Baaghi TV

Author: +9251

  • پاکستانی روپے کی بے قدری جاری:روپے کے مقابلے میں‌ غیر ملکی کرنسیوں کی قیمت بڑھ گئی

    لاہور :پاکستانی روپے کی بے قدری جاری:روپے کے مقابلے میں‌ غیر ملکی کرنسیوں کی قیمت بڑھ گئی، تفصیلات کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 173.00سے بڑھ کر 174.50 پر پہنچ گئی جبکہ دیگر مملاک کی کرنسیوں میں بھی اضافہ ہوا-

    اوپن مارکیٹ میں پاؤنڈز 236.50 سے 239.50، یورو کی قدر 199.50 سے 202.50 ، سعودی ریال کی قیمت 45.50 سے 46.30 تک پہنچ گئی-

    جبکہ درہم کی قیمت میں 49.30 سے 50.50 ، کینیڈین ڈالر 135.50سے 140.50 تک بڑھ گئی ، آسٹریلین ڈالر کی قیمت 127.00 سے 50. 129 ہو گئی ایسے ہی لیرا چائنہ کی کرنسی میں پاکستانی روپے کی قدر کے مقابلے میں مضبوط ہوگئی ہے

    جبکہ گولڈ کی قیمت میں 200 روپے کا اضافہ ہوا جس کے بعد سونے کی پر تولہ قیمت 1 لاکھ 16 ہزار 200 روپے ہوگیہ جبکہ پر اونس 1763 ڈالر ہو گئی جبکہ چاندی کی فی تولہ قیمت 1 ہزار 420 ہو گئی-

    واضح رہے کہ پاکستان میں سونے کی قیمت میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے اور گزشتہ روز بھی سونے کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے۔

  • کراچی میں ڈینگی وائرس کے سرکاری اور غیرسرکاری اعدادو شمار میں زمین آسمان کا فرق

    کراچی میں ڈینگی وائرس کے سرکاری اور غیرسرکاری اعدادو شمار میں زمین آسمان کا فرق

    شہر قائد میں روزانہ سینکڑوں افراد ڈینگی کا شکار ہونے لگے تاہم اس بگڑتی صورتحال کے باوجود شہر میں اسپرے کی مہم شروع نہ کی جا سکی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ڈینگی وائرس نے سر اٹھالیا لیکن سرکاری اور غیرسرکاری اعدادو شمار میں زمین آسمان کا فرق دیکھا جارہا ہے۔

    سرکاری اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران تیس سے زائد افراد ڈینگی سے متاثر ہوئے لیکن غیرسرکاری اعدادو شمارخطرناک صورتحال پیش کررہے ہیں۔

    غیرسرکاری اعدادو شمار کے مطابق روزانہ سینکڑوں مریض ڈینگی کا شکار ہورہے ہیں تاہم اس بگڑتی صورتحال کے باوجود شہر میں اسپرے کی مہم شروع نہیں کی گئی جبکہ شہر میں صفائی ستھرائی کے نظام پر تو پہلے ہی سوال اٹھتے آرہے ہیں۔

    دوسری جانب لاہور سمیت پنجاب بھرمیں ڈینگی کےمریضوں میں خطرناک حد تک اضافہ ہوگیا ، تمام اسپتال ڈینگی کے مریضوں سے بھرے پڑے ہیں۔

    اسلام آباد میں ڈینگی کے مسلسل وار جاری ہے ، چوبیس گھنٹے میں مزید ایک سو سات افراد ڈینگی سے متاثر ہوئے ، جن میں دیہی علاقوں سے تریپن شہری علاقوں سے چون مریض سامنے آئے۔

    اسلام آباد میں رواں سیزن میں 2337 ڈینگی کیسز سامنے آ چکے ہیں ، جن میں دیہی علاقوں میں 1441، اربن سے 896 ڈینگی کیسز شامل ہیں جبکہ رواں سیزن میں ڈینگی سے 9 اموات ہو چکی ہیں۔

    اسلام آباد کے چار سرکاری اسپتالوں میں ڈینگی آئیسولیشن وارڈز قائم پمز، پولی کلینک، ایف جی ایچ، سی ڈی اے میں ڈینگی کیلئے 240 بیڈز مختص کئے گئے ہیں۔

    لاہور سمیت پنجاب بھرمیں ڈینگی کےمریضوں میں خطرناک حد تک اضافہ ہوگیا ، تمام اسپتال ڈینگی کے مریضوں سے بھرے پڑے ہیں۔

  • کراچی میں پولیس یونیفارم میں واردات کرنے والے 2 ملزمان گرفتار

    کراچی میں پولیس یونیفارم میں واردات کرنے والے 2 ملزمان گرفتار

    شہر قائد میں پولیس یونیفارم میں واردات کرنے والے 2 ملزمان کو گرفتار کرکے رپیٹر گن اور لاہور نمبر کی کار برآمد کرلی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ڈسٹرکٹ ایسٹ پولیس نے خفیہ اطلاع پر مطلوب ملزمان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے پولیس یونیفارم میں واردات کرنے والے 2 ملزمان گرفتار کرلیا اور ملزمان کے قبضے سے رپیٹر گن اور لاہور نمبر کی کار برآمد کرلی۔

    ایس ایس پی ایسٹ قمرجسکانی کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان میں حسن سردار اور صوبت خان شامل ہیں، ملزمان نے دوران تفتیش متعدد وارداتوں کا انکشاف کیا ہے۔

    قمرجسکانی کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے مزید ملزمان سے تفتیش کی جا رہی ہے، اہم انکشافات متوقع ہے۔

    خیال رہے شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس وردی میں وارداتیں کرنے والا ڈکیت گروہ ایک بار پھر سرگرم ہیں، رواں سال جون میں پولیس وردی میں ملبوس ملزمان نے گھر کی تلاشی کے بہانے وارداتیں کیں تھیں۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ ڈکیت کسی جگہ اسپیشل برانچ کے اہلکار بن کر تو کسی جگہ علاقہ پولیس بن کر وارداتیں کرتے ہیں اور گھر میں تلاشی کے بہانے گھس کر گھر والوں کو یرغمال بنا کر لاکھوں روپے مالیت کا سامان لوٹ کر فرار ہوجاتے تھے۔

  • عوام حکومت سے نجات چاہتی ہے، شازیہ مری

    عوام حکومت سے نجات چاہتی ہے، شازیہ مری

    پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شازیہ مری کا کہنا ہے کہ عوام حکومت سے نجات چاہتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شازیہ مری نے اپنے بیان میں کہا کہ حکومت اداروں کی تذلیل کررہی ہے، پیٹرول کی قیمت بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔

    شازیہ مری نے کہا کہ حکومت کے اسکینڈل کسی سے ڈھکے چھپے نہیں ہیں، حکومت یوٹرن لے کر فخر محسوس کرتی ہے۔

    پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شازیہ مری نے مزید کہا ہے کہ ایوان صدر آرڈیننس فیکٹری بن چکا ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور رکن قومی اسمبلی شازیہ مری نے جاری کردہ اپنے بیان میں حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ پیپلزپارٹی عوام کو روزگار دیتی ہے، پیپلزپارٹی کے مخالف عوام سے روزگار چھینتے ہیں۔

    شازیہ مری نے کہا کہ عوام سے روزگار چھین کر کہا جاتا ہے کہ ملک معاشی ترقی کر رہا ہے، سڑکیں اس وقت اچھی لگیں گی جب عوام کے گھر میں آٹا ہوگا ، صدر زرداری کے دور میں خطرناک سیلاب آئے مگر نہ خوراک کی کمی ہوئی نہ مہنگائی بڑھی۔

    پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور رکن قومی اسمبلی شازیہ مری نے کہا کہ آگر پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر عمل کیا جاتا تو گیس کا بحران نہ ہوتا ، پارلیمنٹ سے خفیہ کیئے جانے والے فیصلے قوم کیلئے نقصان دہ ہوتے ہیں،صدر آصف علی زرداری نے پارلیمنٹ کو بااختیار بنایا، صدر زرداری نے کسی سے انتقام لینے کی بجائے ملک کی ترقی پر توجہ دی۔

    انہوں نے بتایا کہ مہنگائی اور بیروزگاری کے خلاف پیپلزپارٹی کا احتجاج دو ہفتوں سے جاری ہے۔

  • سپریم کورٹ نے نیب کو خورشید شاہ کی گرفتاری کا بنیادی مواد پیش کرنے کا حکم دے دیا

    سپریم کورٹ نے نیب کو خورشید شاہ کی گرفتاری کا بنیادی مواد پیش کرنے کا حکم دے دیا

    سپریم کورٹ نے نیب کو خورشید شاہ کی گرفتاری کا بنیادی مواد پیش کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیب پراسیکیوٹر کا کہنا ہے کہ نیب آرڈیننس آنے سے نیب دائرہ اختیار پر مختلف ابہام ہیں، نیب آرڈیننس پر کلیئرنس کے لیے حکومت نے کمیٹی تشکیل دی ہے۔

    نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ نیب آرڈیننس پر کلیئرنس کے لیے عدالت وقت دے۔

    اس ضمن میں جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ آپ صرف یہ بتا دیں کہ موجودہ کیس نیب دائرکار میں ہے یا نہیں؟

    دوسری جانب جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ جب خورشید شاہ نے زمین خریدی کیا وہ پبلک آفس ہولڈر تھے؟

    وکیل درخواست گزار مخدوم علی خان کا کہنا ہے کہ سارا مسئلہ 574 ایکڑ زمین کی خریداری پر دی گئی رقم کا ہے، جو نیب نے الزامات لگائے وہ ریفرنس کا حصہ نہیں بنائے گئے۔

    وکیل مخدوم علی خان نے کہا کہ چیئرمین نیب کی طرف سے خورشید شاہ کی گرفتاری کا کوئی حکم ریکارڈ پر نہیں ہے۔

    جسٹس منصور علی شاہ نے مزید کہا کہ جاننا چاہتے ہیں کہ نیب نے ریفرنس دائر کرنے کے بجائے خورشید شاہ کو گرفتار کیوں کیا؟

  • پاک بحریہ کے کموڈور حبیب الرحمٰن کو ریئر ایڈمرل کے عہدے پر ترقی دے دی گئی

    پاک بحریہ کے کموڈور حبیب الرحمٰن کو ریئر ایڈمرل کے عہدے پر ترقی دے دی گئی

    پاک بحریہ کے کموڈور حبیب الرحمٰن کو ریئر ایڈمرل کے عہدے پر ترقی دے دی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ ریئر ایڈمرل حبیب الرحمٰن نے 1990 میں پاک بحریہ کی میرین انجینئرنگ برانچ میں کمیشن حاصل کیا، وہ پاکستان نیوی وار کالج اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہیں۔

    ترجمان پاک بحریہ کے مطابق ریئر ایڈمرل حبیب الرحمٰن نے فرانس اور برطانیہ سے مکینیکل انجینئرنگ اور سسٹم انجینئرنگ اینڈ مینجمنٹ کورس میں ڈگری حاصل کر رکھی ہے، وہ بطور جنرل مینیجر میری ٹائم ٹیکنالوجیز کمپلیکس، ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکیارڈ اور کمانڈنٹ پی این ایس جوہر خدمات انجام دے چکے ہیں۔

    ترجمان پاک بحریہ نے بتایا کہ ریئر ایڈمرل حبیب الرحمٰن ہیڈ کوارٹرز میں ڈائریکٹر شپ مینٹیننس اینڈ ریپئر اور اسسٹنٹ نیول سیکرٹری بھی تعینات رہے، اس وقت ریئر ایڈمرل حبیب الرحمٰن منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکیارڈ کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

    ترجمان پاک بحریہ نے مزید بتایا کہ ان کی اعلیٰ خدمات کے اعتراف میں انہیں ستارہ امتیاز (ملٹری) سے نوازا جا چکا ہے ۔

  • صبا قمر کا میلادالنبیؐ پر پیغام

    صبا قمر کا میلادالنبیؐ پر پیغام

    اداکارہ صبا قمر نے میلادالنبیﷺ کی مناسبت سے ایک پیغام جاری کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عید میلاد النبیﷺ کے پر مسرت موقع پر اداکارہ صبا قمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا ہےکہ تمام لوگوں کو عید میلاد النبی ص بہت مبارک ہو، مجھے اور میرے خاندان کو دعائوں میں یاد رکھیں۔

    یاد رہے ملک بھر میں جشن میلاد النبی ﷺ مذہبی جوش و خروش سے منایا گیا، کراچی سے لےکر خیبر اور گلگت سے گوادر تک عید میلاد النبیﷺ کے جلوس اور ریلیاں نکالی گئیں۔

    کراچی، اسلام آباد، لاہور، پشاور اور کوئٹہ میں جلوس اور ریلیاں نکالی گئیں، محافلِ میلاد کا اہتمام کیا گیا، اس دوران گلہائے عقیدت نچھاور کیے جاتے رہے، بچے بھی پیش پیش رہے۔

    عید میلاد النبیﷺ میں عمارتوں کو دیدہ زیب روشنیوں سے سجایا گیا، شاہراہوں پر سبز پرچموں کی بہار نظر آئی۔

    جشن میلاد النبیﷺ کی مناسبت سے نذر و نیاز کا بندوبست بھی کیا گیا، کہیں منوں وزنی کیک تیار کیے گئے تو کہیں منہ میٹھا کرنے کے لیے میوہ جات اور مٹھائیوں کا اہتمام کیا گیا .

  • سندھ حکومت میں ایک وائس چانسلر لگانے کی بھی صلاحیت نہیں، چیف جسٹس

    سندھ حکومت میں ایک وائس چانسلر لگانے کی بھی صلاحیت نہیں، چیف جسٹس

    چیف جسٹس نے کہا ہے کہ سندھ حکومت میں ایک وائس چانسلر لگانے کی بھی صلاحیت نہیں ہے۔

    سپریم کورٹ میں پیپلز میڈیکل یونیورسٹی نواب شاہ کے وائس چانسلر کی تقرری سے متعلق فیصلے پر عملدرآمد کیس کی سماعت ہوئی۔ درخواست گزار ڈاکٹر شمس الدین کے وکیل نے بتایا کہ آج امیدواران کے انٹرویو کئے جا رہے ہیں۔

    عدالت نے دو ماہ میں یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی تقرری کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ عدالتی حکم پر عمل نہ کرنے کی صورت میں سخت کارروائی ہوگی۔
    اس موقع پر چیف جسٹس پاکستان گلزار احمد نے ریمارکس دیے کہ صوبہ سندھ کی بدقسمتی ہے کہ ایک وائس چانسلر بھی نہیں لگایا جا سکا، اصل مسئلہ یہ ہے اپنا بندہ لگانا چاہتے ہیں، سندھ حکومت میں ایک وائس چانسلر لگانے کی بھی صلاحیت نہیں ہے، سپریم کورٹ کے حکم کے بعد کمیٹی نئے رولز نہیں بنا سکتی۔

    سپریم کورٹ میں ڈاکٹر شمس الدین نے تقرری کے عمل میں شامل ہونے کیلئے درخواست دائر کر رکھی ہے۔ عدالت نے 14 اکتوبر 2020 کو پیپلز یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی تقرری کاحکم دیتے ہوئے اس کام کیلئے پہلے دیے گئے اشتہار کے تحت کارروائی مکمل کرنے کی ہدایت کی تھی۔

  • پاک بحریہ نے بھارتی آبدوز کو پاکستانی سمندری حدود میں داخل ہونے سے روک دیا

    پاک بحریہ نے بھارتی آبدوز کو پاکستانی سمندری حدود میں داخل ہونے سے روک دیا

    پاکستان بحریہ نے بھارتی آبدوز کا سراغ لگاتے ہوئے پاکستانی سمندری حدود میں داخل ہونے سے روک دیا۔ تفصیلات کے مطابق افواج پاکستان نے بھارت کی ایک اور چال کو ناکام بنا کر اس کا مکروہ چہرہ دنیا بھر کے سامنے بے نقاب کر دیا ۔ بھارت کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کا کارنامہ اس مرتبہ پاک بحریہ نے انجام دیا۔
    پاک بحریہ نے جاسوسی اور جنگی مقاصد سے چوری چھپے پاکستان کی حدود میں گھسنے کی کوشش کرنے والی بھارتی آبدوز کو واپس جانے پر مجبور کر دیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق 16 اکتوبر کو بھارتی آبدوز پاکستانی سمندری حدود کے قریب موجود تھی اور پاکستان بحریہ کی نقل و حرکت پر نظر رکھتے ہوئے پاکستانی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کر رہی تھی تاہم پاک بحریہ کے طیارے نے پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو استعمال کرتے ہوئے بھارتی آبدوز کا پتہ لگایا اور اسے پاکستانی حدود سے بین الاقوامی سمندر میں دھکیل دیا ۔
    بھارتی بحریہ اپنی آبدوزوں کو پاکستان کے خلاف تعینات کر رہی ہے لیکن سمندری سرحدوں کے دفاع کے لیے پاک بحریہ ہر لمحہ مستعد و تیار ہیں اور کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ پاک بحریہ نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارتی سب میرین کی پاکستانی حدود میں داخلے کی کوشش ناکام بنائی۔
    پاک بحریہ کی جانب سے پاکستان کی سمندری سرحدوں کی حفاظت کے لیے سخت نگرانی جاری ہے، یہ اپنی نوعیت کا تیسرا واقعہ ہے جس میں پی این لانگ رینج میری ٹائم پٹرول ایئر کرافٹ کے ذریعے بھارتی بحری آبدوز کا وقت سے پہلے سراغ لگایا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا تھا کہ بھارتی سب میرین نے 16 اکتوبر کو پاکستانی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کی، تاہم پاک بحریہ نے پیشہ ورانہ مہارت سے بھارتی عزائم ناکام بنادئیے۔

  • افغان طالبان نے پولیو ویکسین کی گھر گھر مہم چلانے کا فیصلہ کرلیا

    افغان طالبان نے پولیو ویکسین کی گھر گھر مہم چلانے کا فیصلہ کرلیا

    کابل :افغان طالبان نے پولیو ویکسین کی گھر گھر مہم چلانے کا فیصلہ کرلیا ،اطلاعات کے مطابق عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) اور یونائیٹڈ نیشنز چلڈرنز فنڈ (یونیسیف) نے کہا ہے کہ طالبان کی حکومت نے پولیو ویکسین کی مہم چلانے پر اتفاق کر لیا اور اگلے ماہ افغانستان میں رضاکار گھر گھر جاکر پولیو مہم شروع کریں گے۔

    ذرائع کے مطابق دونوں عالمی اداروں نے بیان میں کہا کہ ‘عالمی ادارہ صحت اور یونیسیف کی جانب سے طالبان قیادت کے اس فیصلے کا خیر مقدم کیا جاتا ہے کہ افغانستان بھر میں گھر گھر جاکر پولیو کی ویکسین پلانے کے مہم بحال کرنے کے لیے تعاون کر رہے ہیں’۔

    اقوام متحدہ کے اداروں کا کہنا تھا کہ افغانستان میں رواں برس پولیو کا صرف ایک کیس رپورٹ ہوا ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پولیو کے خاتمے کے لیے ایک غیر معمولی موقع ہے۔بیان میں کہا گیا کہ ‘ملک میں پولیو کے دوبارہ سر اٹھانے سے محفوظ رکھنے اور بیرونی دنیا میں وائرس کی منتقلی سے بچانے کے لیے پولیو ویکسنیشن مہم کا دوبارہ آغاز اہمیت کا حامل ہے’۔

    رپورٹ کے مطابق افغانستان میں تین ماہ بعد 8 نومبر کو پولیو ویکسینیشن مہم شروع ہوگی جس کا مقصد ملک کے تمام بچوں کو قطرے پلانا ہے، جس میں دور دراز علاقوں کے 30 لاکھ بچے بھی شامل ہیں جو اس سے قبل رسائی نہ ہونے کے باعث رہ گئے تھے۔

    افغانستان میں یونیسیف کے نمائندے ہیروے لوڈوویک نے بیان میں کہا کہ ‘یہ فیصلہ ہمیں پولیو کے خاتمے کے لیے ایک زبردست مہم چلانے کی اجازت دے گا’۔ان کا کہنا تھا کہ ‘پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے افغانستان بھر میں ہر گھر میں ہر بچے تک ویکسین پہنچائی جائے اور ہم اپنے شراکت داروں کے ساتھ مل کر ایسا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں’۔