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی اور دھمکی دی گئی کہ حکومت کی جانب سے 2 اگست تک ٹیکسز میں بے جا اضافہ واپس نہ لیا گیا تو ملک گیر ہڑتال ہو گی۔

    پبلک ٹرانسپورٹرز کی جانب سے احتجاج کے باعث ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے اور لاری اڈا بادامی باغ کے باہر مین روڈ پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔

    چیئرمین ایکشن کمیٹی کا کہنا ہے کہ یکم اگست کو گورنر ہاؤس کے باہر احتجاجی ریلی نکالی جائے گی ۔حکومت کی جانب سے ہمارے مطالبات پورے نہ ہوئے تو تاریخی ہڑتال ہو گی ۔

     

     

    ادھر دوسری طرف وفاقی کابینہ نے پٹرول اور ڈیزل پر ڈیلرز مارجن 7 روپے بڑھانے کی سمری منظور کر لی۔‏مہنگائی کے ستائے عوام پر مزید بوجھ ڈال دیا گیا، وفاقی کابینہ نے ڈیلرز مارجن بڑھانے کی سمری سرکولیشن کے ذریعے منظورکر لی، پٹرول، ڈیزل پر ڈیلر مارجن بڑھا کر 7 روپے فی لٹر مقرر کرنے کی دی۔

    منظوری ڈیزل پر ڈیلر مارجن میں 2 روپے 87 پیسے کے منظوری دی گئی، پٹرول کے فی لٹر پر ڈیلر مارجن میں 2 روپے 10پیسے کا اضافہ منظور کیا گیا، ڈیلرز مارجن میں اضافے کا اطلاق یکم اگست سے ہو گا۔

    مارجن میں اضافے سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی اضافے کا خدشہ ہے، پٹرولیم ڈیلرز کی جانب سے 18 جولائی کو ملک بھر میں ہڑتال کی کال دی گئی تھی، ہڑتال کی کال پر پٹرول ڈویژن نے مذاکرات کے ذریعے ڈیلرز مارجن بڑھانے کی حامی بھری تھی۔

  • چیف الیکشن کمشنر کیخلاف ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ بلیک میلنگ کے مترادف ہے، سلیم مانڈوی والا

    چیف الیکشن کمشنر کیخلاف ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ بلیک میلنگ کے مترادف ہے، سلیم مانڈوی والا

    اسلام آباد:سابق وفاقی وزیر خزانہ سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کیخلاف ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ بلیک میلنگ کے مترادف ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر خزانہ سلیم مانڈوی والا نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس سے بچنے کیلئے الیکشن کمیشن پر دباؤ ڈال رہی ہے، ایک آزاد اور خودمختار ادارے کو دھمکیوں کے ذریعے ڈرایا نہیں جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان خود چیف الیکشن کمشنر کی تعریف کیا کرتے تھے، اب ایسا کیا ہوگیا کہ اسی چیف الیکشن کمشنر پر انکا اعتماد نہیں رہا؟

    سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ تحفظات کے باوجود پیپلزپارٹی الیکشن کمیشن کے ساتھ کھڑی ہے، چیف الیکشن کمشنر کیخلاف ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ بلیک میلنگ کے مترادف ہے۔عمران خان کا چیف الیکشن کمشنر کے خلاف جوڈیشل ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ

    چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کے خلاف جوڈیشل ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی زیرِ صدارت پارٹی قیادت کا اہم اجلاس ہوا جس میں شاہ محمود قریشی، فواد چوہدری، بابر اعوان، شیریں مزاری، فرخ حبیب اور ڈاکٹر شہباز گل نے شرکت کی۔

    اجلاس میں الیکشن کمیشن ممبران کی حکومتی اتحاد کے وفد سے ملاقات کا معاملہ زیرِ غور آیا جبکہ پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کے کردار کا جائزہ بھی لیا گیا۔

    پی ٹی آئی قیادت نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن ارکان کی حکومتی وفد سے ملاقات پر شدید تشویش کا اظہار کیا، پی ٹی آئی قیادت کا کہنا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی جانب سے کوڈ آف کنڈکٹ کی دھجیاں اڑائی گئیں۔

    چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کے خلاف جوڈیشل ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا اور الیکشن کمیشن کے خلاف صوبائی حکومتوں میں بھی کارروائی کا اعلان کردیا۔