Baaghi TV

Author: Aqsa Younas Rana

  • شہریوں کی جاسوسی،مودی سرکار کی موبائل کمپنیوں سے سورس کوڈ تک رسائی کی مانگ

    شہریوں کی جاسوسی،مودی سرکار کی موبائل کمپنیوں سے سورس کوڈ تک رسائی کی مانگ

    
مودی سرکار اپنے شہریوں کی جاسوسی کی کوششوں سے باز نہیں آئی۔ خبر رساں ایجنسی کے مطابق بھارتی حکومت نے موبائل ڈیوائسز پر مکمل حکومتی کنٹرول کے لیے قانون سازی پر غور شروع کر دیا ہے اور موبائل بنانے والی کمپنیوں سے سورس کوڈ تک رسائی کا مطالبہ کر رہی ہے۔
    ‎حکومت کا منصوبہ ہے کہ سافٹ ویئر اپڈیٹس بھی حکومتی منظوری کے بغیر جاری نہ ہوں۔
    ‎غیر ملکی کمپنیوں نے اس اقدام پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مودی سرکار کی یہ خواہش دنیا میں کہیں بھی نہیں دیکھی گئی اور اس اقدام سے کمپنیوں کے تجارتی راز افشا ہونے کا خطرہ پیدا ہو جائے گا۔

  • 5 دہائیوں بعد انسان ایک بار پھر چاند کے مدار کی جانب جانے کے لیے تیار

    5 دہائیوں بعد انسان ایک بار پھر چاند کے مدار کی جانب جانے کے لیے تیار

    
دہائیوں بعد انسان دوبارہ چاند کے مدار پر واپسی کے لیے تیار ہیں۔ امریکی خلائی ادارے ناسا فروری 2026 میں 5 دہائیوں بعد پہلا انسان بردار خلائی مشن آرٹیمس 2 روانہ کرنے والا ہے۔
    اس مقصد کے لیے ناسا کی جانب سے اسپیس لانچ سسٹم (SLS) راکٹ اور اورین اسپیس کرافٹ کو فلوریڈا کے کینیڈی اسپیس سینٹر میں منتقل کرنے کی حتمی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ اسپیس کرافٹ کو 17 جنوری کے بعد کسی وقت وہاں منتقل کیا جائے گا جبکہ مشن 6 فروری کو روانہ ہونے کا امکان ہے، تاہم یہ موسم اور دیگر تکنیکی عوامل پر منحصر ہوگا۔
    ‎آخری بار ناسا نے 1972 میں اپولو پروگرام کے تحت انسان بردار مشن چاند پر بھیجا تھا۔ اب 5 دہائیوں کے بعد دوبارہ ایسا کیا جا رہا ہے۔ آرٹیمس 2 مشن میں 4 خلا باز شامل ہوں گے جو اورین اسپیس کرافٹ میں نصب لائف سپورٹ سسٹمز کی جانچ کریں گے تاکہ مستقبل میں طویل مشنز ممکن ہو سکیں۔
    ‎یہ مشن پہلے دو بار زمین کے مدار میں پرواز کرے گا اور پھر چاند کے اس حصے کی جانب روانہ ہوگا جو زمین سے نظر نہیں آتا۔ اگر مشن مقررہ وقت پر روانہ ہوا تو جنوری کے آخر میں ناسا ایک ریہرسل بھی کرے گا۔
    ‎واضح رہے کہ نومبر 2022 میں آرٹیمس 1 مشن چاند کے گرد جا کر زمین پر واپس آیا تھا، مگر اس میں کوئی انسان شامل نہیں تھا۔ آرٹیمس 2 مشن کا مقصد انسانوں کو چاند کے گرد پہنچانا اور واپس لانا ہے، تاہم یہ خلا باز چاند کی سطح پر قدم نہیں رکھیں گے۔ یہ ناسا کے لیے 1972 کے بعد پہلا موقع ہوگا جب انسان زمین کے نچلے مدار سے باہر سفر کرے گا۔
    ‎آرٹیمس 2 مشن ناسا کے طاقتور ترین اسپیس لانچ سسٹم (SLS) راکٹ کے ذریعے روانہ کیا جائے گا، جبکہ اس کے بعد 2027 میں شیڈول آرٹیمس 3 مشن کے تحت انسان پہلی بار چاند کی سطح پر قدم رکھیں گے۔ آرٹیمس 3 مشن کو اسپیس ایکس کے اسٹار شپ راکٹ کے ذریعے انجام دیا جائے گا۔

  • ہمارے مدرسوں میں ادب کی تعلیم دنیا کی کسی دانش گاہ میں نہیں ملتی: مولانا فضل الرحمان

    ہمارے مدرسوں میں ادب کی تعلیم دنیا کی کسی دانش گاہ میں نہیں ملتی: مولانا فضل الرحمان

    
جمعیت علما اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے جامعہ مدینہ جدید، رائے ونڈ روڈ لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے مدرسوں میں ادب کی جو تعلیم دی جاتی ہے وہ دنیا کی کسی دانش گاہ میں نہیں ملتی۔
    مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہمارا کام اور مقصد یہ ہونا چاہیے کہ بڑوں کے نصب العین کو ہمیشہ زندہ رکھیں، کیونکہ دنیا میں آنے والے ہمیشہ کے لیے نہیں آتے، بلکہ ایک وقت کے لیے آتے ہیں۔
    ‎انہوں نے اسلام کو اعتدال کا مذہب قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج کے نوجوانوں کو اسلاف سے رشتہ توڑنے کا درس دیا جا رہا ہے، جبکہ مدرسوں میں ادب اور اخلاق کی تعلیم اس کی اصل بنیاد ہے۔
    ‎مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ جب حکمرانوں کی قوت باطلہ حرکت میں آتی ہے تو نئی شکل پیدا ہوتی ہے، لیکن حق کی آواز وہی ہوگی جو اس کے مقابل کھڑی ہوگی۔ اسلام کی بقا آسائشوں میں نہیں بلکہ آزمائشوں سے گزرنے میں ہے۔

  • 
ایران میں پرتشدد مظاہرے، گاڑیوں اور سرکاری عمارتوں کو آگ، ہلاکتیں 200 سے زائد

    
ایران میں پرتشدد مظاہرے، گاڑیوں اور سرکاری عمارتوں کو آگ، ہلاکتیں 200 سے زائد

    
ایران میں پرتشدد مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے، جہاں شرپسند عناصر نے درجنوں گاڑیوں کو آگ لگا دی اور سرکاری عمارتوں پر پیٹرول بم پھینکے۔ غیر مصدقہ ذرائع کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد 200 سے تجاوز کر گئی ہے۔
    ایران میں حکومت اور مظاہرین کے درمیان کشیدگی برقرار ہے اور گزشتہ رات تہران میں بھی پُرتشدد مظاہرے ہوئے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق مظاہروں میں 109 سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہوئے، جبکہ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق پولیس کے ساتھ جھڑپوں میں 116 مظاہرین جان سے گئے۔
    ‎ایرانی پولیس نے اب تک 2600 سے زائد مظاہرین کو گرفتار کر لیا ہے۔ تہران میں صبح کے وقت صورتحال معمول پر آگئی، بازار کھل گئے اور ٹریفک بھی معمول کے مطابق رواں دواں ہے، تاہم شہر میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔

  • 
لندن میں کبوتروں کو دانہ ڈالنے پر خاتون گرفتار، ہتھکڑی لگانے کا واقعہ وائرل

    
لندن میں کبوتروں کو دانہ ڈالنے پر خاتون گرفتار، ہتھکڑی لگانے کا واقعہ وائرل

    
لندن میں کبوتروں کو دانہ ڈالنے پر ایک خاتون کو گرفتار کر کے ہتھکڑی لگا دی گئی، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی اور واقعے نے شدید بحث چھیڑ دی۔ یہ واقعہ بدھ کے روز برطانوی دارالحکومت کے علاقے ہیرو میں پیش آیا۔
    ‎سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کم از کم چھ پولیس اہلکار اور مقامی کونسل کے ورکرز ویلڈسٹون ہائی اسٹریٹ پر ایک 40 سال سے زائد عمر کی خاتون کو حراست میں لے رہے ہیں۔ فوٹیج کے مطابق دوپہر تقریباً ڈھائی بجے خاتون کو ہتھکڑی لگائی گئی، ان کی جیبوں کی تلاشی لی گئی اور بعد ازاں انہیں پولیس وین میں بٹھا کر لے جایا گیا۔
    ‎ویڈیو میں خاتون کو شدید پریشانی کی حالت میں دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ موقع پر موجود راہگیر اس کارروائی پر حیرت اور غصے کا اظہار کرتے نظر آتے ہیں۔ ایک شخص کو بار بار یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ یہ اقدام مضحکہ خیز ہے، جبکہ دیگر افراد بھی پولیس سے سوال کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
    ‎ہیرو کی مقامی کونسل کے ترجمان کے مطابق خاتون نے پرندوں کو دانہ ڈالنے سے متعلق پبلک اسپیسز پروٹیکشن آرڈر (PSPO) کی خلاف ورزی کی، جس پر انہیں 100 پاؤنڈ جرمانہ عائد کیا گیا۔ کونسل کا کہنا ہے کہ یہ قانون عوامی مقامات پر صفائی اور صحت عامہ کے تحفظ کے لیے نافذ کیا گیا ہے۔

  • 
امریکا میں امیگریشن حکام کی سفاکی کے خلاف احتجاج، شہری اور قانون ساز میدان میں

    
امریکا میں امیگریشن حکام کی سفاکی کے خلاف احتجاج، شہری اور قانون ساز میدان میں

    
امریکا میں امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (ICE) کے اہلکار کی فائرنگ سے ایک خاتون کے قتل کے بعد ملک بھر میں شدید عوامی ردعمل سامنے آیا ہے۔ ہزاروں افراد نے امیگریشن ڈپارٹمنٹ کے حراستی مراکز کے باہر مظاہرے کیے اور حکومتی کارروائی کے خلاف احتجاج کیا۔
    کانگریس کی رکن الہان عمر سمیت تین ارکان احتجاج میں شرکت کے لیے آئے تو انہیں وہاں پہنچنے سے روک دیا گیا۔ الہان عمر نے اس موقع پر کہا کہ “امریکا میں جمہوریت مر رہی ہے۔”
    ‎لاس اینجلس میں بھی شہریوں نے احتجاج کیا اور پولیس نے درجنوں مظاہرین کو گرفتار کیا۔ بوسٹن میں مظاہرین نے اس قتل میں ملوث اہلکاروں کی فوری گرفتاری اور تارکین وطن پر جاری کریک ڈاؤن روکنے کا مطالبہ کیا۔
    ‎مظاہروں سے ظاہر ہوتا ہے کہ عوام اور قانون ساز دونوں ہی ICE کی کارروائیوں کے خلاف شدید ناراض ہیں اور ملک میں امیگریشن نظام کی شفافیت اور انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے آواز بلند کر رہے ہیں۔

  • 
بھارت اور بنگلا دیش کے تعلقات میں کشیدگی، نیویارک ٹائمز نے بھارتی مداخلت بے نقاب کردی

    
بھارت اور بنگلا دیش کے تعلقات میں کشیدگی، نیویارک ٹائمز نے بھارتی مداخلت بے نقاب کردی

    
بھارت اور بنگلا دیش کے تعلقات میں دراڑ مزید گہری ہو گئی ہے، جسے نیویارک ٹائمز نے اپنی حالیہ رپورٹ میں بے نقاب کیا ہے۔ امریکی اخبار کے مطابق شیخ حسینہ واجد کی حکومت کے خاتمے کے بعد دونوں ملکوں کے تعلقات ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں اور بھارت حسینہ واجد کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کی راہ میں رکاوٹ بن رہا ہے۔
    ‎رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ہندو انتہا پسندوں کے دباؤ پر بنگلا دیشی کھلاڑی کو آئی پی ایل سے نکال دیا گیا، جس کے جواب میں بنگلا دیش نے ٹیم کو ورلڈ کپ کے لیے بھارت نہ بھیجنے کا اعلان کیا۔ بھارت اور بنگلا دیش کے درمیان یہ اختلافات دونوں ملکوں میں انتخابی نعرے کی شکل اختیار کر چکے ہیں۔
    ‎اخبار کے مطابق بھارت کی خود کو طاقت کے طور پر منوانے کی کوششیں ناکام ہو گئی ہیں اور 1971ء کے بعد پہلی بار بھارت نے ڈھاکا میں اپنی خصوصی حیثیت کھو دی ہے۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ بھارت محمد یونس کی عبوری حکومت کے خاتمے کا انتظار کر رہا ہے تاکہ اپنی اثر و رسوخ کی پوزیشن بحال کر سکے۔

  • 
کراچی میں پی ٹی آئی کارکنان اور پولیس میں جھڑپ، پتھراؤ اور شیلنگ، متعدد کارکن حراست میں

    
کراچی میں پی ٹی آئی کارکنان اور پولیس میں جھڑپ، پتھراؤ اور شیلنگ، متعدد کارکن حراست میں

    
کراچی کے علاقے باغِ جناح اور نمائش چورنگی پر پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان اور پولیس کے درمیان کشیدگی دیکھنے میں آئی، جہاں مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ کیا جبکہ پولیس نے صورتحال قابو میں لانے کے لیے شیلنگ کی۔ واقعے کے دوران کئی کارکنوں کو حراست میں لے لیا گیا۔
    ‎نمائش چورنگی کے قریب باغِ جناح میں مظاہرین کی جانب سے پولیس موبائل پر پتھراؤ کی فوٹیج بھی سامنے آئی ہے، جس میں مشتعل افراد کو گاڑی روک کر پتھراؤ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے شیلنگ کی گئی۔
    ‎پولیس کے مطابق اب تک 30 پی ٹی آئی کارکنان کو حراست میں لیا جا چکا ہے جبکہ مظاہرین کے تشدد سے ایک پولیس اہلکار زخمی بھی ہوا ہے۔
    ‎دوسری جانب پی ٹی آئی کراچی کے ترجمان نے بتایا ہے کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کچھ دیر بعد مزارِ قائد پہنچیں گے۔ پی ٹی آئی کے جلسے کے پیشِ نظر مزارِ قائد اور اطراف کے علاقوں میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔
    ‎ٹریفک صورتحال کے حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ پیپلز چورنگی سے مزارِ قائد آنے والی سڑک کا ایک ٹریک جبکہ خداداد کالونی سے آنے والی سڑک کے دونوں ٹریک بند کر دیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ گرومندر سے نمائش سگنل تک جانے والی سڑک بھی بند ہے، جس کے باعث شہریوں کو متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

  • 
لاڑکانہ میں منشیات رکھنے کے الزام میں لیڈی پولیس کانسٹیبل گرفتار

    
لاڑکانہ میں منشیات رکھنے کے الزام میں لیڈی پولیس کانسٹیبل گرفتار

    
لاڑکانہ میں منشیات رکھنے کے الزام میں لیڈی پولیس کانسٹیبل کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق گزشتہ شب ملزمہ کے گھر پر چھاپے کے دوران 150 گرام آئس برآمد ہوئی۔
    پولیس کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران گرفتار لیڈی کانسٹیبل کی والدہ سے بھی 2 کلو چرس برآمد کی گئی۔ مزید تفتیش پر ملزمہ کی نشاندہی پر اس کے تین ساتھیوں کو بھی گرفتار کیا گیا، جن کے قبضے سے 12 کلو چرس برآمد ہوئی۔
    ‎پولیس کے مطابق گرفتار لیڈی کانسٹیبل کو معطل کر دیا گیا ہے جبکہ وومن تھانے میں مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

  • 
شاہدرہ میں عرس کی لائٹس کے پیسوں کا مطالبہ، مریدین کا دکاندار پر تشدد

    
شاہدرہ میں عرس کی لائٹس کے پیسوں کا مطالبہ، مریدین کا دکاندار پر تشدد

    
لاہور کے علاقے شاہدرہ میں مرشد کے عرس کے موقع پر لائٹس لگانے کے پیسوں کا مطالبہ کرنے پر دکاندار کو تشدد کا نشانہ بنا دیا گیا۔ پولیس کے مطابق پندرہ سے زائد مریدین نے دکاندار پر حملہ کیا اور اسے بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔
    ‎متاثرہ دکاندار نے تھانے پہنچ کر درخواست دی اور مؤقف اختیار کیا کہ عرس کے لیے تین روز تک فینسی لائٹس استعمال کی گئیں۔ جب لائٹس کی رقم کا تقاضا کیا گیا تو مریدین نے اس کی دکان پر دھاوا بول دیا اور مارپیٹ کی۔
    ‎شاہدرہ ٹاؤن پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق دو ملزمان کو نامزد جبکہ پندرہ نامعلوم افراد کو بھی مقدمے میں شامل کیا گیا ہے اور مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔