Baaghi TV

Author: +9251

  • شمالی وزیرستان : سکیورٹی فورسز کا بڑا آپریشن 6 دہشتگرد ہلاک دوجوان شہید

    شمالی وزیرستان : سکیورٹی فورسز کا بڑا آپریشن 6 دہشتگرد ہلاک دوجوان شہید

    باغی ٹی وی : پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نےشمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا، آپریشن کے دوران 5 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آپریشن کےدوران دہشت گردوں کی فائرنگ سے2جوان بھی شہید ہوئے ، شہید ہونے والوں میں سپاہی محمد شمیم اور سپاہی اسد خان شامل ہیں۔

    یاد رہے گذشتہ سال دسمبر کے آغاز میں سیکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان کے علاقے بویا میں خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا تھا، جس کے نتیجے میں دو دہشت گرد ہلاک ہوگئے تھے جبکہ فورسز کے دو اہلکار بھی شہید ہوئے تھے۔

    اس سے قبل نومبر میں شمالی وزیرستان میں دیسی ساختہ بارودی سرنگ کا دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں پیٹرولنگ ٹیم کے 3 جوان شہید اور ایک زخمی ہوگیا تھا۔

  • لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر حصے دھند کی لپیٹ میں

    لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر حصے دھند کی لپیٹ میں

    لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر حصے دھند کی لپیٹ میں

    باغی ٹی وی :سردی نے پھر ڈیرے جما لیے . لاہور سمیت پنجاب کے میدانی علاقوں میں صبح کے وقت دھند کا راج رہا، حد نگاہ انتہائی کم ہونے سے ہائی ویز اور موٹرویز پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔

    بارش کے بعد سردی بڑھنے سے سندھ اور پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند کا راج ہے، صبح کے وقت حد نگاہ کہیں کم اور کہیں نہ ہونے کے برابر رہی، قومی شاہراہ پر لاہور، اوکاڑہ، چیچہ وطنی اور دیگر کئی علاقوں میں شدید دھند چھائی رہی۔

    قصور، پتوکی، وہاڑی میں دھند کے باعث حد نگاہ انتہائی کم ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ موٹروے پولیس نے دھند میں شہریوں کو بغیر ضرورت سفر سے گریز کی ہدایت کی ہے۔

    کراچی میں آج صبح کو درجہ حرارت 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تاہم دن کے وقت زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 25 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے جبکہ 9 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہواؤں کا سلسلہ جاری ہے۔ سائبرین ہواؤں کی رفتار کم ہونے سے صبح اور شام کے اوقات میں سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔

    گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران بالائی پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا اور کشمیر کے بیشتر اضلاع میں بارش ہوئی جبکہ مالم جبہ، مری اور استور میں برفباری ریکارڈ کی گئی۔ جس کی وجہ سے موسم مزید سرد ہو گیا۔

    سب سے زیادہ بارش گوجرانوالہ میں 43 ملی میٹر، منڈی بہاؤ الدین 38 ملی میٹر، اسلام آباد 38 ملی میٹر، گجرات 36 ملی میٹر، سیالکوٹ 30 ملی میٹر، اٹک 29 ملی میٹر، راولاکوٹ 24 ملی میٹر، پشاور 21 ملی میٹر،دیر 15 ملی میٹر، کوٹلی 13 ملی میٹر، لاہور اور کاکول 10 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

  • چین میں کورونا وائرس کے باعث ہلاکتوں کی تعداد تشویش ناک  حدتک بڑھ گئی

    چین میں کورونا وائرس کے باعث ہلاکتوں کی تعداد تشویش ناک حدتک بڑھ گئی

    چین میں کورونا وائرس کے باعث ہلاکتوں کی تعداد تشویش ناک حدتک بڑھ گئی

    باغی ٹی وی :چین میں کورونا وائرس کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 170 تک پہنچ چکی ہے، تبت میں بھی ایک کیس سامنے آیا ہے جبکہ یہ وائرس چین کے ہر حصے میں پھیل چکا ہے۔

    چین کے ووہان شہر سے پھیلنے والے پراسرار وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 7 ہزار 711 سے تجاوز کر گئی ہے جو کہ ایک دن قبل 4 ہزار 515 تھی۔

    دوسری جانب عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کا اجلاس جمعرات کو ہو گا جس میں اس بات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا کہ آیا یہ وائرس عالمی صحت کے لئے ایک ایمرجنسی ہے۔جاپان نے اپنی شہریوں کو ووہان شہر سے نکالنے کے لئے خصوصی طیارہ روانہ کر دیا ہے جبکہ اب تک کی اطلاعات کے مطابق یہ وائرس 16 ممالک میں پھیل چکا ہے۔ووہان شہر کے ساتھ ساتھ چین کے بڑے صوبے ہوبائی میں نقل و حمل پر سخت پابندیاں عائد کی گئی ہیں جب کہ چین کے کچھ شہروں میں عوام میں ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
    ادھرپاکستان میں اس کےبچاؤکےلیے حکومت کی طرف سے اقدام کیے گئے ہیں.ذرائع کے مطابق کروونا وائرس سے بچاؤ اور آگاہی پر مبنی اقدامات کے حوالے سے ملک کے7 بین الاقوامی ائر پورٹس پر فوکل پرسن تعینات کر دئیے گئے، جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔یہ فوکل پرسنزیہ بھی ہدایات دیں گے کہ دیگرپاکستانیوں کو کس طرح اس وائرس سے محفوظ رکھا جاسکتا ہے

    نوٹیفکیشن کے مطابق ایئر پورٹس ہیلتھ افسران کروونا وائس کے فوکل پرسنز ہوں گے، جن میں کراچی ایئرپورٹ پر ڈاکٹر طارق نواز، اسلام آباد ائر پورٹ پر ڈاکٹر سارہ سعید، علامہ اقبال، ملتان، فیصل آباد اور سیالکوٹ انٹرنیشنل کے لئے ڈاکٹر امینہ ثاقب جب کہ باچا خان انٹرنیشل پر کشمالہ اورکزئی فوکل پرسن کے فرائض انجام دیں گی۔

  • شکست خوردہ امریکہ، افغانستان میں اپنے افسروں کی لاشوں کی شناخت میں مصروف

    شکست خوردہ امریکہ، افغانستان میں اپنے افسروں کی لاشوں کی شناخت میں مصروف

    واشنگٹن :امریکہ، افغانستان میں اپنے افسروں کی لاشوں کی شناخت میں مصروف،اطلاعات کےمطابق امریکی فوج کے حکام کا کہنا ہے کہ وہ افغانستان میں تباہ ہونے والے فوجی طیارے سے ملنے والی لاشوں کی شناخت کر رہے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق فوجی ذرائع کہنا ہے کہ امریکی فوج افغانستان میں گر کر تباہ ہونے والے امریکی طیارے کے باقیات جمع کرنے اور لاشوں کی شناخت میں مصروف ہے۔ ستائیس جنوری کو افغانستان میں ایک امریکی طیارہ مار گرایا گیا تھا جس کی ذمہ داری افغان طالبان نے قبول کی ہے۔

    طالبان کا کہنا ہے کہ اس طیارے میں امریکہ کے سیکورٹی اور انیٹیجنس افسران تھے۔ امریکی وزارت جنگ پنٹاگون کے حکام نے بھی صوبہ غزنی میں امریکی فضائیہ کے ایک طیارے کےگر کر تباہ ہونے کی تصدیق کی تھی۔

    صوبہ غزنی کے مقامی ذرائع نے طیارے کے ملبے سے تقریبا سو لاشیں نکالنے کی خبر دی ہے تاہم امریکی حکام تباہ ہونے والے طیارے اور اس کے مسافروں اور ان کے تشخص کے بارے میں کچھ بھی بتانے سے اجتناب کر رہے ہیں۔

    درایں اثنا روسی ذرائع نے بتایا ہے کہ سی آئی اے کا اعلی عہدیدار مائکل ڈی آندریا بھی اس طیارے میں سوار تھا اور ہلاک ہوگیا جس نے سپاہ قدس کے کمانڈر شہید جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کی سازش کی تھی۔

  • امریکہ پرغموں کے پہاڑٹوٹ پڑے،پہلے افغانستان اوراب عراق میں امریکی فوجی طیارہ گر کر تباہ

    امریکہ پرغموں کے پہاڑٹوٹ پڑے،پہلے افغانستان اوراب عراق میں امریکی فوجی طیارہ گر کر تباہ

    بغداد:امریکہ پرغموں کے پہاڑٹوٹ پڑے،پہلے افغانستان اوراب عراق میں امریکی فوجی طیارہ گر کر تباہ ،اطلاعات کےمطابق عراقی ذرائع ابلاغ نے صوبہ الانبار میں امریکہ کا ایک فوجی طیارے کے گرنے کی خبر دی ہے۔

    الاتجاہ ٹی وی نے بدھ کو مقامی ذرائع کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ امریکی فوج کا سی ستائیس جے اسپارٹن فوجی طیارہ، صوبہ الانبار میں واقع عین الاسد ایئربیس کے قریب گر کر تباہ ہوگیا۔

    درایں اثنا الفرات ٹی وی نے بھی رپورٹ دی ہے کہ اس طیارے کے گرنے کے باعث چار امریکی دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔اس طیارے کے گرنے کی وجوہات ابھی سامنے نہیں آئی ہیں۔

    یاد رہےکہ افغان طالبان نے امریکی فوج کا ایک خصوصی جنگی جہاز مارگرایا ہے جس میں سی آئی اے کے اہلکار مارے گئے ہیں ، پہلے توامریکہ نے اس حادثے کا انکارکیا مگرپھر جب افغان طالبان نے تصاویر جاری کیں تو اس جہازکے گرنے کی تائید بھی کردی تھی

  • مہنگائی مزید نہیں بڑھنی چاہیے:اب عوام کوریلیف دینے کا وقت آگیا ہے ؛ وزیراعظم کی معاشی ٹیم کو ہدایت

    مہنگائی مزید نہیں بڑھنی چاہیے:اب عوام کوریلیف دینے کا وقت آگیا ہے ؛ وزیراعظم کی معاشی ٹیم کو ہدایت

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے معاشی ٹیم کو عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کی ہدایت کردی۔

    ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے معاشی ٹیم سے ملاقات کی جس میں وفاقی وزراء، مشیر اور معاونین خصوصی شریک تھے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے کابینہ اجلاس میں بڑھتی مہنگائی پر تحفظات کا اظہار کیا تھا اور معاشی ٹیم سے ملاقات میں کہا کہ اگر کابینہ اجلاس میں نہیں بتاسکتے تھے تو آج وجوہات بتائیں۔

    ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے معاشی ٹیم کو ہدایت کی کہ مہنگائی مزید نہیں بڑھنی چاہیے اور عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم نے کابینہ اجلاس میں معاشی ٹیم پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ملک میں مہنگائی کنٹرول نہیں ہو رہی، اور مجھے اس معاملے پر مِس گائیڈ کیا جا رہا ہے۔

  • کے پی کے اور سندھ میں پولیو کے مزید 2 کیسز سامنے آگئے

    کے پی کے اور سندھ میں پولیو کے مزید 2 کیسز سامنے آگئے

    اسلام آباد:پولیوپاکستانیوں کی جان چھوڑنے کا نام ہی نہیں لے رہا ، اطلاعات کےمطابق خیبر پختون خوا (کے پی کے) اور سندھ میں پولیو کے مزید 2 نئے کیسز سامنے آگئے۔محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے ضلع ٹانک میں 11 ماہ کے بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق کی ہے۔

    پشاور سے محکمہ صحت کے حکام کے مطابق 11 جنوری کو متاثرہ بچے کے نمونے لے کر ٹیسٹ کے لیے لیبارٹری بھیجے گئے تھے جب کہ بچے کو پولیو سے بچاؤ کی کوئی ویکسین بھی نہیں دی گئی تھی۔

    محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق نیا کیس سامنے آنے کے بعد رواں سال صوبہ بھر میں پولیو کیسز کی تعداد 3 ہوگئی ہے جب کہ گزشتہ سال صوبہ بھر میں پولیو کے 92 کیسز رپورٹ کیے گئے تھے۔

  • جسے اللہ رکھے اسے کون چکھے ؟ ساتویں منزل سے گرنے والی خاتون معجزانہ طور پر محفوظ

    جسے اللہ رکھے اسے کون چکھے ؟ ساتویں منزل سے گرنے والی خاتون معجزانہ طور پر محفوظ

    نیویارک:جسے اللہ رکھے اسے کون چکھے ؟ ساتویں منزل سے گرنے والی خاتون معجزانہ طور پر محفوظ،اطلاعات کےمطابق نیویارک کی ایک عمر رسیدہ خاتون ساتویں منزل سے نیچے گرنے کے باوجود محفوظ رہیں۔

    مین ہیٹن کے مشرقی علاقے کی 76 سالہ رہائشی باربرا ہیلر اپنے فلیٹ کی کھڑکی سے جھانک رہی تھیں کہ زیادہ جھکنے کی وجہ سے وہ ساتویں منزل سے نیچے عین سبزیوں اور پھلوں سے بھرے کارٹن اور کریٹوں پر جاگریں۔ یہ سامان ایک سپرمارکیٹ میں پہنچایا جارہا تھا۔ جس میں گاجر، سبزی، ناشپاتی اور دیگر اشیا بھری ہوئی تھیں۔

    ان کے شوہر چارلس ہیلر نے بتایا کہ ایک ان کا ایک پھیپھڑا شدید متاثر ہوا ہے۔ پیڑو کی ہڈی ٹوٹی ہے اور ایک پسلی میں فریکچر ہوا ہے۔ خوش قسمتی سے ان کے سر پر کوئی چوٹ نہیں آئی۔ سرجری کے بعد وہ اب تیزی سے بہتر ہورہی ہیں لیکن گرنے کے بعد وہ چلنے سے قاصر ہیں۔

    باربرا کی ایک دوست (جو حادثے کے وقت اپارٹمنٹ میں ساتھ تھیں) نے بتایا کہ باربرا کو سانس لینے میں دقت ہوتی ہے اور وہ تازہ ہوا میں سانس لینے کے لیے کھڑکی کے قریب تھیں کہ جھکنے سے نیچے کی جانب لڑھک گئیں۔ انہوں نے باربرا کو گرتے ہوئے نہیں دیکھا لیکن ایک خوفناک آواز کے بعد وہ سب ماجرا دیکھنے کے لیے کھڑکی کی جانب دوڑیں۔

    کھڑکی سے باربرا کو نیچے دیکھا تو وہ پھلوں کے ڈھیر پر بے سدھ پڑی تھیں اور ڈرتھا کہ شاید وہ مرگئیں۔ اتنے میں کئی لوگ ان کی مدد کو دوڑے اور اس وقت باربرا اپنے ہوش میں تھیں بعدازاں انہیں ہسپتال لے جایا گیا اور اب وہ مکمل طور پر صحت مندی کی جانب گامزن ہیں۔

  • دنیا کا سب سے مہنگا اور جدید ترین طیارہ:قیمت تین کھرب روپے

    دنیا کا سب سے مہنگا اور جدید ترین طیارہ:قیمت تین کھرب روپے

    واشنگٹن: بی ٹو اسپرٹ بمبار طیارہ اگرچہ 30 برس قبل بنایا گیا تھا لیکن اب بھی یہ دنیا کا مہنگا اور جدید ترین طیارہ ہے اور اس کی قیمت تین کھرب روپے یعنی دوارب ڈالر کے لگ بھگ ہے۔

    1989 میں اسے سوویت امریکہ سرد جنگ کے لیے تیار کیا گیا تھا ۔ ریڈار پر دکھائی نہ دینے والا یہ طیارہ سوویت فضاؤں کے اندر گھسنے کی صلاحیت رکھتے ہوئے روایتی اورغیرروایتی (ایٹمی) ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھتا تھا۔ پھر دیوارِ برلن گرگئی اور یوں سردجنگ کی آگ بھی بجھ گئی۔

    تاہم 1993 میں اسے امریکی فوج میں شامل کیا گیا لیکن 1999 میں بوسنیا اور کسووو کی جنگ میں اس کا پہلا استعمال ہوا۔ اب تک جنگ میں ایک بھی بی ٹو طیارہ تباہ نہیں ہوا۔ یہ ہوا میں ایندھن لے سکتا ہے اور دنیا کے کسی بھی مقام پر حملہ آور ہوسکتا ہے۔

    امریکہ میں عسکری طیاروں کی ماہر ربیکا گرانٹ کہتی ہے کہ بی ٹو اسپرٹ بمبار اپنی طرز کا واحد اور انوکھا طیارہ ہے۔ اس طیارے کو اڑتے ہوئے پر (فلائنگ ونگ) کا نام دیا گیا ہے۔ اس کا سب سے بڑا کمال غیرمعمولی ڈیزائن ہے۔

    اس وقت تین بمبار طیارے امریکی فضائی بیڑے میں شامل ہیں جن میں ایجائل روک ویل بی ون لینسر بھی شامل ہے جس کی اول آزمائش 1974 میں کی گئی تھی۔ یہ انتہائی بلندی پر اڑتا ہے۔ اس کے برخلاف بی ون بمبار طیارہ اس کی الٹ بنایا گیا تھا یعنی وہ نہایت نچلی پرواز کرتا ہے۔

    اس طیارے کو بنانے کےلیے خاص طرح کی ٹیکنالوجی وضع کی گئی ہیں جو اس سے پہلے موجود نہ تھیں۔ اس کی تحقیق، مٹیریل اور پورے نظام پر زبردست لاگت آئی ہے اور اسی وجہ سے یہ سب سےمہنگا طیارہ ہے۔

    ڈیزائن کے علاوہ اس کے اوپر کا مٹیریل بھی پانی کو بھگاتا ہے اور اسی پرت کو برقرار رکھنے پر مسلسل رقم خرچ ہوتی ہے۔ ہر ایک پرواز کے بعد اس طیارے کے اوپری سطح کی خاص مرمت کی جاتی ہے جس پر بہت زیادہ اخراجات اٹھتےہیں۔طیارے کو ہر پانچ چھ سال بعد خاص پینٹ سے رنگنا پڑتا ہے اور ایک دفعہ کی رنگائی پر 6 کروڑ ڈالر خرچ ہوتےہیں۔

  • عوامی اتحاد گروپ کے زیر اہتمام ورکرز کنونشن

    عوامی اتحاد گروپ کے زیر اہتمام ورکرز کنونشن

    (عبدالغفار شاکر باغی ٹی وی قصور)
    آج عوامی اتحاد گروپ کے زیراہتمام پیراڈائز میرج کمپلیکس دینا ناتھ میں آئندہ بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں ورکرز کنونشن کا انعقاد کیا گیا۔
    جس میں محترم جناب سیف اللہ خالد صاحب صدر ملی مسلم لیگ پاکستان ، محترم جناب ابو فدا الرحمن چیئرمین کشمیر کمیٹی ضلع قصور ، محترم جناب محمد آصف جٹ صاحب امیدوار حلقہ 181 پی پی ، میاں مقصود صاحب سرپرست اعلیٰ عوامی اتحاد گروپ این اے 140 ، محترم جناب ابو عبداللہ صاحب چئیرمین کشمیر کمیٹی کے پی کے ، محترم جناب قاری عبد الرؤف ربانی ، محترم جناب راۓ غلام مصطفیٰ کھرل صدر حلقہ پی پی 181 ، محترم جناب حاجی رمضان صاحب سرپرست اعلیٰ کسان اتحاد کے علاوہ مختلف سیاسی و سماجی رہنماؤں نے خطابات کیے ۔
    ورکرز کنونشن میں ویلج کونسل اور نیبر ہڈ کے کارکنان اور امیدواروں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
    قائدین نے آئندہ بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے حکمت عملی اور لائحہ عمل سے ورکرز کو آگاہ کیا۔
    خطابات میں قائدین کا کہنا تھا کہ ہماری سیاست کا محور خدمت انسانیت ہے۔ ہم گلی محلے کی سطح پر خدمت کمیٹیاں قائم کریں گے جو کہ عوامی مسائل کو حل کرنے میں معاون ہوں گی۔ خدمت کمیٹی میں ویلج کونسل اور نیبر ہڈ کی سطح پر کمیٹیاں رفاہ عامہ کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گی۔ کارکنان سے اپنے خطاب میں قائدین کا کہنا تھا کہ اپنے اپنے علاقوں میں عوامی اتحاد گروپ کے نیٹ ورک کو پھیلائیں تاکہ خدمت انسانیت کے اس مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے آئندہ الیکشن میں کامیابی ہمارا مقدر بنے۔