Baaghi TV

Author: Aqsa Younas Rana

  • 
میرے پاس مذاکرات کا اختیار نہیں، حکومت سنجیدگی دکھائے، بیرسٹر گوہر

    
میرے پاس مذاکرات کا اختیار نہیں، حکومت سنجیدگی دکھائے، بیرسٹر گوہر

    
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ ان کے پاس حکومت کے ساتھ مذاکرات کرنے کا اختیار موجود نہیں، اگر حکومت بات چیت چاہتی ہے تو اسے خلوص کے ساتھ آگے آنا ہوگا، ایک ہاتھ میں مکا اور دوسرے میں مصافحہ قابل قبول نہیں۔
    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں کے درمیان مذاکرات میں شرائط عائد نہیں کی جاتیں، سیاست دان دشمن نہیں ہوتے بلکہ سیاسی اختلافات کے باوجود مسائل کا حل بات چیت سے نکالا جاتا ہے، اور یہ اختلافات ہمیشہ رہتے ہیں۔
    ‎انہوں نے واضح کیا کہ مذاکرات کا اختیار قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجا ناصر عباس کے پاس ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ معاملات کا حل صرف مذاکرات کی میز پر بیٹھ کر ہی ممکن ہے۔

  • 
گل پلازہ کی ایک دکان سے بڑی تعداد میں انسانی اعضاء برآمد

    
گل پلازہ کی ایک دکان سے بڑی تعداد میں انسانی اعضاء برآمد

    سانحہ گل پلازہ میں جاری سرچ آپریشن کے دوران ایک دل دہلا دینے والا انکشاف سامنے آیا ہے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق عمارت کی ایک دکان کے ملبے سے بڑی تعداد میں انسانی اعضا برآمد ہوئے ہیں۔
    ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے وقت دکان نمبر 144 میں خواتین سمیت 17 افراد کی موجودگی کا امکان تھا۔ ملبے سے اب تک 10 افراد کی باقیات مل چکی ہیں جبکہ مزید افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
    ‎ریسکیو آپریشن جاری ہے اور حکام کا کہنا ہے کہ ملبہ مکمل طور پر ہٹائے جانے کے بعد ہی درست تعداد سامنے آ سکے گی۔

  • 
فلک جاوید کے وکیل کی صوبائی وزیر عظمیٰ بخاری کی گواہی ریکارڈ کرنے کی مخالفت

    
فلک جاوید کے وکیل کی صوبائی وزیر عظمیٰ بخاری کی گواہی ریکارڈ کرنے کی مخالفت

    
فلک جاوید کے وکیل نے صوبائی وزیر عظمیٰ بخاری کی جانب سے ٹرائل کے اختتام پر گواہی ریکارڈ کرانے کی درخواست کی مخالفت کر دی ہے۔
    لاہور کی مقامی عدالت نے عظمیٰ بخاری کی جعلی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کرنے کے مقدمے میں صوبائی وزیر کو بیان ریکارڈ کرانے کے لیے ذاتی حیثیت میں کل طلب کر لیا ہے۔
    ‎جوڈیشل مجسٹریٹ نعیم وٹو نے گزشتہ سماعت کا تحریری حکم جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ 21 جنوری کو عظمیٰ بخاری عدالت میں پیش ہوں۔ حکم میں واضح کیا گیا ہے کہ عدم پیشی کی صورت میں وارنٹ یا دیگر قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔
    ‎عدالتی حکم میں مزید کہا گیا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ اس مقدمے کا ٹرائل دو ماہ میں مکمل کرنے کا حکم دے چکی ہے، اس لیے ٹرائل کے اختتام پر گواہی ریکارڈ کرانے کی درخواست مسترد کی جاتی ہے اور مدعیہ کو آئندہ سماعت پر ہر صورت پیشی یقینی بنانے کی ہدایت کی جاتی ہے۔
    ‎واضح رہے کہ عظمیٰ بخاری کی مدعیت میں فلک جاوید اور دیگر ملزمان کے خلاف مقدمہ درج ہے۔

  • 
آیت اللہ خامنہ ای پر حملے کو پوری مسلم دنیا کے خلاف اعلانِ جنگ تصور کیا جائے گا، ایران

    
آیت اللہ خامنہ ای پر حملے کو پوری مسلم دنیا کے خلاف اعلانِ جنگ تصور کیا جائے گا، ایران

    ‎ایران کے قومی سلامتی سے متعلق پارلیمانی کمیشن نے خبردار کیا ہے کہ سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای پر کسی بھی قسم کا حملہ پوری مسلم دنیا کے خلاف اعلانِ جنگ تصور کیا جائے گا۔
    ‎ایرانی پارلیمانی کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر آیت اللہ خامنہ ای کو نشانہ بنایا گیا تو علما کی جانب سے جہاد کا فتویٰ جاری کیا جائے گا، جس کے بعد دنیا بھر میں اسلام کے سپاہیوں کی جانب سے ردعمل سامنے آئے گا۔
    ‎بیان میں مزید کہا گیا کہ ایران اپنی قیادت اور خودمختاری پر کسی بھی حملے کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
    ‎خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے اسرائیل میں سابق امریکی سفیر نے دعویٰ کیا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ آیت اللہ خامنہ ای کو قتل کروانے کی کوشش کر سکتے ہیں۔ سابق سفیر کے مطابق ایرانی سپریم لیڈر 86 برس کے ہو چکے ہیں اور شدید علیل ہیں، اس لیے ایران کو نئی قیادت کی ضرورت ہے۔
    ‎ادھر ایرانی صدر نے بھی واضح کیا ہے کہ آیت اللہ خامنہ ای پر کوئی بھی حملہ مکمل جنگ کا سبب بنے گا۔
    ‎چند روز قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی ایک بیان میں کہا تھا کہ ایران میں نئی قیادت کی تلاش کا وقت آ گیا ہے۔ اس سے قبل ایرانی سپریم لیڈر نے ایران میں بدامنی اور ہلاکتوں کا ذمہ دار ٹرمپ کو قرار دیا تھا۔
    ‎ایرانی قیادت کے اس بیان پر ردعمل دیتے ہوئے ٹرمپ کا کہنا تھا کہ تہران کے حکمران حکومت چلانے کے لیے جبر اور تشدد پر انحصار کرتے ہیں، جس کی مثال ماضی میں نہیں ملتی۔

  • 
امریکا کا ایف 15 ای طیاروں کا ایک اسکواڈرن مشرق وسطیٰ کے اڈے پر تعینات

    
امریکا کا ایف 15 ای طیاروں کا ایک اسکواڈرن مشرق وسطیٰ کے اڈے پر تعینات

    
امریکی فوج نے ایف 15 ای لڑاکا طیاروں کا ایک اسکواڈرن مشرق وسطیٰ کے ایک اڈے پر پہنچا دیا ہے۔
    ‎سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں امریکی سینٹ کام نے بتایا کہ ایف 15 ای اسکواڈرن 18 جنوری کو خطے میں تعینات کیا گیا۔
    ‎امریکی سینٹ کام کے مطابق اس تعیناتی کا مقصد جنگی تیاریوں کو مضبوط بنانا اور مشرق وسطیٰ میں استحکام کو فروغ دینا ہے۔

  • 
سندھ میں میٹرک اور انٹر کےلئے گریڈنگ سسٹم نافذ کرنے کی منظوری

    
سندھ میں میٹرک اور انٹر کےلئے گریڈنگ سسٹم نافذ کرنے کی منظوری

    
سندھ حکومت نے صوبے کے تمام تعلیمی بورڈز میں میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے لیے نمبر سسٹم ختم کرکے گریڈنگ سسٹم نافذ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کا اطلاق مرحلہ وار پورے صوبے میں کیا جائے گا۔
    ‎تفصیلات کے مطابق نئے گریڈنگ سسٹم کی باضابطہ منظوری دے دی گئی ہے۔ وزیر جامعات سندھ اسماعیل راہو نے بتایا کہ یہ فیصلہ انٹر بورڈ کوآرڈینیشن کمیٹی (آئی بی سی سی) کی وفاقی پالیسی کے تحت کیا گیا ہے اور نیا نظام بین الاقوامی تعلیمی معیار سے ہم آہنگ ہوگا۔
    ‎ان کے مطابق گریڈنگ سسٹم کا آغاز 2026 میں نویں اور گیارہویں جماعت کے سالانہ امتحانات سے ہوگا، جبکہ 2027 میں دہم اور بارہویں جماعت کے امتحانات میں بھی اس نظام کا اطلاق کر دیا جائے گا۔
    ‎نئے نظام کے تحت طلبہ کی کارکردگی نمبرز کے بجائے گریڈز کی صورت میں ظاہر کی جائے گی۔ گریڈز کی تقسیم اس طرح ہوگی:
    A++ گریڈ: 96 سے 100 فیصد
A+ گریڈ: 91 سے 95 فیصد
A گریڈ: 86 سے 90 فیصد
B++ گریڈ: 81 سے 85 فیصد
B+ گریڈ: 76 سے 80 فیصد
B گریڈ: 71 سے 75 فیصد
C+ گریڈ: 61 سے 70 فیصد
C گریڈ: 51 سے 60 فیصد
D گریڈ: 40 سے 50 فیصد (ابھرتی کارکردگی)
U گریڈ: 40 فیصد سے کم (ناکام تصور)
    ‎وزیر جامعات نے واضح کیا کہ پاس ہونے کے لیے کم از کم 40 فیصد نمبرز لازمی ہوں گے، اور کسی بھی پرچے میں 40 فیصد سے کم نمبرز حاصل کرنے والے طالب علم کو فیل قرار دیا جائے گا۔
    ‎اسماعیل راہو کے مطابق نئے گریڈنگ سسٹم کا مقصد ملک بھر کے تعلیمی بورڈز میں یکسانیت پیدا کرنا ہے، جبکہ تمام بورڈز میں مکمل نفاذ کے بعد مستقبل میں جی پی اے سسٹم متعارف کرانے پر بھی غور کیا جائے گا۔

  • ‎
کراچی کے گل پلازہ میں آتشزدگی پر سعودی عرب کا گہرے افسوس کا اظہار

    ‎
کراچی کے گل پلازہ میں آتشزدگی پر سعودی عرب کا گہرے افسوس کا اظہار

    
سعودی عرب نے کراچی کے گل پلازہ میں ہونے والی ہولناک آتشزدگی پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے، جس کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوئیں اور متعدد افراد زخمی ہوئے۔
    سعودی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کا برادر اور دوست اسلامی ملک ہے، اور اس المناک سانحے پر سعودی حکومت اور عوام پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔
    ‎بیان میں واقعے میں جاں بحق افراد کے اہلِ خانہ سے تعزیت کی گئی جبکہ زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا گیا۔
    ‎واضح رہے کہ کراچی میں ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں 17 جنوری کی رات خوفناک آگ بھڑک اٹھی تھی۔ حکام کے مطابق اب تک 27 افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں، جبکہ 81 کے قریب افراد تاحال لاپتہ ہیں۔
    ‎محکمہ فائر بریگیڈ نے اعلیٰ حکام کو بریفنگ میں بتایا کہ گل پلازہ کم و بیش پونے دو ایکڑ رقبے پر مشتمل شاپنگ سینٹر تھا، جس میں 1200 سے زائد دکانیں موجود تھیں اور آگ ایک ہی وقت میں متعدد حصوں میں پھیل گئی تھی۔

  • 
صدر میکرون کا اعلان، ڈنمارک سے یکجہتی کے لیے گرین لینڈ میں فرانسیسی فوج تعینات

    
صدر میکرون کا اعلان، ڈنمارک سے یکجہتی کے لیے گرین لینڈ میں فرانسیسی فوج تعینات

    
فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے کہا ہے کہ فرانس نے ڈنمارک سے اظہارِ یکجہتی کے لیے گرین لینڈ میں فوج بھیج دی ہے۔ بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق صدر میکرون نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ یورپ کو بعض اہم شعبوں میں چین کی سرمایہ کاری کی ضرورت ہے، تاہم یورپ کو ’’یورپ ترجیح‘‘ کے اصول پر ثابت قدم رہنا ہوگا۔
    ‎صدر میکرون کا کہنا تھا کہ فرانس چاہتا ہے یورپ عالمی مالیاتی اداروں کے اسٹرکچر پر مضبوط مؤقف اختیار کرے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ امریکا پابندیوں کے ذریعے دیگر ممالک کو اپنے تابع کرنے کی کوشش کر رہا ہے، جبکہ تجارتی مساوی مواقع کا مطالبہ بے جا تحفظ پسندی نہیں۔ ان کے بقول دنیا ایک ایسے مرحلے کی طرف بڑھ رہی ہے جہاں اصول کمزور ہوتے جا رہے ہیں۔
    ‎دوسری جانب امریکی ٹیرف کے اعلان کے بعد برلن اور پیرس نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ٹیرف کے خلاف مشترکہ حکمتِ عملی بنانے پر اتفاق کر لیا ہے۔ جرمن چانسلر فریڈرک مرز نے پیر کے روز کہا کہ برلن اور پیرس اس ہفتے برسلز میں ہونے والے یورپی یونین کے 27 رہنماؤں کے اجلاس سے قبل امریکی ٹیرف دھمکیوں کو ناکام بنانے کے لیے قریبی مشاورت کریں گے۔
    ‎اتوار کو فرانسیسی صدر کے دفتر نے یورپی یونین سے مطالبہ کیا کہ وہ بلاک کے انسدادِ جبر ضابطے کو فعال کرے، جسے ’’ٹریڈ بزوکا‘‘ کہا جاتا ہے۔ تاہم امریکا کے ساتھ تجارت پر زیادہ انحصار کے باعث جرمنی، فرانس کے مقابلے میں واشنگٹن کے خلاف سخت جوابی اقدامات پر اب تک محتاط رویہ اختیار کرتا رہا ہے۔
    ‎واضح رہے کہ امریکی ٹی وی کو دیے گئے ایک ٹیلی فونک انٹرویو میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ دنیا اس وقت تک محفوظ نہیں ہو سکتی جب تک گرین لینڈ امریکا کے کنٹرول میں نہ ہو۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ گرین لینڈ حاصل کرنا امریکا کی قومی سلامتی کے لیے ضروری ہے۔ طاقت کے استعمال سے متعلق سوال پر ٹرمپ نے تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔
    ‎امریکی صدر نے یہ بھی اعلان کیا تھا کہ گرین لینڈ کے معاملے پر دباؤ ڈالنے کے لیے ڈنمارک سمیت آٹھ یورپی ممالک پر ٹیرف عائد کیے جائیں گے۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ انہیں نوبل امن انعام کی کوئی پروا نہیں، کیونکہ یہ ناروے کے کنٹرول میں ہے، چاہے وہ اس کی تردید ہی کیوں نہ کریں۔

  • 
امریکی ٹیرف کے خلاف برلن اور پیرس کا مشترکہ حکمتِ عملی بنانے پر اتفاق

    
امریکی ٹیرف کے خلاف برلن اور پیرس کا مشترکہ حکمتِ عملی بنانے پر اتفاق

    
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے نئے ٹیرف عائد کرنے کی دھمکیوں کے بعد جرمنی اور فرانس نے ان کے خلاف مشترکہ حکمتِ عملی اختیار کرنے پر اتفاق کر لیا ہے۔
    ‎جرمن چانسلر فریڈرک مرز نے پیر کے روز کہا کہ برلن اور پیرس اس ہفتے برسلز میں ہونے والے یورپی یونین کے 27 رہنماؤں کے اجلاس سے قبل امریکی ٹیرف دھمکیوں کا جواب دینے کے لیے باہمی مشاورت کریں گے۔ ان کے مطابق مقصد ایک ایسا مشترکہ مؤقف طے کرنا ہے جو یورپی یونین کی سطح پر اختیار کیا جا سکے۔
    ‎اتوار کے روز فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کے دفتر نے یورپی یونین پر زور دیا تھا کہ وہ بلاک کے انسدادِ جبر ضابطے کو فعال کرے، جسے غیر رسمی طور پر ’’ٹریڈ بزوکا‘‘ کہا جاتا ہے۔ یہ ضابطہ یورپی یونین کو بیرونی تجارتی دباؤ کے خلاف سخت جوابی اقدامات کی اجازت دیتا ہے۔
    ‎تاہم جرمنی، جو امریکا کے ساتھ تجارت پر فرانس کے مقابلے میں زیادہ انحصار کرتا ہے، اب تک واشنگٹن کے خلاف فوری اور سخت ردِعمل سے گریز کرتا رہا ہے۔ پولیٹیکو یورپ کے مطابق فریڈرک مرز نے کہا کہ امریکی ٹیرف سے فرانس نسبتاً زیادہ متاثر ہوا ہے، اسی لیے فرانسیسی حکومت اس معاملے پر زیادہ سخت مؤقف اختیار کرنا چاہتی ہے، لیکن اس کے باوجود دونوں ممالک ایک مشترکہ حکمتِ عملی پر متفق ہونے کی کوشش کر رہے ہیں۔
    ‎مرز نے واضح کیا کہ جرمنی کشیدگی میں اضافہ نہیں چاہتا اور اسی تناظر میں وہ بدھ کے روز ڈیوس میں صدر ٹرمپ سے ملاقات کے خواہاں ہیں۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ اگر ضرورت پڑی تو یورپی یونین جوابی کارروائی کے لیے تیار ہے اور تمام آپشنز کھلے رکھے جائیں گے۔
    ‎دوسری جانب جرمن حکومت کے ترجمان نے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ کی جانب سے ٹیرف سے متعلق دھمکیاں ناقابلِ قبول ہیں۔ فرانسیسی صدر نے بھی یورپی یونین پر زور دیا ہے کہ اگر امریکا اضافی محصولات عائد کرتا ہے تو بلاک کو متحد ہو کر جواب دینا چاہیے۔
    ‎یورپی کمیشن کے ترجمان کے مطابق امریکی ٹیرف دھمکیوں پر رکن ممالک کے ساتھ مشاورت جاری ہے، اور یورپی یونین اپنے تجارتی مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ضروری قدم اٹھائے گی۔

  • 
پاک افغان سرحد پر کشیدگی، سیکیورٹی فورسز کی بھرپور جوابی کاروائی

    
پاک افغان سرحد پر کشیدگی، سیکیورٹی فورسز کی بھرپور جوابی کاروائی

    
پاکستان افغانستان سرحد پر افغان طالبان کی جانب سے بار بار اشتعال انگیزی اور دراندازی کی کوششوں کے بعد پاکستان سیکیورٹی فورسز نے مؤثر اور بھرپور جوابی کارروائی کی ہے۔
    ‎سیکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان طالبان نے ژوب سیکٹر میں دراندازی کی کوشش کی، جس کے بعد قلعہ سیف اللہ کے مقابل بلااشتعال فائرنگ شروع کر دی۔ یہ تمام سرگرمیاں پاکستان سیکیورٹی فورسز کی مسلسل نگرانی میں تھیں۔
    ‎فوری ردِعمل میں سیکیورٹی فورسز نے مارٹرز، مسلح ڈرونز اور بھاری ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے طالبان کی متعدد پوسٹوں کو درست نشانہ بنایا۔ کارروائی کے نتیجے میں کئی طالبان پوسٹیں تباہ ہو گئیں اور دشمن کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا۔
    ‎ذرائع کے مطابق پسپائی اختیار کرنے والے عناصر کو بھی مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا گیا، جس کے دوران ایک طالبان بکتر بند گاڑی (اے پی سی) مکمل طور پر تباہ کر دی گئی۔
    ‎پاکستان سیکیورٹی فورسز ہائی الرٹ پر ہیں اور واضح کیا گیا ہے کہ آئندہ کسی بھی قسم کی اشتعال انگیزی یا سرحدی خلاف ورزی کا فیصلہ کن اور بھرپور جواب دیا جائے گا۔