Baaghi TV

Author: +9251

  • پاکستان میں ہر چار میں سے ایک شخص ذیابیطس کا شکار

    پاکستان میں ہر چار میں سے ایک شخص ذیابیطس کا شکار

    ذیابیطس کے عالمی دن کے موقع پر بین الاقوامی ذیابیطس فیڈریشن (آئی ڈی ایف)نے نئے اعداد وشمار جاری کردیئے ہیں جو پوری دنیا میں ذیابیطس کے پھیلاؤ کے خطرناک اعدادوشمار کو ظاہرکرتے ہیں۔نئے اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں 16فیصد اضافی(74ملین )کے ساتھ 547ملین بالغ افراد ذیابیطس کا شکار ہوچکے ہیں۔
    آئی ڈی ایف ذیابیطس اٹلس کے دسویں ایڈیشن میں شائع ہونے والی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ذیابیطس کے پھیلاؤ میں پاکستان دنیامیں سرِفہرست آچکا ہے جہاں ہر چار میں سے ایک شخص (26.7فیصد) ذیابیطس کے ساتھ زندگی گذار رہا ہے۔2019میں آئی ڈی ایف کے آخری شائع شدہ تخمینے کے بعد سے پاکستان میں ذیابیطس کے پھیلائو میں خطرناک حد تک اضافہ ہوگیا ہے۔

    2021میں ملک میں 33ملین بالغ افراد ذیابیطس کے ساتھ زندگی گذار رہے ہیںجو 2019کے اعداد و شمار سے 70فیصد زائد ہے۔رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ 2021میں ذیابیطس سے ملک میں 400,000سے زائد اموات کا شکار ہوچکے ہیں جبکہ پاکستان میں اضافی 11ملین بالغ افرادمیں خراب گلوکوز برداشت یا Impaired Glucose Tolerence(IGT)پایا گیا ہے جو انہیں ٹائپ 2ذیابیطس ہونے کے خطرے سے دوچار کرسکتا ہے۔
    واضح رہے کہ پاکستان میں ذیابیطس کا شکار ایک چوتھائی سے زائد (26.9فیصد)بالغ افراد کی تشخیص نہیں ہوپاتی۔ جب ذیابیطس کا پتہ نہیں چلتا یا مناسب طریقے سے علاج نہیں کیا جاتا تو اس مرض کا شکار افراد کو سنگین اور دل کے دورے ،فالج ، گردوں کی خرابی ، اندھا پن اور اعضاء کا نچلہ حصہ کٹ جانا جیسی جان لیوا پیجیدگیوں کا خطرہ لاحق ہوجاتا ہے ۔بقائی انسٹیٹیوٹ آف ڈائبیٹالوجی اینڈ اینڈوکرئنالوجی(Diabetology & Endocrinology) اورآئی ڈی ایف ڈائیبیٹیس اٹلس کمیٹی کے ممبر پروفیسر عبدالباسط کے مطابق پاکستان میں ذیابیطس کی تیزی سے بڑھتی ہوئی سطح ملک میں لوگوں اور خاندانوں کی صحت اور تندرستی کیلئے ایک اہم چیلنج ہے ۔

  • الیکشن کمیشن میں‌ ممبران کی تعیناتی :حکومت پارلیمانی کمیٹی میں 6+6 کے فارمولے پراپوزیشن راضی ہوگئی

    الیکشن کمیشن میں‌ ممبران کی تعیناتی :حکومت پارلیمانی کمیٹی میں 6+6 کے فارمولے پراپوزیشن راضی ہوگئی

    اسلام آباد :حکومت پارلیمانی کمیٹی میں 6+6 کے فارمولے پراپوزیشن راضی ہوگئی ،اطلاعات کے مطابق الیکشن کمیشن کے 2 ارکان کی تعیناتی کے معاملے پر حکومت نے پارلیمانی کمیٹی میں مساوی نمائندگی کا اپوزیشن کا مطالبہ تسلیم کرلیا۔

    ذرائع کے مطابق اپوزیشن اور حکومت کے پارلیمانی کمیٹی میں 6، 6 مساوی ارکان ہوں گے جبکہ پارلیمانی کمیٹی کی چیئر پرسن شیری مزاری ہوں گی۔اس حوالے سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ جب سے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس ملتوی ہوا ہے اس وقت سے لیکراب تک یہی مشاورت چل رہی تھی ، تاہم اب یہ معاملہ اپنے انجام کو پہنچ گیا ہے

    آج کے اس حوالے سے اہم اجلاس کے بارے میں حکومتی ذرائع نے بتایا کہ پارلیمانی کمیٹی سے شفقت محمود، خالدہ اطیب، کامل علی آغا اور سینیٹر ہدایت اللہ کو ڈراپ کردیا گیا ہے جبکہ کمیٹی میں اعظم سواتی، فواد چوہدری، تاج حیدر، اعظم نذیر تارڑ اور منظور کاکڑ شامل ہوں گے۔

    ذرائع کے مطابق نظر ثانی شدہ پارلیمانی کمیٹی کا پہلا اجلاس 15 نومبر کو طلب کرلیا گیا، پارلیمانی کمیٹی خیبر پختونخوا اور پنجاب کے ممبران کے تقرر پر غور کرے گی۔

    خیال رہے کہ کمیٹی کے اس قبل دو اجلاس اپوزیشن تحفظات کے باعث بلاکر ملتوی کیے گئے تھے، پہلی کمیٹی میں حکومت کے 7 اور اپوزیشن کے 5 ممبران کو لیا گیا تھا۔

  • وزیراعظم کواچھی اطلاع دے دی گئی

    وزیراعظم کواچھی اطلاع دے دی گئی

    اسلام آاباد :وزیراعظم کواچھی اطلاع دے دی گئی ،اطلاعات کے مطابق شوگر ملز ایسوسی ایشن نے وزیراعظم کو چینی کی جلد پروڈکشن کی یقین دہانی کرادی
    وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت اپنا کام کرے گی شوگرانڈسڑی اپنا کام کرے۔

    بعض ذمہ دار ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ کسی نے عمران خان کواچھا مشوریہ دیا اور انہوں نے تصادم کی بجائے مفاہمت کا راستہ اختیار کیا ہے ،یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ عمران خان سے ملاقات میں شوگر ملز ایسوسی ایشن نے 20 نومبر سے پہلے چینی کی پروڈکشن شروع کرنے کا یقین دلادیا۔

    ایسوسی ایشن کے چیئرمین ذکا اشرف نے بتایا کہ حکومت اور شوگر انڈسٹری کے تمام معاملات حل ہوگئے ہیں، وزیراعظم کو ملک میں چینی کی قیمتوں میں استحکام کے لیے مل کر کام کرنے کا کہا، حکومت سے شکوہ تھا جو دور ہو گیا۔

    ایسوسی ایشن کے چیئرمین ذکا اشرف نے کہا کہ حالات نارمل ہو جائیں گے، چینی کی قیمت کاتعین مارکیٹ فورسز کریں گی، گنےکے نرخ مقرر کرنا صوبوں کا اختیار ہے۔

    خیال رہے کہ ملک بھر میں چینی کا بحران پیدا ہوگیا تھا جس کی وجہ سے گزشتہ دنوں فی کلو قیمت 160 روپے تک جاپہنچی تھی۔

  • قطرکے افغان طالبان سے امریکی مفادات کا ضامن ہوگا:امریکہ کا اعلان

    قطرکے افغان طالبان سے امریکی مفادات کا ضامن ہوگا:امریکہ کا اعلان

    کابل:افغانستان میں امریکی مفادات کے تحفظ کی ذمہ داری قطر کے سپرد ،اطلاعات کے مطابق واشنگٹن میں قطری ہم منصب کا خیر مقدم کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے معاہدے پر دستخط کیے جہاں معاہدے کے تحت قطر سفارتخانے میں امریکی مفادات کا شعبہ قائم کرنے پر اتفاق کیا ہے کیونکہ امریکا افغانستان میں اپنا سفارتخانہ بند کر چکا ہے۔

    انٹونی بلنکن نے کہا کہ قطر افغانستان میں امریکی شہریوں کو قونصلر اور دیگر خدمات فراہم کرنے کے لیے کابل میں اپنے سفارت خانے کے اندر امریکی مفادات کا سیکشن قائم کرے گا۔ یہی نہیں بلکہ قطر افغان دارالحکومت کابل میں اب خالی امریکی سفارتی تنصیبات کی حفاظت اور تحفظ کی ذمے داری بھی سنبھالے گا۔

    اے ایف پی کے مطابق امریکا کے متعدد ممالک میں اس طرح کے معاہدے ہیں جہاں ان کی سفارتی نمائندگی نہیں ہے جن میں ایران میں سوئٹزرلینڈ سے معاہدہ ہے، شمالی کوریا میں سویڈن اور شام میں جمہوریہ چیک سے معاہدے شامل ہیں۔

    امریکی وزیر خارجہ نے شیخ محمد بن عبدالرحمٰن الثانی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایک بار پھر کہتا ہوں کہ ہم آپ کی قیادت اور افغانستان میں آپ کی حمایت کے بے انتہا شکر گزار ہیں لیکن یہ بھی یاد رکھنا چاہیے کہ ہماری شراکت داری اس سے کہیں زیادہ وسیع ہے۔

    اے ایف پی کے مطابق قطر میں ایک بڑا امریکی فوجی اڈہ ہے اور اس نے افغانستان میں امریکی تاریخ کی طویل ترین جنگ کے خاتمے کے ساتھ ساتھ سفارت کاری اور انخلا دونوں میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ایک لاکھ 24ہزار اتحادی اور افغان عوام میں سے نصف نے قطر کے راستے بیرون ملک اڑان بھری۔

    قطر نے اس سے قبل امریکا اور طالبان کے درمیان ہونے والے مذاکرات کی میزبانی کی تھی جس کی بدولت فروری 2020 میں امریکا فوجیوں کے افغانستان سے انخلا کا معاہدہ ہوا تھا۔ طالبان کی جانب سے ملک کے اقتدار کا کنٹرول سنبھالے جانے کے بعد کابل میں امریکی سفارت خانے کے امور قطر کو منتقل کر دیے گئے ہیں۔

  • سید علی گیلانی اور ڈاکٹر عبدالقدیر خان  کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے دعائیہ تقریب

    سید علی گیلانی اور ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے دعائیہ تقریب

    حیدر آباد:سید علی گیلانی اور ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے دعائیہ تقریب ،اطلاعات کے مطابق آج کشمیر یوتھ ال سید علی گیلانی شہیدؒ اورمحسنِ پاکستان ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ ڈویژنل صدر کشمیر یوتھ الائنس حیدرآباد کی رہائش گاہ پر منعقد ہونے والی اِس دعائیہ تقریب میں 20 سے زائد نوجوانوں نے شرکت کی۔

    حیدر آباد سے اطلاعات کے مطابق تقریب کی صدارت کشمیر یوتھ الائنس کے ڈویژنل صدر محمد اختر نے کی جبکہ یونین آف جرنلسٹ حیدرآباد کے صدر معروف مضمون نگارسید سرور ندیم تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ اِس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سید سرور ندیم نے کہا کہ سید علی گیلانی اور ڈاکٹر عبدالقدیر خان پاکستان کے محب وطن تھے۔

    انہوں نے کہا کہ نوجوان اور پاکستانی قوم ان دونوں عظیمرہنماؤں کو سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تاریخ اِن شخصیات کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔اِس موقع پر محمد اختر نے کہا کہ سید علی گیلانی ایک نظریہ تھے اور وہ مقبوضہ وادی جموں وکشمیر میں پاکستان کی مظبوط آواز تھے۔انہوں نے مزید کہا کہ دونوں شخصیات کی زندگی کشمیر اور پاکستان کے نوجوانوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔

    ذرائع کے مطابق اِس تقریب میں کشمیر یوتھ الائنس کے ڈویژنل جنرل سیکریٹری محمد بلال بھی شریک تھے۔ شرکاء میں پاکستان پیٹریوٹک یوتھ کے صدر وہاب ریاض ودیگر عہدیداران نے شرکت کی۔ تقریب میں شریک قاری محمد فرمان نے کہاکہ دینِ اسلام ظلم وجبر کے خلاف مستعد قدمی سے کھڑے رہنے کا درس دیتا ہے۔ تقریب کے اختتام پر دونوں عظیم رہنماؤں کے لیے فاتحہ خوانی کے ساتھ ملک کی خوشحالی و ترقی اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی آزادی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ شرکا ء نے عہد کیا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کے لیے آواز بلند کرتے رہیں گے۔

  • فیصل آباد کی انڈسٹری کو اٹلی کی مشینوں کے علاوہ ان کے ماہرین کی خدمات سے بھی فائدہ اٹھانا چاہیے۔مسٹر آندریس سفیر اٹلی

    فیصل آباد کی انڈسٹری کو اٹلی کی مشینوں کے علاوہ ان کے ماہرین کی خدمات سے بھی فائدہ اٹھانا چاہیے۔مسٹر آندریس سفیر اٹلی

    فیصل آباد(عثمان صادق) فیصل آباد کی معیاری ٹیکسٹائل کی مصنوعات کی برانڈنگ اور فیشن انڈسٹری کے پوٹینشل سے بھر پور فائدہ اٹھانے کیلئے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو اٹلی کی مشینوں کے علاوہ ان کے ماہرین کی خدمات سے بھی فائدہ اٹھانا چاہیے۔ یہ بات اٹلی کے سفیر مسٹر آندریس فریریز نے فیصل آباد چیمبر کے صدر عاطف منیر شیخ سے ایک ملاقات کے دوران کی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے کےعمل میں وقتی تعطل آیا تاہم اب وہ پاکستان اور اٹلی کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کیلئے بنیادی نوعیت کے اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ اس سے قبل عاطف منیر شیخ نے بتایا کہ دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تجارت کو 5 بلین ڈالر تک بڑھانے کی گنجائش ہے اور اس سلسلہ میں دونوں ملکوں کے نجی شعبہ کے درمیان براہ راست رابطوں پر توجہ دینا ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد کے متعدد ٹیکسٹائل اداروں میں اس وقت بھی اٹلی کی مشینیں استعمال ہورہی ہیں جبکہ اٹلی نے فیصل آبا کی نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی میں جدید ٹیکسٹائل ٹیکنالوجی سنٹر بھی قائم کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اٹلی کے ماہرین فیصل آباد کے ٹیکسٹائل سیکٹر کو عالمی منڈیوں میں اپنے برانڈ متعارف کرانے میں بھی مدد دے سکتے ہیں جبکہ فیشن ڈیزائنگ کے شعبہ میں بھی ووطرفہ تعاون سے پاکستان بھاری زرمبادلہ کما سکتا ہے۔ انہوں نے اس سلسلہ میں اٹلی کے سفیر کو فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کرنے کی بھی دعوت دی تاکہ دوطرفہ تعاون بڑھانے کے ساتھ ساتھ فیصل آباد کی ایم تھری انڈسٹریل اسٹیٹ اور علامہ اقبال اسپیشل اکنامک زون میں اٹلی کی طرف سے ٹیکسٹائل کی مشینری مقامی طور پر تیار کرنے پر بھی بات چیت کی جاسکے۔

  • چینی صدر شی جن پنگ کا رتبہ ماؤزے تنگ کے برابر قرار

    چینی صدر شی جن پنگ کا رتبہ ماؤزے تنگ کے برابر قرار

    بیجنگ: چینی صدر شی جن پنگ کا رتبہ ماؤزے تنگ کے برابر قرار ،اطلاعات کے مطابق چین کی حکمراں جماعت کمیونسٹ پارٹی نے تاریخی قرارداد منظور کرتے ہوئے ملک کے صدر شی جن پنگ کا رتبہ ماؤ زئے تنگ اور ڈینگ زیاؤپنگ کے برابر قرار دیدیا ہے۔

    عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کی کمیونسٹ پارٹی نے صد سالہ تقریبات کے موقع پر ایک عام اجلاس میں ایسی قرارداد منظور کی ہے جس سے موجودہ صدر شی جن پنگ کی اقتدار پر گرفت ہمیشہ کے لیے مضبوط ہوگئی ہے۔

    اس قرارداد سے صدر شی جن پنگ کا سیاسی رتبہ بانی جماعت ماؤزے تنگ اور ڈینگ زیاؤپنگ کے برابر ہوگیا ہے۔ 100 سالہ تاریخ میں یہ اپنی نوعیت کی تیسری قرارداد ہے۔ اس سے پہلے 1945 میں ماؤزے تنگ اور 1981 میں ڈینگ زیاؤ پنگ کے دور میں اس طرح کی قراردادیں منظور کی گئی تھیں۔

    صدر شی جن پنگ کے لیے ہمیشہ اقتدار میں رہنے کے لیے راہ پہلے ہی ہموار کی جاچکی ہے جب ان کی جماعت نے 2018 میں صدر کے عہدے کے لیے زیادہ سے زیادہ 68 برس کی عمر کی حد ختم کر دی تھی۔

    واضح رہے کہ چین کے صدر کے سامنے فی الحال کوئی بھی حریف موجود نہیں ہے لیکن اس کے باوجود انھوں نے اپنے دور اقتدار میں زیادہ سے زیادہ طاقت اور اختیارات حاصل کرلیے ہیں۔

    یاد رہے کہ ماؤ زے تنگ (چینی: 毛澤東/毛泽东/Máo Zédōng) (پیدائش: 26 دسمبر 1893ء – وفات: 9 ستمبر 1976ء) ایک چینی مارکسی عسکری و سیاسی رہنما تھے، جنھوں نے چینی خانہ جنگی میں چینی کمیونسٹ جماعت کی قیادت کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی اور یکم اکتوبر 1949ء کو بیجنگ میں عوامی جمہوریہ چین کی بنیاد رکھی۔

    ماؤ زے تنگ 1945ء سے 1976ء تک چین کی کمیونسٹ جماعت کے چیئرمین رہے جبکہ 1954ء سے 1959ء تک عوامی جمہوریہ چین کی صدارت سنبھالی۔

    ماؤ زے تنگ جدید تاریخ کی موثر ترین شخصیات میں شمار ہوتے ہیں اور ٹائم میگزین نے آپ کو 20 ویں صدی کی 100 موثر ترین شخصیات میں شمار کیا تھا۔

  • مشکل وقت ہے گھبرائیں نہیں،اللہ ہماری مدد فرمائیں گے: وزیراعظم عمران خان کا ساتھیوں کو وعظ

    مشکل وقت ہے گھبرائیں نہیں،اللہ ہماری مدد فرمائیں گے: وزیراعظم عمران خان کا ساتھیوں کو وعظ

    اسلام آباد: مشکل وقت ہے گھبرائیں نہیں،اللہ ہماری مدد فرمائیں گے: وزیراعظم عمران خان کا ساتھیوں کو وعظ ،اطلاعات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ایک مرتبہ پھر اپنی ٹیم کو مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ مشکل وقت ہے گھبرائیں نہیں، مہنگائی پر قابو پا لیں گے۔وزیراعظم عمران خان نےاپنے ساتھیوں کووعظ کرتے ہوئے نصیحت کی کہ صبراور شکرکا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں اللہ ہمیں تنہا نہیں چھوڑیں گے ہماری ضرور مدد فرمائیں گے

    یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت کور کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی، وزیراعظم نے اپوزیشن کے سیاسی معاملات پر گفتگو سے گریز کیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کور کمیٹی کے اجلاس کے دوران معیشت مہنگائی اور عوامی ریلیف کے اقدامات زیر بحث رہے۔

    وزیراعظم نے ویلفیئر کے حکومتی اقدامات کو عوام تک پہنچانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو آسان الفاظ میں بتائیں کہ حکومت ان کیلئے کیا کر رہی ہے، عام آدمی کا ریلیف اس وقت حکومت کی توجہ کا مرکز ہے۔

    اجلاس کے دوران وزیراعظم نے ایک مرتبہ پھر اپنی ٹیم کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت ہے گھبرائیں نہیں ہم اس پر قابو پا لیں گے۔

    پاک آسٹریلیا میچ سے متعلق بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ گرین شرٹس ٹیم پریشر لینے کے باعث میچ ہاری، پر اعتماد ٹیم جیسے ہی دباو میں گئی تو باؤلنگ غلط ہونے لگی، ٹیم آخر تک پر اعتماد رہتی تو نتیجہ مختلف ہو سکتا تھا۔

    دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ کورونا کی وجہ سے دنیا بھر میں مہنگائی ہوئی لیکن پاکستان میں تنخواہ دار طبقے کے سوا دیگر کئی طبقات کی آمدنی میں اضافہ ہوا ہے۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم کی زیر صدارت کورکمیٹی اجلاس کا اہم ایجنڈا ملک میں مہنگائی کا مسئلہ تھا اور اس پر تفصیل سے غور کیا گیا۔ حکومت مہنگائی کے حوالے سے سے جو اقدامات کررہی ہے اس پر پارٹی کو اعتماد میں لیا گیا۔

  • بلاول بھٹو کی فضل الرحمان سے ملاقات، پارلیمان میں حکومت کو ناکام بنانے پر گفتگو

    بلاول بھٹو کی فضل الرحمان سے ملاقات، پارلیمان میں حکومت کو ناکام بنانے پر گفتگو

    چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔

    ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پہنچے، جہاں ان کا استقبال مولانا فضل الرحمان اور مولانا اسعد محمود نے کیا، بلاول بھٹو کے ہمراہ یوسف رضا گیلانی اور قمر زمان کائرہ بھی موجود تھے، بلاول بھٹو زرداری نے مولانا فضل الرحمان سے ان کی صحت سے متعلق خیریت دریافت کی، اور دونوں رہنماؤں کے مابین ملکی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
    اس موقع پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مولانا فضل الرحمان سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ بزرگ سیاست دان ہیں، تین نسلوں سے ہمارا رشتہ ہے، پارلیمان کے ذریعے ہی حکومت کی پالیسیوں کو ناکام بنایا جاسکتا ہے، الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور احتساب کے حوالے سے قوانین پر پارلیمان میں مشترکہ لائحہ عمل مزید کامیابیوں کا سبب بن سکتا ہے، حکومت کی پارلیمان میں حالیہ شکستیں اپوزیشن کی بڑی کامیابیاں ہیں۔
    بعدازاں بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہم جعلی حکومت کو بہت جلد گھر بھجیں گے، دھاندلی زدہ حکومت کو اصلاحات کرنے کا کوئی حق نہیں، میں پی ڈی ایم کا سربراہ ہوں اور تنہا کوئی فیصلہ نہیں کرتا، ہمارا شروع سے ایک ہی مطالبہ نئے انتخابات ہیں، پارلیمنٹ اور پوری قوم کو نقصان پہنچایا گیا۔
    بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ حکومت کو آئے روز شکست کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، قومی اسمبلی میں اپوزیشن کے اتحاد کے باعث حزب اختلاف کا بل پیش، حکومت کا مسترد ہوگیا، اپنا بلائے گئے مشترکہ اجلاس سے بھی بھاگنے پر حکومت اپوزیشن کے اتحاد کے باعث مجبور ہوئے، ہم نے نیب آرڈیننس کی سازش، ای وی ایم کے ذریعے الیکشن کمیشن کو زیر عتاب لانے کی سازش ناکام بنائی۔
    چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہاکہ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ ہمارا بزرگوں کے وقت کا تعلق ہے، آج میں اور مولانا اسعد محمود پارلیمنٹ میں اکٹھا کردار ادا کررہے ہیں، ہماری سیاست چلتی رہے گی، مگر ہمارا تعلق بھی ساتھ ساتھ بڑھتا رہے گا، مولانا فضل الرحمان نے اپوزیشن میں اپنا کردار ادا کیا ہے، حکومت کی ناکامی میں اسی اتحاد کی مرہون منت ہیں۔

  • انڈا فرائی ہوجائے گا؟ہاں ہوجائے گا۔حماد اظہرسے گیس کی فراہمی پردلچسپ سوالات زبردست جوابات

    انڈا فرائی ہوجائے گا؟ہاں ہوجائے گا۔حماد اظہرسے گیس کی فراہمی پردلچسپ سوالات زبردست جوابات

    اسلام آباد :انڈا فرائی ہوجائے گا؟ہاں ہوجائے گا۔حماد اظہرسے گیس کی فراہمی پردلچسپ سوالات زبردست جوابات ،اطلاعات کے مطابق آج سینیٹ میں ملک میں گیس کی فراہمی کے حوالے سےسوالات ،جوابات اوران پراعتراضات کے حوالے سے اہم نشست رہی

    اس موقع پر سینیٹ میں مختلف سوالات کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر برائے توانائی حماد اظہر نے کہا ہے کہ گیس سپلائی کو ناشتے، دوپہر اور رات کے کھانےکے وقت یقنیی بنایا جائے گا۔

    سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے حماد اظہر کا کہنا تھاکہ پائپ لائنز کی بحالی کر رہے ہیں اور روس کے ساتھ گیس کا معاہدہ جلد مکمل کریں گے۔

    ان کا کہنا تھاکہ گیس سپلائی کو ناشتے، دوپہر کے کھانے اور رات کے کھانے کے وقت یقنیی بنایا جائے گا۔

    حماد اظہر کا کہناتھاکہ 70 فیصد گیس ملک سے نکلتی ہے جبکہ 30 فیصد ایل این جی ہے، گیس کی قیمت 2019 سے نہیں بڑھی، سندھ 38 فیصد گیس سپلائی کرتا ہے، کے پی 12 ، پنجاب 8 اور بلوچستان 40 فیصد گیس سپلائی کرتا ہے۔

    ان کا کہنا تھاکہ سندھ سے نکلنے والی گیس 80 فیصد وہیں استعمال ہو جاتی ہے جبکہ خیبر پختونخوا سے نکلنے والی 70 فیصد گیس وہیں استعمال ہو جاتی ہے۔

    حماد اظہر کے بیان پر اپوزیشن نے شور شرابہ کیا۔ حماد اظہر نے پھر کہا کہ تین دن گیس بند نہیں کریں گے، میں نے کہا ہے دن میں تین مرتبہ گیس سپلائی کو یقینی بنایا جائے گا۔

    اجلاس میں گیس فراہمی پر حکومتی اور اپوزيشن بینچز میں دلچسپ جملوں کا تبادلہ بھی ہوا، حماد اظہر سے سوال ہوا کہ کیا انڈا فرائی ہوجائے گا؟ اس پر حماد اظہر نے کہا کہ ہاں ہوجائے گا۔