Baaghi TV

Author: Aqsa Younas Rana

  • پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان 14 سال بعد براہ راست فضائی رابطہ بحال

    پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان 14 سال بعد براہ راست فضائی رابطہ بحال

    پاکستان اور بنگلادیش کے تعلقات میں ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں 14 سال کے طویل وقفے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان براہ راست فضائی رابطہ بحال کر دیا گیا ہے۔
    ‎بنگلادیش ایئرلائن کی پہلی پرواز آج ڈھاکا سے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈ کرے گی۔ ایئرلائن کی پرواز بی جی 341 رات 11 بجے کراچی پہنچے گی، جس کے لیے ایئرپورٹ انتظامیہ کی جانب سے خصوصی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
    ‎حکام کے مطابق کراچی اور ڈھاکا کے درمیان ہفتہ وار دو براہ راست پروازیں چلائی جائیں گی، جس سے دونوں ممالک کے درمیان سفری سہولت کے ساتھ ساتھ تجارتی اور عوامی روابط کو بھی فروغ ملے گا۔
    ‎براہ راست فضائی رابطے کی بحالی کو پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان تعلقات میں ایک مثبت اور تاریخی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

  • دو سالہ بچے نے اسنوکر میں دو گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیے

    دو سالہ بچے نے اسنوکر میں دو گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیے

    ‎اسنوکر ایک ایسا کھیل ہے جو بیشتر بالغ افراد کے لیے بھی کھیلنا مشکل سمجھا جاتا ہے، مگر دو سالہ بچے نے اس کھیل میں غیر معمولی کارنامہ انجام دے دیا۔
    ‎برطانوی شہر مانچسٹر سے تعلق رکھنے والے جوڈی اوئنز نے اسنوکر سے جڑے دو گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کر لیے ہیں اور مشکل شاٹس کھیلنے والے کم عمر ترین فرد بن گئے ہیں۔
    ‎گنیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق جوڈی اوئنز نے 12 اکتوبر 2025 کو پول بینک شاٹ کامیابی سے کھیلا، اس وقت ان کی عمر 2 سال اور 302 دن تھی۔ اس سے قبل انہوں نے 2 سال اور 261 دن کی عمر میں اسنوکر ڈبل پوٹ مکمل کر کے ایک اور ریکارڈ قائم کیا تھا۔
    ‎ان کامیابیوں کے بعد جوڈی اوئنز کا نام باضابطہ طور پر گنیز ورلڈ ریکارڈز میں شامل کر لیا گیا ہے۔

  • برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر تین روزہ دورے پر چین پہنچ گئے

    برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر تین روزہ دورے پر چین پہنچ گئے

    ‎برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر تین روزہ سرکاری دورے پر چین پہنچ گئے ہیں۔
    ‎غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق یہ 2018 کے بعد کسی بھی برطانوی وزیراعظم کا پہلا دورۂ چین ہے۔ کیئر اسٹارمر کی چین کے صدر شی جن پنگ سے جمعرات کو ملاقات متوقع ہے۔
    ‎رپورٹ کے مطابق برطانوی وزیراعظم کے ہمراہ 60 کاروباری اور ثقافتی شخصیات بھی چین پہنچی ہیں۔
    ‎برطانوی حکومت کا کہنا ہے کہ دورے کے دوران چین کے ساتھ معاشی تعلقات پر بات چیت کی جائے گی، جبکہ انسانی حقوق اور سائبر سکیورٹی سے متعلق امور بھی مذاکرات کا حصہ ہوں گے۔

  • دبئی نے دنیا کی پہلی سونے کی سڑک بنانے کا اعلان کر دیا

    دبئی نے دنیا کی پہلی سونے کی سڑک بنانے کا اعلان کر دیا

    ‎دبئی حکومت نے دنیا کی پہلی گولڈ اسٹریٹ کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے نئے گولڈ ڈسٹرکٹ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق اس نئی سڑک پر تجارتی سرگرمیاں جلد شروع ہو جائیں گی۔
    ‎دبئی کے گولڈ ڈسٹرکٹ میں ایک نیا سیاحتی مقام بھی قائم کیا جائے گا، جہاں منصوبے اور ڈیزائن مرحلہ وار پیش کیے جائیں گے۔ یہاں ہزار سے زائد گولڈ ریٹیلرز کے ساتھ ایک جدید مرکز تعمیر کیا جائے گا۔
    ‎دبئی حکومت کے مطابق اس نئے مرکز میں ریٹیل، ہول سیل اور سرمایہ کاری کے تمام شعبے ایک جگہ جمع ہوں گے اور مکمل سونے اور زیورات کی ویلیو چین یہاں دستیاب ہوگی۔
    ‎اماراتی حکام کا کہنا ہے کہ سونا دبئی کی شان اور تجارتی ورثے کی علامت ہے اور یہ منصوبہ شہر کی عالمی تجارتی حیثیت کو مزید مضبوط کرے گا۔

  • بھارتی صحافی کی آئی سی سی ، بی سی سی آئی کی ورلڈ کپ پالیسیوں پر سخت تنقید

    بھارتی صحافی کی آئی سی سی ، بی سی سی آئی کی ورلڈ کپ پالیسیوں پر سخت تنقید

    ‎آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بنگلا دیش کے ایونٹ سے باہر ہونے اور پاکستان کے بھارت کے خلاف میچ بائیکاٹ کے امکان پر بھارتی صحافی شاردا اگرا نے بھارتی کرکٹ بورڈ اور آئی سی سی پر شدید تنقید کی ہے۔
    ‎شاردا اگرا کا کہنا ہے کہ آئی سی سی کا دفتر اب بی سی سی آئی کا دبئی آفس بن چکا ہے اور آئی سی سی وہی کرتا ہے جو بی سی سی آئی چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ رویہ آئی سی سی کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں بھی واضح تھا۔
    ‎بھارتی صحافی نے کہا کہ ورلڈ کپ کے موجودہ مسائل نہایت بھونڈے انداز میں ہینڈل کیے گئے ہیں اور اس سے آئی سی سی کی ساکھ متاثر ہوئی ہے۔ ان کے مطابق یہ صورتحال اس وقت پیدا ہوئی جب بنگلا دیشی کھلاڑی مستفیض الرحمان کو آئی پی ایل سے نکالا گیا، اور پاکستان کا رویہ ماضی میں بھارت کے رویے کا ردعمل ہو سکتا ہے۔
    ‎شاردا اگرا نے مزید کہا کہ مستفیض الرحمان کو آئی پی ایل سے نکالنا سیاسی فیصلہ تھا اور بی سی سی آئی بھارت کے حکمرانوں کے ساتھ جڑی ہوئی ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ بھارتی ٹیم کو پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ ملانے سے کس نے روکا، اور یہ آج تک واضح نہیں ہوا۔

  • سعودی عرب ,قطر کے شام کے بقایاجات کی ادائیگی کے لیے عالمی بینک کو 15 ملین ڈالر ادا

    سعودی عرب ,قطر کے شام کے بقایاجات کی ادائیگی کے لیے عالمی بینک کو 15 ملین ڈالر ادا

    ‎سعودی عرب اور قطر نے عالمی بینک کو شام کے بقایاجات کی ادائیگی کرتے ہوئے تقریباً 15 ملین (ڈیڑھ کروڑ) ڈالر ادا کیے ہیں، جس کا مقصد شام کی معیشت کی بحالی اور تیز رفتار ترقی میں مدد فراہم کرنا ہے۔
    ‎سعودی پریس ایجنسی (SPA) کی مشترکہ رپورٹ کے مطابق، سعودی عرب اور قطر نے اعلان کیا کہ انہوں نے شام کے عالمی بینک کے بقایاجات کی ادائیگی مکمل کر دی ہے۔ خلیجی ممالک کی وزارت خزانہ نے بیان میں کہا کہ یہ اقدام شامی عرب جمہوریہ کی معیشت کی بحالی میں تعاون اور تیزی لانے کے سلسلے میں کیا گیا ہے۔
    ‎ذرائع کے مطابق، ریاض نے عالمی بینک کو یہ رقم ادا کر کے شام کے پبلک سیکٹر کی بحالی اور تعمیر نو کے منصوبوں کے لیے لاکھوں ڈالر کی فنڈنگ گرانٹس کی منظوری کا راستہ ہموار کیا ہے۔ اس اقدام سے شام کی معیشت کو استحکام اور ترقی کی جانب مزید گامزن کرنے میں مدد ملے گی۔

  • پاکستان میں چاندی کی قیمت میں ہوش ربا اضافہ

    پاکستان میں چاندی کی قیمت میں ہوش ربا اضافہ

    پاکستان میں چاندی کی قیمت عالمی مارکیٹ میں طلب و رسد، ڈالر کی قیمت، مہنگائی، عوامی طلب اور حکومتی پالیسیوں جیسے متعدد عوامل پر منحصر ہوتی ہے۔
    ‎آج ملک کے مختلف شہروں میں 10 گرام چاندی کی قیمت تقریباً 9,713 روپے رہی، جبکہ ایک تولہ چاندی کی قیمت 11,317 روپے ریکارڈ کی گئی۔ کراچی، لاہور اور اسلام آباد کے علاوہ راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ میں بھی یہی نرخ دیکھنے میں آئے۔
    ‎چاندی پاکستان میں نہ صرف زیورات کے لیے بلکہ ایک محفوظ سرمایہ کاری کے طور پر بھی استعمال کی جاتی ہے۔ ماہرین کے مطابق:
    * مہنگائی کے خلاف ہیج: چاندی مہنگائی میں اضافے کے دوران قیمت بڑھنے کا امکان رکھتی ہے۔
    * طویل مدتی سرمایہ کاری: اگرچہ مختصر مدت میں اتار چڑھاؤ ممکن ہے، لیکن طویل مدت میں چاندی اچھی سرمایہ کاری ثابت ہو سکتی ہے۔
    * سونا کے مقابلے میں کم خطرناک: چاندی کی قیمت میں اتار چڑھاؤ سونے کے مقابلے میں کم ہوتا ہے، اس لیے یہ نسبتاً کم خطرناک سرمایہ کاری مانی جاتی ہے۔
    ‎پاکستان میں ساڑھے باون تولہ چاندی کی قیمت کو زیادہ تر زیورات کے معیار اور وزن کے لیے بطور حوالہ استعمال کیا جاتا ہے، اور مقامی کرنسی میں روزانہ نرخ اپ ڈیٹ کیے جاتے ہیں۔

  • وزیراعلیٰ سندھ اور چیئرمین نیب کا سرکاری زمین کی واپسی کے لیے مشترکہ کارروائی پر اتفاق

    وزیراعلیٰ سندھ اور چیئرمین نیب کا سرکاری زمین کی واپسی کے لیے مشترکہ کارروائی پر اتفاق

    ‎کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد کے درمیان وزیراعلیٰ ہاؤس میں اہم ملاقات ہوئی، جس میں سندھ میں سرکاری زمین کی بازیابی اور لینڈ فراڈ کے خلاف مشترکہ اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔
    ‎ملاقات میں چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، ایڈووکیٹ جنرل، پرنسپل سیکریٹری آغا واصف، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو خالد حیدر، چیئرمین سی ایم انسپکشن ٹیم بلال میمن اور چیئرمین اینٹی کرپشن ذوالفقار شاہ شریک تھے۔ نیب کی جانب سے ڈی جی آپریشنز نیب ہیڈکوارٹرز امجد مجید، ڈی جی نیب کراچی شکیل احمد درانی، ڈائریکٹر لینڈ نیب کراچی محمد آفاق اور لیفٹیننٹ کرنل (ر) حمزہ ممتاز نے شرکت کی۔
    ‎چیئرمین نیب نے وزیراعلیٰ سندھ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سرکاری زمین سے متعلق 188 مقدمات کی تحقیقات مکمل کر لی گئی ہیں، جن کے نتیجے میں مجموعی طور پر 4 لاکھ 61 ہزار ایکڑ سے زائد زمین قبضہ مافیا سے واگزار کرائی گئی۔
    ‎بریفنگ کے مطابق کراچی میں 635 ایکڑ ایویکیو لینڈ، کلفٹن بلاک I اور II میں 350 ایکڑ سمندری زمین، سجاول اور ٹھٹھہ میں 4 لاکھ ایکڑ جنگلاتی زمین جبکہ جامشورو میں 83 جعلی ریونیو اندراجات منسوخ کر کے 1,040 ایکڑ زمین بازیاب کرائی گئی۔
    ‎چیئرمین نیب نے سرکاری زمین کی واپسی میں سندھ حکومت کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابیاں نیب اور صوبائی انتظامیہ کے درمیان مؤثر تعاون کا واضح ثبوت ہیں۔
    ‎وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے عوامی اثاثوں کی واپسی پر نیب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بازیاب شدہ زمین عوامی فلاحی منصوبوں، پارکس اور تفریحی مراکز کے قیام کے لیے استعمال کی جائے گی۔
    ‎وزیراعلیٰ سندھ نے سرکاری زمین کے تحفظ کے لیے چیف سیکریٹری کی سربراہی میں ایک ٹاسک فورس کے قیام کا بھی فیصلہ کیا، جس میں بورڈ آف ریونیو، نیب اور وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ کے افسران شامل ہوں گے۔ ٹاسک فورس ہر پندرہ دن بعد اجلاس کرے گی۔
    ‎انہوں نے جنگلات اور مینگرووز کی زمین سے متعلق سمریوں کی فوری منظوری اور مستقبل میں تجاوزات روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کی بھی ہدایت کی۔

  • ایران کی امریکی حملے کی صورت میں بھرپور جوابی کارروائی کی دھمکی

    ایران کی امریکی حملے کی صورت میں بھرپور جوابی کارروائی کی دھمکی

    ‎اقوامِ متحدہ میں ایران کے مشن نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکا نے ایران پر حملہ کیا تو تہران ایسا جواب دے گا جو پہلے کبھی نہیں دیا گیا۔
    ‎نیویارک میں بدھ کو جاری بیان میں ایرانی مشن نے کہا کہ ایران مذاکرات کے لیے باہمی احترام اور مفادات کی بنیاد پر تیار ہے، لیکن اگر دباؤ ڈالا گیا تو ملک اپنا دفاع کرے گا۔
    ‎بیان میں مزید کہا گیا کہ جب امریکا نے پہلے عراق اور افغانستان میں جنگ کی، تو اسے سات کھرب ڈالر کا نقصان برداشت کرنا پڑا اور سات ہزار سے زیادہ فوجی ہلاک ہوئے۔
    ‎ایرانی مشن نے یہ پیغام سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پوسٹ کیا، جس کے ساتھ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پوسٹ کا اسکرین شاٹ بھی شامل تھا۔

  • مریم نواز کا پرواز کارڈ پروگرام، ہنرمند نوجوانوں کیلئے بڑی خوشخبری

    مریم نواز کا پرواز کارڈ پروگرام، ہنرمند نوجوانوں کیلئے بڑی خوشخبری

    ‎وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اعلان کیا ہے کہ پرواز کارڈ کے ذریعے صوبے کے ہنرمند نوجوانوں کو تین لاکھ روپے بلا سود فراہم کیے جائیں گے۔
    ‎پرواز کارڈ، راہ روزگار اور اسکل ڈیولپمنٹ پورٹل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عوام کو ریلیف اور سہولت فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے، اور نوجوانوں کو بااختیار بنانا حکومت کی ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس پروگرام میں رقوم کی فراہمی میں مکمل شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا اور 50 ہزار ہنرمند نوجوان اس سہولت سے مستفید ہوں گے۔
    ‎مریم نواز نے بتایا کہ صوبے کی آبادی کا بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے، اور انہیں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔ چیف منسٹر اسکل ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت 2 لاکھ بچوں کو تربیت دی گئی، جبکہ ایک ہزار بچوں کو گارمنٹس کے شعبے میں روزگار فراہم کیا گیا۔
    ‎انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو نہ صرف ہنر سکھایا جا رہا ہے بلکہ باعزت روزگار بھی فراہم کیا جا رہا ہے، اور ای کامرس کے ذریعے بھی نوجوان اپنی صلاحیتوں سے کما رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ صوبے کے تمام وسائل عوام کی خدمت کے لیے خرچ کیے جا رہے ہیں، اور موبائل پولیس اسٹیشن گھروں کی دہلیز پر عوام کے مسائل حل کر رہے ہیں۔
    ‎مریم نواز نے اس بات پر زور دیا کہ ہنر مند افرادی قوت کی دنیا بھر میں طلب ہے، اور پاکستانی نوجوان اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں۔