Author: +9251
-

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف شاہ محمود قریشی کا فرانسیسی وزیر خارجہ سے ٹیلی فونک رابطہ
اسلام آباد: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی طرف سے جاری مظالم کے خلاف وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے فرانسیسی وزیر خارجہ سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے بھارتی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور خطے میں امن کی صورت حال پر بات چیت کی۔
ذرائع کے مطابق مقبوضہ کشمیر کی صورت حال کے حوالے سے شاہ محمود قریشی نے اپنے فرانسیسی ہم منصب ژاں ایو لیدریاں سے فون پر رابطہ کیا ہے، شاہ محمود نے فرانسیسی وزیر خارجہ کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی یک طرفہ اقدامات سے خطے میں امن کو درپیش خطرات سے آگاہ کیا۔
اسلام آباد سے ذرائع کے مطابق فرانسیسی وزیر خارجہ ژاں ایو لیدریاں نے مودی کے متوقع دورۂ پیرس کے دوران بات چیت کا عندیہ دیا، دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی مشاورت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔شاہ محمود نے فرانسیسی وزیر خارجہ کو بتایا کہ بھارتی اقدامات یو این قراردادوں کی خلاف ورزی ہیں، 5 اگست سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں مکمل کرفیو ہے، وادی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں عروج پر ہیں۔
شاہ محمود قریشی سے گفتگو کرتے ہوئے فرانسیسی وزیر خارجہ نے کہا کہ فرانس کو اس ساری صورت حال پر گہری تشویش ہے۔ انھوں نے معاملات مذاکرات سے حل کرنے پر زور دیا۔فرانس کے وزیر خارجہ نے افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے اس سلسلے میں قابل تحسین کردار ادا کیا۔
یہ بھی یا د رہے کہ مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل کا اجلاس بلانے کے لیے تمام 15 رکن ممالک متفق ہو گئے ہیں۔ ذرایع کا کہنا ہے کہ مستقل ارکان میں فرانس کے سوا سب نے پاکستان کے مؤقف کی حمایت کی ہے۔پاکستان بھی اس سلسلے میں تمام ممبر ممالک کو کشمیریوں پر ہونے والے مظالم سے آگاہ کرنا چاہتا ہے.
-

مزید 2 کرکٹرز کے باؤلنگ ایکشن مشکوک قرار
دبئی (اے پی پی) نیوزی لینڈ ٹیم کے کپتان کین ولیمسن اور سری لنکن سپنر دانن جایا کے باﺅلنگ ایکشن کو مشکوک قرار دیدیا گیا ہے.
نیوزی لینڈ ٹیم کے کپتان کین ولیمسن اور سری لنکن سپنر دانن جایا کے باﺅلنگ ایکشن کو مشکوک قرار دے دیا گیا۔ سری لنکا اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں دونوں کرکٹرز کے باﺅلنگ ایکشن کو رپورٹ کیا گیا۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق میچ آفیشلز نے نیوزی لینڈ اور سری لنکا کے درمیان کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں ولیمسن اور اکیلا دانن جایا کے باﺅلنگ ایکشن کو مشکوک قرار دیتے ہوئے دونوں ٹیموں کی مینجمنٹ کو رپورٹ کر دی ہے۔ آئی سی سی کے قوانین کے مطابق ایکشنز رپورٹ ہونے کے بعد اب دونوں کھلاڑیوں کو 14 روز میں باﺅلنگ ایکشن ٹیسٹ دینا ہو گا تاہم ایکشن کی رپورٹ آنے تک وہ باﺅلنگ جاری رکھ سکیں گے۔ دانن جایا نے پہلی اننگز میں 5 وکٹیں لیکر سری لنکن ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا جبکہ ولیمسن نے صرف تین اوورز کرائے تھے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی ولیمسن اور دانن جایا کے باﺅلنگ ایکشنز کو غیرقانونی قرار دیا جا چکا ہے، ولیمسن کا 2014ء اور دانن جایا کا 2018ء میں ایکشن رپورٹ ہوا تھا۔
-

سلمان بٹ کی پی سی بی پر شدید تنقید
لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سلمان بٹ نے پی سی بی پر الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ پی سی بی اپنی پسند کے فیصلے کرتا ہے.
تفصیلات کے مطابق سلمان بٹ نے اپنے حالیہ بیان میں کہا ہے کہ پی سی بی اپنی پسند کے فیصلے کرتا ہے.سلمان بٹ نے کہا کہ ماضی میں ڈومیسٹک کرکٹ کے پرفارمرز کو نظر انداز کرتے ہوئے من پسند فیصلے کئے جاتے رہے لیکن امید ہے کہ اب ایسا نہیں ہوگا کیونکہ ڈومیسٹک کرکٹ میں اچھی کارکردگی دکھانے والوں کو ترجیح دیں گے تب ہی نیا سسٹم کامیاب ہوسکتا ہے. انہوں نے ماضی کے بورڈ حکام پر امتیازی سلوک کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک کھلاڑی کیلئے الگ اور دوسروں کیلئے الگ رویہ رکھا گیا۔ اس کا جواب سابق چیئرمین پی سی بی شہریار خان اور نجم سیٹھی ہی دے سکتے ہیں کہ کیوں ایک کھلاڑی کیلئے الگ اور دوسروں کیلئے الگ رویہ رکھا گیا۔
محمد عامر کو خصوصی رعایت دینے کے سوال کا جواب دیتے ہوئے سلمان بٹ نے کہا کہ میری 5سال کی سزا مکمل ہوگئی تھی جس کے بعد ہرسال ڈومیسٹک کرکٹ میں تسلسل کے ساتھ عمدہ کارکردگی کا بھی مظاہرہ کیا لیکن پھر بھی میرے معاملے میں امتیازی سلوک کیوں کیا گیا.
-

شادی مبارک : حسن علی کی سامعیہ آرزو سے شادی کی آرزو پوری ہوگئی ، پہلی اننگز دوبئی میں
دبئی: بالآخر افواہیں دم توڑ گئیں ، پاکستان قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی اور سامعیہ آرزو رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے۔ نکاح کے بعد نئے جوڑے نے اسٹیج پر فوٹو سیشن کرایا۔نکاح کے موقع پر حسن علی نے کالی شیروانی اور سامعیہ آرزو نے سرخ رنگ کا عروسی جوڑا زیب تن کیا ہوا تھا۔
ذرائع کے مطابق حسن علی کے نکاح کی تقریب دبئی میں منعقد ہوئی جس میں اہل خانہ، دوستوں سمیت کرکٹر شاداب خان نے شرکت کی، حسن علی اور سامعیہ آرزو کو سب نے دعائیں دیں اور اہل خانہ سمیت تمام شرکا نے مبارک باد پیش کی۔حسن علی کے گھروالوں کی طرف سے کہا گیا ہے کہ حسن علی 22 اگست کو وطن واپسی کا پلان ہے، نکاح کے بعد باقاعدہ رخصتی دو سے تین ماہ بعد ہوگی، ولیمے کی تقریب پاکستان میں ہوگی۔
The Indian bride, #SamiyaArzoo, makes her way to dinner after the Nikah ceremony in Dubai with Pakistani cricketer #HasanAli.-Supplied video pic.twitter.com/NnwVmTDi4f
— Khaleej Times (@khaleejtimes) August 20, 2019
نکاح کے بعد گفتگو کرتے ہوئے حسن علی کا کہنا تھا کہ زندگی کی نئی اننگز شروع کرنے پر خوش ہوں، نکاح پاکستان میں ہوتا تو اور بھی زیادہ مزہ آتا، سامعیہ کو کرکٹ پسند نہیں ہے، ان کا پسندیدہ کرکٹر بھی میں ہی ہوں۔
Pakistani cricketer Hasan Ali’s mother makes her way to dinner at the wedding ceremony.
Wedding details: https://t.co/dNSlnnQXK7
Video by Sarwat Nasir/Khaleej Times pic.twitter.com/UxMY9ZosJx— Khaleej Times (@khaleejtimes) August 20, 2019
دوسری طرف حسن علی کی شادی کی مبارک باد کا سلسلہ ٹویٹ کے ذریعے جاری ہے ، کرکٹر شاداب خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر حسن علی کو شادی کی مبارک باد دیتے ہوئے لکھا کہ میرے دوست حسن علی کی شادی ہے، دعا ہے کہ تم اور بھابھی ہمیشہ خوش رہو۔
Mere yaar @RealHa55an ki shaadi. Meri dua hai ke tum aur bhabi hamesha khush raho. Have a great married life my brother. pic.twitter.com/BAjK4UimWq
— Shadab Khan (@76Shadabkhan) August 20, 2019
اس شادی کی خوشی پر بھارتی ٹینس اسٹار اور کرکٹر شعیب ملک کی اہلیہ ثانیہ مرزا نے زندگی کا نیا سفر شروع کرنے پر حسن علی کو مبارک باد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا تھا۔
یاد رہے کہ حسن علی بھارتی لڑکی سےشادی کرنے والے چوتھے پاکستانی کرکٹر ہیں، اس سے قبل ظہیر عباس، محسن حسن خان اور شعیب ملک بھارتی لڑکیوں سے شادی کرچکے ہیں۔
-

افغانستان بمقابلہ بنگلہ دیش: بریکنگ نیوز آگئی
کابل (اے پی پی) افغانستان نے بنگلہ دیش کے خلاف واحد ٹیسٹ میچ اور سہ ملکی ٹی ٹونٹی سیریز کیلئے سکواڈز کا اعلان کردیا.
تفصیلات کے مطابق افغانستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے بنگلہ دیش کے خلاف واحد ٹیسٹ میچ اور سہ ملکی ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ سیریز کیلئے الگ الگ سکواڈز کا اعلان کردیا۔ رواں برس کے شروع میں آئرلینڈ کے خلاف واحد ٹیسٹ کھیلنے والے سکواڈ سے 5 کھلاڑیوں کو ڈراپ کیا گیا ہے جس میں معطلی کا شکار اوپننگ بیٹسمین محمد شہزاد بھی شامل ہیں، لیفٹ آرم فاسٹ باﺅلر شاہ پور زدران کو سکواڈ میں طلب کر لیا گیا ہے۔ ٹیسٹ میچ کیلئے اعلان کردہ افغانی سکواڈ کپتان راشد خان، اصغر افغان، حشمت اللہ شاہدی، احسان اللہ، اکرام علی خیل، جاوید احمدی، محمد نبی، رحمت شاہ، یامین احمدزئی، شاہ پور زدران، ابراہیم زدران، ظاہر خان، سید احمد شیرزاد، افسر زیزئی اور قیاس احمد پر مشتمل ہے۔ سہ ملکی ٹی ٹونٹی سیریز کیلئے اعلان کردہ سکواڈ میں کپتان راشد خان، اصغر افغان، محمد نبی، حضرت اللہ زیزئی، نجیب، مجیب الرحمان، شراف الدین اشرف، نجیب زدران، شاہداللہ کمال، گلبدین نائب، فرید احمد، شفیق اللہ شفیق، فضل نیازی، دولت زدران، نوین الحق اور رحمان اللہ گرباز شامل ہیں۔
واضح رہے کہ افغانی ٹیم بنگلہ دیش کے خلاف واحد ٹیسٹ میچ کھیلنے کے بعد سہ ملکی ٹی ٹونٹی سیریز کھیلے گی جس میں افغانستان کے علاوہ میزبان بنگلہ دیش اور زمبابوے کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔
-

کشمیریوں پر بھارتی فوج کے مظالم کے خلاف پاکستان نے عالمی عدالت انصاف جانے کا اعلان کردیا
اسلام آباد: کشمیریوں کی آزادی کے لیے میں آخر ی حد تک جاوں گا ، اس وعدے پر وزیراعظم پاکستان عمران خان پاکستان ہر صورت کوشش کرتے دکھائی دیتے ہیں ، تازہ کوشش میں وزیراعظم کی ہدایت پر پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا معاملہ عالمی عدالت انصاف لے جانے کا فیصلہ کرلیا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ صورت حال اس قدر بگڑ گئی ہے کہ مقبوضہ وادی میں مواصلات، ٹیلیفون، موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس معطل ہے جبکہ مسلسل 16 روز سے جاری کرفیو کے باعث بچوں کے دودھ، ادویات اور اشیائے ضروریہ کی قلت پیدا ہوگئی ہےوزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کے معاملے پر عالمی عدالت انصاف میں جانے کا اصولی فیصلہ ہوگیا ہے، کچھ تکنیکی امور کا جائزہ لینے کے بعد دی ہیگ میں قائم عالمی عدالت انصاف سے رجوع کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا مؤقف واضح، اصولی اور ٹھوس ہے، تمام قانونی پہلوؤں کو مدنظر رکھ کر فیصلہ کیا ہے جس کی تمام تفصیلات وزارت قانون جلد جاری کرے گا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وہ کشمیریوں پر ہونے والے بھارتی مظالم کو دنیا بھر میں بے نقاب کریں گے ،
-

سابق وکٹ کیپر راشد لطیف کی پھر واپسی ، مداح خوشی سے جھوم اٹھے
لاہور : پاکستان کرکٹ بورڈ اہم فیصلے کرنے میں ابھی تک مصروف ، اطلاعات کے مطابق آئندہ ڈومیسٹک سیزن کیلئے 6 کرکٹ ایسوسی ایشنز کی ٹیموں کے انتخاب کے عمل کا جائزہ لینے کیلئے 3 رکنی آزاد ماہرین پر مشتمل پینل ترتیب دے دیا جس میں مصباح الحق، راشد لطیف اور ندیم خان شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق یہ تین رکنی آزاد پینل 6 کرکٹ ایسوسی ایشنز کی ٹیموں کے انتخاب کیلئے جمعرات کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں مشاورت کرے گا اور سابق سلیکشن کمیٹی کے ساتھ ساتھ جونیئر سلیکشن کمیٹی کے تیار کردہ ابتدائی اسکواڈ کا جائزہ لے گا۔آزاد پینل تمام ایسوسی ایشنز کیلئے 32 کھلاڑیوں کو حتمی شکل دینے کے ساتھ فرسٹ اور سیکنڈ الیون کیلئے کپتانوں کا نام بھی تجویز کرے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے ذرائع کے مطابق کرکٹ ایسوسی ایشنز کی ٹیمیں آئندہ سیزن میں قائد اعظم ٹرافی، ٹی ٹوئنٹی کپ اور پاکستان ون ڈے کپ میں حصہ لیں گی۔ ڈومیسٹک سیزن 12 ستمبر سے اگلے برس 24 اپریل تک جاری رہے گا۔
-

بھارتی فوج کی فائرنگ : 7 سالہ بچے کی شہادت پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ طلبی
اسلام آباد: بھارت پھر باز نہیں آرہا ، آج فائرنگ کرکے 7 سالہ پاکستانی ننھا بچہ شہید کردیا . اطلاعات کے مطابق پاکستان نے لائن آف کنٹرول پر بھارت کی اشتعال انگیزی کے نتیجے میں 7 سالہ بچے کی شہادت پر بھارتی ڈپٹی ہائی کشمنر گورو آہلووالیا کو دفترخارجہ طلب کرکے شدید احتجاج کیا۔
اسلام آباد سے ذرائع کے مطابق ڈائریکٹر جنرل جنوبی ایشیاء ڈاکٹر محمد فیصل نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کیا اور ایل او سی پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی پر پاکستان کا احتجاج ریکارڈ کرایا۔ترجمان کے مطابق بھارتی افواج نے ایل او سی پر چڑی کوٹ اور تتہ پانی سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک 7 سال کا بچہ شہید ہوا۔
دوسری طرف ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج کنٹرول لائن پر تسلسل سے شہری آبادی کو بھاری اسلحہ سے نشانہ بنا رہی ہے، بھارتی کی جانب سے 2017 سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں میں تیزی آئی ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارت کی جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی علاقائی امن وسلامتی کیلئے خطرہ ہے۔
-

کوئٹہ میں فائرنگ
کوئٹہ: چمن میں دشمنی کی وجہ سے مسلح افراد نے گاڑی پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں ماں بیٹا جاں بحق ہوگئے.
تفصیلات کے مطابق چمن میں کوئٹہ شاہراہ پر بائی پاس دروازہ کے قریب دیرینہ دشمنی کی بناءپر گاڑی پر فائرنگ سے ماں بیٹا جاں بحق ہو گئے۔ لیویز حکام کے مطابق چمن کوئٹہ شاہراہ پر بائی پاس دروازہ کے قریب پرانی دشمنی کی بناءپر مسلح افراد نے کوئٹہ سے افغانستان جانے والی کار پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں نوجوان خدائیداد اور اس کی والدہ بی بی عزیزہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ ملزمان فرار ہونے میں کا میاب ہوگئے۔ لیویز نے بتایا کہ چند سال قبل ایک شخص افغانستان میں قتل ہوا تھا جس کا الزام مقتول خدائیداد پر لگایا گیا جسے پاکستان میں پولیس نے گرفتار کرکے جیل بجھوایا تھا اور وہ 3 سال کوئٹہ میں رہا لیکن گزشتہ روز عدالت نے عدم ثبوت کی بناءپر اسے جیل سے رہا کرنے کا حکم دیا اور جیل سے رہائی کے بعد مقتول خدائیداد اپنی والدہ اور بھائی کے ساتھ واپس افغانستان جارہا تھا کہ چمن کوئٹہ شاہراہ پر انہیں فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا۔
لیویز نے موقع پر پہنچ کر نعشوں کو ہسپتال منتقل کردیا جہاں ضروری کارروائی کے بعد نعشوںکو افغانستان روانہ کردیا گیا ہے۔ لیویز نے علاقے کی ناکہ بندی کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔
