Baaghi TV

Author: +9251

  • بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات 29 مئی کو ہونگے:میرضیاء اللہ لانگو

    بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات 29 مئی کو ہونگے:میرضیاء اللہ لانگو

    کوئٹہ :بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات 29 مئی کو ہونگے:اطلاعات کے مطابق میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا ہے کہ بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات 29 مئی کو ہونگے۔اس حوالے سے مشیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے دوران امن وامان کو برقرار رکھنے کے لئے سیکیورٹی پلان ترتیب دے دیا گیا ہے۔

     

     

    مشیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ 32اضلاع کے پولنگ اسٹیشن پر پولیس اور لیویز کے21ہزار سے زائد اہلکار اور افسران تعینات ہونگے، حساس ترین پولنگ اسٹیشن پر پولیس اور لیویز کے علاوہ پاک فوج اور ایف سی کو بھی ہائی الرٹ رکھا گیا ہے۔

     

     

    میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا ہے کہ کسی ہنگامی صورتحال میں پاک فوج اور ایف سی کو کوئیک ریسپانس فورس کے طور پر رکھا گیا ہے، حساس ترین پولنگ اسٹیشن پر ضرورت پڑنے پر پاک فوج کو بھی بلایا جاسکتا ہے۔

     

     

    مشیر داخلہ بلوچستان نے کہا ہے کہ فل پرف سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے موثر حکمت عملی اپنائی گئی ہے، امن وامان سے متعلق اجلاس میں صوبے کی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی جائزہ لیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کو حق رائے کے دوران پرامن ماحول کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان کی ہدایت پر تمام معاملات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔

     

     

    مشیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ عوام ووٹ کا استعمال کرکے اپنے حق رائے دہی میں ضرور حصہ لے، عوام بلا خوف و خطر پولنگ اسٹیشن پہنچ کر اپنا حق رائے دہی استعمال کریں۔

  • حمزہ شہبازکی بچگانہ حرکتیں:اثرات بڑوں پر ہوں گے:پرویز الہٰی

    حمزہ شہبازکی بچگانہ حرکتیں:اثرات بڑوں پر ہوں گے:پرویز الہٰی

    لاہور:حمزہ شہبازکی بچگانہ حرکتیں:اثرات بڑوں پر ہوں گے:اطلاعات کے مطابق پنجاب اسمبلی پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ حمزہ شہباز بچوں والی حرکتیں کر رہا ہے اس کے اثرات بڑوں پر ہی ہوں گے اور آپ دیکھیں گے یہ اثرات دنوں میں آئیں گے۔

     

     

    اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہٰی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حمزہ شہبازجو کررہاہے وہ بچوں والی حرکتیں ہیں، بچے کو اتنی بڑی چیز پکڑا دی ہےکہ وہ کھلونا سمجھ کر کھیل رہاہے، آئی جی اور چیف سیکریٹری حمزہ شہباز کے ذاتی ملازم بنے ہوئے ہیں، آئین میں بھی یہ چیز نہیں کہ قومی اسمبلی کا اسپیکرآکرحلف لے،عدالت میں چیزیں لے کر جارہےہں ، قانون کے مطابق حساب لیا جائیگا ، مذاکرات چوروں سے نہیں ہوتے اس لئے عدلیہ سے کردار ادا کرنے کو کہا ہے، پہلے بھی عدلیہ کے فیصلے کی بدولت لوٹے ڈی نوٹیفائی ہوئے تھے۔پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ ان کی نوکریاں ختم ہوں گی، ایک ایک سے حساب لیا جائیگا ، پریولیج ایکٹ کے تحت ہم ان کو4ماہ کی سزائیں دینگے۔

     

     

    اسپیکر پنجاب اسمبلی کا مزید کہنا تھا کہ ان سے تو امید نہیں کی جاسکتی یہ تو جھوٹ بولتے ہیں، اوورسیز پاکستانیوں کے حق کے لیے عدلیہ کے پاس جارہے ہیں، عمران خان نے حکومت کو 6 روز کی مہلت دی ہے، یہ نا سمجھنا کہ ڈیل ہوگئی ہے انھیں الیکشن کا اعلان کرناہوگا، عمران خان نے درست کہا ہے کہ عدلیہ اس صورتحال کا نوٹس لے۔

     

     

    انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے صرف پٹرول نہیں ڈیزنل سمیت دو بم گرائے گئے، اس سے ٹرانسپورٹ کےکرایوں میں 50فیصد اضافہ ہوگا، سبزیاں اور پھلوں کی قیمتیں بھی بڑھ جائیں گی، کسان ڈیزل کا استعمال کرتے ہیں، جس کی قیمتیں اب آسمانوں پر ہیں، اس مہنگائی میں غریب تو پس کر رہ جائیگا۔، نواز شریف کہتا تھا رات میں ڈاکا مارا گیا تو اب کیا دن میں ڈاکا مارا ہے۔پرویز الہٰی کا یہ بھی کہنا تھا کہ عدلیہ کےحکم کےباوجود ابھی تک رہائی کا عمل مکمل نہیں ہو سکا اور ہمارے ایم پی ایز کو جیلوں میں ڈالا گیا ہے۔

  • ورلڈ ٹیسٹ چیمپئین شپ،سری لنکا نےپاکستان کو پیچھےچھوڑدیا

    ورلڈ ٹیسٹ چیمپئین شپ،سری لنکا نےپاکستان کو پیچھےچھوڑدیا

    کولمبو:سری لنکا نے بنگلہ دیش کے خلاف حالیہ سیریز میں فتح حاصل کرنے کے بعد ورلڈ ٹیسٹ چیمپئین شپ کے پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بنگلادیش کے خلاف سیریز میں کامیابی کے بعد سری لنکا پوائنٹس ٹیبل پر چوتھے نمبر پر آگیا جبکہ پاکستان پانچویں نمبر پر چلا گیا ہے۔سری لنکا نے بنگلہ دیش کو دوسرے ٹیسٹ میں 29 رنز کے ہدف کے تعاقب میں شکست دے کر سیریز 1-0 سے اپنے نام کر لی۔

    سری لنکا کے اسیتھا فرنینڈو کو 10 وکٹیں لینے پر پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔تجربہ کار اینجلو میتھیوز کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا کیونکہ انہوں نے دو میچوں میں دو سنچریوں سمیت 344 رنز بنا ئے۔

    پوائنٹس ٹیبل پر40 پوائنٹس کے ساتھ سری لنکا چوتھے نمبر پر ہے اور پاکستان 44نمبر کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے ،تاہم سری لنکا کی بہتر وننگ اوسط نے پاکستان کو پانچویں نمبر پر پہنچا دیا۔پاکستان کا وننگ اوسط 52 اعشاریہ 38 ہے جبکہ سری لنکا کا 55.56 ہے۔ورلڈ ٹیسٹ چیمپئین شپ کے پوائنٹس ٹیبل پر آسٹریلیا 75.00 وننگ اوسط کے ساتھ سر فہرست ہے۔

    واضح رہے کہ پاکستان سری لنکا کے خلاف جولائی میں دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز کھیلے گا۔

    اس سے پہلے سری لنکا نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں بنگلادیش کو 10 وکٹوں سے شکست دے دی۔تفصیلات کے مطابق سری لنکا کو جیت کے لیے 29 رنز کا ہدف ملا جو اس نے بغیر کسی نقصان کے 3 اوورز میں ہی حاصل کرلیا۔اوشادا فرنانڈو 21 اور کپتان دیموتھ کرونا رتنے 7 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔

    بنگلادیشی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں صرف 169 رزن پر ڈھیر ہوگئی تھی۔شکیب الحسن 58 اور لٹن داس 52 رنز بناکر نمایاں رہے تھےجبکہ مشفق الرحیم 23 اور محمود الحسن جوئے 15 رنز بناسکے۔ان کے علاوہ کوئی دیگر کھلاڑی ڈبل فیگرز میں داخل نہ ہوسکا ۔

    سری لنکا کی جانب سے اسیتھا فرنانڈو نے نے شاندار بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 وکٹیں حاصل کیں اور سری لنکا کی جانب سے چمندا واس کے بعد ٹیسٹ میچ میں 10 وکٹیں لینے والے دوسرے فاسٹ بولر بن گئے۔کسوتھ راجیتھا نے 2 اور رمیش مینڈس نے ایک وکٹ حاصل کی۔

    اس سے قبل بنگلا دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 365 رنز بنائے تھے۔ مشفق الرحیم نے ناقابل شکست 175 رنز کی اننگز کھیلی تھی جبکہ لٹن داس نے 141 رنز بنائے تھے۔سری لنکا کی جانب سے کسون راجیتھا نے 5 اور اسیتھا فرنانڈو نے 4 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

    سری لنکن نے ٹیم نے پہلی اننگز میں 506 رنز بنائے تھے۔اینجلو میتھیوز 145 رنز بناکر ناقابل شکست رہے تھے جبکہ دنیش چندیمل نے 124 ، کپتان دیموتھ کرونا رتنے نے 80 اور اوشادا فرنانڈو نے 57 رنز بنائے تھے۔

    بنگلا دیش کی جانب سے شکیب الحسن نے 5 اور عبادت حسین نے 4 وکٹیں حاصل کی تھیں۔اس فتح کے ساتھ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شامل دو ٹیسٹ میچز کی سیریز 0-1 سے سری لنکا کے نام ہوگئی۔یاد رہے کہ دونوں ٹیموں کے مابین پہلا ٹیسٹ میچ ڈرا ہوگیا تھا۔

  • ڈی سی کراچی نے نکال لیا حل مہنگے پٹرول کا،گاڑی کو بائے بائے،موٹرسائیکل  ہمسفر

    ڈی سی کراچی نے نکال لیا حل مہنگے پٹرول کا،گاڑی کو بائے بائے،موٹرسائیکل ہمسفر

    کراچی میں کردیا ڈپٹی کمشنر نے حیران ،کفایت شعاری کی مثال قائم کر دی ، ڈپٹی کمشنر پیٹرول مہنگا ہونے پر موٹر سائیکل پر دفیر آگئے.

    ایف بی آر کے ماتحت محکمے ڈائریکٹوریٹ انٹیلیجنس اینڈ انویسٹیگیشن آئی آر کراچی میں تعینات 38کامن سے تعلق رکھنے والے گریڈ 18 کے ڈپٹی کمشنر آصف ابڑو نے پیٹرول مہنگا ہونے کا حل ڈھونڈ لیا ہے۔ایف بی آر کے ڈپٹی کمشنر نے پیٹرول دسترس سے باہر ہونے پرآج سے گاڑی چلانا چھوڑ دی ہے۔

    سوشل میڈیا پر انکی جانب سے موٹرسائیکل پر دفتر جانے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ان کا کہنا ہے کہ تنخواہ ایک لاکھ 17 ہزار روپے ہے اور اس تنخواہ میں گاڑی کا پیٹرول پورا نہیں کرسکتا، مہنگائی سے تنگ آکر اسکا مقابلہ کرنے کے لیے موٹرسائیکل کے استعمال کا فیصلہ کر لیا ہے.

    آصف ابڑوکا کہنا تھا کہ موٹرسائیکل کا استعمال شروع کرنے پر دوستوں اور رشتہ داروں نے حیرت کا بھی اظہار کیا ہے لیکن جب میں عام لوگوں کی حالت زار دیکھتا ہوں تو جو کچھ میری استطاعت میں ہے اس پر میں اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ میرا مقصد سستی شہرت کا حصول نہیں بلکہ میں اپنی اندرونی حالت اجاگر کرنا چاہتا ہوں جو کہ کروڑوں پاکستانیوں کی ہے اور یہ قدم دوسروں کو آگاہی دینے کے لیے اٹھایا ہے تاکہ پاکستان کو بحرانی کیفیت سے نکالا جا سکے۔ اگر موٹرسائیکل کے استعمال سے میرا کنوینس بل کم ہوجاتا ہے تو پھر میں اپنے دیگر گھریلو اخراجات پر قابو پانے کے بارے بھی سوچ رہا ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ مجھے حیرت ہے کہ میں پاکستان کے ریونیو میں کروڑوں روپے کا حصہ ڈالتا ہوں لیکن میری اپنی حالت روز بروز بگڑتی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ سرکاری ملازمین کے ای اینڈ ڈی اور کنڈٹ رولز سے واقف ہیں لیکن انکا مقصد حکومت کو بدنام کرنا نہیں کیونکہ وہ بھی ایک انسان ہیں اور ملک کے حالات اس نہج تک پہنچ گئے ہیں تو عام آدمی کا کیا حال ہوگا۔

  • آرمی چیف کا کوہ پیما علی رضا سدپارہ کےانتقال پراظہار افسوس

    آرمی چیف کا کوہ پیما علی رضا سدپارہ کےانتقال پراظہار افسوس

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کوہ پیما علی رضا سدپارہ کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کوہ پیما علی رضا سدپارہ کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے۔

     

     

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ اللہ تعالیٰ علی رضا مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔کوہ پیما علی رضا سدپارہ انتقال کر گئے

     

    تفصیلات کے مطابق 66 سالہ کوہ پیما علی رضا پہاڑ سے گر کر زخمی ہونے کے باعث گزشتہ کچھ دنوں سے ریجنل اسپتال میں زیرعلاج تھے۔کوہ پیما علی رضا سدپارہ 1986 سے کوہ پیمائی کے شعبے سے وابستہ رہے اور انہیں رواں سال کے ٹو کی مہم جوئی پر جانا تھا۔علی رضا سدپارہ نے 8 ہزار میٹر سے بلند چار چوٹیوں کو 16 بار سر کیا تھا۔

     

     

     

     

     

     

    پاکستان کے نامور کوہ پیما علی رضا سدپارہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے 56 برس کی عمر میں اسکردو میں انتقال کرگئے۔

    علی رضا سدپارہ 17 مئی کو پہاڑ سے پھسل کر کھائی میں گرنے کے بعد شدید زخمی ہوگئے تھے، جس کے بعد انہیں اسکردو کے ضلعی ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ کئی روز سے زیر علاج تھے۔

    گرنے کے سبب علی رضا سدپارہ کی ریڑھ کی ہڈی اور پسلیاں ٹوٹ گئی تھیں اور گہرے زخم آئے تھے جن کے سبب وہ جمعہ (آج) کی صبح زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کر گئے۔

    علی رضا سدپارہ اس موسم گرما میں دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی ’کے ٹو‘ سر کرنے کا ارداہ رکھتے تھے، ان کی نماز جنازہ اسکردو کے گاؤں اولڈنگ میں ادا کی جائے گی۔

     

    کوہ پیما علی رضا نے اپنے کیریئر کا آغاز 1986 سے کیا، انہیں پاکستان کی 8 ہزار میٹر سے زائد بلند چوٹیوں کو 17 بار سر کرنے کا اعزاز حاصل تھا، جن میں 8 ہزار 47 میٹر اونچی چوٹی براڈ پیک، 8 ہزار 35 میٹر اونچی چوٹی گاشبرم ٹو، 8 ہزار 68 میٹر اونچی چوٹی گاشبرم ون اور 8 ہزار 125 میٹر اونچی نانگا پربت شامل ہیں۔

    اس کے علاوہ انہوں نے سیا کنگری، بلتورو کنگری اور اسپانٹک چوٹیوں کو بھی سر کیا، علی رضا سدپارہ نے نامور کوہ پیما مرحوم علی سدپارہ، حسن سدپارہ اور دیگر کوہ پیماؤں کو تربیت بھی دی تھی۔

    علی رضا سدپارہ کے انتقال پر کوہ پیماؤں، سیاست دانوں، صحافیوں، سول سوسائٹی کے اراکین نے سوگوار خاندان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا اور کوہ پیمائی کے میدان میں ایک بڑا نقصان قرار دیا ہے، انہوں نے ایڈوینچر سیاحت کے فروغ کے لیے علی رضا سدپارہ کی کاوشوں کو بھی سراہا۔

  • پی ٹی آئی اپنے کارکنوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی:شفقت محمود

    پی ٹی آئی اپنے کارکنوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی:شفقت محمود

    پی ٹی آئی صدر پنجاب شفقت محمود نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اپنے کارکنوں کو تنہاء نہیں چھوڑے گی۔اطلاعات کے مطابق تفصیلات کے مطابق شفقت محمود کی صدارت میں سینئر وکلاء کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں لانگ مارچ کے دن ورکروں پر پولیس تشدد، شیلنگ، چادر اور چار دیواری کی پامالی، جھوٹے مقدمات او ر شہید ورکر کے حوالے سے مشاورت ہوئی۔

    شفقت محمود کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی اپنے کارکنوں کو تنہاء نہیں چھوڑے گی، پی ٹی آئی اپنے شہید کارکن فیصل عباس کی فیملی کو انصاف دلائی گی، ریاستی دہشتگردی میں ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف سخت سے سخت قانونی چارہ جوئی کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ انتقام کا نشانہ بنانے والے پولیس اہلکاروں کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑے کریں گے، پی ٹی آئی کے ورکرز پر پولیس آفیسر ز اور اہلکار ریاستی نہیں گلو بٹوں کی طرح تشدد اور شیلنگ کرتے رہے۔ان کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس کی بربریت اور سفاکیت کی ماضی میں مثال نہیں ملتی، سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود رہا کرنے کی بجائے پولیس نے ورکروں پر تشدد کا نشانہ بنایا۔

    اجلاس میں سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی پنجاب مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ پولیس کی انتقامی کاروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہیں، رانا ثناء اللہ کی ایماء پر صوبے بھر میں پولیس نے پی ٹی آئی کے رہنماؤں اور ورکروں پر تشدد کیا۔اجلاس میں برہان معظم ملک ایڈووکیٹ سپریم کورٹ، عمیر نیازی ایڈووکیٹ، انیس ہاشمی ایڈووکیٹ، سعید الحسن جعفری، رانا مدثر ایڈووکیٹ، زینب عمیر ایڈووکیٹ، شیخ امیتاز۔ میاں عبدالصد، شنیلا علی عباس نے شرکت کی۔

  • سابق افغان خاتون جج کو انسانی حقوق کا بین الاقوامی ایوارڈ

    سابق افغان خاتون جج کو انسانی حقوق کا بین الاقوامی ایوارڈ

    افغانستان کی سابق خاتون جج کو انسانی حقوق کا بین الاقوامی ایوارڈ تفویض کیا گیا ہے، 48 سالہ فوزیہ امینی لندن کے ہوٹل میں قیام پذیر ہیں اور افغان خواتین کے لیے آواز اٹھا رہی ہیں۔فوزیہ امینی نے پچھلے برس طالبان کے برسرِ اقتدار آنے کے بعد ملک چھوڑ دیا تھا۔فوزیہ سابقہ افغان حکومت میں خواتین کے شعبہ قانون کی سربراہ رہ چکی ہیں، فوزیہ امینی نے سپریم کورٹ کی سینئر جج کے فرائض انجام دیئے ہیں اور خواتین کے خلاف تشدد سے متعلق قائم کی گئی ایک عدالت کی سربراہ کے طور پر بھی کام کیا ہے۔

    برطانوی اخبار گارڈین کے مطابق فوزیہ امینی ان تین افغان خواتین میں سے ہیں جنہوں نے اس سال کا ’لینٹوس ایوارڈ‘ جیتا ہے۔ یہ ایوارڈ انسانی حقوق سے متعلق ایک معتبر عالمی ایوارڈ ہے، ماضی میں دلائی لامہ کو بھی یہ ایوارڈ دیا جاچکا ہے۔

    ایوارڈ جیتنے والی دیگر دو افغان خواتین جنہیں لینٹوس ایوارڈ دیا گیا ان میں افغانستان کی ٹیک کمپنی کی پہلی خاتون سی ای او رویا محبوب اور افغان ویمن فٹبال ٹیم کی کپتان خالدہ پوپل شامل ہیں۔ سابق خاتون جج اپنے خاوند اور چار بیٹیوں کے ہمراہ لندن کے ہوٹل میں گزشتہ 9 ماہ سے قیام پذیر ہیں۔ وہ افغانستان کی 93 خواتین ججز اور ان کے خاندانوں کو افغانستان سے باہر نکالنے کی کوشش کر رہی ہیں۔

  • وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرِ صدارت امن و امان پر اجلاس

    وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرِ صدارت امن و امان پر اجلاس

    کراچی :وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرِ صدارت امن و امان پر اجلاس ہوا ہے۔تفصیلات کے مطابق اجلاس میں آئی جی پولیس، پرنسپل سیکریٹری فیاض جتوئی، ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن، ایڈیشنل آئی جی اسپشل برانچ جاوید اوڈھو شریک ہوئے۔

    وزیر اعلیٰ سندھ نے شہر بھر میں امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ لی، انہوں نے سندھ پولیس پیٹرولنگ بڑھانے کے حوالے سے ایڈیشنل آئی جی کراچی کو ہدایات دیں۔وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ڈرگ مافیا، لینڈ گریبرز اور اسٹریٹ کرمنلز کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن جاری رکھنے کی ہدایت دی، انہوں نے شہر میں بہتر ٹریفک مینجمنٹ کیلئے بھی ہدایت کی۔

    ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ عوام کا اس بات سے کوئی تعلق نہیں ہے کہ کون سا علاقہ کس ادارے کے زیرِ انتظام ہے۔تفصیلات کے مطابق مرتضیٰ وہاب کی صدارت میں اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنر، ایڈمنسٹریٹر، میونسپل کمشنرز اور سینئر افسران نے شرکت کی۔

    ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ مون سون کی آمد سے قبل برساتی پانی کی نکاسی کے تمام انتظامات مکمل کیے جائیں، علاقوں کی حدود و قیود سے آزاد ہو کر مون سون کی برسات سے نمٹنے کے لیے انتظامات کیے جائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ عوام کا اس بات سے کوئی تعلق نہیں ہے کہ کون سا علاقہ کس ادارے کے زیرِ انتظام ہے، پلاسٹک کی تھیلیوں کے استعمال پر 15 جون سے مکمل پابندی عائد ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ کسی بھی گرام اور کسی بھی میٹریل سے تیار کردہ پلاسٹک کی تھیلیوں کا استعمال مکمل طور پر ممنوع ہوگا، 15 جون کے بعد پلاسٹک کی تھیلیاں استعمال کرنے والے مینو فیکچررز اور دکانداروں پر جرمانے عائد کیے جائیں گے۔

  • ملک میں ڈالر کی مسلسل اونچی اڑان تھم گئی، سونا بھی سستا ہوگیا

    ملک میں ڈالر کی مسلسل اونچی اڑان تھم گئی، سونا بھی سستا ہوگیا

    انٹر بینک میں ڈالر 1 روپے 21 پیسے سستا ہوکر 200 روپے 80 پیسے کا ہوگیا، پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بھی کاروبار کا مثبت آغاز ہوا ہے۔ ملک میں ڈالر کی مسلسل اونچی اڑان آج دن کے آغاز پر تھم گئی ہے اور انٹر بینک میں ڈالر سستا ہونا شروع ہو گیا ہے۔

    دوسری جانب پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں کاروبار کا مثبت آغاز ہوا ہے اور 100 انڈیکس800 پوائنٹس اضافے سے43 ہزار 313 پوائنٹس پر موجود ہے۔

    معاشی ماہرین کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر مارکیٹ مثبت ہے۔واضح رہے کہ آئی ایم ایف کے دباؤ کے بعد گزشتہ شب ملک میں پیٹرول ، ڈیزل اور مٹی کا تیل 30 روپے لیٹر مہنگا ہوا ہے۔ وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف پیٹرول کی قیمت بڑھانے تک قرض دینے کیلئے تیار نہیں۔انہوں نے مزید کہا تھا کہ پیٹرول کی قیمت نہیں بڑھا رہے تھے تو روپیہ گر رہا تھا۔

    مفتاح اسماعیل کا مزید کہنا تھا کہ سابق حکومت میں فروری تک پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں اضافہ ہوا، سابق حکومت نے پٹرول کی قیمت کو فکسڈ رکھا۔ پٹرولیم مصنوعات کے لیے عوام پر کچھ نہ کچھ بوجھ ڈالنا ناگزیر ہوگیا، پٹرول پر سبسڈی کا امیر اور غریب دونوں فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ مفتاح اسماعیل نے بتایا کہ15 دن میں 55 ارب روپے کا نقصان برداشت کر چکے ہیں.

    ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 2100 روپے کی بڑی کمی ہوئی ہے۔ سندھ صرافہ بازارجیولرزایسوسی ایشن کے مطابق سونےکی فی تولہ قیمت 2100 روپےکم ہوکر ایک لاکھ 41 ہزار 200 روپے ہوگئی ہے۔ 10 گرام سونے کی قدر 1800 روپےکم ہوکر 121056 روپے ہے جبکہ عالمی صرافہ بازار میں سونے کا بھاؤ 14 ڈالر بڑھ کر 1860 ڈالر فی اونس ہوگیا ہے۔

  • کوئٹہ:صوبےمیں بلدیاتی انتخابات کےحوالے سےاعلیٰ سطحی اجلاس

    کوئٹہ:صوبےمیں بلدیاتی انتخابات کےحوالے سےاعلیٰ سطحی اجلاس

    کوئٹہ : چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی کی زیر صدارت صوبے میں بلدیاتی انتخابات میں سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس کا انعقاد کوئٹہ میں ہوا۔ چیف سیکرٹری نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے لئے تمام تیاریاں مکمل ہیں۔32 اضلاع میں انتخابات کرائے جائیں گے۔ پرامن اور شفاف انتخابات صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

    چیف سیکرٹری بلوچستان نے حساس اضلاع میں سکیورٹی فورسز کی اضافی نفری تعینات کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے مضبوط روابط قائم رکھیں۔ بلدیاتی انتخابات کے لئے سکیورٹی، کمیونیکیشن اور ٹرانسپورٹ پلان ترتیب دے دیا گیا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں گے۔ اس کے علاوہ آنے والے بلدیاتی انتخابات کے تناظر میں پورے صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

    اجلاس کے دوران چیف سیکرٹری نے پورے صوبے میں سکیورٹی انتظامات میں اضافے کے لئے ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات بھی جاری کئے۔ انہوں نے مقامی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی قیادت سے رابطہ مربوط بنایا جائے اور انہیں حکومت کی طرف سے کئے گئے سکیورٹی انتظامات کے بارے میں آگاہ کیا جائے۔ سیاسی قیادت اور انتظامیہ ایک دوسرے سے تعاون کو بڑھائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کو روکا جا سکے۔

    چیف سیکرٹری نے آنے والے انتخابات کے پرامن اور احسن انداز میں انعقاد کو یقینی بنانے کی ہدایت دی اور کہا کہ اگر ضرورت پڑی تو وہ خود مختلف اضلاع کا دورہ کرکے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیں گے۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، آئی جی پولیس، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ، جوائنٹ ڈائریکٹر جنرل آئی بی، صوبائی الیکشن کمشنر اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔