Baaghi TV

Author: +9251

  • امریکہ افغانستان میں ڈرون پروازیں بند کرے ورنہ نتائج کے لیے تیار رہے،افغان طالبان

    امریکہ افغانستان میں ڈرون پروازیں بند کرے ورنہ نتائج کے لیے تیار رہے،افغان طالبان

    کابل:امریکہ افغانستان میں ڈرون پروازیں بند کرے ورنہ نتائج کے لیے تیار رہے،افغان طالبان نے سخت پیغام بھیج دیا ،اطلاعات کے مطابق افغان طالبان نے امریکہ کو خبردار کیا ہے کہ افغانستان کی فضائی حدود میں ڈرون پروازیں بند کرے ورنہ اسے نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق طالبان نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ افغانستان میں امریکی انخلا کے باوجود بدستور اس کی ڈرون پروازیں جاری ہیں جو نہ صرف تمام بین الاقوامی حقوق اور قوانین بلکہ قطر کے دارالحکومت دوحہ میں طالبان سے کیے گئے وعدوں کی بھی خلاف ورزی ہیں۔

     

    طالبان حکومت امارت اسلامیہ افغانستان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ ہم امریکا سمیت تمام ممالک پر زور دیتے ہیں کہ افغانستان کے ساتھ بین الاقوامی قوانین، حقوق اور وعدوں کے تحت برتاؤ کیا جائے، تاکہ انہیں کسی بھی منفی نتائج کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

    امریکی حکام نے تاحال طالبان کے اس بیان پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے۔ گزشتہ روز امریکی فوج کے چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف جنرل مارک ملی نے کہا ہے کہ افغانستان سے انخلا نے امریکا کی ساکھ کو بہت نقصان پہنچایا ہے۔

    واضح رہے کہ طالبان گزشتہ ماہ افغانستان میں دوبارہ برسراقتدار آئے ہیں۔ امریکا نے نائن الیون 11 ستمبر 2001ء میں ورلڈ ٹریڈ حملے کے بعد اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر افغانستان پر حملہ کرکے طالبان کی حکومت کا تختہ الٹ دیا تھا۔ گزشتہ ماہ افغانستان سے تقریبا 20 سال بعد عالمی افواج کا انخلا مکمل ہوا ہے۔

  • افغان طالبان کی کرکٹ سے محبت دنیا حیران:بنگلادیش کیخلاف عمدہ کارکردگی پرافغان کرکٹ ٹیم کیلئےانعام

    افغان طالبان کی کرکٹ سے محبت دنیا حیران:بنگلادیش کیخلاف عمدہ کارکردگی پرافغان کرکٹ ٹیم کیلئےانعام

    کابل : بنگلادیش کیخلاف عمدہ کارکردگی پرافغان کرکٹ ٹیم کیلئے بڑا انعام ،اطلاعات کے مطابق افغان کرکٹ بورڈ نے بنگلادیش کے خلاف بہترین کارکردگی پر افغانستان کی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کیلئے 10 لاکھ افغانی انعام کا اعلان کیا ہے۔

    طالبان کے افغانستان پر کنٹرول کے بعد یہ افغان کرکٹ ٹیم کا پہلا غیر ملکی دورہ تھا۔ دورہ بنگلا دیش 1 چار روزہ ٹیسٹ میچ اور 5 ون ڈے میچز کی سیریز پر مشتمل تھا۔

     

     

    ون ڈے میچز میں سے افغان کرکٹ ٹیم نے دو میچ جیتے اور تین میں شکست ہوئی جبکہ ٹیسٹ میچ افغان ٹیم نے جیتا۔ وطن واپسی پر کرکٹ ٹیم کا بورڈ انتظامیہ سمیت عوام نے پرتپاک استقبال کیا۔

    ٹیم کی حوصلہ افزائی کیلئے افغان کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین عزیز اللہ فضلی نے کھلاڑیوں کیلئے 10 لاکھ افغانی کے انعام کا اعلان بھی کیا۔

    خیال رہے کہ کابل کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پروازوں کی آمد و رفت کی بندش کے باعث افغان انڈر 19 کرکٹ ٹیم بنگلادیش جانے سے پہلے پاکستان آئی تھی اور پھر یہاں سے بنگلادیش روانہ ہوئی تھی

  • پاکستان میں روزانہ 11 سو ہلاکتیں :ماہرین نے بیماری کا بتاکرسب کوخوفزدہ کردیا

    پاکستان میں روزانہ 11 سو ہلاکتیں :ماہرین نے بیماری کا بتاکرسب کوخوفزدہ کردیا

    لاہور:پاکستان میں روزانہ 11 سو ہلاکتیں :ماہرین نے بیماری کا بتاکرسب کوخوفزدہ کردیا ،اطلاعات کے مطابق لاہور سمیت دنیا بھر میں آج دل کا عالمی دن منایا جارہا ہے جس کا مقصد لوگوں کو دل کی بیماریوں کے متعلق شعور اور آگاہی دی جاسکے۔

    ورلڈ ہارٹ ڈے کے متعلق ماہرین صحت کا کہنا تھا کہ سال 2000 میں ورلڈ ہارٹ ڈے منانےکا فیصلہ کیا گیا۔ لوگوں کو آگاہی دی جائےکہ ہارٹ ڈے کتنا ضروری ہے، دل کی بیماری بہت خطرناک ہے، آگاہی دی جائےکہ کس طرح دل کی بیماری سےبچ سکتے ہیں۔

    دنیا بھر میں 18ملین لوگوں کی اموات دل کی بیماری سےہوتی ہیں۔ پاکستان میں 2019 میں دل کی بیماری سے 2 لاکھ اموات ہوئیں جبکہ 2017 میں دل کےمرض سے اموات اڑھائی لاکھ تھیں۔

    دوسری طرف ماہرین صحت کا کہناہے کہ دل کی بیماری سے بچنے کے چند بنیادی اصول درج ذیل ہیں جن کو اپنانے کی کوشش کریں۔

    غذا کا مناسب استعمال،سگریٹ نوشی سے پرہیز کریں،پھل اور سبزیوں کا استعمال،جسم میں چربی کو محدود رکھیں،اجناس کا استعمال

  • وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارکوسعودی عرب بلا لیا گیا

    وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارکوسعودی عرب بلا لیا گیا

    لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارکوسعودی عرب بلا لیا گیا ،اطلاعات کےمطابق وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدارسے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی کی ملاقات، باہمی تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سے سعودی عرب کے سفیر نے ملاقات کی، ملاقات میں دبئی ایکسپو میں باہمی تجارت کے فروغ کے لئے ایم او یو سائن کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر چیئرمین پی بی آئی ٹی اوردیگر حکام بھی موجود تھے۔

    سعودی سفیر نواف بن سعید احمد المالکی سے ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ نے کہا کہ سپیشل اکنامک زون میں زیرواین او سی کی پالیسی لارہے ہیں، پنجاب میں بزنس کو فرینڈلی اور رسک فری بنا رہے ہیں، سرمایہ کاروں کے لئے سی ایم آفس میں خصوصی ڈیسک بنا رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کی معاونت کر کے تعلق نبھایا، پاکستان او رسعودی عرب کے عوام اسلامی اخوت کے رشتے میں بندھے ہیں۔ پاکستان کی تعمیر وترقی میں سعودی حکومت کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

     

     

    سعودی سفیر نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو سعودی عرب کا دورہ کرنے کی دعوت دی، وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے شکریہ کے ساتھ دورہ سعودی عرب کی دعوت قبول کر لی۔ سعودی عرب کے سفیر نے پنجاب میں بزنس فرینڈلی ماحول اور سماجی شعبوں میں بہتری کے حکومتی اقدامات کو سراہا۔

    نواف بن سعید احمد المالکی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے لوگ محبت کرنے والے اور منفرد ہیں، پاکستان ہر نعمت اور قدرتی وسائل سے مالا مال ہے۔ بیرون ملک سے سیاحوں کے آنے سے پاکستان کا امیج مزید بہتر ہوسکتا ہے۔ پاکستان بالخصوص پنجاب کے عوام کی سعودی عرب سے محبت کی قدر کرتے ہیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ سعودی عرب او رپاکستان کے درمیان ا خوت کا مثالی رشتہ ہے، سعودی عرب اور پاکستان کے عوام مضبوط رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں، سعودی عرب اور پاکستان نے بھائیوں کی طرح ایک دوسرے کا ساتھ نبھایا ہے۔

  • مسافر بس اورٹریلرمیں خوفناک تصادم،5 افراد جاں بحق اور 20 افراد زخمی

    مسافر بس اورٹریلرمیں خوفناک تصادم،5 افراد جاں بحق اور 20 افراد زخمی

    شہر قائد میں ایک خوفناک ٹریفک حادثے میں 5 افراد جاں بحق اور 20 افراد زخمی ہوگئے ، جن میں سے 10 کی حالت تشویشناک ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں نوری آباد کے قریب میں مسافر بس اورٹریلرمیں خوفناک تصادم ہوا، جس کے نتیجے میں 5افرادجاں بحق اور 20زخمی ہوگئے۔

    ریسکیوذرائع کا کہنا ہے کہ حادثےکاشکاربس کراچی سےخیرپورجارہی تھی،حادثےمیں جاں بحق اورزخمیوں کوکوٹری اسپتال منتقل کردیاگیاہے ، زخمیوں میں سے 10افرادکی حالت تشویشناک ہے۔

    یاد رہے رواں سال مارچ میں کراچی کے علاقے ناظم آباد نمبر 7 میٹرک بورڈ آفس کے قریب ٹریفک حادثہ پیش آیا تھا ، جس میں باپ بیٹی جاں بحق جبکہ دو سالہ بچہ زخمی ہوا تھا۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ واٹرٹینکر کی تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، ڈرائیور نے موٹرسائیکل سوار کو ٹکر ماری جس کے نتیجے میں باپ، بیٹی موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔

  • جعلی و غیر معیاری ادویات کی فروخت کرنے والوں کے گرد گھیرا تنگ کیا جاے ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹرز محمد خالد

    جعلی و غیر معیاری ادویات کی فروخت کرنے والوں کے گرد گھیرا تنگ کیا جاے ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹرز محمد خالد

    فیصل آباد(عثمان صادق)ضلع میں جعلی وغیر معیاری ادویات کی فروخت کے گھناؤنے دھندے کا قلع قمع کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے اس ضمن میں تمام تر محکمانہ کارروائی شفاف ہونی چاہیے،کسی قسم کی بددیانتی یا بے قاعدگی کو قطعاً برداشت نہیں کیا جائے گا۔یہ بات ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹرز محمد خالد نے ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کی جس میں ڈرگ انسپکٹرز کی میڈیکل سٹورز/کلینکس کے خلاف کارروائی کی رپورٹس کاجائزہ لیاگیا۔ اجلاس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق سپرا، سیکرٹری کوالٹی کنٹرول بورڈ روبینہ اختر،ممبرز کمیٹی کیپٹن ڈاکٹر محمد صدیق،غلام صابر اور پنجاب پولیس کے نمائندہ آفیسر بھی موجود تھے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ علاج کے نام پر انسانی صحت سے کھیلنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں لہذا جعلی ڈاکٹروں ونیم حکیموں کے خلاف آپریشن کو نتیجہ خیز بنایا جائے تاکہ معاشرے سے اس منفی فعل کا خاتمہ ہوسکے۔انہوں نے کہا کہ ڈرگ سیل لائسنس کے بغیر ادویات فروخت کرنے والوں کے سٹورز فوری سیل کرنے کے علاوہ مقدمات درج کرائے جائیں جبکہ زائد المعیاد،جعلی وغیر معیاری ادویات فروخت،ادویات کی حفاظت کیلئے ضروری انتظامات نہ کرنے اورخرید وفروخت کاریکارڈ نہ رکھنے سمیت قواعد وضوابط کی خلاف ورزی کے مرتکب میڈیکل سٹورز/کلینکس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔اجلاس کے دوران میڈیکل سٹوروں اور ان کوالیفائیڈ افراد کی طرف سے چلائے جانے والے میڈیکل کلینکس کے خلاف محکمانہ کارروائی کے 40کیسز میں قصورواروں کا موقف سنتے ہوئے مستند جواز پیش نہ کرنے پر 32کیسز کو ڈرگ کورٹ ریفر کرنے،3کووارننگ دینے کے علاوہ ایک سٹور سیل،ایک کے خلاف مقدمہ درج اور3کیسز کو موخر کردیاگیا۔

  • سندھ حکومت کی روایتی غفلت، اورنج لائن بس منصوبہ بدستور تاخیر کا شکار

    سندھ حکومت کی روایتی غفلت، اورنج لائن بس منصوبہ بدستور تاخیر کا شکار

    سندھ حکومت کی روایتی غفلت کے سبب اورنج لائن بس منصوبہ بدستور تاخیر کا شکار ہے۔

    اورنج لائن بس منصوبے کا سول ورک مکمل ہوچکا ہے، ٹریک میٹرک بورڈ آفس چورنگی تا اورنگی ٹاؤن ٹی ایم اے آفس تک تعمیر کردیا ہے، مکینیکل ورکس کی بھی تکمیل کردی گئی ہے لیکن الیکٹریکل کام مکمل نہیں ہوئے ہیں، 4 اسٹیشنوں کے کام آخری مراحل میں ہیں، لفٹوں اور ایکسکلیٹر کے کام سست روی کے شکار ہیں اور یہ کام نومبر تک مکمل ہوتے نظر نہیں آرہے۔

    واضح رہے کہ اورنج لائن بس منصوبہ صرف 3.9کلومیٹر پر محیط ہے، یہ منصوبہ 2016 میں شروع ہوا اور اسے 2017میں مکمل کیا جاناتھا لیکن سندھ حکومت کی روایتی بے حسی اور غفلت سے منصوبے پر تعمیراتی کام کئی بار بند ہوا اور 5سال گزرجانے کے باوجود مکمل نہیں کیا جاسکا ہے۔

    صوبائی حکومت کے ایک افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ سندھ حکومت نے نہ صرف اورنج لائن کی تعمیر میں تاخیر برتی بلکہ بسوں کی خریداری میں بھی عدم دلچسپی کا اظہار کیا، اصولی طور پر سندھ حکومت کو اورنج لائن کے لیے بسوں کی خریداری خود کرنی چاہیے تھی لیکن صوبائی حکومت نے یہ ذمے داری وفاقی حکومت کو سونپ دی۔

    ایک سال قبل سندھ حکومت نے وفاقی حکومت کے ادارہ سندھ انفرااسٹرکچر ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (ایس آئی ڈی سی ایل) سے درخواست کی کہ گرین لائن منصوبے کے لیے بسوں کی درآمدگی کے ساتھ ہی اورنج لائن بس منصوبے کے لیے بھی بسیں درآمد کی جائیں اور اس کے ساتھ ہی اورنج لائن کوریڈور پر 3سال تک بسیں چلانے کا انتظام بھی ایس آئی ڈی سی ایل ہی سنبھال لے جس کی فنڈنگ سندھ حکومت کرے گی۔

  • کراچی میں محکمہ ریونیو کے دفتر سے زمینوں کی اہم دستاویزات چوری

    کراچی میں محکمہ ریونیو کے دفتر سے زمینوں کی اہم دستاویزات چوری

    قائد آباد میں واقع محکمہ ریونیوکے دفتر میں پراسرار طور پر نقب زنی کی واردات کی گئی جب کہ ملزمان ریونیوکے 2دفتروں سے زمینوں کی اہم دستاویزات لیکر فرار ہوگئے۔

    قائد آباد کے علاقے مین داؤد چورنگی پر قائم اسسٹنٹ کمشنر گڈاپ، مختیارکار گڈاپ، اسسٹنٹ کمشنر ابراہیم حیدری اور مختیار کارابراہیم حیدری کے دفتر میں پیر اور منگل کی درمیانی شب نقب زنی کی واردات ہوئی پولیس اور کرائم سین یونٹ موقع پر پہنچ گیا۔

    ریونیو کے افسر نے نام ظاہر نہ کرنے پر بتایا کہ محکمہ ریونیو کے دفتر کے 2 کمروں میں نقب زنی کی واردات ہوئی ملزمان باآسانی کمروں کے تالے توڑ کر اہم دستاویزات لیکر فرار ہوگئے۔

    انھوں نے بتایا کہ یہ دونوں دفاترڈسٹرکٹ ملیر کے حوالے سے محکمہ ریونیو کے اہم دفاتر کہلائے جاتے ہیں، ان دونوں سب ڈویژن کی زمینوں کے کئی معاملات نیب اوراینٹی کرپشن میں چل رہے ہیں، اہم ریکارڈ چوری کرنے کے علاوہ اہم رجسٹر کے صفحات بھی پھاڑے گئے ہیں۔

  • سیکرٹری آر ٹی اے کا جنرل بس اسٹینڈ اور سبحان ٹریولز کا دورہ ، کرونا ویکسینیشن سمیت دیگر انتظامات کا جائزہ

    سیکرٹری آر ٹی اے کا جنرل بس اسٹینڈ اور سبحان ٹریولز کا دورہ ، کرونا ویکسینیشن سمیت دیگر انتظامات کا جائزہ

    فیصل آباد(عثمان صادق) سیکرٹری آرٹی اے محمد سرور نے جنرل بس سٹینڈ اور سبحان ٹریولزکا دورہ کیااورسٹاف کی ویکسینیشن سمیت کورونا ایس اویز پر عملدرآمد کو چیک کیا۔سیکرٹری آرٹی اے نے کہا کہ خلاف ورزی کی مرتکب مسافر گاڑیوں کو بند اور ٹرانسپورٹرز کو بھاری جرمانے کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ کوئی بس یا ویگن میں خلاف ورزی نہیں ہونی چاہیے۔انہوں نے ٹرانسپورٹرز سے کہا کہ وہ پابندی پرعملدرآمد کو یقینی بنائیں اورخلاف ورزی سے گریز کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ شاہرات سمیت خارجی راستوں پر بھی کڑی  چیکنگ جاری ہے اور کوروناایس اوپیز کی خلاف ورزی کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔انہوں نے سٹینڈز میں صفائی کی صورت حال بھی چیک کی۔

  • اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کو ہنگامی بنیادوں پر حل کرنا ہماری اولین ترجیح ہے ۔ ڈپٹی کمشنر

    اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کو ہنگامی بنیادوں پر حل کرنا ہماری اولین ترجیح ہے ۔ ڈپٹی کمشنر

    فیصل آباد(عثمان صادق) ڈپٹی کمشنرعلی شہزادنے کہا ہے کہ ضلع بھر میں مختلف محکموں سے متعلقہ اوورسیز پاکستانیوں کے مقامی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ترجیح ہے اس سلسلے میں موصول ہونے والی شکایات کا فوری نوٹس لے کر بلاتاخیر محکمانہ اقدامات کو یقینی بنانے کی واضح ہدایات جاری کی گئی ہیں۔وہ آج اپنے آفس میں ضلعی اوور سیز کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ڈپٹی کمشنر اورچیئرپرسن مرزا محمد اصغر نے تارکین وطن کے مختلف محکموں واداروں سے متعلقہ مسائل سن کر موقع پر افسران کو ازالہ کی ہدایات جاری کیں۔اجلاس کے دوران سمندر پار پاکستانیوں کے اراضی پر قبضوں،جائیدادوں کی وارثتی تقسیم،رقوم کی لین دین،جعلی دستاویزات پر فراڈ،تجاوزات،غیر ملکی ویزا میں دھوکہ دہی اور دیگر مسائل پر مشتمل درخواستوں پر اوورسیز پاکستانیوں کا موقف سنتے ہوئے بیشتر شکایات کو موقع پر ہی نمٹا دیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز اور محکموں کو ہدایت کی کہ وہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل میں دلچسپی لیں اور درکار رپورٹس کی فراہمی میں معمولی سی بھی تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل تیز رفتاری سے حل کرنے کیلئے واضح ہدایات جاری کر رکھی ہیں لہذا درخواست گزار محکمانہ پیش رفت سے مطمئن ہونے چاہئیں۔ڈپٹی کمشنر نے اوورسیز پاکستانیوں اور ان کے نمائندوں سے کہا کہ انہیں درپیش مسائل کے حل کے لئے ضلعی انتظامیہ سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور متعلقہ محکموں کو میرٹ پر کیسز نمٹانے کے لئے متحرک کیا گیا ہے۔چیئر پرسن نے کہا کہ ملک سے باہر پاکستانی شہری محنت سے وطن کی خدمت کر رہے ہیں جن کی جائیدادوں و خاندانوں کو تحفظ ملنا چاہیئے۔انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کی جاری کاوشوں کو سراہا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو فضل ربی،ممبر کمیٹی طلحہ حمید اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔