Baaghi TV

Author: +9251

  • کشمیریوں کے حقوق: چین نے اہم ترین مطالبہ کردیا

    کشمیریوں کے حقوق: چین نے اہم ترین مطالبہ کردیا

    اسلام آباد: چین کے سفیر نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ کشمیریوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے عالمی برادری کردار ادا کرے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے پاکستان میں چین کے سفیر یو جینگ نے ملاقات کی جس میں کشمیر سمیت خطے کی موجودہ صورتحال اور دو طرفہ امور پر گفتگو کی گئی۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ کشمیر پر پاکستان اور چین کا موقف یکساں ہے اور بھارت کو کسی طور پر خطے کا تھانیدار نہیں بننے دیں گے۔ چین کے سفیر یو جینگ نے کہا کہ پاکستان دیرینہ اور بے مثل دوست ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ سی پیک اتھارٹی کے قیام سے جاری منصوبوں میں تیزی لانے میں مدد ملے گی جبکہ سی پیک خطے کے مستقبل اورپاک چین دوستی کا مظہر ہے۔ پاکستان اور چین مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے اپنے اصولی موقف پر قائم ہیں۔ کشمیریوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے عالمی برادری کو کردار ادا کرنا چاہیے اور خطے میں ہر قسم کی جارحیت اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی مذمت کرتے ہیں۔

  • محمد عامر سے ریٹائرمنٹ واپس لینے کا مطالبہ کردیا گیا

    محمد عامر سے ریٹائرمنٹ واپس لینے کا مطالبہ کردیا گیا

    لاہور: سابق فاسٹ بالر شعیب اختر نے محمد عامر کو ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے فیصلے پر نظر ثانی کرنے کا مشورہ دیدیا۔

    تفصیلات کے مطابق شعیب اختر نے کہا ہے کہ محمد عامر کی انگلش کاؤنٹی کرکٹ میں فارم گرین کیپس کے کام آسکتی ہے، شعیب اختر نے مزید کہا کہ انگلینڈ میں عامر کو بہتر انداز میں سنبھالا جا رہا ہے، وہاں ان پر کوئی دباؤ بھی نہیں ہوتا، البتہ عامر کو اس قسم کی پرفارمنس پاکستان کی جانب سے بھی پیش کرنا چاہیے تھی۔

    انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ ایسی پالیسی بنائے جس کے تحت کوئی نوجوان کرکٹر ازخود ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر نہ ہوسکے کیونکہ اسے اس مقام تک پہنچانے میں بہت زیادہ سرمایہ کاری ہوچکی ہوتی ہے۔

  • پاکستان کے مشہور سابق آل راؤنڈر ٹیسٹ کرکٹر کا یوم وفات

    پاکستان کے مشہور سابق آل راؤنڈر ٹیسٹ کرکٹر کا یوم وفات

    وسیم حسن راجہ کی وفات *
    پاکستان کے سابق آل رائونڈر ٹیسٹ کرکٹر وسیم حسن راجہ 3 جولائی 1952ء کو ملتان میں پیدا ہوئے ۔
    پاکستان کے کرکٹ کے سابق کھلاڑی۔ مشہور کھلاڑی رمیز راجہ کے بھائی۔ وسیم راجا دائیں ہاتھ سے گیند کرنے والے لیگ سپن بالر تھے جنہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں اکاون کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ وہ گگلی بھی پھینکتے تھے اور بائیں ہاتھ سے جارحانہ بیٹنگ کرنے والے مڈل آڈر بلے باز تھے۔ انہوں نے کئی موقعوں پر پاکستان کی طرف سے اننگز کا آغاز یا اوپننگ بھی کی۔

    ٹیسٹ کرکٹ میں ستاون ٹیسٹ میچوں میں انہوں نے دو ہزار دوسو اکاسی رن بنائے اور ان کی اوسط چھتیس عشاریہ ایک چھ رہی۔ اس میں چار سنچریاں اور اٹھارہ نصف سنچریاں بھی شامل تھیں۔
    ون ڈیز

    انہوں نے چون (54) ایک روزہ میچ بھی کھیلے۔ ان کا آخری ٹیسٹ بھی نیوزی لینڈ کے خلاف انیس سو پچاسی میں آکلینڈ میں ہوا۔ وہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچ بھی رہے اور انہوں نے آئی سی سی کے ریفری کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیں۔
    کارنامے

    انہوں نے کرکٹ کی دنیا میں سب سے بڑا کارنامہ انیس سوچھہتر ستتر میں ویسٹ انڈیز کے دورے پر انجام دیا۔ انہوں نے اس سیریز میں کرکٹ کی تاریخ کے تباہ کن فاسٹ بالنگ اٹیک کے خلاف پانچ سو سترہ رن ستاون عشاریہ چار کی اوسط سے بنائے۔ اس سیریز میں پاکستان کی ٹیم کو ویسٹ انڈیز کے بہترین تیز رفتار بالر گارنر، رابرٹس اور کروفٹ کا سامنا کرنا پڑا۔

    سنیل گواسکر کے علاوہ ویسٹ انڈیز کے دورے پر کسی بھی بلے باز نے ویسٹ انڈیز کے بالروں کے اتنی پٹائی نہیں کی تھی جتنی اس دورے پر وسیم حسن راجا نے کی۔ انیس سو تراسی چوراسی آسٹریلیا کے دورے پر جب عمران خان پاکستان ٹیم کی کپتانی کر رہے تھے تو وسیم راجا بھی اس ٹیم میں شامل تھے۔
    انتقال
    23 اگست 2006ء میں ایک کاونٹی میچ کے دوران میں سلپ میں کھڑے ساتھی فیلڈروں کو بتایا کہ ان کو چکر آ رہے ہیں اور میدان سے باہر جانا چاہتے ہیں۔ انہیں جب میدان سے باہر لے جایا جا رہا تھا تو وہ باونڈری لائن پر انتقال کر گئے۔۔!!!

  • یمن کی افواج  نے اہم شہر کا کنٹرول سنبھال لیا

    یمن کی افواج نے اہم شہر کا کنٹرول سنبھال لیا

    یمن کی افواج نے عتاق شہر پر مکمل قبضہ حاصل کر لیا

    الجزیرہ کے مطابق سیکیورٹی اہلکاروں نے بتایا کہ متحدہ عرب امارات کے حمایت یافتہ علیحدگی پسند جنگجوو¿ں کے ساتھ شدید جھڑپوں کا آغاز کل جمعرات سے ہوا ۔ یہ جھڑپ آج (جمعہ)ختم ہوئی۔

    یمن کے وزیر ٹرانسپورٹ صالح ال گبوانی نے جمعرات کو ایک ٹویٹر پوسٹ میں کہا کہ عتاق میں سرکاری فوجیں "صورتحال پر قابو پانے میں ہیں”۔

    یہ جھڑپیں یمنی صدر منصور ہادی کے وفادار فوجیوں اور متحدہ عرب امارات کی تربیت یافتہ ملیشیا کے درمیان ہوئیں۔

    دریں اثناء ہادی کے ترجمان نے راجہ بدی نے کہا کہ عتاق شہر پر قبضہ کرنے کی باغیوں کی کوششوں میں ابوظہبی کا ہاتھ ہے۔

  • پیراگوئے دہشت گردی کے الزامات، حماس نے بڑا اعلان کر دیا

    پیراگوئے دہشت گردی کے الزامات، حماس نے بڑا اعلان کر دیا

    فلسطینی تنظیم حماس نے لاطینی امریکا کے ملک پیراگوائے کے جماعت کو دہشت گرد قراردینے کے فیصلے کو بنیاد، من گھڑت اور ظالمانہ قراردیتے ہوئے اسے مسترد کردیا ہے۔

    مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پیراگوائے کا دہشت گرد قرار دینے کا اقدام اسرائیلی مظالم کی طرف داری کے مترادف ہے اور حماس اسے کسی صورت میں قبول نہیں کرے گی۔

    بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ حماس کو ‘داعش’ اور’ القاعدہ‘ جیسے دہشت گرد گروپوں میں شامل کرنا قطعا نامناسب ہے۔ حماس فلسطینی قوم کے آئینی حقوق کے لیے جدو جہد کررہی ہے۔ حماس معصوم لوگوں کے قتل عام میں ملوث نہیں۔ پیراگوائے کا یہ اعلان اسرائیل اور امریکا کو خوش کرنے کی کوشش ہے۔بیان میں پیراگوائے پر زور دیا ہے کہ وہ حماس کو دہشت گرد قراردینے کا فیصلہ واپس لے۔

    خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے پیراگوائے نے القاعدہ، حزب اللہ، داعش اور حماس کو دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کرنئے کا فیصلہ کیا تھا۔

  • صدر مملکت پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے

    صدر مملکت پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے

    اسلام آباد (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے.

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی قومی اسمبلی کے دوسرے پارلیمانی سال کے آغاز کے موقع پر پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس سے جمعہ 30 اگست کو خطاب کریں گے۔ صدر مملکت کا خطاب شام 5 بجے ہوگا۔ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے ذرائع کے مطابق صدر مملکت کے خطاب کے موقع پر تمام انتظامات کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔ اس موقع پر سخت ترین حفاظتی اقدامات کئے جائیں گے۔ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ میں مسلح افواج کے سربراہان ، سفارتکاروں، آئینی اداروں کے سربراہوں سمیت اہم شخصیات کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے موقع پر مدعو کرنے کے لئے دعوت ناموں کا اجراءشروع کردیا ہے۔

  • اساتذہ کی شامت آگئی ، 40 ہزار اساتذہ کو جرمانے کی خبر نے کھلبلی مچادی

    اساتذہ کی شامت آگئی ، 40 ہزار اساتذہ کو جرمانے کی خبر نے کھلبلی مچادی

    لاہور : محکمہ سکول ایجوکیشن نے اساتذہ کے لیے پروفائل اپ ڈیٹ نہ کرنے پر جرمانے کی سزادینے کا فیصلہ کرلیا ہے ، ذرائع کے مطابق محکمہ سکول ایجوکیشن نے حکمت عملی تیار کرلی اور فہرستں بنانا شروع کردیں۔

    تفصیلات کے مطابق اساتذہ اپنی سروس کے متعلق تمام تر تفصیلات اپ ڈیٹ کرکے اپنی پروفائل بنائیں گے جس سے مستقبل میں اساتذہ کی ترقیاں، تنزلی اور اساتذہ کی کارکردگی کے نتائج اس سسٹم میں ہوں گے۔ محکمہ سکول ایجوکیشن کے مطابق اب تک چالیس ہزار ایسے اساتذہ ہیں جو ابھی تک اپنی پروفائل اپ ڈیٹ نہیں کرسکے۔

    اس پروفائل کو اپ ڈیٹ نہ کرنے والے ساتذہ کے خلاف کارروائی ہوگی۔ محکمہ سکول ایجوکیشن پروفائل اپ ڈیٹ نہ کرنے والے اساتذہ کی فہرستیں بنانا شروع کردی ہیں۔ ذرائع کے مطابق اساتذہ کو متعدد بار آگاہ بھی کیا گیا جس کے باوجود ابھی تک 40 ہزار اساتذہ اپنا ڈیٹا آن لائن نہیں دے سکے۔