Baaghi TV

Author: Aqsa Younas Rana

  • ایران جنگ پر امریکی کانگریس میں بے چینی، ٹرمپ انتظامیہ کی بریفنگ ناکافی قرار

    ایران جنگ پر امریکی کانگریس میں بے چینی، ٹرمپ انتظامیہ کی بریفنگ ناکافی قرار

    ‎ایران کے خلاف جاری جنگ کے معاملے پر امریکی کانگریس میں تشویش بڑھنے لگی ہے، جہاں آرمڈ سروسز کمیٹی کے ارکان نے ٹرمپ انتظامیہ کی بریفنگ کو غیر تسلی بخش قرار دے دیا۔
    ‎امریکی میڈیا کے مطابق بریفنگ کے بعد متعدد ارکان نے جنگ کے مقاصد، دورانیے اور آئندہ حکمت عملی پر سوالات اٹھائے جبکہ مزید فنڈنگ کے معاملے پر بھی سنجیدہ تحفظات سامنے آئے۔
    ‎ریپبلکن رکن نینسی میس نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بریفنگ میں مکمل حقائق پیش نہیں کیے گئے اور انہوں نے واضح کیا کہ وہ مزید فنڈنگ کے حق میں ووٹ نہیں دیں گی۔
    ‎دوسری جانب رکن کانگریس ڈیرک وین آرڈن نے ایران میں امریکی زمینی فوج بھیجنے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدام سے گریز کیا جانا چاہیے۔
    ‎ڈیموکریٹ رہنما ایڈم اسمتھ کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کے دعووں اور عملی اقدامات میں واضح فرق پایا جاتا ہے، جو باعث تشویش ہے، جبکہ جیسن کرو نے بھی کہا کہ کانگریس کو جنگی حکمت عملی اور ممکنہ انجام سے متعلق واضح معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔
    ‎تجزیہ کاروں کے مطابق کانگریس میں بڑھتی ہوئی بے چینی اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ ایران جنگ کے حوالے سے داخلی سیاسی دباؤ میں اضافہ ہو رہا ہے، جو مستقبل میں پالیسی سازی اور فنڈنگ کے فیصلوں کو متاثر کر سکتا ہے۔

  • ٹرمپ کے ایران میں رجیم چینج کے دعوے کو بلنکن نے مسترد کر دیا

    ٹرمپ کے ایران میں رجیم چینج کے دعوے کو بلنکن نے مسترد کر دیا

    ‎امریکا کے سابق وزیرِ خارجہ انٹونی بلنکن نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایران میں رجیم چینج کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس حوالے سے کوئی واضح حقیقت موجود نہیں۔
    ‎غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بلنکن کا کہنا تھا کہ اس بات کا تعین کرنا مشکل ہے کہ ایران میں موجودہ حکومت کب تک برقرار رہے گی، تاہم فی الحال کسی بڑی اندرونی تبدیلی کے آثار نظر نہیں آتے۔
    ‎انہوں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ ای کی شہادت کے بعد حکومت کے خلاف کوئی عوامی بغاوت سامنے نہیں آئی بلکہ عوام کی ایک بڑی تعداد نے موجودہ نظام کا ساتھ دیا۔
    ‎دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ ایران کی بحریہ اور فضائیہ کو شدید نقصان پہنچایا گیا ہے اور قیادت کو ختم کر دیا گیا ہے، جسے انہوں نے رجیم چینج قرار دیا۔ ٹرمپ نے ساتھ ہی ایران کے ساتھ جنگ بندی کی خواہش کا اظہار بھی کیا تھا۔
    ‎اس صورتحال پر عالمی سطح پر بحث جاری ہے کہ آیا ایران میں واقعی کوئی بڑی تبدیلی ممکن ہے یا نہیں۔

  • سفارتکاری جاری، امریکا حقیقت پسندی دکھائے تو حل ممکن: ایرانی عہدیدار

    سفارتکاری جاری، امریکا حقیقت پسندی دکھائے تو حل ممکن: ایرانی عہدیدار

    ‎ایران کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے کہا ہے کہ سفارتی عمل رکا نہیں ہے اور اگر امریکا حقیقت پسندی کا مظاہرہ کرے تو مسائل کا حل نکالا جا سکتا ہے۔
    ‎برطانوی خبر ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے ایرانی عہدیدار نے بتایا کہ پاکستان کے ذریعے موصول ہونے والی امریکی تجاویز کا جائزہ لیا گیا ہے، تاہم ایران کے مطابق یہ تجاویز یکطرفہ اور غیر منصفانہ ہیں۔
    ‎ان کا کہنا تھا کہ امریکی تجاویز میں صرف امریکا اور اسرائیل کے مفادات کو ترجیح دی گئی ہے جبکہ ایران کے بنیادی تحفظات کو نظر انداز کیا گیا ہے۔
    ‎ایرانی عہدیدار کے مطابق پاکستان کو بھی آگاہ کیا گیا ہے کہ ان تجاویز میں ضروری تقاضوں کی کمی ہے اور تاحال باضابطہ مذاکرات کے لیے کوئی انتظام نہیں کیا گیا۔
    ‎انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت بات چیت کا کوئی واضح منصوبہ سامنے نہیں آیا، تاہم پاکستان اور ترکیے دونوں ممالک امریکا اور ایران کے درمیان مشترکہ نکات تلاش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
    ‎ایرانی عہدیدار کا کہنا تھا کہ سفارتکاری کا دروازہ بند نہیں ہوا اور اگر امریکا سنجیدگی اور حقیقت پسندی اختیار کرے تو پیش رفت ممکن ہے۔

  • نہاریہ میں حزب اللہ کا راکٹ حملہ، ایک شخص ہلاک، دو زخمی

    نہاریہ میں حزب اللہ کا راکٹ حملہ، ایک شخص ہلاک، دو زخمی

    ‎اسرائیل کے شمالی شہر نہاریہ میں حزب اللہ کے راکٹ حملے کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک جبکہ دو افراد زخمی ہو گئے۔
    ‎اسرائیلی ریسکیو سروسز کے مطابق متاثرہ شخص شیل کے ٹکڑوں سے شدید زخمی ہوا اور موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
    ‎حکام کے مطابق ایک پچاس سالہ شخص کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے جبکہ ایک اور شخص بھی زخمی ہوا ہے۔
    ‎ریسکیو اداروں کا کہنا ہے کہ لبنان سے داغا گیا راکٹ شہر کی ایک رہائشی عمارت کی پارکنگ میں آ کر گرا، جس کے نتیجے میں جانی نقصان پیش آیا۔
    ‎یہ واقعہ خطے میں جاری کشیدگی کے دوران پیش آیا ہے جس سے صورتحال مزید حساس ہو گئی ہے۔

  • شیراز میں مبینہ دھماکا خیز پیکجز گرائے گئے، متعدد شہری جاں بحق و زخمی

    شیراز میں مبینہ دھماکا خیز پیکجز گرائے گئے، متعدد شہری جاں بحق و زخمی

    ‎ایرانی خبر رساں ایجنسی فارس کے مطابق ایرانی شہر شیراز کے ایک رہائشی علاقے میں مبینہ طور پر ایسے دھماکا خیز پیکجز گرائے گئے جو کھانے کے ڈبوں سے مشابہ تھے، جس کے نتیجے میں متعدد شہری جاں بحق اور زخمی ہو گئے۔
    ‎رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ پیکجز ٹونا مچھلی کے ٹن اور دیگر خوراکی ڈبوں جیسے دکھائی دیتے تھے، جن میں بارودی مواد بھرا گیا تھا اور کھولنے پر دھماکا ہو جاتا تھا۔
    ‎دوسری جانب ممبئی میں قائم ایرانی قونصل خانے نے سوشل میڈیا بیان میں الزام عائد کیا کہ امریکا اور اس کے اتحادیوں نے براہ راست حملوں میں ناکامی کے بعد یہ طریقہ اختیار کیا اور لڑاکا طیاروں کے ذریعے شیراز کے مختلف علاقوں میں ایسے دھماکا خیز پیکجز گرائے گئے۔
    ‎اس واقعے کے بعد شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے جبکہ حکام کی جانب سے مزید تفصیلات اور تصدیق کا انتظار کیا جا رہا ہے۔

  • ایران کی امریکا کو تحفے کے طور پر 10 تیل بردار جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت

    ایران کی امریکا کو تحفے کے طور پر 10 تیل بردار جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے جنگ کے خاتمے کے لیے مذاکرات میں سنجیدگی ظاہر کرنے کے طور پر آبنائے ہرمز سے 10 آئل ٹینکرز کو گزرنے کی اجازت دی۔
    ‎ٹرمپ کے مطابق ایران نے یہ اقدام ایک ’تحفے‘ کے طور پر کیا تاکہ یہ پیغام دیا جا سکے کہ وہ مذاکرات کے لیے سنجیدہ ہے اور کشیدگی کم کرنا چاہتا ہے۔
    ‎انہوں نے بتایا کہ ابتدائی طور پر ایران نے آٹھ بڑے تیل بردار جہازوں کو گزرنے دیا اور بعد ازاں مزید دو ٹینکرز کو بھی آبنائے ہرمز عبور کرنے کی اجازت دی گئی۔
    ‎یہ پیش رفت خطے میں جاری کشیدگی کے دوران اہم سمجھی جا رہی ہے اور ممکنہ طور پر مذاکرات کی راہ ہموار کر سکتی ہے۔

  • جنوبی لبنان میں جھڑپ، اسرائیلی فوجی ہلاک

    جنوبی لبنان میں جھڑپ، اسرائیلی فوجی ہلاک

    ‎اسرائیلی فوج کے مطابق جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے مزاحمت کاروں کے ساتھ جھڑپ کے دوران ایک اسرائیلی فوجی ہلاک ہو گیا۔
    ‎فوج نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے اہلکار کی شناخت اسٹاف سارجنٹ اوری گرین برگ کے نام سے ہوئی ہے جو گولانی بریگیڈ کی ریکی یونٹ سے وابستہ تھا۔
    ‎اسرائیلی میڈیا کے مطابق جنوبی لبنان میں جاری نئی زمینی کارروائی کے دوران ہلاک ہونے والا یہ تیسرا فوجی ہے۔
    ‎ابتدائی تحقیقات کے مطابق رات تقریباً 2 بجے گولانی بریگیڈ کے اہلکاروں نے اپنے آپریشن کے علاقے میں حزب اللہ کے جنگجوؤں کی موجودگی کا پتہ لگایا، جس کے بعد دونوں جانب سے شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
    ‎اس جھڑپ میں گرین برگ ہلاک جبکہ ایک اور اسرائیلی فوجی معمولی زخمی ہوا۔

  • کراچی میں فینسی نمبر پلیٹس کے خلاف سخت کریک ڈاؤن، گاڑیاں ضبط کرنے کا فیصلہ

    کراچی میں فینسی نمبر پلیٹس کے خلاف سخت کریک ڈاؤن، گاڑیاں ضبط کرنے کا فیصلہ

    ‎کراچی میں رنگ برنگی اور فینسی نمبر پلیٹس استعمال کرنے والے شہریوں کے لیے سخت وارننگ جاری کر دی گئی ہے، ٹریفک پولیس نے ایسے عناصر کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا فیصلہ کر لیا ہے۔
    ‎تفصیلات کے مطابق حکام نے واضح کیا ہے کہ اب سڑکوں پر نظر آنے والی کسی بھی غیر قانونی یا فینسی نمبر پلیٹ والی گاڑی یا موٹر سائیکل کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی اور کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔
    ‎ٹریفک پولیس کے مطابق فینسی اور غیر معیاری نمبر پلیٹس سیکیورٹی کے لیے بڑا خطرہ بن چکی ہیں کیونکہ جرائم پیشہ افراد اکثر وارداتوں کے دوران انہی پلیٹس کا استعمال کرتے ہیں تاکہ اپنی شناخت چھپا سکیں۔
    ‎ریکارڈ کے مطابق لاکھوں چالان کیے جانے کے باوجود شہری اس قانون کی خلاف ورزی جاری رکھے ہوئے ہیں، جس کے بعد اب سخت اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
    ‎حکام کا کہنا ہے کہ اب صرف جرمانے تک محدود نہیں رہا جائے گا بلکہ خلاف ورزی کرنے والوں کی گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں موقع پر ہی ضبط کر لی جائیں گی اور بھاری جرمانے بھی عائد کیے جائیں گے۔
    ‎ٹریفک پولیس نے ہدایت کی ہے کہ شہری فوری طور پر اپنی گاڑیوں سے فینسی یا تبدیل شدہ نمبر پلیٹس ہٹا دیں اور صرف ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ کی جاری کردہ سرکاری نمبر پلیٹس استعمال کریں، بصورت دیگر سخت قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

  • ایران سے متعلق حکمت عملی پر ٹرمپ اور نیتن یاہو میں اختلاف، بغاوت کی تجویز مسترد

    ایران سے متعلق حکمت عملی پر ٹرمپ اور نیتن یاہو میں اختلاف، بغاوت کی تجویز مسترد

    ‎ایران جنگ کے معاملے پر امریکا اور اسرائیل کے درمیان حکمت عملی میں اختلافات سامنے آئے ہیں، جہاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی جانب سے ایرانی عوام کو بغاوت پر اکسانے کی تجویز مسترد کر دی۔
    ‎امریکی ویب سائٹ ایگزیوس کے مطابق دو امریکی حکام اور ایک اسرائیلی ذریعے نے انکشاف کیا کہ نیتن یاہو ایرانی عوام سے سڑکوں پر نکل کر حکومت کے خلاف احتجاج کی اپیل کرنا چاہتے تھے، تاہم ٹرمپ نے اس اقدام کو انتہائی خطرناک قرار دیا۔
    ‎رپورٹ کے مطابق نیتن یاہو نے فون پر ٹرمپ کو قائل کرنے کی کوشش کی، مگر امریکی صدر نے واضح کیا کہ ایسی اپیل عوام کے لیے جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے۔ ایک امریکی اہلکار کے مطابق ٹرمپ نے کہا کہ لوگوں کو سڑکوں پر آنے کا کہنا درست نہیں جب انہیں نشانہ بنایا جا سکتا ہو۔
    ‎ایگزیوس کے مطابق امریکا اور اسرائیل زیادہ تر فوجی اہداف پر متفق ہیں، لیکن ایران میں رجیم چینج اور اس کے ممکنہ نتائج کے حوالے سے دونوں کے مؤقف میں واضح فرق پایا جاتا ہے۔
    ‎ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے بعض اہم شخصیات کو نشانہ بنانے کا مقصد بھی ایران میں عوامی ردعمل کو ابھارنا تھا، تاہم اس حکمت عملی کے نتائج محدود رہے۔
    ‎بعد ازاں ایرانی تہوار کے موقع پر بھی عوام کی بڑی تعداد سڑکوں پر نہیں آئی، جس کی بڑی وجہ حکومتی ردعمل کا خوف قرار دیا جا رہا ہے۔
    ‎یہ صورتحال ظاہر کرتی ہے کہ ایران کے معاملے پر اتحادی ممالک کے درمیان بھی پالیسی سطح پر مکمل ہم آہنگی موجود نہیں۔

  • ‎ٹرمپ ایران جنگ جلد ختم کرنے کے خواہاں، 4 سے 6 ہفتوں میں خاتمے کا عندیہ

    ‎ٹرمپ ایران جنگ جلد ختم کرنے کے خواہاں، 4 سے 6 ہفتوں میں خاتمے کا عندیہ

    ‎امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے رپورٹ کیا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے ساتھ جاری جنگ کو جلد ختم کرنے کے خواہاں ہیں اور اسے 4 سے 6 ہفتوں میں نمٹانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
    ‎رپورٹ کے مطابق ٹرمپ نے اپنے قریبی مشیروں کو بتایا کہ وہ اس جنگ کو طویل نہیں کرنا چاہتے اور ان کے خیال میں یہ تنازع اپنے آخری مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔
    ‎اخبار کا کہنا ہے کہ وائٹ ہاؤس نے چینی صدر کے ساتھ مئی میں بیجنگ میں ہونے والی سمٹ اسی بنیاد پر طے کی ہے کہ اس سے پہلے جنگ ختم ہو جائے گی۔
    ‎مزید بتایا گیا ہے کہ ٹرمپ کی توجہ بعض اوقات دیگر سیاسی معاملات جیسے وسط مدتی انتخابات اور امیگریشن پالیسی کی طرف بھی منتقل ہو جاتی ہے، اور انہوں نے اپنے ایک ساتھی کو کہا کہ یہ جنگ ان کی دیگر ترجیحات سے توجہ ہٹا رہی ہے۔
    ‎قریبی مشیروں کے مطابق ٹرمپ آئندہ بڑے چیلنجز کی طرف بڑھنے کے لیے بے چین ہیں، جبکہ بعض اتحادیوں کو امید ہے کہ وہ مستقبل میں کیوبا کی صورتحال پر بھی توجہ مرکوز کر سکتے ہیں۔